1995

جنوری ۱۹۹۵ء

مالاکنڈ ڈویژن میں نفاذ شریعت کی جدوجہدمولانا ابوعمار زاہد الراشدی 
دینی مدارس، بنیاد پرستی اور انسانی حقوقمولانا ابوعمار زاہد الراشدی 
دینی مدارس کے نظام کی بہتری کے لیے تجاویزادارہ 
قافلۂ معادمولانا ابوعمار زاہد الراشدی 
جمعیت علماء اسلام کے دھڑوں کے درمیان اتحاد کی اپیلادارہ 

مالاکنڈ ڈویژن میں نفاذ شریعت کی جدوجہد

پس منظر، نتائج اور تقاضے

مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

سوات ہمارے آباء و اجداد کا وطن ہے جہاں سے ہمارے بڑے کسی دور میں نقل مکانی کر کے ہزارہ کے وسطی ضلع مانسہرہ کے مختلف اطراف میں آباد ہوگئے تھے۔ اسی وجہ سے ہمارا تعارف سواتی قوم کے طور پر ہوتا ہے اور عم مکرم حضرت مولانا صوفی عبد الحمید خان صاحب زید مجدہم کے نام کے ساتھ سواتی کی نسبت مستقل طور پر شامل رہتی ہے۔ مگر مجھے زندگی میں اس سے قبل کبھی سوات جانے کا اتفاق نہیں ہوا تھا۔ گزشتہ دنوں مالاکنڈ ڈویژن میں نفاذ شریعت کی جدوجہد کے حوالے سے اس خطہ کے حالات کا براہ راست جائزہ لینے کا داعیہ پیدا ہوا تو دو تین روز کے لیے سوات جانے کا پروگرام بن گیا اور ۱۰ دسمبر ہفتہ کی شام سے ۱۲ دسمبر پیر کی عصر تک ضلع سوات کے مختلف مقامات پر حاضری اور سرکردہ حضرات سے ملاقاتوں کا موقع ملا۔

اس دوران مینگورہ، سیدو شریف، خوازہ خیلہ، مٹہ اور بشام میں احباب کے ساتھ متعدد نشستیں ہوئیں، بالخصوص شیخ الحدیث حضرت مولانا عبد الرحمان، شیخ الحدیث حضرت مولانا فضل محمد، مولانا قاری عبد الباعث، مولانا محمد زمان، مولانا قاری حبیب احمد، حاجی سلطان یوسف، مولانا احمد اور جناب محمد ابراہیم حقیقت پسند کے علاوہ ہائیکورٹ کے وکیل جناب بشیر محمد ایڈووکیٹ اور سرکاری حکام میں سے ایک ذمہ دار شخصیت کے ساتھ ملاقاتیں بہت سودمند رہیں اور تحریک نفاذ شریعت کے پس منظر اور حالات کو سمجھنے میں خاصی مدد ملی۔

آج سے ربع صدی قبل تک سوات، دیر اور چترال پاکستان کے اندر مستقل ریاستوں کی حیثیت رکھتے تھے۔ سوات میں والی، دیر میں نواب اور چترال میں مہتر صاحبان اپنی ریاستوں کے اندرونی نظم و نسق میں خودمختار تھے اور ان کا عدالتی نظام بھی اپنا اپنا تھا۔ سوات کی صورتحال یہ تھی کہ قضاء شرعی کا نظام قائم تھا اور قاضی صاحبان شرعی قوانین کے مطابق مقدمات کے فیصلے کرتے تھے۔ اگرچہ مرور زمانہ کے ساتھ قضا کے اس نظام میں رشوت اور سفارش کے جراثیم سرایت کر آئے تھے اور اس دور کے بہت سے قاضی صاحبان کے بارے میں اچھی روایات سننے میں نہیں آتیں، تاہم لوگوں کو سستا اور فوری انصاف مل جاتا تھا اور مقدمات کے فیصلوں کے لیے زیادہ دیر تک پریشان نہیں رہنا پڑتا تھا۔ بالخصوص قصاص کے مقدمات بروقت نمٹ جاتے تھے اور فریقین زیادہ عرصہ تک کھینچا تانی کے عذاب میں مبتلا رہنے سے بچ جاتے تھے۔ اس کے ساتھ مختلف علاقوں میں والی سوات کے انتظامی نمائندوں کو بھی عدالتی اختیارات حاصل تھے اور وہ علاقائی رواج کے مطابق مقدمات کا فیصلہ کرتے تھے۔

یہ سسٹم اس وقت تک رہا جب ۱۹۶۹ء میں سوات، دیر اور چترال کی الگ حیثیت ختم کر کے تینوں ریاستوں کو پاکستان میں ضم کر لیا گیا اور دستور پاکستان کے مطابق ملک کے انتظامی اور عدالتی ڈھانچوں کا دائرہ ان ریاستوں تک وسیع کر دیا گیا۔ پاکستان میں ضم ہوجانے کے بعد پاکستان کے انتظامی اور عدالتی ضوابط کا ان علاقوں پر اطلاق ہوا اور تینوں ریاستوں کو الگ الگ ضلع کی حیثیت دے کر وہاں ڈپٹی کمشنر، ایس پی اور سیشن جج مقرر کر دیے گئے۔ اس طرح پاکستان کا عدالتی نظام جو برطانوی نوآبادیاتی حکومت کا ورثہ ہے اور عرف عام میں انگریزی عدالتی نظام کہلاتا ہے سوات، دیر اور چترال کے تین نئے اضلاع پر بھی لاگو ہوگیا۔

غالباً ۱۹۷۵ء میں دیر میں جنگلات کی رائلٹی کے حوالہ سے ایک عوامی تحریک اٹھی جس نے حکومت کے خلاف مسلح تصادم کی شکل اختیار کر لی، اس تحریک کے مطالبات میں سابقہ عدالتی سسٹم کی بحالی کا مطالبہ بھی شامل تھا جس کے نتیجے میں مرحوم ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت نے ’’فاٹا ریگولیشن‘‘ کے تحت اس خطہ میں ایک نیا عدالتی نظام نافذ کر دیا۔ یہ ریگولیشن مالاکنڈ ڈویژن کی حدود میں نافذ کیا گیا جس میں سوات، دیر اور چترال کے تین اضلاع کے علاوہ مالاکنڈ کا صوبائی حکومت کے زیرانتظام علاقہ بھی شامل ہے۔ اس عدالتی نظام میں فوجداری اور دیوانی دونوں قسم کے مقدمات میں ڈپٹی کمشنر کو کلیدی حیثیت حاصل تھی اور عدالتی افسران کے تقرر اور اپیلوں کی سماعت میں اس کے فیصلے حتمی شمار ہوتے تھے۔ وکلاء صاحبان نے اس عدالتی نظام کو بنیادی حقوق اور آئینی تحفظات کے منافی قرار دیتے ہوئے فاٹا ریگولیشن کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا اور ایک طویل جنگ لڑی جس کے نتیجے میں ہائیکورٹ نے فاٹا ریگولیشن کو غیر آئینی قرار دے دیا۔ یہ اس دور کی بات ہے جب جناب آفتاب احمد شیرپاؤ اپنے پہلے دور میں وزارت اعلیٰ کے منصب پر فائز تھے۔ ان کی حکومت نے ہائیکورٹ کا فیصلہ تسلیم کرنے کی بجائے اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا جس کی وجہ سے ’’فاٹا ریگولیشن‘‘ کا عدالتی سسٹم اس کے بعد بھی بدستور اس علاقہ میں قائم و جاری رہا۔

فاٹا ریگولیشن وکلاء کی طرح علماء اور دینی حلقوں کے لیے بھی قابل قبول نہیں تھا اور وہ بھی اسے ظالمانہ قرار دیتے ہوئے اپنے دائرہ میں اس کے خلاف جدوجہد کرتے رہے۔ مگر فاٹا ریگولیشن کے خاتمہ پر متفق ہونے کے باوجود اس کے بعد کے عدالتی نظام کے بارے میں دونوں کے اہداف الگ الگ تھے۔ وکلاء یہ چاہتے تھے کہ فاٹا ریگولیشن کے خاتمہ کے بعد اس خطہ میں وہی عدالتی نظام رائج ہو جو پاکستان کے دوسرے علاقوں میں آئین کے تحت کام کر رہا ہے۔ جبکہ علماء کرام اور دینی حلقے پاکستان کے عدالتی نظام کو انگریزی عدالتی نظام سمجھتے ہوئے اس کی بجائے خالصتاً شرعی نظام کے نفاذ کے خواہاں تھے۔ چنانچہ فاٹا ریگولیشن کے خلاف خلاف دونوں طبقوں کی جدوجہد جاری رہی تاآنکہ سال رواں کے آغاز میں بارہ فروری کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے فاٹا ریگولیشن کو غیر آئینی قرار دینے کے بارے میں پشاور ہائیکورٹ کے فیصلہ کی توثیق کر دی اور اس کے ساتھ ہی فاٹا ریگولیشن اپنے منطقی انجام کو پہنچ گیا۔

یہ وہ مرحلہ تھا جب مالاکنڈ ڈویژن میں ’’تحریک نفاذ شریعت محمدی‘‘ جو اس سے قبل بھی فاٹا ریگولیشن کے خاتمہ اور شرعی نظام کے نفاذ کے مطالبات کے ساتھ دھیرے دھیرے عوامی حلقوں میں آگے بڑھ رہی تھی، ایک نئے جوش و جذبہ کے ساتھ ابھری اور دیکھتے ہی دیکھتے اس نے علاقہ کی سب سے بڑی عوامی قوت کی حیثیت اختیار کر لی۔ اس تحریک کے قائد مولانا صوفی محمد ہیں جو عالم دین ہیں، ایک عرصہ تک جماعت اسلامی سے وابستہ رہے ہیں، ڈسٹرکٹ کونسل دیر کے چیئرمین بھی رہے ہیں، مگر گزشتہ سات آٹھ برس سے کسی بھی جماعت سے متعلق نہیں ہیں بلکہ مختلف دینی جماعتوں کے وجود اور ووٹ کی سیاست کو حرام اور نفاذ اسلام کی راہ میں بڑی رکاوٹ سمجھتے ہیں۔ ضلع دیر کی تحصیل لعل قلعہ میں دارالعلوم میران کے ساتھ تعلق رکھتے ہیں اور قدیم وضع کی متصلب دینی شخصیت کے حامل ہیں۔

مولانا صوفی محمد کی زیرقیادت تحریک نفاذ شریعت محمدی کا بنیادی مطالبہ یہ تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے تحت فاٹا ریگولیشن کے خاتمہ سے اس خطہ میں قانونی نظام کا جو خلا پیدا ہوا ہے اسے پاکستان کے مروجہ عدالتی نظام کے ذریعے نہیں بلکہ خالص شرعی عدالتی نظام کے ذریعے پر کیا جائے اور مالاکنڈ ڈویژن میں مکمل شرعی قوانین کا نفاذ عمل میں لایا جائے۔ اس مطالبہ پر اس علاقہ کے مسلمان جس طرح دیوانہ وار جمع ہوئے اور اپنا سب کچھ نفاذ شریعت کے ’’جہاد‘‘ کے لیے پیش کر دیا وہ ان غیور مسلمانوں کی دینی غیرت اور شریعت اسلامیہ کے ساتھ ان کی والہانہ وابستگی کا مظہر ہے۔ تحریک نفاذ شریعت محمدی میں مالا کنڈ ڈویژن اور باجوڑ ایجنسی کے عوام نے جو بے مثال قربانیاں دی ہیں ان کی تفصیلات ایک مستقل مضمون کی متقاضی ہیں اور مستقبل قریب میں مالاکنڈ ڈویژن کے دوسرے سفر کے بعد ان شاء اللہ قارئین کو ان سے آگاہ کیا جائے گا۔ تاہم اس موقع پر صورتحال کا صحیح اندازہ لگانے کے لیے یہ ذکر کرنا ضروری ہے کہ تحریک کی طرف سے روڈ بلاک کرنے کے فیصلے پر شدید سردی میں ایک محتاط اندازے کے مطابق تیس سے چالیس ہزار افراد مسلسل سات روز تک کھلی سڑک پر بستر ڈالے پڑے رہے، لوگوں نے اپنی جائیدادیں اور عورتوں نے اپنے زیورات بیچ کر نفاذ شریعت کے جہاد میں شرکت کے لیے اسلحہ خریدا۔ اور اس خطہ کے عوام نے تحریک میں شرکت کے لیے بالکل اسی جذبہ اور جوش و خروش کے ساتھ تیاری کی جس طرح کسی دور میں باقاعدہ جہاد میں شریک ہونے کے لیے تیاری کی جاتی تھی۔

تحریک نفاذ شریعت کا موجودہ دور سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد شروع ہوا، لوگ سڑکوں پر آئے، روڈ بلاک کیے گئے، بعض مقامات پر سرکاری فورسز کے ساتھ تصادم بھی ہوا، متعدد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور مئی ۱۹۹۴ء کے دوران صوبائی حکومت نے وعدہ کر لیا کہ مالاکنڈ ڈویژن میں شرعی قوانین کا نفاذ عمل میں لایا جائے گا۔ غالباً اس مقصد کے لیے چار ماہ کی مدت بھی متعین کی گئی مگر مدت ختم ہونے کے بعد بھی جب نفاذ شریعت کے کوئی آثار نظر نہ آئے تو لوگ دوبارہ سڑکوں پر آگئے، پھر سڑکیں بند کر دی گئیں، کچھ سرکاری افسران یرغمال بنائے گئے، بعض مقامات پر تصادم میں ایک ایم پی اے سمیت درجنوں افراد جاں بحق ہوئے، ہوائی اڈے سمیت بہت سی سرکاری عمارتوں پر تحریک کے کارکنوں نے قبضہ کر لیا اور نوبت یہاں تک پہنچی کہ حکومت کو اپنا نظم و نسق بحال کرنے کے لیے فوج طلب کرنا پڑی۔

یہ نازک مرحلہ تھا جب دنیا بھر کے ذرائع ابلاغ تحریک نفاذ شریعت محمدی کے بارے میں یہ تاثر دے رہے تھے کہ اس خطہ کے لوگوں نے شریعت کے نام پر پاکستان کے خلاف بغاوت کر دی ہے۔ اور بعض حلقے اس تاثر کو عام کرنے میں مصروف تھے کہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارتی ایجنسیوں نے مالاکنڈ ڈویژن میں یہ صورتحال پیدا کی ہے۔ ادھر علاقہ میں حالات کا منظر یہ تھا کہ تحریک کے ہزاروں کارکن مسلح تھے اور جہاد کے جذبہ کے ساتھ نفاذ شریعت کی جنگ لڑ رہے تھے۔ اس کیفیت میں جب امن و امان کی بحالی کے لیے فوج حرکت میں آئی تو سچی بات ہے کہ حساس دل لرزنے لگے اور مضطرب دلوں کے اضطراب میں کئی گنا اضافہ ہوگیا کہ پاکستان کی مسلح فوج اور تحریک نفاذ شریعت کے مسلح کارکن آمنے سامنے ہیں، خدا جانے نتائج کس قدر خوفناک ہوں گے۔ مگر بے ساختہ سلام عقیدت پیش کرنے کو جی چاہتا ہے تحریک نفاذ شریعت کے امیر مولانا صوفی محمد اور مسلح افواج کے علاقائی کمانڈر جنرل فضل غفور کو کہ اللہ تعالیٰ نے ان کی صحیح سمت راہنمائی کی اور ان دونوں نے کمال تدبر اور بصیرت کے ساتھ حالات کو اس طرح سنبھال لیا کہ پاکستان آرمی اور ملک کے دینی حلقوں کو آمنے سامنے تصادم کی کیفیت میں دیکھنے کے خواہشمند حلقوں کی آرزوئیں خاک میں مل گئیں۔

ہوا یوں کہ مولانا صوفی محمد نے حالات کی نزاکت اور سنگینی کا اندازہ کرتے ہوئے خود کو فوج کے حوالے کر دیا اور کہا کہ میں ہر طرح کا تعاون کرنے کو تیار ہوں مگر فوج اور عوام میں تصادم کسی صورت میں نہیں ہونا چاہیے۔ یہ تصادم فوجی حکام بھی نہیں چاہتے تھے چنانچہ مولانا صوفی محمد نے فوجی حکام کے ہمراہ تحریک کے مراکز کا دورہ کیا اور جس طرح ممکن ہوا انہیں سمجھا بجھا کر گھروں میں واپس کیا۔ مولانا صوفی محمد ویسے بھی تحریک نفاذ شریعت محمدی میں تشدد کے رجحانات کی ذمہ داری قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں، ان کا کہنا ہے کہ افسران کو یرغمال بنانے اور گولی چلانے کے واقعات ان کی ہدایات اور مرضی کے بغیر ہوئے ہیں اور انہوں نے کھلم کھلا ان واقعات سے براءت اور بیزاری کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے کارکنوں کو اسلحہ او رجہاد کی ترغیب ضرور دی ہے لیکن جب تک حکومت پاکستان شریعت اسلامیہ کے وعدہ پر قائم ہے اور اس سے انکار نہیں کر دیتی اس وقت تک ہتھیار اٹھانے کا کوئی جواز نہیں ہے اور نہ ہی یہ ہتھیار اٹھانا جہاد کہلائے گا۔

الغرض کھلم کھلا تصادم کے خطرات ٹل جانے کے بعد تحریک نفاذ شریعت اور صوبائی حکومت کے درمیان مذاکرات کے نئے سلسلہ کا آغاز ہوا جس کے نتیجہ میں مالاکنڈ ڈویژن میں نفاذ شریعت کے لیے ایک معاہدہ طے پا گیا جو صوبائی سیکرٹری قانون جناب سلیم خان کے ایک تحریری مکتوب کے مطابق یوں ہے:

’’محترم حضرت مولانا صوفی محمد بن الحضرت حسن صاحب

السلام علیکم

آپ کو یاد ہوگا کہ ۲۲ نومبر ۱۹۹۴ء کو تیمرگرہ کے مقام پر صوبائی چیف سیکرٹری اور ہوم سیکرٹری اور آپ کے درمیان مالاکنڈ ڈویژن میں نفاذ نظام شریعت ریگولیشن ۱۹۹۴ء کے بارہ میں بات چیت ہوئی۔ اس ریگولیشن کے تحت شریعت کی تعریف نفاذ شریعت ایکٹ ۱۹۹۱ء کے مطابق کی گئی ہے۔ یعنی احکام اسلام قرآن و سنت کے مطابق اور اجماع اور قیاس کی روشنی میں۔ اس کے علاوہ تمام اسلامی قوانین کا اطلاق اس ریگولیشن کے تحت اس علاقہ میں کیا جائے گا۔ مزید کہ اسلامی قوانین پر عملدرآمد اسلامی عدلیہ کے نظام کے تحت کرنے کا بندوبست کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں قاضی صاحب کے منصب کو بھی عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ ضلع قاضی کا منصب اس ریگولیشن میں شامل کیا گیا ہے۔

آپ نے ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا تھا کہ تحصیل قاضی کا کرنا اہم ضرورت ہے اور یہ کہ منصب قاضی پر فائز حضرات اسلامی فقہ پر دسترس رکھتے ہوں۔ حکومت نے غوروخوض کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ تحصیل قاضی منصب تسلیم کر لیا جائے، جن کے دائرہ اختیار میں دیوانی اور فوجداری دونوں اختیارات ہوں گے، اور یہ کہ اسلامی یونیورسٹی کے سند یافتہ لوگ قاضی کے منصب کے حقدار ہوں گے۔ اس کے لیے تقرری کے قوانین میں مناسب تبدیلی کی جا رہی ہے۔ قاضی صورۃً اور سیرۃً قرآن و سنت کے مطابق ہوگا۔ فوری اجرا کے لیے وہی عدالتی افسر قاضی کے منصب پر فائز ہوں گے جنہوں نے تسلیم شدہ شرعی کورس کیا ہوا ہو۔ قاضی کو وہ تمام اختیارات دیے گئے ہیں جن کی رو سے وہ پولیس اور انتظامیہ کو مقدمات اور معاملات کے شرعی فیصلہ کرنے میں اور جزا اور سزا کو عملی طور پر نافذ کرنے میں بروئے کار لا سکیں۔

مالاکنڈ ڈویژن میں قانونی خلا کو پر کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ میرا یقین ہے کہ مالاکنڈ ڈویژن کا پاٹا نفاذ نظام شریعت ریگولیشن ۱۹۹۴ء کے نئے مسودہ میں ہر وہ عنصر موجود ہے جس کی بنا پر یہ علاقہ امن و امان اور خوشحالی کا گہوارا بن سکتا ہے۔ آپ سے استدعا ہے کہ آپ اسی اخلاقی جرأت کا مظاہرہ کریں جس کی قوم کو آپ سے توقع ہے اور اس نظام کو عملی جامہ پہنانے میں معاونت فرمائیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ تجربہ و مشاہدہ کے بعد اگر تغیرات کی ضرورت پڑے گی تو اس کے لیے بھی مناسب اقدامات کیے جائیں گے۔

حکومت نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ یہی نظام، کہ جس کا اہتمام مالاکنڈ ڈویژن میں کیا جائے گا، کوہستان ضلع میں بھی بیک وقت نافذ کیا جائے گا۔ ‘‘

مولانا صوفی محمد امیر تحریک نفاذ شریعت محمدی کے نام صوبہ سرحد کے سیکرٹری قانون جناب سلیم خان کے اس مکتوب پر ان دونوں حضرات کے علاوہ صوبائی سیکرٹری داخلہ جناب ایوب خان کے دستخط بھی موجود ہیں۔ اور یہ مکتوب ۲۶ نومبر ۱۹۹۴ء کا تحریر کردہ ہے۔ اس کے چار روز بعد یکم دسمبر ۱۹۹۴ء کو گورنر سرحد نے مندرجہ ذیل ریگولیشن جاری کیا۔


مالاکنڈ ڈویژن نفاذ شریعت ریگولیشن ۱۹۹۴ء


پشاور (نمائندہ خصوصی) حکومت صوبہ سرحد نے مالاکنڈ ڈویژن میں نفاذ شریعت ریگولیشن کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ اس آرڈیننس کے تحت ۲۲ قوانین مالاکنڈ ڈویژن میں نافذ کر دیے گئے ہیں جن میں ۱۴ جنرل ضیاء الحق مرحوم دور کے مرتب کردہ قوانین ہیں، ۶ نواز شریف دور میں تشکیل پا گئے تھے۔ جمعرات کے روز جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کے مطابق گورنر سرحد میجر جنرل (ریٹائرڈ) خورشید علی خان کے جاری کردہ ریگولیشن میں کہا گیا ہے کہ

نمبر ۱

  1. یہ ریگولیشن صوبائی انتظام کے تحت قبائلی علاقہ جات (نفاذ شریعت) ریگولیشن ۱۹۹۴ء کہلائے گا۔
  2. یہ چترال، دیر، سوات (جس میں کالام شامل ہے)، بونیر اور مالاکنڈ محفوظ علاقہ پر مشتمل مالاکنڈ ڈویژن کے صوبائی انتظام کے تحت تمام قبائلی علاقہ جات پر وسعت پذیر ہوگا۔
  3. یہ فورًا نافذ العمل ہوگا۔

نمبر ۲

اس ریگولیشن میں، تاوقتیکہ سیاق و سباق عبارت سے کچھ اور مطلب نہ نکلتا ہو، مندرجہ ذیل الفاظ کے معنی وہی لیے جائیں گے جو بذریعہ ہذا ان کے لیے بالترتیب مقرر کیے گئے ہیں، یعنی:

(ا) عدالت سے مراد مالاکنڈ ڈویژن میں فی الوقت نافذ العمل کسی قانون کے تحت قائم کردہ مجاز اختیار سماعت کی قانونی عدالت ہے۔

(ب) حکومت سے مراد حکومت شمال مغربی سرحدی صوبہ۔

(ج) عدالتی افسر سے مراد ہے کسی عدالت کی صدارت کے لیے باضابطہ طور پر متعین اور:

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ضلعی قاضی
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اضافی ضلع قاضی
سینئر سول جج اعلیٰ علاقہ قاضی
دیوانی سول جج علاقہ قاضی
دیوانی اور مجسٹریٹ علاقہ قاضی فوجداری

(د) معاونین قاضی سے مراد وہ اشخاص جن کا نام دفعہ ۶ کے تحت عدالت کی مرتبہ معاونین قاضی کی رواں فہرست میں درج ہوں۔

(ہ) مقررہ سے مراد ہے اس ریگولیشن کے تحت بنائے گئے قواعد سے مقرر کردہ۔

(و) جدول سے مراد ہے اس ریگولیشن سے منسلک کوئی جدول۔

(ح) شریعت سے مراد ہے قرآن پاک اور سنت میں منضبط اسلامی احکام۔

نمبر ۳: مالاکنڈ ڈویژن میں بعض قوانین کا اطلاق

  1. جدول کے خانہ ۲ میں مصرحہ قوانین، اسی شکل میں جیسے کہ اس ریگولیشن کے آغاز نفاذ سے فوری پیشتر شمال مغربی سرحدی صوبہ میں نافذ العمل ہیں، اور ممکنہ حد تک تمام قواعد نوٹیفیکیشن اور احکام جو ان کے تحت بنائے یا جاری کیے گئے ہوں، مذکورہ علاقہ میں نافذ العمل ہوں گے۔
  2. مذکورہ علاقہ میں نافذ العمل تمام قوانین، بشمول ذیلی دفعہ (۱) میں ذکر کردہ قوانین کا اطلاق (۲) مستثنیات اور ترمیمات کے تابع ہوگا جس کی وضاحت اس ریگولیشن میں کی گئی ہے۔

نمبر ۴: بعض قوانین کی موقوفی کار

اگر اس ریگولیشن کے آغاز نفاذ سے فوری پیشتر مذکورہ علاقہ میں کوئی ایسی دستاویز نافذ العمل تھی یا رواج یا معمول نافذ العمل تھا جسے قانون کا درجہ حاصل تھا، اور جو اس ریگولیشن کے ذریعہ مذکورہ علاقہ میں نافذ کیے جانے والے کسی قانون کے امور کے مماثل پائے جائیں، تو اس آغاز نفاذ کے ساتھ ہی وہ قانونی دستاویز، رواج یا معمول مذکورہ علاقہ میں بے اثر ہو کر موقوف ہو جائے گا۔

نمبر ۵: عدالت ہا، عدالتی افسران اور ان کے اختیارات و کارہائے منصبی

  1. قوانین پر عملدرآمد کے لیے مذکورہ علاقہ میں عدالتوں کے عدالتی افسران ان عہدوں سے موسوم ہوں گے جو جدول دوئم کے خانہ ۳ میں مصرحہ ہیں۔
  2. فوجداری یا دیوانی مقدمات کی کارروائی اور کارکردگی سے متعلق وہ تمام اختیارات، کارہائے منصبی اور فرائض جو کسی فی الوقت نافذ العمل قانون کے تحت شمال مغربی سرحدی صوبہ میں عدالتی افسران کو عطا کردہ، منتقل کردہ یا عائد کردہ ہیں، اوپر مذکور طور پر عہدوں سے موسوم عدالتی افسران استعمال کریں گے، سرانجام دیں گے اور بجا لائیں گے۔

نمبر ۶

  1. حکومت سرکاری گرانٹ میں اعلان کے ذریعے ان مقدمات کی درجہ بندی کرے گی جن میں عدالت ایک یا زیادہ معاونین قاضی کو عدالت کی مدد کے لیے اپنے ساتھ شریک کار کرنے کے لیے کہہ سکے گی۔
  2. ذیلی دفعہ (۱) کے مقصد کے لیے حکومت وقتاً فوقتاً ہر ضلع یا علاقہ کے لیے تیس کی حد تک ایسے اشخاص کی فہرست مرتب کرے گی جو دیانتداری کی شہرت رکھتے ہوں اور اچھے کردار کے مالک ہوں جو معاونین قاضی جانے جائیں گے۔

نمبر ۷: مصلح مقرر کرنے کا اختیار

جہاں اس ریگولیشن کے تحت قابل سماعت تنازعہ کے فریقین رضامند ہوں، تو عدالت اس کو شریعت کے مطابق تصفیہ کے لیے فریقین کی باہمی رضامندی سے مقرر کردہ ایک یا زیادہ مصلحین کے حوالے کر سکے گی۔

نمبر ۸: عدالتی افسران کا طریق عمل

  1. جدول دوئم میں مصرحہ عدالتی افسران کا طریق عمل اسلامی اصولوں کے مطابق ہوگا۔
  2. حکومت وقتاً فوقتاً ذیلی دفعہ (۱) کے مقاصد کے لیے ایسی تدابیر اختیار کرے گی جو وہ ضروری تصور کرے گی۔

نمبر ۹: عدالت اور اس کے دستاویزات کی زبان

عدالت کے تمام حکمنامہ جات اور کارروائی بشمول عرضی دعویٰ و جواب دعویٰ، شہادت، حکم، بحث و فیصلہ اردو میں درج کیے اور زیرعمل لائے جائیں گے۔

نمبر ۱۰: قواعد بنانے کا اختیار

حکومت اس ریگولیشن کے مقاصد کے حصول کے لیے قواعد وضع کر سکے گی۔

نمبر ۱۱: تنسیخ

  1. صوبائی انتظام کے تحت قبائلی علاقہ جات فوجداری قانون (خاص امور)، ریگولیشن ۱۹۷۵ء (شمالی مغربی سرحدی صوبہ ۱۹۷۵ء کا ریگولیشن اول) اور صوبائی انتظام کے تحت قبائلی علاقہ جات دیوانی طریقہ کار (خاص امور)، ریگولیشن ۱۹۷۵ء (شمال مغربی سرحدی صوبہ ۱۹۷۵ء کا ریگولیشن دوئم)، لہٰذا منسوخ کیے جاتے ہیں۔
  2. اس دفعہ کی ذیلی دفعہ (۱) کے تحت منسوخی یا دفعہ (۴) کے تحت کسی قانون، کسی قانونی دستاویز، رواج یا معمول کی موقوفی کے باوجود تنسیخ یا موقوفی جیسی بھی صورت ہو۔
    1. کسی ایسی چیز کا احیا نہیں کرے گی جو اس وقت نافذ العمل یا موجود ہو جب تنسیخ یا موقوفی عمل میں آئے۔
    2. قانون، قانونی دستاویز، رواج یا معمول کے سابقہ عمل یا ان کے تحت باضابطہ کیے ہوئے فعل یا برداشت کردہ نقصان کو متاثر نہیں کرے گی۔
    3. قانون، قانونی دستاویز، رواج یا معمول کے تحت حاصل شدہ کسی حق، پیدا شدہ کسی استحقاق یا عائد شدہ کسی وجوب یا ذمہ داری کو متاثر نہیں کرے گی۔
    4. قانون، قانونی دستاویز، رواج یا معمول کے خلاف کسی جرم کے ارتکاب کی بنا پر عائد شدہ کسی تاوان، ضبطی یا سزا کو متاثر نہیں کرے گی۔
    5. کسی حق، استحقاق، وجوب، ذمہ داری، تاوان، ضبطی یا سزا کی بابت تفتیش، قانونی کارروائی یا چارہ جوئی شروع کی جا سکے گی، جاری رکھی جا سکے گی یا نافذ کی جا سکے گی۔ اور کوئی ایسا تاوان، ضبطی یا سزا اس طرح عائد کی جا سکے گی گویا قانون، قانونی دستاویز، رواج یا معمول منسوخ نہیں ہوگیا تھا، یا جیسی صورت ہو، موقوفی سے بے اثر نہیں ہوگیا تھا۔

جدول اول: بحوالہ تمہید، دفعہ ۲ (د) اور ۳ (۱) / اسمائے قوانین:

مغربی پاکستان تاریخی مساجد و زیارت گاہ سرہ بہ محبوب آرڈیننس ۱۹۶۰ء (مغربی پاکستان ۱۹۳۰ء کا آرڈیننس پنجم)۔ (الف):

  1. مغربی پاکستان عائلی عدالت ہائے ایکٹ ۱۹۶۴ء (مغربی پاکستان ایکٹ سہ دہ و پنجم)
  2. مجموعہ طریق کار دیوانی (ترمیمی) ایکٹ ۱۹۷۶ء (۱۹۷۶ء کا پانزنودھم)
  3. شمال مغربی سرحدی صوبہ انسداد قمار بازی آرڈیننس ۱۹۷۸ء (شمال مغربی سرحد صوبہ ۱۹۷۸ء کا آرڈیننس)
  4. مجموعہ طریقہ کار دیوانی (ترمیمی) آرڈیننس ۱۹۸۰ء (۱۹۸۰ء کا آرڈیننس دہم)
  5. جرائم برخلاف جائیداد (نفاذ حدود) (ترمیمی) آرڈیننس ۱۹۸۰ء (۱۹۸۰ء نودھم)
  6. جرم زنا (نفاذ حدود) (ترمیمی) آرڈیننس ۱۹۸۰ء (۱۹۸۰ء کا آرڈیننس بیستم)
  7. جرم قذف (نفاذ حد) (ترمیمی) آرڈیننس ۱۹۸۰ء (۱۹۸۰ء کا آرڈیننس بیست و یکم)
  8. مجموعہ طریق کار دیوانی (ترمیمی) آرڈیننس ۱۹۸۰ء (۱۹۸۰ء کا آرڈیننس شش دہ و سوئم)
  9. احترام رمضان آرڈیننس ۱۹۸۱ء (۱۹۸۱ء کا آرڈیننس کا بیست و سوئم)
  10. وفاقی قوانین (نظر ثانی و تصدیق نامہ) آرڈیننس ۱۹۸۱ء (۱۹۸۱ء کا آرڈیننس بیست ہشتم)۔ تا حد صرف دوئم اور دفعہ ۱، ۳ اور اس کے جدول دوئم کے نکتہ ۱۵)
  11. جرائم خلاف جائیداد (نفاذ حدود) (ترمیمی) آرڈیننس ۱۹۸۲ء (۱۹۸۲ء کا آرڈیننس دوئم)
  12. زکاۃ و عشر (ترمیمی) آرڈیننس ۱۹۸۳ء (۱۹۸۳ء کا آرڈیننس ہفتم)
  13. زکاۃ و عشر (دوسری ترمیم) آرڈیننس ۱۹۸۳ء (۱۹۸۳ء کا آرڈیننس دہم)
  14. زکاۃ و عشر (تیسری ترمیم) آرڈیننس ۱۹۸۳ء (۱۹۸۳ء کا آرڈیننس بیست و ششم)
  15. قادیانی گروہ کے لاہوری گروہ اور احمدیوں کے خلاف اسلام (انسداد و سزا) آرڈیننس ۱۹۸۴ء (۱۹۸۴ء کا آرڈیننس بیستم)
  16. زکاۃ و عشر (ترمیمی) آرڈیننس ۱۹۸۴ء (۱۹۸۴ء کا آرڈیننس چہار دہ و پنجم)
  17. شمال مغربی سرحدی صوبہ (نفاذ مخصوص امور قانون کے) ایکٹ ۱۹۸۹ء (۱۹۸۹ء کا ایکٹ دوئم)
  18. مجموعہ طریق کار دیوانی (ترمیمی) ایکٹ ۱۹۸۹ء (۱۹۸۹ء کا چہارم)
  19. زکاۃ و عشر (ترمیمی) ایکٹ ۱۹۹۱ء (۱۹۹۱ء کا بیست و سوئم)
  20. نفاذ شریعہ ایکٹ ۱۹۹۱ء (۱۹۹۱ء کا دہم)
  21. پاکستان بیت المال ایکٹ ۱۹۹۲ء (۱۹۹۲ء کا یکم)
  22. مجموعہ طریق کار دیوانی (ترمیمی) ایکٹ ۱۹۹۲ء (۱۹۹۲ء کا چہارم)

جدول دوئم: بحوالہ دفعات ۲ (ج)، ۵ (۱)، و ۸ (۱): ترتیبی عدد

مالاکنڈ ڈویژن کے پاٹا کے علاوہ شمال مغربی سرحدی صوبہ میں عدالتی افسران کا عہدہ مالاکنڈ کے پاٹا میں عدالتی افسران کا عہدہ
۱ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج / ضلع قاضی
۲ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج / اضافی ضلع قاضی
۳ سینئر سول جج سول جج / علاقہ قاضی دیوانی
۴ سول جج سول جج / علاقہ قاضی دیوانی
۵ مجسٹریٹ مجسٹریٹ / علاقہ قاضی فوجداری

(بشکریہ روزنامہ نوائے وقت، راولپنڈی ۔ ۲ دسمبر ۱۹۹۴ء)

گورنر سرحد کے جاری کردہ اس ریگولیشن کا دائرہ کار مالاکنڈ ڈویژن تک محدود ہے مگر روزنامہ جنگ لاہور ۲۰ دسمبر ۱۹۹۴ء میں شائع شدہ کمشنر ہزارہ ڈویژن مسٹر ندیم منظور کی پریس کانفرنس کے مطابق ہزارہ کے ضلع کوہستان کو بھی اس ریگولیشن کے دائرہ میں شامل کر لیا گیا ہے اور وہاں اس کے مطابق اقدامات شروع ہوگئے ہیں۔

تحریک نفاذ شریعت کے مطالبات، عوام کی بے پناہ قربانیوں اور صوبہ سرحد کے سیکرٹری قانون کی تحریری یقین دہانی کے بعد گورنر سرحد کے جاری کردہ ’’نفاذ شریعت ریگولیشن‘‘ کا ایک بار پر مطالعہ کیجئے اور داد دیجئے بیوروکریسی کی اس چابکدستی پر کہ کس کمال ہوشیاری اور عیاری کے ساتھ نفاذ شریعت کے بنیادی تقاضوں کو گول کرتے ہوئے پاکستان کے دوسرے حصوں میں کار فرما وہی عدالتی سسٹم مالاکنڈ ڈویژن میں بھی نافذ کر دیا ہے جس کے نفاذ کے لیے کسی قسم کی جدوجہد کی ضرورت نہ تھی اور ’’فاٹا ریگولیشن‘‘ کے خاتمہ سے پیدا ہونے والے خلاء بالآخر اسی عدالتی سسٹم کے ذریعے پر ہونا تھا۔

یہ سسٹم تحریک نفاذ شریعت کا تقاضا نہیں تھا بلکہ تحریک تو دراصل اس سسٹم کو روکنے کے لیے شروع ہوئی تھی۔ مگر خدا سمجھے اس بیوروکریسی سے کہ جس عدالتی سسٹم کے نفاذ کو روکنے کے لیے تحریک نفاذ شریعت کے ہزاروں کارکن سڑکوں پر آئے اور جان و مال کی بے پناہ قربانی دی گئی، وہی عدالتی سسٹم ’’نفاذ شریعت ریگولیشن‘‘ کے نام پر نافذ کر کے ان لوگوں پر احسان جتلایا جا رہا ہے کہ دیکھو ہم نے تمہارا مطالبہ پورا کر دیا ہے، ممکن ہے کچھ دوست اس ریگولیشن کی پیچیدہ زبان کو نہ سمجھ پائیں اس لیے اس کا خلاصہ درج ذیل ہے۔

اس ریگولیشن کو اگرچہ مولانا صوفی محمد اور ان کے رفقاء نے قبول نہیں کیا مگر عملاً یہ ریگولیشن نافذ ہو چکا ہے اور تحریک نفاذ شریعت کے راہنماؤں کے ساتھ ’’مذاکرات‘‘ کا سلسلہ جاری ہے جس کا پلڑا ہمیشہ بیوروکریسی کے حق میں رہتا ہے۔ جبکہ صوبائی حکومت اپنے طور پر اس ریگولیشن کے ذریعے مالاکنڈ ڈویژن اور کوہستان میں ’’شریعت‘‘ نافذ کر کے سرخرو ہو چکی ہے اور اس کے بعد اس سے کسی مزید پیش رفت کی توقع فضول ہے۔

اس مرحلہ میں تحریک نفاذ شریعت کے حوالہ سے تین چار اہم باتوں کا ذکر ضروری سمجھتا ہوں:

  1. ایک یہ کہ میں نے یہ بات شدت کے ساتھ محسوس کی ہے کہ تحریک کے راہنماؤں کی اکثریت دین اور دینی علم میں پختہ کار ہونے کے باوجود قانون، ڈپلومیسی اور آئین کی وہ زبان نہیں سمجھتی جس زبان میں حکومت کے ساتھ معاملات طے پاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بیوروکریسی اپنی چالوں میں کامیاب ہو جاتی ہے۔ میرے لیے یہ بات انتہائی پریشان کن تھی کہ ۱۰ دسمبر سے ۱۲ دسمبر تک میری ملاقات تحریک نفاذ شریعت کی مجلس شوریٰ کے چار ذمہ دار حضرات سے ہوئی مگر ان میں سے کسی نے یکم دسمبر کو نافذ ہونے والے نفاذ شریعت ریگولیشن کا اس وقت تک مطالعہ نہیں کیا تھا بلکہ ان کے بقول یہ ریگولیشن شوریٰ کے اجلاس میں بھی نہیں پڑھا گیا تھا۔ یہ صورتحال اطمینان بخش نہیں ہے۔ تحریک کے لیڈروں ذمہ داری تھی کہ وہ پاکستان کے ان علماء سے رابطہ کرتے جو آئین و قانون اور ڈپلومیسی کی زبان کو سمجھتے ہیں اور صوبائی حکومت کے ساتھ معاملات طے کرتے وقت ان علماء سے راہنمائی حاصل کی جاتی۔
  2. دوسری بات یہ کہ وکلاء اور قانون دان طبقے کو مکمل طور پر اس مہم سے لاتعلق رکھنا بھی تحریک کے مفاد میں نہیں ہے اور نہ ہی اس تحریک کو طبقاتی کشمکش میں تبدیل کر دینا حکمت و دانش کا تقاضا ہے۔ وکلاء کی ایک بڑی تعداد اسلامی قوانین کا نفاذ چاہتی ہے اور شرعی عدالتی نظام کے حق میں ہے۔ ان سے رابطہ کرنا، انہیں تحریک میں شریک کرنا اور قانونی معاملات میں ان کی مشاورت اور راہنمائی سے استفادہ کرنا تحریک نفاذ شریعت کے ناگزیر تقاضوں میں سے ہے۔
  3. تیسری بات یہ ہے کہ تحریک کے دوران جزوی اور ضمنی باتوں پر اس قدر زور دینا کہ وہ تحریک کے ماٹو اور عنوان کے طور پر متعارف ہو جائیں، فائدہ کی بجائے نقصان کا باعث بن سکتی ہیں۔ مثلاً تحریک کے دوران اس بات پر اس قدر زور دیا گیا کہ تحریک کے ایک کارکن نے میرے سامنے فخر کے ساتھ ذکر کیا کہ اس نے مینگورہ میں پورا ایک دن گاڑی دائیں ہاتھ چلا کر انگریزی قانون کو پامال کیا۔ یہ کوئی ضروری بات نہیں ہے، اگر اس کی کوئی شرعی حیثیت ہے تو بھی بہت جزوی اور ضمنی درجہ کی ہے۔ اس قسم کی باتوں کو تحریک کا عنوان بنا دینا تحریک کے لیے بدنامی کا باعث بن جاتا ہے۔ اسی طرح ڈاڑھی کا ذکر بھی بار بار ہوتا ہے۔ ڈاڑھی سنت نبویؐ ہے جس کی اتباع اور احترام ہر مسلمان پر ضروری ہے، لیکن اسے بے احترامی سے بچانا اور استہزاء کا ہدف بننے سے روکنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔ ابھی چند روز قبل خبر آئی کہ تحریک نفاذ شریعت کے راہنماؤں کے تقاضے پر صوبائی حکومت ڈاڑھی والے افسران تلاش کر رہی ہے تاکہ انہیں مالاکنڈ ڈویژن میں تعینات کر سکے۔ ہمارے نزدیک یہ سنت رسولؐ کو مذاق کا نشانہ بنانے کے مترادف ہے کہ انتظامی اور عدالتی سسٹم تو وہی نوآبادیاتی رہے مگر کرسیوں پر ڈاڑھی والے افسران کو بٹھا دیا جائے تاکہ سارے سسٹم کی گندگی ان کی ڈاڑھیوں کے مقدس پردے میں چھپی رہے۔
  4. چوتھے نمبر پر تحریک کے قائدین کی خدمت میں یہ عرض کرنا بھی ضروری ہے کہ اس وقت پوری دنیا کی نظریں عالم اسلام کی دینی تحریکات پر لگی ہوئی ہیں۔ کیونکہ مغربی جمہوریت اور کمیونزم کی ناکامی کے بعد دنیا ایک نئے نظام کی تلاش میں ہے اور عقل سلیم انسانی فہم و دانش کو فطری طور پر اسلام کا عادلانہ نظام کی طرف متوجہ کر رہی ہے جس کی دعوت لے کر عالم اسلام کی دینی تحریکات اس وقت سامنے آرہی ہیں۔ اس مرحلہ پر اسلام دشمن لابیوں اور مغربی قوتوں کا پورا زور اس بات پر صرف ہو رہا ہے کہ عالم اسلام کی دینی تحریکات کی کوئی اچھی تصویر دنیا کے سامنے نہ آنے پائے بلکہ انہیں انسانی حقوق و اخلاق کے تصور سے عاری، تشدد پسند، طبقاتی بالادستی کے خواہاں اورا نسانی حقوق کے دشمن کے طور پر متعارف کرایا جائے۔ تاکہ انسانی معاشرہ ان لوگوں کے بارے میں کوئی مثبت سوچ اختیار نہ کر سکے۔

    اس تاثر سے خود کو بچانا ضروری ہے اور اس مقصد کے لیے ہمیں کسی اور طرف دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ جناب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرات خلفاء راشدینؓ کی سنت ہمارے لیے کافی ہے۔ اگر ہم دور نبویؐ اور دور خلافت راشدہؓ میں لوگوں کو حاصل معاشرتی، سیاسی، عدالتی اور معاشی حقوق کا صحیح نقشہ اجاگر کر کے دنیا کو اس کی طرف دعوت دینے میں کامیاب ہو جائیں تو آنے والا دور نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں اسلام کے غلبہ و نفاذ کا دور ہو سکتا ہے۔ مگر اس کے لیے علم، دانش، تدبر اور حوصلہ کی ضرورت ہوگی۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق سے نوازیں، آمین یا الہ العالمین۔

دینی مدارس، بنیاد پرستی اور انسانی حقوق

مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

روزنامہ جنگ لاہور ۴ دسمبر ۱۹۹۴ء کے مطابق گورنر پنجاب چودھری الطاف حسین نے دینی مدارس کی کارکردگی پر کڑی نکتہ چینی کی ہے اور فرقہ وارانہ کردار کے حامل مدارس کی بندش کا عندیہ دیا ہے۔ اسی طرح بعض اخباری اطلاعات کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے ملک میں نئے دینی مدارس کی رجسٹریشن اور پرانے مدارس کی رجسٹریشن کی تجدید کے لیے وزارت داخلہ سے پیشگی اجازت کی شرط عائد کر دی ہے، اور متعلقہ حکام کو ہدایت کر دی ہے کہ اس اجازت کے بغیر کسی نئے مدرسہ کو رجسٹرڈ نہ کیا جائے اور نہ ہی پہلے سے قائم کسی مدرسہ کی رجسٹریشن کی تجدید کی جائے۔ اس کے ساتھ ہی بہاولپور پولیس کے حوالہ سے یہ خبر شائع ہوئی ہے کہ حکام بالا کی ہدایت پر پولیس دینی مدارس کا سروے کر رہی ہے تاکہ اس الزام کی حقیقت معلوم کی جا سکے کہ بعض مدارس میں بچوں سے جبری بیگار لی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں گزشتہ دنوں گوجرانوالہ میں وزیراعظم پاکستان کے ایک مشیر نے کسی مدرسہ کے بارے میں اخبارات میں شائع ہونے والی اس رپورٹ کا ذکر کیا ہے کہ وہاں طلبہ کو زنجیروں سے باندھ کر قرآن کریم کی تعلیم دی جاتی ہے۔ ان کے بقول وزیراعظم نے اس سلسلہ میں انکوائری کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اس کے علاوہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے بارے میں بھی یہ خبر سامنے آچکی ہے کہ اس نے پاکستان کے دینی مدارس میں طلبہ پر مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے حوالہ سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

دینی مدارس کے بارے میں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اس تحقیقات مہم کا پس منظر کیا ہے اور یہ سب کچھ کن مقاصد کے لیے کیا جا رہا ہے؟ اس سوال کا جائزہ لینے سے پہلے ضروری ہے کہ دینی مدارس کے موجودہ نظام پر ایک نظر ڈال لی جائے تاکہ اس کے مثبت اور منفی پہلوؤں کو سامنے رکھتے ہوئے دینی مدارس کے خلاف اس مہم کے مقاصد کو صحیح طور پر سامنے لایا جا سکے۔

دینی مدارس کا پس منظر

پاکستان، بنگلہ دیش اور بھارت کے طول و عرض میں لاکھوں کی تعداد میں پھیلے ہوئے دینی مدارس و مکاتب کا موجودہ نظام ۱۸۵۷ء کی جنگ آزادی میں مسلمانوں کی ناکامی کے بعد پیدا ہونے والے حالات کا نتیجہ ہے۔ اس سے قبل پورے برصغیر میں درس نظامی کا یہی نصاب تعلیمی اداروں میں رائج تھا جو مغل بادشاہت کے دور میں اس وقت کی ضروریات اور تقاضوں کو سامنے رکھ کر مرتب کیا گیا تھا اور جو اب بھی ہمارے دینی مدارس میں بدستور رائج چلا آرہا ہے۔ فارسی اس دور میں سرکاری زبان تھی اور عدالتوں میں فقہ حنفی رائج تھی۔ اس لیے درس نظامی کا یہ نصاب اس دور کی دفتری اور عدالتی ضروریات کو پورا کرتا تھا اور دینی تقاضوں کی تکمیل بھی اس سے ہو جاتی تھی۔ اس لیے اکثر و بیشتر مدارس کا نصاب یہی تھا اور تقریباً تمام مدارس سرکار کے تعاون سے بلکہ سرکار کی بخشی ہوئی زمینوں اور جاگیروں کے باعث تعلیمی خدمات سرانجام دیتے چلے آرہے تھے۔

۱۸۵۷ء کی جنگ آزادی میں مسلمانوں کی ناکامی کے بعد جب دہلی کا اقتدار ایسٹ انڈیا کمپنی سے براہ راست تاجِ برطانیہ کو منتقل ہوا اور انگریزی حکومت قائم ہوگئی تو سرکاری زبان فارسی کی بجائے انگریزی کر دی گئی اور عدالتی نظام سے فقہ حنفی کو خارج کر کے برطانوی قوانین نافذ کر دیے گئے جس سے ہماری تعلیمی ضروریات دو حصوں میں منقسم ہوگئیں۔ دفتری اور عدالتی نظام میں شرکت کے لیے انگریزی تعلیم ناگزیر ہوگئی،اور دینی و قومی ضروریات کے لیے درس نظامی کے سابقہ نظام کو برقرار رکھنا ضروری سمجھا گیا جبکہ مدارس و مکاتب کا سابقہ نظام ختم کر دیا گیا۔علماء کی ایک بڑی تعداد جنگ آزادی میں کام آگئی، باقی ماندہ میں سے ایک کھیپ کالاپانی اور دیگر جیلوں کی نذر ہوگئی اور پیچھے رہ جانے والے لوگ شکست کے اثرات کو سمیٹتے ہوئے مستقبل کے بارے میں سوچنے میں مصروف ہوگئے۔ مدارس و مکاتب کے لیے مغل حکمرانوں کی عطا کردہ جاگیریں ضبط کر لی گئیں اور اس طرح ۱۸۵۷ء سے پہلے کا تعلیمی نظام مکمل طور پر تتربتر ہوکر رہ گیا۔

نئے حالات کو سامنے رکھتے ہوئے تعلیمی ضروریات کے دو حصوں میں تقسیم ہوجانے کے بعد اہل دانش نے مستقبل کی طرف توجہ دی۔ سرسید احمد خان مرحوم نے ایک محاذ سنبھال لیا اور دفتری و عدالتی نظام میں مسلمانوں کو شریک رکھنے کے لیے انگریزی تعلیم کی ترویج کو اپنا مشن بنا لیا، جبکہ دینی و قومی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے دینی تعلیم کا محاذ فطری طور پر علماء کرام کے حصہ میں آیا اور اس سلسلہ میں سبقت اور پیش قدمی کا اعزاز مولانا محمد قاسم نانوتویؒ اور ان کے رفقاء کو حاصل ہوا۔ سرسید احمد خان مرحوم اور ان کے رفقاء نے علی گڑھ میں انگریزی تعلیم کے کالج کا آغاز کیا اور مولانا محمد قاسم نانوتویؒ اور ان کے رفقاء نے دیوبند میں مدرسہ عربیہ کی بنیاد رکھی۔ اتفاق کی بات ہے کہ سرسید احمد خان مرحوم اور مولانا محمد قاسم نانوتویؒ دونوں ایک ہی استاد مولانا مملوک علی نانوتویؒ کے شاگرد تھے اور دونوں نے مختلف سمتوں پر تعلیمی سفر کا آغاز کیا جو آگے چل کر دو مستقل تعلیمی نظاموں کی شکل اختیار کر گئے۔ ابتداء میں سرسید احمد خان مرحوم کے انگریزی کالج اور مولانا محمد قاسم نانوتویؒ کے مدرسہ عربیہ دونوں کی بنیاد عوامی چندہ اور امداد باہمی کے طریق کار پر تھی، لیکن بعد میں کالج اور اسکول کے نظام کو سرکاری سرپرستی حاصل ہوگئی اور رفتہ رفتہ پورا نظام سرکار کی تحویل میں آکر مصارف و اخراجات کے جھنجھٹ سے آزاد ہوگیا، جبکہ دینی مدارس سرکاری سرپرستی سے آزاد رہے جس کی وجہ سے انہیں اپنے اخراجات و ضروریات کے لیے ہر دور میں عوامی چندہ پر انحصار کرنا پڑا، اور آج بھی یہ صورتحال بدستور قائم ہے۔

دینی مدارس کے اس آزادانہ اور متوازی نظام کے بنیادی مقاصد درج ذیل تھے:

ان مقاصد کے حصول کے لیے ضروری تھا کہ یہ مدارس سرکار کے اثر سے آزاد رہیں اور ایسا تعلیمی نصاب و نظام اختیار کریں کہ ان کے تیار کردہ افراد صرف ان کے مقاصد کے خانہ میں فٹ ہو سکیں۔ اس بات کو زیادہ بہتر طور پر واضح کرنے کے لیے ایک واقعہ بیان کرنا مناسب سمجھتا ہوں جو میں نے مرکزی جامع مسجد گوجرانوالہ کے خطیب حضرت مولانا مفتی عبد الواحدؒ کی زبانی سنا۔ ان کی روایت کے مطابق یہ اس دور کا واقعہ ہے جب دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا محمد قاسم نانوتویؒ کے فرزند مولانا حافظ محمد احمدؒ تھے۔ اس دور میں دارالعلوم کے فارغ التحصیل کچھ نوجوان حیدرآباد دکن کی ریاست میں ملازمتوں پر فائز ہوئے اور کارکردگی اور صلاحیت کے لحاظ سے دوسرے ملازمین سے بہتر ثابت ہوئے۔ مولانا حافظ محمد احمدؒ کے دورہ حیدر آباد کے موقع پر نظام حیدر آباد نے ایک ملاقات میں ان سے اس بات کا ذکر کیا اور خواہش ظاہر کی کہ اگر دارالعلوم دیوبند کے فضلاء ہر سال سارے کے سارے حیدرآباد بھجوا دیے جائیں تو نظام حیدر آباد انہیں ملازمتیں دیں گے اور دارالعلوم کے سالانہ اخراجات کا بار، نظام خود اٹھائیں گے۔ مولانا حافظ محمد احمدؒ نے دیوبند واپسی پر یہ پیشکش دارالعلوم کے صدر مدرس شیخ الہند مولانا محمود حسنؒ کے سامنے بیان کی اور ان سے مشورہ طلب کیا۔ مولانا محمود حسنؒ نے خود کوئی مشورہ دینے کی بجائے حافظ محمد احمدؒ کو دارالعلوم دیوبند کے سرپرست حضرت مولانا رشید احمد گنگوہیؒ کی خدمت میں بھیج دیا جو اس وقت بقید حیات تھے۔ انہوں نے مولانا حافظ محمد احمدؒ سے نظام حیدر آباد کی پیشکش کے بارے میں سن کر جو جواب دیا وہ حضرت مولانا مفتی عبد الواحد صاحب کے الفاظ میں یوں تھا:

’’بھاڑ میں جائے حیدرآباد کی ریاست! ہم اس ریاست کو چلانے کے لیے طلبہ کو نہیں پڑھا رہے۔ ہم تو اس لیے پڑھاتے ہیں کہ مسجدیں اور قرآن کے مکاتب آباد رہیں اور مسلمانوں کو نمازیں اور قرآن کریم پڑھانے والے ائمہ اور استاذ ملتے رہیں۔‘‘

یہی وجہ ہے کہ دینی مدارس میں انگریزی تعلیم کا داخلہ بند رہا اور علماء اور دینی طلبہ کو انگریزی تعلیم حاصل کرنے سے سختی سے منع کیا جاتا رہا۔ کیونکہ انگریزی تعلیم حاصل کرنے والے افراد لازماً سرکاری ملازمت کو ترجیح دیتے اور دینی مدارس سے فارغ ہونے والوں کی ایک بڑی کھیپ بھی اسی طرف منتقل ہو جاتی جس سے دینی مدارس کے قیام کا بنیادی مقصد فوت ہو جاتا۔ جبکہ دینی مدارس کے نظام کا آغاز کرنے والوں کے ذہن میں سب سے بڑا مقصد یہ تھا کہ ایسی کھیپ تیار ہو جو قرآن کریم کے مکاتب کو آباد رکھے۔ اس لیے حکمت عملی کے تحت عملاً ایسا طریقہ اختیار کیا گیا کہ دینی مدارس کے فارغ التحصیل حضرات مسجد و مدرسہ کے سوا کسی دوسری جگہ نہ کھپ سکیں۔ چنانچہ اس مقصد کے حوالہ سے یہ حکمت عملی کامیاب رہی اور اس کے نتیجہ میں برصغیر کے طول و عرض میں دینی مدارس و مکاتب کا جال بچھ گیا اور مساجد میں ائمہ و خطباء کی کھیپ بھی فراہم ہوتی رہی۔

دینی مدارس کے منتظمین نے ان مقاصد کے حصول کے لیے کیا کیا جتن کیے، یہ ایک الگ داستان ہے جس کی تفصیلات کی اس مضمون میں گنجائش نہیں ہے۔ تاہم اس قدر عرض کرنا ضروری ہے کہ انہوں نے سہولتوں کی زندگی ترک کر کے فقر و فاقہ اور تنگی و ترشی کی زندگی اختیار کی، لوگوں سے صدقات و خیرات مانگ کر مدارس کو آباد رکھا، بلکہ کچھ عرصہ پہلے تک تو محلہ کے ایک ایک گھر سے روٹیاں مانگنے کا سلسلہ بھی قائم رہا۔ اس لیے یہ بات بلا جھجھک کہی جا سکتی ہے کہ علماء کے اس طبقہ نے اپنی ’’عزت نفس‘‘ تک کی قربانی دے کر معاشرہ میں قرآن و حدیث کی تعلیم اور اسلامی عقائد و معاشرت کو برقرار رکھا۔ ورنہ عالم اسباب میں اگر یہ مدارس نہ ہوتے تو اسپین کی طرح برصغیر پاک و ہند میں بھی (نعوذ باللہ) اسلام ایک قصہ پارینہ بن چکا ہوتا۔ صدقہ و خیرات، گھر گھر سے مانگی ہوئی روٹیوں اور عام لوگوں کے چندوں کی بنیاد پر قائم ہونے والا دینی مدارس کا یہ نظام برطانوی استعمار کی نظریاتی، فکری اور تہذیبی یلغار کے مقابلہ میں مسلمانوں کے لیے ایک مضبوط حصار ثابت ہوا۔ اس نظام نے نہ صرف برصغیر پاک و ہند و بنگلہ دیش کے مسلمانوں کے عقائد وافکار، معاشرت اور اسلامی علوم و فنون کی حفاظت کی بلکہ تحریک آزادی اور تحریک پاکستان کو نظریاتی راہ نماؤں اور کارکنوں کی کھیپ بھی فراہم کی جس میں مولانا محمود حسنؒ، مولانا عبید اللہ سندھیؒ، مولانا حسین احمدؒ مدنی، مولانا شبیر احمدؒ عثمانی، مولانا عبد الحامدؒ بدایونی، مولانا سید محمد داؤد غزنویؒ، سید عطاء اللہ شاہ بخاریؒ اور ان کے ہزاروں رفقاء بطور خاص قابل ذکر ہیں۔

قیام پاکستان کے بعد دینی مدارس کا کردار

دور غلامی میں دینی مدارس کی حکمت عملی دفاعی تھی جس کے لیے انہیں بہت سے تحفظات اختیار کرنے پڑے، اور اگر وہ ان تحفظات کے بارے میں سختی نہ کرتے تو اپنے بنیادی مقاصد کی طرف اس قدر کامیابی کے ساتھ پیش رفت نہ کر پاتے۔ لیکن قیام پاکستان کے بعد صورتحال خاصی تبدیل ہوگئی اور آزادی کے حوالہ سے نئے تقاضے اور ضروریات سامنے آگئیں جن کے بارے میں دینی مدارس کی تمام تر مجبوریوں اور مشکلات کے باوجود بہرحال یہ کہنا پڑتا ہے کہ نئی ضروریات اور تقاضوں کو اپنے مقاصد میں شامل کرنے کے لیے وہ ابھی تک تیار نہیں ہوئے جس کے نقصانات قومی سطح پر بہت دیر تک محسوس کیے جاتے رہیں گے۔ قیام پاکستان کے بعد چاہیے تو یہ تھا کہ مساجد و مدارس کے لیے رجال کار کی فراہمی اور اسلامی علوم کی ترویج و تحفظ کی ذمہ داری ریاستی نظام تعلیم کے سپرد کر دی جاتی اور دینی مدارس کے الگ نظام کی ضرورت ہی باقی نہ رہتی۔ لیکن ریاستی نظام تعلیم نے اس ذمہ داری کو قبول کرنے سے انکار کر دیا، بلکہ ریاستی نظام تعلیم نے تو قیام پاکستان کے بعد آزادی اور ایک اسلامی ریاست کے مقاصد کے حوالہ سے اس قدر مایوس کیا کہ آزاد قوموں کی تاریخ اس کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔

قیام پاکستان کے بعد ریاستی نظام تعلیم کی ذمہ داری تھی کہ وہ:

لیکن ریاستی نظام تعلیم نے نہ صرف یہ کہ ان ذمہ داریوں کو قبول کرنے سے انکار کر دیا بلکہ عملاً یہ نظام سیکولر اور اسلام مخالف عناصر کی کمین گاہ ثابت ہوا۔ اور پاکستان میں اسلامی احکام و تعلیمات کی ترویج کو روکنے اور اس کی اسلامی حیثیت کو غیر مؤثر بنانے میں اس نظام تعلیم نے مضبوط مورچے کا کام دیا۔ جبکہ اس کے برعکس دینی مدارس نے جو ذمہ داریاں ۱۸۵۷ء کے بعد قبول کی تھیں ان پر وہ اب بھی پوری دل جمعی کے ساتھ گامزن ہیں اور ان کے طریق کار اور دائرہ عمل میں کوئی فرق نمودار نہیں ہوا۔ بلکہ اگر اس لحاظ سے دیکھا جائے کہ اسلامی علوم کی حفاظت و ترویج اور مساجد و مدارس کے لیے ائمہ و اساتذہ کی فراہمی کے لیے دینی مدارس کے کردار کا تسلسل کسی خلا اور تعطل کے بغیر بدستور قائم ہے تو ریاستی نظام تعلیم کے ساتھ تقابل کے تناظر میں دینی مدارس کا یہ کردار بڑے سے بڑے قومی اعزاز کا مستحق ہے۔ کیونکہ آج بھی ان دو مقاصد کے حوالے سے معاشرہ کی ضروریات یہی دینی مدارس پوری کر رہے ہیں اور اگر دینی مدارس اپنا یہ کردار چھوڑ دیں تو مساجد و مدارس کے لیے ائمہ و اساتذہ کی فراہمی اور اسلامی علوم کی ترویج و حفاظت کے شعبہ میں جو خلا واقع ہوگا وہ کسی باشعور شہری کے لیے قابل قبول نہیں ہو سکتا۔

دینی مدارس سے شکایات

دینی مدارس کے موجودہ کردار اور خدمات کے بارے میں عام طور پر شکایات کا اظہار کیا جاتا ہے اور شکوہ کرنے والوں میں ہم بھی شامل ہیں۔ لیکن ان شکایات اور دینی مدارس کی مشکلات کا حقیقت پسندانہ جائزہ لینا ضروری ہے تاکہ صحیح صورتحال سامنے آسکے۔

دینی مدارس کا نصاب تعلیم

دینی مدارس سے سب سے بڑی شکایت یہ کی جاتی ہے کہ ان کے نصاب میں آج کے علوم شامل نہیں ہیں اور وہ اپنے طلبہ کو انگریزی، ریاضی، سائنس، انجینئرنگ اور دیگر عصری علوم کی تعلیم نہیں دیتے۔ یہ شکایت ایسی ہے جسے نہ تو پوری طرح قبول کیا جا سکتا ہے اور نہ مسترد کیا جا سکتا ہے۔ کیونکہ جہاں تک عصری علوم کی مکمل تعلیم کا سوال ہے وہ نہ تو دینی تعلیم کے نصاب کے ساتھ پوری طرح شامل کی جا سکتی ہے اور نہ ایسا کرنا ضروری ہی ہے۔ شامل اس لیے نہیں کی جا سکتی کہ مستند اور پختہ عالم دین کا مقام حاصل کرنے کے لیے فارسی و عربی، صرف و نحو، قرآن و حدیث، فقہ و اصول فقہ، معانی و ادب اور منطق و فلسفہ جیسے ضروری علوم کا ایک مکمل نصاب ہے جسے پوری طرح پڑھے بغیر کوئی شخص ’’عالم دین‘‘ کے منصب پر فائز نہیں ہو سکتا۔ اور یہ نصاب اس قدر بھاری بھر کم ہے کہ اس کے ساتھ کسی دوسرے علم یا فن کے مکمل نصاب کو شامل کرنا ممکن نہیں ہے۔ اور اگر اس نصاب میں کمی کی جائے تو دینی علوم میں مہارت کا پہلو تشنہ رہ جاتا ہے۔ اور ضروری اس لیے نہیں ہے کہ یہ تخصصات اور اسپسلائزیشن کا دور ہے، اب ہر شعبہ کے لیے الگ ماہرین تیار ہوتے ہیں اور کسی ایک شعبہ کے ماہر کے لیے ضروری نہیں کہ وہ دوسرے شعبہ کی مہارت بھی رکھتا ہو۔ مثلاً کسی انجینئر کے لیے قطعی طور پر یہ ضروری نہیں کہ وہ میڈیکل سائنس کے علم سے بہرہ ور ہو، اور کسی ڈاکٹر کے لیے ضروری نہیں کہ اس نے انجینئرنگ کا علم بھی حاصل کر رکھا ہو۔ اسی طرح کسی عالم دین کے لیے بھی یہ ضروری نہیں کہ وہ میڈیکل سائنس ، انجینئرنگ یا کسی شعبہ کی مہارت بھی رکھتا ہو۔

تاہم ایک فرق ملحوظ رکھنا ضروری ہے۔ وہ یہ کہ جہاں تک کسی شعبہ میں پوری مہارت اور مکمل تعلیم کا تعلق ہے وہ تو کسی دوسرے شعبہ کے فرد کے لیے ضروری نہیں ہے، لیکن بنیادی اور جنرل معلومات ہر شعبہ کے بارے میں حاصل ہونی چاہئیں اور اس کی اہمیت و ضرورت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ اس لیے جس طرح ہم یہ کہتے ہیں کہ کسی ڈاکٹر یا انجینئر کے لیے دین کا مکمل عالم ہونا ضروری نہیں مگر دین کی بنیادی معلومات و مسائل سے آگاہی ان کے لیے لازمی ہے تاکہ وہ اپنے شعبہ میں دینی احکام کے دائرہ کو ملحوظ رکھ سکیں، اسی طرح ایک عالم دین کے لیے ڈاکٹر یا انجینئر ہونا ضروری نہیں البتہ ان شعبوں کے بارے میں بنیادی معلومات علماء کو ضروری طور پر حاصل ہونی چاہئیں تاکہ وہ ان شعبوں کے افراد کی دینی راہنمائی صحیح طور پر کر سکیں۔

اسی طرح انگریزی آج کی بین الاقوامی زبان ہے، اسلام اور عالم اسلام کے خلاف صف آرا عالمی میڈیا کی زبان ہے اور پاکستان کی دفتری و عدالتی زبان ہے۔ اس لیے عربی کے ساتھ ساتھ انگریزی زبان سے کماحقہ بہرہ ور ہونا علماء کے لیے آج کے دور میں ضروری ہے۔ اس بنا پر ہم دینی مدارس کے نصاب تعلیم میں کسی بنیادی تبدیلی یا تخفیف کی حمایت تو نہیں کریں گے البتہ اس میں انگریزی زبان اور میڈیکل سائنس، جنرل سائنس، انجینئرنگ اور دیگر عصری علوم کے بارے میں بنیادی معلومات کی حد تک نصاب کے اضافے کو ضروری سمجھتے ہیں اور دینی مدارس کو اس طرف ضرور توجہ دینی چاہیے۔

اس سلسلہ میں دینی مدارس کی مشکلات کو سامنے رکھنا بھی ضروری ہے۔ مثلاً ان کی ایک بنیادی مشکل یہ ہے کہ جو طلبہ انگریزی یا دیگر عصری علوم سے آراستہ ہو جاتے ہیں اور سرکاری اسناد حاصل کر لیتے ہیں ان کی اکثریت مساجد یا دینی مدارس کی بجائے ملازمت کے لیے سرکاری اداروں کا رخ کرتی ہے جس کی وجہ سے مساجد و مدارس کو ضرورت اور معیار کے مطابق ائمہ، خطباء اور مدرس میسر نہیں آتے۔ ظاہر بات ہے کہ مساجد و مدارس میں مشاہروں اور دیگر سہولتوں کا مروجہ معیار کسی طرح بھی اس درجہ کا نہیں ہے کہ کوئی خطیب، امام یا مدرس اطمینان کے ساتھ ایک عام آدمی جیسی زندگی بسر کر سکے۔ پھر یہاں ملازمت کا تحفظ بھی نہیں ہے اس لیے جسے سرکاری ملازمت میں جانے کا راستہ مل جاتا ہے وہ لازماً ادھر کا رخ کرے گا اور مساجد و مدارس کے لیے رجال کار کے فقدان اور خلاء کا مسئلہ پریشان کن صورت اختیار کر جائے گا۔

اس موقع پر حضرت مولانا مفتی محمود صاحب قدس اللہ سرہ العزیز کے ساتھ ایک گفتگو کا حوالہ دینا شاید نامناسب نہ ہو۔ یہ اس دور کی بات ہے جب جنرل محمد ضیاء الحق مرحوم نے وفاقی شرعی عدالت کے قیام کے بعد ضلع اور تحصیل کی سطح پر شرعی قاضی مقرر کرنے کا پروگرام بنایا تھا اور قاضی کورس کے لیے آرڈیننس کے نفاذ کی تیاری ہو رہی تھی۔ حضرت مولانا مفتی محمودؒ راولپنڈی کینٹ کے ملٹری ہسپتال میں زیر علاج تھے، میں ان کی خدمت میں حاضر ہوا اور اس سلسلہ میں اپنی پریشانی کا اظہار کیا۔ مجھے پریشانی یہ تھی کہ پاکستان بھر میں ضلع اور تحصیل کی سطح پر مقرر کرنے کے لیے اس قدر تربیت یافتہ قاضی کہاں سے آئیں گے؟ اگرچہ اس زمانے میں بعض دینی اداروں نے قاضیوں کی تربیت کے لیے چار ماہ، چھ ماہ اور ایک سال کے کورس شروع کر رکھے تھے لیکن میں ان سے مطمئن نہیں تھا کہ قاضی بہرحال قاضی ہوتا ہے اور سال چھ ماہ کا کورس کسی شخص کو قاضی نہیں بنا سکتا۔ اور اگر ہم نے پاکستان میں قاضی کورس کا آغاز اس طرح کے نیم قاضیوں سے کیا تو اسلام کے عدالتی نظام کا پہلا تاثر ہی اپنے نتائج کے لحاظ سے نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔

چنانچہ میں نے مولانا مفتی محمودؒ سے سوال کیا کہ حضرت! یہ قاضی کہاں سے آئیں گے؟ مفتی صاحب نے جواب دیا کہ جن مدرسین نے دینی مدارس میں ہدایہ کی سطح تک کتابیں چار پانچ سال پڑھائی ہیں وہ نظام قضا کے مختصر کورس کے بعد قضا کا منصب سنبھال سکتے ہیں۔ میں نے عرض کیا کہ میں اسے تسلیم کرتا ہوں لیکن پہلے یہ دیکھ لیجئے کہ ضلع اور تحصیل کی سطح پر قاضی مقرر کرنے کے لیے پاکستان کے اضلاع اور تحصیلوں کی تعداد کے مطابق اس سطح کے مدرسین مل جائیں گے یا نہیں؟ اور اگر ہمارے پاس اتنی تعداد میں اس معیار کے مدرسین مل بھی جائیں تو انہیں عدالتوں میں بھیج کر دینی مدارس میں ہدایہ کی سطح کی کتابیں کون پڑھائے گا؟ اس سوال کا جواب حضرت مولانا مفتی محمودؒ نے اپنے مخصوص انداز میں ٹال دیا لیکن میں نے ان کے چہرے کی سلوٹوں سے اندازہ لگا لیا کہ اس سوال نے خود انہیں بھی پریشان کر دیا ہے۔

دینی مدارس کو ابھی تک اپنے وجود کے تحفظ اور اپنے کردار کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے تحفظات کی فضا کا سامنا ہے اور وہ اس پوزیشن میں نہیں ہیں کہ اپنی تیار کردہ کھیپ کو دوسرے شعبوں کے حوالے کر کے اپنے کام کو جاری رکھ سکیں۔ اس لیے اگر دینی مدارس اپنے تیار کردہ افراد کو مسجد و مدرسہ تک محدود رکھنے کے لیے کچھ تحفظات اختیار کیے ہوئے ہیں تو ان کی اس مشکل کو سمجھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

پھر ایک اور پہلو سے بھی اس مسئلہ کا جائزہ لینا مناسب ہوگا۔ وہ یہ کہ اس وقت پاکستان بھر کی مساجد میں امامت و خطابت کے فرائض سرانجام دینے والے افراد میں مستند و غیر مستند کا تناسب کیا ہے؟ اگر اس کا غیر جانبدارانہ سروے کیا جائے تو غیر مستند ائمہ و خطباء کا تناسب مستند حضرات سے کہیں زیادہ ہوگا۔ اور ہمارے ہاں مذہبی معاملات میں خرابیوں کی ایک بڑی وجہ یہی ہے جس کی طرف اکثر حضرات کی توجہ نہیں ہے۔ اور جو اہل دانش اس کا ادراک رکھتے ہیں وہ کسی فتوے کی زد میں آجانے کے خوف سے اس کا اظہار نہیں کرتے۔ لیکن یہ ایک حقیقت ہے جسے تسلیم کیے بغیر کوئی چارہ کار نہیں ہے اور اسلامی نظریاتی ریاست ہونے کے ناتے سے اسٹیٹ کی ذمہ داری ہے کہ جس طرح دوسرے شعبوں میں اَن کوالیفائیڈ افراد کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے کوالیفائیڈ افراد کی فراہمی پر زور دیا جاتا ہے ، امامت و خطابت اور دینی تعلیم کے شعبہ میں بھی اَن کوالیفائیڈ افراد کا تناسب کم سے کم کرنے اور بالآخر اسے ختم کرنے کی پالیسی اختیار کی جائے۔ اور جس طرح ملک میں عمومی خواندگی کا تناسب بہتر بنانے کے لیے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے اور ایک معقول بجٹ اس کام کے لیے مخصوص کیا جاتا ہے، دینی شعبہ میں کوالیفائیڈ افراد کا تناسب بڑھانے کے لیے دینی مدارس کی حوصلہ افزائی کی جائے اور قومی تعلیمی بجٹ میں ان کے لیے معقول حصہ مختص کیا جائے۔

ریاستی اداروں کے لیے رجال کار کی فراہمی

دینی مدارس سے دوسر ی شکایت یہ ہے کہ قیام پاکستان کے بعد ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے مختلف شعبوں بالخصوص عدلیہ میں مطلوبہ معیار کے رجال کار کی فراہمی کو دینی مدارس کے نظام نے اپنے مقاصد میں شامل نہیں کیا۔ یہ کام اگرچہ اصلاً ریاستی نظام تعلیم کا تھا لیکن ہم پہلے عرض کرچکے ہیں کہ ریاستی نظام تعلیم نے اس سمت سوچنے کی زحمت بھی گوارا نہیں کی اور اس کے بعد اس خلا کو پر کرنے کے لیے لوگوں کی نظریں بہرحال دینی مدارس کی طرف اٹھتی ہیں۔ اگر دینی مدارس اپنے نصاب تعلیم کا ازسرنو جائزہ لے کر اسلام کو بطور نظام زندگی دوسرے مروجہ نظاموں کے ساتھ تقابل کے ساتھ پڑھانے کا اہتمام کرتے اور اجتماعی زندگی سے تعلق رکھنے والے حدیث و فقہ کے ابواب کو ضروری اہمیت کے ساتھ پڑھایا جاتا تو دینی مدارس سے فارغ ہونے والے علماء کرام اسلامی نظام کے نفاذ کی جدوجہد کے تربیت یافتہ اور شعوری کارکن ثابت ہوتے۔ اور اس کے ساتھ اگر تجارت، عدالت، انتظامیہ اور دیگر شعبوں کے افراد کے لیے ہلکے پھلکے کورسز تیار کر کے انہیں دینی مدارس کے تعلیمی دائرہ میں شریک کر لیا جاتا تو اسلامی نظام کے لیے رجال کار کی فراہمی کی ایک اچھی بنیاد مل سکتی تھی۔ لیکن ایسا نہیں ہوا اورا اس کے نتائج آج معاشرہ میں فکری انتشار اور اخلاقی انارکی کی صورت میں سب کے سامنے ہیں۔

مغربی لابیوں اور ورلڈ میڈیا کا چیلنج

دینی مدارس سے تیسری شکایت اسلام کے بارے میں مغربی لابیوں اور ورلڈ میڈیا کے منفی پراپیگنڈا کی صورت میں سامنے آنے والے چیلنج کو نظر انداز کرنے کی ہے۔ آج اقوام متحدہ کے چارٹر، جنیوا انسانی حقوق کمیشن کی قراردادوں اور بنیادی حقوق کے مغربی تصورات کے حوالہ سے اسلامی احکام اور قوانین کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ جرائم کی شرعی سزاؤں کو انسانی حقوق کے منافی قرر دیا جا رہا ہے، ارتداد اور توہین رسالتؐ پر قدغن کے بارے میں اسلامی قوانین کو آزادی رائے کے بنیادی حق سے متصادم کہا جا رہا ہے، اور دنیا میں کسی بھی جگہ اسلامی معاشرہ کے قیام کو قرون وسطیٰ کے ظالمانہ دور کی طرف واپسی سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔

اس چیلنج کا سامنا کرنے اور آج کی زبان میں اسلام کو انسانی حقوق کے علمبردار اور محافظ نظام کے طور پر پیش کرنے کے لیے لوگوں کی نظریں دینی مدارس اور اداروں کی طرف اٹھتی ہیں۔ اور عام مسلمان یہ توقع کرتا ہے کہ جس طرح دینی مدارس کے نظام نے برطانوی استعمار کے دور میں اعتقادی اور معاشرتی فتنوں کا دل جمعی سے مقابلہ کیا تھا، آج بھی وہ مغربی فلسفہ کی نئی اور تازہ دم یلغار کے سامنے خم ٹھونک کر میدان میں آئے گا۔ مگر چند استثناؤں کو چھوڑ کر دینی مدارس میں اس چیلنج کے ادراک کی فضا ہی سرے سے موجود نہیں جو بلاشبہ ایک بہت بڑا المیہ ہے۔

نیا دور اور ہمارا روایتی اسلوب

دینی مدرس سے چوتھی شکایت یہ ہے کہ انہوں نے اپنے اساتذہ اور طلبہ کو گفتگو اور مباحثہ کے نئے اسلوب اور ہتھیاروں سے روشناس نہیں کرایا۔ فتویٰ اور مناظرہ کی زبان قصہ پارینہ بن چکی ہے مگر دینی مدارس بلکہ ہمارے منبر و محراب پر بھی ابھی تک اسی زبان کا سکہ چلتا ہے۔ اخبارات پڑھنے والوں اور ٹی وی دیکھنے والوں کے لیے ہماری زبان اور اسلوب بیان دونوں اجنبی ہو چکے ہیں مگر ہم کوئی پروا کیے بغیر اسی ڈگر پر قائم ہیں، جس کا نتیجہ یہ ہے کہ اکثر و بیشتر دینی مجالس میں تعلیم یافتہ لوگوں کا تناسب دن بدن کم ہوتا جا رہا ہے۔

آج کی زبان منطق و استدلال کی زبان ہے، مشاہدات کی زبان ہے، کسی بھی مسئلہ کو اس کے پس منظر اور تنائج کے ساتھ پیش کرنے کی زبان ہے، اور انسانی حقوق کے حوالے سے گفتگو کی زبان ہے۔ مگر دینی مدارس کے اساتذہ اور طلبہ کی اکثریت اس زبان سے ناآشنا ہے اور ستم بالائے ستم کہ اچھا بولنے اور اچھا لکھنے والوں کا تناسب جو دینی حلقوں میں پہلے ہی بہت کم تھا، مزید کم ہوتا جا رہا ہے۔ انگلش اور عربی تو رہی ایک طرف، اردو زبان میں اپنے مافی الضمیر کو اچھی تحریر کی صورت میں پیش کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ ایک پختہ کار عالم دین نے شکایت کی کہ فلاں قومی اخبار کو میں نے درجنوں مضامین بھجوائے ہیں ان میں سے ایک بھی شائع نہیں ہوا۔ میں نے اس اخبار کے ایڈیٹر سے بات کی تو انہوں نے جواب دیا کہ جو مضمون ہمیں پورے کا پورا ازسرنو لکھنا پڑے، اسے شائع کرنے کا تکلف ہم کس طرح کر سکتے ہیں؟

دینی و اخلاقی تربیت

دینی مدارس سے پانچویں شکایت یہ ہے کہ دینی اور اخلاقی تربیت کا جو ماحول کچھ عرصہ پہلے تک ان مدارس میں قائم رہا ہے، وہ ختم ہوتا جا رہا ہے اور گنتی کے چند اداروں کے سوا دینی مدارس کی اکثریت ایسی ہے جن میں طلبہ کی فکری، دینی اور اخلاقی تربیت کا نظام موجود نہیں ہے۔ جس کا نتیجہ یہ ہے کہ مدارس سے فارغ ہونے والے فضلاء کی اکثریت کے ذہنوں میں مشنری جذبہ کے طور پر کوئی واضح اور متعین مقصد زندگی نہیں ہوتا، اور اگر کسی کے ذہن میں کوئی مقصد ہو بھی تو اس کے مطابق اس کی تربیت نہیں ہوتی اور اس کے نقصانات بھی قدم قدم پر سامنے آرہے ہیں۔

معیاری اور غیر معیاری ادارے

دینی مدارس سے چھٹی شکایت یہ ہے کہ ان کا باہمی ربط و مشاورت کا نظام انتہائی کمزور ہے۔ پہلے تو بالکل نہیں تھا مگر کچھ عرصہ سے تمام مذہبی مکاتب فکر کے مدارس نے اپنے اپنے وفاق قائم کر لیے ہیں جو اگرچہ فرقہ وارانہ بنیادوں پر ہیں لیکن اپنے اپنے مکتب فکر کی حد تک انہوں نے باہمی ربط کا ایک نظام قائم کر لیا ہے جس سے امتحانات کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور کچھ دیگر فوائد بھی سامنے آئے ہیں۔ لیکن معاشرہ میں دینی مدارس کی کارکردگی اور اثرات کا دائرہ جس قدر وسیع ہے اس کے مطابق موجودہ ربط و نظم قطعی طور پر ناکافی ہے جس کا سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ مدارس کے قیام میں کوئی منصوبہ بندی اور ترجیحات نہیں ہیں۔ جہاں جس کا جی چاہتا ہے ضروریات اور تقاضوں کو ملحوظ رکھے بغیر کسی بھی معیار اور سائز کا دینی ادارہ قائم کر لیتا ہے۔ اور چونکہ اوپر چیکنگ کا کوئی نظم موجود نہیں ہے اس لیے کارکردگی اور اخراجات کا دائرہ شخص واحد یا زیادہ سے زیادہ اس کے منظور نظر چند افراد تک محدود رہتا ہے۔ ان خودرو دینی مدارس میں ایک بڑی تعداد ایسے اداروں کی ہے جو تعلیمی اداروں کی بجائے ’’مذہبی دکانیں‘‘ کہلانے کے زیادہ حقدار ہیں اور ان میں مالی بدعنوانیوں کا سلسلہ دراز ہوتا جا رہا ہے۔

ضیاء الحق مرحوم کے دور میں سرکاری زکوٰۃ کا ایک حصہ دینی مدارس کے لیے مخصوص کیا گیا تو اس کے حصول کے لیے دنوں میں کئی مدرسے وجود میں آگئے۔ اور پھر سرکاری زکوٰۃ کی رقم حاصل کرنے کے لیے رشوت، سفارشات اور بدعنوانیوں کے جو دروازے کھلے انہوں نے دینی اداروں کو بھی دیگر سرکاری محکموں کی صف میں لاکھڑا کیا۔ اس حوالہ سے دینی مدارس کو تین حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے:

  1. ایک حصہ وہ معیاری دینی ادارے ہیں جنہوں نے سرکاری زکوٰۃ کی وصولی سے گریز کیا اور اپنی چادر کے دائرے میں پاؤں پھیلانے کے باوقار طریق کار پر گامزن رہے۔
  2. دوسرے نمبر پر وہ دینی ادارے ہیں جو اپنی کارکردگی اور معاملات میں دیانت اور اعتماد کے معیار پر پورا اترتے ہیں اور انہوں سرکاری زکوٰۃ وصول کر کے اسے صحیح مصرف پر صرف کیا۔
  3. اور تیسرے نمبر پر وہ مدارس ہیں جنہوں نے سرکاری زکوٰۃ وصول اور خرچ کرنے میں کسی دینی اور اخلاقی معیار کی پابندی کا تکلف گوارا نہیں کیا۔ بدقسمتی سے سرکاری ریکارڈ میں تیسری قسم کے مدارس کی فہرست زیادہ لمبی ہے اور دینی مدارس کے مجموعی نظام کے بارے میں سرکاری محکموں کی رائے قائم ہونے میں یہی فہرست بنیاد بن رہی ہے۔

پھر چند بڑے اور معیاری دینی مدارس کو چھوڑ کر اکثر و بیشتر دینی مدارس نے عوامی چندہ کے حصول کے لیے جو طریقے کچھ عرصہ سے اختیار کر لیے ہیں انہوں نے چندہ دینے والے اصحاب خیر کو پریشان کر دیا ہے اور اس سے مدارس کی نیک نامی اور اعتماد مجروح ہو رہا ہے۔ کراچی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ جیسے کاروباری شہروں میں رمضان المبارک کے دوران مساجد اور دکانوں پر دینی مدارس کے سفیروں کی جو یلغار ہوتی ہے اور لوگوں کی توجہ زیادہ سے زیادہ حاصل کرنے کے لیے گفتگو کا جو اسلوب اختیار کیا جاتا ہے اس سے دینی اداروں کے اعتماد اور وقار کا گراف تیزی کے ساتھ نیچے جا رہا ہے۔ اس میں کوئی مبالغہ کی بات نہیں کہ کاروباری شہروں میں بہت سے دکاندار رمضان المبارک کے دوران سفیروں کی یلغار کے خوف سے خود اپنی دکانوں پر بیٹھنے سے کترانے لگے ہیں اور مساجد میں نمازوں کے بعد کھڑے ہو کر اپیل کرنے والے سفیروں کو اب نمازیوں نے ٹوکنا شروع کر دیا ہے۔

اس سلسلہ میں سب سے پریشان کن صورتحال پاکستان سے باہر لندن میں دیکھنے میں آتی ہے جہاں پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش کے مدارس کے سفراء نماز کے بعد کھڑے ہو کر اپنے مدرسے کے لیے اپیل کرتے ہیں اور پھر دروازے پر رومال بچھا کر بیٹھ جاتے ہیں جہاں نمازی گزرتے ہوئے پاؤنڈ اور سکے پھینکتے جاتے ہیں۔ سچی بات یہ ہے کہ میرے جیسے حساس دینی کارکن کی نظریں شرم سے زمین پر گڑ جاتی ہیں۔ ابھی چند ماہ قبل جنگ لندن میں ایک مسلم نوجوان کا مراسلہ شائع ہوا جس میں اس نے بتایا کہ برطانیہ میں پلنے بڑھنے والے مسلمان نوجوانوں کی اکثریت مساجد میں اس لیے نہیں آتی کہ ایک تو ائمہ اور خطباء کی زبان ان کی سمجھ میں نہیں آتی، دوسرے جن موضوعات پر وہ گفتگو کرتے ہیں ان سے انہیں کوئی دلچسپی نہیں ہے، تیسرے ہر نماز کے بعد کسی نہ کسی مدرسہ کا سفیر چندہ کے لیے کھڑا ہوتا ہے اور ان کے پاس ہر آدمی کو دینے کے لیے اتنے پیسے نہیں ہوتے۔ یہ صورتحال برطانیہ کی مساجد کی ہے جو ہزاروں میل دور اور اکثر مدارس کے سفراء کی دسترس سے باہر ہے۔ جب وہاں کا یہ حال ہے تو اپنے ملک کی مساجد کا کیا حال ہو سکتا ہے؟ اور قیاس کرنے کی ضرورت کیا ہے، سارا منظر تو ہم رمضان المبارک میں اپنی آنکھوں سے دیکھتے ہیں۔ یہ بات نہیں کہ لوگ دینی مدارس سے تعاون نہیں کرتے اس لیے مدارس کو مجبورًا ایسے طریقے اختیار کرنا پڑتے ہیں۔ بیسیوں ایسے اداروں کو میں ذاتی طور پر جانتا ہوں جن کا سالانہ بجٹ لاکھوں سے متجاوز ہے اور بعض کا کروڑوں کی حدود میں قدم رکھ رہا ہے، وہ مدارس نہ سرکاری امداد لیتے ہیں اور نہ ہی ان کے سفیر اس طرح چندہ کے لیے گھومتے پھرتے ہیں مگر ان کا بجٹ صاحب خیر مسلمانوں کے تعاون سے باوقار طریقہ سے فراہم ہو جاتا ہے۔

سیکولر عناصر کا پراپیگنڈا

یہ ہے دینی مدارس کا ماضی اور حال جسے اب پاکستان کی وزارت داخلہ اور اس سے بڑھ کر بین الاقوامی سطح پر ایمنسٹی انٹرنیشنل اپنی تحقیقات اور سروے کی بنیاد بنا کر دنیا کو ان کی منفی تصویر دکھانے کے درپے ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کا تو یہ نظریاتی محاذ ہے، وہ ان مغربی حکومتوں اور لابیوں کی نمائندہ ہے جن کا موقف یہ ہے کہ اسلام آج کے دور میں بطور ’’نظام زندگی‘‘ قابل عمل نہیں ہے اور اسلامی احکام و قوانین انسانی حقوق کے منافی ہیں۔ اس لیے عالم اسلام میں دینی بیداری کی تحریکات کو ناکام بنانا ضروری ہے ورنہ قرون وسطیٰ کا وحشیانہ دور پھر واپس آسکتا ہے جس سے ویسٹرن سولائزیشن اور تہذیب و ترقی سب کا خاتمہ ہو جائے گا۔ اس لیے مغربی حکومتیں اور ان کے مفاد میں کام کرنے والی لابیاں عالم اسلام میں دینی بیداری کے سرچشموں کو بند کرنا چاہتی ہیں، ان کی نظر میں پاکستان دنیا کا سب سے بڑا بنیاد پرست ملک ہے اور پاکستان کی بنیاد پرستی کا سرچشمہ دینی مدارس ہیں، اس لیے دینی مدارس کو غیر مؤثر بنانا اور عوام کے ساتھ ان کے اعتماد کے رشتے کو ختم کرنا ضروری ہے۔ اسی بنیاد پر علماء کرام اور دینی مدارس کی کردار کشی اور انہیں منتشر رکھنے پر کروڑوں ڈالر خرچ کیے جا رہے ہیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل اس مہم کو لے کر آگے بڑھنا چاہتی ہے اور پاکستان کے غیر معیاری اور برائے نام دینی مدارس کو بنیاد بنا کر ایک رپورٹ دنیا کے سامنے لانے کی کوشش کر رہی ہے جس میں دکھایا جائے گا کہ پاکستان کے دینی مدارس میں طلبہ کو آج کے تقاضوں سے بے خبر رکھا جاتا ہے، انہیں مارا جاتا ہے، زنجیروں سے باندھا جاتا ہے، ان سے جبری بیگار لی جاتی ہے، ان کی خوراک، رہائش اور صفائی کا معیار ناقص ہے، انہیں ان مدارس میں آزادی رائے اور دیگر بنیادی حقوق حاصل نہیں ہیں، انہیں جان بوجھ کر ناقص رکھا جا رہا ہے تاکہ وہ قومی زندگی کے کسی شعبے میں کھپ نہ سکیں، ان کے نام پر چندہ کر کے مدارس کے منتظمین کھا پی جاتے ہیں اور طلبہ کو انتہائی تنگی کی حالت میں رکھ کر خود عیش کی زندگی بسر کرتے ہیں اور ان مدرس میں طلبہ کو اسلحہ کی ٹریننگ دے کر دہشت گرد بنایا جا رہا ہے۔ یہ سب کچھ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی اس رپورٹ کا حصہ ہوگا جو اگلے سال جون تک منظر عام پر آرہی ہے اور اس کے لیے بطور خاص ایسے غیر معیاری مدارس کو سروے کی بنیاد بنایا جا رہا ہے جہاں یہ کچھ ہوتا ہے تاکہ رپورٹ پر ’’غیر حقیقت پسندانہ‘‘ اور ’’خلاف واقعہ‘‘ ہونے کا الزام عائد نہ کیا جا سکے۔ اس سروے مہم میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کی کوئی ٹیم معیاری دینی مدارس میں نہیں جائے گی اور نہ ہی رپورٹ میں ان کا تذکرہ ہوگا۔ پاکستان کی وزارت داخلہ اور دیگر محکمے اس مہم میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کے معاون ہیں اور دینی مدارس کے خلاف اس مہم میں ان کے مقاصد بھی اس سے مختلف نہیں ہیں۔

آئندہ کے لیے لائحہ عمل

کسی بھی طبقہ کی کمزوریاں ہمیشہ اس کے خلاف دشمن کا ہتھیار بنتی ہیں اور دینی مدارس کے نظام سے نالاں قوتوں نے اس کے خلاف ان کمزوروں کو ہتھیار بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس لیے دینی مدارس اور دینی مدارس کے وفاقوں کو خوداحتسابی کا ایک مضبوط نظام قائم کرنا ہوگا اور اپنی کمزوریوں کو خود اپنے ہاتھوں دور کرنے کا اہتمام کرنا ہوگا۔ ورنہ یہ کمزوریاں ان کے خلاف صرف مغربی لابیوں کی پراپیگنڈا مہم کا ہتھیار نہیں ہوں گی بلکہ ان مدارس پر ریاستی کنٹرول کی مہم میں بھی معاون ثابت ہوں گی۔ اس لیے ہم دینی مدارس کے ارباب حل و عقد کی خدمت میں عرض کریں گے کہ

ہمیں امید ہے کہ دینی مدارس کے ارباب حل و عقد ان گزارشات پر ہمدردانہ غور فرما کر اصلاح احوال کی ضروری تدابیر اختیار کریں گے تاکہ دینی مدارس کا یہ نظام ماضی کی طرح مستقبل میں بھی اسلامی علوم کی حفاظت اور اسلامی معاشرہ کی تشکیل میں مفید اور مؤثر کردار ادا کر سکے۔

دینی مدارس کے نظام کی بہتری کے لیے تجاویز

مختلف مکاتبِ فکر کے دینی مدارس کے وفاقوں کا مشترکہ اجلاس

ادارہ

وطنِ عزیز میں مدارسِ دینیہ فی الحقیقت اسلام کا قلعہ اور مصالحِ امتِ مسلمہ کے تحفظ کی آخری امید ہیں، اور ضروری وسائل کی شدید کمی اور حکومت کی بے توجہی کے باعث یہ مدارس انتہائی کسمپرسی کے عالم میں ہیں۔ ان مدارس کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور مدارس کے مجموعی نظام کو ترقی دینے کی غرض سے متحدہ علماء کونسل پاکستان اور ’’ہیئۃ الاغاثہ الاسلامیہ العالمیہ‘‘ کے تعاون سے ایک ادارہ یعنی ’’ہیئۃ تنسیق المدارس الدینیہ باکستان‘‘ تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت ایک منصوبہ پر کام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
مدارس کے مسائل کا جائزہ لینے، نصاب، نظام اور معیارِ تعلیم بہتر بنانے اور مدارس کے مہتمین حضرات سے اس ضمن میں تجاویز اور سفارشات کے حصول کے لیے دو روزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ ۲، ۳ نومبر ۱۹۹۴ء کو اسلام آباد میں مولانا مفتی ظفر علی نعمانی امیر متحدہ علماء کونسل پاکستان کی زیر صدارت یہ ورکشاپ منعقد ہوئی۔ جس میں تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے وفاقات یعنی تنظیم المدارس (بریلوی)، وفاق المدارس (دیوبندی)، وفاق المدارس السلفیہ (اہل حدیث)، رابطۃ المدارس (جماعتِ اسلامی)، اور متحدہ علماء کونسل پاکستان کے اعلیٰ عہدیداران شریک ہوئے۔ یہ ورکشاپ دو روز تک اسلام آباد کے ایک خوبصورت ہوٹل میں نہایت خوشگوار فضا میں جاری رہی۔ پاکستان بھر سے آئے ہوئے مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام نہایت ہم آہنگی اور اعتماد سے اپنے اپنے مسائل اور تجاویز پیش کرتے رہے۔
اجلاس میں دینی مدارس میں پڑھائے جانے والے نصاب، تعلیمی معیار اور نظامِ امتحانات کو بہتر بنانے کے بارے میں تجاویز اور سفارشات پیش کی گئیں۔ دو دن کے غور و فکر کے دوران تین کمیٹیاں تشکیل دی گئیں، جن میں نصاب کمیٹی، امتحانات کمیٹی اور کمیٹی برائے غیر نصابی سرگرمیاں شامل تھیں۔ ان کمیٹیوں نے درج ذیل سفارشات پیش کیں جو متفقہ طور پر منظور کر لی گئیں:

نصاب کمیٹی

کمیٹی کا اجلاس جناب ڈاکٹر عبد الرزاق اسکندر کی زیرصدارت مورخہ ۳ نومبر ۱۹۹۴ء کو منعقد ہوا۔ آغاز مولانا حافظ فضل رحیم کی تلاوت سے ہوا۔ شرکاء درج ذیل تھے:
۱۔ سید مظفر حسین ندوی
۲۔ مولانا رفیق اثری (دارالحدیث محمدیہ، جلال پور بیروالہ، ملتان)
۳۔ مولانا حافظ فضل رحیم (جامعہ اشرفیہ، لاہور)
۴۔ مولانا حبیب الرحمٰن بخاری (جامعہ سلفیہ، اسلام آباد)
۵۔ جناب زاہد اشرف (جامعہ تعلیماتِ اسلامیہ، فیصل آباد)
۶۔ ڈاکٹر محمد سرفراز نعیمی (جامعہ نعیمیہ، لاہور)
۷۔ مولانا مختار احمد ضیاء
۸۔ الشیخ ابوعمار محمد غسان (ہیئۃ الاغاثہ الاسلامیہ العالمیہ، اسلام آباد)
۹۔ مولانا پیر سیف اللہ خالد، لاہور
۱۰۔ مولانا عبد الغفار حسن، اسلام آباد

سفارشات

۱۔ تمام وفاقوں پر مشتمل ایک وفاق قائم کیا جائے۔
۲۔ مدارس میں درجہ بندی قائم کی جائے۔
۳۔ ذی استعداد اصحابِ علم پر مشتمل ایک بورڈ تشکیل دیا جائے جو مروجہ دینی نصاب سے غیر ضروری کتب کے اخراج اور جدید مفید کتب کے اضافے کی نشاندہی کرے اور مطلوبہ کتب کی تدوین کرے۔
۴۔ معہد تدریب المعلمین کا قیام عمل میں لایا جائے۔
۵۔ عصری علوم کو مناسب مراحلِ تعلیم میں پڑھایا جائے۔
۶۔ شہادۃ عالمیہ کے لیے تحقیقی مقالے کو عربی زبان میں لازمی قرار دیا جائے۔
۷۔ عربی، اردو اور تحریر و تقریر کی مشق کا خصوصی اہتمام کیا جائے اور اس مقصد کے لیے جدید ذرائع سے استفادہ کیا جائے۔ بالخصوص جدید صحافت کے اصول طالب علم کو ذہن نشین کرائے جائیں۔ اس مقصد کے لیے فارغ التحصیل طلبہ کے لیے ایک سالہ نصاب تشکیل دیا جائے۔
۸۔ تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ کی دینی تربیت کا ٹھوس نظام وضع کیا جائے۔

امتحانات کمیٹی

اجلاس کی کارروائی مورخہ ۳ نومبر ۱۹۹۴ء کو ۱۱.۳۰ بجے ہوئی۔ تلاوتِ کلامِ پاک کے ساتھ باقاعدہ آغاز ہوا۔ شرکاء درج ذیل تھے:
۱۔ مولانا مفتی عبد القیوم ہزاروی (ناظمِ اعلیٰ تنظیم المدارس البریلویہ)
۲۔ مولانا غلام محمد سیالوی (کراچی)
۳۔ مولانا حافظ محمد امین (گوجرانوالہ)
۴۔ حافظ مسعود عالم (جامعہ سلفیہ، فیصل آباد)
۵۔ مولانا خورشید احمد گنگوہی (لاہور)
۶۔ مولانا محمد بن عبد اللہ (جامعہ سلفیہ، اسلام آباد)
۷۔ مولانا قاری محمد طاہر
۸۔ حافظ محمد منیب (اسلامی یونیورسٹی، اسلام آباد)
۹۔ مصباح الرحمٰن یوسفی (دعوۃ اکیڈمی، اسلام آباد)
تلاوتِ کلام پاک کے بعد چاروں مسلّمہ وفاقات کے امتحانی نظام کا جائزہ لیا گیا اور متفقہ طور پر طے کیا گیا کہ یہ نظام واقعی مثالی اور قابلِ عمل ہیں۔ ان نظاموں کو سراہا گیا۔ البتہ مزید اصلاح اور بہتری کے لیے درج ذیل سفارشات تجویز کی گئیں:

سفارشات

۱۔ شہادۃ عالمیہ کے تحریری امتحان کے بعد ایک منتخب ثقہ اور متبحر عالمِ دین طالب علم کا باقاعدہ انٹرویو اور اس کی علمی استعداد اور شخصی تعارف کے بارے میں جانچ پڑتال کرے۔ اور کامیابی یا سفارش کیے جانے کی صورت میں ہی سند جاری کی جائے۔
۲۔ عالمیہ کے امتحان میں مقالہ نویسی لازمی قرار دی جائے اور ایک ماہر استاذ کی نگرانی میں اس کو تیار کرایا جائے۔
۳۔ ثانویہ عامہ، خاصہ، عالیہ اور عالمیہ کے امتحانات مسلسل ہوں اور ہر زیریں امتحان میں کامیابی کے بعد ہی قریبی بالا امتحان میں بیٹھنے کی اجازت دی جائے اور کامیابی کے بعد وفاق سند جاری کرے۔
۴۔ امتحانات کے بارے میں جو قواعد و ضوابط وفاقات کے ہاں طے شدہ ہیں ان کی سختی سے پابندی کروائی جائے۔ اور نقل، دھوکہ، ناجائز سفارشات، پرچے آوٹ ہونے یا غلط مارکنگ کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے اور مرتکبین کو قرار واقعی سزا دی جائے۔
۵۔ چاروں تسلیم شدہ وفاقات میں سے معتمد نمائندہ افراد پر مشتمل ایک مشترکہ بورڈ تشکیل دیا جائے جو جملہ امتحانات کی نگرانی کا فریضہ انجام دے۔

کمیٹی برائے غیر نصابی سرگرمیاں

کمیٹی کا اجلاس مولانا عبد المالک کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں درج ذیل علماء کرام نے شرکت فرمائی:
۱۔ مولانا فضل سبحان
۲۔ مولانا عبد الرحمٰن سلفی (جامعہ ستاریہ، کراچی)
۳۔ مولانا نعیم احمد (جامعہ تعلیماتِ اسلامیہ، فیصل آباد)
۴۔ مولانا فضل ربی
۵۔ مولانا عبد الرحمٰن راشد
۶۔ مولانا فضل ربی درانی
۷۔ مولانا عبد القیوم
۸۔ مولانا عبد الہادی (جامعہ اثریہ، پشاور)
۹۔ مولانا عبد الحئی ابڑو (اسلامی یونیورسٹی، اسلام آباد)
۱۰۔ الشیخ ابو الجود
۱۱۔ الشیخ محمد شکری الفیومی (المدرسۃ الاسلامیہ، دوبئی)
۱۲۔ پروفیسر عبد اللطیف انصاری نے سیکرٹری کے فرائض انجام دیے۔
مدارسِ علومِ دینیہ کے لیے قرار پایا کہ طلباء کو اپنی جملہ صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے پورے پورے مواقع فراہم کیے جائیں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ہر ادارے میں مختلف النوع مجالس اور سرگرمیوں کا اس طرح اہتمام کیا جائے کہ ہر طالب علم اپنی پسند اور فطری میلان و رجحان کے مطابق ان میں حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں اور جذبوں کا اظہار کر سکے۔ ان سرگرمیوں کے انعقاد میں نظم و ضبط اور باقاعدہ کو پیش نظر رکھا جائے۔

سفارشات

۱۔ مدرسہ کے درس و تدریس کے نظامِ اوقات میں سب سے پہلے صبحی اجتماع کا انعقاد عمل میں لایا جائے جس کا دورانیہ ۱۵ منٹ سے ۳۰ منٹ ہو۔ اس اجتماع (مارننگ اسمبلی) میں مدرسہ کے تمام طلباء اور اساتذہ شامل ہوں گے۔ تلاوتِ قرآن پاک کے بعد حالاتِ حاضرہ، ملکی مسائل، شخصی حفظانِ صحت، اور دیگر موضوعات پر مشتمل باہمی مشاورت سے پورے سال کے لیے مستقل نصاب مرتب کیا جائے۔ اس اجتماع میں ملکی، عالمی حالات، حالاتِ حاضرہ، اسلامی تعلیمات، نظریہ پاکستان، اور اسلامی نظامِ حیات کے مختلف عنوانات پر اساتذہ کرام باری باری تقریر کریں اور وقتاً فوقتاً ممتاز علماء اور اکابرینِ ملت اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو بھی خطاب کی دعوت دی جائے۔
۲۔ ہر جمعرات کو درس و تدریس کے اوقات کے بعد بزمِ ادب کا اجلاس منعقد ہونا چاہیے، جس میں تمام طلبہ کی شرکت لازمی قرار دی جائے۔ اساتذہ میں سے ایک دو کو اس کا ذمہ دار نگران بنایا جائے۔
۳۔ پورے سال کے لیے موضوعات کی فہرست مرتب کی جائے۔
۴۔ ہر طالب علم کو بزم ادب کے پروگرام میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔
۵۔ بزمِ ادب میں حالاتِ حاضرہ، عالمِ اسلام کے مسائل، ملکی حالات اور اسلامی نظامِ حیات سے متعلقہ عنوانات پر طلبہ تقریر کریں یا مضامین پڑھیں۔ اور کم از کم ایک طالب علم عربی زبان میں ضرور تقریر کرے۔
۶۔ مہینہ میں کم از کم ایک اجلاس مدرسہ کے اساتذہ کا بھی ہونا چاہیے، جس میں گزشتہ ماہ کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا جائے۔
۷۔ مدرسہ کی تعمیر و ترقی کے امور پر تبادلہ خیالات کیا جائے۔ مختلف موضوعات پر تحقیق کے بارے میں مشاورت کی جائے۔
۸۔ مدرسہ کے تمام طلباء کو کم از کم چار ہاؤسز میں تقسیم کر دیا جائے۔ کسی استاد کو ہر ہاؤس کا انچارج بنا دیا جائے۔ ان ہاؤسز کے لیے ہر سال حسنِ قراءت، خطابت، تقریر مقابلے، سیمینارز، مباحثوں اور کھیلوں میں مقابلوں کا اہتمام کیا جائے۔ ہاؤسز کے درمیان دینی عنوانات پر ذہنی آزمائش، شعر و شاعری، بیت بازی کے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں۔ ہر ہاؤس کا انچارج اپنے اپنے ہاؤس کے طلبہ کے حالات و کوائف کا ریکارڈ بھی رکھے۔
۹۔ روزانہ کم از کم ایک نماز کے بعد مختصر خطاب ہو۔ ایک طالب علم کے لیے تمام حاضرین کو خطاب کرنا ضروری قرار دیا جائے تاکہ کسی اجتماع سے خطاب کرنے کی جھجھک دور ہو جائے۔ یہ خطاب بھی روزانہ کسی نہ کسی استاد کی نگرانی میں ہو اور اس کے لیے موضوع کا تعین کیا جائے۔
۱۰۔ مہینے میں ایک نفلی روزہ رکھنے اور شب بیداری کا بھی گاہے بگاہے اہتمام ہونا چاہیے۔
۱۱۔ مدرسہ کی اعلیٰ جماعتوں کے طلباء پر مشتمل گروپ تشکیل دیے جائیں جن کو فقہ، حدیث اور تفسیر میں تحقیق کی تربیت دی جائے۔ تاکہ دن میں وہ لائبریری سے حوالہ جات تلاش کر کے متفقہ حل پیش کرنے کی صلاحیت حاصل کر سکیں۔
۱۲۔ تمام طلباء کو خوش نویسی اور کچھ طلبہ کو خطاطی اور کتابت کی تربیت بھی دی جائے تاکہ وہ اچھا لکھنے کی صلاحیت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ضرورت پڑنے پر مدرسہ کے لیے بینرز لکھ سکیں اور چاکنگ بھی کر سکیں۔
۱۳۔ وقتاً فوقتاً طلباء کے تعلیمی دوروں کا بھی اہتمام ہونا چاہیے۔ ملک کی مشہور جامعات کے حالات و کوائف رکھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔
نماز کے بعد چند منٹ کے لیے اورادِ مسنونہ کا اہتمام کیا جائے۔
۱۴۔ عصر سے مغرب کے دوران تمام مدارس میں کھیلوں، ریاضتِ جسمانیہ کا اہتمام کرنا چاہیے۔ تمام مدارس اپنے اپنے حالات کے مطابق کھیلوں میں جن کا چاہیں انتظام کریں لیکن اس امر کا خیال رکھیں کہ تمام طلباء ریاضتِ جسمانی اور کھیلوں میں حصہ لیں۔ مثلاً فٹ بال، والی بال، جوڈو کراٹے، کشتی، باڈی بلڈنگ، جمناسٹک، اتھلیٹکس، تیراکی، بنوٹ، نیزہ بازی، گھوڑ سواری وغیرہ۔ عصر سے مغرب کے دوران سول ڈیفنس، فائر فائٹنگ (آگ پر قابو پانا)، فرسٹ ایڈ، عسکری تربیت اور فنونِ حرب کی تربیت کا بھی اہتمام کیا جائے۔ اساتذہ کرام کی مشاورت سے ہم نصابی سرگرمیاں منظم کی جائیں اور علمی تبادلۂ خیالات کا اہتمام کیا جائے۔ علومِ دینیہ کے طلباء کے لیے لباس، یونیفارم مقرر ہونا چاہیے۔
اجتماع کے آخر میں ایک خصوصی قرارداد بھی منظور کی گئی جس میں حکومت کی طرف سے دینی مدارس کی رجسٹریشن پر پابندی عائد کرنے اور سکولوں میں عربی مضمون کی لازمی حیثیت ختم کرنے کی پرزور مذمت کی گئی اور حکومت سے ان اقدامات کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا گیا۔
دو روزہ ورکشاپ میں جن علماء کرام اور اسکالر حضرات نے شرکت فرمائی، ان کے اسماء گرامی درج ذیل ہیں:
مولانا مفتی ظفر علی نعمانی (امیر متحدہ علماء کونسل پاکستان)
مولانا مفتی عبد القیوم ہزاروی (لاہور)
مولانا فضل الرحیم (جامعہ اشرفیہ، لاہور)
مولانا حبیب الرحمٰن شاہ بخاری (جامعہ سلفیہ، اسلام آباد)
مولانا محمد حنیف جالندھری (جامعہ خیر المدارس، ملتان)
مولانا غلام محمد سیالوی (کراچی)
ڈاکٹر عبد الرزاق اسکندر (جامعۃ العلوم الاسلامیہ، بنوری ٹاؤن، کراچی)
ڈاکٹر محمد سرفراز نعیمی (لاہور)
حافظ مسعود عالم (جامعہ سلفیہ، فیصل آباد)
مولانا زاہد الراشدی (شاہ ولی اللہ یونیورسٹی، گوجرانوالہ)
جناب زاہد اشرف (جامعہ تعلیماتِ اسلامیہ، فیصل آباد)
مولانا عبد المالک (دارالعلوم منصورہ، لاہور)
مولانا عبد الغفار حسن (سابق رکن اسلامی نظریاتی کونسل، اسلام آباد)
مولانا محمد عبد اللہ (جامعہ فریدیہ، اسلام آباد)
مولانا مظفر حسین ندوی (مظفر آباد)
پروفیسر عبد اللطیف انصاری (مظفر آباد)
پیر سیف اللہ خالد (لاہور)
مولانا عبد الرحمٰن سلفی (جامعہ ستاریہ، کراچی)
مولانا محمد رفیق اثری (دارالحدیث محمدیہ، ملتان)
مولانا عبد الہادی (پشاور)
ڈاکٹر ظفر اسحاق انصاری (ڈائریکٹر جنرل ادارہ تحقیقاتِ اسلامی، اسلام آباد)
مولانا عبد الرؤف ملک (سیکرٹری جنرل متحدہ علماء کونسل پاکستان)
پروفیسر محمد یحییٰ (ناظم ہیئۃ تنسیق مدارس دینیہ پاکستان)
مولانا نعیم احمد (فیصل آباد)
جناب سردار شاہ (کیبنٹ ڈویژن، اسلام آباد)
حافظ محمد عمار خان ناصر (الشریعہ اکیڈمی، گوجرانوالہ)
جناب محمد شکری احمد الفیومی (مدرسہ اسلامیہ، دوبئی)
الشیخ محمد غسان ابو عمار (مندوب ہیئۃ الاغاثہ الاسلامیہ العالمیہ، اسلام آباد)
اور متعدد علماء کرام۔
ورکشاپ کو کامیاب بنانے میں جن کارکنان اور حضرات کا بھرپور تعاون حاصل رہا ان کے اسماء گرامی یہ ہیں:
جناب علی احمد مہر۔ جناب مصباح الرحمٰن یوسفی۔ جناب عبد الحئی ابڑو۔ جناب محمود مہدی۔ جناب ایاد عدنان۔ جناب شبیر حسین۔ مولانا خورشید احمد گنگوہی۔ جناب احمد حسن۔ عبد الستار۔ محمد احسن۔ محمد عبد اللہ الغنی۔ اور محمد عارف۔
مولانا مفتی ظفر علی نعمانی (امیر متحدہ علماء کونسل پاکستان) کی دعا پر یہ دو روزہ ورکشاپ اختتام کو پہنچی۔

قافلۂ معاد

مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

شہیدِ راہِ وفا محمد صلاح الدینؒ

وہ دن بلاشبہ پاکستان کی صحافتی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جب ہفت روزہ تکبیر کراچی کے مدیر اعلیٰ محمد صلاح الدینؒ سفاک قاتلوں کی دہشت گردی کا نشانہ بنتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ محمد صلاح الدینؒ بے لاگ تجزیہ نگار اور بے باک قلمکار ہی نہیں بلکہ معاشرہ میں شر کی قوتوں کو چیلنج کرنے اور ظلم کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر للکارنے والے بے خوف راہنما بھی تھے۔ انہوں نے لفافے، بریف کیس اور کلاشنکوف کے اس دور میں صحافت اور سچائی کے رشتے کو قائم کیا اور اسلام و پاکستان کے پرچم کو سربلند رکھا اور بالآخر اسی راہِ وفا میں اپنی جان کا نذرانہ بھی پیش کر دیا۔

راقم الحروف محمد صلاح الدین شہیدؒ کا پرانا قاری اور ان کی حق گوئی کا معترف رہا ہے۔ مختلف مجالس میں ان سے ملاقات بھی ہوتی رہی ہے مگر اسی سال اگست میں ان کے ساتھ چند روز کی رفاقت کا موقع ملا تو یہ بات مشاہدہ کا حصہ بنی کہ قلم کا محمد صلاح الدینؒ اور عمل کا محمد صلاح الدینؒ دونوں ایک ہی شخصیت ہیں۔ وہ اگست ۱۹۹۴ء میں ورلڈ اسلامک فورم کی دعوت پر چند روز کے لیے لندن تشریف لے گئے، فورم کے سالانہ تعلیمی سیمینار میں ’’اسلامی نظام تعلیم و تربیت میں ذرائع ابلاغ کا کردار‘‘ کے موضوع پر پرمغز مقالہ پیش کیا جو الشریعہ کے گزشتہ شمارے میں شائع ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ نوٹنگھم اور لیسٹر میں فورم کے زیراہتمام مختلف اجتماعات سے خطاب کیا۔ جنوبی افریقہ سے پروفیسر ڈاکٹر سید سلمان ندوی اور اسلام آباد سے ڈاکٹر محمود احمد غازی کے علاوہ ورلڈ اسلامک فورم کی طرف سے مولانا محمد عیسیٰ منصوری، مولانا مفتی برکت اللہ اور راقم الحروف بھی ان نشستوں میں شریک رہے۔ کسے خبر تھی کہ یہ یادگار ملاقاتیں زندگی کی آخری ملاقاتیں ثابت ہوں گی۔

آج کے دور میں جبکہ معاشرہ کے ہر طبقہ میں بھرم قائم رکھنے کے لیے ریڈی میڈ میک اپ کا سامان ہر وقت جیب میں رکھنا ضروری سمجھا جا رہا ہے اور شخصی زندگی اور قومی زندگی کے درمیان تفاوت کی دیوار کلچر کا حصہ بنتی جا رہی ہے، ایک ہی چہرے کے ساتھ سب سے نباہ کرنے والا ’’محمد صلاح الدین‘‘ یقیناً پرانے دور کی شرافت، وضع داری اور سچائی کی علامت بن گیا تھا جو بے قید امنگوں کے ساتھ اکیسویں صدی کی طرف بڑھنے والے مادر پدر آزاد جذبوں کے لیے ناقابل برداشت ہوگئی تھی۔

محمد صلاح الدین نے اسلامی اقدار کی سربلندی اور ملکی سالمیت اور قومی خودمختاری کی جنگ میں بے دلیل دشمن کو گولی کا سہارا لینے پر مجبور کر دیا جو ان کی اخلاقی فتح ہے۔ اور اگر راہِ وفا کے راہرو ’’اخلاقی فتح‘‘ کا یہ پرچم تھامے حوصلہ اور جرأت کے ساتھ آگے بڑھتے رہے تو اسے عملی فتح کی منزل سے ہمکنار کرنا بھی کچھ زیادہ مشکل نہیں ہوگا۔ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائیں اور اہل قلم کو ان کی طرح قلم کی آبرو کا تحفظ کرنے کی توفیق سے نوازیں، آمین یا الٰہ العالمین۔

حضرت مولانا مفتی جمیل احمد تھانویؒ

برصغیر کے نامور فقیہ حضرت مولانا مفتی جمیل احمد تھانویؒ گزشتہ دنوں ۹۲ برس کی عمر میں انتقال فرما گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ حضرت مفتی صاحب مرحوم، حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانویؒ کے تربیت یافتہ اور ان کے عزیز تھے۔ افتاء میں انہیں بلند مقام حاصل تھا اور اہلِ علم مشکل امور میں ان سے رجوع کرتے تھے۔ قیامِ پاکستان کے بعد سے جامعہ اشرفیہ لاہور کے شعبہ افتاء کے سربراہ تھے اور اپنے وقت کے اہل اللہ میں سے تھے۔

حضرت مولانا عبد الرؤفؒ

مدرسہ مفتاح العلوم (گھاس مارکیٹ، حیدر آباد، سندھ) کے شیخ الحدیث حضرت مولانا عبد الرؤف بھی گزشتہ دنوں طویل علالت کے بعد انتقال فرما گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ حضرت مرحوم حافظ الحدیث مولانا محمد عبد اللہ درخواستی رحمۃ اللہ علیہ کے تلامذہ میں سے تھے اور انتہائی نیک دل، متواضع اور خدا ترس بزرگ تھے۔ انہیں دیکھ کر پرانے دور کے اہلِ علم و فضل کی یاد تازہ ہو جاتی تھی۔

ڈاکٹر عنایت اللہ نسیم سوہدرویؒ

ملک کے معروف دانشور اور طبیب ڈاکٹر حکیم عنایت اللہ نسیم سوہدرویؒ بھی گزشتہ ماہ کے دوران انتقال فرما گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ مرحوم امام الہندؒ مولانا ابو الکلام آزادؒ اور بابائے صحافت مولانا ظفر علی خانؒ کے خوشہ چینوں میں سے تھے اور خود بھی ممتاز اصحابِ قلم میں شمار ہوتے تھے۔ اسلام دوست اور محبِ وطن دانشور تھے اور باعمل اور باکردار شخصیت کے حامل تھے۔

اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام سے نوازیں اور پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق عطا فرمائیں، آمین یا الٰہ العالمین۔

جمعیت علماء اسلام کے دھڑوں کے درمیان اتحاد کی اپیل

حضرت مولانا سرفراز صفدر اور حضرت مولانا یوسف خان کا مکتوب

ادارہ

اس وقت ملک کے حالات جو رخ اختیار کر رہے ہیں اور دینی اقدار کے خلاف جو سازشیں بین الاقوامی اور ملکی سطح پر منظم انداز میں آگے بڑھ رہی ہیں، ان کے پیشِ نظر اسلام کی سربلندی، ملکی سالمیت اور قومی خودمختاری کیلئے علماء حق کی جدوجہد کے تسلسل کو باقی رکھنے کی غرض سے اکابر اہلِ حق کی روایات کی امین اور علماء حق کی نمائندہ جمعیۃ علماء اسلام پاکستان کا اتحاد وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے، اور ملک بھر کے علماء کرام اور جماعتی کارکنوں کے دلوں کی آواز ہے۔
اس لیے ہم جمعیۃ علماء اسلام کے دونوں دھڑوں کے ذمہ دار حضرات سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ خدا کے لیے وقت کی سنگینی کا احساس کریں اور باہم مل بیٹھ کر جمعیۃ علماء اسلام پاکستان کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کیلئے عملی اقدامات کریں۔ ہم اس سلسلہ میں جماعتی اتحاد کیلئے اپنے تعاون کا یقین دلاتے ہیں، اور دونوں جمعیتوں کے ذمہ دار حضرات سے فوری اور مؤثر پیش رفت کی اپیل کرتے ہیں۔
جماعتی اتحاد میں جو رکاوٹیں ہیں، انہیں دور کرنے کیلئے دونوں جمعیتوں کے ذمہ دار حضرات مل بیٹھ کر کوئی راستہ نکالیں اور اس کارِ خیر میں تاخیر نہ فرمائیں۔
نیز اس موقع پر اس امر سے بھی خبردار کرنا ضروری سمجھتے ہیں کہ جمعیت کے متحد نہ ہونے کی صورت میں پاکستان میں دینی جدوجہد کو جو بھی نقصان ہو گا، اس کی ذمہ داری دونوں جمعیتوں کے ذمہ دار حضرات پر ہو گی، اور وہ عند اللہ اور عند الناس اس ذمہ داری سے سرخرو نہیں ہو سکیں گے۔
ہمیں امید ہے کہ ذمہ دار اور متعلقہ حضرات اس کے مثبت جواب سے جلد نوازیں گے۔
اس سلسلہ میں دونوں جمعیتوں کے ذمہ دار حضرات سے رابطہ کیلئے ہماری طرف سے وفد تشکیل دیا جا رہا ہے، اللہ تعالیٰ ہمیں اتحاد و اتفاق اور اپنی مرضیات پر چلنے کی توفیق عطا فرمائیں۔

دستخط شیخ الحدیث مولانا محمد یوسف خان
امیر آل جموں و کشمیر جمعیۃ علماء اسلام

دستخط شیخ الحدیث حضرت مولانا سرفراز خان صفدر
شیخ الحدیث نصرۃ العلوم گوجرانوالہ، پاکستان

فروری و مارچ ۱۹۹۵ء

اسلام، دہشت گردی اور مغربی لابیاںادارہ 
رمضان المبارک، ارشاداتِ رسول ﷺ کی روشنی میںادارہ 
رمضان المبارک کی حکمتیں اور فضائلحکیم عبد الرشید شاہد 
شاہ ولی اللہؒ اور اسلامی حدودڈاکٹر محمد امین 
انسانی حقوق کا مغربی تصور سیرتِ طیبہؐ کی روشنی میںمولانا ابوعمار زاہد الراشدی 
میں، مغرب اور مغرب پرست طبقہعمران خان 
ماہِ صیامسرور میواتی 
مدرسہ نصرۃ العلوم: تعارف، خدمات، ضروریاتادارہ 
تعارف و تبصرہادارہ 
اسلامی احکام و اعمال کی حکمتمولانا ابوالکلام آزادؒ 
قافلۂ معادمولانا ابوعمار زاہد الراشدی 
یہ صحافتی اخلاق و دیانت کے منافی ہےادارہ 
-ادارہ 

اسلام، دہشت گردی اور مغربی لابیاں

سابق روسی صدر میخائل گورباچوف کا حقیقت پسندانہ تجزیہ

ادارہ

سابق سوویت یونین کے آخری صدر گورباچوف نے یورپ اور یورپ کے ذرائع ابلاغ کو اسلام اور مغرب کے درمیان ٹکراؤ کی فضا پیدا کرنے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت دنیا کے امن و سلامتی کے لیے اسلام اور مسلمانوں کو خطرہ بتانے کی جو مہم چلی ہوئی ہے دراصل اس کے پیچھے ان شرپسند عناصر کا ہاتھ ہے جو یورپ کے ذرائع ابلاغ اور پالیسی ساز اداروں پر قابض ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا اور بعض مغربی سیاستدانوں کے لیے اپنے افکار و نظریات اور عزائم کی تکمیل کے لیے عوام کی تائید حاصل کرنے کی غرض سے کسی خارجی دشمن کا ہوّا کھڑا کرنا ایک محبوب مشغلہ اور پسندیدہ عمل بنا ہوا ہے۔ انہوں نے اس سیاست کو تمام مذاہب و ادیان کے ماننے والوں کے درمیان باہمی میل جول اور آپسی تعلق و تعاون کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اسلام کو دشمن بنا کر پیش کرنے کی سیاست سے دنیا دو دینی اور مذہبی متحارب کیمپوں میں بٹ جائے گی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ دنیا مشرق و مغرب کے درمیان سرد جنگ کے خاتمہ کے بعد ایک بار پھر ایسی جنگ میں داخل ہو گی جس میں ایک طرف اسلام ہو گا اور دوسری طرف یورپ۔
گورباچوف نے، جو اپنے عرب امارات کے دورہ کے موقع پر کثیر الاشاعت انٹرنیشنل ہفت روزہ ’’المسلمون‘‘ سے گفتگو کر رہے تھے، کہا کہ انسانی تہذیب و تمدن کے لیے اسلام اور مسلمان کبھی بھی خطرہ نہیں رہے ہیں، بلکہ انسانی تمدن اور انسانی علوم و فنون کی حفاظت و ترقی میں انہوں نے نہایت اہم رول ادا کیا ہے۔ یورپ کو یہ احسان کبھی نہیں بھولنا چاہیے کہ مسلمانوں نے اپنے دورِ عروج میں علم و تہذیب کو روشنی دی ہے۔
سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوئے گورباچوف نے کہا، یہ کہنا کہ اسلام دہشت گردی کی ہمت افزائی کرتا ہے اور دہشت گرد جماعتیں اس دینی شدت پسندی کا شاخسانہ ہیں جو مسلم معاشروں میں فروغ پا رہی ہے، ایسا کہنا حقیقت اور انصاف کے سراسر خلاف ہے۔ انہوں نے کہا، اسلام صلح و آشتی کا دین ہے، اس کی تعلیمات قوموں اور افراد کے مابین یگانگت و بھائی چارگی پر زور دیتی ہیں۔ انسانیت کی تاریخ میں وہ دن بہت مبارک تھے جب اسلام کی قدریں غالب تھیں۔ اس کے نتیجہ میں خوشحالی، امن و سلامتی، تہذیب و تمدن اور علم و فن کے قافلوں نے صدیوں کی مسافت طے کی ہے۔
گورباچوف نے ان کوششوں کی مذمت کی جو اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کرنے کی غرض سے بعض مغربی لیڈروں، جن کو میڈیا کا پورا تعاون حاصل ہے، کی طرف سے ہو رہی ہیں۔ انہوں نے اسے ایک خطرناک سیاست قرار دیتے ہوئے کہا، اس سے عظیم فتنہ جنم لے گا اور انسانی تاریخ پیچھے چلی جائے گی۔ انہوں نے سوال کیا کہ مسلمانوں کو کس منہ سے دہشت گرد کہا جا رہا ہے؟ جبکہ خود یورپ اور مسیحی دنیا کے بہت سے ممالک میں دہشت گردی ایک مسئلہ بنتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا، روز نئی دہشت گرد تنظیموں کا انکشاف ہوتا ہے جن کا تعلق مختلف مذاہب اور مختلف ممالک سے ہوتا ہے، لیکن کیا ان کی وجہ سے ان قوموں کو بھی دہشت گرد قرار دیا جائے گا جن سے ان کا تعلق ہے؟
(بشکریہ تعمیرِ حیات لکھنؤ)

رمضان المبارک، ارشاداتِ رسول ﷺ کی روشنی میں

ادارہ

  1. حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جب رمضان آتا ہے تو جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں اور شیاطین کو بیڑیاں پہنا دی جاتی ہیں‘‘۔ (متفق علیہ)
  2. حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے اصحابؓ کو خوشخبری دیتے ہوئے فرمایا: ’’تمہارے پاس رمضان کا یہ مبارک مہینہ آیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس میں تم پر روزے فرض کیے ہیں۔ اس میں جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں، جہنم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں اور شیاطین کو بیڑیاں ڈال دی جاتی ہیں۔ اس میں ایک رات ہے جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے، جو شخص اس رات کے خیر سے محروم رہا، اس کو ملا ہی کیا؟‘‘ (مسند احمد، نسائی، بیہقی)
  3. حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جب رمضان کی پہلی رات شروع ہوتی ہے تو جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں، پھر ان میں سے کوئی دروازہ پورے مہینے بند نہیں کیا جاتا۔ اور دوزخ کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں، پھر ان میں سے کوئی دروازہ پورے مہینے کھولا نہیں جاتا۔ اور سرکش جنات کو بیڑیاں ڈال دی جاتی ہیں۔ اور آسمان سے ایک پکارنے والا رات کو طلوعِ فجر تک پکارتا رہتا ہے کہ اے خیر کے طلبگار! آگے بڑھ۔ اور اے شر کے چاہنے والے! پیچھے ہٹ جا اور سنبھل جا۔ ہے کوئی معافی مانگنے والا کہ اسے معاف کیا جائے؟ ہے کوئی توبہ کرنے والا کہ اللہ اس کی توبہ قبول کرے؟ ہے کوئی دعا کرنے والا کہ اس کی دعا قبول کی جائے؟ ہے کوئی مانگنے والا کہ اسے عطا کیا جائے؟ اور اللہ تعالیٰ رمضان میں ہر شام افطاری کے وقت ساٹھ ہزار انسانوں کو آگ سے آزاد کرتے ہیں، پھر جب یوم الفطر (عید کا دن) آ جاتا ہے تو اللہ تعالیٰ (اس ایک دن میں) اتنے انسانوں کو آزاد کرتا ہے جتنے اس نے سارے مہینے میں آزاد کیے، ساٹھ ہزار انسان تیس مرتبہ۔‘‘ (بیہقی)
  4. حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’تین اشخاص ایسے ہیں کہ جن کی دعا رد نہیں کی جاتی۔ ان میں سے ایک روزہ دار ہے جب تک کہ وہ روزہ افطار نہ کر لے۔‘‘ (مسند احمد، ترمذی، ابن حبان)
  5. حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ہر عمل کا بدلہ ایک مقرر حد تک ہے، سوائے روزے کے، کیونکہ روزہ صرف اللہ کے لیے ہے اور وہی اس کا (بے حساب) اجر عنایت کرے گا۔‘‘ (بخاری، مسند احمد)
  6. حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جو شخص بحالتِ ایمان ثواب کی نیت سے رمضان کے روزے رکھے، اس کے سابقہ گناہ معاف کر دیے جاتے ہیں۔ اور جو شخص بحالتِ ایمان ثواب کی نیت سے لیلۃ القدر کا قیام کرے، اس کے سابقہ گناہ معاف کر دیے جاتے ہیں۔‘‘ (متفق علیہ)
  7. حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’قیامت کے دن روزہ اور قرآن آدمی کے لیے سفارش کریں گے۔ روزہ کہے گا اے رب! میں نے اسے کھانے پینے اور دیگر خواہشات سے دن بھر روکے رکھا، پس تو اس کے بارے میں میری سفارش قبول فرما۔ اور قرآن کہے گا اے اللہ! میں نے اسے رات کو سونے سے روکے رکھا، پس تو اس کے بارے میں میری سفارش قبول فرما۔ چنانچہ ان دونوں کی سفارش اس بندے کے حق میں قبول کی جائے گی۔‘‘ (مسند احمد، مستدرک حاکم، معجم طبرانی کبیر)
  8. حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’انسان کے ہر (اچھے) عمل کا بدلہ کئی گنا زیادہ دیا جاتا ہے۔ ایک نیکی کا بدلہ دس گنا سے لے کر سات سو گنا تک یا اس سے بھی زیادہ جتنا اللہ چاہے دیا جاتا ہے۔ مگر (اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ) روزہ صرف میرے لیے ہے اور میں بذاتِ خود اس کا (بے حساب) اجر عطا کروں گا، کیونکہ اس بندے نے میرے لیے اپنا کھانا پینا اور خواہشات ترک کی رکھیں۔ اور روزے دار کے لیے دو خوشیاں مقدر ہیں: ایک تو جب وہ روزہ افطار کرتا ہے تو خوش ہوتا ہے۔ اور دوسری جب وہ (قیامت میں) اپنے رب سے ملاقات کرے گا تو (روزے کا اجر و ثواب پا کر) نہال ہو جائے گا۔ اور روزے دار کے منہ کی بو اللہ تعالیٰ کو کستوری کی خوشبو سے زیادہ پسند ہے۔ روزہ (جہنم سے بچاؤ کے لیے) ڈھال ہے، روزہ (جہنم سے بچاؤ کے لیے) ڈھال ہے۔‘‘ (متفق علیہ)
  9. حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’تین آدمی ایسے ہیں کہ ان کے کھانے کا حساب نہیں ہو گا جب کہ وہ حلال ہو، ان میں سے ایک روزہ دار ہے۔‘‘ (بزار، طبرانی)
  10. حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جب تم میں کسی نے روزہ رکھا ہو تو نہ زبان سے کوئی بری بات کہے، نہ کوئی برا کام ہی کرے، اور اگر کوئی اس کے ساتھ گالی گلوچ یا لڑائی کی کوشش کرے تو وہ (اپنے نفس کو) یہ کہہ کر (جواب دینے سے روک دے کہ) میں روزے سے ہوں۔‘‘ (متفق علیہ)
  11. حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جس نے جھوٹے قول و عمل اور گناہ کو نہ چھوڑا، اللہ تعالیٰ کو اس کے کھانا پینا بند کرنے سے کوئی غرض نہیں ہے‘‘ (بخاری، ابوداؤد، ترمذی، ابن ماجہ، مسند احمد)
  12. حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’بہت سے (بے عمل) روزے دار ایسے ہیں کہ ان کو روزے سے سوائے بھوک اور پیاس کے کچھ حاصل نہیں ہوتا، اور بہت سے رات کو قیام کرنے والے (بے عمل) ایسے ہیں کہ ان کو رات کے قیام سے سوائے جاگنے کے اور کچھ حاصل نہیں ہوتا۔‘‘ (مسند احمد، ابن ماجہ)
  13. حضرت ابو عبیدہ بن الجراح رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’روزہ ڈھال ہے، جب تک کہ اس کو توڑا نہ جائے۔ پوچھا گیا کہ روزے کو توڑنا کیسے ہوتا ہے؟ فرمایا، جھوٹ یا غیبت کے ساتھ۔‘‘ (نسائی، طبرانی فی الاوسط، ابن خزیمہ)
  14. آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جس نے رمضان کا ایک روزہ کسی عذر کے بغیر چھوڑا تو وہ عمر بھر روزے رکھ کر بھی اس کا کفارہ ادا نہیں کر سکتا۔‘‘ (مسند احمد، ابو داؤد، ترمذی، نسائی، ابن ماجہ)

رمضان المبارک کی حکمتیں اور فضائل

حکیم عبد الرشید شاہد

جس طرح بعض موسموں کو بعض چیزوں سے مناسبت ہوتی ہے، جب وہ موسم آتا ہے تو ان چیزوں میں فراوانی نظر آتی ہے، اسی طرح رمضان کا مہینہ اللہ تعالیٰ کی جود و سخا کا مہینہ ہے۔ اس مہینہ میں اس کی جود و سخا بارش کی طرح برستی ہے۔ اس ماہِ مبارک میں انوار و تجلیات سایہ فگن ہوتی ہیں، رحمتوں اور برکتوں کی بارش ہوتی ہے، گناہ گاروں کے لیے اس میں سامانِ مغفرت ہے اور اپنی بد اعمالیوں کی وجہ سے نارِ جہنم کے مستحق بننے والوں کو آزادی کا پروانہ دیا جاتا ہے۔ اس ماہ میں ایمان و عمل کی بہار آتی ہے۔ گناہوں کی سیاہی سے زنگ آلود دلوں کی صفائی کا سامان کیا جاتا ہے۔ جہنم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں اور جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں۔ ’’اے خیر کے طلب گار! آگے بڑھ، اے شر کے چاہنے والے! پیچھے ہٹ جا‘‘ کی صدائیں بلند ہوتی ہیں۔ سرکش شیاطین قید کر دیے جاتے ہیں۔ اس میں دن کو روزہ فرض کیا گیا تاکہ نفسِ امارہ کو اس کی خواہشات اور مرغوبات سے دور رکھ کر زیورِ تقویٰ سے آراستہ کیا جائے۔ اور رات کو قرآن کی تلاوت سے دلوں کو جِلا دینے کا حکم دیا گیا ہے۔
اس ماہِ مقدس میں اللہ تعالیٰ کی رحمت کس قدر بے پایاں ہوتی ہے، اس کا اندازہ اس بات سے لگائیے کہ اس ماہ میں نفل کا ثواب فرض کے برابر، اور ایک فرض کا ستر فرضوں کے برابر ملتا ہے۔ اس مہینہ کو ہمدردی اور خیر خواہی کا مہینہ قرار دیا گیا ہے کہ جب ایک شخص پورا دن بھوکا پیاسا رہتا ہے تو اسے ان فقراء اور مساکین کی حالت کا احساس ہوتا ہے جو نان شبینہ کے محتاج ہوتے ہیں اور کئی کئی دن فاقے میں گزارتے ہیں۔ ان کے لیے قدرتی طور پر اس کے دل میں ہمدردی پیدا ہو جاتی ہے۔
اس مہینہ کے پہلے حصہ کو رحمت، دوسرے کو مغفرت، اور آخری حصہ کو جہنم سے آزادی کا ذریعہ کہا گیا ہے۔ اس لیے ان تینوں حصوں میں اطاعت و عبادت سے اللہ کی رحمت و مغفرت اور جہنم سے آزادی کا پروانہ حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔ اور اس وعید سے بچنا چاہیے جس میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے بد دعا کی اور حضرت جبریل علیہ السلام نے اس پر آمین کہی کہ ’’ہلاک ہو وہ شخص جو رمضان کا مہینہ پائے اور اپنی مغفرت نہ کرائے۔‘‘
اس ماہِ مبارک میں اللہ تعالیٰ نے انسان کی ہدایت و رہنمائی اور تزکیہ و اصلاح کے لیے قرآن کریم کی صورت میں ایک نسخہ کیمیا امتِ محمدیہ علیٰ صاحبہا السلام والتحیہ کو عطا کیا۔ تاکہ اس کی رہنمائی میں یہ امت صراطِ مستقیم پر گامزن ہو اور اپنے اس مقصدِ زندگی کے حصول میں کامیاب وہ کامران ہو۔ قرآن کریم نے انسان کو اس کا بھولا ہوا سبق یاد دلایا، چنانچہ اس نعمتِ عظمیٰ کی شکرگزاری کے لیے اس ماہ میں روزہ، تراویح اور اعتکاف کی اہم عبادتیں رکھی گئیں۔ اس کے ساتھ ساتھ روزے کا مقصد بھی واضح کر دیا گیا کہ بھوکا پیاسا رکھنا یا خواہشاتِ نفسانی سے روکنا مقصود نہیں، بلکہ اس کے ذریعے تقویٰ کے ساتھ متصف کرنا مقصود ہے۔
روزہ پورے سال کے ایک مہینے میں فرض کیا گیا ہے تاکہ معدہ اور مادہ کی شقاوت اور سختی دور ہو۔ کچھ دن مادیت پرستی میں تخفیف ہو اور نفسِ انسانی میں روحانیت اور ایمان کی اتنی مقدار شامل ہو جائے جس سے اس کی زندگی اعتدال پر آجائے۔ وہ نفسِ امارہ کا مقابلہ کر سکے اور رزق کی فراوانی کے باوجود بھوکا پیاسا رہ کر وہ لذت و نشان حاصل کر سکے جو انواع و اقسام کے لذیذ کھانوں سے حاصل نہیں ہو سکتی۔ اسی چیز کو قرآن کریم ’’تقویٰ‘‘ سے تعبیر کرتا ہے۔ ارشاد خداوندی ہے:
’’اے ایمان والو! تم پر روزے فرض کیے گئے ہیں جیسے کہ تم سے پہلے لوگوں پر فرض کیے گئے، تاکہ تم متقی اور پرہیزگار بن جاؤ‘‘ (البقرہ)
علامہ ابن قیمؒ فرماتے ہیں‘
’’روزے سے مقصود یہ ہے کہ انسانی خواہشات اور عادات کے شکنجہ سے نفس آزاد ہو، اس کی شہوانی قوتوں میں اعتدال اور توازن پیدا ہو، اور وہ اس کے ذریعے سے سعادتِ ابدی کے گوہرِ مقصود تک رسائی حاصل کر سکے۔ بھوک اور پیاس سے اس کی ہوس کی تیزی اور شہوت کی حدت میں تخفیف پیدا ہو، اور یہ بات یاد آئے کہ کتنے مسکین ہیں وہ لوگ جو نان شبینہ کے محتاج ہوتے ہیں۔ وہ شیطان کے راستوں کو تنگ کر دے اور اعضا و جوارح کو ان چیزوں کی طرف مائل ہونے سے روک دے جن میں دنیا و آخرت دونوں کا نقصان ہو۔‘‘
دوسری جگہ لکھتے ہیں:
’’چونکہ دل کی اصلاح اور استقامت اللہ کی طرف چلنے اور جمعیتِ خاطر پر منحصر ہے، اور مکمل طور پر اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع پر اس کا مدار ہے۔ اس لیے پراگندہ خاطری اس کے حق میں سخت مضر ہے۔ کھانے پینے کی زیادہ مقدار، لوگوں سے میل جول، ضرورت سے زیادہ گفتگو، یہ تمام چیزیں جن سے دل منتشر ہوتا ہے اور جمعیتِ باطنی پر اثر پڑتا ہے، اور انسان اللہ تعالیٰ سے علیحدہ اور جدا ہو کر مختلف راستوں میں بھٹکنے لگتا ہے، ان باتوں کی وجہ سے اللہ تعالیٰ کی رحمت کا تقاضا تھا کہ اپنے بندوں پر روزہ فرض کرے اور اس کے ذریعے سے کھانوں کی زائد مقدار اور خواہشات کی زیادتی کا ازالہ ہو سکے۔ جس کی وجہ سے وصول الی اللہ سے محرومی ہو جاتی ہے، اور اس طرح وہ دنیا اور آخرت دونوں جگہ فائدہ اٹھا سکے۔‘‘ (زاد المعاد)


شاہ ولی اللہؒ اور اسلامی حدود

ڈاکٹر محمد امین

حضرت شاہ ولی اللہ الدہولی برصغیر کی اسلامی تاریخ ہی کے نہیں پورے عالم اسلام کے وہ مایہ ناز دانشور ہیں جنہوں نے اسلامی احکام کے اسرار و رموز اور حکمتوں کی بھرپور وضاحت کی ہے۔ ان کی تصنیف لطیف حجۃ اللہ البالغہ اپنی نوعیت کی ایک بے نظیر چیز ہے اور اپنے موضوع پر سند کا درجہ رکھتی ہے۔ اسلامی حدود کی حکمتوں کو بھی شاہ صاحب نے اپنی اس کتاب میں خوب نمایاں کیا ہے اور معاشرے پر ان کے پاکیزہ اور مفید اثرات کی تعریف کی ہے۔ بدقسمتی سے شاہ صاحب کی ایک عبارت کو سمجھنے میں علامہ شبلی سے معمولی تساہل ہوا، اور پھر جو شبلی نے نہیں کہا تھا وہ بھی بعض لوگوں نے ان کے سر منڈھ دیا، بلکہ اسے ہی علامہ اقبال کا موقف بھی قرار دے ڈالا، کیونکہ اقبال نے اپنے چھٹے خطبے میں شاہ ولی اللہ صاحب کی اسی عبارت سے استشہاد کیا تھا۔ لہٰذا ضروری معلوم ہوتا ہے کہ شاہ صاحب کی مذکورہ عبارت کا دقتِ نظر سے جائزہ لیا جائے اور شبلی و اقبال کی آراء کی بھی تنقیح کی جائے تاکہ حقیقتِ حال واضح ہو سکے۔
شاہ ولی اللہؒ نے حجۃ اللہ البالغۃ کے سترہویں باب میں اس امر پر بحث کی ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کے وقت انسانیت ذہنی، روحانی اور تمدنی ارتقاء کے حوالے سے اس سطح تک پہنچ چکی تھی کہ اب ایک ایسی شریعت نازل کر دی جاتی جو سابقہ شریعتوں کی ناسخ ہوتی، اور اب یہی شریعت قیامت تک کے لیے نافذ العمل رہتی۔ چنانچہ وہ فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر جو شریعت نازل ہوئی وہ اپنے اندر یہ صلاحیت رکھتی تھی کہ وہ تاقیامت انسانوں کے مسائل حل کر سکتی۔ شریعتِ اسلامی میں یہ خوبی کیسے پیدا ہوتی ہے اور اس میں ناقابلِ تغیر اور قابلِ تغیر احکام کس حکمت کے ساتھ سموئے گئے ہیں اس پر بحث کرتے ہوئے شاہ صاحب لکھتے ہیں:
’’وھذا الامام الذی یجمع الامم علی ملۃ واحدۃ یحتاج الی اصول اخری غیر الاصول المذکورہ فیما سبق۔ منھا ان یدعو قوما الی السنۃ الراشدہ، ویزکیہم، ویصلح شانہم، ثم یتخذھم بمنزلۃ جوارحہ، فیجاحد اہل الارض، ویفرقہم فی الافاق، وھو قولہ تعالی کنتم خیر امت اخرجت للناس ۔۔۔۔۔ وذٰلک لان ھذا الامام نفسہ لا یتانی منہ مجاھدہ امم غیر محصورۃ، واذا کان کذلک وجب ان تکون مادۃ شریعتہ ما ھو بمنزلۃ المذھب الطبیعی لاھل الاقالیم الصالحۃ عربہم و عجمھم ثم ما عند قومہ من العلم والارتفاتات، ویراعی فیہ حالہم اکثر من غیرھم، ثم یحمل الناس جمیعا علی اتباع تلک الشریعۃ لانہ لاسبیل الی ان یفوض الامر الی کل قوم او الی ائمۃ کل عصر، اذ لا یحصل منہ فائدۃ التشریع اصلا، ولا الی ان ینظر ما عند کل قوم، ویمارس کلا منہم، فیجعل لکل شریعۃ، اذ الاحاطۃ بعاداتہم و ما عندھم علی اختلاف بلدانہم و تباین ادیانہم کالممتنع، وقد عجز جمہور الرواۃ عن روایۃ شریعۃ واحدۃ، فما ظنک بشرائع مختلفۃ، والاکثر انہ لا یکون انقیاد الاخرین الا بعد عدد و مدد لا یطول عمر النبی الیہا، کما وقع فی الشرائع الموجودہ الان فان الیہود والنصاری والمسلمین ما آمن من اوائلم الا جمع، ثم اصبحوا ظاھرین بعد ذلک فلا احسن ولا ایسر من ان یعتبر فی الشعائر والحدود والارتفاتات عادۃ قومہ المبعوث فیہم ولا یضیق کل التضییق علی الاخرین الذین یاتون بعد، ویبقی علیہم فی الجملۃ ۔۔۔ (۱)
’’اس رہنما (پیغمبر) کو، جو مختلف قوموں کو ایک ملت کی صورت میں جمع کرتا ہے، ایسے اصولوں کی ضرورت ہوتی ہے جو اول الذکر اصولوں سے مختلف ہوں (یعنی اس پیغمبر کے اصولوں سے جو کسی ایک قوم کی طرف مبعوث ہوا ہو)۔ جن میں سے ایک یہ ہے کہ وہ (پہلے) ایک قوم کو مخاطب کرتا اور اس کی تربیت و اصلاح کرتا ہے، اور پھر اس کے ذریعے سے دوسری قوموں کی اصلاح کی جدوجہد کرتا ہے۔ جیسا کہ قرآن مجید میں کہا گیا ہے (کنتم خیر امت اخرجت للناس ۔۔۔ (اے مسلمانو!) تم وہ بہترین امت ہو جسے دوسرے لوگوں کی طرف بھیجا گیا ہے تاکہ تم انہیں امر بالمعروف و نہی عن المنکر کا حکم دو اور ۔۔۔۔)۔ اس لیے (بھی) کہ یہ ایک فرد کے لیے ممکن نہیں ہے کہ وہ سارے عالم کی ذاتی طور پر اصلاح کرے۔ لہٰذا ضروری ہے کہ اس پیغمبر کی شریعت ایسی ہو اور ایسے فطری مذہبی اصولوں پر مبنی ہو جو عرب و عجم سب کے لیے موزوں ہو، اور اس میں اس کی اولین مخاطب قوم کے علوم اور اعراف کو بھی ملحوظ رکھا گیا ہو۔ پھر سب لوگوں کو اسی ایک شریعت کی پیروی کا حکم دیا جائے۔ کیونکہ یہ تو ہو نہیں سکتا کہ ہر عہد کے لوگوں کو یہ چھوٹ دے دی جائے کہ وہ اپنے قوانین (شریعت) خود بنا لیں کہ اس سے تو شریعتِ الٰہی کا مقصد ہی فوت ہو جائے گا۔ اور نہ یہ ممکن ہے کہ ایسی شریعت میں ہر ایک قوم کے رسم و رواج کا لحاظ رکھا جائے اور (گویا) ہر قوم کے لیے الگ شریعت بنا دی جائے، کیونکہ ہر قوم دوسری سے الگ علاقائی اور مذہبی پس منظر رکھتی ہے۔ (اور ہر قوم کے لیے الگ شریعت مقرر کرنے والی بات اس لیے بھی ممکن نہیں ہے) کہ ایک شریعت کی روایت (بعد والی نسلوں تک اس کا صحیح طور پر پہنچانا) ہی مشکل ہے۔ چہ جائیکہ (ایک دین کے اندر) کئی شریعتوں کا روایت کیے جانا (جس سے معاملات خلط ملط ہو کر رہ جائیں گے) کیونکہ دوسری قومیں عام طور پر پیغمبر کی اپنی زندگی میں اس کی اطاعت قبول نہیں کرتیں۔ جیسا کہ موجودہ شریعتوں کے بارے میں کہا جا سکتا ہے کہ یہودیوں، عیسائیوں اور مسلمانوں میں سے بھی (پیغمبر کی زندگی میں) کم ہی ایمان لائے اور (دوسری قوموں پر) غلبہ انہیں بعد میں حاصل ہوا۔ (ان حالات میں) بہترین اور آسان طریقہ یہی ہے کہ وہ (پیغمبر) شعائر (دینی)، حدود (اللہ) اور اجتہادی اداروں کی تشکیل میں (فطری مذہبی اصولوں کے علاوہ) اس قوم کی عادات کا ہی خیال رکھے جس میں وہ مبعوث ہوا ہے۔ اور بعد میں آنے والوں پر ان معاملات (یعنی جو اس خاص قوم کی عادات پر مبنی ہیں اور یونیورسل نوعیت کے نہیں) پر عمل میں سختی نہ کی جائے، اگرچہ بحیثیت مجموعی وہ ان پر لاگو ہی ہوں گے۔‘‘
اگرچہ قوسین میں دیے گئے الفاظ سے ترجمہ کافی واضح ہو گیا ہے لیکن شاہ صاحب کے مدعا کو مزید واضح کرنے کے لیے عرض ہے کہ ایک پیغمبر جو صرف ایک مخصوص قوم کی طرف نازل ہوتا ہے، اس کی شریعت میں اسی قوم کے احوال و اعراف کا خیال رکھا جاتا ہے۔ لیکن ایک ایسا پیغمبر جس کی شریعت کو قیامت تک کے لیے مختلف زمان و مکان میں رہنے والے لوگوں کے لیے نافذ العمل رہنا ہو، یہ نہیں ہو سکتا کہ اس کی شریعت میں صرف اولین مخاطب قوم کے احوال و اعراف کا خیال رکھا جائے، کیونکہ اگر ایسا ہو تو ایسی شریعت بعد میں آنے والے لوگوں کے لیے قابلِ عمل نہ رہے گی جو اس سے مختلف احوال و اعراف رکھتے ہوں۔ اس کا حل شارع یہ اختیار فرماتا ہے کہ اس پیغمبر کی شریعت کی بنیاد ان اصول و اقدار پر رکھی جاتی ہے جو انسان کی سعید فطرت اور طبعی انصاف پر مبنی ہوتی ہیں۔ جو نہ صرف پیغمبر کی اولین مخاطب قوم کی اقدار و اعراف پر مبنی ہوتی ہیں بلکہ ماضی میں بھی بحیثیت مجموعی (یعنی ضروری تفاصیل سے قطع نظر) ان پر عمل رہا ہوتا ہے، اور آنے والے وقتوں اور معاشروں کے لیے بھی وہ صالح ہوتی ہیں۔ اور یہی وہ اصول و اقدار ہیں جو شریعت کا بنیادی ڈھانچہ بناتی ہیں اور انہی پر شریعت کے اکثر احکام (عبادات و معاملات وغیرہ) مبنی ہوتے ہیں۔
رہے وہ معاملات جن میں زمان و مکان کی تبدیلی سے تغیر واقع ہو سکتا ہے تو یہاں شارع یہ حکیمانہ طریقہ اختیار فرماتا ہے کہ وہ ایسے امور میں محض پالیسی کے اصول بیان فرما دیتا ہے، اور تفصیلات ہر زمانے اور علاقے کے مسلمان اہلِ علم اور اہلِ حل و عقد پر چھوڑ دیتا ہے کہ وہ شریعت کے اصولوں کی روشنی میں ان تفصیلات کو طے کر لیں۔ تاہم ان دو بڑے دائروں سے بچ کر کچھ احکام ایسے بھی ہو سکتے ہیں جن میں پیغمبر کی اولین مخاطب امت اور اس کے خصوصی و مقامی احوال و ظروف کا ہی خیال رکھا گیا ہو۔ اور یہ ایسے احوال و اعراف ہوں جو آفاقی نوعیت کے نہ ہوں۔ ظاہر ہے کہ بعد میں آنے والی امتوں پر یہ احکام بعینہ نافذ نہ ہوں گے۔ اصولی طور پر تو یہ ان پر بھی لاگو ہوں گے لیکن ان کا جو جزء مقامی عرف پر مبنی ہو گا بعد میں آنے والوں کے لیے اس پر عمل ضروری نہ ہو گا کہ اس میں ان کے لیے تنگی ہے۔ جب کہ شریعت آسانی کی داعی ہے اور اس کی ضامن بھی۔ مزید وضاحت کے لیے تشریع کے ان تینوں دائروں کی ایک ایک مثال ملاحظہ ہو:
(۱) ان امور کی حفاظت کے لیے، جن کے بغیر کوئی معاشرہ قائم نہیں رہ سکتا اور نہ فرد اطمینان اور خوشی کی زندگی بسر کر سکتا ہے، شارع نے سخت سزائیں اپنی طرف سے مقرر کر دیں۔ جیسے جان کی حفاظت (قصاص)، مال کی حفاظت (قطع ید)، نسل و آبرو کی حفاظت (کوڑے اور رجم)، دین کی حفاظت (حدِ ارتداد)، اور عقل کی حفاظت (حدِ شرب خمر) وغیرہ۔ اب یہ ایسے امور ہیں جن کی حفاظت و حرمت کے بارے میں دو رائیں نہیں ہو سکتیں۔ ہر صاحبِ عقل یہ دیکھ سکتا ہے کہ اگر ان پانچ مقاصد کی حفاظت نہ کی جائے تو کوئی معاشرہ بھی قائم نہیں رہ سکتا۔ اس لیے ان مقاصد کی حفاظت کے لیے ہر زمانے میں اور ہر قوم میں سخت قوانین بنائے گئے۔
قرآن بتاتا ہے کہ ان مقاصد کے خلاف جرائم کی سزائیں پہلی قوموں میں بھی نافذ تھیں اور آج بھی ہم دیکھتے ہیں کہ ہر معاشرے نے ان امور کی حفاظت کے لیے سخت قوانین بنا رکھے ہیں۔ لہٰذا ان مقاصد کی حفاظت کے لیے شارع نے سزائیں خود مقرر فرما دیں۔ اور جب تک انسانی معاشرہ باقی ہے، یہ مقاصد بھی باقی رہیں گے، لہٰذا یہ سزائیں بھی باقی رہیں گی، اور شریعت نے ان سزاؤں میں جن مقداروں کا تعین کیا ہے وہ بھی ہمیشہ کے لیے باقی رہیں گی۔ یہ سزائیں ماضی میں بھی نافذ رہی ہیں، آج بھی نافذ ہونی چاہئیں، اور مستقبل میں بھی۔ کیونکہ ان کا تعلق ایسی اقدار اور ایسے مقاصد سے ہے جو عارضی نوعیت کے نہیں اور نہ ان کا تعلق کسی خاص معاشرے یا زمانے سے ہے۔
(۲) دوسرے دائرے کی مثال سیاسی نظام کی ہے۔ شارع نے اپنی سیاسی تعلیمات میں پالیسی کے بنیادی اصول تو بیان کر دیے لیکن اپنی رحمت و مہربانی سے تفصیلات کا تعین نہیں کیا، تاکہ بدلتے ہوئے زمان و مکان میں لوگ اپنی ضرورت کے مطابق تفصیلات کا تعین خود کر لیں۔ مثلاً شارع نے مسلمانوں کو سیاسی معاملات میں مشاورت کا حکم دیا لیکن مشاورت کی کوئی خاص شکل معین نہیں کی۔ فرض کیجئے کہ عہد رسالت مآبؐ میں کوئی خاص شکل معین کر دی جاتی تو یقیناً آج اس پر عمل ناممکن ہوتا۔ اس لیے لوگوں کو تنگی سے بچانے کے لیے شارع نے ایسے امور امت (کے اہلِ علم اور اہلِ حل و عقد) پر چھوڑ دیے کہ منصوص بنیادی اصولوں کی روشنی میں اپنے حالات و ضروریات کے مطابق تفصیلات کا تعین وہ خود کر لیں۔
(۳) تیسرے دائرے کی مثال دیت میں عاقلہ کا تصور ہے۔ عربوں میں دیت کا رواج تھا۔ اسلامی شریعت نے اسے باقی رکھا کیونکہ یہ انسانی فطرت اور طبعی انصاف کے اصولوں کے عین مطابق ہے کہ اگر کسی شخص سے بغیر ارادے کے انسانی جان کا ضیاع ہو جائے تو وہ متاثرہ خاندان کو مالی تاوان ادا کرے۔ لیکن دیت کے لیے عاقلہ کا تصور یہ ہے کہ اگر ملزم خود مالی تاوان ادا نہ کر سکے تو عاقلہ اس کی مدد کرے۔ عاقلہ وہ لوگ ہیں جن کے ساتھ ملزم اپنے معاشرتی اور معاشی مفاد میں بندھا ہوا ہے۔ عہدِ رسالت مآبؐ کے معاشرتی نظام میں عاقلہ قبائلی نظام تھا۔ آج کے پاکستانی معاشرے میں قبائلی نظام باقی نہیں رہا لہٰذا آج یہ ممکن نہیں ہے کہ ہمارے ہاں پائی جانے والی برادریاں اور خاندان ملزم کی جگہ دیت ادا کریں۔ ہمارے ہاں عاقلہ ڈرائیوروں کی یونین ہو سکتی ہے یا کوئی انشورنس کمپنی ہو سکتی ہے، اور کل کلاں کوئی دوسرا ادارہ ہو سکتا ہے۔ خلاصہ یہ کہ عاقلہ کا حکم من حیث الجملہ باقی رہے گا، لیکن عاقلہ کون ہے؟ اس کا حکم زمان و مکان کے بدلنے سے بدل جائے گا۔
اس وضاحت کے بعد اب شاہ ولی اللہ صاحب کا موقف سمجھنے میں کوئی دقت باقی نہیں رہتی۔ جب وہ یہ کہتے ہیں کہ دینی شعائر، اسلامی حدود (حدود سے مراد یہاں حدود و تعزیرات والی اصطلاحی و شرعی حدود مراد نہیں، یعنی مقاصد حصولِ خمسہ کے لیے شارع کی طرف سے معین کردہ سزائیں قطع ید و رجم وغیرہ۔ بلکہ اس سے مراد وہ حدیں ہیں جو شریعت نے ہر معاملے میں قائم کی ہیں، یعنی یہ چیز جائز ہے وہ ناجائز ہے، یہ غلط ہے اور وہ صحیح ہے۔ مثلاً وضو کس وقت ٹوٹ جاتا ہے، روزہ کس وقت افطار کرنا چاہیے، حج کس چیز سے فاسد ہوتا ہے، حلال کمائی کب حرام ہوتی ہے وغیرہ۔ گویا یہاں حدود سے مراد وہ حدیں ہیں جو اسلام نے مختلف امور میں مقرر کی ہیں۔ یا دوسرے لفظوں میں یوں سمجھیے کہ یہاں اسلامی حدود سے مراد ہیں اسلامی احکام) اور معاشرتی و معاشی اداروں کی تنظیم کے لیے دی گئی تعلیمات کے وہ حصے جن کا تعلق ایسے مقامی احوال و اعراف سے ہو جو یونیورسل نوعیت کے نہ ہوں، ان پر بعینہ عمل بعد کے زمانے میں ضروری نہیں ہوتا، بلکہ وہ احکام اصولی طور پر تو باقی رہتے ہیں لیکن ان کے ایسے اجزاء کا تعین جو خالص مقامی اعراف و احوال پر مشتمل تھے، نئے سرے سے کر لیا جاتا ہے۔ ظاہر ہے کہ ایسے امور کا تعلق احکام کے اس تیسرے دائرے سے ہے جس کا ہم اوپر ذکر کر چکے ہیں، اور یہ بھی واضح کر چکے ہیں کہ دین کے اکثر و بیشتر احکام کا تعلق پہلے اور دوسرے دائرے سے ہے۔ چند بچی کھچی چیزیں ہی اس تیسرے دائرے میں آتی ہیں۔
اسلامی تشریع کے حوالے سے شاہ ولی اللہ صاحب کا موقف سمجھنے کے بعد آئیے اب دیکھیں کہ علامہ شبلی کو شاہ صاحب کا موقف سمجھنے میں کیا تسامح پیش آیا؟ علامہ شبلی برصغیر کے مشہور عالم اور ادیب ہیں۔ ’’الکلام و علم الکلام‘‘ ان کی عظیم تصنیف ہے۔ الکلام میں ’’انبیاءؑ کی تعلیم و ہدایت کا طریقہ‘‘ کے عنوان سے انہوں نے ان اصول و قواعد کا ذکر کیا ہے جن پر انبیاءؑ کی تعلیمات مبنی ہوتی ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے چھ اصول بیان کیے ہیں، اور اس کے بعد یہ کہا ہے کہ ان اصولوں کا اطلاق اپنے عموم کے لحاظ سے ہر نبی کی تعلیم پر ہوتا ہے، لیکن اس نبی کا معاملہ ان سے مختلف ہوتا ہے جس کی شریعت کو ہمیشہ کے لیے باقی رہنا ہو۔ اور یہاں وہ شاہ ولی اللہ صاحب کا ذکر کردہ یہ اصول بیان کرتے ہیں کہ وہ احکام جو نبی کی اولین مخاطب قوم کے مقامی اور خصوصی احوال و اعراف پر مبنی ہوں، بعد کے زمانے میں ان کی بعینہ پیروی ضروری نہیں ہوتی بلکہ ان کی تفصیلات میں حسبِ ضرورت تغیر کر لیا جاتا ہے۔ اس کے بعد انہوں نے شاہ ولی اللہ صاحب کی وہ عبارت نقل کی ہے جو ہم نے اس مقالے کے ابتدا میں درج کی ہے اور اس کا ترجمہ دیا ہے۔ اور اس کے بعد اس اصول پر یہ تبصرہ کیا ہے:
’’اس اصول سے یہ بات ظاہر ہو گی کہ شریعتِ اسلامی میں چوری، زنا، قتل کی جو سزائیں مقرر کی گئی ہیں ان میں کہاں تک عرب کی رسم و رواج کا لحاظ رکھا گیا ہے۔ اور یہ کہ ان سزاؤں کا بعینہا اور بخصوصہا پابند رہنا کہاں تک ضروری ہے۔‘‘ (۳)
اس کے باوجود کہ شبلی نے شاہ ولی اللہ صاحب کی عبارت میں لفظ ’’حدود‘‘ کا ترجمہ تعزیرات کیا ہے، ان کے مذکورہ بالا جملے مجمل بلکہ مبہم ہیں۔ انہوں نے واضح لفظوں میں یہ نہیں کہا کہ اسلامی حدود عربوں کے خالص مقامی اعراف پر مبنی تھیں، اور یہ کہ آئندہ زمانوں میں ان پر بعینہ عمل نہیں ہو گا۔ بلکہ وہ یہ کہہ رہے ہیں کہ اس اصول کی روشنی میں یہ دیکھنا چاہیے کہ کیا اسلامی حدود ایسے مقامی اعراف و احوال پر مبنی تھیں جو خالص مقامی نوعیت کے تھے، اور یونیورسل شریعت کا جزو نہیں بن سکتے تھے؟ یا پھر اسلامی حدود ایسے اعراف پر مبنی تھیں جو یونیورسل نوعیت کے تھے اور وہ ہمیشہ کے لیے باقی رہنے والی شریعت کا جزو بن سکتے تھے؟
شبلی کے ان الفاظ سے پتہ چلتا ہے کہ وہ محض دعوتِ فکر دے رہے ہیں، کوئی فیصلہ نہیں کر رہے۔ اور ان الفاظ کا وہی مفہوم سمجھنا چاہیے جو شاہ ولی اللہؒ کا اور امت کے دیگر اہلِ علم کا موقف ہے۔ اور یہی سمجھنا اولیٰ ہے کیونکہ علامہ شبلی کے بارے میں یہ کہنا کہ وہ حدود کے باب میں شاہ ولی اللہؒ کے موقف سے واقف نہ تھے (جو انہوں نے حجۃ اللہ البالغہ‘‘ ہی میں دوسری جگہوں پر وضاحت کے ساتھ بیان کیا ہے، یا یہ کہ خود علامہ شبلی کا موقف ساری امت سے الگ تھا اور وہ حدودِ اسلامی کو قابلِ تغیر سمجھتے تھے، تو یہ علامہ شبلی سے سوءِ ظن بلکہ ان پر محض ایک اتہام اور دعوٰی بلا دلیل ہے۔
تاہم علامہ شبلی سے یہاں یہ تسامح ضرور ہوا ہے کہ انہوں نے حدود کا ترجمہ تعزیرات کرنے کے باوجود مثال دیتے ہوئے یہاں حدود کو شرعی اور اصطلاحی حدود سمجھ لیا ہے، حالانکہ عبارت کا سیاق و سباق اس کا تقاضا کرتا ہے کہ یہاں حدود کو اسلامی احکام کے معنی میں لیا جائے (جیسا کہ علامہ اقبال نے کیا ہے) نہ کہ شرعی اور اصطلاحی حدود کے معنی میں۔
معروف اصطلاحی معنوں میں حدود سے مراد وہ سزائیں ہیں جو شارع نے خود مقرر کی ہیں اور جنہیں امت تبدیل نہیں کر سکتی۔ پھر یہاں علامہ شبلی کو یہ وضاحت بھی کرنی چاہیے تھی کہ شریعتِ محمدی کی یہ اضافی خوبی اس کی تشریع کا کوئی بنیادی اصول نہیں بلکہ، جیسا ہم نے پہلے ذکر کیا ہے، شریعتِ محمدی کے اکثر و بیشتر احکام تو تشریع کے پہلے دو دائروں پر مبنی ہیں۔ تیسرا دائرہ مختصر اور تنگ دائرہ ہے جس میں بہت کم احکام آتے ہیں۔ تاہم، ہماری ان ساری وضاحتوں کے باوجود اگر کوئی علامہ شبلی کے الفاظ کی اس توجیہ پر اصرار کرے کہ شبلی نے یہاں شاہ ولی اللہ صاحب کی یہ رائے بیان کی ہے کہ اصطلاحی حدود پر بعد کے ادوار میں عمل نہیں ہو گا، تو ہم اسے کہیں گے کہ وہ اصطلاحی اور شرعی حدود کے باب میں حجۃ اللہ البالغہ ہی میں بیان کیے گئے شاہ صاحب کے موقف کو جان لے تو شاید اس کا اطمینان ہو جائے۔
حجۃ اللہ البالغہ میں شاہ ولی اللہؒ شرعی حدود کی حکمتیں بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں:
’’جس معصیت کے ارتکاب پر شرع نے حد مقرر کی ہے وہ متعدد مفاسد پر مشتمل ہوتی ہے۔ مثلاً وہ کوئی ایسی معصیت ہو جو نظامِ تمدن میں خلل انداز ہونے کے علاوہ مسلمانوں کے لیے طمانیت اور سکونِ قلب کے زوال کا باعث ہو۔ لوگوں کے دلوں میں بار بار اس کے کرنے کا داعیہ پیدا ہوتا ہو، اور اس کے دو چار مرتبہ عمل میں لانے سے اس کی لت پڑ جاتی ہو، جس سے کہ پیچھا چھڑانا مشکل ہو جائے، کیونکہ اس کے اثرات اعماقِ قلب میں سرایت کر جاتے ہیں۔ اس قسم کی معصیت میں ایک خرابی یہ بھی ہوتی ہے کہ وہ مظلوم جو اس کا نشانہ بنتا ہے، عموماً آپ اپنی حمایت کرنے سے عاجز ہوتا ہے۔ مزید برآں وہ ایک کثیر الوقوع ہوتی ہے۔ اس نوعیت کی معصیت کے لیے صرف عذابِ آخرت کی وعید و تہدید کافی نہیں بلکہ یہ نہایت ضروری ہے کہ اس کے ارتکاب پر اس دنیا میں بھی کوئی سخت عبرتناک سزا مقرر ہو، اور اس کا مرتکب اپنی سوسائٹی میں سخت نفرت کی نگاہ سے دیکھا جائے، تاکہ ان نتائج کے پیشِ نظر بہت کم اشخاص اس کے ارتکاب پر اقدام کرنے کی جرأت کر سکیں۔
اس کی ایک واضح مثال کسی محترم خاتون کی عصمت دری کرنا ہے۔ کیونکہ اس کا محرک صنفی خواہش کا غلبہ ہوتا ہے، اور صنفِ نازک کے حسن و جمال سے اس جذبہ کو تقویت حاصل ہوتی ہے۔ جیسے کہ ہم کہہ چکے ہیں یہ وہ برا فعل ہے جس کے ایک دو بار کرنے سے اس کا چسکا پڑ جاتا ہے۔ اس خاتون کے شوہر اور اس کے دیگر اقربا کے ماتھے پر اس کلنک کا بدنما ٹیکہ ہمیشہ کے لیے ثبت ہو جاتا ہے اور وہ کسی کو اپنا منہ دکھانے کے قابل نہیں رہتے۔ یہ ایک ایسا فعل ہے جس کو انسان کی فطری غیرت ہرگز گوارا نہیں کرتی، الاّ یہ کہ کسی کی فطرت مسخ ہو چکی ہو۔ علاوہ ازیں اس سے کئی قسم کے تنازعات پیدا ہوتے ہیں جس کا نتیجہ کشت و خون ہوتا ہے۔ اکثر یہ فعل قبیح فریقین کی رضامندی سے واقع ہوتا ہے اور اس کا محلِ ارتکاب عموماً کوئی پوشیدہ جگہ ہوتی ہے جو لوگوں کی نظروں سے اوجھل ہو۔ اب اگر اس کے لیے شریعت میں سخت اور عبرتناک سزا مقرر نہ ہو تو اس فعلِ شنیع کے عام طور پر پھیل جانے میں ذرہ بھی شک نہیں‘‘ (۴)
اس کے بعد شاہ صاحب نے چوری، رہزنی، شراب خوری اور قذف کا ذکر کیا ہے اور ان جرائم کی سخت سزاؤں کی حکمتیں بیان کی ہیں۔ بعد ازاں شاہ صاحب نے حدود کے اس باب میں یہ لکھا ہے کہ یہ ایسے شنیع جرائم ہیں کہ سابقہ انبیاءؑ کی شریعتوں میں بھی ان کے لیے ایسی ہی سخت سزائیں مقرر تھیں۔ چنانچہ فرماتے ہیں:
’’ہم سے پہلے جو شریعتیں تھیں ان کا حکم یہ تھا کہ اگر کوئی شخص قتل کا مرتکب ہو تو اس کو قصاص کے طور پر قتل کر دیا جائے، زنا کی سزا رجم مقرر تھی، اور چوری کے ارتکاب پر مجرم کا ہاتھ کاٹا جاتا۔ یہ تینوں سزائیں انبیاء علیہم السلام کی شریعتوں میں متوارث چلی آتی تھیں۔ جملہ انبیائے سابقین کی شریعتوں میں ان جرائم کے لیے یہی سزائیں مقرر تھیں اور ان کی امتوں میں انہی احکام پر عمل درآمد ہوتا تھا۔ یہ حدود اور شرائع اس قابل تھے کہ شریعتِ محمدیہ میں بھی انہی کو برقرار رکھا جائے۔ اتنی بات ضرور ہے کہ شریعتِ ہٰذا نے ان کی مناسب اصلاح کی‘‘۔ (۵)
اس کے بعد شاہ صاحب نے لکھا ہے کہ ان سخت سزاؤں کو تبدیل کر کے ہلکی سزائیں مقرر کرنا دین میں تحریف ہے۔ اور یہ کہ حدود کی سزائیں بغیر کسی مداہنت کے سختی سے نافذ کرنی چاہئیں۔ چنانچہ فرماتے ہیں:
’’یہودیوں میں جب اپنی شریعت کی پابندی کے بارے میں تساہل آ گیا تو وہ ہر کہہ و مہ پر رجم کا، جو زنا کی شرعی سزا تھی، اجراء نہ کر سکے۔ اور انہوں نے اس کو تجبیہ اور تسحیم سے بدل دیا (یعنی مجرم کا منہ کالا کر کے اور گدھے پر سوار کر کے شہر کے بازاروں اور گلی کوچوں میں پھرانا)۔ یہ علماء یہود کی تحریف تھی‘‘ (۶)
آگے چل کر فرماتے ہیں:
’’حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کی سخت تاکید فرمائی کہ حدودِ شرعیہ کی تعمیل اور اجراء میں کسی سے بھی مداہنت اور نرمی کا برتاؤ نہ کیا جائے بلکہ حکمِ شرعی کی موبمو تعمیل کی جائے۔ اغنیاء اور اصحابِ عز و جاہ کے ساتھ کسی قسم کی رو رعایت تشریعِ حدود کے منافی ہے، اور اس سے شرائعِ الٰہیہ کا ابطال اور ان کی بے وقعتی ہوتی ہے۔‘‘ (۷)
اب آئیے اقبال کی طرف۔ اقبال کی ’’تشکیلِ جدید الٰہیاتِ اسلامیہ‘‘ کے چھٹے خطبے کا موضوع اسلام کا حرکی تصور اور اجتہاد ہے۔ یہاں انہوں نے اسلامی قانون کے ماخذ پر بھی مختصر بحث کی ہے اور اس ضمن میں قرآن، سنت، اجماع اور قیاس پر گفتگو کی ہے۔ سنت کے ماخذِ قانون ہونے کی حیثیت سے جب وہ گفتگو کرتے ہیں تو کہتے ہیں:
For our present purposes, however, we must distinguish traditions of a purely legal import from those which are of a non-legal character. With regard to the former, there arises a very important question as to how for they embody the Pre-Islamic usages of Arabia which were in some cases left intact, and in others modified by the Prophet. It is difficult to make this discovery, for our early writers do not always refer to Pre-Islamic usages. Nor is it possible to discover that usages, left intact by express or tacit approval of the Prophet, were intended to be universal in their application. Shah Waliullah has a very illuminating discussion on the point. I reproduce here the substance or his view. The Prophetic method of teaching, according to Shah Waliullah, is that, generally speaking, the law revealed by a Prophet takes especial notice of the habits, ways, and peculiarities of the People to when he is specifically sent.  The Prophet who aims at all-embracing principles, however, can neither reveal different principles for different people, nor leaves them to workout their own rules of conduct. His method is to train one particular people, and to use them as a nucleus for the building up of a universal Shariah. In doing so he accentuates the principles under lying the social life of all mankind, and applies them to concrete cases in the light of the specific habits of the people immediately before him. The Shariah values (Ahkam) resulting from this application (e.g. rules relating to penalties for crimes) are in a sense specific to that people; and since their observance is not an end in itself, they cannot be strictly enforced in the case of future generations". 
(۳) اس عبارت کا ترجمہ نذیر نیازی صاحب نے یوں کیا ہے:
’’لیکن جہاں تک مسئلہ اجتہاد کا تعلق ہے، ہمیں چاہیے ان احادیث کو، جن کی حیثیت سر تا سر قانونی ہے، ان احادیث سے الگ رکھیں جن کا قانون سے کوئی تعلق نہیں۔ پھر اول الذکر کی بحث میں بھی ایک بڑا اہم سوال یہ ہو گا کہ ان میں عرب قبلِ اسلام کے اس رسم و رواج کا، جسے جوں کا توں چھوڑ دیا گیا، یا جس میں حضور رسالت مآبؐ نے تھوڑی بہت ترمیم  کر دی، کس قدر حصہ موجود ہے۔ لیکن یہ وہ حقیقت ہے جس کا اکتشاف مشکل ہی سے ہو سکے گا، کیونکہ علماء متقدمین شاذ ہی اس رسم و رواج کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ ہمیں تو شاید یہ بھی معلوم نہیں کہ جس رسم و رواج کو جوں کا توں چھوڑ دیا گیا، خواہ حضور رسالت مآبؐ نے اس کی بالصراحت منظوری دی، یا خاموشی اختیار فرما لی، اس پر کیا سچ مچ ہر کہیں اور ہر زمانے میں عمل کرنا مقصود تھا؟ شاہ ولی اللہ نے اس مسئلے میں بڑی سبق آموز بحث اٹھائی ہے۔ ہم اس کا مفاد ذیل میں پیش کریں گے۔‘‘
’’شاہ ولی اللہ کہتے ہیں انبیاء کا عام طریقِ تعلیم تو یہی ہے کہ وہ جس قوم میں مبعوث ہوتے ہیں ان پر اسی قوم کے رسم و رواج اور عادات و خصائص کے مطابق شریعت نازل کی جاتی ہے۔ لیکن جس نبی کے سامنے ہمہ گیر اصول ہیں، اس پر نہ تو مختلف قوموں کے لیے مختلف اصول نازل کیے جائیں گے، نہ یہ ممکن ہے کہ وہ ہر قوم کو اپنی اپنی ضروریات کے لیے الگ الگ اصولِ عمل متعین کرنے کی اجازت دے۔ وہ کسی ایک قوم کی تربیت کرتا اور پھر ایک عالمگیر شریعت کی تشکیل میں اس سے تمہید کا کام لیتا ہے۔
(یہاں شاہ صاحب کی عبارت سے ایک غلط فہمی کا اندیشہ ہے لہٰذا اس امر کی صراحت ناگزیر ہو جاتی ہے۔ قرآن پاک میں تو یہی عالمگیر شریعت نازل ہوئی جس کی طرف شاہ صاحب اشارہ فرما رہے ہیں۔ رہا اس کے اطلاق میں قوموں کے احوال اور خصائص کا مسئلہ، سو یہ قانون کا مسئلہ ہے، شریعت کا نہیں۔ قرآن پاک کا صاف و صریح ارشاد ہے: شرع لکم من الدین ما وصٰی بہ نوحا والذی اوحینا الیک و ما وصینا بہ ابراھیم و موسیٰ و عیسٰی ان اقیموا الدین ولا تتفرقوا فیہ (۸ الف)۔)
لیکن ایسا کرنے میں وہ اگرچہ انہی اصولوں کو حرکت دیتا ہے جو ساری نوعِ انسانی کی حیاتِ اجتماعیہ میں کارفرما ہیں، پھر بھی ہر معاملے اور ہر موقع پر عملاً ان کا اطلاق اپنی قوم کی مخصوص عادات کے مطابق ہی کرتا ہے۔ لہٰذا اس طرح جو احکام وضع ہوتے ہیں (مثلاً تعزیرات) ایک لحاظ سے اس قوم کے لیے مخصوص ہوں گے۔ پھر چونکہ احکام مقصود بالذات نہیں، اس لیے یہ بھی ضروری نہیں کہ ان کو آئندہ نسلوں کے لیے بھی واجب ٹھہرایا جائے۔‘‘ (۹)
اقبال نے یہاں یہ مسئلہ اٹھایا ہے کہ جو قوانین احادیثِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے ماخوذ ہیں ان کے بارے میں آج تیقن سے یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ کسی خالص مقامی نوعیت کے عرف پر مبنی ہیں، یا پھر ایسے عرف پر مبنی ہیں جو یونیورسل نوعیت کا ہے، کیونکہ راویوں نے عام طور پر اس کو بیان کرنے کی طرف توجہ نہیں دی۔ اس لیے اس مسئلے کا حل یہی ہے کہ ان احکام کو (جن کے بارے میں خیال ہو کہ وہ یونیورسل نوعیت کے مقامی اعراف پر مبنی نہیں) آئندہ زمانے میں بعینہ نافذ نہ کیا جائے۔ یہاں حدود کا ترجمہ اقبال نے بجا طور پر احکام اور Sharia Values کیا ہے اور اس کے ساتھ ہی قوسین میں یہ بھی کہہ دیا ہے ’’مثلاً جرائم کی سزاؤں سے متعلق احکام‘‘۔ یہاں اگر ’’جرائم کی سزاؤں سے متعلق احکام‘‘ سے مراد تعزیری احکام ہیں، جیسا کہ اس کا ترجمہ نذیر نیازی صاحب نے کیا ہے، تو یہ بالکل صحیح ہے۔ کیونکہ تعزیری احکام مقصود اصطلاحی حدود ہیں تو اس پر وہی اعتراض وارد ہو گا جو اس سے پہلے ہم علامہ شبلی کے بارے میں بیان کر چکے ہیں۔ لیکن چونکہ اقبال نے یہاں حدود کا لفظ استعمال نہیں کیا اس لیے اسلامی حدود کا لفظ خواہ مخواہ اقبال کے سر کیوں منڈھا جائے؟
موضوع زیر بحث کی رعایت سے ہم یہاں احادیث کی شرعی حیثیت کے حوالے سے ایک ضروری بات کہنا چاہیں گے اور وہ یہ کہ احادیث، خواہ احکامی ہوں یا غیر احکامی، ہمارے لیے حجت ہیں۔ کسی حدیث کے بارے میں علمی اور فنی لحاظ سے تو یہ سوال اٹھایا جا سکتا ہے کہ وہ قولِ رسولؐ ہے یا نہیں، لیکن ایک دفعہ یہ ثابت ہو جانے کے بعد کہ یہ حکمِ رسولؐ ہے، اس کے حجت اور قابلِ اتباع ہونے کے بارے میں کوئی مسلمان سوال نہیں اٹھا سکتا۔ کیونکہ قرآن کی رو سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے کسی حکم کی اطاعت سے انکار آج بھی اس طرح موجبِ گمراہی و کفر ہے جس طرح وہ حضورؐ کی زندگی میں تھا (۱۰)۔ قرآن اس بات کی ضمانت دیتا ہے کہ حضورؐ جو کچھ فرماتے ہیں وہ مبنی بر وحی ہوتا ہے، وہ اپنے پاس سے کچھ نہیں کہتے (۱۱)۔
پھر ساتھ یہ بھی سمجھ لینا چاہیے کہ جب تک حضورؐ زندہ تھے اور آپؐ پر وحی آتی تھی تو یہ آپؐ کے احکام کے صحیح ہونے کی ضمانت تھی۔ خواہ وہ احکام وحی خفی پر مبنی ہوں یا آپؐ کے اجتہادات ہوں۔ کیونکہ اس صورت میں اگر آپؐ خدانخواستہ غلطی کرتے تو وحی کے ذریعے فورًا آپؐ کی تصویب کر دی جاتی۔ جیسا کہ قرآن مجید کی کئی آیات سے پتہ چلتا ہے کہ حضورؐ کے بعض افعال و احکام کو جب اللہ تعالیٰ نے آپؐ کے مرتبۂ کمال کے مناسب نہ سمجھا تو تنبیہ کر دی (۱۲)۔ اس سے یہ بات بھی واضح ہو جاتی ہے کہ حضورؐ جب عربوں کے کسی ایسے عرف کو مسلمانوں کے لیے ایک آفاقی شریعت کے طور پر حکم فرماتے تھے تو اس کے پیچھے وحی کی سند موجود ہوتی تھی۔
مثلاً عربوں میں نکاح کے کئی طریقے مروج تھے۔ اب نبی کریمؐ نے نکاح کے جس طریقے کو پسند فرمایا اور وہ امت کو تعلیم فرمایا، وہ ہمیشہ کے لیے ساری امت کے لیے شریعت بن گیا، تو آج اس کے بارے میں یہ سوال نہیں اٹھایا جا سکتا کہ یہ تو عربوں کا طریقہ تھا، اور آج صدیوٖں بعد کسی غیر عرب معاشرے کے لیے یہ موزوں نہیں ہے۔ کیونکہ نکاح کا یہ طریقہ اگر یونیورسل شریعت کا جزو بننے کے لیے موزوں نہ ہوتا، جبکہ حضورؐ ایسا قرار دے چکے تھے، تو ضروری تھا کہ ۔۔۔۔۔۔۔ وحی کے ذریعے اللہ تعالیٰ اس کی تصحیح کر دیتے۔ لیکن چونکہ ایسی کوئی تصحیح نہیں کی گئی، لہٰذا آج یہ سوال ہی خارج از امکان ہے کہ آیا یہ محض مقامی نوعیت کے عرف پر مبنی ہونے کی وجہ سے خالص مقامی حکم تھا، یا ایسے عرف پر مبنی جو آفاقی نوعیت کا تھا۔
پھر یہ بھی ذہن میں رہے کہ جن معاملات کے بارے میں فقہ و اصولِ فقہ کے ماہرین نے یہ رائے ظاہر کی ہے کہ یہ مقامی نوعیت کے ہیں اور آفاقی نوعیت کے نہیں، ان کے بارے میں بھی یہ فیصلہ انہوں نے محض اپنی رائے سے نہیں دیا بلکہ احادیث کی داخلی شہادتوں پر دیا ہے۔ مثلاً کسی کے بارے میں انہوں نے یہ کہا ہے کہ یہ حضورؐ کا عمومی حکم نہیں بلکہ بطور حکمران کے آپؐ نے یہ انتظامی فیصلہ کیا ہے۔ مثلاً بنجر زمینوں کو آباد کرنے پر حقِ ملکیت حاصل ہونا۔ یا بطور قاضی کوئی فیصلہ دیا ہے مثلاً بیوی کو شوہر کے مال میں بغیر اجازت کفاف کی حد تک تصرف کا حق دینا۔ یا احکام کی نوعیت ہی بتا دیتی ہے کہ یہ کوئی مستقل حکم نہیں بلکہ عارضی حکم ہے، مثلاً حضورؐ کا یہ فرمان کہ ’’حکمران قریش سے ہوا کریں گے‘‘۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ قیامت تک ساری دنیا میں مسلمانوں کے حکمران صرف قریش ہی ہوں گے، بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ اس وقت جزیرہ نما عرب میں قریش کو سیاسی بالادستی اور قوت حاصل تھی اور ان کی موجودگی میں کسی دوسرے قبیلے کو حکومت سازی کا اختیار دینا ایک ایسی بات ہوتی جو چل نہ سکتی بلکہ الٹا معاشرے کو نقصان پہنچاتی۔ اس کا یہ مطلب بھی لیا جا سکتا ہے کہ جب تک قریش کو عربوں میں یہ سیاسی قوت، رسوخ اور بالادستی حاصل رہے گی یہ ضروری ہے کہ حکمران انہی میں سے ہوں۔ لیکن اس حدیث کا یہ مطلب کسی نے بھی نہیں لیا کہ قیامت تک مسلمانوں کے حکمران قریشی ہوں گے اور نہ ہی امت کا اس پر عمل ہے۔
اور جیسا کہ ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ ایسے امور کا تعلق اسلام کے عمومی احکام سے نہیں بلکہ اکثر و بیشتر تشریع کے پہلے اور دوسرے دائرے میں آجاتے ہیں۔ اور اس تیسرے دائرے کی تنگنائے میں محض چند استثنائی احکام رہ جاتے ہیں۔ مثلاً فوجیوں میں تقسیمِ غنیمت، دیت میں عاقلہ کا تصور، بیوی کا شوہر کے مال میں بغیر اجازت تصرف، بنجر زمینوں کو آباد کرنے پر حقِ ملکیت، اور حکومت کا قریش میں محدود ہونا وغیرہ۔ یہی وہ چند احکام ہیں جو فقہاء نے عموماً اس ضمن میں بیان کیے ہیں۔
دینی علوم سے بے بہرہ جو دانشور شاہ ولی اللہ، علامہ شبلی، یا علامہ اقبال کی مذکورہ عبارات کے حوالے سے یہ کہتے ہیں کہ اتنی سخت اور وحشیانہ سزائیں تو اس وقت کے عرب بدوؤں کے لیے تھیں، آج کے ’’مہذب‘‘ معاشرے میں یہ نافذ نہیں کی جا سکتیں۔ وہ یہ نہیں جانتے کہ اس طرح کی اکثر و بیشتر سزائیں خود قرآن میں مذکور ہیں۔ یہ اصلاً حضور اکرمؐ کی مقرر کردہ نہیں کہ ان پر مقامی عرف ہونے کے حوالے سے تنقید کی جا سکے۔ چنانچہ دیکھیے قرآن میں مندرجہ ذیل سزائیں مذکور ہیں:
چوری کی سزا: ہاتھ کاٹنا (۱۳)
زنا (غیر محصن) کی سزا: ۱۰۰ کوڑے (۱۴)
قتلِ عمد کی سزا: قتل (۱۵)
قذف کی سزا: ۸۰ کوڑے (۱۶)
حرابے (ڈکیتی، خللِ امن) کی سزا: قتل یا سولی یا ہاتھ پاؤں کا کاٹنا یا ملک بدری (۱۷)
باقی رہیں زانی محصن کی سزا یا شربِ خمر اور ارتداد و توہینِ رسالتؐ کی سزا تو بلاشبہ یہ حضور ختمی المرتبتؐ سے ثابت ہیں جو اللہ کے مقرر کردہ شارع ہیں۔ لیکن اہلِ علم جانتے ہیں کہ یہ سزائیں بھی دراصل قرآن ہی سے مستنبط ہیں اور وحی خفی و جلی کی اتھارٹی کی وجہ ہی سے ہمارے لیے حجت ہیں۔
ہم یہ سمجھنے سے بھی قاصر ہیں کہ مغربی فکر و تہذیب اور قانون سے مرعوب یہ دانشور اسلامی سزاؤں کو سخت اور وحشیانہ کیوں کر کہتے ہیں۔ جب کہ ان کے قبلہ و کعبہ مغرب میں کیفیت یہ ہے کہ آج بھی امریکہ جیسے متمدن اور مہذب معاشرے میں ۵۱ جرائم ایسے ہیں جن کی سزا موت ہے (۱۸)۔ جب کہ اسلام میں تو صرف تین چار جرائم کی سزا شارع نے موت مقرر کی ہے۔

حواشی

(۱) حجۃ اللہ البالغہ ص ۹۳ مطبع الخیریہ بمصر طبع ۱۳۸۶ھ
(۲) آل عمران: ۱۱۰
(۳) الکلام و علم الکلام، شبلی نعمانی، ص ۱۱۵ طبع لکھنؤ ۱۹۲۶ء
(۴) حجۃ اللہ البالغہ، اردو ترجمہ مولانا عبد الرحیم، طبع قومی کتب خانہ، ص ۶۳۵، ۶۳۶
(۵) ایضاً ص ۶۳۸
(۶) ایضاً ص ۶۳۹
(۷) ایضاً ص ۶۶۰
(۸) Allama Mohammad Iqbal, the Reconstruction of Religious Thought in Islam, Published jointly by Iqbal Academy and Institute of Islamic Culture, Lahore, 1989 Edition p 136, 137
(۹) تشکیلِ جدید الٰہیاتِ اسلامیہ، ترجمہ نذیر نیازی، مطبوعہ بزمِ اقبال کلب روڈ لاہور، طبع سوئم مئی ۱۹۸۶ء، ص ۲۶۴ ۔ ۲۶۶
(۱۰) آل عمران ۳۲، النساء ۸۰، ۶۵، ۵۹، محمد ۳۳، الاحزاب ۳۶ وغیرہ
(۱۱) النجم ۳، ۴
(۱۲) التوبہ ۴۳، التحریم ۱، عبس ۱ ۔ ۱۰ وغیرہ
(۱۳) المائدہ ۳۸
(۱۴) النور ۲
(۱۵) البقرہ ۱۷۸
(۱۶) النور ۴، ۵
(۱۷) المائدہ ۳۲
(۱۸) "Times" July 22, 1991
(بشکریہ سہ ماہی ’’فکر و نظر‘‘ اسلام آباد)

انسانی حقوق کا مغربی تصور سیرتِ طیبہؐ کی روشنی میں

مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

(۲۷ و ۲۸ نومبر ۱۹۹۴ء کو مظفر آباد میں حکومت آزاد کشمیر کے زیراہتمام منعقدہ سیرت کانفرنس میں پڑھا گیا)

بعد الحمد والصلوٰۃ۔ صدر ذی وقار، معزز مہمان خصوصی اور قابل صد احترام شرکاء سیرت کانفرنس! جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے کہ اسلام کی دعوت اور پیغام کو مخاطب کی زبان میں اس کی ذہنی سطح اور نفسیات کے مطابق پیش کیا جائے۔ مکہ مکرمہ کے قریشی سردار جب جناب رسول اللہؐ کی دعوت توحید کے اثرات سے پریشان ہو کر جرگے کی صورت میں آنحضرتؐ کے پاس آئے اور پوچھا کہ آخر آپؐ کی دعوت کا مقصد کیا ہے اور آپ کیا کہنا چاہتے ہیں؟ تو رسول اکرمؐ نے ان کے مزاج و نفسیات اور ذہنی سطح کو سامنے رکھتے ہوئے یہ جواب دیا کہ

’’میں ایک ایسا کلمہ تمہارے سامنے پیش کر رہا ہوں کہ اگر تم اسے قبول کر لو تو عرب و عجم تمہارے تابع ہوں گے۔‘‘

جناب نبی اکرمؐ کو معلوم تھا کہ یہ لوگ غلبہ، قوت اور اقتدار کے سوا کسی اور زبان کو نہیں سمجھتے اس لیے آپؐ نے انہی کی زبان میں دعوت اسلام کے نتائج و فوائد سے انہیں آگاہ کیا۔ اور یہ بات خلاف واقعہ بھی نہ تھی اس لیے کہ اسلام کی دعوت کو قبول کرنے کے بے شمار نتائج و منافع میں سے ایک منفعت یہ بھی تھی۔ چونکہ سوال کرنے والوں کے ہاں اس منفعت کی اہمیت زیادہ تھی اس لیے آنحضرتؐ نے اسی کا حوالہ دے کر ان کے سوال کا جواب مرحمت فرمایا۔

اس پس منظر میں آج کے دور میں دعوتِ اسلام کی ضروریات اور تقاضوں کا جائزہ لیا جائے اور جناب رسالت مآبؐ کی سیرت طیبہ کو نسل انسانی کے سامنے پیش کرنے کے لیے ترجیحات پر غور کیا جائے تو ضروری معلوم ہوتا ہے کہ انسانی حقوق کے بارے میں قرآن کریم کی تعلیمات اور رسول اکرمؐ کے ارشادات و احکام کو زیادہ اہمیت کے ساتھ منظر عام پر لایا جائے۔ اور انسانی معاشرہ کو بتایا جائے کہ انسانی حقوق کے تعین اور تحفظ کا جو معیار اور دائرہ کار اللہ تعالیٰ کے آخری پیغمبر نے کم و بیش ڈیڑھ ہزار سال قبل دنیا کے سامنے پیش کیا تھا، انسانی عقل تدریج و ترقی کے تمام مراحل طے کرنے اور مختلف نظام ہائے زندگی کا تجربہ کرنے کے باوجود اس کا کوئی متبادل سامنے نہیں لا سکی، اور انسانی معاشرہ ایک بار پھر پریشانی اور اضطراب کے عالم میں اپنے مسائل و مشکلات کے حل کے لیے کسی مسیحا کے انتظار میں ہے۔

آج کی دنیا میں ’’انسانی حقوق‘‘ کی زبان سب سے زیادہ توجہ کے ساتھ سنی جانے والی زبان ہے، جبکہ ورلڈ میڈیا اور لابیوں نے اسے صرف زبان کی حد تک نہیں رہنے دیا بلکہ وقت کا موثر ترین ہتھیار بنا دیا ہے جو عالم اسلام اور تیسری دنیا کی اقوام کے خلاف مغرب کے ہاتھوں میں کامیابی کے ساتھ استعمال ہو رہا ہے۔ اور مغرب جسے چاہتا ہے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر اور جنیوا کنونشن کی قراردادوں کے شکنجے میں جکڑ کر انسانی حقوق کی چھری کے ساتھ ذبح کر دیتا ہے۔

حضراتِ محترم! مغرب انسانی حقوق کے حوالہ سے جتنے بلنگ بانگ دعوے کر لے، مگر انسانی حقوق اور فری سوسائٹی کے مغربی تصور پر مبنی سولائزیشن نے نتائج و ثمرات کے لحاظ سے آج جو روپ دھار لیا ہے اس نے خود مغربی دانش وروں کو حیران و ششدر کر دیا ہے اور مغربی معاشرہ میں جنسی انارکی اور فیملی سسٹم کی تباہی نے گورباچوف جیسے مدبر کو یہ لکھنے پر مجبور کر دیا ہے کہ ہم نے عورت کو گھر سے نکال کر غلطی کی ہے اور اب اسے گھر واپس لے جانے کا کوئی راستہ نظر نہیں آرہا۔

دراصل مغرب حقوق و فرائض میں توازن قائم رکھنے اور ان کے درمیان حد فاصل قائم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ جبکہ جناب رسول اللہؐ نے حقوق اور فرائض کو نہ صرف یکجا ذکر کیا بلکہ ان کے درمیان ایسا حسین توازن قائم کر دیا جو گاڑی کے دو پہیوں کی طرح انسانی زندگی کا یکساں بوجھ اٹھا سکتا ہے اور اسے لے کر کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ سکتا ہے۔ مگر مغرب نے حقوق و فرائض کو آپس میں گڈمڈ کر دیا اور ان کے درمیان کوئی خط امتیاز قائم نہ رہنے دیا جس کی وجہ سے انسانی معاشرہ ذہنی انتشار اور فکری انارکی کی آماجگاہ بن کر رہ گیا ہے۔ مثلاً

یہ چند مثالیں یہ بات واضح کرنے کے لیے پیش کی گئی ہیں کہ مغرب نے ’’حقوق و فرائض‘‘ کو خلط ملط کر کے انسانی معاشرہ کی گاڑی کے دونوں پہیوں کا توازن بگاڑ دیا ہے جس کی وجہ سے گاڑی مسلسل لڑکھڑاتی چلی جا رہی ہے۔ جبکہ جناب رسالت مآبؐ نے حقوق و فرائض میں توازن قائم کیا اور اس کا عملی نمونہ خلافت راشدہ کی صورت میں پیش کر کے دنیا کو دکھا دیا ۔

سامعین گرامی قدر! مغرب سے انسانی حقوق کے حوالہ سے دوسری بنیادی غلطی یہ ہوئی کہ حقوق کے تعین کا معیار قائم کرنے میں اس کی نگاہ انسانی معاشرے کی وسیع تر ضروریات کا احاطہ نہ کر سکی۔ مغرب نے حق کے تعین میں معیار یہ پیش کیا کہ ہر شخص کو اپنی مرضی پر عمل کرنے کا حق ہے، جب تک کہ دوسرے شخص کی آزادی متاثر نہ ہو۔ اس طرح مغرب نے حق و ناحق اور جائز و ناجائز کے تعین میں شخصی مفادات و ضروریات میں ہم آہنگی یا ٹکراؤ کو بنیاد بنایا اور اس سے آگے نسل انسانی اور انسانی معاشرہ کی اجتماعی ضروریات و مفادات تک اس کی نگاہ نہ جا سکی جس کا خمیازہ مغرب کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ مثلاً

ان گزارشات کا مقصد یہ ہے کہ جناب رسول اکرمؐ کی سیرت طیبہ کے حوالہ سے ہمیں آج کھلے دل و دماغ کے ساتھ انسانی حقوق کے مغربی تصور کا جائزہ لینا چاہیے اورا س کے وسیع تر پراپیگنڈہ سے مرعوب ہونے کی بجائے اس کے کھوکھلے پن کو تقابلی مطالعہ کے ساتھ سامنے لا کر اسلامی تعلیمات و احکام کو واضح کرنا چاہیے۔ تاکہ مشکلات و مصائب کے صحرا میں بھٹکتی ہوئی انسانیت کی اسوۂ حسنہ کے شفاف اور خوش ذائقہ سرچشمۂ حیات کی طرف راہنمائی کی جا سکے۔

حضرات گرامی قدر! مغرب اور انسانی حقوق کے حوالہ سے گفتگو چلی ہے تو مناسب معلوم ہوتا ہے کہ انسانی حقوق کے فلسفہ کی فکری بنیادوں سے ہٹ کر اس کے واقعاتی پہلوؤں پر بھی کچھ معروضات پیش کر دی جائیں۔ بالخصوص اس تضاد اور دوعملی کے پس منظر میں جو مغرب نے عالم اسلام کے بارے میں اختیار کر رکھا ہے۔ اور جس نے یہ بات پوری طرح واضح کر دی ہے کہ مغرب کے نزدیک ’’انسانی حقوق‘‘ کسی فلسفہ یا اصول کا نام نہیں بلکہ یہ محض ایک ہتھیار ہے جو اس نے مخالف اقوام پر غلبہ حاصل کرنے کے لیے اختیار کر رکھا ہے، ورنہ

چنانچہ مسلم علماء اور دانشوروں کو چاہیے کہ وہ حوصلہ اور اعتماد کے ساتھ آگے بڑھیں اور دنیا کو منطق و استدلال کے ساتھ بتائیں کہ انسانی حقوق کا حقیقی فلسفہ اور متوازن نظام وہی ہے جو جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم نے دنیا کے سامنے پیش فرمایا اور آج بھی انسانی معاشرہ کی فلاح و کامیابی اسی نظام کو اپنانے پر منحصر ہے۔

میں، مغرب اور مغرب پرست طبقہ

عمران خان

میں اس وقت سوچ میں پڑ جاتا ہوں جب میڈیا کا ایک مخصوص گروپ ایسے روایتی مغرب مخالف بنیاد پرست کے طور پر میری تصویر کشی کرتا ہے جو سیاسی قوت حاصل کرنے کے لیے پند و نصائح کر رہا ہے۔ یہ سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے لیے آخری ۱۲ کروڑ جمع کرنے کی غرض سے مجھے عوام کے پاس جانا پڑا۔ اگر تاجر برادری اقتصادی بدحالی کی شکایت نہ کرتی، یا بال ٹمپرنگ کا تنازعہ کھڑا نہ ہوتا، تو مجھے ملک کے طول و عرض میں ۴۵ دن کا وعدہ کر کے عوام، دکانداروں اور طالب علموں، جو میری اصل قوت ہیں، سے مدد مانگنے کی ضرورت پیش نہ آتی۔ اس دورے کے دوران میں نے اپنے آپ کو طالب علموں کے لیے ایک مثالی کردار کے طور پر استعمال کیا تاکہ انہیں اپنی ثقافت پر فخر ہو اور انہیں قومی عزتِ نفس کا احساس دیا جائے۔ اس کام کے لیے میں نے ’’براؤن صاحب‘‘ کے کلچر پر حملہ کیا جو سامراجی باقیات اور ایک گہری جڑوں والے احساس کمتری سے نمو پذیر ہوا۔ میں نے اپنے نوجوانوں کو یہ احساس دینے کی کوشش کی کہ زندگی کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ جب تک آپ اپنی عزت نہیں کریں گے کوئی آپ کی عزت نہیں کرے گا۔
چنانچہ اگر ہمارا مغربیت پرست طبقہ مغربی ثقافت کی نقل کرتا ہے اور اپنے ہی لوگوں سے نالاں ہے تو وہ دنیا میں وقار حاصل کرنے کی توقع کیسے کر سکتا ہے؟ کسی حقیقی نمونۂ مصوری کی نقل چاہے کتنی ہی اچھی کیوں نہ ہو وہ ہمیشہ نقل ہی کہلائے گی۔ اگر ہم یہ فرض کریں کہ برطانوی اعلیٰ طبقہ عربوں کی طرح کا لباس پہننا شروع کر دے، ان کی زبان بولے، اور اپنی ثقافت کو تحقیر کی نظر سے دیکھے، اور اپنے ہم وطنوں کو ادنیٰ سمجھے تو ہم ان کے بارے میں کیا سوچیں گے؟ جب میں اپنے نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے انگلش کو بطور زبان سیکھیں لیکن انگریز بننے کی کوشش نہ کریں، تو میں انگلش یا مغرب پر حملہ نہیں کر رہا ہوتا بلکہ میں انہیں صرف عزتِ نفس کا احساس دلانے کی کوشش کر رہا ہوتا ہوں۔
میں نے مغرب میں زندگی کی ۲۰ بہاریں گزاریں، میں ان کی ثقافت کی کمزوریوں اور استحکام کو سمجھتا ہوں۔ میں ’’براؤن صاحبان‘‘ سے وہاں پر مختلف ہو جاتا ہوں کیونکہ میں انہیں اپنے سے برتر یا اپنا آقا نہیں سمجھتا۔ میرے خیال میں ان کے ساتھ ہمارا رشتہ آقا اور غلام کی بجائے پروفیسر اور طالب علم جیسا ہونا چاہیے۔ جیسے یورپی لوگوں نے مسلم اسپین کی یونیورسٹیوں سے علم سیکھا اور وہی علم ان کی نشاۃِ ثانیہ کا باعث بنا۔ اسی طرح ہمیں بھی مغرب سے انسانی حقوق، اہلیت، قابلیت اور صلاحیتوں کی قدر دانی کا وطیرہ سیکھنا چاہیے نہ کہ وی آئی پی کلچر۔
اس کے ساتھ ہمیں خدا کی بجائے مادیت کی پرستش جیسی کمزوریوں کو بھی جاننا چاہیے، اور خصوصاً خاندانی نظام کے ٹوٹنے کو جب جان میجر ’’اساس کی جانب مراجعت‘‘، یا جارج بش خاندانی اقدار کے بارے میں بات کرتے ہیں، تو دراصل وہ دونوں ہی خاندانی اکائی ٹوٹنے کے تباہ کن اثرات پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔ میرے خیال میں جب ۱۹۶۰ء کی دہائی کی لذت پرستانہ جنسیت، منشیات، راک این رول کلچر، اور غیر اخلاقی پن کی تحسین شروع ہوئی تو خاندان کی اکائی ٹوٹ گئی۔ جبکہ وکٹورین انگلینڈ کے دوران برطانیہ خوفِ خدا رکھنے والا اخلاقی معاشرہ تھا۔
میں اپنی نوجوان نسل کو بتانا چاہتا ہوں کہ غیر اخلاقی پن میں اضافے کو ترقی کا نام نہیں دیا جا سکتا۔ میری خواہش ہے کہ وہ بھی پاپ کلچر کی چکاچوند کے پس پردہ دیکھیں، جیسے میں دیکھتا ہوں، انہیں گمشدہ جذبوں کی ایک داستان ملے گی۔ میں پاکستانی خواتین کو بھی خبردار کرنا چاہتا ہوں کہ وہ بھی آزادئ نسواں کے درآمد شدہ تصورات کے بارے میں بات کرتے ہوئے تنقیدی رویہ اختیار کریں۔ انہیں اس بات کا احساس کرنا چاہیے کہ ماں، جو اسلام میں نہایت قابلِ عزت ہے، کے رتبے کی تحقیر کر کے آزادئ نسواں کی تحریکوں اور مردوں کی ہمسری کرنے کی کوشش نے مغرب میں خاندانی نظام کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ کچھ مغربی خواتین کے مطابق سر پر چادر لینے کا مطلب عورت کی آزادی سلب کر لینا ہے، لیکن کیا اس وقت عورت کا استحصال نہیں ہوتا جب مصنوعات فروخت کرنے کے لیے اسے نیم عریاں ہو کر بل بورڈز پر جانا پڑتا ہے؟ اگر مختصر ترین کپڑے پہننا ہی ترقی ہے تو زمانہ قبل از تاریخ کی عورتیں کہیں زیادہ جدید تھیں، کیونکہ وہ بالکل برہنہ تھیں۔
اگر ہمارے مغربیت پرست طبقے ایسے احساس کمتری میں مبتلا نہ ہوتے، اور اسلام کے بارے میں ان کا علم ناکافی نہ ہوتا، تو ہو سکتا تھا کہ خاندان بحال کرنے کی لڑائی میں ہم مغربی معاشرے کی مدد کرنے کے قابل ہوتے۔ مشاہدہ سے یہ پتہ چلا ہے کہ بچوں کے ذہن پر طلاق کے کیسے خوفناک اثرات مرتب ہوتے ہیں، اور وہ تعلیم میں ان بچوں سے پیچھے رہ جاتے ہیں جو ایک مضبوط خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ جنوبی کوریا اور جاپان میں تعلیمی نتائج دنیا بھر میں سب سے بہتر ہیں، اور تحقیق سے پتہ چلا کہ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ان ملکوں میں خواتین اعلیٰ بنیادی تعلیم یافتہ ہیں اور اس وقت تک گھروں ہی میں رہتی ہیں جب تک بچے سکول جانے کی عمر تک نہیں پہنچ جاتے۔
اگر ترقی کا راز کسی اجنبی ثقافت کی نقل کرنے میں مضمر ہے تو ترکی کو اس وقت سپر طاقت ہونا چاہیے تھا۔ اتاترک نے شاندار ماضی کے ساتھ ترکوں کے بندھن کو زیادہ مضبوط نہیں کیا، اور نتیجتاً اسے دوسرے درجے کی یورپی قوم بنا دیا گیا، حالانکہ بار بار درخواست کے باوجود آج بھی اسے یورپی براری میں شامل کرنے کے قابل نہیں خیال کیا جاتا۔ میں نے عزتِ نفس کے بارے میں بات کی ہے جس کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ تاہم مغرب کی مخالفت کر کے بھی ترقی کرنا ممکن نہیں۔
شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال نے یہ عیاں کر دیا کہ پاکستانی عوام قومی مقاصد کی حمایت کریں گے۔ اور میں یہ واضح طور پر محسوس کرتا ہوں کہ ہمیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا چاہیے۔ مجھے اس وقت شدید نفرت محسوس ہوتی ہے جب ہمارے بعض لیڈر یا اعلیٰ طبقہ یہ سمجھتا ہے کہ غیر ممالک کے تلوے چاٹ کر ہمیں کچھ امداد مل جائے گی اور ہم ترقی کر لیں گے۔ ہمیں بھارت کی جانب دیکھنا اور سمجھنا چاہیے کہ سرد جنگ کے دوران سوویت روس کا حامی ہونے کے باوجود مغرب اس کی مدد کر رہا ہے (اس کی تازہ ترین مثال ڈگلس ہرڈ کا بھارت کے حق میں حالیہ بیان ہے)۔ اس کی وجہ بھارت کی خود انصاری ہے۔ اگر ہم خود کو ذلیل کرنا چاہتے ہیں تو یہ مغرب کا قصور نہیں، دوستی تو برابری کی سطح پر ہوتی ہے، کیا کوئی گداگروں کو دوست بناتا ہے؟
مجھے یہ معلوم نہیں کہ میری روحانی وابستگی کی وجہ سے مخصوص حلقوں کو اتنی تشویش کیوں لاحق ہوئی ہے۔ علامہ اقبال کے تصورِ شاہین کی طرح میں یہ سمجھتا ہوں کہ اسلام کو گہرائی میں جا کر سمجھنے کے بعد میں اپنی ذاتی خواہشات پر قابو پانے کے قابل ہو گیا ہوں، اور یوں میری حقیقی اہلیت ظاہر ہو گئی ہے۔ ہم زندگی میں اپنی اہلیت کو محدود کر لیتے ہیں، ہم اس وقت تک اقبال کا شاہین نہیں بن سکتے جب تک ہماری دنیا ہماری ذاتی خواہشات کے تابع ہے۔ یہ خدا پر اعتقاد ہی ہے جو انسان کو ایک مثالیت پسند اور ناممکنات سے لڑنے کے قابل بناتا ہے۔ الحاد ظاہر پرستی کی جانب لے جاتا ہے جس کا نتیجہ قنوطیت کی صورت میں برآمد ہوتا ہے۔ ماضی میں کسی بھی مرحلے پر میں نے شاہین یا درویش ہونے کا دعوٰی نہیں کیا، صرف زندگی کی صحیح راہ دکھانے پر خدا کا شکر ادا کیا۔ میرا اسلام دوسروں کے نظریات کو برداشت کرتا ہے اور قرآن کی اس آیت پر یقین رکھتا ہے ’’دین میں کوئی زبردستی نہیں‘‘۔ اگر اسلام کو پھیلانا مقصود ہے تو اس کے لیے خود مثال بننا پڑے گا، جیسا کہ ہمارے محمد صلی اللہ علیہ وسلم یا برصغیر کے عظیم بزرگانِ دین نے کیا، جو عظیم انسان تھے۔ پاکستان کے مغربیت پرست آزاد رو ملحدوں کے لیے میرے پاس حقارت کے سوا کچھ نہیں، جو اسلام کے بارے میں بات کرنے والوں کو برداشت نہیں کرتے۔ اس کی وجہ ان کا احساسِ کمتری، درآمد شدہ خیالات اور رویے ہیں۔
آخر میں، میں مخصوص حلقوں کی جانب سے اپنی اس تصویر کشی کے بارے میں بات کرنا چاہتا ہوں جس میں مجھے جنرل حمید گل کے ہاتھوں ایک روبوٹ کے طور پر پیش کیا گیا۔ جہاں تک جنرل حمید گل کا تعلق ہے تو میں ان کے بارے میں بہت اچھی رائے رکھتا ہوں۔ کیونکہ چار سال قبل کور کمانڈر ملتان کی حیثیت سے انہوں نے شوکت خانم میموریل ہسپتال کے لیے نہ صرف فنڈ جمع کرنے کا بندوبست کیا بلکہ اپنی ایک ماہ کی تنخواہ بھی بطور عطیہ دی۔ اگر افغانستان میں سوویت روس کے خلاف ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے جرمن انہیں ’’دیوارِ برلن کی اینٹ‘‘ قرار دے سکتا ہے، تو میں ان کا ہم وطن ہونے کے ناتے ان پر فخر کیوں نہیں کر سکتا؟ لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں ان کے ہاتھوں استعمال ہو رہا ہوں۔
۱۹۸۷ء کے بعد سے مجھے مختلف سیاسی دھڑوں کے ہاتھوں استعمال ہونے کے متعدد مواقع میسر آئے۔ اگر میں نے ایسا کرنا ہوتا تو تب ہی کر لیتا۔ اور کیا میں اتنا کم عقل ہوں کہ یہ بھی نہیں سمجھتا کہ سیاست میں جانے کے لیے مجھے کسی کے سہارے کی ضرورت نہیں۔ خاص طور پر ’’فالتو سامان اٹھائے ہوئے لوگوں کی‘‘ یا جو خود میرے اوپر بوجھ بن سکتے ہیں۔ میں جانتا ہوں کہ میں ایک ایسے سیاسی نظام میں شامل نہیں ہو سکتا جس میں کسی کو انتخاب لڑنے کے لیے بھاری رقم کی ضرورت ہو۔ میں امریکی نظام سے بھی متفق نہیں ہوں جہاں ایک سینٹر کو بھی انتخاب لڑنے کے لیے ۱۴ ملین ڈالر کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ بعد میں اسے یہ رقم پوری بھی کرنا ہے، عموماً اصولوں کی قربانی پر۔ میں پارلیمانی جمہوریت میں پارٹی سسٹم سے بھی پوری طرح مطمئن نہیں کیونکہ اس میں پارٹی ڈسپلن کے نام پر سچائی کو چھپانا یا عوام کو جھوٹ بتانا پڑتا ہے۔ اور یوں بھی جتنی عزت، محبت اور احترام، عوام کا اعتماد اور شناخت مجھے آج میسر ہے، کیا وزارتِ عظمیٰ کے بعد اس میں اضافہ ممکن ہے؟ کیا اس ملک میں کوئی ایسا وزیر اعظم تھا یا ہے جس کی اپیل پر لوگ اس طرح لبیک کہیں اور اپنے پیٹ کاٹ کر کروڑوں پیش کر دیں؟
چنانچہ میں فلاحی کاموں میں اپنے لوگوں کی خدمت کر سکتا ہوں، اور حکومتوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ مجھ سے خوف کھانے کی بجائے میری مدد کریں۔ ’’براؤن صاحبان‘‘ کے لیے میں صرف یہ تنبیہ کرنا چاہتا ہوں کہ اگر مغربیت کا شکار اعلیٰ طبقے اور عوام کے درمیان حائل خلیج بہت زیادہ وسیع ہو گئی تو ہمیں الجیریا اور ایران کی صورتحال کو ذہن میں رکھنا چاہیے جہاں انقلابات بنیادی طور پر تو کلچرل تھے لیکن ان کا اظہار اسلام کی صورت میں ہوا۔
(بشکریہ روزنامہ جنگ، لاہور ۔ ۲۰ جنوری ۱۹۹۵ء)

ماہِ صیام

سرور میواتی

علتِ عصیاں کی لے کر ادویہ ماہِ صیام

مرحبا صد مرحبا لو آگیا ماہِ صیام


جس قدر ممکن ہو اس کی میہمانی کیجئے

آگیا قسمت سے مہمانِ خدا ماہِ صیام


طاعت و زہد و ریاضت میں گزارو رات دن

مغفرت کا لے کے مژدہ آگیا ماہِ صیام


خالقِ کونین کی جانب سے ہر ہر خیر کا

دینے آیا ہے صلہ صدہا گنا ماہِ صیام


اس کی بدبختی پہ روتے ہیں زمین و آسماں

ذہن سے اپنے دیا جس نے بُھلا ماہِ صیام


کذب و غیبت سے لیا جس شخص نے دامن بچا

اس کا دامن رحمتوں سے بھر گیا ماہِ صیام


پاک کر لیں آنسوؤں سے دامن تر دامنی

دینے آیا ہے ندامت کا صلہ ماہِ صیام


خالقِ کونین کے الطاف و انعامات سے

ہے بھرا از ابتدا تا انتہا ماہِ صیام


اک شب قدر اس کی بہتر ہے ہزاروں ماہ سے

مصطفٰیؐ کی ہے دعاؤں کا صلہ ماہِ صیام


جس نے استغفار و توبہ میں گزارے روز و شب

کر گیا دارین میں اس کا بھلا ماہِ صیام


مومنوں کے دل میں بھر جاتا ہے آ کر ہر برس

طاعتِ یزداں کا جوش و ولولہ ماہِ صیام


کوئی لمحہ بھی نہ گزرے دیکھ بے یادِ خدا

دے رہا ہے تجھ کو سرور یہ ندا ماہِ صیام

مدرسہ نصرۃ العلوم: تعارف، خدمات، ضروریات

ادارہ

مدرسہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ شہر میں قرآن و سنت، فقہ اسلامی اور دیگر دینی علوم و فنون اور اخلاقی تعلیم و تربیت کا ایک بڑا مثالی مرکز اور عظیم درسگاہ ہے جو شرک و بدعت، بے دینی، مغربیت کے ملعون الحاد و دہریت سے متاثرہ ماحول میں، نیز سرمایہ داری کے تکبر و تعیش اور اشتراکیت کی اباحیت و بے راہروی اور شرائع الٰہیہ سے انکار کے طوفانی فتنوں میں گھرے ہوئے گرد و پیش میں قرآن و سنت، خلفائے راشدینؓ، صحابہ کرامؓ، ائمہ دینؒ و سلف صالحینؒ، اولیائے امتؒ اور علماء حق کی روش پر اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے گزشتہ ۴۳ سالوں سے خدمت سر انجام دے رہا ہے۔ یہ دینی مرکز تمام متدین اور مخلص مسلمانوں سے جو قرآن و سنت اور صحابہ کرامؓ و سلف صالحینؒ کے طرز و فکر کو جاری رکھنے کی آرزو رکھتے ہیں، ایسے تمام اہلِ حق سے نصرۃ العلوم تعاون کا طلبگار ہے جس کی ابتدا سے آج تک مختصر روئیداد حسبِ ذیل ہے:

مدرسہ کا آغاز

آج سے ۴۳ سال قبل ۱۳۷۲ھ بمطابق ۱۹۵۲ء میں نہایت بے سروسامانی کی حالت میں محض اللہ رب العزت کے توکل پر والد محترم مفسر قرآن حضرت مولانا صوفی عبد الحمید خان سواتی مدظلہ العالی (فاضل دارالعلوم دیوبند و فاضل دارالمبلغین لکھنؤ و فاضل نظامیہ طیبہ کالج حیدر آباد دکن) نے مدرسہ نصرۃ العلوم و جامع مسجد نور کی بنیاد رکھی۔

مدرسہ کے شعبہ جات

ابتدائی چند سالوں میں ابتدائی اور وسطانی تعلیم ہوتی رہی، اللہ تعالیٰ نے اس کو شرفِ قبولیت بخشا اور تھوڑے ہی عرصہ یعنی چار سال بعد ۱۹۵۶ء میں دورۂ حدیث کا آغاز ہوا تو اس وقت سے آج تک درسِ نظامیہ کی مکمل تعلیم ہوتی ہے، اور ساتھ ہی تجوید اور حفظِ قرآن کریم کی تعلیم بھی کافی وسیع پیمانہ پر ہوتی ہے، اور چوبیس (۲۴) سال سے بچیوں کے لیے شعبہ تعلیم النسواں کام کر رہا ہے جو پہلے پرائمری تک تھا اور اب مڈل تک ہو چکا ہے۔ اسی طرح بچوں کے لیے بھی انیس (۱۹) سال سے شعبہ تعلیم الاطفال کام کر رہا ہے۔ یہ پہلے پرائمری تک تھا اور اب مڈل ہو چکا ہے۔ ۱۹۸۶ء سے مدرسہ میں مقامی بچیوں کے لیے بھی قرآن پاک، تفسیر و حدیث اور ضروری درسِ نظامیہ کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ ۱۹۷۶ء سے سالانہ تعطیلات، شعبان و رمضان میں دورۂ تفسیر کا آغاز ہوا اور آج تک اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہ سلسلہ بھی جاری و ساری ہے۔ دورۂ تفسیر قرآن کریم امام اہلِ سنت شیخ الحدیث والتفسیر حضرت مولانا محمد سرفراز خان صاحب صفدر مدظلہ پڑھاتے ہیں۔ ہر سال دورۂ حدیث شریف سے تقریباً ساٹھ ستر حضرات علماء کرام فارغ ہو کر سندِ فراغت حاصل کرتے ہیں۔

مدرسہ کی تعلیمی خدمات

اس لحاظ سے اب تک تقریباً ساٹھ ہزار (۶۰۰۰۰)  سے زائد طلباء و طالبات نے مدرسہ نصرۃ العلوم میں تعلیم حاصل کی ہے، جن میں پاکستان کے علاوہ سعودی عرب، برطانیہ، چین، ایران، بنگلہ دیش، برما، افغانستان، ملائیشیا، بھارت، روس، مقبوضہ کشمیر، تھائی لینڈ، جنوبی افریقہ، آئی لینڈ، ترکی، تیونس، تاجکستان وغیرہ ممالک کے طلباء بھی کثیر تعداد میں تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔

مدرسہ میں مختلف شعبہ جات سے مکمل فراغت حاصل کرنے والوں کی تعداد درج ذیل ہے: دورۂ تفسیر (۴۴۰۰)، دورۂ حدیث (۱۰۲۱)، تجوید (۲۶۶)، حفظِ قرآنِ مجید (۲۵۲)، پرائمری لڑکے (۳۵۰)، پرائمری لڑکیاں (۴۳۰)، مڈل لڑکے (۳۰۰)، مڈل لڑکیاں (۴۸)، درسِ نظامی لڑکیاں ۱۶۲۔

اس وقت مدرسہ میں تعلیم حاصل کرنے والوں کی کل تعداد سولہ سو (۱۶۰۰) سے متجاوز ہے۔

مدرسہ کی عمارت

مدرسہ نصرۃ العلوم کی تین منزلہ عمارت ہے جس میں بیرونی طلباء کی اقامت کے لیے تقریباً پچاس (۵۰) کمرے ہیں اور دارالحدیث والتفسیر، دارالافتاء، دارالاہتمام، کتب خانہ، مہمان خانہ، باورچی خانہ اور مدرسہ میں مقیم طلباء کے اکٹھے کھانا کھانے کے لیے ایک وسیع ہال بھی تعمیر کیا گیا ہے۔ تعلیم الاطفال مڈل کے لیے تین منزلہ ایک مستقل عمارت ہے اور تعلیم النسواں مڈل کے لیے بھی ایک تین منزلہ عمارت ہے۔ اسی طرح تعلیم النسواں درسِ نظامی کے لیے بھی ایک مستقل عمارت ہے۔

داالافتاء

مدرسہ میں دارالافتاء کا شعبہ بھی ہے جس میں اس وقت دو فاضل مفتی صاحبان اندرون و بیرون ممالک سے آئے ہوئے سوالات کے جوابات میں فتاویٰ جاری کرتے ہیں۔ اب تک مدرسہ سے درج شدہ چھ ہزار (۶۰۰۰) فتوے جاری ہو چکے ہیں۔

ادارہ نشر و اشاعت

مدرسہ کے تحت ایک ادارہ نشر و اشاعت بھی ہے جس کے تحت اب تک اسی (۸۰) سے زائد علمی و تبلیغی کتب شائع ہو چکی ہیں۔ یہ کتب بہت مفید ہیں اور بعض کتب کے اب تک کافی ایڈیشن شائع ہو چکے ہیں۔ شیخ الحدیث والتفسیر حضرت مولانا ابو الزاہد محمد سرفراز خان صاحب صفدر مدظلہ کی بیشتر علمی و تحقیقی کتب جو فرق باطلہ، ضالہ، مبتدعہ کے رد میں ہیں، ابتداءً ادارہ نشر و اشاعت مدرسہ نصرۃ العلوم سے ہی شائع ہوئی تھیں۔ ان کے علاوہ امام اعظم ابوحنیفہؒ، امام طحاویؒ، امام شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ، شاہ عبد العزیزؒ، شاہ رفیع الدینؒ، حضرت مولانا محمد قاسم نانوتویؒ، مولانا ابو الکلام آزادؒ، شیخ الاسلام مولانا سید حسین احمد مدنیؒ، اور حضرت مولانا حسین علیؒ آف واں بچھراں جیسے اکابر اہلِ علم کی مختلف کتابوں کے تراجم، اور حضرت مولانا صوفی عبد الحمید صاحب سواتی مدظلہ، مولانا عبد القدیر محدث کیمبل پوریؒ، مولانا حافظ حبیب اللہ ڈیروی مدظلہ، مولانا ابوعمار زاہد الراشدی مدظلہ اور مولانا محمد فیاض خان سواتی کی تصنیفات بھی ادارہ نشر و اشاعت مدرسہ نصرۃ العلوم کے زیر اہتمام شائع ہو چکی ہیں۔ اکابر و اسلاف کی علمی و تحقیقی اور نایاب کتب کو شائع کرنے میں مدرسہ نصرۃ العلوم کو تمام مدارس پاکستانیہ پر فوقیت حاصل ہے۔ آئندہ بھی اس قسم کی کتب کی اشاعت ہمارے پروگرام میں داخل ہے۔ اسی سلسلہ میں امام شاہ عبد العزیز محدث دہلویؒ کی مشہور زمانہ تفسیر عزیزی فارسی کا بعض نایاب قلمی حصہ (تقریباً پانچ پارے از سورۃ المومنون تا سورۃ یس مکمل) بھی ادارہ نشر و اشاعت مدرسہ نصرۃ العلوم شائع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

لائبریری

مدرسہ میں ایک تین منزلہ لائبریری بھی ہے جس میں علماء و طلباء کے مطالعے کے لیے دس ہزار سے زائد کتابیں موجود ہیں۔

مدرسہ کا تعلیمی و انتظامی عملہ اور اخراجات

درس نظامی کے اساتذہ (۱۵)، حفظ و تجوید کے اساتذہ (۷)، شعبہ تعلیم الاطفال مڈل کے اساتذہ (۹)، شعبہ تعلیم النسواں مڈل کی معلمات (۹)، شعبہ تعلیم النسواں درس نظامی کی معلمات (۵)۔ ان کے علاوہ ناظم، محاسب، سفارت، باورچی، چوکیدار، ڈرائیور وغیرہ کے عملہ میں پچیس (۲۵) افراد کام کرتے ہیں۔ جبکہ مدرسہ کا کل عملہ ۷۰ افراد پر مشتمل ہے جن کا ماہانہ خرچ اوسطاً ڈیڑھ لاکھ (۱۵۰۰۰۰) روپے ہے۔ مدرسہ نصرۃ العلوم میں اڑھائی تین صد بیرونی طلباء کو مدرسہ سے دو وقت کھانا دیا جاتا ہے۔ کھانا تیار کرنے کے لیے ایک باورچی خانہ ہے جس میں تین باورچی اور ایک قصاب کام کرتا ہے۔ باورچی خانہ کا ماہانہ خرچ اوسطاً پچاس ہزار (۵۰۰۰۰) روپے ہے۔ کھانے کے علاوہ طلباء کرام کو نقد ماہانہ وظیفہ بھی دیا جاتا ہے جو کہ ماہانہ اوسطاً تیس ہزار (۳۰۰۰۰) روپے بنتا ہے۔ علاوہ ازیں ان طلباء کو تعلیم کے علاوہ رہائش کی سہولتیں، سالانہ دو جوڑے کپڑے اور کتب بھی عاریتاً فری مہیا کی جاتی ہیں، اور بیماری کی صورت میں طلباء کا علاج معالجہ بھی کرایا جاتا ہے۔ اس لحاظ سے مدرسہ کا سالانہ خرچہ تقریباً پینتیس لاکھ (۳۵۰۰۰۰۰) روپے ہے جو محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور آپ حضرات کے پُرخلوص تعاون سے پورا ہوتا ہے۔ تاہم اب بھی وقت کی ناسازگاری، مہنگائی اور وسائل کی انتہائی کمی کے باعث بہت سی اہم ضرورتیں پوری نہیں ہو رہیں، مثلاً :

یہ تمام امور وسائل کے قلیل ہونے کی وجہ سے تشنۂ تکمیل ہیں۔


تعارف و تبصرہ

ادارہ

دروس الحدیث

حضرت مولانا صوفی عبد الحمید سواتی دامت برکاتہم کو اللہ رب العزت نے حکمتِ ولی اللٰہی کی روشنی میں اسلامی عقائد و احکام کی وضاحت کا جو خصوصی ذوق عطا فرمایا ہے وہ اس دور میں دینی مطالعہ کے شائقین کے لیے نعمتِ خداوندی ہے، اور مدرسہ نصرۃ العلوم کے طلبہ اور گوجرانوالہ کے شہریوں کے علاوہ ملک بھر کے ہزاروں علماء کرام اور دیگر مسلمان اس چشمۂ فیض سے سیراب ہو رہے ہیں۔

حضرت صوفی صاحب مدظلہ کا درسِ قرآن کریم ’’معالم العرفان فی دروس القرآن‘‘ کی صورت میں مرتب ہو چکا ہے جس کی بیشتر جلدیں شائع ہو کر باذوق حضرات کے زیر مطالعہ ہیں۔ اور معالم العرفان کے مرتب الحاج لعل دین ایم اے نے اسی طرز پر حضرت صوفی صاحبؒ کے دروسِ حدیث کو مرتب کرنے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے۔ جامع مسجد نور مدرسہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ میں حضرت صوفی صاحب مدظلہ کا معمول رہا ہے کہ جب تک صحت نے اجازت دی ہے وہ نمازِ فجر کے بعد ہفتہ میں چار دن قرآن کریم اور دو دن حدیثِ نبویؐ کا درس دیتے رہے ہیں اور قرآن کریم کی طرح حدیث کی مختلف کتابوں کا بھی تسلسل اور ترتیب کے ساتھ درس ہوتا رہا ہے۔ یہ دروس ریکارڈ ہو چکے ہیں جنہیں الحاج لعل دین صاحب مرتب کر کے ’’دروس الحدیث‘‘ کے نام سے سامنے لانے کا عزم رکھتے ہیں۔ اس وقت ہمارے سامنے دروس الحدیث کی تین جلدیں ہیں جو ’’مسند امام احمد بن حنبل‘‘ کی ساڑھے چار سو سے زائد روایات پر مشتمل ہیں، جبکہ ان کی مجموعی ضخامت ایک ہزار صفحات کے لگ بھگ ہے اور تینوں جلدیں عمدہ کتابت و طباعت اور مضبوط جلد کے ساتھ مزین ہیں۔

حضرت صوفی صاحب مدظلہ کا اندازِ بیان عام مجالس میں سادہ اور عام فہم ہوتا ہے اور ان کی کوشش ہوتی ہے کہ دقیق علمی اور تحقیقی مباحث سے گریز کرتے ہوئے سامعین کو زندگی کے مختلف شعبوں کے بارے میں مسائل و احکام ذہن نشین کرائے جائیں۔ یہ رنگ دروس الحدیث میں بھی جھلکتا ہے جس کی وجہ سے یہ مجموعۂ احادیث علماء و خطباء کے ساتھ ساتھ عام پڑھے لکھے حضرات کے لیے بھی بھرپور افادیت کا حامل ہے۔

دروس الحدیث کی دو سو تیس صفحات پر مشتمل پہلی جلد کی قیمت پچھتر روپے، چار سو سے زائد صفحات پر مشتمل دوسری جلد کی قیمت نوے روپے، اور اسی ضخامت کی تیسری جلد کی قیمت بھی نوے روپے ہے، جو کاغذ اور کتابت و طباعت کے ہوشربا اخرجات کے اس دور میں بہت واجبی ہے اور ’’مکتبہ دروس القران مدرسہ نصرۃ العلوم محلہ فاروق گنج گوجرانوالہ‘‘ کے احباب کی طرف سے کسی منفعت کے بغیر دروس القرآن اور دروس الحدیث کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے عزم کا عملی اظہار ہے۔ (مدیر اعلٰی)

ریڈیائی تقریریں

تقاریر: مولانا کبیر الدین فاران مظاہری

ناشر: خلافتِ راشدہ اکادمی، اردو بازار، لاہور

صفحات: ۱۳۲

سیرۃ النبی صلی اللہ علیہ وسلم، ارکانِ اسلام، روزہ، عید، قربانی، داستانِ کربلا، مذہب اور انسان، اور انصاف وغیرہ کے عنوانات پر یہ مولانا کبیر الدین فاران مظاہری کی ان تقاریر کا مجموعہ ہے جو مختلف اوقات میں انڈیا کے مختلف ریڈیو اسٹیشنوں سے نشر ہوتی رہیں۔ کتاب کی افادیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس پر مقدمہ مفکر اسلام حضرت مولانا سید ابو الحسن علی ندوی نے تحریر فرمایا ہے۔ مستند حقائق و واقعات پر مشتمل یہ مجموعہ دینی ادب میں ایک قابلِ قدر اضافہ ہے۔

آئینہ عملیات

مصنف: صوفی عزیز الرحمٰن پانی پتی

ناشر: اسلامی کتب خانہ لاہور

صفحات: ۲۶۴

عملیات و تعویذات کی بے شمار کتب مارکیٹ میں بک رہی ہیں جو پیشہ ور عاملوں کے لیے تو روپیہ کمانے کی مشین ہیں مگر عوام الناس کے لیے قطعی غیر سنجیدہ بلکہ نقصان دہ ہیں۔ کیونکہ عملیات کے لیے جن شرائط کی ضرورت ہے وہ اکثر و بیشتر مفقود ہوتی ہیں، جس کی وجہ سے اثرات ظاہر نہیں ہوتے اور ان کی اعتقادی پوزیشن کمزور ہوتی ہے۔ اپنے مقام پر ان عملیات و تعویذات کی تاثیر سے انکار نہیں لیکن بہرحال یہ ہر ایک کے بس کی بات بھی نہیں۔ ایک طرف تو غلط مقاصد کے لیے ان کا استعمال بڑھ گیا ہے، اور دوسری طرف کتاب خریدنے والا ہر آدمی حُب اور دشمنی کے باب کھولے بیٹھا ہے۔

ان خطرات و نقائص کی بنا پر ہم عملیات و تعویذات کی کتب کے مارکیٹ میں لانے کے حق میں نہیں ہیں۔ ہاں البتہ وظائف و اوراد کی کتب میں کچھ مضائقہ نہیں۔ مذکورہ کتاب بھی عملیات کے موضوع پر ہے، بلاشبہ اس میں مستند و قابل اعتماد عملیات مذکور و منقول ہیں، لیکن بہرحال عوام خریدنے سے گریز کریں۔ البتہ کتاب کے صفحہ ۱۵ پر عملیات کے لیے جو قواعد منقول ہیں ان کو ملاحظہ کر لینے کے بعد اگر ان کی پابندی ممکن ہو تو بے شک خرید لیں۔

انتخابِ لاجواب (جلد اول)

مرتب: مولانا محمد امجد خان

ناشر: مکتبہ اشاعتِ اسلام، عبد الکریم روڈ، قلعہ گوجر سنگھ، لاہور

صفحات : ۲۴۰

یہ کتاب مولانا قاری محمد اجمل خان کے مرتبہ مضامین کا مجموعہ ہے جو ہفت روزہ خدام الدین اور ہفت روزہ ترجمان اسلام لاہور میں بالاقساط شائع ہو چکے ہیں۔ اس میں ایمان افروز واقعات بھی ہیں اور نصیحت آموز مشاہدات بھی۔ قرآنی و حدیثی وظائف و عملیات بھی ہیں اور طبی نسخہ جات بھی۔ مناقب و فضائل بھی ہیں اور اشعار و لطائف بھی۔ کتاب پڑھنے سے تعلق رکھتی ہے اور ذہن و فکر میں انقلاب پیدا کرنے والی ہے۔

اسلامی احکام و اعمال کی حکمت

مولانا ابوالکلام آزادؒ

ہم دیکھتے ہیں کہ جب تک مجالس نہ ہوں، اجتماعات نہ ہوں، انجمنیں نہ ہوں، کانفرنسیں نہ ہوں، کوئی قومی عمل انجام نہیں پا سکتا، نہ اتحاد و تعاون کی برکت حاصل ہو سکتی ہے۔ پس ہم آج کل کے مجلسی طریقوں کے مطابق انجمنیں بناتے ہیں، کانفرنسیں منعقد کرتے ہیں، مگر ہم میں سے کسی کو بھی اس کا خیال نہیں آتا کہ اسی مقصدِ اجتماع و تعاون کے لیے اسلام نے پانچ وقت کی نماز با جماعت، جمعہ و عیدین، اجتماعِ حج کا حکم دیا ہے، اور اس کا نظام و قوام درہم برہم ہو گیا ہے، سب سے پہلے اسے کیوں نہ درست کر لیں!

ہم دیکھتے ہیں کہ جب تک کوئی قومی فنڈ نہ ہو، اس وقت تک قومی اعمال انجام نہیں پا سکتے، پس ہم نئے نئے فنڈ قائم کرتے ہیں۔ یہ ٹھیک ہے، مگر کاش کوئی یہ بھی سوچے کہ خود شریعت نے اسی ضرورت کو رفع کرنے کے لیے زکوٰۃ و صدقات کا حکم دیا ہے، اس کا نظم ٹھیک قائم ہے یا نہیں؟ اگر وہ قائم ہو جائے تو پھر کبھی کسی چندہ یا فنڈ کی ضرورت نہ ہو گی۔

ہم دیکھتے ہیں کہ قوم کی تعلیمِ عام کے لیے مجمع و محافل کی ضرورت ہے، ہم اس کے لیے نئی نئی تدبیریں کرنے لگتے ہیں، مگر کبھی یہ حقیقت ہمارے دلوں کو بے قرار نہیں کرتی کہ عین اسی مقصد سے شریعت نے خطبۂ جمعہ کا حکم دیا تھا، اور ہم نے اس کی برکتوں کا دروازہ اپنے اوپر بند کر لیا ہے۔

ہم دیکھتے ہیں کہ کوئی قومی و اجتماعی کام انجام نہیں پا سکتا جب تک اس میں نظم و انضباط نہ ہو، اور یہ نہیں ہو سکتا جب تک اس کا کوئی رئیس و قائد مقرر نہ کیا جائے۔ پس ہم تیار ہو جاتے ہیں کہ جلسوں کےلیے صدر تلاش کریں، لیکن اگر یہی حقیقت شریعت کی ایک اصطلاح ’’امامت‘‘ کے لفظ میں ہمارے سامنے آتی ہے تو ہمیں تعجب و حیرانی ہوتی ہے اور اس کے لیے ہم تیار نہیں ہوتے۔

قافلۂ معاد

مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

ملک میں دہشت گردی اور تشدد کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور قیمتی جانیں اس کی بھینٹ چڑھ رہی ہیں۔
  • گزشتہ دنوں چیچہ وطنی ضلع ساہیوال کے معروف عالم دین پیر جی عبد العلیمؒ رائے پوری اپنے ایک ساتھی کے ساتھ دہشت گردی کا شکار ہو گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ پیر جی عبد العلیمؒ حق گو اور بے باک عالم تھے، مجلسِ احرارِ اسلام کے راہنماؤں میں سے تھے اور بزرگ عالمِ دین حضرت مولانا پیر جی عبد اللطیف رائے پوریؒ کے فرزند تھے۔
  • اسی طرح سپاہ صحابہؓ ضلع منڈی بہاؤ الدین کے سربراہ مولانا محمد اسلم عابدؒ بھی دہشت گردی کا نشانہ بن گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔
  • کراچی میں متعدد مساجد کے باہر دہشت گردی کی فائرنگ سے درجنوں افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں ہمارے حقیقی پھوپھی زاد بھائی مولانا سید نور الحسن شاہؒ بھی شامل ہیں، انا للہ وانا الیہ راجعون۔
  • علاوہ ازیں سعودی عرب میں ریاض کے قریب تمیر کے مقام پر جناب قاری فدا محمد ضیاء ٹریفک کے حادثہ میں جاں بحق ہو گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ قاری صاحب مرحوم راقم الحروف کے حفظِ قرآن کریم کے ساتھی تھے اور مدرسہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ کے سابق مدرس تھے۔ ان کی نمازِ جنازہ مسجد نبوی میں ادا کی گئی اور انہیں جنت البقیع میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں جگہ دیں اور پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق عطا فرمائیں، آمین یا الٰہ العالمین۔

یہ صحافتی اخلاق و دیانت کے منافی ہے

ادارہ

بحمد اللہ تعالیٰ ’’الشریعہ‘‘ میں شائع ہونے والے مضامین علمی حلقوں میں پسند کیے جاتے ہیں اور پاکستان و بھارت کے متعدد جرائد ان میں سے اہم مضامین کو اپنے صفحات میں نقل کرتے ہیں جو ہمارے لیے مسرت و افتخار کی بات ہے، البتہ بعض جرائد کے ذمہ دار حضرات مضامین نقل کرتے ہوئے الشریعہ کا حوالہ دینے کی زحمت نہیں فرماتے جس پر ہم بجا طور پر شکوہ کا حق رکھتے ہیں۔ مگر لاہور سے ایک دینی ادارے کے زیراہتمام شائع ہونے والے ماہوار جریدہ ’’روحِ منظور‘‘ نے جلد ۵ شمارہ ۱ (جنوری) میں ’’شیعہ سنی کشمکش‘‘ کے حوالہ سے ’’الشریعہ‘‘ کے مدیر اعلیٰ کا مضمون نقل کیا ہے اور مضمون نگار کے طور پر محمد یونس حداد کا نام تصویر کے ساتھ شائع کر دیا ہے۔ ہم اسے ایک اتفاقی غلطی پر محمول کرتے ہوئے جریدہ کے ذمہ داران کو توجہ دلانے پر اکتفا کر لیتے، لیکن واقعہ یہ ہے کہ مذکورہ جریدہ کے اسی شمارے میں مدیر اعلیٰ الشریعہ کے مضمون کے علاوہ درج ذیل تین مضامین بھی اصل مضمون نگاروں کے بجائے جعلی ناموں کے ساتھ شائع کیے گئے ہیں:
(۱) ’’بھارت کا میزائل سازی کا جنون‘‘ کے عنوان سے ماہنامہ صدائے مجاہد اسلام آباد کے ایک گزشتہ شمارے میں شائع ہونے والا مضمون ایم اے شیدا ایڈووکیٹ کے نام سے۔
(۲) ’’کس قیامت کے یہ بل۔۔۔‘‘ کے زیر عنوان ایک معاصر روزنامہ میں چھپنے والا کالم مسعود اختر قریشی کے نام سے۔
(۳) اور ’’جہیز اور شادی کے فضول اخراجات‘‘ کے موضوع پر ماہنامہ اصلاحِ معاشرہ لاہور میں شائع ہونے والا مضمون مولانا سرفراز احمد خان کے نام سے۔
اس سے صاف واضح ہوتا ہے کہ مضامین کی چوری کا یہ عمل باقاعدہ اہتمام کے ساتھ انجام دیا گیا ہے۔ یہ صریحاً صحافتی بددیانتی ہے جس پر ہم شدید احتجاج کرتے ہیں اور یہ عرض کرنا ضروری سمجھتے ہیں کہ آئندہ ایسی حرکت کے اعادہ پر قانون کا دروازہ کھٹکھٹانا ہمارے لیے ضروری ہو جائے گا۔

-

ادارہ

(۱) حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’جب رمضان آتا ہے تو جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں اور شیاطین کو بیڑیاں پہنا دی جاتی ہیں۔‘‘ (متفق علیہ)

(کمپوزنگ جاری)

اپریل ۱۹۹۵ء

’’ملی یکجہتی کونسل پاکستان‘‘مولانا ابوعمار زاہد الراشدی 
سنتِ نبویؐ کی اہمیت و ضرورتشیخ الحدیث مولانا محمد سرفراز خان صفدر 
قربِ قیامت کی نشانی، علم کا اٹھ جاناشیخ التفسیر مولانا صوفی عبد الحمید سواتیؒ 
بنی اسرائیل مصر میںمحمد یاسین عابد 
اپنے قومی تشخص کا احیاء کیجئےعمران خان 
علمائے کرام کی خدمت میں چند گزارشاتحضرت مولانا نذیر احمد 
دینی مدارس کا ایک نیا وفاقادارہ 
عظیم افغان کمانڈر مولانا نصر اللہ منصورؒعید محمد افغان 
قافلۂ معادمولانا ابوعمار زاہد الراشدی 
ورلڈ اسلامک فورم کی سرگرمیاںادارہ 
سالانہ الشریعہ تعلیمی کانفرنسقاری عبید الرحمٰن ضیاء 
الشریعہ ایجوکیشنل ویلفیئر سوسائٹی کا قیامادارہ 
یرقانحکیم عبد الرشید شاہد 
امریکی طالبات کا سب سے بڑا مسئلہادارہ 
ایک ضروری عرضداشتمولانا ابوعمار زاہد الراشدی 
ڈاکٹر ابو سلمان شاہجہانپوری کی تشریف آوریادارہ 

’’ملی یکجہتی کونسل پاکستان‘‘

’’بہت دیر کی مہرباں آتے آتے‘‘

مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

جمعیت علماء اسلام کے راہنما سینیٹر مولانا سمیع الحق کی دعوت پر گزشتہ روز اسلام آباد میں ملک کی بڑی دینی جماعتوں کے سربراہوں کا اجلاس ہوا جس میں فرقہ وارانہ کشیدگی پر قابو پانے کے لیے ’’ملی یکجہتی کونسل‘‘ کا قیام عمل میں لایا گیا۔ کونسل میں تمام شریک پارٹیوں کے سربراہ شامل ہیں جبکہ مولانا شاہ احمد نورانی کو کونسل کا سربراہ اور مولانا سمیع الحق کو سیکرٹری جنرل چنا گیا ہے۔

دینی جماعتوں کا کسی ایک پلیٹ فارم پر مجتمع ہونا اور ملکی و قومی امور میں مشترکہ موقف اور پالیسی اختیار کرنا اس ملک کے باشعور شہریوں کی دیرینہ آرزو ہے۔ اس آرزو کے پیچھے جہاں دین کے ساتھ لوگوں کی محبت اور اسلام کے غلبہ و بالادستی کی خواہش کارفرما ہے وہاں معروضی حالات میں اسلام، پاکستان اور پاکستانی قوم کو درپیش خطرات و مشکلات کے حوالہ سے دینی قوتوں کے کردار کا واضح طور پر نظر آنے والا خلاء بھی اس کا محرک ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس اتحاد کا ہر سطح پر خیرمقدم کیا گیا ہے اور اس کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

اس وقت اسلامی جمہوریہ پاکستان کو بین الاقوامی اور ملکی سطح پر جس صورتحال کا سامنا ہے وہ انتہائی گھمبیر ہے۔ پاکستان کا اسلامی تشخص اور اس کے دستور کی نظریاتی بنیادیں ان عالمی قوتوں کو مسلسل کھٹک رہی ہیں جو کمیونزم کے خاتمہ کے بعد اسلام کو ویسٹرن سولائزیشن اور مغرب کی بالادستی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ سمجھتی ہیں اور اسلامی قوتوں کو بنیاد پرست اور دہشت گرد قرار دے کر ان کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کی تیاریاں کر رہی ہیں۔ ان قوتوں کی خواہش اور کوشش یہ ہے کہ عالم اسلام بھی کھلے دل کے ساتھ مغرب کے مادہ پرستانہ فلسفہ، اجتماعیات سے مذہب کی لاتعلقی، اباحت مطلقہ پر مبنی فری سوسائٹی اور بے قید معاشرت کو قبول کر لے اور اسلام کی ان تعلیمات و احکامات سے آنکھیں بند کر لے جو ویسٹرن سولائزیشن کو قبول کرنے کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔

اس مقصد کے لیے اقوام متحدہ کا انسانی حقوق کا چارٹر اور اس کی تشریح میں جنیوا کے ہیومن رائٹس کمیشن کے فیصلے اور قراردادیں مغرب کے ہاتھ میں سب سے بڑا ہتھیار ہیں۔ اسلام کا جو حکم اور ضابطہ ان کی زد میں آتا ہے اسے انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دے کر اس کے خاتمہ کے لیے پورے وسائل استعمال میں لائے جا رہے ہیں۔ چنانچہ اسلامی حدود و تعزیرات کو وحشیانہ قرار دینے، توہین رسالتؐ کی سزا کے قانون کو انسانی حقوق کے منافی گرداننے اور خاندانی زندگی کے بارے میں اسلامی احکام و قوانین کو بین الاقوامی معیار کے منافی قرار دے کر مسلم حکومتوں پر ان میں رد و بدل کے لیے زور دینے کی حالیہ کاروائیوں کا پس منظر یہی ہے اور ان کاروائیوں کا دائرہ دن بدن وسیع ہوتا جا رہا ہے۔

عالمی پریس کے ذریعے سامنے آنے والی بعض خبروں کے مطابق اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر انسانی حقوق کے چارٹر کے پرچم تلے اس وقت جو شعبے سب سے زیادہ توجہات اور سرگرمیوں کا مرکز ہیں وہ پرائمری تعلیم، خاندانی زندگی، خاندانی منصوبہ بندی، اور آزادیٔ رائے کے مغربی تصور کی بالادستی کے شعبے ہیں۔ اس سلسلہ میں مسلم ممالک پر مسلسل دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ

دنیابھر کے دیگر مسلم و غیر مسلم ممالک کی طرح اسلامی جمہوریہ پاکستان بھی ان امور کے حوالہ سے اقوام متحدہ، امریکہ اور مغربی طاقتوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کی زد میں ہے اور اس دباؤ کی شدت میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ دوسری طرف قومی معاملات کے ضمن میں پاکستان کے گرد سازشوں کا حصار جس طرح دن بدن تنگ ہوتا جا رہا ہے وہ بھی کسی باشعور شہری سے مخفی نہیں ہے۔

اس صورتحال میں جبکہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی قومی خودمختاری خطرے میں ہے، ملکی سالمیت پر سازشوں کے سائے گہرے ہوتے جا رہے ہیں، ملک کی نظریاتی اور اسلامی حیثیت کو ختم کرنے کے درپے قوتیں بتدریج آگے بڑھ رہی ہیں، اور اسلام اور عالم اسلام کے لیے پاکستان کے متوقع کردار سے اسے مکمل طور پر محروم کر دینے کے منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں، ملک کے عام شہری کا اضطراب اور بے چینی نہ سمجھ میں آنے والی بات نہیں ہے۔ بالخصوص اس پس منظر میں کہ ملک کی دو بڑی سیاسی قوتوں مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی میں سے کوئی بھی خود کو اس چیلنج کا سامنا کرنے کا اہل ثابت نہیں کر سکی اور اقتدار کے منصب پر فائز ہونے کے بعد دونوں کی قیادت اور ارکان نے انتقام، لوٹ کھسوٹ اور نا اہلیت کے اظہار کے سوا کوئی کارنامہ سر انجام نہیں دیا۔

ان حالات میں ملک کے باشعور شہریوں اور بہی خواہوں کی نگاہیں فطری طور پر دینی قوتوں کی طرف اٹھتی ہیں کہ شاید یہاں سے قوم کو کوئی ایسی قیادت میسر آجائے جو ملک و قوم کی کشتی کو چاروں طرف سے بپھرے ہوئے طوفان سے سلامتی کے ساتھ نکال کر کامیابی کی منزل کی طرف گامزن کر سکے۔ لیکن دینی قوتوں کا خلفشار، ملک و قوم کے حقیقی مسائل کا عدم ادراک، اور قومی معاملات میں سنجیدہ دلچسپی کے فقدان ایسے موذی امراض ہیں جنہوں نے ملک کی دینی قیادت کو قومی سیاست کا عضو معطل بنا کر رکھ دیا ہے۔ اور سچی بات یہ ہے کہ قوم کی مایوسیوں میں اضافہ کرنے کی دوڑ میں ہماری دینی قیادت بھی سیاسی لیڈرشپ سےکسی طرح پیچھے نہیں ہے۔

اس پس منظر میں دینی جماعتوں کے سربراہوں کا مل بیٹھنا اور ’’ملی یکجہتی کونسل‘‘ کے نام سے ایک مشترکہ پلیٹ فارم قائم کرنا یقیناً امید کی ایک کرن ثابت ہو سکتا ہے بشرطیکہ یہ کونسل ماضی کے کئی مذہبی اتحادوں کی طرح محدود اور وقتی مقاصد کی اسیر ہو کر نہ رہ جائے اور اس کا دائرہ عمل دفتر، فائل، اخباری بیانات، اور وقتاً فوقتاً مل بیٹھنے کی رسمی کاروائیوں کا حصار توڑ کر عملی جدوجہد اور مسلسل ورک کے تقاضے پورے کر سکے۔ ’’الشریعہ‘‘ کے قارئین گواہ ہیں کہ ہم نے ان صفحات میں ہمیشہ اسی خواہش کا اظہار کیا ہے کہ دینی جماعتوں کے قائدین مل بیٹھیں، وقت کے مسائل اور تقاضوں کو سمجھیں، اقتدار کی سیاست اور گروہی سیاسی کشمکش سے بالاتر ہو جائیں، اسلام اور پاکستان کو مغرب کی طرف سے درپیش چیلنجز کا ادراک حاصل کریں، اور قیادت کی ترجیحات سے بے نیاز ہو کر ’’ٹیم ورک‘‘ کے ساتھ قوم کو متبادل اور متوازن نظریاتی قیادت فراہم کریں۔ اس لیے آج جب اس سمت سفر کا آغاز ہوا ہے تو ہم

بہت دیر کی مہرباں آتے آتے

کے شکوہ کے ساتھ ’’ملی یکجہتی کونسل پاکستان‘‘ کا خیرمقدم کرتے ہیں اور مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے یہ گزارش ضروری سمجھتے ہیں کہ اگرچہ کونسل کے قیام کا وقتی محرک شیعہ سنی کشیدگی کا مسلح تصادم کی شکل اختیار کر جانا ہے کیونکہ اسی نے قائدین کو بالآخر مل بیٹھنے پر مجبور کیا ہے لیکن خدا کے لیے کونسل کے دائرہ عمل کو صرف اس حد تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ عالم اسلام اور پاکستان کے مجموعی حالات کو سامنے رکھتے ہوئے دینی قیادت کی ذمہ داریوں کا جائزہ لیا جائے اور ان سے عہدہ برآ ہونے کے لیے عملی پیش رفت کا اہتمام کیا جائے تاکہ دینی جماعتیں معروضی حالات میں اسلام اور پاکستان کو درپیش چیلنجز کے حوالہ سے اپنا کردار صحیح طور پر ادا کر سکیں۔

ڈاکٹر ابو سلمان شاہجہانپوری کی تشریف آوری

محترم ڈاکٹر سلمان شاہجہانپوری ملک کے معروف دانشور اور صاحبِ قلم ہیں جو ایک عرصہ سے کراچی میں تحریکِ آزادی اور اکابر علماء حق کی جدوجہد کے حوالے سے علمی و تحقیقی کام کر رہے ہیں۔ شیخ الہند حضرت مولانا محمود حسنؒ، حضرت مولانا سید حسین احمد مدنیؒ، اور حضرت مولانا عبید اللہ سندھیؒ کی خدمات اور جدوجہد ان کا خصوصی موضوع ہے، اور وہ انتہائی خاموشی کے ساتھ ان اکابر کی جدوجہد کے نقوش کو تاریخ کے صفحات پر اجاگر کرنے میں مگن ہیں۔
ڈاکٹر صاحب موصوف گزشتہ دنوں جناب شبیر احمد میواتی کے ہمراہ گوجرانوالہ تشریف لائے، ان کے اعزاز میں ورلڈ اسلامک فورم کی طرف سے فکری نشست کا اہتمام کیا گیا تھا، مگر موسم کی خرابی کی وجہ سے وہ بروقت نہ پہنچ سکے، البتہ تشریف آوری پر انہوں نے رات قیام فرمایا اور ان کے ساتھ بہت سے امور پر مفید مشاورت ہوئی۔ آج کے دور میں جبکہ علم و تحقیق کا ذوق ماند پڑتا جا رہا ہے اور سیاسی و گروہی مقاصد کے لیے تاریخ کو مسخ کرنے کا رجحان ترقی پذیر ہے، ڈاکٹر صاحب جیسے اہلِ علم کا وجود غنیمت ہے۔ اللہ تعالیٰ انہیں صحت و عافیت کے ساتھ اپنے مشن میں کامیابی سے ہمکنار فرمائیں، آمین۔


سنتِ نبویؐ کی اہمیت و ضرورت

شیخ الحدیث مولانا محمد سرفراز خان صفدر

جناب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے سنت پر عمل پیرا ہونے اور اس کو مضبوطی سے پکڑنے کی اشد تاکید فرمائی ہے، اور اس کی پیروی نہ کرنے پر نہایت ناراضگی فرمائی ہے۔
(۱) حضرت عرباضؓ بن ساریہ (المتوفی ۷۵ھ) کی روایت میں اس کی تصریح ہے کہ آنحضرت صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
’’تمہارے اوپر لازم ہے کہ تم میری سنت کو اور ہدایت یافتہ خلفاء راشدین کی سنت کو معمول بناؤ اور اپنی ڈاڑھوں کے ساتھ مضبوطی سے اس کو پکڑو، تم نئی نئی باتوں سے پرہیز کرو کیونکہ (دین میں) ہر نئی چیز بدعت ہے۔‘‘
(مستدرک ج ۱۱ ص ۹۶ ۔ قال الحاکمؒ والذہبیؒ صحیح)
یہ صریح روایت اس امر کو بیان کرتی ہے کہ ہر مسلمان پر یہ لازم ہے کہ وہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی اور حضرات خلفاء راشدین کی سنت کو خوب مضبوطی سے پکڑے اور اس کو اس کے بغیر کوئی چارہ نہیں۔ اور جملہ محدثات اور بدعات سے کنارہ کشی کرے کیونکہ ہر ایک بدعت گمراہی اور ضلالت ہے۔
(۲) حضرت عبد اللہؓ بن عباسؓ (المتوفی ۶۸ھ) سے روایت ہے کہ حجۃ الوداع کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے یوں ارشاد فرمایا:
’’اے لوگو! میں نے تمہارے اندر دو چیزیں چھوڑی ہیں، اگر تم نے ان کو مضبوطی سے پکڑا تو ہرگز تم گمراہ نہ ہو گے، ان میں سے ایک کتاب اللہ اور دوسری سنتِ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وسلم) ہے۔‘‘
(مستدرک ج ۱ ص ۹۳)
(۳) حضرت عائشہ صدیقہؓ (المتوفاۃ ۵۷ھ) روایت کرتی ہیں کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’چھ قسم کے لوگ ہیں جن پر میں بھی لعنت بھیجتا ہوں، اللہ تعالیٰ بھی ان پر لعنت نازل کرے، ان میں سے ایک وہ شخص ہے جو میری سنت کو چھوڑ دے۔‘‘
(مستدرک ج ۱ ص ۳۶ ۔ قال الحاکمؒ والذہبیؒ صحیح)
(۴) حضرت انسؓ بن مالک (المتوفی ۹۳ھ) روایت کرتے ہیں کہ ایک خاص موقع پر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’جس شخص نے میری سنت سے اعراض کیا وہ میرا نہیں۔‘‘
(بخاری ج ۲ ص ۷۵۷)
اس سے بڑھ کر تارکِ سنت کی بدبختی اور کیا ہو سکتی ہے کہ رحمۃ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم یہ ارشاد فرماتے ہیں کہ وہ میرا (امتی) نہیں ہے، گو وہ اپنے مقام پر آپ کا محب بنتا رہے مگر اس کی رائے کا کیا اعتبار ہے؟
(۵) حضرت حذیفہؓ بن الیمانؓ (المتوفی ۳۶ھ) جناب رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپؐ نے فرمایا:
’’میرے بعد کچھ رہبر اور پیشوا ایسے ہوں گے جو میری سیرت پر نہیں چلیں گے اور میری سنت پر عمل نہیں کریں گے۔ ان میں کچھ ایسے لوگ کھڑے ہوں گے جن کے دل شیطانوں کے دل ہوں گے مگر شکل اور صورت انسانی ہو گی۔‘‘
(مسلم ج ۲ ص ۱۲۷)
اتباعِ سنت کے بارے میں کتبِ احادیث میں اس قدر ذخیرہ موجود ہے کہ آسانی کے ساتھ اس کا شمار نہیں ہو سکتا، مگر بطور نمونہ کے ہر عاقل کے لیے یہ پیش کردہ روایات کافی ہیں، لیکن جو عمداً غافل رہنا چاہتا ہے اس کے لیے دنیا میں کوئی علاج موجود نہیں ہے، ایسے شخص کے لیے فیصلہ یہی ہے کہ ’’نولہ ما تولیٰ‘‘۔
حضرت شاہ ولی اللہ صاحبؒ (المتوفی ۱۱۷۶ھ) لکھتے ہیں کہ میں کہتا ہوں کہ دین کا انتظام اس بات پر موقوف ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں کا اتباع کیا جائے۔ (حجۃ اللہ ج ۱ ص ۱۷۰)

قربِ قیامت کی نشانی، علم کا اٹھ جانا

شیخ التفسیر مولانا صوفی عبد الحمید سواتیؒ

امام بغویؒ نے حضرت عبد اللہ ابن مسعودؓ سے روایت نقل کی ہے کہ حضور علیہ السلام نے ارشاد فرمایا ’’لوگو! قرآن کو سیکھو اور اس پر عمل کرو قبل اس کے کہ اسے اٹھا لیا جائے‘‘۔
اس کی تفسیر میں قاضی ثناء اللہ پانی پتیؒ فرماتے ہیں کہ قرآن کے اٹھائے جانے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ قرآن کے الفاظ اٹھا لیے جائیں گے بلکہ صحیحین کی روایت کے مطابق ’’ان اللہ لا یقبض العلم انتزاعا ولکن یقبض العلماء‘‘ یعنی اللہ تعالیٰ علم کو لوگوں کے سینوں سے نہیں اٹھائے گا بلکہ نیک اور اچھے علماء کو اٹھا لے گا۔
جب دین کا صحیح علم رکھنے والے نہیں ہوں گے تو لوگ جاہلوں کو عالم، مفتی اور قاضی کا درجہ دیں گے۔ اس کا نتیجہ یہ ہو گا کہ وہ لوگ بغیر علم کے فتوے دیں گے، خود گمراہ ہوں گے اور دوسروں کو بھی گمراہ کریں گے، اور اس طرح دنیا سے علم کو چھین لیا جائے گا۔ حدیث شریف میں آتا ہے کہ ایک موقع پر حضور علیہ السلام نے کوئی بات بیان کی اور پھر فرمایا کہ ایسا اس وقت ہو گا ’’حین ذہاب العلم‘‘ جب علم چلا جائے گا۔
حضور علیہ السلام کے ایک صحابی زیاد بن لبیدؓ نے عرض کیا کہ علم کیسے چلا جائے گا جبکہ ہم ان سے قرآن پڑھتے ہیں اور آگے دوسروں کو پڑھاتے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: تیری ماں تجھے کم پائے زیاد، میں تو تجھے مدینے کا سمجھدار آدمی سمجھتا تھا مگر تم نے تو بے سمجھی کی بات کی ہے۔ کیا تم یہود و نصاریٰ کا حال نہیں دیکھتے؟ ان کے پاس کتابیں موجود ہیں مگر وہ ان پر عمل نہیں کرتے، ایسے علم کا کیا فائدہ؟ یہی ذہابِ علم ہے۔
ایک حدیث میں یہ الفاظ بھی آتے ہیں ’’تعلموا العلم‘‘ لوگو! علم سیکھو اور دوسروں کو بھی سکھاؤ۔ ’’تعلموا الفرائض‘‘ فرائض سیکھو اور دوسروں کو بھی سکھاؤ ’’فیقبض العلم‘‘ کیونکہ علم قبض کر لیا جائے گا اور فتنے برپا ہوں گے، جہالت برپا ہو گی، حتیٰ کہ دو آدمی ایک فریضہ میں جھگڑا کریں گے مگر ان کو بتلانے والا کوئی نہیں ہو گا۔ آپؐ نے یہ بھی فرمایا ’’انی امرء مقبوض‘‘ میں تمہارے درمیان ہمیشہ نہیں رہوں گا بلکہ مجھے بھی اٹھا لیا جائے گا۔
تو قاضی صاحبؒ فرماتے ہیں کہ علم چھن جانے کی صورت یہ ہو گی کہ سب سے پہلے لوگوں میں سے عمل اٹھا لیا جائے گا، ان سے عمل کی توفیق ہی سلب ہو جائے گی، جیسا کہ آج کل نظر آ رہا ہے۔ علم بہت ہے، کتابوں کی لائبریریاں بھری ہوئی ہیں، مگر عمل مفقود ہے۔ آپ دیکھ لیں، ہر سال سیرتِ طیبہ پر ہزاروں کتابیں شائع ہوتی ہیں، ان پر انعامات بھی تقسیم ہوتے ہیں، مگر کروڑوں کی آبادی میں ان کتابوں پر عمل کرنے والے دس آدمی بھی نہیں ملیں گے۔ تو حضرت عبد اللہ بن مسعودؓ کی روایت کے مطابق سب سے پہلے عمل کی توفیق سلب کر لی جائے گی، اس کے بعد اچھے اچھے علماء اٹھا لیے جائیں گے، اور تیسرا مرحلہ قربِ قیامت میں پیش آئے گا، لوگ سو کر اٹھیں گے تو علم کی کوئی بات سینوں میں محفوظ نہیں ہو گی، اور کتابوں کے حروف مٹ چکے ہوں گے۔

بنی اسرائیل مصر میں

بائبل کے داخلی تضادات پر دلچسپ بحث

محمد یاسین عابد

مصر میں آمد کے وقت بنی اسرائیل کی تعداد

پیدائش ۴۶ : ۸ تا ۲۷ کے مطابق مصر میں آمد کے وقت یعقوبؑ سمیت بنی اسرائیل کی تعداد ۷۰ تھی۔ حضرت یعقوبؑ کے کل ۱۲ بیٹے تھے جو کہ آپ کی دو بیویوں لیاہ اور راخل اور دو لونڈیوں زلفہ اور بلہاہ سے پیدا ہوئے۔
’’لیاہ کے بیٹے یہ تھے: روبن یعقوب کا پہلوٹھا اور شمعون اور لاوی اور یہوداہ اور اشکار اور زبولون۔ اور راخل کے بیٹے یوسف اور بن یامین تھے، اور راخل کی لونڈی بلہاہ کے بیٹے دان اور نفتالی تھے، اور لیاہ کی لونڈی زلفہ کے بیٹے جد اور آشر تھے۔‘‘ (پیدائش ۳۵ : ۲۳ تا ۲۶)
پیدائش ۴۶ : ۸ تا ۲۷ میں یعقوبؑ کے ۱۲ بیٹوں کی تمام اولاد کے نام درج ہیں۔ یعقوبؑ اور ان کی بیٹی دینہ کو ملا کر کل تعداد ستر بنتی ہے۔ خروج ۱ : ۵ میں لکھا ہے:
’’سب جانیں جو یعقوبؑ کے صلب سے پیدا ہوئیں، ستر تھیں۔‘‘
واضح ہو کہ یہاں یعقوبؑ کو شمار نہیں کیا گیا، اگر یعقوبؑ کو بھی شامل کر لیا جائے تو تعداد ۷۱ ہو جاتی ہے۔ لیکن اگر ہم انجیل شریف کا مطالعہ کریں تو تعداد میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔ چنانچہ لکھا ہے:
’’یوسف نے اپنے باپ یعقوب اور سارے کنبے کو، جو پچھتر جانیں تھیں، بلا بھیجا۔‘‘ (اعمال ۷ : ۱۴)
انجیل کی اس عبارت سے معلوم ہوتا ہے کہ یوسفؑ اور اس کے دونوں بیٹوں کو بھی شامل کر لیا جائے تو تعداد ۷۵ + ۳ = ۷۸ ہو جاتی ہے۔

بنی بن یامین کی تعداد

توراۃ کے مطابق بن یامین کے ۱۰ بیٹوں کو شامل کر کے بنی اسرائیل کی کل تعداد ۷۰ بنتی ہے (پیدائش ۴۶ : ۲۱)۔ لیکن ۱۔تواریخ ۸ : ۱، ۲ کے مطابق بن یامین کے بیٹوں کی تعداد پانچ عدد ہے۔ یوں بنی اسرائیل کی تعداد ۷۰ سے کم ہو کر ۶۵ رہ جاتی ہے۔ تعداد میں مزید کمی ہوتی ہے جب ہم ۱۔تواریخ ۷ : ۶ میں بن یامین کے بیٹوں کی کل تعداد صرف تین دیکھتے ہیں۔ یوں مصر میں آمد کے وقت بنی اسرائیل کی کل تعداد صرف ۶۳ بنتی ہے۔ اب نہیں معلوم کہ بنی اسرائیل کی تعداد ۶۳ تھی یا ۶۵ یا ۷۰ یا ۷۱ یا ۷۸؟

مصر میں قیام کی مدت

خدا نے ابرہام سے کہا:
’’یقین جان کہ تیری نسل کے لوگ ایسے ملک میں، جو ان کا نہیں، پردیسی ہوں گے اور وہاں کے لوگوں کی غلامی کریں گے اور وہ چار سو برس تک ان کو دکھ دیں گے۔‘‘ (پیدائش ۱۵ : ۱۳)
لیکن افسوس کہ بنی اسرائیل کو خدا کے وعدہ سے ۳۰ برس زیادہ مصریوں کی غلامی کرنا پڑی، جیسا کہ بائبل مقدس میں ہے:
’’بنی اسرائیل کو مصر میں بود و باش کرتے ہوئے ۴۳۰ برس ہوئے تھے اور ان چار سو تیس برسوں کے گزر جانے پر ٹھیک اسی روز خداوند کا سارا لشکر ملک مصر سے نکل گیا۔‘‘ (خروج ۱۲ : ۴۰، ۴۱)

وعدۂ برکت اور نزولِ شریعت کا درمیانی عرصہ

انجیل میں ہے:
’’جس عہد کی خدا نے پہلے سے تصدیق کی تھی اس کو شریعت چار سو تیس برس کے بعد آ کر باطل نہیں کر سکتی کہ وعدہ لاحاصل ہو۔ کیونکہ اگر میراث شریعت کے سبب سے ملی ہے تو وعدہ کے سبب سے نہ ہوئی، مگر ابرہام کو خدا نے وعدہ ہی کی راہ سے بخشی۔‘‘ (گلتیوں ۳ : ۱۶ تا ۱۸)
یعنی وعدۂ برکت اور نزولِ توراۃ کے درمیان ۴۳۰ برس کا عرصہ ہے۔ آئیے بائبل کی روشنی میں اس کا جائزہ لیتے ہیں۔ وعدۂ برکت کے وقت ابراہیمؑ کی عمر ۷۵ سال تھی (ایضاً ۱۲ : ۴)۔ ولادتِ اسحاقؑ کے وقت آپ کی عمر ۱۰۰ سال تھی (ایضاً ۲۱ : ۵)۔ یعنی وعدۂ برکت سے ولادتِ اسحاقؑ تک ۲۵ برس بنتے ہیں۔ ولادتِ اسحاقؑ سے ولادتِ یعقوبؑ تک ۶۰ برس کا عرصہ ہے (ایضاً ۲۵ : ۲۶)۔ یعنی وعدۂ برکت سے ولادتِ یعقوبؑ تک ۲۵ + ۶۰ = ۸۵ برس ہوئے۔ اور مصر میں بنی اسرائیل کی آمد کے وقت حضرت یعقوب علیہ السلام کی عمر ۱۳۰ برس تھی (پیدائش ۴۷ : ۹)۔ یعنی وعدۂ برکت سے مصر میں آمد تک ۸۵ + ۱۳۰ = ۲۱۵ برس بنتے ہیں۔ مصر میں قیام کی مدت، جیسا کہ اوپر گزرا، ۴۳۰ برس ہے۔ یعنی وعدۂ برکت سے لے کر مصر سے خروج تک ۲۱۵ + ۴۳۰ = ۶۴۵ برس بنتے ہیں۔
اس تفصیل کی رو سے انجیل کا یہ بیان کہ شریعت وعدۂ برکت کے ۴۳۰ سال بعد نازل ہوئی، غلط ٹھہرتا ہے، کیونکہ توراۃ کے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ نزولِ توراۃ کا سلسلہ بنی اسرائیل کے مصر سے خروج کے کافی عرصہ بعد شروع ہوا۔ بالفرض اگر یہ مان لیا جائے کہ خروج کے روز ہی شریعت کا نزول شروع ہو گیا تھا، تب بھی وعدۂ برکت اور نزولِ شریعت کے درمیان ۶۴۵ برس کا عرصہ بنتا ہے۔ وعدۂ برکت سے مصر میں آمد تک ۲۱۵ سال + مصر میں قیام کی مدت ۴۳۰ سال = ۶۴۵
اور اگر انجیل کا یہ بیان درست مان لیا جائے تو توراۃ کا یہ بیان غلط ٹھہرتا ہے کہ بنی اسرائیل مصر میں چار سو تیس برس رہے۔ اس صورت میں مصر میں ان کے قیام کا عرصہ ۲۱۵ برس ماننا پڑے گا، کیونکہ اوپر ہم یہ ثابت کر چکے ہیں کہ وعدۂ برکت سے مصر میں آمد تک کا عرصہ ۲۱۵ برس ہے۔ اس کے بعد شریعت کے نزول کے عرصہ (۴۳۰ برس) تک، مصر میں قیام کی مدت ۲۱۵ برس ہی بنتی ہے۔ چنانچہ توراۃ اور انجیل دونوں کے بیانات بیک وقت کسی طرح درست نہیں ہو سکتے۔

عمرام و یوکبد

حضرت موسٰی علیہ السلام کے والد کا نام عمرام اور والدہ کا نام یوکبد تھا (خروج ۶ : ۲۰)۔ یوکبد یعقوبؑ کے بیٹے لاوی کی بیٹی تھی جو مصر میں آمد کے بالکل تھوڑے عرصے بعد پیدا ہوئی تھی (گنتی ۲۶ : ۵۹)۔ گو کہ بائبل میں یہ تصریح نہیں کہ یوکبد اور عمرام کی پیدائش مصر میں آمد کے کتنی دیر بعد ہوئی، لیکن توراۃ کے بنظر عمیق مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ یوکبد اور عمران کی پیدائش مصر میں آمد کے بعد جلد ہی ہو گئی تھی، کیونکہ یوسفؑ کے بیچے جانے سے کافی عرصہ قبل جب دینہ کی بے حرمتی کی گئی (پیدائش ۳۴ : ۱ تا ۳) تو شمعون اور لاوی نے اس طرح بدلہ لیا کہ
’’اپنی اپنی تلوار لے کر ناگہاں شہر پر آ پڑے اور سب مردوں کو قتل کیا، حمور اور اس کے بیٹے سکم کو بھی تلوار سے قتل کر ڈالا، اور سکم کے گھر سے دینہ کو نکال لے گئے، اور یعقوبؑ کے بیٹے مقتولوں پر آئے اور شہر کو لوٹا، اس لیے کہ انہوں نے ان کی بہن کو بے حرمت کیا تھا، انہوں نے ان کی بھیڑ بکریاں اور گائے بیل اور گدھے اور جو کچھ شہر اور کھیت میں تھا، لے لیے، اور ان کی سب دولت لوٹی اور ان کے بچوں اور بیویوں کو اسیر کر لیا اور جو کچھ گھر میں تھا سب لوٹ کھسوٹ کر لے گئے۔‘‘ (پیدائش ۳۴ : ۲۵ تا ۲۹)
صرف دو آدمیوں کا پورے شہر کو ملیامیٹ کر دینا، کھیتوں کو اجاڑ دینا، اتنی بڑی لوٹ کھسوٹ کر کے بچوں اور عورتوں کو اسیر کر لینا اس امر پر دال ہے کہ شمعون اور لاوی اس وقت بچے نہیں تھے بلکہ زبردست طاقت کے مالک جوان تھے، اور عورتوں کا اسیر کرنا ان کے شادی شدہ ہونے پر دلالت کرتا ہے۔ اغلب ہے کہ شمعون اور لاوی اس وقت صاحبِ اولاد تھے، کیونکہ ان کی سب سے چھوٹی بہن دینہ بھی اس وقت پوری جوان تھی۔ حمور کے بیٹے سکم کی دینہ سے عشقیہ میٹھی میٹھی باتیں دینہ کے جوان ہونے پر دال ہیں (ایضاً ۳۴ : ۳)۔ اس لیے کئی گنا بڑا بھائی لاوی تو ضرور اس وقت بچوں والا ہو گا۔
اس واقعہ کے کافی عرصہ بعد بن یامین کی پیدائش اور راخل کی وفات ہوئی (ایضاً ۳۵ : ۱۸، ۱۹)۔ پھر اس کے بعد روبن کا اپنی ماں کے ساتھ زنا کا واقعہ پیش آیا (پیدائش ۳۵ : ۲۲)۔ اس کے کافی عرصہ بعد یوسفؑ کو فروخت کیا گیا (ایضاً ۳۷ : ۲۸ تا ۳۶)۔ اس کے بعد لاوی کے چھوٹے بھائی یہوداہ نے عدلامی حیرہ کی مدد سے سوع کنعانی کی بیٹی سے بیاہ کر لیا (ایضاً ۳۸ : ۱، ۲)۔ پھر یکے بعد دیگرے یہوداہ کے تین بیٹے (۱) عیر (۲) اونان (۳) سیلہ پیدا ہوئے۔ اغلب ہے کہ لاوی اس وقت تک بوڑھا ہونے کے قریب ہو گا۔ اس کے کافی عرصہ بعد عیر جوان ہوا اور اس کی شادی یسوع مسیحؑ کی مشہور دادی تمر سے ہوئی (پیدائش ۳۸ : ۶ ، متی ۱ : ۳ ، روت ۴ : ۱۲)۔ پھر تمرہ بیوہ ہوئی تو اسے اونان سے بیاہ دیا گیا۔ پھر کافی عرصہ بعد اونان بھی مر گیا۔ اس وقت تک سیلہ نابالغ تھا، جب سیلہ بالغ ہوا تو تمر نے اپنے سسر یہوداہ سے زنا کروا لیا اور فارص کو جنم دیا (پیدائش ۳۸ : ۱۳ تا ۳۰)۔ اس وقت تک یہوداہ کے دو بیٹے جوان ہو کر مر چکے تھے اور تیسرا سیلہ جو اونان کی موت کے وقت ابھی بچہ تھا (ایضاً) ۳۸ : ۱۱) وہ بھی جوان ہو چکا تھا۔
لہٰذا ضروری امر ہے کہ لاوی کے بیٹے (۱) جیر سون (۲) قہات (۳) صراری بھی صاحبِ اولاد ہوں گے، کیونکہ لاوی یہوداہ سے بھی بڑا تھا اور یہوداہ سے بہت دیر پہلے شادی شدہ تھا۔ اغلب ہے کہ فارص کی پیدائش تک قہات ضرور ہی جوان بلکہ شادی شدہ ہو گا اور لاوی بوڑھا ہو چکا ہو گا۔ پھر فارص بھی پل کر جوان ہوا، شادی شدہ ہوا، پھر یکے بعد دیگرے دو بیٹے حصرون اور حمول پیدا ہوئے (پیدائش ۴۶ : ۱۲)۔ مصر میں آمد کے وقت یہ حصرون اور حمول یعقوبؑ کے ساتھ تھے۔ یعنی ہجرتِ مصرت کے وقت لاوی خوب بوڑھا ہو چکا تھا۔ اس لیے گمان غالب یہی ہے کہ بوڑھے لاوی سے موسٰیؑ کی والدہ یوکبد کی پیدائش مصر میں آمد کے بعد جلد ہی ہوئی ہو گی (گنتی ۲۶ : ۵۹)۔ قہات جو کہ عیر اور اونان سے بھی بڑا تھا، مصر میں آمد کے وقت ادھیڑ عمر ہو گا۔ کنعان سے مصر آنے والے بنی اسرائیل میں قہات کے بیٹے عمرام کا کوئی ذکر نہیں۔ اس لیے ظاہر ہے کہ عمرام بھی اپنی پھوپھی یوکبد کا ہم عمر تھا۔ یعنی عمرام اور یوکبد کنعان سے مصر ہجرت والے سال پیدا ہوئے تھے۔
اس طرح اگر مصر میں بنی اسرائیل کے قیام کی مدت ۴۳۰ برس تسلیم کر لی جائے (خروج ۱۲ : ۴۰، ۴۱) تو موسٰیؑ کی ولادت کے وقت عمرام اور یوکبد کی عمر ۳۵۰ برس ماننی پڑے گی۔ کیونکہ حضرت موسٰی علیہ السلام ۸۰ برس کے تھے جب بنی اسرائیل نے مصر سے خروج کیا (خروج ۷ : ۷)۔ ادھر بائبل سے ثابت ہے کہ عمرام کی کل عمر ۱۳۷ تھی (خروج ۶ : ۲۰)۔ اور اگر مصر میں بنی اسرائیل کا قیام ۲۱۵ برس تسلیم کیا جائے (جیسا کہ گلتیوں ۳ : ۱۶ تا ۱۸ کی بحث سے ثابت ہوتا ہے) تو ولادتِ موسٰیؑ کے وقت عمرام اور یوکبد کی عمر ۲۱۵ - ۸۰ = ۱۳۵ برس بنتی ہے جو کہ بالکل ناقابل قبول بات ہے۔ کیونکہ بائبل کے مطابق نوے برس کی عورت اس قابل نہیں ہوتی کہ اس کے اولاد ہو (پیدائش ۱۸ : ۱۱)۔ اس لیے ماننا پڑے گا کہ ولادت ِموسٰیؑ کے وقت یوکبد جوان عورت تھی، زیادہ سے زیادہ ۴۰ برس کی۔
خروج ۲ : ۱ و ۲ پر غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ عمرام نے موسٰیؑ کی ولادت سے بالکل تھوڑی مدت پہلے اپنی پھوپھی یوکبد سے نکاح کر لیا تھا۔ ہارون اور مریم چونکہ موسٰی سے بڑے تھے اس لیے ولادت ِموسٰی سے تقریباً سات یا آٹھ برس قبل دونوں پھوپھی بھتیجے کا بیاہ ہوا ہو گا۔ اور پھر خروج ۲ : ۷ تا ۱۰ بھی یوکبد کے جوان ہونے پر دال ہے کیونکہ موسٰیؑ کی والدہ محترمہ فرعون کے گھر میں دایہ کے فرائض سر انجام دیتی تھیں (پیدائش ۲: ۷ تا ۹)۔ جوان عورت ہی زچہ ہونے کے ساتھ ساتھ دایہ کے فرائض بھی انجام دے سکتی ہے۔ اگر موسٰی کی پیدائش ۱۳۵ سالہ بوڑھی یوکبد سے معجزانہ بھی ہوئی ہوتی تو فرعون کی بیٹی موسٰیؑ کو دودھ پلانے کے لیے اتنی بوڑھی دایہ کو کیونکر قبول کر سکتی تھی؟ چنانچہ ماننا پڑے گا کہ ولادتِ موسٰیؑ کے وقت یوکبد زیادہ سے زیادہ ۴۰ برس کی جوان عورت تھی۔ مصر سے خروج کے وقت موسٰیؑ کی عمر ۸۰ برس تھی۔ اگر ولادتِ موسٰیؑ کے وقت یوکبد کی عمر ۴۰ برس بھی تسلیم کر لی جائے تو مصر میں بنی اسرائیل کے قیام کی مدت ۴۰ + ۸۰ = ۱۲۰ برس بنتی ہے۔
مفسر پادری رس ارون صاحب کی تحقیق کے مطابق حضرت موسٰی علیہ السلام کی ولادت حضرت یوسف علیہ السلام کی وفات کے ۶۴ برس بعد ہوئی (تفسیر کتاب پیدائش، ناشر مسیحی اشاعت خانہ لاہور، ص ۱۰)۔ حضرت یوسفؑ کی وفات تک بنی اسرائیل کے مصر میں قیام کی مدت ۷۰ برس تھی کیونکہ حضرت یوسفؑ کی ولادت کے وقت حضرت یعقوبؑ کی عمر ۹۰ برس تھی (قاموس الکتاب ص ۱۱۷۳ کالم ۲)۔ اور مصر میں آمد کے وقت حضرت یعقوبؑ کی عمر ۱۳۰ برس تھی (پیدائش ۴۷ : ۹)۔ یعنی مصر میں بنی اسرائیل کی آمد کے وقت یوسفؑ کی عمر ۱۳۰ - ۱۹۰ = ۴۰ برس تھی۔ یوسف کی کل عمر ۱۱۰ برس ہوئی (ایضاً)۔ یعنی یوسفؑ کی وفات تک مصر میں بنی اسرائیل کے قیام کی مدت ۱۱۰ - ۴۰ = ۷۰ برس بنتی ہے۔ لہٰذا ولادتِ موسٰیؑ تک مصر میں قیام کا عرصہ ۷۰ + ۶۴ = ۱۳۴ برس بنتا ہے۔ خروج کے وقت چونکہ موسٰیؑ کی عمر ۸۰ برس تھی اس لیے مصر میں آمد سے خروج تک ۱۳۴ + ۸۰ = ۲۱۴ برس کا عرصہ بنتا ہے۔

اپنے قومی تشخص کا احیاء کیجئے

عمران خان

برطانوی نوآبادیاتی نظام برصغیر میں اپنی بالادستی قائم کرنے کی ایک کوشش تھی جو یورپی سامراج نے ان نوآبادیاتی نظاموں سے (جس کا تجربہ فرانس کے تحت شمالی افریقہ کے ممالک، اور ہالینڈ کے تحت انڈونیشیا کے عوام کر رہے تھے) اپنی نوعیت کے اعتبار سے زیادہ مؤثر، گہرا اور دور رس نتائج کا حامل، اور سختی اور تشدد کے لحاظ سے نسبتاً کمتر درجے کا تھا۔ لیکن اس کے باوجود برطانوی نوآبادیاتی نظام نے اس خطے میں اپنے غلاموں کے ذہنوں پر پائیدار اثرات چھوڑے ہیں۔ چنانچہ آج پاکستان اپنے دورِ غلامی کے ناخوشگوار تجربات سے اتنے مختلف طریقوں سے چمٹا ہوا ہے کہ ہمارے شرفاء کو اس کا اندازہ تک نہیں، اور نہ ہی کبھی انہوں نے یہ جاننے کی پرواہ کی ہے کہ ’’تحقیق و تشویش‘‘ کا یہ فقدان دراصل خود بھی ہمارے عوام کی نوآبادیاتی نظام سے متاثرہ ذہنیت کا ورثہ ہے۔
یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی سرکاری زبان آج بھی انگریزی ہے، جس سے ہم ماضی کی ایک علامت سمجھ کر آسانی سے صَرفِ نظر کر جاتے ہیں، اور اس طرح ایک ایسی حقیقت سے چشم پوشی کر جاتے ہیں جس کا تجزیہ دقتِ نظر سے کیا جانا چاہیے۔ پاکستان کا معزز طبقہ انگریزی بولتا ہے، لندن اور نیویارک کی سیر کرتا ہے، مغربی لباس زیب تن کرتا ہے، وہاں کے تعلیمی اداروں میں داخلہ لینے کی آرزوئیں اس کے دل میں مچلتی رہتی ہیں۔ مختصر یہ کہ ہمارا اونچا طبقہ اس قدر وسیع المشرب بننے کی کوشش کرتا ہے جو ہمارے ان سابقہ آقاؤں کی خوشنودی کا باعث ہو، جو کچھ عرصہ قبل ہی یہ ملک چھوڑ کر گئے ہیں۔ یعنی وہی دو ہزار انگریز افسر جنہوں نے برصغیر کے چالیس کروڑ مقامی باشندوں پر حکومت کی۔
اس طرح ہم دیکھتے ہیں کہ انگریز ایک ایسا طبقہ پیدا کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں جو لارڈ کرومر کے الفاظ میں رنگ اور نسل کے اعتبار سے تو بے شک ہندوستانی میں ہو، لیکن انڈین سول سروس میں آنے کے بعد اپنے طور اطوار، مزاج، اور اندازِ فکر و نظر میں انگریز بن جائے۔ لیکن آج جو چیز ہمیں نوآبادیاتی تجربے کی کامیابی کی علامت دکھائی دیتی ہے، وہ دراصل اس احساسِ کمتری اور احساسِ ندامت کی غمازی کرتی ہے جو ہمارے سابق حکمران ہمارے ذہنوں پر مرتسم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ہمارے نوآبادیاتی تجربے نے جو انمٹ نقوش چھوڑے ہیں، انگریزی زبان اس کا صرف ایک نقش ہے۔
دوسری نشانی لباس ہے، چنانچہ ہمارے معززین یعنی گندمی رنگ کے صاحب لوگ نہ صرف اپنے سابق حکمرانوں کی زبان کی نقالی پر نازاں و فرحاں ہیں، بلکہ انہوں نے شلوار قمیص اور پگڑی سے بھی جان چھڑا کر تھری پیس سوٹ اور سفاری لباس اپنا لیا ہے جس کو برطانوی دور میں حکومت میں نچلے طبقے کے مقامی یعنی ’’کمی کمین‘‘ پہنتے تھے، اور کسی زمانے میں وہ ہمارے نوابوں اور مہاراجاؤں کا لباس ہوا کرتا تھا۔ اس کے برعکس ہمارے براؤن صاحبان کا ابھرتا ہوا طبقہ فوراً ٹائی اور پتلون پہننے لگا۔ یہ طبقہ مقامی لباس صرف ان مواقع پر استعمال کرنے لگا جو بالکل مقامی نوعیت کے ہوتے، مثال کے طور پر تمام افسر جو برطانوی عہد میں انڈین سول سروس میں شامل ہوتے، انہوں نے اپنے حکامِ بالا والا لباس پہننا شروع کر دیا۔ اسی طرح جو مقامی لوگ فوج اور پولیس میں شامل ہوئے انہوں نے بھی انگریزوں والی وردی پہننی شروع کر دی۔
اس طرح علامت کے طور پر ایک نئی طبقاتی تقسیم وجود میں آ گئی۔ جہاں تک نچلے عملے کا تعلق ہے جیسے چوکیدار، بیرے، یا اسی قسم کے وہ ملازم جو چھوٹے موٹے کام کرتے تھے، وہ مختلف قسم کا مقامی لباس استعمال کرتے جو شلوار قمیص اور پگڑی پر مشتمل ہوتا، اور یہی لباس ہمارے مقامی نوابوں اور جاگیرداروں کا تھا۔ اس طرح انگریزوں نے غیر ارادی طور پر نہ صرف ہمارے مقامی لباس کی ایک گونہ توہین کی بلکہ ہمارے مقامی نوابوں کو بھی ان کے نمایاں تشخص سے محروم کر دیا۔
اس طرح انگریزوں نے جو طبقاتی تقسیم متعارف کرائی وہ نہایت سادہ خطوط پر استوار تھی۔ وہ مقامی لوگ جنہوں نے زبان اور لباس میں آقاؤں کی تقلید کی، وہ شرفاء (ایلیٹ) کہلائے۔ جو تقلید نہ کر پائے وہ متروک و مردود قرار پائے۔ یہ متروک طبقہ لاہور اور دہلی جیسے شہروں کے پسماندہ علاقوں میں کسمپرسی کی حالت میں دھکیل دیا گیا، جبکہ مسابقت کی دوڑ میں ہمارے شرفاء (براؤن صاحب) نواحی کنٹونمنٹ میں نوتعمیر کوٹھیوں میں منتقل ہو گئے۔ تاہم انہوں نے ’’مقامیت‘‘ کا لبادہ پوری طرح تار تار نہیں کیا بلکہ مقامی تشخص کے ساتھ ان کا ارتباط ایسی ایک شعوری کوشش کی صورت میں رہا، جو ان کے لیے ایک طرح کی قابلِ نفرت چیز تھی۔ مختصر یہ کہ ہم اپنے آپ کو ایسے قدیم باشندے سمجھنے لگے جو جدید اور مہذب بننے کی کوشش میں وادی پرخار میں آبلہ پا ہو رہے ہوں۔
انگریز جس وقت ہندوستان کو ’’مہذب‘‘ بنانے میں مصروف تھے، اس دوران انہوں نے تہذیب کے بعض ایسے پہلوؤں کا گلا گھونٹنا شروع کر دیا جنہیں تازہ زندگی بخشنے کی ضرورت تھی۔ اس میں شک نہیں کہ کوئی تہذیب یا ثقافت ہر لحاظ سے مکمل نہیں ہوتی، اور اس کے بعض پہلو ایسے ہوتے ہیں جن کی اصلاح اور درستی کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسی طرح ہماری تہذیب و ثقافت بھی اس سے مستثنیٰ نہیں تھی اور نہ اب ہے۔ تاہم انگریزوں نے ہماری ثقافت کے بعض ایسے پہلوؤں کو بہتر بنانے کا اہتمام کیا جن پہلوؤں کے صحیح یا غلط ہونے کا فیصلہ کرنا ہم پر چھوڑ دینا چاہیے تھا۔ اس طرح انہوں نے ہمیں قومی شعور و افتخار سے محروم کر دیا۔ چنانچہ ہم اصلاح کے لیے خودکار دائمی عمل سے گزرنے کی بجائے کورانہ تقلید کی دلدل میں کھو کر رہ گئے۔ حالانکہ اپنی اصلاح خود کرنے کا حق ہر معاشرے کو حاصل ہونا چاہیے۔
اس استحقاق سے محروم کیے جانے کا نتیجہ یہ نکلا کہ ہم نے بسا اوقات اپنی عظیم ثقافت، ورثے اور تہذیب کی طرف دیکھنے اور اس کی اصلاح کی بجائے اسے مسترد کر دیا، اور اس طرز زندگی اور اس عمل کی نقالی شروع کر دی جو ہمارے لیے اجنبی تھا۔ اس کے نتیجے میں ہم ذہنی اور نفسیاتی خلفشار کا شکار ہو گئے ہیں، ایک لمحہ میں ہم انگریز بن جاتے ہیں اور دوسرے لمحے مسلمان، البتہ بالادستی انگریزی تشخص کو ہی حاصل ہوتی رہی۔ اگر کبھی کبھار ہم پر مقامی تشخص اجاگر کرنے کا دورہ پڑتا ہے تو وہ جلد ہی کورانہ تقلید، جو اَب ہمارے لیے ایک فطری عمل بن چکا ہے، کی دھند میں گم ہو کر رہ جاتا ہے۔ ہم اپنے ان راہنماؤں کا منہ تو چڑاتے ہیں جو نہ تو صاف ستھری انگریزی بول سکتے ہیں اور نہ ہی مغربی محاوارت اور روز مرہ کی سدھ بدھ رکھتے ہیں (اس سلسلہ میں فرائیڈے ٹائمز میں اتفاق نامہ خود تحقیری کے بہترین نمونے کے طور پر پیش کیا جا سکتا ہے) لیکن ہم اپنے ان راہنماؤں سے اغماض برتتے ہیں جو اردو بھی صحیح نہیں بول سکتے اور خود اپنے ہی وطن میں اجنبی بن چکے ہیں۔
آج جبکہ ہماری تیسری نسل قومی قیادت سنبھالنے کے لیے پر تول رہی ہے، ہماری ثقافتی پراگندگی کم تو کیا ہوتی بلکہ الٹا اس نے منافقتوں کو مزید گھمبیر بنا دیا ہے، جن سے ہمارا معاشرہ سر تا پا آلودہ ہے۔ کسی ثقافت سے اس کی اچھی چیزیں اخذ کر لینا کوئی بری بات نہیں، البتہ ذہنی غلامی ضرور بری بات ہے۔ ہمارے سامنے اس وقت انتخاب کے لیے بہت سے راستے کھلے ہیں اور ایک ایسا ورثہ بھی ہمارے سامنے ہے جس پر قابو پانا مشکل ہے۔ لیکن تبدیلی کا جو عزم بتدریج آگے بڑھ رہا ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ اس کا صحیح اور واضح تصور ہمارے ذہن میں ہو۔ اب تک تو ہم انتہاؤں کے درمیان لڑکھتے رہے ہیں، یا پھر ہم جن چیزوں میں سے صاف انتخابات کر سکتے تھے، ان کے بارے میں بھی گومگو کی کیفیت میں رہے ہیں۔
پاکستان کے بارے میں گورے اور کالے کے حوالے سے سوچنے کی بجائے ہمیں مغربی اور مشرقی تہذیب کے حسین امتزاج سے پیدا ہونے والے نظام کے مختلف پہلوؤں کا بغور جائزہ لینا چاہیے، کیونکہ
  • اگر ہمیں نوآبادیاتی ادارے ہی برقرار رکھنا ہیں تو پھر ہمیں یہ دیکھنا ہو گا کہ انہیں ایک جدید پاکستان کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے کس طرح بہتر بنا سکتے ہیں۔
  • اگر ہمیں اپنے اندازِ حکومت میں اسلام کا نفوذ کرنا ہے تو پھر ہمیں یہ دیکھنا ہو گا کہ ہم انسانی آزادی کو متاثر کیے بغیر ایسا کس طرح کر سکتے ہیں۔
  • اسی طرح اگر ہمیں تحریر و تقریر میں انگریزی کو ہی برقرار رکھنا ہے تو پھر ہمیں سوچنا ہو گا کہ اس سے جو طبقاتی تقسیم پیدا ہوتی ہے اسے کس طرح مٹایا جائے۔
  • اقتصادیات میں اگر سرمایہ داری ہی کو برقرار رکھنا ہے تو دیکھنا ہو گا کہ ہم بہتر منصفانہ معاشرہ تشکیل دینے کی جو خواہش رکھتے ہیں اس کے ساتھ موجودہ سرمایہ دارانہ نظام کو کیسے ہم آہنگ کیا جائے۔ 
یہ ایسے سوالات ہیں جن کا صرف ہمیں ہی سامنا نہیں بلکہ ان سب ممالک کو بھی یہی سوال درپیش ہیں جو نوآبادیاتی نظام کے تحت رہ چکے ہیں۔
پاکستان میں یہ تعمیری اور اصلاحی عمل اس وجہ سے شروع نہیں ہو سکا کہ ہم من حیث القوم اس عیاش اور دوسروں کا خون چوسنے والے کالے صاحب کو طویل عرصے سے برداشت کرتے چلے آ رہے ہیں، جس کے لیے جوں کا توں برقرار رہنا ہی فائدہ مند ہے۔ تاہم دوسروں کو مورد الزام ٹھہرانے کی بجائے ہمیں خود ہی اپنی اصلاح کا عمل شروع کر دینا چاہیے، اور یہ ایک ایسا عمل ہے جو خود اپنے اندر سے اور معاشرے کے اندر سے شروع کیا جا سکتا ہے۔
آئیں ہم صراطِ مستقیم کی تلاش میں نکلیں اور اس تلاش میں دوسروں سے راہنمائی حاصل کرنے کی بجائے خود اپنی کاوش سے اور اپنے شعور سے اپنے لیے سیدھا راستہ بنائیں، اور اس کے لیے ہمیں خارجی مثالوں سے انحراف بھی کرنا پڑے تو دریغ نہ کریں۔ یہ آسان کام نہیں، اور حقیقت یہ ہے کہ کوئی بھی کام جس کے لیے انسان جان کی بازی لگا سکتا ہے، آسان نہیں ہوتا۔ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ تعمیرِ ملت اور تشکیلِ تشخص کا کام ولولہ انگیز کام ہے۔ اور وہ چیز جسے ہم پسند نہیں کرتے اسے بہتر بنانے یا اسے یکسر تبدیل کرنے کے لیے کوشش تو بہرحال ہم کر ہی سکتے ہیں۔

علمائے کرام کی خدمت میں چند گزارشات

حضرت مولانا نذیر احمد

دینی مدارس کے متعلق حکومت کے عزائم اخبارات میں آپ ملاحظہ فرما چکے ہوں گے۔ تمام وفاقوں اور تنظیموں کی اپیل پر احتجاج کے پہلے مرحلے کے طور پر جمعوں میں احتجاجی بیانات ہو چکے ہیں۔ اس سلسلہ میں مزید اقدامات کی تجویز مرکزی تنظیموں کی قیادتیں کریں گی۔ سرِدست مجالس اور جمعوں کی تقریروں میں کیا انداز رکھنا چاہیے اس میں علمائے کرام اور خطبائے عظام دامت برکاتہم اپنے علم، دانش اور حکمت کے پیش نظر کسی رہنمائی کے محتاج نہیں، تاہم اذہانِ مبارکہ کو اس طرف متوجہ کرنے کے لیے بطور مشورہ بیانات کے چند عنوانات پیش خدمت کیے جاتے ہیں، جمعہ کی تقریروں میں اس طرف توجہ ہو جائے تو مفید ہو گا:
  • ہمارا اصل سرمایہ رجوع الی اللہ تعالیٰ ہے۔ اوقاتِ مخصوصہ میں انفرادی و اجتماعی دعائیں بکثرت کی جائیں۔
  • اپنے اپنے دائرہ اثر میں مدارس کو اکابر کے معیارِ تعلیم و تقویٰ پر لانے کے لیے مؤثر کردار ادا کیا جائے۔
  • حکومت کے عزائمِ قبیحہ کے سد کے لیے بھرپور مساعی ضروری ہیں۔ اس سے بھی زیادہ یہ بات ضروری ہے کہ عوام اور مخیر طبقہ کے ذہنوں میں مدارس کی ضرورت، اہمیت اور عظمت بٹھائی جائے۔ مخالف طبقہ کی طرف سے جو اشکالات پیدا کیے جا رہے ہیں، اپنی اپنی وسعت کے مطابق تقریراً و تحریراً ان کے موقر جوابات دیے جائیں۔ عنواناتِ ذیل بھی اسی مقصد کے لیے پیش کیے جا رہے ہیں۔
  • حافظ، قاری، عالم، مفتی، مناظر، امام، خطیب، صحیح مصنف، اور مدرس غرضیکہ دینی خدمات سرانجام دینے والی ہر شخصیت مدارس کی پیداوار ہے۔
  • مناصبِ مذکورہ ملک و ملت اور اس عظیم اسلامی مملکت کی سب سے بڑی اور بنیادی ضرورت ہیں، جسے یہ مدارس اچھے نظم سے پورا کر رہے ہیں۔
  • اعتقادی، نظریاتی، عملی، اخلاقی، معاشرتی اور معاملاتی اصلاحات کے لیے جتنی جماعتیں، ادارے، خانقاہیں اور افراد کام کر رہے ہیں، یہ سب انہی مدارس کے آثارِ حسنہ اور ثمراتِ طیبہ ہیں۔
  • پورے عالم میں جذبۂ جہاد، اسلامی و ایمانی لہر، جس سے بڑی اسلام دشمن طاقتیں خوفزدہ ہیں، یہ انہی مدارس کے نتائج ہیں۔
  • تمام دنیوی محکموں اور اداروں میں احساسِ ذمہ داری رکھنے والے سچے، دیانتدار، ضوابط کے پابند افراد کی نمایاں اکثریت انہی مدارس اور خانقاہوں سے نسبتِ استفادہ رکھنے والوں کی ہے۔
  • ہمارے اکابر کے دور کے معیارِ تعلیم، تربیت اور تقویٰ کے اعتبار سے موجودہ مدارس میں بہت تقصیرات ہیں، لیکن حکومتی خرچ اور نظم سے چلنے والے اداروں سے امن و سکون، معیارِ تعلیم و تربیت، معیارِ حسنِ امتحانات وغیرہا کے اعتبار سے یہ مدارس اتنے اونچے ہیں کہ ان میں کوئی نسبت ہی نہیں۔
  • مدارس اتنے بڑے صدقاتِ جاریہ ہیں جن کا سلسلہ اتنا طویل اور دراز اور شاخ در شاخ ہو جاتا ہے جس کی کوئی حد ہی نہیں۔ ایک عالم کی خدمات اس کے بلاواسطہ اور بالواسطہ شاگردوں اور متوسلین اور ہم نشینوں کی خدمات کا پھیلاؤ ہمارے تصور سے زیادہ ہے۔ جن لوگوں کے اخراجات سے پہلا عالم تیار ہوا تھا، یہ اس کی وسعتوں کے ثواب میں باقاعدہ شریک ہوں گے۔ دوسرے رفاہی کاموں میں حصولِ اجر کی یہ شان ہرگز نہیں ہے۔
  • علومِ اسلامیہ کی نشر و اشاعت کے لحاظ سے تو یہ مدارس صدقہ جاریہ ہیں، ان میں صدقہ جاریہ کے اور بھی متنوع پہلو ہیں۔ درسگاہیں، دارالاقامے (ہاسٹل)، مطبع، وضو خانے، غسل خانے، کپڑے، کھانے پینے اور ادویات کا انتظام کرنا، یہ سب کچھ خدمتِ خلق اور تصدق اور رفاہِ عام کے پہلو ہیں، جن سے نفع اٹھانے والے اکثر اتقیاء، صلحاء اور عباد و زہار ہوتے ہیں۔ ایسے نیک دوسرے رفاہی اداروں سے استفادہ کرنے والوں میں کم ہوتے ہیں۔
  • مدارس میں بھی اکا دکا باہمی کشمکش کے واقعات ہو سکتے ہیں اور ہوتے ہیں، لیکن اکثر بلکہ تقریباً سب مدارس اس بداَمنی اور بے سکونی کے دور میں دوسرے اداروں کی نسبت امن و سکون کے مرکز ہی نہیں بلکہ اس کے داعی اور علمبردار ہیں۔
  • مدارس کے متعلق یہ خیال مجالس میں گردش کرتا رہتا ہے کہ اس سے ڈاکٹر، انجینئر وغیرہ پیدا نہیں ہوتے۔ اس کے متعلق عرض ہے کہ واقعی ایسے افراد پیدا ہیں ہوتے، لیکن یہ سوال جدید فنون کے اداروں پر بھی ہے۔ میڈیکل کالج سے صرف ڈاکٹر پیدا ہوتے ہیں، نہ وکیل بنتے ہیں نہ انجینئر بنتے ہیں، نہ ماہر معاشیات وغیرہ۔ اصل بات یہ ہے کہ آدمی متخصص (اسپیشلسٹ) کسی ایک ہی فن میں ہو سکتا ہے، اس کو کسی دوسرے فن کی طرف لگانا اس کے اصل فن میں اسے ناقص رکھنے کی اسکیم کے مترادف ہے۔ ایسے ہی علومِ اسلامیہ اپنے اندر جو اہمیت، ضرورت اور وسعت رکھتے ہیں، ان کو دوسری طرف لگانے کا مشورہ دینے کا منشا تو علومِ اسلامیہ کی اہمیت و ضرورت سے جہالت ہے، یا ان کو ان علوم میں ناقص رہنے کا مشورہ دینا ہے۔

دینی مدارس کا ایک نیا وفاق

نظامتِ تعلیماتِ اسلامیہ پاکستان

ادارہ

علم ہر انسان کی بنیادی ضرورت ہے، علم کے ذریعے ہی انسان اپنے معبودِ حقیقی کی معرفت حاصل کرتا ہے اور خود اپنے آپ کو بھی پہچان سکتا ہے، بلکہ علم کی وجہ سے انسان کو باقی مخلوق حتیٰ کہ فرشتوں پر فضیلت حاصل ہوئی ہے۔ اور یہ کہنا کسی طرح بھی بے جا نہ ہو گا کہ علم کے بغیر خود انسان نامکمل رہتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تاریخ کے ہر دور میں علم کی ترویج و ترقی کے لیے ہر ممکن کوششیں بروئے کار لائی گئیں۔ خصوصاً اسلام نے تو اپنے تمام عقائد و تعلیمات کی بنیاد علم پر رکھی ہے۔ خود پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے جہاں اپنے متعلق ’’انما بعثت معلما‘‘ کا جملہ ارشاد فرمایا، وہاں ’’طلب العلم فریضۃ علیٰ کل مسلم‘‘ کہہ کر ہر مسلمان کے لیے حصولِ علم کو فرض قرار دیا۔ چنانچہ مسلمانوں نے علم کی اہمیت کو محسوس کیا اور پوری دنیا میں علم کی اشاعت کے لیے وہ کوششیں سرانجام دیں کہ تمام اقوام آج مسلمانوں کے اس سلسلہ کی مرہونِ منت ہیں۔ اب بھی مسلمان امت تعلیم و تعلم کے اس فریضہ کو بجا لانے میں پوری طرح مصروف ہے۔

تعلیم پاکستان میں

مملکتِ خداداد پاکستان میں اس وقت دو طرح کے تعلیمی نظام رائج ہیں:
(۱) قدیم دینی و عربی نصاب کی تعلیم کا محور و مرکز مساجد اور دینی مدارس ہیں، اور اس نظام نے یہاں دینی و اعتقادی ضروریات پوری کرنے کا فرض نبھایا، اور آج جو کچھ بھی دینی زندگی اور ایمانی حمیت یہاں موجود ہے، وہ اسی نظامِ تعلیم کا نتیجہ ہے۔ اخلاق و کردار اور ایمان و عمل میں جو رونقیں نظر آتی ہیں، وہ مساجد و مدارس کے ماحول میں ہونے والی مساعی کے دم قدم سے ہیں۔
(۲) جدید حکومتی نصابِ تعلیم کا مرکز سکول، کالج اور یونیورسٹیاں ہیں، اور اس نصاب نے ریاست کے امور چلانے والے افراد تیار کیے اور دنیوی شعبوں میں کام کرنے کی استعداد پیدا کی۔ اس حکومتی نصاب میں قرآن مجید ناظرہ کی تعلیم اور اسلامیات کی صورت میں کسی حد تک اسلامی عقائد و احکام کا ایک حصہ شامل ہے، لیکن یہ ایک مسلمان کی دینی ضروریات کے لیے ناکافی ہے۔ اس پر المیہ یہ ہے کہ اس حصہ کو عملاً تعلیم کے سلسلہ میں کوئی اہمیت نہیں دی گئی، جس کے نتیجہ میں جہاں ان اداروں میں تعلیم کا معیار انتہائی پست ہے، وہاں نقل اور ناجائز ذرائع سے امتحانی کامیابی کا حصول کوئی عیب نہیں رہا۔ اور ان اداروں میں نوجوان نسل کی تربیت اس انداز سے ہو رہی ہے کہ کلاشنکوف کلچر، گروپ بندی اور دوسری تمام اخلاقی خرابیوں نے ان درسگاہوں کے تصور کو بھی بھیانک بنا دیا ہے اور والدین انتہائی پریشان ہیں، لیکن ان کے سامنے تعلیم و تربیت کا ایسا کوئی متبادل نظام موجود نہیں جس پر وہ اپنی اولاد کے معاملہ میں اعتماد کر سکیں۔
مندرجہ بالا صورتحال اور پاکستان میں تعلیم کے دونوں نظاموں میں پائے جانے والے خلا کو پر کرنے کا ایک ہی ذریعہ ہے کہ کسی طرح ان دونوں نظاموں کی خوبیوں کو جمع کر دیا جائے، اور اس طرح ایسی نسل تیار کی جائے جو بیک وقت دینی تعلیمات سے آگاہ ہونے کے ساتھ جدید دور کے فنون سے بھی پوری طرح واقف ہو۔ اس سلسلہ میں مسلمان زعماء اور دردمند اکابر ہمیشہ کوشش میں مصروف رہے ہیں، لیکن یہ کوششیں انفرادی درجہ کی حامل تھیں، جبکہ اب ملک و ملت کی اس ضرورت کو پیش نظر رکھتے ہوئے دردمند علماء کے ایک اجلاس میں ان کوششوں کو اجتماعی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اور اس کے لیے ’’نظامتِ تعلیماتِ اسلامیہ پاکستان‘‘ کے نام سے کام کرنے کا عزم کیا گیا اور طے کیا گیا کہ ایک ایسا نظامِ تعلیم اور نصاب وضع کیا جائے جس میں دونوں نصابوں کی اہم ضروریات ملحوظ رکھی جائیں۔ اور تعلیم و تربیت کا ایسا پروگرام طے کیا جائے جس کے ذریعے ایسی مسلمان نسل تیار ہو جو بیک وقت دینی تعلیم اور اخلاقی و روحانی تربیت بھی رکھتی ہو، اور انتظامی و ریاستی امور سرانجام دینے کی بھی پوری طرح اہل ہو۔

نظامت کے مقاصد

  • دینی علوم اور عصری فنون پر مشتمل نصاب کی تدوین
  • ملحقہ مدارس کے امتحانی اور تربیتی نظام کی نگرانی
  • اعلیٰ اسلامی تعلیم و تربیت اور ملکی نظام میں اپنا کردار ادا کرنے کی حامل نسل تیار کرنے کی جدوجہد
  • ایسے طریقۂ تدریس کا استعمال جس میں ایسے مبلغین اسلام تیار ہوں جو عربی، فارسی اور انگریزی زبان پر عبور رکھتے ہوں، اور پوری دنیا میں تبلیغِ دین کا فرض بھی ادا کر سکیں، اور عصرِ حاضر کے تمام الحادی اور غیر اسلامی فتنوں کا تعاقب کر کے اسلام دشمن تحریکوں کی سرکوبی کر سکیں۔

نظامت کا قیام اور عملی اقدام

  • مندرجہ بالا مقاصد کے حصول کے لیے نظامتِ تعلیماتِ اسلامیہ پاکستان کے نام سے اس ادارہ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
  • نظامت کا مرکزی دفتر جامعہ منظور الاسلامیہ، عید گاہ صدر روڈ، لاہور چھاؤنی میں قائم کیا گیا ہے۔
  • حضرت مولانا محمد طیب صاحب حنفی کو نظامت کا امیر منتخب کیا گیا ہے، جبکہ مولانا عبد الرؤف فاروقی کو ناظمِ اعلیٰ نامزد کیا گیا ہے۔
  • حضرت مولانا عبد الرحمٰن ظفر کی سربراہی میں تدوینِ نصاب کمیٹی نے پرائمری پاس طلباء کے لیے گیارہ سالہ نصاب ترتیب دیا ہے، جس میں ترجمۂ قرآن مجید، تفسیر، اصولِ تفسیر، حدیث، اصولِ حدیث، فقہ، اصولِ فقہ، عقائد، ادب، صرف، نحو اور منطق پر مشتمل دینی و قرآنی علوم کے ساتھ چھٹی سے بی اے تک کا حکومتی نصاب شامل ہے۔
  • طے کیا گیا ہے کہ جو مدارس نظامت کے ساتھ الحاق کریں گے اور نظامت کا مرتب کردہ نصاب رائج کریں گے، ان کے امتحانات اور تعلیمی و تربیتی نظام کی نگرانی نظامت کرے گی، اور نتائج کے مطابق اسناد بھی جاری کرے گی۔
  • نظامت نے طے کیا ہے کہ طلباء میں عربی و دینی علوم کی استعداد پیدا کرنے کے لیے فنون کی بعض ابتدائی کتابیں مرتب کر کے انہیں شائع کیا جائے۔
  • نظامت نے طے کیا ہے کہ ملحقہ مدارس کا بنیادی مشن علومِ نبوت کی تعلیم و ترویج ہو گا اور وہ اسی مقصد کو اہمیت دیں گے، جبکہ حکومتی نصاب سے ریاستی امور اور تبلیغِ اسلام کے لیے صلاحیت پیدا کرنا مقصود ہو گا اور اسی درجہ میں اس کو اہمیت حاصل ہو گی۔

عظیم افغان کمانڈر مولانا نصر اللہ منصورؒ

عید محمد افغان

حضرت مولانا نصر اللہ منصور بن غلام محمد خان سہاکھ گاؤں زرمت کے علاقہ میں صوبہ پکتیکا میں ایک دیندار گھرانے میں پیدا ہوئے جس کو علاقہ کے لوگ فضل الرحمٰن کے گھرانے کے نام سے جانتے ہیں۔ ابتدائی تعلیم زرمت پکتیکا پغمان کے مختلف علاقوں میں حاصل کی اور جامعہ نور المدارس الفاروقیہ ولایت غزنی میں علومِ عالیہ کی تحصیل کے لیے داخل ہوئے اور ایسی علمی اور روحانی فضا میں تربیت پائی جہاں ہمیشہ اللہ تعالیٰ کے ذکر کی صدائیں بلند ہوتی تھیں اور قال اللہ جل جلالہ اور قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی آوازیں آتی تھیں۔ اس جامعہ سے مولانا منصور شہیدؒ نے علومِ عالیہ تفسیر، حدیث، اصول، عقائد، کلام اور فقہ وغیرہ حاصل کیے۔ اس جامعہ کا شمار افغانستان کے بڑے مدارس میں ہوتا ہے۔ طالب علمی کے دور میں مولانا شہیدؒ ذہین و فہیم طلباء میں شمار ہوتے تھے۔
پڑھائی کے دوران ہی مولانا منصورؒ کا تعلق شیخ المشائخ المجددی نور اللہ مرقدہ سے ہو گیا اور تھوڑے ہی عرصہ کے بعد ان کا دل خوشی سے اصلاحِ باطن کی طرف مائل ہوا اور طیب خاطر سے شیخ مجددی نور اللہ مرقدہ کے حلقہ بگوش ہو کر شغف بالذکر کرنے لگے۔ ان کے شیخ معمولی شیخ نہ تھے بلکہ پورے افغانستان کے علماء اور عوام الناس کے شیخ الکل تھے۔ پس شیخ کی مبارک روحانی بیعت نے اس طالب علم کے اندر عجیب و غریب اثرات پیدا کر دیے جو ان کی آنے والی زندگی کے لیے سنگِ بنیاد کی حیثیت رکھتے تھے۔ اس دوران مولانا منصور شہیدؒ نے ’’جمعیت خدام الفرقان‘‘ کی بنیاد رکھی اور اس کے ساتھ ساتھ علمی مشاغل کو بھی برقرار رکھا۔ مولانا منصورؒ نے جمعیت کے لیے ایک منشور مرتب کیا۔ جمعیت وہ پہلی جماعت تھی جس نے اپنی تمام تر کوششیں روسی کمیونسٹوں کے خلاف وطنِ عزیز افغانستان میں صرف کیں، اور افغانستان کی جملہ مسلم جماعتیں اس عظیم جمعیت کے ساتھ متفق اور متحد تھیں۔ اور یہ جمعیت محمد اسماعیل مجددی، جنہوں نے محمود غزنویؒ کے پوتوں کو سرکش ظالموں کی سرکوبی کے لیے تیار کیا تھا، کی قیادت میں سرگرم عمل تھی۔
مولانا منصور شہیدؒ نے جامعہ نور المدارس سے فراغت حاصل کی اور ممتاز درجہ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اسلامی علوم سے فراغت کے بعد مولانا منصورؒ علم کے حقوق کی ادائیگی میں لگ گئے، یعنی دینی علوم کی تدریس اور تعلیم میں مصروف ہو گئے۔ کمیونسٹ روسی چونکہ افغانستان کے مختلف علاقوں میں کثیر تعداد میں تھے، لہٰذا انہوں نے اس بطلِ حریت کو ہر طرح کے حیلے کر کے قید کرنا چاہا۔ کیونکہ وہ روسی کمیونسٹوں کے گندے عزائم کے سامنے سدِ سکندری تھے۔ ان حالات میں انہوں نے اللہ تعالیٰ کے حکم ’’ارض اللہ واسعۃ فتہاجروا فیہا‘‘ کو بسر و چشم قبول کیا۔ وطنِ عزیز کو خیرباد کہہ کر شاہی کوٹ چلے آئے جو کہ مجاہدینِ اسلام افغانستان کا مرکز اور معسکر تھا، اور وہاں پہنچ کر نوجوانوں کو اسلامی تعلیم کے ساتھ روسیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کرتے رہے۔ شاہی کوٹ میں تعلیم و تدریس کا سلسلہ بھی بے سروسامانی کے عالم میں خیموں میں جاری رہا۔ باوجود اس کے کہ کبھی کبھار تند ہوا سے خیموں کی رسیاں ٹوٹی جاتی تھیں، منصورؒ نوجوانوں کو روسیوں کے مقابلہ کے لیے بلند ہمتی کے ساتھ تیار کرتے رہے۔
روسی جارحیت کے کچھ ہی عرصہ بعد پاکستان کے علاقہ میران شاہ میں آگئے تاکہ اللہ تعالیٰ، اس کے دین اور مجاہدینِ اسلام کے دشمنوں کے مکروہ قید و بند تکالیف سے نجات حاصل کر کے ان کی بری تدابیر کا سدباب کیا جائے۔ روسی اگرچہ افغانستان کے مختلف شہروں اور صوبوں میں موجود تھے لیکن علماء اور عوام پر اپنا تسلط قائم نہ کر سکے، اور انہی دنوں منصور شہیدؒ نے اپنا نام تبدیل کر لیا تاکہ روسی سازشوں سے محفوظ رہیں۔
روسی کمیونسٹ انقلاب کے بعد جب تراکئی اور حفیظ اللہ امین کرسی اقتدار پر بیٹھے تو انہوں نے کمیونسٹ روسی نظام کو افغانستان کی سرزمین پر مسلط کرنا چاہا۔ علماء کرام اس نظام کے خلاف سرگرم عمل ہوئے تو حکومت نے علماء کو جیلوں میں بند کرنا شروع کر دیا۔ اسی پاداش میں منصورؒ کو بھی کابل جیل میں بند کر دیا گیا اور دوسرے مشائخ کو، مثلاً جمعیت خدام الفرقان جو کہ جہاد فی سبیل اللہ کے لیے بنائی گئی، اس جمعیت کے بانی مرشد المشائخ مجددی بن نور المشائخ اور حضرت مولانا فضل عمر مجددی کو بھی قید میں ڈالا گیا۔ تاہم کابل جیل کا جیلر منصورؒ کا ہم وطن تھا، چنانچہ اس نے مولانا شہید کو رہا کر دیا۔
اس کے بعد منصور شہیدؒ شیخ محمد بن محمدی کے ساتھ پاکستان آئے اور فقیہ العصر مولانا مفتی محمودؒ قدس سرہ سے مشاورت کی۔ ’’حرکت الانقلابیہ الاسلامیہ‘‘ کے نوجوانوں نے شریعت کے نفاذ کے لیے قربانیاں دیں تاکہ مذکورہ قیادت کے زیرسایہ افغانستان میں ایک اسلامی حکومت قائم ہو جائے۔ اس لیے کہ مسلمان مجاہدین کا مطمح نظر ایک ہی تھا کہ افغانستان میں دین کا پرچم سربلند ہو۔ اور حرکت کی انتھک کوششوں سے قریب تھا کہ روسی حکومت کا خاتمہ ہو جائے، لیکن روس نے تازہ دم فوج ’’جیش احمر‘‘ (Red Army) کو مجاہدین کی سرکوبی کے لیے بھیج دیا، لیکن حرکت کے نوجوانوں نے، جو کہ منصور شہیدؒ کی کمان میں لڑ رہے تھے، ڈٹ کر مقابلہ کیا اور دین کی سربلندی کے لیے خون کو بہایا اور ہزاروں علماء کرام نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔
ان مجاہدین میں سے سینکڑوں نے جام شہادت نوش کیا جن میں صوبہ پکتیکا کے حضرت مولانا پیر محمد الوقفی شہیدؒ، صوبہ پغمان کے مولوی عبد الرحیم الحنفی شہیدؒ، غزنی کے قاری عبد اللہ دانش شہیدؒ، ہلمند کے مولانا محمد نسیم شہیدؒ، زابل کے مولوی مدد خانؒ اور مولوی محمد موسیٰ کلیم شہیدؒ، اور کابل کے مولوی شفیع اللہ شہیدؒ شامل ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کو اپنے جور رحمت میں جگہ عطا فرمائے، آمین۔
اسی دوران پاکستان کے مرد مجاہد بطل حریت حضرت مولانا ارشاد احمد شہیدؒ نے ’’حرکت الجہاد الاسلامی العالمی‘‘ کی بنیاد ڈالی۔ یہ پہلے مرد مجاہد تھے جنہوں نے دین کو اللہ تعالیٰ کے لیے خالص کیا اور کفر کے ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر اس کو لرزہ خیز کر دیا اور اسی کشمکش میں رب العالمین کا پڑوس حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ جب مولانا ارشاد شہیدؒ نے جہاد کی مہم شروع کی تو حضرت مولانا عبد الحق رحمہ اللہ تعالیٰ رئیس دارالعلوم الحقانیہ اکوڑہ خٹک سے مشورہ کیا۔ انہوں نے ارشاد شہیدؒ کو مولانا منصور شہیدؒ کی رفاقت اختیار کرنے کے لیے فرمایا اور ارشاد شہیدؒ کا منصور شہید سے بڑا گہرا تعلق تھا، اور حرکت الجہاد الاسلامی العالمی بھی منصور شہید کے زیر اثر برسرپیکار رہی ہے۔
منصور شہیدؒ حلیم الطبع اور نرم خو شخصیت کے حامل تھے اور فیصلہ کرنے میں حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور عمر بن عبد العزیزؓ کی اقتدا کرتے تھے۔ اس کی نمایاں مثال ایک واقعہ ہے کہ ان کی جماعت کے ایک ذیلی امیر نے گیارہ آدمیوں کو ناحق قتل کر دیا۔ منصور شہیدؒ نے مقتول کے ورثا اور عامۃ الناس کو جمع کیا تاکہ امیر سے قصاص لیا جائے۔ مجاہدین نے اصرار کیا کہ امیر کو قصاص میں قتل نہ کیا جائے ورنہ رسوائی ہو گی، اور اگر نہ چھوڑا گیا تو ہم تمہارا ساتھ چھوڑ دیں گے۔ منصور شہیدؒ نے فرمایا کہ میں اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم کو اختیار کرتا ہوں۔ چنانچہ انہوں نے حالات کی پروا کیے بغیر اللہ تعالیٰ کے احکام حدود کو مدنظر رکھتے ہوئے قصاص کا فیصلہ کر دیا۔
منصور شہیدؒ افغانستان کے جہاد ہی کے ذمہ دار نہ تھے بلکہ اتحاد اسلامی کے خصوصی رکن بھی تھے۔ اور افغانستان کی آزادی کے لیے کوشاں حرکت الانقلاب الاسلامیہ کے نائب رئیس بھی تھے۔ اس کے علاوہ سات متحدہ افغانی جماعتوں کے سیکرٹری بھی تھے۔ آزادئ افغانستان کے بعد حرکت الانقلاب الاسلامیہ کے نائب بن گئے اور زندگی کے آخری ایام میں مجلس الاعلیٰ للقضاء کے رئیس تھے اور گردیز کے والی بھی بن گئے۔ گویا منصور شہیدؒ تمام جماعتوں میں مشترک حیثیت رکھتے تھے۔
ظالم کمیونسٹوں نے منصورؒ کے خلاف سازش کی، وہ قافلہ کی صورت میں کابل سے گردیز کی طرف سفر کر رہے تھے کہ ان کی گاڑی میں نصب کیا جانے والا بم پھٹ گیا۔ منصور شہیدؒ کے ساتھی انجینئروں نے انہیں بتایا تھا کہ آپ اپنی گاڑی چھوڑ دیں، لیکن وہ نہ مانے، انہیں گمان بھی نہیں تھا کہ ان کے ساتھ یہ کچھ ہو جائے گا۔ منصور شہیدؒ کی گاڑی میں چھ محافظوں کے علاوہ ولایت لوگر کے مولوی ضبطو خان بھی موجود تھے جو کہ حرکت الانقلاب الاسلامیہ کے قائدین میں سے تھے۔ تھوڑی دیر چلنے کے بعد انہوں نے کسی چیز کی بدبو محسوس کی لیکن سمجھ نہ سکے کہ کیا چیز ہو سکتی ہے۔ گاڑی کو روکا، اترے اور دیکھا لیکن کسی چیز کو نہ پایا، چنانچہ سفر جاری رکھا۔ تھوڑی دیر کے بعد پھر گاڑی سے دھواں اٹھتا ہوا محسوس ہوا تو ارادہ کیا کہ گاڑی کو کسی پانی والی جگہ پر روک کر تفتیش کریں۔ مگر چند لمحوں بعد ہی بم پھٹ گیا اور گاڑی کے پرخچے اڑ گئے اور منصور شہیدؒ اپنے ساتھیوں سمیت جام شہادت نوش کر گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ اللہ تعالیٰ ان کو ہماری اور تمام امتِ مسلمہ کی طرف سے جزائے خیر عطا فرمائے اور جنت نعیم میں ان کا ٹھکانہ بنائیں، آمین ثم آمین۔

قافلۂ معاد

مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

حضرت مولانا مفتی ولی حسنؒ

پاکستان کے ممتاز مفتی اور فقیہ حضرت مولانا مفتی ولی حسن ٹونکیؒ گزشتہ ماہ طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال فرما گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ مرحوم حضرت مولانا سید محمد یوسف بنوریؒ کے معتمد رفقاء میں سے تھے اور انہوں نے طویل عرصہ تک جامعۃ العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاؤن کراچی میں تدریس و افتاء کی خدمات سرانجام دیں۔ وہ ایک مشفق استاذ، بیدار مغز مفتی، اور حق گو عالمِ دین تھے اور ہمیشہ اعتقادی و معاشرتی فتنوں کے خلاف سرگرم عمل رہتے تھے۔

مولانا نیاز محمدؒ

جمعیۃ علماء اسلام کے سابق مرکزی ناظم اور بلوچستان کے سابق صوبائی وزیر مولانا نیاز محمد گزشتہ ماہ مکہ مکرمہ میں حرکت ِقلب بند ہو جانے سے انتقال کر گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ ان کا تعلق زیارت کے علاقہ کواس سے تھا اور وہ جمعیۃ کے متحرک راہنماؤں میں شمار ہوتے تھے۔ راقم الحروف کے حالیہ سفرِ حجاز کے دوران مسجد حرام میں مولانا مرحوم سے ملاقات ہوئی اور انہوں نے بڑے دردِ دل کے ساتھ جمعیۃ علماء اسلام کے معاملات کی اصلاح کے لیے کردار ادا کرنے کی طرف توجہ دلائی، مگر اس کے دو تین روز بعد جب کراچی پہنچا تو ’’جنگ‘‘ میں خبر پڑھی کہ مولانا نیاز محمدؒ کا مکہ مکرمہ میں حرکتِ قلب بند ہو جانے سے انتقال ہو گیا ہے۔

مولانا محمد انذر قاسمیؒ

جمعیۃ علماء اسلام کے ایک اور سرگرم راہنما اور سیالکوٹ کے متحرک عالم دین مولانا محمد انذر قاسمیؒ رمضان المبارک کے دوران جبکہ وہ نماز تراویح ادا کرنے کے بعد گھر جا رہے تھے، سفاک قاتلوں کی گولیوں کا نشانہ بنتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ وہ ایک حساس و مضطرب دل کے حامل نوجوان عالم دین تھے، اور انہوں نے اپنی مختصر زندگی میں تحریک ختم نبوت اور تحریک نفاذ شریعت کے لیے جو گراں قدر خدمات سرانجام دیں وہ بلاشبہ نوجوان علماء کے لیے قابل تقلید اور لائق رشک ہیں۔ دینی معاملات میں ان کی مسلسل محنت و مشقت اور ان کی حق گوئی کی یادیں ایک عرصہ تک ان کی یاد دلاتی رہیں گی۔

حافظ سید مقصود میاںؒ

حضرت مولانا سید حامد میاں قدس اللہ سرہ العزیز کے چھوٹے فرزند حافظ سید مقصود میاں رمضان المبارک کے دوران جامعہ مدنیہ لاہور میں نماز تراویح میں قرآن سناتے ہوئے اللہ تعالیٰ کو پیارے ہو گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ وہ ایک علمی خاندان کے ہونہار فرزند تھے۔

جناب انوار احمدؒ

مکتبہ مدنیہ اردو بازار لاہور کے جناب انوار احمد کو کسی شقی القلب قاتل نے ان کی دکان پر فائرنگ کر کے شہید کر دیا، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ مرحوم مسلکی معاملات میں ہمیشہ سرگرم رہتے تھے اور قلبی احساس و جذبہ سے بہرہ و ر دینی کارکن تھے۔

پروفیسر محمد سرفرازؒ

سیالکوٹ کے بزرگ عالم دین حضرت مولانا حافظ منظور احمد سیالکوٹی کے فرزند پروفیسر محمد سرفراز گزشتہ دنوں تبلیغی چلہ لگانے کے بعد واپس آتے ہی لاہور میں انتقال کر گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون، وہ ایک صالح اور باعمل نوجوان تھے۔
ہم ان تمام مرحومین کی مغفرت اور بلندئ درجات کے لیے دعاگو ہیں اور پسماندگان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ مرحومین کو جوار رحمت میں جگہ دیں اور جملہ پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق ارزانی فرمائیں، آمین یا الٰہ العالمین۔

ورلڈ اسلامک فورم کی سرگرمیاں

ادارہ

مولانا محمد عیسیٰ منصوری کا دورۂ جنوبی افریقہ

ورلڈ اسلامک فورم کے سیکرٹری جنرل مولانا محمد عیسیٰ منصوری نے گزشتہ ماہ فورم کے سیکرٹری تنظیمی امور مولانا محمد اسماعیل پٹیل کے ہمراہ جنوبی افریقہ کا دورہ کیا اور مختلف شہروں میں علماء کرام اور دینی کارکنوں کے اجتماعات سے خطاب کیا۔
ڈربن میں جمعیت علماء نٹال کے سربراہ مولانا محمد یونس پٹیل کی طرف سے طلب کردہ علماء کرام کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا منصوری نے علماء پر زور دیا کہ وہ اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں مغربی ذرائع ابلاغ کے منفی پراپیگنڈا کے اثرات کا جائزہ لیں اور اس سلسلہ میں اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔
انہوں نے کہا کہ مغربی ذرائع ابلاغ کمیونزم کی شکست کے بعد مسلسل یہ پراپیگنڈا کر رہے ہیں کہ اسلام انسانی حقوق کی راہ میں رکاوٹ ہے اور مسلم بنیاد پرستی سے عالمی امن اور مغربی تہذیب کو خطرہ ہے، اس لیے مسلم بنیاد پرستی کو کچلنے کے لیے مغربی حکومتیں اور لابیاں اپنا پورا زور صرف کر رہی ہیں۔ لیکن علماء کرام کے حلقوں میں ابھی اس چیلنج کو پوری طرح سمجھنے کی کوشش نہیں کی جا رہی، جس کا ملتِ اسلامیہ کو نقصان ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف کی یہ روایت رہی ہے کہ انہوں نے دین اور قوم کو پیش آنے والے فتنوں سے ہمیشہ بروقت خبردار کیا ہے، اور ان کے مقابل میں ملت کی راہنمائی کی ہے، لیکن آج یہ روایت اپنے تسلسل سے محروم ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ انہوں نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ ابلاغ کے جدید ذرائع سے بھرپور استفادہ کریں اور اسلام کی دعوت و تبلیغ کے لیے میدانِ عمل میں آئیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام دینِ فطرت ہے اور یہ صلاحیت صرف اسی میں ہے کہ وہ انسانی معاشرے کے پیچیدہ مسائل کو حل کرے، لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ علماء کرام اسلام کے اجتماعی کردار کا ادراک حاصل کریں اور اسے دنیا کے سامنے آج کی زبان میں پیش کریں۔
مولانا منصوری نے جنوبی افریقہ کے متعدد شہروں میں جمعیت علماء افریقہ کے راہنماؤں اور دینی اداروں کے سربراہوں سے ملاقاتیں کیں اور فورم کے پروگرام پر ان سے تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے ورلڈ اسلامک فورم کے سرپرست ڈاکٹر سید سلمان ندوی سے بھی ملاقات کی اور فورم کے آئندہ سال کے پروگراموں کے بارے میں ان سے صلاح مشورہ کیا۔

مسلم ہیومن رائٹس سوسائٹی پاکستان کا قیام

جامع مسجد خضراء سمن آباد لاہور کے خطیب مولانا عبد الرؤف فاروقی کی دعوت پر ۲۶ مارچ ۱۹۹۵ء کو چند اہل دانش کا ایک اجلاس ان کی رہائشگاہ پر منعقد ہوا جس میں ورلڈ اسلامک فورم کے چیئرمین مولانا زاہد الراشدی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انسانی حقوق کے حوالے سے اسلامی احکام و عقائد کے خلاف مغربی ذرائع ابلاغ کے مسلسل پراپیگنڈا کا جائزہ لینے اور اسلامی تعلیمات کو صحیح طور پر سامنے لانے کے لیے ’’مسلم ہیومن رائٹس سوسائٹی پاکستان‘‘ کے نام سے علمی و فکری کام کا آغاز کیا جائے۔ چنانچہ مولانا عبد الرؤف فاروقی کو سوسائٹی کا کنوینر منتخب کیا گیا اور طے پایا کہ ۱۷ اپریل ۱۹۹۵ء بروز پیر بعد نماز عصر مرکزی جامع مسجد شادمان لاہور میں ایک فکری نشست ہو گی جس میں ممتاز علماء اور دانشور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر پر اظہار خیال کریں گے، ان شاء اللہ تعالیٰ۔

مولانا محمد عیسیٰ منصوری انڈیا کے دورے پر

ورلڈ اسلامک فورم کے سیکرٹری جنرل مولانا محمد عیسیٰ منصوری ان دنوں انڈیا کے دورے پر ہیں، وہ بھارت کے مختلف شہروں میں سرکردہ علماء کرام سے ملاقاتیں کریں گے اور واپسی پر حرمین شریفین میں حاضری دیتے ہوئے اپریل کے آخر تک لندن پہنچیں گے، ان شاء اللہ تعالیٰ۔

مولانا زاہد الراشدی کا سفرِ حجاز

ورلڈ اسلامک فورم کے چیئرمین مولانا زاہد الراشدی نے گزشتہ ماہ ۱۱ فروری سے ۲۱ فروری تک حرمین شریفین میں حاضری دی اور مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جدہ میں سرکردہ علماء کرام سے عالمِ اسلام کے مسائل پر گفتگو کی۔ فورم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا سید اسد اللہ طارق گیلانی بھی ان دنوں لندن سے مکہ مکرمہ آئے ہوئے تھے، چنانچہ دونوں راہنماؤں نے ورلڈ اسلامک فورم کے پروگرام اور مقاصد کے حوالے سے سرکردہ حضرات سے ملاقاتیں کیں۔ واپسی پر مولانا زاہد الراشدی نے دو روز کراچی میں قیام کیا اور متعدد دینی اجتماعات میں شرکت کی۔

فورم کی ماہانہ فکری نشست

ورلڈ اسلامک فورم کی ماہانہ فکری نشست ۲۷ جنوری ۱۹۹۵ء کو بعد نماز عشا مسجد نور سیٹلائیٹ ٹاؤن گوجرانوالہ میں ہوئی جس کے لیے گوجرانوالہ کے سرگرم دوست حافظ نفیس الرحمٰن (حافظ الیکٹرک سٹور) نے دلچسپی اور محنت کے ساتھ احباب کو جمع کرنے کا اہتمام کیا۔ فکری نشست میں مولانا زاہد الراشدی نے دینی مدارس کے بارے میں مغربی ذرائع ابلاغ کے منفی پراپیگنڈا اور دینی مدارس کے مروجہ نصاب کے حوالے سے حکومتِ پاکستان کے مبینہ عزائم کا جائزہ پیش کیا اور حاضرین کے سوالات کے جوابات دیے۔
سال رواں میں فورم کی دوسری ماہانہ فکری نشست ۱۵ مارچ کو مرکزی جامع مسجد گوجرانوالہ میں مولانا مفتی محمد عیسیٰ گورمانی کی زیر صدارت منعقد ہوئی جس میں صدر اجلاس کے علاوہ مولانا زاہد الراشدی اور پروفیسر حافظ محمد شریف نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر کا ابتدائی جائزہ پیش کیا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی تعلیمات و احکام کے حوالے سے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر اور جنیوا کنونشن کی قرارداد کا تفصیل کے ساتھ جائزہ لینے کی ضرورت ہے، اور اس مقصد کے لیے دینی حلقوں اور اداروں کو منظم کام کرنا چاہیے۔
دریں اثنا فورم کی سالِ رواں کی تیسری ماہانہ فکری نشست ۷ اپریل بروز جمعہ بعد نماز عشا مسجد صدیقیہ بمبے براس سیٹلائیٹ ٹاؤن گوجرانوالہ میں منعقد ہو گی جس میں مولانا زاہد الراشدی ’’اقوام متحدہ کا انسانی حقوق کا چارٹر اور اسلامی تعلیمات‘‘ کے موضوع پر لیکچر دیں گے، ان شاء اللہ تعالیٰ۔ فکری نشست میں موضوع سے دلچسپی رکھنے والے احباب سے شرکت کی اپیل ہے۔

شاہ ولی اللہ یونیورسٹی میں مولانا راشدی کی نئی ذمہ داری

مولانا زاہد الراشدی نے، جو شاہ ولی اللہ یونیورسٹی اٹاوہ گوجرانوالہ کے سرپرست، ٹرسٹی، اور تعلیمی کونسل کے چیئرمین ہیں، ۱۱ مارچ سے یونیورسٹی کے ایڈمنسٹریٹر کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں، اور وہ روزانہ صبح ساڑھے آٹھ سے ساڑھے گیارہ بجے تک (جمعہ کے علاوہ) یونیورسٹی آفس میں بیٹھتے ہیں۔

سالانہ الشریعہ تعلیمی کانفرنس

قاری عبید الرحمٰن ضیاء

یومِ پاکستان کے موقع پر ۲۳ مارچ ۱۹۹۵ء کو شاہ ولی اللہ یونیورسٹی اٹاوہ گوجرانوالہ میں الشریعہ اکیڈمی مرکزی جامع مسجد گوجرانوالہ کے زیر اہتمام ایک روزہ سالانہ ’’الشریعہ تعلیمی کانفرنس‘‘ منعقد ہوئی جس میں گوجرانوالہ شہر اور ضلع سے تعلیمی شعبہ سے تعلق رکھنے والے حضرات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس کی صدارت شاہ ولی اللہ یونویرسٹی کے چیئرمین الحاج میاں محمد رفیق نے کی۔ جبکہ اس سے الشریعہ ایجوکیشنل ویلفیئر سوسائٹی کے چیئرمین مولانا زاہد الراشدی، جامعہ اسلامیہ کامونکی کے مہتمم مولانا عبد الرؤف فاروقی، معارفِ اسلامیہ اکادمی گکھڑ کے ڈائریکٹر قاری حماد الزہراوی، گورنمنٹ ڈگری کالج گوجرانوالہ کے پروفیسر غلام رسول عدیم، شاہ ولی اللہ یونیورسٹی کے پرنسپل پروفیسر چودھری نصیر احمد، اور شاہ ولی اللہ یونیورسٹی کے سال چہارم کے طالب علم فیصل محبوب نے خطاب کیا۔
الشریعہ ایجوکیشنل ویلفیئر سوسائٹی گوجرانوالہ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حافظ محمد الیاس نے سوسائٹی کا پروگرام پیش کیا اور گورنمنٹ ہائر اسکینڈری اسکول گوجرانوالہ کے استاذ سید احمد حسین زید نے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیے۔ اس موقع پر ڈاکٹر حافظ محمد الیاس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ الشریعہ اکیڈمی گوجرانوالہ کے زیر اہتمام اس سال چار سالہ میٹرک کلاس کا آغاز کیا جا رہا ہے جس میں حافظ قرآن یا پرائمری پاس طلبہ کو چار سال میں میٹرک کا امتحان دلانے کے علاوہ عربی گرائمر کے ساتھ قرآن کریم کا ترجمہ پڑھایا جائے گا اور کمپیوٹر ٹریننگ دی جائے گی۔ جبکہ حافظ قرآن طلبہ کو تجوید کا کورس اور غیر حافظ طلبہ کو قرآن کریم ناظرہ اور آخری دو پارے حفظ کرائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اگلے سال سے درس نظامی کی کلاس کا بھی آغاز کیا جائے گا جس میں طلبہ درس نظامی کے مکمل نصاب کے ساتھ ایف اے اور بی اے کے باضابطہ امتحانات بھی دیں گے۔
کانفرنس میں سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس محمد رفیق تارڑ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کرنا تھی مگر جسٹس خلیل الرحمٰن خان کے فرزند کی حادثاتی وفات کی وجہ سے وہ تشریف نہ لا سکے، البتہ اسے موقع پر انہوں نے جو تحریری خطاب کرنا تھا، وہ ان کی طرف سے اسٹیج سیکرٹری نے کانفرنس میں پڑھ کر سنایا۔

جسٹس محمد رفیق تارڑ کا خطاب

بعد الحمد والصلوٰۃ! صدر محترم اور قابل احترام شرکائے محفل! میں الشریعہ اکیڈمی اور شاہ ولی اللہ یونیورسٹی کے منتظمین کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے آج کی اس محفل میں شرکت اور آپ حضرات کے ساتھ گفتگو کی دعوت دی۔ اس بہانے مجھے شاہ ولی اللہ یونیورسٹی کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کا موقع ملا اور یہ معلوم کر کے بے حد مسرت ہوئی کہ پرائیویٹ سیکٹر میں کسی سرکاری اور بیرونی امداد کے بغیر اتنا بڑا تعلیمی منصوبہ تعمیر و ترقی کے مراحل طے کر رہا ہے، جو گوجرانوالہ کے زندہ دل شہریوں کے دینی جذبہ اور شاہ ولی اللہ یونیورسٹی کے منتظمین کے عزم و حوصلہ کی علامت ہے۔
حضرات محترم! تعلیم کے حوالے سے بہت کچھ کہنے کی ضرورت ہے اور قومی تعلیمی ضروریات اور مروجہ تعلیمی نظاموں اور نصابوں کے درمیان مسلسل عدم توازن نے ہمیں علمی اور فکری طور پر جس انتشار اور خلفشار سے دوچار کر دیا ہے اس کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی بحث و تمحیص وقت کا اہم ترین تقاضہ ہے، کیونکہ کسی بھی قوم کی تعمیر و ترقی میں اس کا نظامِ تعلیم بنیادی اہمیت رکھتا ہے، اور بدقسمتی سے ہم حصولِ آزادی اور قیامِ پاکستان کے بعد سے اپنے نظامِ تعلیم کو قومی ضروریات اور تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی طرف کوئی سنجیدہ پیشرفت نہیں کر پائے۔ جس کے تلخ نتائج و ثمرات آج ہمارے سامنے ہیں اور پاکستان کا ہر باشعور شہری ملکی سالمیت، قومی وحدت اور ملک کی نظریاتی حیثیت کے بارے میں مجسم سوال بن کر رہ گیا ہے۔
شرکائے محفل! اسلامی جمہوریہ پاکستان کا قیام برصغیر میں مسلم قوم کے جداگانہ تشخص کی بنیاد پر اس عزم کے ساتھ عمل میں لایا گیا تھا کہ ملتِ اسلامیہ اللہ تعالیٰ اور اس کے آخری رسول حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق اجتماعی زندگی بسر کر سکے، اور مسلم معاشرہ میں اسلامی احکام و اقدار کی عملداری ہو۔ اس کے لیے ضروری تھا کہ قیام پاکستان کے بعد پورے کے پورے تعلیمی نظام کو ازسرنو نظریاتی بنیادوں پر استوار کیا جاتا، تاکہ قومی زندگی کے ہر شعبہ میں تربیت یافتہ رجال کار فراہم ہوتے، اور پاکستان اپنے مقصدِ قیام کی طرف عملی پیشرفت کرتا۔ مگر ایسا نہ ہو سکا بلکہ ہمارا نظامِ تعلیم بدعنوانی، نا اہلیت اور بے مقصدیت کی آماجگاہ بن کر رہ گیا، جس کی وجہ سے ان نظریاتی تخریب کاروں کو تعلیمی نظام میں در آنے کا موقع ملا جو ربع صدی قبل پاکستان کو دولخت کرنے میں کامیاب ہونے کے بعد اب باقی ماندہ پاکستان کو لسانی، علاقائی، فرقہ وارانہ اور نسلی عصبیتوں کا شکار بنا کر پاکستانی قوم کو اس کے اسلامی تشخص کے رہے سہے اثرات سے بھی محروم کرنے کے درپے ہیں۔
حضرات مکرم! ان حالات میں کچھ اصحابِ خیر کا اس طرف متوجہ ہونا اور تعلیمی نظام کی اصلاح کے لیے سرگرمِ عمل ہو کر مسائل و مشکلات کی پروا کیے بغیر سفر کا آغاز کر دینا یقیناً امید کی ایک ایسی کرن ہے جو قوم کے بہتر مستقبل کے لیے نوید بن سکتی ہے۔ اور اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اصلاحِ احوال کے راستے ابھی مکمل طور پر بند نہیں ہوئے بلکہ اصحابِ عزم و ہمت اپنے ارادوں کو روبہ عمل لانے کا تہیہ کر لیں تو تذبذب اور مایوسی کی دلدل سے قوم کو نکالا جا سکتا ہے۔
ان گذارشات کے ساتھ الشریعہ اکیڈمی گوجرانوالہ کی طرف سے سالانہ ’’الشریعہ تعلیمی کانفرنس‘‘ کے آغاز اور حافظ قرآن و پرائمری پاس بچوں کے لیے قرآن کریم کے ترجمے اور کمپیوٹر ٹریننگ کے ساتھ میٹرک کلاس کے پروگرام کا خیرمقدم کرتا ہوں۔ اور دعاگو ہوں کہ اللہ رب العزت اس پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کریں اور اسے ملک بھر میں تعلیمی نظام کی اصلاح اور بہتری کا مؤثر ذریعہ بنائیں، آمین یا رب العالمین۔

الشریعہ ایجوکیشنل ویلفیئر سوسائٹی کا قیام

ادارہ

۲۳ مارچ ۱۹۹۵ء کو شاہ ولی اللہ یونیورسٹی میں الشریعہ اکیڈمی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی سالانہ تعلیمی کانفرنس میں الشریعہ ایجوکیشنل ویلفیئر سوسائٹی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حافظ محمد الیاس نے مندرجہ ذیل خطاب کیا۔
نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم۔ اہلِ علم و دانش کے اس اجتماع سے مخاطب ہو کر کچھ معروضات پیش کرنا جہاں میرے لیے انتہائی فخر اور سعادت کی بات ہے، وہاں مجھے اپنی کم مائیگی کا احساس بھی دلاتا ہے، اس لیے گفتگو کو کسی تفصیل میں لے جائے بغیر صرف الشریعہ ایجوکیشنل ویلفیئر سوسائٹی کے قیام کے بارے میں آپ حضرات کی خدمت میں کچھ گزارشات پیش کرنے پر اکتفا کروں گا۔
محترم دوستو! آج ہم عالمی اور قومی سطح پر جس ذہنی اور معاشرتی افراتفری کا شکار ہیں، اس کی ایک بڑی وجہ ہمارے تعلیمی اور تربیتی نظام کا صحیح خطوط پر منظم نہ ہونا ہے، اور کم و بیش سب اہلِ علم و دانش اس بات پر متفق ہیں کہ تعلیم و تربیت کا نظام درست کیے بغیر ہم اپنی ملی و قومی زندگی میں اصلاح کے کسی عمل کو آگے نہیں بڑھا سکتے۔ یہی وجہ ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں فکر و احساس رکھنے والے حضرات تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے اپنے اپنے ذوق کے مطابق جدوجہد میں مصروف ہیں اور ہمارے شہر گوجرانوالہ میں شاہ ولی اللہ یونیورسٹی کے نام سے عظیم تعلیمی منصوبہ بھی اسی سلسلہ کی ایک اہم کڑی ہے۔
شاہ ولی اللہ یونیورسٹی کے منصوبے کے آغاز کے بعد سے ہی اس امر کی ضرورت شدت سے محسوس کی جا رہی تھی کہ تعلیمی نظام کی اصلاح اور دینی و عصری تعلیم کو یکجا کرنے کے اس پروگرام کو یونیورسٹی اور کالج کی سطح سے ہٹ کر اسکول کی سطح پر منظم کرنا بھی انتہائی صروری ہے۔ اور اسی مقصد کو پورا کرنے کے لیے الشریعہ ایجوکیشنل ویلفیئر سوسائٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کے تحت الشریعہ اکیڈمی کو منظم طریقہ سے چلایا جائے گا۔
ہمارا پروگرام یہ ہے کہ اس سال ہم مرکزی جامع مسجد گوجرانوالہ میں کلاس کا آغاز کر رہے ہیں جو چار سال کی کلاس ہو گی اور اس میں حافظ قرآن یا پرائمری پاس طلبہ شریک ہو سکیں گے۔ ہم ان طلبہ کو چار سال میں میٹرک کا امتحان دلائیں گے، حافظ طلبہ کو تجوید کا کورس پڑھائیں گے، غیر حافظ طلبہ کو قرآن کریم ناظرہ کے ساتھ آخری دو پارے حفظ کرائیں گے، تمام طلبہ کو عربی گرائمر کے ساتھ قران کریم کا ترجمہ پڑھائیں گے اور کمپیوٹر کی ٹریننگ دیں گے، ان شاء اللہ تعالیٰ۔
اگلے سال سے ہمارا پروگرام درسِ نظامی کی کلاس شروع کرنے کا ہے اور اس پروگرام کے تحت درس نظامی کا مکمل نصاب اس ترتیب کے ساتھ پڑھایا جائے گا کہ طلبہ دورہ حدیث تک پہنچنے سے پہلے میٹرک، ایف اے اور بی اے کا باضابطہ امتحان دیں اور اس کے بعد دورہ حدیث میں شریک ہوں۔
محترم حضرات! اس وقت ہماری تعلیمی سرگرمیاں مرکزی جامع مسجد شیرانوالہ باغ گوجرانوالہ میں جاری ہیں، اور اس سال میٹرک کی کلاس بھی وہیں ہو گی، جبکہ الشریعہ اکیڈمی کے باقاعدہ قیام کے لیے شاہ ولی اللہ ٹرسٹ نے ہمیں شاہ ولی اللہ یونیورسٹی کے ساتھ چار کنال بطور عطیہ دی ہے جس کے لیے ہم ٹرسٹ کے چیئرمین الحاج میاں محمد رفیق اور ان کے رفقاء کے شکرگزار ہیں۔ ہماری کوشش یہ ہو  گی کہ رمضان المبارک سے قبل ضرورت کے مطابق عمارت کی تعمیر کر کے اگلے تعلیمی سال کا آغاز اکیڈمی کی اپنی عمارت میں کریں، ان شاء اللہ تعالیٰ۔ اس کے لیے ہم آپ سب دوستوں سے تعاون کے خواستگار ہیں۔ یہ تعاون مالی صورت میں بھی ہو سکتا ہے اور مشورہ اور راہنمائی کی صورت میں بھی، کیونکہ اس عظیم تعلیمی منصوبہ کی تکمیل کے لیے دونوں کی یکساں اہمیت و ضرورت ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس منصوبہ کو خیر و کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے کی توفیق سے نوازیں، آمین ثم آمین۔
آخر میں الشریعہ ایجوکیشنل ویلفیئر سوسائٹی کے عہدہ داروں اور ارکان کے اسماء گرامی سے آپ کو آگاہ کرنا ضروری سمجھتا ہوں:
سرپرست شیخ الحدیث مولانا محمد سرفراز خان صفدر  
سرپرست حضرت مولانا صوفی عبد الحمید سواتی  
چیئرمین مولانا زاہد الراشدی مرکزی جامع مسجد گوجرانوالہ
ڈپٹی چیئرمین جناب زین الدین شاہ ولی اللہ یونیورسٹی گوجرانوالہ
ڈپٹی چیئرمین جناب عثمان عمر ہاشمی پیپلز کالونی گوجرانوالہ
سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حافظ محمد الیاس سیٹلائیٹ ٹاؤن گوجرانوالہ
ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فضل الرحمٰن گوجرانوالہ
رابطہ سیکرٹری حافظ محمد یحیٰی میر بازار تھانے والا گوجرانوالہ
سیکرٹری تعلیم حافظ محمد عمار خان ناصر مرکزی جامع مسجد گوجرانوالہ
سیکرٹری اطلاعات حافظ محمد شفیق گوجرانوالہ
رکن محمد عاصم بٹ گوجرانوالہ
رکن محمد لقمان میر گوجرانوالہ
رکن محمد تبسم شفیق گوجرانوالہ
رکن حافظ نفیس الرحمٰن گوجرانوالہ
رکن جناب فضل الرحمٰن چغتائی گوجرانوالہ


یرقان

حکیم عبد الرشید شاہد

کیفیت

یرقان کے مریض کی آنکھیں زرد یعنی پیلی ہو جاتی ہیں۔ شدید حالت میں مریض کو ہر چیز زرد دکھائی دیتی ہے۔ سب سے پہلے پیشاب کا رنگ سرخی زردی مائل ہوتا ہے، پھر آنکھیں زرد ہو جاتی ہیں اور پاخانہ سفید رنگ کا آتا ہے۔

اسباب

موسم کی یکدم تبدیلی، گرمی خشکی کا بڑھ جانا، گرم خشک اشیا مثلاً تیز مسالادار بھنے ہوئے سالن، انڈے، ساگ، گوشت، بینگن، کریلے، مچھلی، ٹماٹر وغیرہ کا کثرت سے استعمال یرقان کا سبب بنتا ہے۔

علاج

حسبِ ذیل نسخہ بنا کر استعمال کریں:

نسخہ

 قلمی شورہ ۲۰ تولہ، پھٹکڑی ۲۰ تولہ، ہیرا کسیس ۲۰ تولہ۔
تینوں کو ایک مٹی کی کوجی میں ڈال کر منہ اور ساری کوجی کو چکنی مٹی سے اچھی طرح بند کر لیں، اور خشک کر کے کوجی کو ۵ سیر اوپلوں کے درمیان رکھ کر آگ لگا دیں۔ صبح ٹھنڈا ہونے پر نکال کر کوجی کے ساتھ جو کچھ سرخی مائل تہہ جمی ہو، اتار لیں، اور اچھی طرح پیس کر محفوظ کر لیں۔
خوراک: ۳ ماشہ ہمراہ شربت زرشک ۷ تولہ حسبِ ضرورت پانی ملا کر استعمال کریں۔

شربت

زرشک ۵ تولہ، پھول گلاب ۵ تولہ، آلو بخارا ۵ تولہ۔ رات کو ۲ کلو پانی میں بھگو دیں، صبح آگ پر جوش دیں۔ جب پانی ایک کلو رہ جائے تو ہاتھوں کے ساتھ مل کر چھان لیں، اور پانی کو دوبارہ آگ پر رکھ کر ڈیڑھ کلو چینی ڈال کر شربت تیار کر لیں۔

امریکی طالبات کا سب سے بڑا مسئلہ

امریکہ کی خاتونِ اول کی نظر میں

ادارہ

امریکی خاتونِ اول مسز ہیلری کلنٹن (اپنے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران) اسلام آباد کالج فار گرلز کی اساتذہ اور طالبات کے ساتھ گھل مل گئیں اور ان سے ایک گھنٹے سے زیادہ دیر تک بے تکلفانہ گفتگو کی۔ ہیلری کلنٹن نے طالبات سے ان کے مسائل دریافت کیے۔ طالبات نے دوستانہ انداز میں کلنٹن کی اہلیہ کو سب مسائل بتائے۔
فورتھ ایئر کی طالبہ نائیلہ خالد نے امریکی خاتونِ اول سے پوچھا کہ امریکی طالبات کا بنیادی مسئلہ کیا ہے؟ اس پر امریکہ کی خاتونِ اول نے کھل کر گفتگو شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طالبات کا مسئلہ تعلیم کی مناسب سہولیات کا فقدان ہے، تعلیمی اداروں میں فنڈز کی کمی کا مسئلہ ہے، مگر امریکہ میں ہمارا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ وہاں بغیر شادی کیے طالبات اور لڑکیاں حاملہ بن جاتی ہیں۔ اس طرح بے چاری لڑکی ساری عمر بچے کو پالنے کی ذمہ داری نباہتی ہے۔
ایک دوسری طالبہ وجیہہ جاوید نے کہا کہ اس مسئلہ کا حل کیا ہے؟ اس پر ہیلری کلنٹن نے کہا کہ اس مسئلہ کا حل یہ ہے کہ نوجوان لڑکے لڑکیوں کو، خواہ وہ عیسائی ہوں یا مسلمان، اپنے مذہب اور معاشرتی اقدار سے بغاوت نہیں کرنی چاہیے، مذہبی و سماجی روایات اور اصولوں کے مطابق شادی کے بندھن میں بندھنا چاہیے، اپنی اور اپنے والدین کی عزت و آبرو اور سکون کو غارت نہیں کرنا چاہیے۔ مسز ہیلری کلنٹن نے کہا کہ وہ اسلام اور عیسائیت کی شادی کے خلاف نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی روایات کا احترام کرتے ہوئے شادی ہوتی ہے اس لیے یہاں لڑکیوں کے مسائل کم ہیں۔
(روزنامہ جنگ لاہور  ۲۸ مارچ ۱۹۹۵ء)

ایک ضروری عرضداشت

ملک کے دینی و سیاسی راہنماؤں، ارکانِ اسمبلی اور دیگر اربابِ حل و عقد کی خدمت میں

مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

مکرمی! السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ ۔ مزاج گرامی؟

گزارش ہےکہ ملک میں سنی شیعہ کشیدگی میں مسلسل اضافہ اور دونوں طرف سے قیمتی افراد کے روز مرہ قتلِ عام نے ہر ذی شعور شہری کو پریشان اور مضطرب کر دیا ہے۔ اس مسلح تصادم کا دائرہ دن بدن وسیع ہوتا جا رہا ہے جو ملکی سالمیت اور قومی وحدت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔ اس لیے یہ ضروری ہوگیا ہے کہ اس کشیدگی کی روک تھام کے لیے حقیقت پسندانہ بنیاد پر عملی اقدامات کیے جائیں۔ اس سلسلہ میں میری تجویز یہ ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج صاحبان پر مشتمل ایک عدالتی تحقیقاتی کمیشن مقرر کیا جائے جو کھلی تحقیقات کے ذریعے سنی شیعہ کشیدگی میں حالیہ برسوں میں اضافہ اور اس کے مسلح تصادم کی صورت اختیار کر جانے کے اسباب و عوامل کی نشاندہی کرے۔ اور ان اسباب و عوامل کو دور کر کے اس کشیدگی و اشتعال کی روک تھام کے لیے قومی سطح پر متفقہ عملی کارروائی کا اہتمام کیا جائے۔

اسی سلسلہ میں ایک اہم واقعہ کی طرف توجہ دلانا بھی ضروری سمجھتا ہوں کہ ۲۵ نومبر ۱۹۹۴ء کو لاہور میں تحریک جعفریہ کی عظمت اسلام کانفرنس میں شرکت کے بعد واپس جانے والی ایک بس پر کھاریاں کے قریب فائرنگ ہوئی جس میں متعدد افراد جاں بحق ہوگئے۔ یہ ایک انتہائی افسوسناک سانحہ ہے لیکن اس سے زیادہ افسوسناک بات یہ ہے کہ اس کیس میں ضلع جہلم اور ضلع گجرات سے جمعیۃ علمائے اسلام، سپاہ صحابہؓ اور تحریک خدام اہل سنت کے ذمہ دار راہنماؤں مولانا قاری خبیب احمد عمر، مولانا قاری محمد اختر، مولانا عبد الغفور قاسمی، حافظ خالد محمود اور ان کے دیگر رفقاء کو مبینہ طور پر بلاوجہ ملوث کر دیا گیا ہے جن کے بارےمیں جہلم کے عام شہریوں کا تاثر یہ ہے کہ چونکہ گورنر پنجاب چودھری الطاف حسین کا تعلق جہلم شہر سے ہے اور چونکہ ان حضرات کا شمار چودھری صاحب موصوف کے سیاسی مخالفین میں ہوتا ہے اس لیے انہیں سیاسی دباؤ اور انتقام کے طور پر اس کیس میں ملوث کرایا گیا ہے۔ جیسا کہ بعد میں سامنے آنے والے متعدد شواہد نے اس کی تصدیق بھی کر دی ہے۔

کھاریاں بس فائرنگ کیس کے سلسلہ میں بعد میں گرفتار ہونے والے ایک گروہ نے پولیس کے ریکارڈ کے مطابق اعتراف جرم بھی کر لیا ہے لیکن اس کے باوجود مذکورہ بالا حضرات ابھی تک زیر حراست ہیں اور انہیں مقدمہ میں گنہگار ٹھہرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جبکہ مقدمہ کی تفتیش میں گرفتار شدگان کو انصاف کے معروف تقاضوں سے محروم رکھنے کے لیے مبینہ طور پر گورنر پنجاب انتظامیہ و پولیس پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔ اس لیے یہ ضروری ہے کہ اس صورتحال کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے۔ اس سلسلہ میں میری تجویز یہ ہے کہ ہائی کورٹ کے کسی جج کے ذریعے اس کیس کی کھلی تحقیقات کرائی جائے اور گورنر پنجاب کے خلاف جہلم کے شہریوں کے الزامات کی غیر جانبدارانہ انکوائری کے ذریعے اصل حقائق کو منظر عام پر لا کر انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔

آنجناب سے گزارش ہے کہ اس سلسلہ میں اپنا اثر و رسوخ بھرپور طور پر استعمال میں لا کر گجرات اور جہلم کے شریف شہریوں کو انصاف دلانے میں تعاون فرمائیں۔

بے حد شکریہ، والسلام
ابوعمار زاہد الراشدی
خطیب مرکزی جامع مسجد گوجرانوالہ
چیئرمین ورلڈ اسلامک فورم
۱۰ فروری ۱۹۹۵ء

ڈاکٹر ابو سلمان شاہجہانپوری کی تشریف آوری

ادارہ

محترم ڈاکٹر سلمان شاہجہانپوری ملک کے معروف دانشور اور صاحبِ قلم ہیں جو ایک عرصہ سے کراچی میں تحریکِ آزادی اور اکابر علماء حق کی جدوجہد کے حوالے سے علمی و تحقیقی کام کر رہے ہیں۔ شیخ الہند حضرت مولانا محمود حسنؒ، حضرت مولانا سید حسین احمد مدنیؒ، اور حضرت مولانا عبید اللہ سندھیؒ کی خدمات اور جدوجہد ان کا خصوصی موضوع ہے، اور وہ انتہائی خاموشی کے ساتھ ان اکابر کی جدوجہد کے نقوش کو تاریخ کے صفحات پر اجاگر کرنے میں مگن ہیں۔
ڈاکٹر صاحب موصوف گزشتہ دنوں جناب شبیر احمد میواتی کے ہمراہ گوجرانوالہ تشریف لائے، ان کے اعزاز میں ورلڈ اسلامک فورم کی طرف سے فکری نشست کا اہتمام کیا گیا تھا، مگر موسم کی خرابی کی وجہ سے وہ بروقت نہ پہنچ سکے، البتہ تشریف آوری پر انہوں نے رات قیام فرمایا اور ان کے ساتھ بہت سے امور پر مفید مشاورت ہوئی۔ آج کے دور میں جبکہ علم و تحقیق کا ذوق ماند پڑتا جا رہا ہے اور سیاسی و گروہی مقاصد کے لیے تاریخ کو مسخ کرنے کا رجحان ترقی پذیر ہے، ڈاکٹر صاحب جیسے اہلِ علم کا وجود غنیمت ہے۔ اللہ تعالیٰ انہیں صحت و عافیت کے ساتھ اپنے مشن میں کامیابی سے ہمکنار فرمائیں، آمین۔

مئی ۱۹۹۵ء

دفاعی بجٹ میں کمی، قومی خودکشی کے مترادفمولانا ابوعمار زاہد الراشدی 
قربانی، تقرب الی اللہ کا ذریعہشیخ التفسیر مولانا صوفی عبد الحمید سواتیؒ 
اقوام متحدہ کا انسانی حقوق کا چارٹر اور اسلامی تعلیماتمولانا ابوعمار زاہد الراشدی 
اسلامائزیشن کی راہ میں بڑی رکاوٹیں، انگریز پولیس افسر کی نظر میںادارہ 
توہین رسالتؐ پر موت کی سزا کا قانون اور حکمرانوں کی حیلہ سازیاںابو الانجم برلاس 
ملی یکجہتی کونسل پاکستان کا ضابطۂ اخلاقادارہ 
حضرت شیخ الحدیث مدظلہ کا سفر ِبنگلہ دیشادارہ 
ورلڈ اسلامک فورم کی سرگرمیاںادارہ 
مجاہدین کی عالمی تنظیم ’’حرکۃ الانصار‘‘مولانا ابوعمار زاہد الراشدی 

دفاعی بجٹ میں کمی، قومی خودکشی کے مترادف

مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

ان دنوں عالمی طاقتوں اور اداروں کی طرف سے پاکستان کو مسلسل یہ مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ اپنے دفاعی اخراجات میں کمی کرے اور جدید ہتھیاروں کی تیاری سے گریز کرنے کے علاوہ فوج کی تعداد بھی گھٹائے۔ خود ہمارے بعض دانشور بھی اسی خیال کا اظہار کر رہے ہیں اور دلیل یہ دی جا رہی ہے کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لیے دفاعی اخراجات کو کم سے کم کرنا ضروری ہے۔ لیکن ایسا کرنے والے حضرات دو باتوں کو بھول جاتے ہیں یا جان بوجھ کر نظر انداز کر دیتے ہیں۔

  1. ایک یہ کہ پاکستان ایک اسلامی نظریاتی ریاست ہے اور اس ناتے سے اسے دنیا بھر کی اسلام دشمن قوتوں سے خطرہ ہے،
  2. دوسری یہ کہ پاکستان کا سابقہ بھارت سے ہے جس کی تنگ نظر ہندو اکثریت کے ساتھ مسلمانوں کی گزشتہ ایک ہزار برس سے مسلسل محاذ آرائی ہے۔ اور کشمیر کا مسئلہ حل ہوجائے تب بھی اس تاریخی پس منظر کے ہوتے ہوئے اس کشیدگی اور محاذ آرائی کا ختم ہونا ممکن نہیں ہے۔

ان تاریخی حقائق کے ہوتے ہوئے پاکستان کو دفاعی اخراجات میں کمی اور فوج کو گھٹانے کا مشورہ یقیناً پاکستان کی خیر خواہی نہیں ہے۔ پھر اسلامی نقطۂ نظر سے اس مسئلہ کا جائزہ لیا جائے تو یہ مشورہ اسلامی تعلیمات کے بھی یکسر منافی ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں مسلمانوں کو حکم دیا ہے کہ

’’دشمن کے مقابلہ میں جتنی قوت تمہارے بس میں ہو مہیا کرو تاکہ دشمن پر تمہارا رعب قائم رہے۔‘‘ (سورۃ الانفال)

گویا حکمِ خداوندی کا منشا یہ ہے کہ مسلمانوں کی دفاعی قوت اتنی ضرور ہونی چاہیے کہ دشمن کے مقابلہ میں طاقت کا توازن ان کے حق میں ہو کیونکہ اس کے بغیر دشمن پر رعب قائم ہونا اور دشمن کا مسلمانوں کی قوت سے مرعوب ہونا ممکن نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ علمائے امت اس امر پر متفق ہیں کہ جدید ترین ہتھیاروں کی تیاری اور مکمل دفاعی ٹیکنالوجی کا حصول مسلمانوں کے دینی فرائض میں سے ہے اور اس معاملہ میں کوتاہی کر کے مسلمان حکومتیں اپنی شرعی ذمہ داری سے کوتاہی کی مرتکب ہو رہی ہیں۔

اس کے علاوہ قرآن کریم میں ایک اور مقام پر بھی اللہ رب العزت نے مسلمانوں کو اس معاملہ کی اہمیت کی طرف توجہ دلائی ہے جہاں یہ فرمایا گیا ہے کہ

’’اور اللہ کی راہ میں خرچ کرتے رہو اور اپنے آپ کو ہلاکت میں نہ ڈالو۔‘‘ (سورۃ البقرۃ)

اس آیت کریمہ کی تشریح میں امام ترمذیؒ نے صحیح سند کے ساتھ ایک واقعہ نقل کیا ہے جس سے ملک کی عمومی اقتصادی صورتحال اور دفاعی اخراجات کے درمیان توازن و تناسب کے سلسلہ میں اسلام کے مزاج اور ہدایات کا پتہ چلتا ہے۔ قصہ یوں ہے کہ معروف صحابی حضرت ابو ایوب انصاریؓ جو رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کی ہجرت مدینہ کے موقع پر مسجد نبویؐ اور اس کے ملحقہ حجروں کی تعمیر تک رسول اکرمؐ کے میزبان رہے، اور حضرت امیر معاویہؓ کے دور خلافت میں اس وقت کی ایک بڑی قوت سلطنت روما کے خلاف جہاد میں حصہ لینے کے شوق میں بڑھاپے اور ضعف کے باوجود اصرار کر کے لشکر میں شامل ہوئے، ان کی قبر رومی سلطنت کے دارالحکومت قسطنطنیہ (استنبول) میں ہے۔ وہ رومیوں کے خلاف جنگ کے دوران ایک محاذ پر تھے جہاں مسلمانوں اور رومیوں کا آمنا سامنا ہوا اور ایک پرجوش مسلمان مجاہد مسلمانوں کی صف سے نکل کر اکیلا ہی دشمن کی صفوں میں گھس گیا جس پر کسی صاحب نے قرآن کریم کی یہ آیت بلند آواز سے پڑھی ولا تلقوا بایدیکم الی التھلکۃ کہ اپنے آپ کو ہلاکت میں نہ ڈالو۔ ان کا مقصد یہ تھا کہ اس نوجوان نے اکیلے دشمن کی صفوں میں گھس کر غلطی کی ہے جو اس آیت کریمہ کی منشا کے خلاف ہے۔

حضرت ابو ایوب انصاریؓ بھی اس موقع پر موجود تھے انہوں نے لوگوں کی زبان سے اس آیت کریمہ کا حوالہ سن کر ان کو ٹوکا اور فرمایا کہ تم نے آیت کا مطلب صحیح نہیں سمجھا کیونکہ اس آیت کا مفہوم یہ نہیں ہے۔ بلکہ یہ آیت ہم انصار مدینہؓ کے بارے میں نازل ہوئی ہے اور اس میں ہمیں ایک غلط سوچ پر تنبیہ کی گئی ہے۔ پھر حضرت ابو ایوب انصاریؓ نے اس کا پس منظر یوں بیان فرمایا کہ جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم جب ہجرت کر کے مدینہ منورہ تشریف لائے تو ہم انصار مدینہ سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر آپؐ کی نصرت و رفاقت میں مصروف ہوگئے۔ ہجرت کے دوسرے سال ہی غزوات کا سلسلہ شروع ہوگیا اور مسلسل چند برس ایسے گزرے کہ ہم اپنے کاروبار، کھیتی باڑی اور معاشی حالات کی طرف توجہ نہ دے سکے جس سے ہماری معاشی صورتحال ناگفتہ بہ ہوگئی۔ لیکن چند برسوں کے بعد جب مسلمان مضبوط ہوگئے اور کفار کی پے در پے شکستوں کے باعث کچھ استحکام کی صورتحال نظر آنے لگی تو بعض انصارؓ نے آپس میں مشورہ کیا کہ اب حالات خاصے بدل گئے ہیں اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ہماری اس طرح کی مدد کی ضرورت نہیں رہی اس لیے ہمیں جہاد کے معاملات سے تھوڑا سا صرف نظر کر کے اپنے معاشی حالات بہتر بنانے کی طرف توجہ دینی چاہیے اور کھیتی باڑی اور کاروبار کے معاملات کی طرف دوبارہ متوجہ ہونا چاہیے۔ اس پر آیت کریمہ نازل ہوئی کہ

’’اور اللہ کی راہ میں خرچ کرتے رہو اور اپنے آپ کو ہلاکت میں نہ ڈالو۔‘‘

اس لیے اس آیت میں ہم انصار مدینہ کو اس سوچ پر تنبیہ کی گئی ہے اور اس کا مطلب وہ نہیں ہے جو تم سمجھے ہو۔ آیت کریمہ کے مطابق ہلاکت کا راستہ یہ ہے کہ جہاد پر خرچ کرنے سے ہاتھ روک لیا جائے جس کا نتیجہ لازماً یہ ہوگا کہ مسلمانوں کی فوجی طاقت کمزور ہوگی اور طاقت کا توازن دشمن کے ہاتھ میں چلا جائے گا۔

حضرت ابو ایوب انصاریؓ کی اس وضاحت کے ساتھ یہ بات پوری طرح روشن ہو جاتی ہے کہ ایک اسلامی ریاست میں معاشی خوشحالی اور اقتصادی ترقی کے ساتھ فوجی اور دفاعی قوت کا توازن و تناسب اس طور پر قائم رکھنا ضروری ہے کہ دشمن کے مقابلہ میں فوجی قوت کا توازن بگڑنے نہ پائے۔ اس کے بغیر مسلمانوں کی فوجی قوت میں کمی کرنا قرآن کریم کی زبان میں ’’قومی خودکشی‘‘ کہلائے گا۔

اس پس منظر میں جب ہم آج پاکستان کو درپیش صورتحال کا جائزہ لیتے ہیں اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے خلاف عالمی سازشوں اور بھارت کی فوجی طاقت میں مسلسل اضافہ پر نظر ڈالتے ہیں تو یقیناً پاکستان کی فوجی قوت میں کمی کے مشورے وطن عزیز کے مفاد کے منافی دکھائی دیتے ہیں۔ بلکہ قرآن کریم کے مذکورہ بالا دونوں احکام یعنی وقت کی جدید ترین فوجی قوت کے حصول کا حکم اور فوجی اخراجات میں کمی کو ہلاکت کا راستہ قرار دینا ہماری فوجی اور دفاعی پالیسی کو واضح طور پر یہ رخ دیتے ہیں کہ ہم دفاع کے لیے ایٹمی قوت کے حصول کی کوشش کریں اور انصار مدینہؓ کی طرح ہر قسم کی تنگی ترشی اور معاشی نقصانات برداشت کرتے ہوئے پاکستان کو وقت کے تقاضوں کے مطابق ایک مستحکم اور ناقابل شکست فوجی قوت بنانے کی طرف توجہ دیں۔

قربانی، تقرب الی اللہ کا ذریعہ

شیخ التفسیر مولانا صوفی عبد الحمید سواتیؒ

فلاح کا دوسرا اصول فرمایا ’’وانحر‘‘ یعنی قربانی کریں۔ ’’نحر‘‘ اونٹ کی قربانی کو کہتے ہیں۔ حدیث شریف میں آتا ہے کہ حضورؐ نے عید الاضحیٰ کے خطبے میں فرمایا، آج کے دن ہمارا سب سے پہلا کام یہ ہے کہ نماز پڑھیں ’’ثم نرجع فننحر‘‘ پھر پلٹ کر قربانی کریں گے۔ قربانی محض گوشت کھانے کا نام ہی نہیں بلکہ یہ تقرب الی اللہ کا ذریعہ ہے۔ قرآن پاک میں ارشاد ہے ’’لن ینال اللہ لحومہا ولا دماءہا‘‘ اللہ تعالیٰ کے پاس قربانی کا گوشت اور خون نہیں پہنچتا ’’ولکن ینالہ التقویٰ منکم‘‘ بلکہ تمہارا تقویٰ بارگاہِ رب العزت میں پہنچتا ہے۔ قربانی انسان کے عقیدۂ توحید کی علامت ہے۔ مشرکین اپنے معبودانِ باطلہ کے نام پر قربانی کیا کرتے تھے جو کہ شرک اور بہت بڑا جرم ہے۔ اس کے مقابلے میں ایک مومن اللہ کے نام پر قربانی دیتا ہے جس سے اس کے ایمان اور عقیدۂ توحید کا اظہار ہوتا ہے۔
’’وانحر‘‘ کا معنیٰ بعض نے نماز میں سینے کے نیچے ہاتھ باندھنا بھی کیا ہے، مگر یہ روایت ضعیف ہے۔ بعض نے اس کا معنیٰ سینہ قبلہ کی طرف پھیرنا کیا ہے، مگر یہ بھی ضعیف روایت ہے، اس مقام پر ’’وانحر‘‘ کا صحیح معنیٰ قربانی کرنا ہی ہے۔
قربانی کو اکثر ائمہ سنتِ موکدہ قرار دیتے ہیں۔ صرف ہمارے امام ابوحنیفہؒ اس کو واجب کہتے ہیں۔ قربانی نماز، حج، زکوٰۃ وغیرہ کی طرح فرائض میں تو داخل نہیں ہے، محض سنت موکدہ یا واجب ہے، مگر اس کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ مفسرین کرام فرماتے ہیں کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ قربانی کا اس کے وقت پر ادا کرنا تعلق باللہ درست کرنے کا اہم ترین ذریعہ ہے۔ انسان کے عقیدۂ توحید کا اظہار اسی عمل سے ہوتا ہے۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ قربانی ’’بہیمۃ الانعام‘‘ یعنی پالتو جانور کی ہی ہو سکتی ہے۔ یہ چار قسم کے جانور ہیں جن میں اونٹ، بھیڑ، بکری، گائے، بھینس شامل ہیں۔ یہ جان کا بدل ہے اور قربانی کے لیے جانور بھی وہی ٹھہرائے گئے ہیں جن سے انسان عام طور پر مناسبت رکھتے ہیں اور ان سے فائدہ بھی اٹھاتے ہیں۔ ان کا گوشت، دودھ، چمڑا، چربی وغیرہ استعمال کرتے ہیں اور ان پر سواری بھی کرتے ہیں۔ زمین کی خدمت بھی انہیں جانوروں سے لی جاتی ہے جو انسان کے ساتھ رہتے ہیں اور ان کی خدمت کے لیے مقرر کیے گئے ہیں۔ لہٰذا قربانی بھی انہی جانوروں کی مقرر کی گئی ہے۔ یہ انسانی جان کا بدل ہے، کوئی شخص قربانی کے طور پر اپنی اولاد یا اپنے غلام کی قربانی نہیں کر سکتا، یہ حرام ہے۔ جان اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہے، اللہ تعالیٰ نے اس پر کسی کو اختیار نہیں دیا۔
اگر کوئی شخص انسانی جان کی نذر مان لے، جیسے یوں کہے کہ میں بیٹے کی قربانی دوں گا، تو اس کے لیے بھی یہی حکم ہے کہ جانور کی قربانی کرے۔ انسانی جان کی قربانی نہیں ہو سکتی۔ ابھی آپ نے اخبارات میں پڑھا کہ راولپنڈی کے کسی شخص نے اپنے بیٹے کی قربانی کی نذر مانی اور پھر اسے ذبح کر دیا، اس کی ٹانگیں تو دفنا دیں مگر دوسرا گوشت دیگ میں پکا کر حضرت امام حسینؒ کی نیاز کے طور پر لوگوں کو کھلایا۔ دیکھو! یہ کتنا بڑا جرم اور حماقت ہے۔ نیاز دینے والے لوگ کہاں سے کہاں تک جا پہنچے۔ اول تو نیاز بغیر اللہ تعالیٰ کے ویسے ہی حرام ہے، اور پھر بیٹے کو ذبح کر دیا۔ بدبخت نے دوسرے لوگوں کو بھی اس جرم میں شریک کیا۔ ایسے لوگوں کو عبرتناک سزا ملنی چاہیے۔
اللہ تعالیٰ نے حضرت اسماعیلؑ کی جان کا بدلہ بھی جانور ہی بھیجا تھا، اور اسے ذبح عظیم کے لقب سے یاد کیا۔ گویا قربانی کے لیے یہ عظیم دستور مقرر فرما دیا کہ انسانی کی قربانی قطعاً روا نہیں۔ ہندوؤں کے ہاں انسانی قربانی کا تصور پایا جاتا ہے، وہ اسے بلیدان کا نام دیتے ہیں۔ کبھی وہ انسان کو کالی دیوی کی بھینٹ چڑھاتے ہیں، کبھی کسی دیوتا کے نام پر بچوں کو ذبح کر دیتے ہیں، یہ سب ناجائز اور حرام ہے۔ قربانی صرف اللہ کے نام پر ہی ہو سکتی ہے اور وہ بھی پالتو جانور کی، کسی جنگی وحشی جانور کی قربانی نہیں ہو سکتی۔

اقوام متحدہ کا انسانی حقوق کا چارٹر اور اسلامی تعلیمات

مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

(ورلڈ اسلامک فورم کے چیئرمین مولانا زاہد الراشدی نے ۷ اپریل ۱۹۹۵ء کو مسجد صدیقیہ سیٹلائٹ ٹاؤن گوجرانوالہ میں فورم کی ماہانہ فکری نشست اور ۱۷ اپریل ۱۹۹۵ء کو مرکزی جامع مسجد شادمان لاہور میں مسلم ہیومن رائٹس سوسائٹی کی فکری نشست سے مندرجہ بالا موضوع پر تفصیلی خطاب کیا۔ دونوں خطابات کو یکجا ترتیب کے ساتھ شائع کیا جا رہا ہے۔ ادارہ)

بعد الحمد والصلوٰۃ۔ آج ہماری گفتگو کا عنوان ہے ’’اقوام متحدہ کا انسانی حقوق کا چارٹر اور اسلامی تعلیمات‘‘ جس کے تحت ہم اس فکری اور نظریاتی کشمکش کا جائزہ لینا چاہتے ہیں جو اس وقت عالمی سطح پر انسانی حقوق اور ان کی تعبیر و تشریح کے حوالے سے جاری ہے۔

’’انسانی حقوق‘‘ آج کی دنیا میں سب سے زیادہ زیربحث آنے والا موضوع ہے اور یہ مغرب کے ہاتھ میں ایک ایسا فکری ہتھیار ہے جس کے ذریعے وہ مسلم ممالک اور تیسری دنیا پر مسلسل حملہ آور ہے۔ مغرب نے انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے چارٹر کو مسلمہ معیار کا درجہ دے کر کسی بھی معاملہ میں اس سے الگ رویہ رکھنے والے تیسری دنیا اور عالم اسلام کے ممالک کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دینے کی مہم شروع کر رکھی ہے۔ اور اس سلسلہ میں اسے عالمی ذرائع ابلاغ کے ساتھ ساتھ عالم اسلام اور تیسری دنیا میں اپنی ہم نوا لابیوں کا بھرپور تعاون حاصل ہے جبکہ اس نظریاتی و فکری یلغار میں ملت اسلامیہ کے عقائد و احکام اور روایات و اقدار سب سے زیادہ مغربی دانشوروں، لابیوں اور ذرائع ابلاغ کے حملوں کی زد میں ہیں۔

اس کشمکش میں جب ہم اسلام کے عقائد و احکام پر مغربی دانشوروں کے حملوں کا جائزہ لیتے ہیں تو ہمیں یہ یلغار عقائد و احکام اور معاشرت کے تمام شعبوں پر محیط نظر آتی ہے۔ اگر آپ گزشتہ ایک دہائی کے دوران پیش آنے والے واقعات کو سامنے رکھتے ہوئے حالات کا تجزیہ کریں گے تو آپ کو صورتحال کا نقشہ کچھ یوں نظر آئے گا۔

یہ ہے ایک سرسری خاکہ مغرب کی طرف سے اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں سامنے آنے والے اعتراضات اور تقاضوں کا جو گزشتہ ایک عشرہ کے دوران منظم مہم اور مربوط نظریاتی جنگ کی شکل اختیار کر چکے ہیں اور جن کے سامنے مسلم ممالک کی بیشتر حکومتیں ’’سپر انداز‘‘ ہوتی چلی جا رہی ہیں۔ چنانچہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی وزیراعظم نے اپنے حالیہ دورۂ امریکہ کے دوران یہ کہہ کر مسلم حکمرانوں کے اسی رجحان کی نشاندہی کی ہے کہ وہ ’’انٹرنیشنلزم پر یقین رکھتی ہیں‘‘۔ اس انٹرنیشنلزم کا تصور مغرب کے نزدیک یہ ہے کہ اقوام متحدہ کے منشور کو پوری دنیا کا مشترکہ دستور تسلیم کر کے تمام ممالک اقوام متحدہ کی بالادستی کے سامنے جھک جائیں، اور اقوام متحدہ کو کنفیڈریشن طرز کی مشترکہ حکومت قرار دے کر ساری دنیا ایک عالمی برادری کی شکل اختیار کر لے۔ گویا وہ مغرب جس نے گزشتہ ایک سو سال کے دوران نیشنلزم اور قومیت کے نام پر عالم اسلام کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں تقسیم کر کے خلافتِ عثمانیہ کے حصے بخرے کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے، اب انہی ٹکڑوں کو ’’انٹرنیشنلزم‘‘ کے نام پر وہ اپنی بالادستی میں ویسٹرن سولائزیشن میں ضم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور اس اسکیم کے تانے بانے پوری طرح بنے جا چکے ہیں۔

معزز شرکاء محفل! اس نظریاتی معرکہ اور فکری جنگ میں بنیادی حیثیت اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر اور جنیوا انسانی حقوق کمیشن کے فیصلوں اور قراردادوں کو حاصل ہے۔ ’’انسانی حقوق کا چارٹر‘‘ متن ہے جبکہ جنیوا کنونشن کے فیصلے اور قراردادیں اس کی شرح ہیں جو اس نظریاتی جنگ میں مغرب کے ہاتھ میں ایک مضبوط ہتھیار کا کام دے رہی ہیں۔ مغرب کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی رکنیت اختیار کرنے والے تمام ممالک نے انسانی حقوق کے اس چارٹر پر دستخط کر کے اسے تسلیم کر لیا ہے اس لیے وہ اس کے پابند ہیں۔ اور جن ممالک میں اس چارٹر کے منافی قوانین نافذ ہیں وہ اس بین الاقوامی معاہدہ کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، اس لیے یہ ضروری ہے کہ تمام ممالک خواہ وہ مسلمان ہوں یا غیر مسلم اس عالمی معاہدہ کی پابندی کریں اور اپنے اپنے ملک میں رائج قوانین میں ترامیم کر کے انہیں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر کے ساتھ ہم آہنگ کریں۔

ہمیں مغرب کے اس موقف اور اس کی پشت پر کار فرما عزائم کا سنجیدگی کے ساتھ جائزہ لینا ہوگا۔ محض جذباتی طور پر اسے مسترد کر دینے سے بات نہیں بنے گی اور ’’ہم نہیں مانتے‘‘ کا خالی نعرہ دنیا بھر کے ان اربوں انسانوں اور عالم اسلام کے ان کروڑوں مسلمانوں کو ہمارے موقف کے بارے میں مطمئن نہیں کر سکے گا جو ورلڈ میڈیا کی براہ راست زد میں ہیں اور جن کی آنکھوں اور کانوں کو اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں مغرب کے پراپیگنڈے کا روز مرہ سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس لیے یہ ضروری ہوگیا ہے کہ مسلم علماء، دانشور اور دینی ادارے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر اور جنیوا انسانی حقوق کنونشن کی قراردادوں اور فیصلوں کا علمی بنیاد پر جائزہ لیں اور مغرب کے اعتراضات و خدشات کا منطق و استدلال کے ساتھ سامنا کر کے انسانی حقوق کے حوالہ سے ملت اسلامیہ کا موقف سامنے لائیں۔ ہمیں انسانی حقوق کے بارے میں معروضی حالات اور انسانی معاشرہ کو درپیش مسائل کی روشنی میں اپنے موقف کا واضح طورپر تعین کرنا ہوگا اور اسے علم اور منطق و استدلال کی بنیاد پر افہام و تفہیم کے جذبہ کے ساتھ دنیا کے سامنے پیش کرنا ہوگا۔ ورنہ ہم اس خوفناک نظریاتی جنگ میں اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش نہیں ہو سکیں گے۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر اور اس کی تشریح میں جنیوا انسانی حقوق کنونشن کی قراردادوں اور فیصلوں کا جائزہ ہمیں دو مرحلوں میں لینا ہوگا۔

سامعین محترم! ان گزارشات کے بعد ضروری معلوم ہوتا ہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر پر ایک نظر ڈال لی جائے۔ چنانچہ بحث کے آغاز کے طور پر ہم اس چارٹر کے بعض حصوں کا ابتدائی اور سرسری طور پر جائزہ لینا چاہتے ہیں۔ یہ چارٹر اقوام متحدہ نے ۱۰ دسمبر ۱۹۴۸ء کو جاری کیا تھا اور اس وقت ہمارے سامنے اس کا اردو متن ہے جو اسلام آباد کے ماہنامہ ’’نوائے قانون‘‘ نے دسمبر ۱۹۹۴ء کے شمارے میں شائع کیا ہے۔ انسانی حقوق کے اس چارٹر کی ۳۰ دفعات ہیں اور اس میں اجتماعی زندگی کے کم و بیش تمام شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔

چارٹر کے ابتدائی مطالعہ میں ہم نے اس کی چند دفعات گفتگو کے لیے منتخب کی ہیں جو ہمارے خیال میں بعض اسلامی قوانین و احکام کو انسانی حقوق کے منافی قرار دینے کا باعث بن رہی ہیں لیکن ان دفعات کو زیر بحث لانے سے پہلے چارٹر کی اعتقادی اور فکری بنیاد کو سمجھنا ضروری ہے۔ یہ چارٹر دراصل مغربی فلسفہ حیات اور ویسٹرن سولائزیشن کا نقطۂ عروج ہے جس کے پیچھے یہ سوچ کارفرما ہے کہ مذہب کا تعلق صرف عقیدہ، عبادت اور اخلاقیات سے ہے جس میں ہر انسان آزاد ہے کہ وہ عقیدہ، عبادت اور اخلاقیات میں جو رجحان چاہے اختیار کرے اور یہ اس کا ذاتی معاملہ سمجھا جائے جس سے ریاست یا کوئی اور اتھارٹی کسی قسم کا تعرض نہ کرے۔ البتہ انسانی زندگی کے اجتماعی معاملات مثلاً سیاست، قانون، ایڈمنسٹریشن، تجارت، زراعت، اور معیشت کے ساتھ مذہب کا کوئی واسطہ نہیں ہے اور ان امور میں ہر قوم اپنے اجتماعی یا اکثریتی رجحانات کے مطابق کوئی بھی نظام اختیار کر سکتی ہے اور وہ نظام مذہب کی کسی بھی قید یا چھاپ سے آزاد ہوگا۔

اسے اصطلاحی طور پر سیکولرازم سے تعبیر کیا جاتا ہے اور اسی سیکولر ازم کو قبول کرنے کا ہم سے تقاضہ کیا جا رہا ہے۔ سیکولرازم کا تاریخی پس منظر یہ ہے کہ یورپ میں بادشاہ، کلیسا اور جاگیردار کے اتحاد ثلاثہ نے جب غریب عوام پر زندگی کا دائرہ تنگ کر دیا اور بادشاہت اور جاگیرداری کے خلاف بے بس عوام کی بغاوت میں کلیسا اور پادری نے عوام کا ساتھ دینے کی بجائے بادشاہ اور جاگیردار کا ساتھ دیا تو عوامی انقلاب نے بادشاہت اور جاگیرداری کے ساتھ کلیسا اور پادر کی بساط اقتدار بھی الٹ کر رکھ دی اور مذہب کو اجتماعی زندگی سے بے دخل کر کے اس کا دائرہ کار کلیسا کی چار دیواری کے اندر محدود کر دیا۔ لیکن اس تاریخی پس منظر کے پہلو بہ پہلو ایک اعتقادی اور فکری بنیاد بھی ہے جو سیکولرازم اور مغربی جمہوریت کو نظریاتی قوت فراہم کر رہی ہے۔

حضرات مکرم! مغرب کے مادہ پرستانہ فلسفے کی بنیاد نظریہ ارتقاء پر ہے جس کا خاکہ کچھ اس طرح ہے کہ اس دنیا میں جو کسی پیدا کرنے والے اور چلانے والے خدا کے بغیر خود بخود وجود میں آگئی ہے، انسانی نسل حیوانی ارتقاء کا نتیجہ ہے جو کیچڑ سے جنم لینے والے کیڑے سے شروع ہو کر مختلف زمانوں میں شکلیں بدلتا ہوا انسان کی صورت اختیار کر گیا ہے اور یہ اس کی آخری اور حتمی شکل ہے۔ اسی طرح انسانی معاشرہ بھی ارتقائی عمل کا نتیجہ ہے جو جنگلوں اور غاروں سے شروع ہوا اور مختلف شکلیں بدلتا ہوا اور معاشرت کے مختلف طریقے، قوانین اور نظام آزماتا ہوا جمہوریت، سیکولرازم اور ویسٹرن سولائزیشن کی موجودہ شکل اختیار کر گیا ہے اور یہ انسانی معاشرت کی آخری اور مکمل شکل ہے جس میں اب مزید بہتری کا کوئی امکان نہیں ہے۔ گویا جس طرح نسلی اعتبار سے انسان آخری منزل میں ہے اور اب اس کے نئی کئی شکل اختیار کرنے کا امکان نہیں ہے، اسی طرح معاشرتی لحاظ سے بھی ویسٹرن سولائزیشن آخری منزل ہے اور اب اس سے بہتر کوئی معاشرتی ڈھانچہ سامنے آنے کا امکان نہیں ہے۔ اسے ’’اینڈ آف ہسٹری‘‘ سے تعبیر کیا جا رہا ہے اور مغربی دانشور اب ارتقاء کے عمل کے مزید آگے بڑھنے کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے مکمل تباہی کو انسانی زندگی کی اگلی منزل قرار دے رہے ہیں۔

اس طرح جب موجودہ انسانی معاشرہ نہ صرف انسانیت بلکہ پوری کائنات ارضی کی آخری، مکمل اور ترقی یافتہ شکل قرار پاتا ہے اور یہی کائنات وجود کا حاصل ہے تو خیر و شر کا آخری معیار بھی یہی ہے۔ اس لیے جسے یہ انسانی معاشرہ خیر قرار دے دے وہی خیر ہے اور جو اس معاشرہ کے نزدیک شر قرار پائے وہی شر ہے۔ اس کے علاوہ خیر اور شر کو ماپنے اور جانچنے کا کوئی اور پیمانہ موجود نہیں ہے جس کی بنیاد پر کسی چیز یاکام کے خیر یا شر ہونے کا فیصلہ کیا جا سکے۔

مگر اسلام اس تصور کو سرے سے قبول نہیں کرتا بلکہ اس کے برعکس قرآن و سنت پر یقین رکھنے والے ہر مسلمان کا عقیدہ ہے کہ یہ کائنات کسی حادثہ کی پیداوار نہیں ہے بلکہ اسے کائنات کے مالک و خالق اللہ تعالیٰ نے پیدا کیا ہے اور وہی اسے ایک نظم کے ساتھ چلا رہا ہے۔ اسی طرح انسانی نسل کسی ارتقائی عمل کا نتیجہ نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ نے اسے ایک مستقل مخلوق کے طور پر پیدا کیا ہے اور اشرف المخلوقات ٹھہرایا ہے۔ پھر انسانی زندگی کا ایک معاشرہ کی شکل اختیار کر جانا بھی خودرو ارتقائی عمل کا نتیجہ نہیں ہے بلکہ قرآن کریم کے مطابق نسل انسانی کا پہلا فرد ’’حضرت آدم علیہ السلام‘‘ علم، قانون، شرم و حیا، لباس اور مکان کی سہولتوں سے بہرہ ور تھا۔ اس کے ساتھ ہی ہر باشعور مسلمان یہ عقیدہ بھی رکھتا ہے کہ نسل انسانی اس دنیاوی زندگی میں آسمانی ہدایات کی پابند ہے جو اس کے پاس اس کے خالق و مالک کی طرف سے حضرات انبیاء کرام علیہم السلام کے ذریعہ آئی ہیں اور ان ہدایات کی آخری اور مکمل شکل جناب محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات ہیں جن پر عملدرآمد زندگی کے اگلے اور آخری مرحلہ میں کامیابی کے لیے ضروری ہے۔ اسلامی تعلیمات میں انسان کو اشرف المخلوقات کا درجہ حاصل ہے لیکن اس تفصیل کے ساتھ کہ اس کے لیے ’’احسن تقویم‘‘ کا خطاب بھی استعمال کیا گیا ہے اور اسے ’’اسفل سافلین‘‘ کے مقام کا مستحق بھی قرار دیا گیا ہے۔

گویا انسان اور انسانی معاشرہ کی موجودہ شکل آخری اور حتمی نہیں ہے، یہ امتحانی گزرگاہ ہے جس سے گزر کر اگلی زندگی میں اسے ’’احسن تقویم‘‘ یا ’’اسفل سافلین‘‘ کی منزل سے ہمکنار ہونا ہے اور وہی اس کا ’’اینڈ آف ہسٹری‘‘ ہوگا۔ اس لیے موجودہ انسانی معاشرہ جب آخری اور حتمی منزل نہیں ہے تو اس کی سوچ اور عقل بھی خیر اور شر کا آخری معیار نہیں ہے بلکہ خیر اور شر کا حتمی معیار آسمانی وحی ہے جس کی مکمل شکل جناب محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کی صورت میں موجود ہے۔

معزز شرکائے محفل! یہی وجہ ہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر کی پہلی دفعہ میں تمام انسانوں کو آزادی اور حقوق کے ساتھ ساتھ تکریم میں بھی برابر قرار دیا گیا ہے جبکہ اسلام تمام انسانوں کو تکریم کا یکساں مستحق تسلیم نہیں کرتا۔ اس کا اصول ’’ان اکرمکم عند اللہ اتقاکم‘‘ ہے کہ جو اچھے کردار کا حامل ہے وہ تکریم کا مستحق ہے اور جس کا کردار انسانی اخلاق کے مطابق نہیں ہے وہ تکریم کا حقدار نہیں ہے۔

اس پس منظر میں چارٹر کی دفعہ ۵ کا جائزہ لیا جائے تو جرائم کی اسلامی سزاؤں کو غیر انسانی قرار دینے کی وجہ بھی سمجھ میں آجاتی ہے۔ دفعہ نمبر ۵ کا عنوان ہے ’’تشدد کا خاتمہ‘‘ اور اس میں کہا گیا ہے کہ:

’’کسی شخص کو تشدد اور ظلم کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا اور کسی شخص کے ساتھ غیر انسانی اور ذلت آمیز سلوک نہیں کیا جائے گا یا ایسی سزا نہیں دی جائے گی۔‘‘

گویا اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق کسی مجرم کو دی جانے والی سزا کا تشدد اور تذلیل کی آمیزش سے خالی ہونا ضروری ہے اور جس سزا میں ان میں سے کسی کوئی عنصر موجود ہوگا وہ انسانی حقوق کے منافی قرار پائے گی۔ اسی بنا پر ہاتھ کاٹنے، کوڑے مارنے اور سنگسار کرنے کی سزاؤں کو انسانی حقوق کے خلاف قرار دیا جا رہا ہے اور اسی بنا پر پاکستان کی عدالت عظمیٰ میں کسی مجرم کو کھلے بندوں سزا دینے کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے تعبیر کیا جا چکا ہے۔ جبکہ اسلام میں جرائم پر سخت سزاؤں کا مقصد ہی یہ ہے کہ مجرم کو نصیحت ہو اور دیکھنے والے اس سے عبرت پکڑیں۔

اس کے بعد چارٹر کی دفعہ ۱۶ پر ایک نظر ڈال لیجئے جس میں کہا گیا ہے کہ:

’’پوری عمر کے مردوں اور عورتوں کو نسل، قومیت یا مذہب کی کسی تحدید کے بغیر باہم شادی کرنے اور خاندان کی بنیاد رکھنے کا حق حاصل ہے۔ شادی، دوران شادی اور اس کی تنسیخ کے سلسلہ میں وہ مساوی حقوق رکھتے ہیں‘‘۔

اس دفعہ میں اسلامی تعلیمات کی رو سے چند باتیں غور طلب ہیں۔ پہلی بات یہ کہ ’’پوری عمر‘‘ سے کیا مراد ہے؟ کیونکہ اسلامی احکام میں شادی کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں ہے۔ دوسری بات یہ کہ ’’مذہب کی کسی تحدید کے بغیر‘‘ کا مطلب واضح ہے کہ کوئی مسلمان مرد کسی بھی غیر مسلم عورت سے اور کوئی مسلمان عورت کسی بھی غیر مسلم مرد سے شادی کر سکتی ہے جبکہ یہ اسلامی تعلیمات کے یکسر منافی ہے۔ تیسری بات یہ ہے کہ شادی کی تنسیخ کے سلسلہ میں دونوں کے مساوی حقوق کا تصور بھی اسلامی احکام کے خلاف ہے۔ کیونکہ اسلام نے طلاق کے بارے میں واضح ترجیحات قائم کی ہیں اور دونوں کو یکساں حقوق بہرحال نہیں دیے ہیں۔

اس کے سات چارٹر کی دفعہ ۲۵ کی شق ۲ کو بھی شامل کر لیں جس میں کہا گیا ہے کہ:

’’ماں اور بچے کو خصوصی توجہ اور مدد کا حق حاصل ہے۔ تمام بچے خواہ وہ شادی کے نتیجے میں پیدا ہوئے ہوں یا بغیر شادی کے پیدا ہوں یکساں سماجی تحفظ سے بہرہ ور ہونے کا حق رکھتے ہیں‘‘۔

اور ان دونوں دفعات کے ساتھ گزشتہ برس قاہرہ میں منعقد ہونے والی اقوام متحدہ کی بہبود آبادی کانفرنس کی سفارشات کو بھی سامنے رکھیں جن میں تمام ممالک سے تقاضہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے عوام کو آزادانہ جنسی اختلاط کے مواقع فراہم کریں، اسقاط حمل کی سہولتیں مہیا کریں، بن بیاہی ماؤں کو سماجی تحفظ سے بہرہ ور کریں اور ہم جنسی کو قانونی جواز کی سند عطا کریں۔

حضرات محترم! اب آپ ان تمام امور کے اشتراک کے ساتھ خاندانی زندگی سے متعلقہ قوانین کے بارے میں اس ’’عالمی معیار‘‘ کو سمجھنے کی کوشش کریں جسے اپنانے کی تمام ممالک کو تلقین کی جا رہی ہے اور یہ تقاضا کیا جا رہا ہے کہ اگر کسی ملک میں اس معیار کے خلاف عائلی قوانین نافذ ہیں تو وہ ان میں ترامیم کر کے انہیں اس عالمی معیار کے مطابق ڈھال لے۔

کم و بیش یہی صورتحال آزادیٔ ضمیر، آزادیٔ عقیدہ، آزادیٔ رائے اور آزادیٔ اظہار کے حوالہ سے انسانی حقوق کے مذکرہ چارٹر کی تصریحات کی بھی ہے جو چارٹر کی دفعہ ۱۸ اور ۱۹ میں ان الفاظ کے ساتھ بیان کی گئی ہیں:

’’ہر شخص کو آزادیٔ خیال، آزادیٔ ضمیر اور آزادیٔ مذہب کا حق حاصل ہے، اس حق میں اپنا مذہب اور عقیدہ تبدیل کرنے اور انفرادی و اجتماعی طور پر علیحدگی میں یا سب کے سامنے اپنے مذہب یا عقیدے کی تعلیم، اس پر عمل کرنے، اس کے مطابق عبادت کرنے اور اس کی پابندی کرنے کی آزادی کا حق شامل ہے‘‘۔

’’ہر شخص کو آزادیٔ رائے اور آزادیٔ اظہار کا حق حاصل ہے، اس حق میں بلا مداخلت رائے رکھنے کی آزادی اور بلا لحاظ علاقائی حدود کسی بھی ذریعے سے اطلاعات اور نظریات تلاش کرنے، حاصل کرنے اور انہیں دوسروں تک پہنچانے کی آزادی شامل ہے‘‘۔

ان دونوں دفعات پر ایک بار پھر غور کر لیجئے اور سلمان رشدی، تسلیمہ نسرین، پاکستان کے چند مسیحی گستاخان رسولؐ اور قادیانیوں سمیت ان تمام طبقوں اور گروہوں کے مبینہ حقوق کا جائزہ لیجئے جن کی پامالی کا ڈھنڈورا پیٹ کر مغرب کی حکومتیں اور ذرائع ابلاغ انسانی حقوق کے حوالہ سے مسلمانوں کے طرز عمل کو مسلسل ہدف تنقید بنا رہے ہیں۔

حضرات مکرم! بات زیادہ لمبی ہوتی جا رہی ہے اس لیے گفتگو سمیٹتے ہوئے یہ عرض کرنا چاہوں گا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر کی بعض دفعات کا ذکر کیا گیا ہے اور وہ بھی سرسری طور پر کسی لمبی بحث میں الجھے بغیر صرف اس غرض سے کہ ان اعتراضات و شبہات کی نوعیت کا کچھ اندازہ ہو جائے جو انسانی حقوق کے حوالہ سے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف مغرب کی طرف سے کیے جا رہے ہیں۔ تاکہ مغرب کے ان عزائم کو سمجھنا مشکل نہ رہے جو اس کشمکش میں اس کے اہداف کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ یہ ایک سرسری اور ابتدائی مطالعہ ہے جو علماء کرام اور دانشوروں کو مسئلہ کی سنگینی اور اہمیت کا احساس دلانے کے لیے ہے۔ اصل ضرورت اس امر کی ہے کہ:

لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ اس تمام تر گفتگو اور مباحثہ میں سیاسی نعرہ بازی اور مناظرانہ اسلوب سے گریز کرتے ہوئے خالصتاً علمی زبان اور منطقی و استدلالی انداز اختیار کیا جائے تاکہ ہم دنیا پر اسلام کی حقانیت، افادیت اور ضرورت کو واضح کرنے کے ساتھ ساتھ ملت اسلامیہ کی نئی نسل اور تعلیم یافتہ طبقہ کی غالب اکثریت کو غیر شعوری ارتداد سے بچا سکیں جو اسلام کے احکام و قوانین پر مغربی فلسفہ کے اعتراضات کے مسلسل یکطرفہ پراپیگنڈہ کا کوئی معقول جواب نہ پا کر دھیرے دھیرے اس کے دائرۂ اثر میں شامل ہوتے جا رہے ہیں۔ خدا کرے کہ علمی شخصیات اور دینی ادارے وقت کے اس سب سے بڑے چیلنج کا صحیح طور پر ادراک کر سکیں، آمین یا رب العالمین۔

اسلامائزیشن کی راہ میں بڑی رکاوٹیں، انگریز پولیس افسر کی نظر میں

ادارہ

قیام پاکستان کے بعد مغربی پنجاب کی حکومت نے عوام کی دینی تعلیم و تربیت کے لیے ایک محکمہ ’’محکمہ احیائے ملتِ اسلامیہ‘‘ کے نام سے قائم کیا جس کے تحت ایک علمی و فکری مجلہ ’’عرفات‘‘ کا آغاز ہوا۔ عرفات کے پہلے شمارہ میں مغربی پنجاب کی بارڈر پولیس کے کمانڈنٹ جناب ای این ایڈورڈز کا مندرجہ ذیل مراسلہ شائع ہوا جو عرفات کے مدیر جناب محمد اسد کے نام ہے اور ۱۰ فروری ۱۹۴۸ء کا تحریر کردہ ہے۔ مراسلہ نگار نے پاکستان میں اسلامائزیشن کے حوالے سے علمی و فکری رکاوٹوں کا جس خوبصورتی سے تجزیہ کیا ہے وہ ہمارے دینی راہنماؤں اور کارکنوں کے لیے بطور خاص قابل توجہ ہے۔ (ادارہ)


مکرمی اسد صاحب! -------- لاہور چھاؤنی ۔ ۱۰ فروری ۱۹۴۸ء
محکمہ احیائے ملتِ اسلامیہ کے متعلق آپ کا پمفلٹ دیکھ کر بڑی مسرت ہوئی اور میں نے بڑے غور و خوض سے مطالعہ کیا۔ میں سمجھتا ہوں آپ کا مقصد یہ بھی ہے کہ منجملہ دوسری باتوں کے رفتہ رفتہ مساجد اور مدارس کے ذریعے عامۃ الناس کی تربیت کریں، لہٰذا اس خیال کے پیش نظر چند باتیں آپ کی خدمت میں عرض کرتا ہوں:
آپ کو شاید خود بھی احساس ہو گا کہ جو لوگ دینی تعلیم و تربیت کے ایک باقاعدہ نظام کے ماتحت دنیا کو پھر اللہ کے راستے پر واپس لانے کے آرزومند ہیں، ان کے لیے دو خطرے ہیں:
  1. پہلا خطرہ وہ ردعمل ہے جو، ایسی حالت میں جب کسی ملت کو دینی اَحیا کے ایک زبردست دور سے گزرنا پڑے، ہمیشہ سامنے آ جاتا ہے۔ ذہنِ انسانی کی ترکیب ہی کچھ ایسی ہے کہ اس ردعمل سے بچنا محال ہے۔ دنیا کی ہر تہذیب کو اس سے سابقہ پڑا اور تاریخ کے ہر عہد اس میں ظہور ہوا۔ انگلستان ہی کو دیکھ لیجئے، عہد مابعد وکٹوریا کے اخلاقی انتشار میں یہ ردعمل صاف صاف نمایاں ہے، پھر چند صدیاں اور پیچھے چلے جائیے تو پیورے ٹن (Puritan) عہد کے خاتمے پر جو فسق و فجور پھیلا، اسی ردعمل کی بدولت۔ اس افراط و تفریط سے مفر کی بہرحال کوئی صورت نہیں، لہٰذا ناممکن ہے کہ پاکستان اس سے مستثنیٰ رہے۔
  2. دوسرا خطرہ ہے ان لوگوں کے غرور کا جو بعض کچی پکی علمی معلومات کی بنا پر اپنا شمار ’’اہلِ فکر‘‘ میں کرنے لگتے ہیں۔ بلکہ ہمیں کہنا چاہیے کہ اس استہزا طائفے کا طعن و تشنیع تو ابھی سے سننے میں آ رہا ہے۔ لہٰذا ظاہر ہے کہ موجودہ ریاست کی ازسرنو تعمیر میں، جب ہمیں اور زیادہ سختی اور درشتی سے کام لینا پڑے گا، تو اس قسم کے خام اور کچے پکے اہلِ فکر کی تعداد میں بھی اضافہ ہوتا چلا جائے گا۔
میرے نزدیک اس دوسرے خطرے کا امکان بہت زیادہ ہے۔ کیونکہ دنیا میں کوئی چیز اتنی خطرناک نہیں جتنی نیم علمی یا جہل مرکب۔ کتنے لوگ ہیں جن کو یہ معلوم ہے کہ اس زمانے کے اکابر سائنسدان مذہب کے حق میں ہیں؟ اور کتنے ہیں جو اس بات کو سمجھ کر اس کے نتائج کا اندازہ کر سکتے ہیں؟ اصل میں مشکل یہ ہے کہ عام تعلیم کا قدم سائنس کے اکتشافات اور تحقیق و تفتیش سے ہمیشہ پچاس برس پیچھے رہا۔
لہٰذا ہم کہہ سکتے ہیں کہ آئندہ دس بیس برس میں بھی تعلیم یا اخبارات و رسائل کے ذریعے اس ملک میں عام طور سے جو معلومات پھیلیں گی، ان سے تشکیک اور بے یقینی کا وہی دور دورہ شروع ہو گا جس میں سردست یورپ مبتلا ہے۔ اور جو اَب کہیں جا کر انیسویں صدی کی ان مادی تعلیمات کو سمجھ رہا ہے جو اس زمانے کے علمائے طبعیات نے پھیلائی تھیں۔ حالانکہ جدید افکار و خیالات نے پھر سے خدا کی ہستی کو تسلیم کر لیا ہے، اور لطف یہ کہ خود زمانہ بھی اس امر کا متقضی ہے کہ ہم پھر بچوں کے سے بھولے پن کے ساتھ خدا پر اعتماد کرنا سیکھیں، جیسا کہ پہلے کبھی کیا کرتے تھے۔
لیکن سوال یہ ہے کہ آیا پاکستان اس درمیانی زمانہ کی المناک صورتحال سے محفوظ رہ سکتا ہے؟ کیوں نہیں! بشرطیکہ وہ دونوں خطرات جن کا میں نے ابھی ذکر کیا ہے ہمارے سامنے رہیں۔
پھر اسلام میں دو خوبیاں ایسی ہیں جن سے آپ کو اس کام میں بالخصوص مدد ملے گی:
  1. اول یہ کہ اس نے بچوں کے سے بھولے پن کے ساتھ رضائے الٰہی پر چلنا، جو واحد سرچشمہ حکمت و دانائی کا، مسلّمات میں سے ٹھہرایا۔ اور ایک مخصوص ضابطے کی مدد سے ذہن کو اس کی قبولیت پر آمادہ کیا۔
  2. ثانیاً اس کی تعلیمات صرف نج کی زندگی تک محدود نہیں، بلکہ حیاتِ اجتماعیہ کا ایک نظام بھی پیش کرتی ہیں۔
ممکن ہے آپ یہ کہیں کہ جب میں عیسائی ہوں تو ان باتوں کا اقرار کیوں کر رہا ہوں۔ یہ اس لیے کہ میرے نزدیک عیسائیت صرف ایک مسلکِ حیات ہے، یہ نہیں کہ ایک ہر لحظہ بڑھتی ہوئی روحانی زندگی کی تحریک کرے۔ لہٰذا وہ صرف اہلِ فکر یا ان لوگوں کا مذہب ہے جن کے شکم پُر ہیں، اور جن کے پاس اتنا وقت ہے کہ داخلی اور مجرد افکار کا لطف اٹھا سکیں۔ عیسائیت نے نفسِ انسانی کا بالکل خیال نہیں رکھا، یہی وجہ ہے کہ اس نے شر کی حقیقت کا اعتراف کرتے ہوئے بھی انسان کے بے بس دل و دماغ پر کوئی ایسا عملی ضابطہ عائد نہیں کیا، جس کی بدولت وہ خود اپنے ضمیر اور اپنی طبعیت میں نظم و ضبط و تہذیب و شائستگی کا جوہر پیدا کر سکتا۔
لہٰذا اپنے اس عقیدہ کے ماتحت کہ نوعِ انسانی کی مشعلِ نجات صرف اسلام کے ہاتھ میں ہے، کیونکہ وہ مذہب کے ایک عملی نظام، ایک روحانی ضابطے، اور اجتماعی غور و تفکر سب کو باہم جمع کر دیتا ہے۔ میری دلی آرزو ہے کہ اس کی قوتوں کے استحکام کی دل و جان سے کوشش کی جائے۔
لہٰذا گزارش ہے کہ ملت کی تعلیم و تربیت میں صرف مستقبل کا خیال رکھتے ہوئے کہیں موجودہ تخریبی دور سے اپنی آنکھیں بند نہ کر لیجئے گا۔ مسلمانوں کو اس غلطی سے بچتے رہنا چاہیے جو مسیحی اولیاء نے کی، یعنی اپنے وقت کی تحریکوں سے جان بوجھ کر اغماض، خواہ وہ علمی ہوں یا فلسفیانہ۔ اس سے بھی زیادہ اہم ایک گھٹیا سی مادیت کا وہ خطرہ ہے جو سائنس میں تھوڑی بہت شد بد رکھنے سے پیدا ہو جاتی ہے، اور جس سے غفلت نہیں برنی چاہیے۔
تاریخ بتلاتی ہے کہ جب کبھی نیم علمی کا تصادم مذہب سے ہوا، فتح ہمیشہ نیم علمی کی ہوئی۔ کیونکہ عام آدمی کا غورِ نفس مجبور کر دیتا ہے کہ ہم ان غیر مذہبی معلومات ہی کو ترقی کا مترادف قرار دیں جن سے وہ خود آگے نہیں بڑھ سکا۔ اہلِ مذہب نے اس حقیقت کو ہمیشہ نظر انداز کیا، اور اس سے زیادہ اور کسی بات سے اسے نقصان بھی نہیں پہنچا۔ یوں عام آدمی اپنے غرورِ نفس میں مبتلا رہے اور اربابِ مذہب اپنے۔ لہٰذا شیطان کو اس سے زیادہ مسرت کیا ہو سکتی تھی کہ دانائی جہالت سے آنکھیں پھیر لے۔
اندریں صورت آپ کے لیے صحیح طریق کار یہ ہو گا کہ جو کچھ کیجئے ان باتوں کا لحاظ رکھتے ہوئے کیجئے جو اس وقت عام علمی معلومات کے ذریعے پھیل چکی ہیں۔ پھر جب میں علمی معلومات کا نام لیتا ہوں تو اس کا اشارہ صرف علومِ طبعی (سائنس) کی طرف نہیں، بلکہ اخلاقی، معاشی اور فلسفیانہ علوم کی طرف بھی ہے۔ علم و حکمت کی تشریح بہرحال ضروری ہے، اس کے ظاہراً اور نادانی کے ’’اختلافات‘‘ کو، جن پر سطحی قسم کے انسان ہمیشہ کڑھتے رہتے ہیں، یونہی ٹال دینا اتنا اچھا نہیں، جتنا ان میں اور وحئ الٰہی کی تعلیمات میں مفاہمت پیدا کرنا۔ ہم علم و حکمت کے مراتبِ عالیہ سے بے پروا کیسے گزر سکتے ہیں؟ ہمیں چاہیے کہ اس کا دامن مذہبی تعلیمات سے جوڑ دیں، بلکہ اگر آپ پسند کریں تو یہ کہوں کہ خود علم و حکمت کو مذہب میں شامل کر لیں۔
یہ سب باتیں اپنی جگہ پر مسلّم ہیں اور مجھے یقین ہے کہ ان میں سے بعض آپ کے زیر غور آ چکی ہیں۔ اس سے پیشتر کہ میں ان کو ایک عام اور فرسودہ انداز میں آپ کے سامنے پیش کرتا، مجھے صرف یہ کہنا ہے کہ میں جو کچھ عرض کر رہا ہوں صرف اس اس مخلصانہ خواہش کی بنا پر کہ آپ کی کوششوں کو آج ہی نہیں، آگے چل کر بھی کامیابی ہو۔ ہماری عظمت کا دارومدار اس بات پر ہے کہ ہم کس حد تک شر کا استیصال کر سکتے ہیں؟ اور کیا شیطان سے لڑنے میں ویسے ہی زیرک اور ہوشیار ثابت ہوتے ہیں جیسا کہ خود وہ۔ لہٰذا خلقِ خدا کی تعلیم و تربیت میں ان لوگوں کی نفسیات ہی سے باخبر ہونا ضروری نہیں جن کی اصلاح کا ہم نے بیڑا اٹھایا ہے، ہمارا فرض ہے کہ اس سبق پر بھی زور دیتے رہیں جو تاریخ سے ہمیں ملتا ہے اور جس کے لیے ہمیں بڑی زبردست اور خوفناک قیمت ادا کرنا پڑتی ہے۔
اندریں صورت میں پھر عرض کروں گا کہ آپ تربیتِ عوام کے لیے جو لائحہ عمل مرتب کریں بڑی احتیاط، باربار کی نظرثانی، تنقیح اور تفحص سے کریں۔ بلکہ اگر ممکن ہو تو مساجد اور مدارس کا نصابِ تعلیم بھی اس میں شامل کر لیجئے۔ انسان کی نجات کا فریضہ خدا کے نیک بندوں کی انفرادی کوششوں پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ یہ فریضہ کسی شخص کے زیر ہدایت  اور ایک مرکزی نظام کے ماتحت ادا ہو۔ 
زیادہ آداب، تسلیمات اور اس امر کی معذرت کہ میں نے آپ کا اتنا وقت لیا، مجھے امید ہے کہ آپ کی کوششیں بارآور ہوں گی اور خدا ان کو برکت دے گا۔

توہین رسالتؐ پر موت کی سزا کا قانون اور حکمرانوں کی حیلہ سازیاں

ابو الانجم برلاس

توہینِ رسالتؐ کے مرتکب کو سزا سے بچانے کے لیے جو حیلے اختیار کیے جا رہے ہیں ان میں سے ایک یہ بھی ہے کہ جرم ثابت نہ ہونے پر مدعی کو دس سال تک قید کی سزا دی جائے گی۔ ہمارے ہاں عدلیہ کا کردار روز روشن کی طرح عیاں ہو چکا ہے۔ ظاہر ہے کہ ایسی صورت میں مخلص مسلمان بھی مدعی بننے سے ہچکچائیں گے۔ چنانچہ نئے نئے رشدی سامنے آتے رہیں گے۔ یہ شیطانی مکر و فریب کی پہلی مثال نہیں ہے۔
عباسی خلیفہ منصور جس نے امام ابوحنیفہؒ کو بھی درے لگوائے تھے، ایک دفعہ اپنی مذموم اقربا پروری کی خاطر اسی قسم کا حیلہ اختراع کیا تھا۔ عسکری کے ’’اوائل‘‘ میں ہے کہ ابن ہبرمہ بہت بڑا شرابی تھا۔ ایک دفعہ منصور کے پاس آ کر اس کی مدح سرائی میں کچھ اشعار پڑھے، منصور خوشی سے پھول گیا۔ پوچھا، کیا چاہتا ہے؟ شرابی نے کہا، آپ حاکمِ مدینہ کو لکھ دیجئے کہ جب وہ مجھے نشہ میں دیکھے تو مجھ پر حد جاری نہ کرے۔ منصور نے کہا، میں خداوند تعالیٰ کی حدود میں دخل اندازی نہیں کر سکتا۔ اس نے کہا، تو پھر میرے لیے کوئی حیلہ بنا دیجئے۔ چنانچہ منصور نے حاکمِ مدینہ کو لکھا کہ جب کوئی شخص ابن ہبرمہ کو نشہ کی حالت میں پکڑ کر لائے تو اسے لانے والے کو سو درے مارے جائیں، جبکہ ابن ہبرمہ کو قانونِ شرعی کے مطابق اَسی درے ہی مارے جائیں۔ اس حکم کے بعد اگر حاکم (عون) خود بھی اس کو نشہ کی حالت میں دیکھتا تو یہ کہہ کر صَرفِ نظر کر لیتا کہ کون اسے اَسی درے لگوانے پر خود سو درے کھائے!
تاریخ میں ہم دیکھتے ہیں کہ ان خلفاء کے ایسے کردار کے ردعمل میں اُس دور میں عدلیہ کے کردار کی ایسی روشن مثالیں قائم ہوئیں جو رہتی دنیا تک امت کے لیے مشعلِ راہ کا کام دیتی رہیں گی۔ آج بھی حکمرانوں کا وطیرہ وہی رخ اختیار کر رہا ہے، چنانچہ آج بھی امت کے دینی جذبات کے تحفظ کی ذمہ داری ہماری عدلیہ پر عائد ہوتی ہے۔ جب تک عدلیہ کا کردار مثالی نہیں ہوتا اسی طرح کے منفی حیلے ہتھکنڈے جنم دینے کے لیے حکمرانوں کو شہ ملتی رہے گی۔
اسلامی تاریخ اس بات کی گواہ ہے، جس نے بھی اسلامی شعائر کی توہین کی اور جن حلقوں نے ان کی سرپرستی کرنے کی کوشش کی، ان کے نام تاریخ کے سیاہ باب کی نذر ہو چکے ہیں۔ توہینِ رسالتؐ کا ارتکاب کرنے والا شخص دنیا اور اس کی عدالتوں سے تو محفوظ رہ سکتا ہے لیکن قہرِ خداوندی سے نہیں۔ رسول اسے کہتے ہیں جو خدا کی طرف سے بھیجا گیا ہو، اور خدا ہی اس کی حرمت کی حفاظت کرتا ہے۔ اس کے لیے کبھی غازی خدا بخش اور کبھی غازی علم الدین شہید وسیلہ بنتے ہیں۔
(بشکریہ روزنامہ خبریں لاہور ۲۱ اپریل ۱۹۹۵ء)

ملی یکجہتی کونسل پاکستان کا ضابطۂ اخلاق

ادارہ

پاکستان کے تمام مذہبی مکاتبِ فکر کے قائدین پر مشتمل ملی یکجہتی کونسل نے ۲۳ اپریل ۱۹۹۵ء کو لاہور کے ایک ہوٹل میں مولانا شاہ احمد نورانی کی زیرصدارت مرکزی اجلاس میں مذہبی مکاتبِ فکر کے درمیان ضابطۂ اخلاق کی منظوری دے دی ہے۔ اجلاس میں مولانا محمد اجمل خان، پروفیسر ساجد میر اور علامہ ساجد نقوی سمیت تمام مکاتبِ فکر کے سرکردہ مذہبی قائدین نے شرکت کی۔ جبکہ ضابطۂ اخلاق کا اعلان کونسل کے سربراہ مولانا شاہ احمد نورانی نے پریس کانفرنس میں کیا۔
ضابطۂ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ اختلافات اور بگاڑ دور کرنے کے لیے ضروری ہے کہ تمام مکاتبِ فکر نظمِ مملکت اور نفاذِ شریعت کے لیے ایک بنیاد پر متفق ہوں۔ اس مقصد کے لیے ہم ۳۱ سرکردہ علماء کے ۲۲ نکات کو بنیاد بنانے پر متفق ہیں۔
ہم ملک میں مذہب کے نام پر دہشت گردی اور قتل و غارت گری کو اسلام کے خلاف سمجھتے ہیں۔ کسی بھی اسلامی فرقہ کو کافر قرار دینا یا کسی مکتبِ فکر سے متعلق شخص کو واجب القتل قرار دینا غیر اسلامی اور قابلِ نفرت فعل ہے۔
توہینِ رسالتؐ کے قانون میں تبدیلی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ توہینِ رسالتؐ کی سزا صرف موت ہے۔
عظمت ِصحابہؓ، عظمتِ اہلِ بیتؓ، عظمتِ ازواج ِمطہرات ایمان کا جزو ہے، ان کی تکفیر کرنے والا دائرۂ اسلام سے خارج اور ان کی توہین و تنقیص حرام اور قابلِ مذمت و تعزیر جرم ہے۔
ایسی ہر تقریر و تحریر سے گریز و اجتناب کیا جائے گا جو کسی بھی مکتبِ فکر کی دل آزاری اور اشتعال کا باعث بن سکتی ہے۔ شر انگیز اور دل آزار کتابوں، پمفلٹوں اور تحریروں کی اشاعت، تقسیم و ترسیل نہیں کی جائے گی۔ اشتعال انگیز اور نفرت انگیز مواد پر مبنی کیسٹوں پر مکمل پابندی ہو گی اور ایسی کیسٹیں چلانے والا قابل سزا ہو گا۔ دل آزار، نفرت انگیز اور اشتعال انگیز نعروں سے مکمل احتراز کیا جائے گا۔ دیواروں، ریل گاڑیوں، بسوں اور دیگر مقامات پر دل آزار نعروں اور عبارتوں پر مکمل پابندی ہو گی۔
تمام مسالک کے اکابرین کا احترام کیا جائے گا۔ تمام مکاتبِ فکر کے مقاماتِ مقدسہ اور عبادت گاہوں کے احترام و تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ جلسوں، جلوسوں، مساجد اور عبادت گاہوں میں اسلحہ خصوصاً غیر قانونی اسلحہ کی نمائش نہیں ہو گی۔ عوامی اجتماعات اور جمعہ کے خطبات میں ایسی تقریریں کی جائیں گی جن سے مسلمانوں کے درمیان اتحاد و اتفاق پیدا کرنے میں مدد ملے۔ عوامی سطح پر ایسے اجتماعات منعقد کیے جائیں گے جن سے تمام مکاتبِ فکر کے علماء بیک وقت خطاب کر کے ملی یکجہتی کا عملی مظاہرہ کریں۔
مختلف مکاتبِ فکر کے متفقات اور مشترکہ عقائد و نکات کی تبلیغ اور نشر و اشاعت کا اہتمام کیا جائے گا۔ باہمی تنازعات کو افہام و تفہیم اور تحمل و رواداری کی بنا پر طے کیا جائے گا۔
ضابطۂ اخلاق کے عملی نفاذ کے لیے ایک اعلیٰ اختیاراتی بورڈ تشکیل دیا جائے گا جو اس ضابطہ کی خلاف ورزی کی شکایات کا جائزہ لے کر اپنا فیصلہ صادر کرے گا، اور خلاف ورزی کے مرتکب کے خلاف کاروائی کی سفارش کرے گا۔

حضرت شیخ الحدیث مدظلہ کا سفر ِبنگلہ دیش

ادارہ

بنگلہ دیش کے علماء کی ایک عرصہ سے خواہش تھی کہ شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر دامت برکاتہم کی بنگلہ دیش میں تشریف آوری ہو اور علماء و طلبہ کو ان سے استفادہ کا موقع ملے۔ حضرت شیخ الحدیث مدظلہ اس سے قبل متحدہ پاکستان کے زمانے میں ایک بار جمعیت علماء اسلام پاکستان کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے اجلاس میں شرکت کے لیے ڈھاکہ تشریف لے جا چکے ہیں۔ دسمبر ۱۹۹۳ء میں بھی ڈھاکہ کی عظیم الشان ختمِ نبوت کانفرنس میں شرکت کا پروگرام طے پا چکا تھا۔ ویزا اور سیٹ کی کنفرمیشن کے مراحل طے ہو چکے تھے، اور حضرت شیخ الحدیث مدظلہ اپنے فرزند اکبر مولانا زاہد الراشدی کے ہمراہ ڈھاکہ جانے کے لیے کراچی پہنچ چکے تھے کہ اچانک بنگلہ دیش حکومت کی طرف سے ختمِ نبوت کانفرنس کے انعقاد پر پابندی کی خبر کے باعث سفر کا پروگرام معطل کرنا پڑا۔ بعد میں بنگلہ دیش کے غیور مسلمانوں کے پرجوش احتجاج کے باعث حکومتی پابندی غیر مؤثر ہو گئی اور کانفرنس پورے جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئی مگر حضرت شیخ الحدیث مدظلہ اور مولانا زاہد الراشدی اس میں شرکت نہ کر سکے۔
گزشتہ ماہ جامعہ اشرفیہ لاہور کے نائب مہتمم مولانا فضل الرحیم نے حضرت شیخ الحدیث مدظلہ سے رابطہ قائم کیا کہ بنگلہ دیش کے سب سے قدیمی دینی ادارہ مدرسہ معین الاسلام ہاٹ ہزاری چاٹگام کی صد سالہ تقریبات منعقد ہو رہی ہیں جس میں قدیم و جدید فضلاء کی دستاربندی ہو گی، اور وہاں کے علماء کی شدید خواہش ہے کہ اس موقع پر وہ تشریف آوری کی زحمت فرمائیں۔ اگرچہ ان کی عمر اور صحت کے لحاظ سے یہ سفر بظاہر مشکل تھا، اس لیے کہ حضرت شیخ الحدیث مدظلہ کی عمر اس وقت ہجری لحاظ سے چوراسی برس کے لگ بھگ ہے اور وہ گھٹنوں کے درد سمیت مختلف عوارض کا شکار ہیں۔ لیکن علماء کے اصرار کے باعث انہوں نے یہ دعوت قبول کر لی اور سرکردہ علماء کرام کے ایک وفد کے ہمراہ بنگلہ دیش تشریف لے گئے۔
مدرسہ معین الاسلام ہاٹ ہزاری کی صد سالہ تقریبات میں پاکستان سے شریک ہونے والے علماء کرام میں حضرت شیخ الحدیث مدظلہ کے علاوہ وفاق المدارس العربیہ کے سربراہ مولانا سلیم اللہ خان، جامعۃ العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاؤن کے سربراہ مولانا ڈاکٹر حبیب اللہ مختار، جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک کے نائب مہتمم مولانا انوار الحق، بادشاہی مسجد لاہور کے خطیب مولانا عبد القادر آزاد، جامعہ اشرفیہ لاہور کے نائب مہتمم مولانا فضل رحیم، سیالکوٹ کے بزرگ عالم دین مولانا حکیم عبد الواحد، اور مولانا قاری سیف اللہ اختر بطور خاص قابل ذکر ہیں۔ جبکہ مدرسہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ کے شعبہ حفظ کے استاذ قاری محمد عبد اللہ صاحب حضرت شیخ الحدیث مدظلہ کی رفاقت اور خدمت کے جذبہ کے ساتھ وفد میں شامل ہو گئے اور اپنے ذاتی خرچہ سے انہوں نے سفر میں رفاقت اختیار کی۔
پاکستانی علماء کا وفد ۸ اپریل کی شام کو ڈھاکہ پہنچا اور چونکہ اپوزیشن کی طرف سے پورے بنگلہ دیش میں ۹ اپریل سے چار روزہ ہڑتال کا اعلان تھا اس لیے تھوڑی دیر ٹھہر کر بذریعہ ٹرین چاٹگام روانہ ہو گیا۔ ڈھاکہ ایئرپورٹ پر مرکز اسلامی ڈھاکہ کے سربراہ مولانا شہید الاسلام نے اپنے رفقاء کے ہمراہ علمائے کرام کا خیرمقدم کیا اور ڈھاکہ میں قیام کے دوران مرکز اسلام ہی معزز مہمانوں کی قیام گاہ رہا۔
مدرسہ معین الاسلام ہاٹ ہزاری چاٹگام بنگلہ دیش کا سب سے قدیمی دینی مدرسہ ہے۔ ہاٹ ہزاری، چاٹگام سے دس بارہ میل کے فاصلہ پر ہے۔ اور مدرسہ معین الاسلام، جو بنگلہ دیش کے مدارس میں ام المدارس کہلاتا ہے، اپنے قیام کو لگ بھگ ایک صدی مکمل کر چکا ہے، ۱۰ اپریل سے اس کی صد سالہ تقریبات کا آغاز تھا جس میں قدیم و جدید فضلاء کی دستاربندی کا پروگرام بھی شامل تھا۔ لیکن اپوزیشن کی طرف سے چار روزہ ملک گیر ہڑتال کے باعث عوامی سطح پر اس طرز کا اجتماع نہ ہو سکا جو بنگلہ دیش کی روایات کا حصہ ہے۔ البتہ جن فضلاء کی دستاربندی ہونا تھی وہ ہڑتال کے خدشہ کے پیش نظر پہلے ہی وہاں پہنچ چکے تھے اور تقریباً تیس ہزار افراد کی دستاربندی اس اجتماع میں عمل میں لائی گئی۔ مدرسہ معین الاسلام کے مہتمم اس وقت مولانا احمد شفیع ہیں، جبکہ اس سال پانچ ہزار طلبہ مدرسہ میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں جن میں ایک ہزار کے قریب طلبہ دورۂ حدیث میں شریک ہیں۔
مدرسہ کی دو روزہ تقریبات میں شیخ الحدیث مولانا محمد سرفراز خان صفدر مدظلہ العالی کے علاوہ مولانا سلیم اللہ خان، مولانا عبد القادر آزاد، مولانا فضل رحیم، مولانا حکیم عبد الواحد، مولانا حبیب اللہ مختار، مولانا انوار الحق، مولانا قاری سیف اللہ اختر اور دیگر پاکستان علمائے کرام نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ بھارت سے تقریبات میں شرکت کے لیے دارالعلوم دیوبند کے صدر مفتی حضرت مولانا مفتی محمود الحسن گنگوہی دامت برکاتہم تشریف لائے ہوئے تھے اور یہ تقریبات انہی کی سرپرستی میں منعقد ہوئیں۔
مدرسہ معین الاسلام ہاٹ ہزاری میں خطاب اور دستاربندی کے علاوہ حضرت شیخ الحدیث مدظلہ جامعۃ العربیۃ الاسلامیۃ جیری چاٹگام، اور مدرسہ مظاہر العلوم چاٹگام میں بھی تشریف لے گئے، اور ڈھاکہ میں واپسی پر مرکز اسلامی کے علاوہ مدرسہ عربیہ بنات الاسلام میر پور ۱۲ کا بھی معائنہ کیا جہاں چھ سو سے زائد طالبات دینی تعلیم حاصل کر رہی ہیں اور دورہ حدیث بھی ہوتا ہے۔ حضرت شیخ الحدیث مدظلہ نے بعض طالبات سے عبارت سن کر ان کی علمی استعداد پر مسرت کا اظہار کیا۔
۱۳ اپریل جمعرات کا دن حضرت شیخ الحدیث مدظلہ نے ڈھاکہ میں گزارا اور مرکزِ اسلامی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر مرکز اسلامی کے سربراہ مولانا شہید الاسلام نے، جو جامعۃ العلوم الاسلامیۃ بنوری ٹاؤن کراچی کے فاضل ہیں، بتایا کہ مرکزِ اسلامی ایک تعلیمی اور رفاہی ادارہ ہے جس کے تحت نہ صرف بنگلہ دیش کے مختلف حصوں میں دینی مدارس و مکاتب کام کر رہے ہیں بلکہ خدمتِ خلق کا شعبہ بھی منظم طور پر سرگرمِ عمل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بنگلہ دیش میں مسیحی مشنریاں منظم طریقہ سے کام کر رہی ہیں اور ان کا کام عورتوں میں سب سے زیادہ ہے۔ عیسائی مشنریوں کا ہدف یہ ہے کہ دس سال میں بنگلہ دیش کو عیسائی اکثریت کا ملک بنا لیا جائے، اور وہ رفاہی اداروں اور امدادی کاموں کے ذریعے اپنے اثرات کو آگے بڑھا رہی ہیں۔ اس لیے علمائے کرام نے بھی اس نہج پر کام شروع کیا ہے اور اس وقت المرکز الاسلامی بنگلہ دیش کے ایک بڑے رفاہی ادارہ کی حیثیت اختیار کر چکا ہے جس کے پاس ۱۱ ایمبولینس ہیں اور ۷۵ بیڈ کا ہسپتال زیرتعمیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ۱۹۹۱ء کے سیلاب میں امدادی کاموں کے لیے سب سے پہلے مرکز اسلامی کے کارکن سیلاب زدہ علاقوں میں پہنچے اور کم و بیش ایک کروڑ روپے کا سامان تقسیم کیا، اور متاثرین کے کیمپوں میں امدادی سرگرمیوں کے علاوہ چھ سو خاندانوں کو مکان تعمیر کر کے دیے، اور چار سو بیواؤں کی کفالت کی ذمہ داری قبول کی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کام کے لیے ہم حکومت سے کوئی امداد نہیں لیتے بلکہ عوام کے تعاون سے اخراجات پورے کرتے ہیں اور سب سے زیادہ تعاون پاکستان کے مخیر حضرات سے حاصل ہوتا ہے۔
حضرت شیخ الحدیث مدظلہ نے مرکز اسلامی کی سرگرمیوں پر مسرت کا اظہار کیا اور ان مساعی کی کامیابی کے لیے دعا فرمائی، اور اس طرح بنگلہ دیش میں چھ روزہ قیام کے بعد ۱۴ اپریل کو صبح گوجرانوالہ واپس پہنچ گئے۔


ورلڈ اسلامک فورم کی سرگرمیاں

ادارہ

فضیلت الشیخ عبد الحفیظ مکی کی تشریف آوری

انٹرنیشنل اسلامک مشن کے سربراہ فضیلت الشیخ عبد الحفیظ مکی ۳۰ اپریل ۱۹۹۵ء کو حرکت الانصار کے سیکرٹری جنرل مولانا فضل الرحمٰن خلیل اور ناظم امورِ حرب مولانا عبد الجبار کے ہمراہ گوجرانوالہ تشریف لائے اور ورلڈ اسلامک فورم کے چیئرمین مولانا زاہد الراشدی سے ملاقات کر کے انہیں حرکت الانصار کو خلفشار سے بچانے کے لیے اکابر علماء کی کامیاب مساعی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر جمعیت علماء اسلام پاکستان سے متعلقہ بعض امور اور دیگر اہم مسائل بھی زیرغور آئے اور مذکورہ بالا راہنماؤں نے ان معاملات پر باہمی تبادلۂ خیال کیا۔

مولانا محمد عیسیٰ منصوری کا دورۂ بھارت

ورلڈ اسلامک فورم کے سیکرٹری جنرل مولانا محمد عیسیٰ منصوری نے گذشتہ ماہ کے دوران بھارت کے مختلف شہروں کا دورہ کیا اور دینی جماعتوں کے راہنماؤں سے ملاقات کر کے ان سے عالمِ اسلام سے متعلقہ مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔ اس موقع پر متعدد اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ علمائے کرام اور طلبہ کو آج کے حالات اور جدید نظریاتی فتنوں سے مکمل آگاہی حاصل کرنی چاہیے تاکہ وہ اسلام کا پیغام صحیح طور پر دنیا کے سامنے پیش کر سکیں۔ انہوں نے دینی مدارس کے تعلیمی نظام میں بہتری پیدا کرنے اور اس کے ساتھ ساتھ فکری اور اخلاقی تربیت کا مربوط نظام قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا، اور کہا کہ اس کے بغیر ہم وقت کے چیلنج کا سامنا نہیں کر سکیں گے۔ مولانا منصوری نے نئی دہلی سے فون پر فورم کے چیئرمین مولانا زاہد الراشدی سے رابطہ کیا اور انہیں اپنے دورہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

مسلم ہیومن رائٹس سوسائٹی کی فکری نشست

مسلم ہیومن رائٹس سوسائٹی پاکستان کی فکری نشست ۱۷ اپریل ۱۹۹۵ء کو مرکزی جامع مسجد شادمان لاہور میں ایڈیٹر ماہنامہ ’’المذہب‘‘ جناب محمد اسلم رانا کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں مولانا زاہد الراشدی، مولانا عبد الرؤف فاروقی، ریٹائرڈ کرنل جناب محمد ایوب خان اور ریٹائرڈ ایئر کموڈر جناب طارق مجید نے خطاب کیا اور انسانی حقوق کے حوالے سے مغربی لابیوں کی مہم پر روشنی ڈالی۔

حزب التحریر کے راہنماؤں سے ملاقات

لندن سے حزب التحریر کے راہنما جناب عبد الحی گذشتہ ماہ کے دوران پاکستان تشریف لائے اور ورلڈ اسلامک فورم کے چیئرمین مولانا زاہد الراشدی سے سیالکوٹ اور لاہور میں ملاقاتیں کیں۔ لاہور کی ملاقات میں جناب عبد الحی کے بعض دیگر رفقاء اور مسلم ہیومن سوسائٹی کے کنوینر مولانا عبد الرؤف فاروقی بھی شریک تھے۔ جناب عبد الحی نے مولانا قاضی محمد رویس خان سے بھی ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں عالمِ اسلام کے مسائل کے علاوہ ورلڈ اسلامک فورم اور حزب التحریر کے درمیان مختلف امور پر باہمی تعاون کے مسائل پر بھی گفت و شنید ہوئی۔

جناب اقبال احمد خان کی تشریف آوری

عجمان متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کے سرگرم راہنما جناب اقبال احمد خان گذشتہ دنوں تشریف لائے، انہوں نے مولانا زاہد الراشدی سے ملاقات اور مختلف امور پر تبادلۂ خیالات کے علاوہ شاہ ولی اللہ یونیورسٹی کا بھی معائنہ کیا اور اس عظیم تعلیمی منصوبے پر مسرت کا اظہار کیا۔

میٹرک کلاس کا آغاز

گزشتہ روز الشریعہ ایجوکیشنل ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام الشریعہ اکیڈمی مرکزی جامع مسجد گوجرانوالہ میں میٹرک کی چار سالہ کلاس کا آغاز ہوا۔ یہ کلاس روزانہ چھ گھنٹے ہوتی ہے۔ اس میں طلبہ کو میٹرک کی مکمل تعلیم کے علاوہ عربی گرائمر کے ساتھ قرآن مجید کا ترجمہ پڑھایا جائے گا اور کمپیوٹر ٹریننگ دی جائے گی۔ کلاس میں اٹھائیس طلبہ شریک ہیں۔ افتتاحی تقریب میں سوسائٹی کے راہنماؤں میں مولانا زاہد الراشدی، جناب زین الدین، ڈاکٹر حافظ محمد الیاس، حافظ محمد یحیٰی میر، حافظ محمد عمار خان ناصر اور قاری عبید الرحمٰن ضیاء نے شرکت کی اور اس موقع پر کلاس کی کامیابی کے لیے دعا کی گئی۔

فورم کی ماہانہ فکری نشست

ورلڈ اسلامک فورم کی ماہانہ فکری نشست ۱۹ مئی بروز جمعۃ المبارک بعد نماز عصر مرکزی جامع مسجد گوجرانوالہ میں ہو گی جس میں سرکردہ علماء کرام اور دانشور جداگانہ انتخابات اور انسانی حقوق کے موضوع پر اظہارِ خیال کریں گے، ان شاء اللہ تعالیٰ۔

مجاہدین کی عالمی تنظیم ’’حرکۃ الانصار‘‘

مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

افغانستان میں مسلح روسی جارحیت کے بعد اس خطہ کے غیور علماء اور مسلمانوں نے جہاد کا آغاز کیا تو اس میں دنیا بھر کے غیرت مند مسلمانوں کے ساتھ پاکستان کے علماء اور دینی کارکنوں نے بھی پورے جوش و جذبہ کے ساتھ شمولیت اختیار کی۔ پاکستان کے دینی مدارس میں جہاد افغانستان کے لیے علماء اور طلبہ کو منظم کرنے کے کام کا آغاز فیصل آباد کے مجاہد عالم دین مولانا ارشاد احمد شہیدؒ نے کیا اور ’’حرکۃ الجہاد الاسلامی‘‘ کے نام سے مجاہدین کی جماعت تیار کی جس نے مختلف محاذوں پر افغان مجاہدین کے شانہ بشانہ جہاد میں عملی حصہ لیا۔ مولانا ارشاد احمد شہیدؒ کی شہادت کے بعد یہ جماعت دو حصوں میں بٹ گئی۔ مولانا سیف اللہ اختر کی قیادت میں ’’حرکۃ الجہاد الاسلامی‘‘ کے پلیٹ فارم پر کام ہوتا رہا اور مولانا فضل الرحمان خلیل کی سربراہی میں ’’حرکۃ المجاہدین‘‘ منظم ہوگئی۔ دونوں جماعتوں نے افغانستان کے مختلف محاذوں کے علاوہ تاجکستان، کشمیر اور دیگر علاقوں میں جہاد میں پرجوش حصہ لیا۔ ان کے ذریعے ہزاروں علماء اور طلبہ نے جہاد کی تربیت حاصل کی، سینکڑوں نوجوانوں نے جام شہادت نوش کیا اور ملک کے دینی مدارس میں جہاد کی فضا قائم ہوگئی۔

دو سال قبل اکابر علماء کرام کی محنت سے دونوں جماعتوں میں اتحاد کی راہ ہموار ہوئی اور دونوں تنظیموں کے راہنماؤں نے حرکۃ الجہاد الاسلامی اور حرکۃ المجاہدین کی بجائے ’’حرکۃ الانصار‘‘ کے نام سے ایک نئے مشترکہ پلیٹ فارم پر کام شروع کر دیا جو اس وقت مقبوضہ کشمیر اور دیگر خطوں میں اپنی جرأت مندانہ جہادی سرگرمیوں کے باعث عالمی سطح پر متعارف ہے اور دینی بیداری کی مسلح تحریکات میں ایک باوقار اور منظم جماعت کے طور پر پہچانی جاتی ہے۔ کچھ عرصہ قبل چند غیر مطمئن دوست حرکۃ الجہاد الاسلامی کے دوبارہ احیاء کی طرف متوجہ ہوئے اور مولانا سیف اللہ اختر کی سربراہی میں اس سمت عملی پیش رفت کا آغاز ہوگیا تو اکابر علماء نے صورتحال کا بروقت نوٹس لیا اور مجاہدین کے اس وسیع حلقہ کو ایک نئے خلفشار سے بچا لیا۔ اس سلسلہ میں دو عظیم افغان کمانڈروں حضرت مولانا محمد ارسلان رحمانی اور حضرت مولانا جلال الدین حقانی کے ساتھ انٹرنیشنل اسلامک مشن کے سربراہ مولانا عبد الحفیظ مکی کی توجہات اور مساعی بطور خاص قابل ذکر ہیں۔ ان بزرگوں نے شبانہ روز کی محنت کے ساتھ حرکۃ الانصار اور نو تشکیل شدہ حرکۃ الجہاد الاسلامی کے راہنماؤں میں پیدا ہوجانے والی غلط فہمیوں کا ازالہ کرتے ہوئے ان سب کو حرکۃ الانصار کے پلیٹ فارم پر دوبارہ مجتمع کر دیا جس کے نتیجہ میں نہ صرف حرکۃ الانصار کی متفقہ قیادت کا چناؤ عمل میں آگیا ہے بلکہ نیا دستور اور مجلس شوریٰ بھی طے پا گئی ہے۔

ہم اس مثبت اور مبارک پیشرفت پر مولانا ارسلان رحمانی، مولانا جلال الدین حقانی، مولانا عبد الحفیظ مکی اور حرکۃ الانصار کے تمام راہنماؤں اور کارکنوں بالخصوص مولانا قاری سیف اللہ اختر اور مولانا فضل الرحمان خلیل کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی بھرپور کامیابی کے لیے دعاگو ہیں، اللہم ربنا آمین۔

جون ۱۹۹۵ء

تحریک ولی اللہ کا موجودہ دور اور معروضی حالات میں کام کی ترجیحاتمولانا ابوعمار زاہد الراشدی 
دین کیلئے فقہاء کی خدماتشیخ الحدیث مولانا محمد سرفراز خان صفدر 
خلفاء راشدینؓ کا طرز حکمرانیمحسن الملک نواب مہدی علی خانؒ 
جداگانہ انتخابات اور انسانی حقوقادارہ 
توہینِ رسالتؐ کی سزا کے قانون میں مجوزہ ترامیم کے بارے میںادارہ 
تعارف و تبصرہادارہ 
قافلۂ معادمولانا ابوعمار زاہد الراشدی 

تحریک ولی اللہ کا موجودہ دور اور معروضی حالات میں کام کی ترجیحات

مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

(یہ مضمون فکر ولی اللہی سے وابستہ نوجوان دانشوروں کی سوسائٹی ’’مجلس مشاورت‘‘ کی فکری نشست منعقدہ ۲۸ اپریل ۱۹۹۵ء بمقام مدرسہ قاسم العلوم شیرانوالہ گیٹ لاہور میں پڑھا گیا۔)

بعد الحمد والصلوٰۃ۔ علماء حق کی وہ جماعت جس نے گزشتہ دو صدیوں کے دوران برصغیر پاک و ہند و بنگلہ دیش میں دین اسلام کے تحفظ و بقا اور ترویج و اشاعت کی مسلسل جدوجہد کی ہے اور اسلامی عقائد و نظریات اور مسلم معاشرہ کو بیرونی اثرات سے بچانے کے لیے صبر آزما جنگ لڑی ہے، آج پھر تاریخ کے ایک نازک موڑ پر کھڑی ہے اور عالمی سطح پر اسلام اور اسلامی معاشرت کے خلاف منظم اور ہمہ گیر انداز میں لڑی جانے والی ثقافتی جنگ علماء حق کی اس جماعت سے نئی صف بندی، ترجیحات اور حکمت عملی کا تقاضا کر رہی ہے۔

اس جماعت کو ہم امام ولی اللہ دہلویؒ کی جماعت کہہ لیں، اہل حق کی چودہ سو سالہ جدوجہد کے تسلسل کا ایک حصہ قرار دے لیں، یا ماضی قریب کے حوالے سے علمائے دیوبند کے نام سے منسوب کر لیں، یہ ایک ہی گروہ کے تعارف کی مختلف صورتیں ہیں۔ اس گروہ کے حال یا مستقبل کے بارے میں گفتگو کرنے سے قبل اس کی سابقہ جدوجہد کے دو اہم ادوار کا پس منظر کے طور پر ذکر کرنا ضروری معلوم ہوتا ہے۔

  1. ایک دور وہ تھا جب جنوبی ایشیا کے اس مردم خیز خطہ میں ہندو تہذیب نے مسلم تہذیب و ثقافت کو اکبر اعظم کے دینِ الٰہی کے نام پر ہضم کرجانے کے لیے ہاتھ پاؤں مارے تو اس وقت کے علماء حق کے سرخیل حضرت مجدد الف ثانیؒ اس کے نتائج کی سنگینی کا بروقت اندازہ کرتے ہوئے اس کے سامنے ڈٹ گئے اور اپنی ایمانی قوت اور جرأت و استقامت کے ساتھ ہندو تہذیب کے اس خوفناک وار کو ناکام بنا دیا،
  2. اور دوسرا وہ دور ہے جب سات سمندر پار سے تجارت کے نام پر آنے والے انگریزوں نے اپنی تہذیب اور کلچر کو صنعتی اور تجارتی بالادستی کے زور پر اس سرزمین کے باشندوں پر مسلط کرنا چاہا تو امام ولی اللہ دہلویؒ کے جانشین شاہ عبد العزیز محدث دہلویؒ کی قیادت میں اس وقت کے علماء حق نے اس چیلنج کو قبول کیا اور کم و بیش ڈیڑھ سو برس کی مسلسل کشمکش کے بعد بالآخر اسلامی عقائد و نظریات اور تہذیب و ثقافت کو فرنگی استعمار کے چنگل سے بچانے میں کامیاب ہوگئے۔

یہی وجہ ہے کہ اسلامی عقائد و نظریات کی پختگی اور قدیم وضع کی اسلامی معاشرت کے آثار پوری دنیا میں اگر سب سے نمایاں کسی خطہ میں نظر آتے ہیں تو وہ یہی برصغیر ہے۔ اس سرزمین کے مسلم باشندوں کی یہی ’’بنیاد پرستی‘‘ پوری دنیا پر تسلط کا خواب دیکھنے والے نئے استعمار کے لیے ’’سوہانِ روح‘‘ بنی ہوئی ہے۔

اس پس منظر میں جب ہم اسلام اور ملت اسلامیہ کو درپیش نئے چیلنجز کو دیکھتے ہیں تو ہمیں حال یا مستقبل کی یہ جنگ بھی اسی کشمکش کا ایک حصہ اور اس کا آخری و فیصلہ کن دور نظر آتی ہے جس کا مقصد دنیا سے اسلامی تہذیب و معاشرت کا خاتمہ اور ویسٹرن سولائزیشن کی بالادستی کا قیام ہے۔ البتہ اس جنگ کا دائرہ وسیع ہوگیا ہے اور تکنیک بدل گئی ہے۔ پہلے دور میں مغربی استعمار نے ’’نیشنلزم‘‘ کے نام پر مسلمانوں کو ان کے مرکز خلافت سے محروم کیا، چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں تقسیم کیا اور ان کی پچاس سے زیادہ مستقل حکومتیں بنوا کر ان کے مفادات اور رجحانات کے دائروں کو الگ الگ کر دیا۔ اور اب دوسرے مرحلہ میں ’’انٹرنیشنلزم‘‘ کے نام پر ان چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں کو ایک ایسے عالمی نظام میں جکڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس میں ان کے لیے ویسٹرن سولائزیشن کو قبول کرنے کے سوا کوئی چارۂ کار نہ رہے اور وہ مغرب کی بالادستی اور قیادت میں ایک نئے عالمی نظام میں ضم ہو کر اپنی نظریاتی اور تہذیبی شناخت سے محروم ہو جائیں۔

یہ جنگ اصل میں تہذیب و معاشرت کی بالادستی کی جنگ ہے جبکہ سیاسی اقتدار اور معاشی بالادستی اس جنگ کے لیے ہمیشہ موثر ہتھیار کا کام دیتے رہے ہیں۔ اس لیے آج بھی مغربی استعمار نے عالم اسلام کی پچاس سے زیادہ اکائیوں کی سیاست و معیشت کو اپنے کنٹرول میں رکھنے کی طرف سب سے زیادہ توجہ مبذول کر رکھی ہے۔ اور ماضی کی طرح آج بھی انہی ہتھیاروں کے ذریعے وہ اسلامی تہذیب و معاشرت کو جڑ سے اکھاڑ پھیکنے کے لیے بے تاب اور مضطرب دکھائی دے رہا ہے۔ اسلامی تہذیب و معاشرت کی سخت جانی گزشتہ ڈیڑھ ہزار برس سے پوری دنیا کے لیے مسئلہ بنی ہوئی ہے کیونکہ یہ تہذیب دنیا کے جس خطہ میں گئی ہے اس نے وہاں کے کلچر میں ضم ہونے سے انکار کر دیا ہے اور اپنے اثرات اس مضبوطی کے ساتھ قائم کیے ہیں کہ علاقائی تہذیبیں اس کے لیے خود بخود راستہ چھوڑتی چلی گئی ہیں۔ ہندو تہذیب جو مختلف تہذیبوں کو ہضم کرنے میں اپنی مثال نہیں رکھتی، اسلامی تہذیب کے سامنے عاجز آگئی ہے اور مغربی تہذیب جس نے امریکہ، آسٹریلیا اور افریقہ میں جا کر وہاں کی تہذیبوں کو الٹ پلٹ کر رکھ دیا ہے، اسلامی تہذیب و معاشرت کو ہضم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے اور خود یورپ و امریکہ کی سوسائٹیوں میں اسلامی تہذیب و معاشرت کے بڑھتے ہوئے اثرات سے خوفزدہ دکھائی دیتی ہے۔

یہ تو ہے اس تاریخی کشمکش کا ایک نقشہ جو اب فیصلہ کن دور میں داخل ہوگئی ہے اور اس کو سامنے رکھتے ہوئے اس جماعت کے حالات پر بھی ایک نظر ڈال لینی چاہیے جس نے اس سے قبل ہر دور میں اس کشمکش میں امت مسلمہ کی فکری و عملی راہنمائی کی ہے اور جس سے امت کا سنجیدہ طبقہ آج بھی ماضی کی طرح جرأت مندانہ قیادت کی توقعات وابستہ کیے ہوئے ہے۔ جہاں تک ماضی کا تعلق ہے، تمام تر کمزوریوں اور کوتاہیوں کے باوجود مجموعی طور پر ولی اللہی جماعت کا کردار تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ کیونکہ مسلمانوں کے عقائد و افکار کے تحفظ کا میدان ہو، دینی علوم کی ترویج و اشاعت کا محاذ ہو، قرآن کریم اور مسجد کے ساتھ عام مسلمان کا تعلق قائم رکھنے کا مسئلہ ہو، یا عام معاشرتی زندگی میں بیرونی اثرات کی روک تھام کا شعبہ ہو، علماء حق کی جدوجہد ان سب کا احاطہ کیے ہوئے ہے۔ اور بے سروسامانی اور کس مپرسی کے باوجود ان میں سے کسی محاذ پر انہوں نے پسپائی اختیار نہیں کی۔

مگر اس شاندار ماضی کے آئینے میں جب ہم حال پر نظر ڈالتے ہیں تو ظاہری صورتحال کو دیکھ کر ذہن و قلب کو ایک دھچکا سا لگتا ہے اور نئی عالمی جنگ میں دشمن کی تیاری، اس کے خوفناک ہتھیاروں اور لشکر جرار کے سامنے ہماری دینی قیادت کی بے بسی پریشانی اور اضطراب کا باعث بن جاتی ہے۔ اس لیے مناسب معلوم ہوتا ہے کہ اس صورتحال کا کچھ سنجیدگی کے ساتھ جائزہ لے لیا جائے۔

پاکستان کے حوالے سے اس وقت حالات کا عملی نقشہ کچھ یوں ہے کہ ملک کی عمومی مذہبی قیادت بالعموم اور علماء دیوبند یا ولی اللہی جماعت بالخصوص باہمی خلفشار اور انتشار کا شکار ہے۔ اس جماعت کی نظریاتی و عملی قوت یکجا ہونے کی بجائے چھوٹی چھوٹی ٹکریوں میں بٹ کر رہ گئی ہے، یہ ٹکریاں بھی نظریاتی اور فکری حلقے کم اور شخصی عقیدتوں اور وابستگیوں کے دائرے زیادہ دکھائی دیتے ہیں۔ کارکنان میں نعرہ بازی، سطحیت اور جذباتیت کا عنصر سنجیدہ مزاج اور علمی ذوق پر غالب آگیا ہے، جبکہ وسائل و سہولتوں کے حصول کی خاطر مختلف لابیوں کے ساتھ وابستگی نے مذہبی قیادتوں کو مفادات اور سہل پسندی کی دلدل میں الجھا کر رکھ دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ رائے عامہ اور ملک کی مذہبی قیادت کے درمیان اعتماد اور مفاہمت کا وہ رشتہ کمزور تر ہوتا جا رہا ہے جو اس سے قبل مذہبی لیڈرشپ کی بات میں وزن اور قوت کی بنیاد ہوا کرتا تھا۔

ہمارے نزدیک اس صورتحال کے یہاں تک پہنچنے کے اسباب و عوامل میں تین امور سب سے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔

  1. دینی جماعتوں اور علمی اداروں میں طلبہ اور علماء کی ذہن سازی اور فکری تربیت کا فقدان ہے جو انہیں وقت کے تقاضوں کا احساس دلا کر کسی مشن اور پروگرام کے لیے تیار کر سکے۔
  2. انتخابی سیاست کو، جو اس عظیم جدوجہد میں ہدف تک پہنچنے کے مختلف ذرائع میں سے ایک ذریعہ تھی، اس حد تک اوڑھنا بچھونا بنا لیا گیا ہے کہ وہ ذریعہ کی بجائے مقصد کا درجہ اختیار کر گئی ہے۔ اور یہ انتخابی سیاست جماعتوں اور ان کی قیادتوں کی تمام تر تگ و دو کا محور بن کر رہ گئی ہے۔
  3. ہم نے ماضی کی طرح نظریاتی اور تہذیبی کشمکش کے اس دور کو بھی مقامی اور ملکی سطح کی جنگ سمجھ لیا ہے اور اسی دائرہ میں اس کے لیے صف بندی اور حکمت عملی اختیار کرتے آرہے ہیں۔ اس حقیقت کو نظر انداز کر دیا ہے کہ اب یہ جنگ کسی ایک ملک کی نہیں بلکہ عالمی جنگ ہے جس کے لیے اسی سطح کی صف بندی، رابطوں، ترجیحات اور حکمت عملی کی ضرورت ہے۔

جبکہ آج مغربی استعمار اسلام اور مسلمانوں کے خلاف اس عالمی جنگ میں جو تکنیک اختیار کیے ہوئے ہیں، مذہبی جماعتوں کے کارکن تو رہے ایک طرف، ان کی قیادتوں کی غالب اکثریت تک اس کے ادراک سے محروم ہے۔ اس کا نتیجہ یہ ہے کہ مغربی استعمار اور عالم اسلام میں ان کی ہمنوا قوتیں کسی بھی مسئلہ پر اطمینان کے ساتھ اپنا کام کر چکتی ہیں یا اس کے بیشتر مراحل سے گزر جاتی ہیں تو ہماری مذہبی قیادتوں کو کچھ کچھ احساس ہونے لگتا ہے۔ اور جتنی دیر میں وہ خود کو دفاع یا جواب کے لیے ذہنی طور پر تیار کر پاتی ہیں ’’چڑیاں کھیت چگ کر جا چکی ہوتی ہیں‘‘۔ دینی جماعتوں کی جدوجہد میں شریعت بل، شناختی کارڈ میں مذہب کے خانے کے اندراج، اور توہین رسالتؐ کے مرتکب افراد کی بیرون ملک روانگی اور پذیرائی کے واقعات اگرچہ ہمارے نزدیک ضمنی اور جزوی حوالے ہیں، لیکن ان سے ہماری مذہبی قیادتوں کی اس نفسیاتی صورتحال کا اندازہ بخوبی ہو جاتاہے جس کی طرف ہم نے ابھی اشارہ کیا ہے۔

ہمارا ایک المیہ یہ بھی ہے کہ اصلاحِ احوال کی خواہش اور جذبہ رکھنے والوں کا سارا زور اس بات پر صرف ہو رہا ہے کہ قائدین اور کارکنوں کی اسی موجودہ کھیپ کو اس کام کے لیے تیار کر لیا جائے جس کے لیے ان کی تربیت نہیں ہوئی اور جو ان کی ذہنی سطح سے مختلف ہے۔ یہ بات فطرت کے خلاف ہے کیونکہ دو میل تک دوڑنے کی سکت رکھنے والے گھوڑے کو دس میل کی دوڑ میں شریک کیا جائے گا توا س کا حشر وہی ہوگا جو اس وقت ہماری مذہبی جماعتوں کا ہو رہا ہے۔ یا کسی مخصوص اسٹائل کی کشتی لڑنے والے پہلوان کو فری اسٹائل دنگل کے اکھاڑے میں کھڑا کیا جائے گا تو وہ اسی طرح عافیت کا گوشہ تلاش کرتا پھرے گا جیسے ہماری مذہبی لیڈرشپ تلاش کر رہی ہے۔ اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ حقائق کا کھلے دل سے اعتراف کیا جائے اور زمینی حقائق کو تسلیم کر کے ان کی بنیاد پر آئندہ حکمت عملی اور ترجیحات طے کی جائیں۔

ان گزارشات کے بعد ہم ان دوستوں کی خدمت میں، جو خلوص دل کے ساتھ اس سلسلہ میں کچھ کرنے کے خواہش مند ہیں، یہ عرض کرنا چاہیں گے کہ معروضی حالات میں ولی اللہی جماعت کے کام اور کردار کو ازسرِنو منظم کرنے کے لیے ہمارے نزدیک چند امور انتہائی ضروری ہیں۔

اس گفتگو کے آخر میں اس امر کی وضاحت ضروری سمجھتا ہوں کہ میں خود کو انتخابی اور گروہی سیاست کے لیے قطعی طور پر ان فٹ سمجھتے ہوئے اس سے چند سال قبل کنارہ کشی اختیار کر چکا ہوں اور اس پر آخری دم تک قائم رہنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔ البتہ علمی و فکری محاذ پر مغربی استعمار کے خلاف اس جنگ میں بدستور شریک ہوں اور اپنے وسائل و بساط کی حد تک کسی کوشش سے حتی الوسع گریز نہیں کر رہا۔ میں نے ایک اصول حتمی طور پر طے کر لیا ہے کہ سنجیدہ علمی و فکری کام میں ہر ایک کا خادم ہوں جبکہ گروہی کشمکش میں کسی کا ساتھی نہیں ہوں۔ اس دائرہ میں رہتے ہوئے اگر دوست مجھ سے کسی خدمت کا تقاضہ کریں گے تو مجھے اس میں خوشی ہوگی اور ہو سکتا ہے ایسا ہی کوئی عمل آخرت میں نجات کا ذریعہ بن جائے، آمین یا رب العالمین۔

دین کیلئے فقہاء کی خدمات

شیخ الحدیث مولانا محمد سرفراز خان صفدر

حضرت ابو موسیٰ الاشعری (المتوفی ۵۲ھ) سے روایت ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے جو ہدایت و علم دے کر مبعوث فرمایا ہے، اس کی مثال ایسی ہے جیسے زور کی بارش جو زمین پر برسی ہو، اور
  1. زمین کا ایک وہ بہترین اور قابلِ زراعت ٹکڑا ہے جس نے پانی کو خوب جذب کر لیا، اور ساگ پات اور گھاس و چارہ بکثرت اگایا (جس سے انسانوں اور جانوروں کی اکثر ضرورتیں پوری ہو گئیں)،
  2. اور زمین کا ایک حصہ وہ ہے جو سخت ہے، اس سے کوئی چیز اگتی تو نہیں لیکن اس حصہ میں پانی خوب جمع ہو گیا، اور اس جمع شدہ پانی کی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے لوگوں کو نفع بخشا کہ وہ خود بھی پیتے ہیں اور جانورں کو بھی پلاتے ہیں، اور کھیتی کو بھی سیراب کرتے ہیں،
  3. اور زمین کا ایک اور قطعہ ہے جو بالکل چٹیل ہے، نہ تو وہ پانی کو روک سکتا ہے، اور نہ گھاس و سبزہ اگانے کی صلاحیت اس میں موجود ہے۔

پھر ارشاد فرمایا کہ پس یہ مثال ہے اس شخص کی جس نے اللہ تعالیٰ کے دین میں فقاہت حاصل کی، اور اللہ تعالیٰ نے اس کو اس چیز سے نفع عطا فرمایا جو مجھے اللہ تعالیٰ نے دے کر مبعوث کیا ہے، جس کو اس نے سیکھا اور سکھلایا۔ اور مثال ہے اس کی جس نے ہدایتِ خداوندی کی طرف، جس کو میں لے کر آیا ہوں، مطلقاً سر ہی نہ اٹھایا۔‘‘

(بخاری ج ۱ ص ۱۸ و مسلم ج ۲ ص ۲۴۷ و مشکوٰۃ ج ۱ ص ۲۸)
آخری چٹیل زمین کی مثال تو ما و شما کی ہے کہ نہ تو محدث ہیں، نہ فقیہ کہ نہ روحانی بارش کو محفوظ رکھا اور نہ اس کو جذب کر کے اس سے کوئی خوشگوار نتائج ہی برآمد کیے۔
اور دوسری مثال محدثین کرامؒ کی ہے جنہوں نے حدیثِ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی موسلا دھار بارش کو بحفاظت تمام اصلی شکل میں مَصون رکھا۔ لوگ آ کر ان سے اپنی علمی پیاس بجھاتے ہیں، لوگوں کو وہ مصفیٰ پانی پلا پلا کر سیراب کرتے ہیں۔ اپنے تو کیا جو غیر مسلم اور بیگانے اور ’’اولئک کالانعام‘‘ کا مصداق ہیں، ان کو بھی وحئ الٰہی کی بارش سے وہ سیراب کرنے کے درپے ہوتے ہیں، اور لوگوں کے دلوں کی اجڑی ہوئی بے آباد اور خشک کھیتیوں کو اس پانی کے ذریعہ سرسبز و شاداب کرنے کی فکر میں رہتے ہیں۔ غرضیکہ ’’فشربوا وسقوا وزرعوا‘‘ کے ایک ایک لفظ پر پورا عمل کرتے ہیں۔
اور پہلی مثال فقہاء کرامؒ کی ہے جن کے دلوں کی سرزمین ’’طائفۃ طیبۃ‘‘ کا مصداق ہے۔ اور وہ اپنے سینوں اور دلوں میں اس روحانی بارش اور وحئ الٰہی کو اچھی طرح جذب کرتے ہیں۔ اور اگرچہ وہ بارش اس قطعۂ ارضی پر اصلی شکل پر تو نہیں رہتی مگر اسی کی وجہ سے اس عمدہ زمین سے ساگ پات، گھاس اور اناج، سبزی و ترکاری، پھل اور پھول اور دیگر مختلف اجناس کی شکل میں متعدد چیزیں اگتی اور پیدا ہوتی ہیں۔ جن کو انسان بھی اور حیوان بھی استعمال کرتے اور اپنے مصرف میں لا کر اپنی مختلف قسم کی ضرورتوں کو پورا کرتے ہیں۔
اور ظاہر بات ہے کہ پانی بھی اپنے مقام میں اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے، مگر نرے پانی سے تمام ضرورتیں تو ہرگز پوری نہیں ہو سکتیں۔ اسی پانی کے ذریعے جب مختلف قسم کے سبزہ زار اور لہلہاتی ہوئی کھیتیاں معرضِ وجود میں آئیں گی تو اس سے جو فائدہ مرتب ہو گا وہ اظہر من الشمس ہے۔ اسی طرح فقہائے کرامؒ بھی اس وحئ الٰہی کو جذب کر کے اس سے سینکڑوں اور ہزاروں مسائل استنباط کرتے ہیں جن سے پوری دنیا کو عظیم فائدہ نصیب ہوتا ہے۔
اب اگر کوئی شخص زمین کے اس قطعہ پر یوں اعتراض اور حرف گیری کرے کہ اس نے تو پانی کو محفوظ ہی نہیں رکھا، یہ تو بڑی ناکارہ زمین ہے، تو اس اعتراض کی نقلی و عقلی دنیا میں ہرگز کوئی وقعت نہ ہو گی۔ بلکہ یہ کہنا عین انصاف ہے کہ اس زمین کی قدر و منزلت باقی حصوں سے بہت زیادہ ہے کیونکہ اس نے مختلف قسم کی ضروریات کی کفالت کی ہے، اور یہی حال فقہائے کرامؒ کی بے لوث خدمات کا ہے کیونکہ نصوصِ صریحہ تمام سعائل و نوازل کی جزئیات کے لیے ناکافی ہیں۔

خلفاء راشدینؓ کا طرز حکمرانی

محسن الملک نواب مہدی علی خانؒ

محسن الملک نواب مہدی علی خان مرحوم ان زعمائے ملت میں سے ہیں جنہوں نے ۱۸۵۷ء کی جنگ آزادی میں ناکامی کے بعد ملت اسلامیہ کو سہارا دیا اور علم و فکر کے میدان میں ان کی راہنمائی کی۔ وہ سرسید احمد خان مرحوم کے رفقاء میں سے تھے۔ زیر نظر مضمون میں انہوں نے خلفاء راشدین کے طرز حکومت پر بحث کی ہے۔ یہ مضمون ہم نے فیروز سنز کی مطبوعہ کتاب ’’جواہر پارے‘‘ (مرتبہ مقبول انور داؤدی مرحوم) سے اخذ کیا ہے۔ (ادارہ)

اسلام کو ہماری ذات سے دو قسم کا تعلق ہے۔ ایک متعلق عقائد کے، جس کو حکماً حکمتِ بالغہ یا کمالِ علمی کہتے ہیں۔ دوسرا متعلق اعمال کے، جس کو عقلاً قدرتِ فاضلہ اور کمال عملی سے تعبیر کرتے ہیں۔ پہلے امر کو، جو درحقیقت اصول ہے، کتاب و سنت نے ایسا صاف کر دیا ہے کہ اب کسی دوسرے سے پوچھنے بتلانے کی ضرورت باقی نہیں رہی۔ مراتبِ توحید اور نبوت اور معاد کی کامل تشریح کر دی ہے۔ دوسرے امر کو، جو در حقیقت فروع ہے، اس کے اصول بھی تصریح کے ساتھ بیان کر دیے ہیں۔ اس لیے ہم کو اپنی دونوں باتوں کو کتاب و سنت سے ملانا چاہیے، تب معلوم ہوگا کہ کتنی باتیں ہم میں اسلام کی ہیں اور کتنی اس سے خارج، اور کون کون سا عمل ہمارا موافق اس کے ہے، اور کون سا مخالف۔
ہمارے حالاتِ دنیوی بھی مذہب کے تعلق سے آزاد نہیں ہیں بلکہ ہر معاملہ میں، خواہ وہ سیاستِ مدن سے متعلق ہو، خواہ اس کو حکمتِ منزل سے علاقہ ہو، ہم کو شریعت کی پابندی ہی لازم ہے۔ ہمارا تمدن اور معاشرت اور برتاؤ آزادانہ یعنی بلاقیدِ شریعت کے نہیں ہو سکتا۔ جو برتاؤ دنیاوی ہمارا ہو گا وہ بھی مذہبی ہو گا اور ہماری ہر بات اور ہر چال اور ہر فعل اور ہر عمل میں جلوہ اسلام کا چمکے گا۔ اگر وہ برتاؤ مطابق شریعت کے ہے تو وہ نورِ اسلام ہے، اور اگر مخالف ہے تو وہ داغِ اسلام۔
شریعت نے ہم کو رہبانیت کی تعلیم نہیں کی، جوگی ہونے کی اجازت نہیں دی بلکہ فرمایا ہے کلو من الطیبات واعملوا صالحا اس لیے اگر دل بیار اور دست بکار ہو تو عین ثواب ہے۔ شریعت نے دائرۂ معیشت کو تنگ نہیں کیا، زینتِ دنیا سے ممنوع نہیں گردانا۔ ہم سب مسلمان محرمات سے بچ کر اپنی زندگی کو نہایت آرام سے بسر کر سکتے ہیں۔ اور اپنی اوقات کو اور اپنے مال کو اگر اپنے بھائیوں کی بھلائی میں صرف کریں تو کسی عبادت میں اس سے زیادہ ثواب کے مستحق نہیں ہو سکتے۔ لیکن ہم نے اپنی بدبختی سے دین کو شرک و بدعت کے عقیدوں سے خراب اور دنیا کو غفلت اور جہالت کے سبب سے برباد کر رکھا ہے۔ نہ دین کے ہوئے نہ دنیا کے۔
گئے دونو جہاں کے کام سے ہم
نہ اِدھر کے ہوئے نہ اُدھر کے ہوئے
نہ خدا ہی ملا نہ وصالِ صنم
نہ اِدھر کے ہوئے نہ اُدھر کے ہوئے
جب ہم خلفائے راشدین کے اصولِ سیاست اور طریقِ معاشرت و اخلاق اور عادات اور چال چلن اور برتاؤ کو دیکھتے ہیں تو ہماری آنکھوں کے سامنے بہت سی عجیب و غریب چیزیں پھر جاتی ہیں اور بہت سے عقدے ہمارے حل ہو جاتے ہیں۔ اس لیے ہم کچھ مختصر سا حال خلفائے راشدین کی خلافت کا لکھتے ہیں، لیکن صرف ان باتوں کو جو کہ متعلق سیاست اور معاشرت کے ہیں، تاکہ اس سے فوائدِ ذیل حاصل ہوں۔
  1. اول معلوم ہونا ان کے اصولِ سیاست کا کہ وہ کیسے تھے اور کن قواعد پر مبنی تھے۔
  2. دوسرے ظاہر کرنا ان کے اخلاق و عادات کا کہ وہ کیسی صفائی اور سچائی اور راستی ہر معاملہ میں رکھتے تھے۔ اور غیر مذہب والوں سے کس طور سے پیش آتے تھے۔
  3. تیسرے ظاہر کرنا ان کے مختلف قواعدِ انتظامیہ کا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ موافق ضرورتِ وقت اور حالِ زمانہ کے اصول سیاست اور تمدن اور معاشرت کے مقرر کرنا، اور وقتاً فوقتاً ان میں اصلاح کرنا، اور نئے نئے ضابطے جو پہلے جاری نہ تھے منضبط کرنا، اور امورِ مفیدِ عام کے اجراء میں کوشش کرنا (بشرطیکہ کوئی نص کتاب و سنت سے اس کے منع اور حرمت پر نہ ہو) ان کے نزدیک بدعت نہ تھا۔
  4. چوتھے مخالفت ان سلاطینِ اسلامیہ کی شریعت سے جنہوں نے اپنی حرکاتِ ظالمانہ اور افعالِ جابرانہ سے اپنے بے جا تعصب اور غلط غضب کو سلطنت کے کاموں میں دخل دیا، اور ناجائز طور سے اپنے اختیاراتِ شاہی کو برتا اور اسلام کو بٹہ لگایا۔
  5. پانچواں واقف کرنا اپنے بھائی مسلمانوں کو ان کے پیشواؤں کے اخلاق اور عادات سے، اور ان کے قواعدِ انتظامیہ اور قوانینِ حکمیہ سے، تاکہ ان کو معلوم ہو کہ وہ امورات ِ انتظامِ سلطنت میں کیسی استعداد رکھتے تھے، اور وہ تہذیب و شائستگی کی ترویج میں کیسی سعی بلیغ کرتے تھے۔

پہلا اصول

پہلا اصول جس پر بنا خلافت کی تھی، اجتماع تھا۔ یعنی امام اور خلیفہ کا مقرر ہونا تمام امت اور رعیت کی مرضی پر موقوف تھا۔ قرابت اور رشتہ اور اِرث کو اس میں کچھ دخل نہ تھا۔ چنانچہ جب وقتِ وفات حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا قریب ہوا تو لوگوں نے کہا کہ آپ اپنے بیٹے عبد اللہ کو اپنا جانشین کر دیجئے، حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا، اس کا کچھ حق نہیں ہے۔

دوسرا اصول

دوسرا اصول خلیفہ کو آزادی اور خودمختاری کا حاصل نہ ہونا۔ امام اور خلیفہ اجرائے احکام اور انتظامِ اموراتِ سلطنت میں آزاد اور خودمختار نہ تھا، اور اپنی خواہشات اور ارادوں کو بلاقیدِ شریعت کے پورا کرنا کیسا، ظاہر بھی نہ کر سکتا تھا۔ کتاب و سنت کا پابند ہوتا تھا۔ چنانچہ حضرت صدیق اکبر رضی اللہ عنہ نے، جبکہ وہ خلیفہ مقرر ہوئے، جو پہلا خطبہ پڑھا وہ یہ تھا:
’’اے مسلمانو، میں آدمی ہوں ویسا ہی جیسے کہ تم ہو۔ نہ خطاؤں سے معصوم ہوں، نہ غلطیوں سے محفوظ۔ نہ تم سب سے بہتر اور اچھا ہوں۔ اس لیے تم میری خبرداری رکھنا۔ جو باتیں میرے خدا اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے احکام کے موافق ہوں، ان میں میری تبعیت کرنا، اور جن میں مجھے لغزش کرتے ہوئے دیکھنا، سنبھالنا۔‘‘

تیسرا اصول

تیسرا اصول رعایا کو آزادی حاصل ہونا۔ سوائے شریعت کے احکام کے رعایا کو کسی قسم کے امام اور خلیفہ کی طرف سے پابندی نہ تھی۔ اور خلیفہ کو کسی پر کچھ اختیار، سوائے اس کے جو قانونِ شریعت سے جائز تھا، حاصل نہ تھا۔ بلکہ ذاتی معاملات میں خلیفہ خود مدعی اور خود مدعا علیہ ہوتا تھا۔ اور کوئی عامل اور والئ صوبہ اس اصول کی پابندی سے اپنے اختیارات کو ناجائز طور سے استعمال میں نہیں لا سکتا تھا۔
ایک مرتبہ کا ذکر ہے کہ ایک شخص نے دعویٰ کیا کہ فلاں حاکم نے مجھے بے قصور شرعی کوڑے مارے ہیں۔ حضرت عمرؓ نے بعد ثبوت کے اس حاکم کو سو کوڑے مارنے کا حکم دیا۔ عمرو بن عاصؓ نے سفارش کی تب جواب دیا کہ جب پیغمبر خدا علیہا التحیۃ والشاء اپنی ذات کو قصاص اور احکامِ شرعی سے مستثنیٰ نہیں سمجھتے تھے، تو پھر میں یا یہ کون ہیں؟
آزادی کا درجہ یہاں تک پہنچا تھا کہ اگر خلیفہ کسی شخص کو شرعی جرم میں ماخوذ کرتے یعنی بغیر ضابطہ معین کے، تو مجرم عذر کرتا اور اپنے آپ کو بچا لیتا۔ چنانچہ ایک مرتبہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ رات کو مدینہ کا گشت کرتے کرتے ایک ایسے گھر کے پاس پہنچے کہ وہاں سے آواز گانے کی آتی تھی۔ وہ اس گھر کے اندر دیوار کی راہ سے گھس گئے، وہاں ایک عورت کو دیکھا کہ شراب رکھی ہوئی ہے اور وہ گاتی ہے۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے اس کو پکڑا، اس عورت نے کہا کہ میں نے اگر ایک گناہ کیا ہے تو تم نے تین جرم کیے ہیں:
  1. اول، خدا نے فرمایا ہے لا تجسسوا کہ تم تجسس نہ کرتے پھرو۔ سو تم نے تجسس کیا۔
  2. دوم، خدا نے فرمایا ہے لیس البر بان تاتوا البیوت من ظہورہا کہ دیوار کے پیچھے سے کسی مکان میں گھسنا اچھا نہیں ہے۔ اور تم دروازہ بند پا کر پشت مکان سے داخل ہوئے۔
  3. سوم، خدا فرماتا ہے لا تدخلوا بیوتا غیر بیوتکم کہ اپنے گھر کے سوا دوسرے کے گھر میں نہ جاؤ۔ اور تم بغیر میری اجازت کے چلے آئے۔
چنانچہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے اس کو چھوڑ دیا۔ حضرت عمرؓ باوجود اپنے زہد اور ورع کے کہ جس سے زیادہ خیال میں نہیں آ سکتا، عام لوگوں کو مباحات سے منع نہ کرتے تھے، اور کھانے پینے آرام کرنے میں وہ آزاد مطلق تھے۔ چنانچہ جب حضرت ابو عبیدہ بن جراحؓ نے انطاکیہ شہر کو فتح کیا، اور بہ سبب پاک صاف ہونے اس شہر کے اور اپنے عمدہ چیزوں کے مسلمانوں نے وہاں چند روز ٹھہرنے کا قصد کیا، تو انہوں نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ کو خط لکھا کہ میں اس شہر میں ٹھہرنا پسند نہیں کرتا، ایسا نہ ہو کہ مسلمانوں کو اس کی آب و ہوا پسند آوے اور محبت دنیا کی ان پر غالب ہو جائے۔ بجواب اس کے حضرت عمرؓ نے لکھا کہ خدا نے پاک چیزوں کو حرام نہیں کیا، تم کیوں حرام کرتے ہو؟

چوتھا اصول

چوتھا اصول شورٰی۔ اس کی اصل قرآن مجید سے ہے کہ خدائے عالم نے فرمایا ہے کہ وشاورہم فی الامر فاذا عزمت فتوکل علی اللہ کہ جو کام پیش آئے اس میں صلاح مشورہ کرنا اور پھر عزم مصمم ہو جائے تو خدا پر بھروسہ کر کے اس کو شروع کرنا۔ 
حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے اس اصول کا ہمیشہ لحاظ رکھا اور نہایت خوبی سے اس کی پابندی کی۔ جب وہ کوئی کام کرتے تو سب سے مشورہ اور صلاح کرتے اور پھر سب کو میزانِ عقل میں تولتے اور بعدہ ایک رائے پر نہایت استقلال سے قائم ہو جاتے۔ اسی واسطے تدبیرِ مملکت میں انہوں نے دھوکا نہ پایا اور ان کی سب تدبیریں مفید پڑیں۔
حضرت عمرؓ کو اس اصول کا یہاں تک لحاظ تھا کہ اگر کسی فروعی مسئلہ میں وہ نصِ صریح کتاب و سنت کی نہ پاتے تو وہ مشورہ کرتے۔ یہ چوتھا اصول بھی دوسرے اصول کا ثمرہ ہے، اس لیے کہ جب بادشاہ کو آزادی اور خودمختاری نہ ہو گی تو لامحالہ وہ صرف اپنی مرضی سے کام نہ کر سکے گا۔ اور اس کی ضرورت ان لوگوں سے پوچھنے کی ہو گی جو صائب الرائے ہوں۔ یہ اصول وہی ہے جو کہ اب تربیت یافتہ قوموں میں یورپ کی جاری ہے، جس کو باختلافِ لغت اور زبان کے کونسل کہتے ہیں۔

پانچواں اصول

پانچواں اصول خلیفہ کو ملک کی آمدنی کا سوائے حقِ معین کے اپنے صَرف میں نہ لانا۔ ملک کی آمدنی خواہ وہ جزیہ کی ہوتی ہو یا خراج کی یا عشر کی، وہ سب بیت المال میں جمع ہوتی۔ خلیفہ کو کسی قسم کا اختیار اس پر نہ تھا۔ صرف روزینہ یا تنخواہ مقرری کے سوا وہ کچھ نہ لے سکتے تھے۔ ابتدائے عہدِ خلافت میں حضرت صدیق اکبرؓ کو صرف کھانا کپڑا ملتا تھا۔ اور جب آمدنی زیادہ ہوئی تب وہ دو ہزار پانسو درہم ملنے لگے۔ اور حضرت عمرؓ بھی اپنی ذات کے واسطے صرف اس قدر لیتے جس قدر اور مہاجرین و انصار کو دیتے تھے۔
جو آمدنی ملک کی ہوتی وہ خزانہ میں جمع ہوتی۔ اور فوج کے سرداروں اور سپاہیوں اور مہاجرین و انصار کو اس سے مشاہرہ مقررہ، اور فقراء اور مساکین کو آذوقہ کافی دیا جاتا۔ اور بوقتِ ضرورت عام فائدہ کے کاموں میں صرف کی جاتی جس طرح پر کوفہ اور بصرہ وغیرہ شہروں کی آبادی اور عمارت میں، یا وقتِ ایامِ قحطِ مدینہ کے جس کا نام قحطِ مادہ ہے۔ غلہ کے باہر سے منگانے میں صَرف کی گئی ملک کی آمدنی سے جس طرح مسلمان فقراء و مساکین کو حصہ دیا جاتا، اسی طرح پر اہلِ کتاب وغیرہ کو۔ کچھ تخصیص مسلمانوں کی نہ تھی۔
ایک مرتبہ کا ذکر ہے کہ حضرت عمرؓ نے ایک بڈھے یہودی کو ایک جگہ سوال کرتے دیکھا اور وقتِ استفسار کے معلوم ہوا کہ جزیہ کے مطالبہ کے واسطے سوال کرتا ہے۔ اسی وقت اس کا ہاتھ پکڑ کر نہایت اخلاق سے اپنے گھر لائے اور کچھ اس کو دیا۔ اور جزیہ کے تحصیل کرنے والوں کو حکم دیا کہ اس کا اور اس قسم کے لوگوں کا خیال رکھنا، یہ کون سا انصاف ہے کہ اس کی جوانی کی کمائی تو ہم کھائیں اور بڑھاپے میں اس کو ذلیل کریں اور اس کی کچھ بھی خبر نہ لیں۔ اس لیے آئندہ ایسے لوگوں سے مطالبہ نہ کرو اور ان کو جزیہ سے معاف جانو۔ اور بیت المال کے داروغہ کو حکم دیا کہ خدا نے فرمایا ہے انما الصدقات للفقراء اور یہ بھی مساکینِ اہلِ کتاب سے ہیں اس لیے ان کو دینا چاہیے۔

چھٹا اصول

چھٹا اصول وقتِ لشکر کشی کے کسی ملک پر مراعات اور حسنِ سلوک کا لحاظ رکھنا اور کسی پر بے جا زیادتی نہ کرنا اور جہاں تک ممکن ہو نرمی سے پیش آنا۔ جب کسی ملک کے فتح کرنے کے لیے لشکر بھیجا جاتا تھا تو اس لشکر کے سردار کو جو احکام دیے جاتے تھے ان میں امورِ مفصلہ ذیل پر نہایت تاکید کی جاتی تھی:
  1. کوئی عورت اور لڑکا اور بڈھا اور ضعیف نہ مارا جائے۔
  2. کسی کا ناک کان نہ کاٹا جائے۔
  3. عبادت کرنے والے گوشہ نشین قتل نہ کیے جائیں، اور ان کے عبادت خانے نہ کھودے جائیں۔
  4. کوئی درخت پھل دار نہ کاٹا جائے، کوئی کھیت نہ جلایا جائے۔
  5. کوئی عمارت اور آبادی ویران نہ کی جائے۔
  6. کسی جانور، بکری، اونٹ وغیرہ کی کونچیں نہ کاٹی جائیں۔
  7. کوئی کام بغیر صلاح و مشورہ کے نہ ہو۔
  8. ہر ایک کے ساتھ طریقۂ انصاف اور عدل کا برتاؤ کیا جائے، کسی پر ظلم اور جبر نہ کیا جائے۔
  9. جو عہد و پیمان غیر مذاہب والوں سے کیا جائے، اس میں بے وفائی نہ کی جائے اور وہ ٹھیک ٹھیک وفا کیا جائے۔
  10. جو لوگ اطاعت قبول کریں اور جزیہ دیں ان کی جان و مال مسلمانوں کی جان و مال کے برابر سمجھی جائیں، اور ان کے دشمنوں سے ان کی حفاظت کی جائے، اور تمام معاملات میں ان کے احکام مثل مسلمانوں کے تصور کیے جائیں۔
  11. جب تک اسلام کے قبول کرنے کی دعوت نہ دی گئی ہو ۔۔ لڑنا نہ چاہیے۔
ان احکام پر غور کرنے سے ثابت ہوتا ہے کہ مقابلہ اور لشکر کشی کے وقت کیسی نیکی اور رحم اور نرمی کی رعایت کی جاتی تھی۔ اور غدر، فریب اور بدعہدی پر کس قدر تہدید ہوتی تھی۔ کوئی بادشاہ نیک سا نیک اور رحیم سا رحیم کیوں نہ ہو، لشکر کشی کے وقت اس سے زیادہ نرمی نہیں کر سکتا۔

ساتواں اصول

اموراتِ ریاست اور انتظامِ سلطنت کے عمدہ انصرام کے لیے لائق عہدہ داروں اور اہل کاروں کا منتخب کرنا، ان کو وقت مقرر کرنے کے ہدایات خاص کرنا اور ہمیشہ ان کی نگرانی رکھنا۔ جس عامل کو حضرت عمرؓ مقرر کرتے اس کو احکامِ ذیل سناتے اور اس کی تعمیل کی تاکید کرتے:
  1. جوبدار اور حاجب نہ رکھنا۔ کسی مستغیث کو آنے کی روک ٹوک کا ذریعہ پیدا نہ کرنا۔ گویا یہ حکم تھا کہ درِ عدالت کو ہر وقت کھلا رکھنا۔
  2. جب کوئی استغاثہ کرے اس کو سننا۔ اور مدعی سے گواہ عادل اور منکر سے قسم لے کر اس کو فیصلہ کرنا۔ جس شخص پر حدِ شرعی جاری نہ ہوئی ہو، یا جھوٹی شہادت میں مشہور نہ ہو، یا اس پر محبت اور وراثت کی تہمت نہ ہو، وہ عادل سمجھا جائے گا۔
  3. مقدمات کا جلد فیصلہ کرنا تاکہ ایسا نہ ہو کہ مدعی دیر کے سبب سے اپنا دعویٰ چھوڑ بیٹھے۔
  4. باہم مصالحہ اور رضامندی کو منظور کرنا، بشرطیکہ اس سے تحلیل حرام اور تحریم حلال نہ ہو۔
  5. متخاصمین پر سختی اور درشتی اور غصہ نہ کرنا۔
  6. رعب قائم رکھنا مگر نہ اتنا کہ وہ منجربہ جبر ہو۔ اور اخلاق و نرمی کرنا مگر نہ اس قدر کہ حکومت میں سستی اور بد رعبی ہو۔
  7. ہمیشہ عدل اور انصاف کرنا اور حق بہ حق دار پہنچانا۔
عدل اور انصاف پر یہاں تک حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا عمل رہتا تھا کہ وہ مسلمان اور کافر میں کچھ تفرقہ نہ کرتے تھے۔ چنانچہ سعید بن مسیبؓ سے منقول ہے کہ ایک مرتبہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے سامنے ایک یہودی اور ایک مسلمان مخاصمہ کرتے ہوئے آئے، اور ان کے نزدیک حق یہودی کا ثابت ہوا، اسی کے حق میں فیصلہ کیا۔ وہ یہودی اس عدل کو دیکھ کر مدح و ثنا کرنے لگا۔
حضرت عمر رضی اللہ عنہ جس طرح اپنے عاملوں کو تاکید کرتے تھے، اسی طرح رعایا کو بھی آگاہ کر دیا کرتے تھے کہ سوائے شریعت کے احکام کے کسی اعلیٰ سے اعلیٰ حاکم کو ادنیٰ سے ادنیٰ رعیت پر کچھ اختیار نہیں ہے کہ اگر کوئی عامل کچھ کسی پر جبر و زیادتی کرے میں اس کو اسی طرح مجرم سمجھوں گا جیسا کہ ادنیٰ رعیت کو سمجھتا ہوں اور اس کو سزا دوں گا۔ سب اپنی عزت اور جان اور مال میں سوائے احکامِ شرعی کے آزاد اور خودمختار ہیں اور حاکم اور رعیت سب برابر۔
حضرت عمر رضی اللہ عنہ اپنے عاملوں کو خودمختار اور آزاد نہ ہونے دیتے تھے، ان کی نگرانی کرتے، ہمیشہ ان کی تبدیلی کیا کرتے۔ ان سے اگر خطا ہو جاتی تو معزول کر دیا کرتے۔ جواب دہی کے لیے دارالخلافہ میں طلب کرتے، بعض قصوروں میں ان پر جرمانہ کرتے۔

آٹھواں اصول

امورِ مملکت کے انتظام کی نظیر سے قوانین اور ضوابطِ جدید کا جاری کرنا، اور وقتاً فوقتاً موقع اور مصلحتِ وقت دیکھ کر اس کی اصلاح و ترمیم کرنا، بشرطیکہ کوئی نصِ صریح اس کی حرمت پر کتاب و سنت کی موجود نہ ہو۔ 
آج کل کے زمانہ میں جہاں کسی نے کوئی نئی بات کی، گو اس کو ثواب اور عذاب سے علاقہ نہ ہو، لوگ بدعت کہنے لگتے ہیں اور اس کو حرام اور منع بتلاتے ہیں، اور یہ نہیں جانتے کہ جس بات کو شرع نے حرام کر دیا ہے اس کو چھوڑ کر سب چیزیں مباح ہیں۔ اس لیے الاصل فی الاشیاء الاباحہ اور یہ نہیں سوچتے کہ ان امور میں جو کہ متعلق سیاست، مدن اور معاشرت کے ہیں، ہمیشہ اختلافِ زمانہ سے اختلاف ہوتا رہتا ہے۔ اور ان کا ترمیم کرنا اور ان میں اصلاح دینا ضروری ہو جاتا ہے۔ ان میں اسی قاعدہ کا لحاظ کرنا چاہیے جس کا حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے اپنی خلافت میں کیا۔ یعنی محرماتِ منصوصہ کو چھوڑ کر ان باتوں کو اختیار کرنے میں، جو کہ ان کے زمانہ کے مناسب حال تھیں، کچھ ذرا سا بھی تامل نہ کیا، اور کسی نے اس کو بدعت نہ کہا۔
پہلا نیا کام جو حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے کیا وہ دفتر اور کچہری کا مقرر کرنا اور لشکریوں اور ملازموں اور روزینہ والوں کا نام لکھا جانا اور ان کی تنخواہیں مقرر کرنا ہے۔ قبل حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے جو مالِ غنیمت کا آتا تھا، ویسا ہی تقسیم کر دیا جاتا تھا۔ نہ نام پانے والے کا، نہ تعداد اس مال کی لکھی جاتی تھی۔ مگر جب کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کو اس قاعدہ میں ترمیم کی حاجت معلوم ہوئی تب مشورہ کیا۔ ولید ابن ہشامؓ نے کہا کہ میں نے پادشاہانِ شام کے ہاں دیکھا ہے کہ وہ دفتر رکھتے ہیں اور اس میں حساب کتاب تحریر رہتا ہے۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے اس کو پسند کیا۔ اور عقیل ابن ابی طالبؓ اور ورقہ بن نوفلؓ اور جبیر بن مطعمؓ کو بطور منشی کے مقرر کیا۔ اور سب کے نام لکھنے کا ان کو حکم دیا اور یہ کام حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے ۲۰ھ محرم کے مہینے میں کیا۔
دوسرا کام جو انہوں نے کیا، وہ تاریخِ ہجری کا جاری کرنا ہے۔ اس کا پہلے ان کے رواج نہ تھا۔
تیسرا کام ان کا خزانہ کا مقرر کرنا ہے۔ جس کو ہماری اصطلاح میں بیت المال کہتے ہیں۔
چوتھا کام ان کی تقسیمِ اختیارات اور عہدوں کا ہے۔ اس سے پہلے جو کام ہوتا تھا وہ ایک ہی شخص کرتا تھا۔ مگر بخیال اس کے کہ اس میں چند قباحتیں نظر آئیں، اس کو بدل دیا اور تین قسم کے عہدہ دار مقرر کیے۔ ایک امیر جس کے متعلق انتظام کُل امورِ ریاست کا ہوتا ہے، اور جس کے اختیار میں فوج رہتی تھی۔ دوسرا قاضی کا کام انفصالِ خصومات اور تصفیۂ حقوق تھا۔ تیسرا تحویل دار جس کے سپردگی میں خزانہ رہتا تھا۔ اور ایک دوسرے کے کام سے کچھ تعلق نہ تھا۔
پانچواں کام ان کا جو سننے والوں کو متعجب کرتا ہے، مقرر کرنا قواعدِ خراج اور محصول کا۔ محصول لینے کے چند طریقے رکھے گئے تھے۔ ایک جزیہ، اگر وہ برضامندی دینے والے کے ٹھہرتا تو اس میں کمی بیشی نہ ہوتی، ورنہ بشرح مختلف لیا جاتا، مگر درہم ماہواری سے زایدہ نہیں۔ دوسرا محصولِ تجارتی پر، جس کی شرح یہ تھی: ذمیوں سے پانچ روپیہ سینکڑہ اور حربیوں سے دس روپے سینکڑہ، لیکن یہ محصول سالانہ ہوتا تھا۔ اگر وہ مال سال بھر میں چند مرتبہ آوے تو پھر کبھی اس سے نہ لیا جاتا تھا۔ اور اگر کوئی تحصیل کنندہ غلطی سے لیتا تو وہ واپس کر دیا جاتا، جیسا کہ ایک عیسائی تاجر کو پھیر دیا گیا۔ تیسرا محصول زمین کا۔ اس محصول کے اس وقت باقاعدہ مقرر ہونے پر لوگوں کو تعجب ہو گا کہ وہ فی جریب شرح مقرر پر بعد پیمائش اراضی کے اکثر جگہ لیا جاتا تھا۔ چنانچہ جب ملک عراق فتح ہوا تو حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے حکم دیا کہ اس زمین کی پیمائش کی جائے۔ چنانچہ عثمان بن حنیفؓ اور حذیفہ ابن یمانؓ اس کام پر مقرر ہوئے۔ بعد پیمائش کے معلوم ہوا کہ کل اراضی تین کروڑ ساٹھ لاکھ جریب ہے۔ اس پر موافق حیثیت پیداوار اراضی کے شرح مقرر کی گئی۔ اور یہ صرف عراق میں جاری نہیں ہوا بلکہ شام اور دیگر جزائر میں بھی اسی طور پر کیا گیا۔ لیکن سب مقبوضہ میں اس کا رواج نہ ہونے پایا۔ محصول کے تحصیل کرنے میں نہایت آسانی کا حکم تھا۔ اور تکلیفِ جسمانی دینے کی سخت ممانعت تھی۔ چنانچہ ایک مرتبہ خود حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے وقتِ مراجعتِ سفرِ شام کے دیکھا کہ ایک قوم کی قوم کو تحصیل کرنے والے محصول کے ستاتے ہیں۔ آپ نے ان کو چھڑا دیا اور فرمایا کہ پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ جو لوگ دنیا میں عذاب دیتے ہیں وہ قیامت میں عذاب کیے جائیں گے۔ جو ملک فتح کیا جاتا اور مصالحہ کیا جاتا تو یہ شرطیں عہد نامہ میں داخل ہوتیں (۱) خراج کی تفصیل (۲) جو مسلمان ان کے ملک میں گزرے اس کی تین روز تک مہمانی کرنا (۳) راہ بتلانا (۴) دشمنوں سے سازش نہ کرنا (۵) مجرم کو پناہ نہ دینا۔
چھٹا کام ان کا زمین کی آبادی میں سعی کرنا۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے حکم دیا تھا کہ جو زمین بنجر کو مزرعہ کرے وہ زمین اسی کی ہو جائے گی۔ غرض اس حکم سے یہ تھی کہ لوگ زراعت کرنے لگیں۔
ساتواں کام ان کا شہروں کی آبادی تھی۔ چنانچہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے اس جگہ پر جہاں اب بصرہ شہر آباد ہے، بنیاد آباد کرنے کی ڈالی اور بصرہ کو آباد کیا۔ قبل اس کے وہ مقام ایسا تھا کہ جہاں جہاز اور کشتیاں عجم اور ہند کی لنگر کرتی تھیں۔ بنظرِ حفاظت ملک کے دشمنوں سے اور بنظرِ فائدۂ تجارت کے اس شہر کو آباد کیا اور وہاں ایک فوج کی چھاؤنی مقرر کی۔ دوسرا کوفہ بھی آباد کیا ہوا ان کا ہے۔ اس کے آباد کرنے کا یہ سبب ہے کہ جب مسلمان شہر مداین میں بہت سے ہو گئے تو وہاں کی آب و ہوا بگڑ گئی اور لوگ بیمار ہو گئے۔ تب سعد ابن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کو عمدہ اور پھونس کے چھپر کا حکم دیا، لیکن پھر اس میں پختہ عمارت بنوانے کی اجازت دی۔
آٹھواں کام ان کا تجارت کی آزادی ہے۔ تمام لوگوں کو بِلحاظ مذہب اور دین کے تجارت کرنے کی اجازت تھی۔ بلکہ حربیوں کو حکمِ عام تھا کہ وہ مجاز ہیں کہ دارالاسلام میں آئیں اور مسلمانوں سے خرید و فروخت کریں۔ مدین شہر کے حربیوں نے درخواست کی کہ ہم کو عشر لے کر آنے کی اجازت ہو، چنانچہ ان کو اجازت دی گئی۔

جداگانہ انتخابات اور انسانی حقوق

ادارہ

ورلڈ اسلامک فورم کی ماہانہ فکری نشست ۱۹ اپریل ۱۹۹۵ء کو بعد نماز عصر مرکزی جامع مسجد گوجرانوالہ میں مولانا زاہد الراشدی کی زیرصدارت منعقد ہوئی جس میں متعدد رفقاء نے شرکت کی۔ جبکہ جناب محمد اقبال بھٹی ایڈووکیٹ، پروفیسر حافظ عبید اللہ عابد، راؤ مظفر حسین اور صدر نشست نے ’’جداگانہ انتخابات اور انسانی حقوق‘‘ کے عنوان پر اظہار خیال کیا۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ بعض مخصوص لابیوں کی طرف سے پاکستان میں جداگانہ انتخابات کے قانون کو اقلیتوں کے انسانی حقوق کے منافی قرار دینے کی جو مہم جاری ہے وہ غیر حقیقت پسندانہ ہے۔ کیونکہ اقلیتوں کو ان کی آبادی کے تناسب سے اسمبلیوں میں جداگانہ نمائندگی کا حق ان کے سیاسی حقوق کے تحفظ کی علامت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ۱۸۵۷ء کی جنگ آزادی کے بعد برصغیر میں مسلمانوں نے اپنی سیاسی اور آئینی جدوجہد کا آغاز ہی جداگانہ تشخص اور جداگانہ انتخاب کے ذریعے علیحدہ نمائندگی کے مطالبات سے کیا اور اسی کے نتیجے میں پاکستان کا قیام عمل میں لایا گیا۔
مقررین نے کہا کہ جداگانہ انتخابات کی نفی قیامِ پاکستان کے سیاسی پس منظر اور دو قومی نظریہ کی نفی ہے جس کی پاکستان میں اجازت نہیں دی جا سکتی۔
مقررین نے کہا کہ پاکستان میں سنجیدہ مسیحی تنظیمیں اب تک جداگانہ انتخابات کا مطالبہ کرتی رہی ہیں، اور امرِ واقعہ یہ ہے کہ جداگانہ انتخابات کے ذریعے مسیحی اقلیت کو اسمبلیوں میں جس قدر نمائندگی حاصل ہے، مخلوط الیکشن میں وہ اس کے چوتھے حصے کا تصور بھی نہیں کر سکتی۔ لیکن بعض بین الاقوامی لابیوں کے اشارے پر چند ناعاقبت اندیش مسیحی لیڈر جداگانہ انتخابات کی مخالفت کر کے خود اپنے پاؤں پر کلہاڑی مار رہے ہیں۔ 
مقررین نے کہا کہ جہاں تک سیاسی مفاد کا تعلق ہے ملک کی اسلامی مذہبی قوتوں کا مفاد اس میں ہے کہ مخلوط الیکشن ہوں کیونکہ اس صورت میں اقلیتوں کے اس قدر نمائندے اسمبلیوں میں آ ہی نہیں سکیں گے کہ وہ کسی مسئلہ میں مشکلات پیدا کر سکیں، یا ان کی آواز میں کوئی وزن ہو۔ لیکن اصول کا تقاضہ یہ ہے کہ مسیحیوں سمیت تمام اقلیتوں کو اسمبلیوں میں ان کی آبادی کے تناسب سے نمائندگی کا حق دیا جائے، اور ایسا کرنا الیکشن کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
مقررین نے کہا کہ مسیحی اقلیت کے بعض لیڈروں کی طرف سے جداگانہ الیکشن کی مخالفت دراصل مسیحیوں کا مسئلہ نہیں بلکہ پاکستان کے اندر قادیانیوں کا اور عالمی سطح پر سیکولر لابیوں کا مسئلہ ہے، جس کے لیے یہ مسیحی لیڈر بلاوجہ استعمال ہو رہے ہیں، کیونکہ قادیانیوں نے اپنے بارے میں پاکستان کے دستور کا یہ فیصلہ ابھی تک تسلیم نہیں کیا کہ وہ مسلمانوں سے الگ ایک غیر مسلم اقلیت ہیں۔ اس لیے اگر وہ جداگانہ الیکشن کو تسلیم کر لیتے ہیں تو عملاً دستوری فیصلہ تسلیم ہو جاتا ہے اور وہ اقلیت کی پوزیشن میں چلے جاتے ہیں۔ جبکہ قادیانی خود کو اقلیت تسلیم نہیں کرتے اور وہ پاکستان کے دستور سے اس معاملہ میں منحرف ہیں۔ لیکن انہوں نے اس مسئلہ میں خود آگے آنے کی بجائے مسیحی اقلیت کے بعض لیڈروں کو ورغلا کر آگے کر دیا ہے اور خود پس منظر میں رہ کر جداگانہ الیکشن کے قانون کو ختم کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یہ بالکل اسی طرح ہے جیسے شناختی کارڈ میں مذہب کے خانہ کے اضافہ کی اصل زد قادیانیوں پر پڑتی ہے کیونکہ انہیں اس صورت میں خود کو غیر مسلم ظاہر کرنا پڑتا ہے جو ان کے جماعتی موقف کے خلاف ہے۔ لیکن انہوں نے یہاں بھی مسیحی لیڈروں کو استعمال کرنے کی حکمتِ عملی اختیار کی اور مسیحی جماعتوں نے شور مچایا کہ شناختی کارڈ میں مذہب کے خانے کا اضافہ ان کے بنیادی حقوق کے منافی ہے۔ حالانکہ دنیا کے کسی بھی خطہ میں کسی بھی شخص کے تعارف میں اس کے مذہب کا ذکر کر دیا جائے تو اس کا کوئی انسانی حق متاثر نہیں ہوتا، سوائے اس شخص کے جو اپنے مذہب کو جان بوجھ کر چھپانا چاہتا ہے اور اپنا مذہب چھپانے کو بھی اپنا حق قرار دیتا ہے۔ ورنہ کوئی بھی شخص جو اپنے مذہب پر سچے دل سے یقین رکھتا ہے اسے اپنے مذہب کے اظہار اور مذہب کے حوالے سے اپنے تعارف پر کوئی حجاب نہیں ہو سکتا، اور نہ ہی اس سے اس کا کوئی انسانی حق پامال ہوتا ہے۔
مقررین نے کہا کہ جداگانہ الیکشن کے خلاف چند مسیحی لیڈروں کی منفی مہم کی دوسری وجہ بین الاقوامی سیکولر لابیاں ہیں جنہیں پاکستان کی اسلامی نظریاتی حیثیت اور دستور پاکستان کی اسلامی دفعات پر اعتراض ہے۔ اور وہ پاکستان کے اسلامی تشخص اور دستور پاکستان کی اسلامی دفعات کو ختم کرا کے پاکستان کو ایک سیکولر ریاست بنانا چاہتی ہیں، اور وہ اپنے سیکولر مقاصد کے لیے پاکستان کی مسیحی تنظیموں کو استعمال کر رہی ہیں۔
مقررین نے کہا کہ پاکستان میں جداگانہ الیکشن کا قانون ختم کرنے سے جہاں قیامِ پاکستان کے سیاسی اور نظریاتی پس منظر کی نفی ہو گی وہاں اس خدشہ کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا کہ انتخابات میں مذہب کا حوالہ ختم کرنے کے بعد صدر پاکستان اور وزیر اعظم جیسی کلیدی اسامیوں کے لیے مسلمان ہونے کی شرط بھی ختم کر دی جائے۔ اور پھر ہارس ٹریڈنگ کے روایتی طریقوں سے کام لیتے ہوئے کسی غیر مسلم کو صدر یا وزیراعظم کے منصب پر مسلط کر دیا جائے، جو پاکستان کے خلاف مغربی قوتوں کے عزائم کی تکمیل بہتر طریقے سے کر سکے۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی مذہبی اور سیاسی جماعتیں اور اہلِ دانش اس مسئلہ کا سنجیدگی کے ساتھ جائزہ لیں اور رائے عامہ کی راہنمائی کرتے ہوئے اس سلسلہ میں صورتحال کا صحیح تجزیہ لوگوں کے سامنے پیش کریں۔ اور اس کے ساتھ سنجیدہ مسیحی لیڈروں سے رابطہ اور ملاقاتیں کر کے انہیں بھی یہ بات سمجھانے کی کوشش کی جائے کہ وہ عالمی سیکولر لابیوں اور پاکستان کی قادیانی اقلیت کے مفادات کے لیے استعمال نہ ہوں اور جداگانہ انتخابات کی مخالفت کر کے اسمبلیوں میں مسیحیوں کی آبادی کے تناسب سے نمائندگی کے مواقع کو ضائع نہ کریں۔

توہینِ رسالتؐ کی سزا کے قانون میں مجوزہ ترامیم کے بارے میں

گوجرانوالہ میں مجلسِ مذاکرہ

ادارہ

پاکستان سماجی اتحاد کے چیئرمین جناب محمد اکرم چوہان ایڈووکیٹ کی دعوت پر مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کرام اور دانشوروں کا ایک اجتماع مجلسِ مذاکرہ کے عنوان سے ان کی رہائشگاہ ۱۹ گورونانک پورہ گوجرانوالہ میں یکم مئی ۱۹۹۵ء کو منعقد ہوا جس کی صدارت ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چودھری جلیل احمد خان ایڈووکیٹ نے کی۔ مجلس مذاکرہ کا عنوان تھا ’’توہینِ رسالتؐ کی سزا کے قانون میں مجوزہ ترامیم اور دینی حلقوں کی ذمہ داریاں‘‘۔
مجلسِ مذاکرہ سے ورلڈ اسلامک فورم کے چیئرمین مولانا زاہد الراشدی، مرکزی جمعیت اہل حدیث پنجاب کے امیر مولانا محمد اعظم، آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے راہنما سردار محمد عارف ایڈووکیٹ، جمعیت علماء پاکستان کے راہنما مولانا نصرت اللہ مجددی، جماعت مبلغین اہلِ سنت کے سربراہ مولانا محمد نواز بلوچ، تحریک منہاج القرآن کے راہنما مولانا رحمت اللہ نوری، اور جمعیت اہلِ حدیث کے راہنما مولانا محمد عمر فاروق نے خطاب کیا۔ جبکہ سابق صوبائی وزیر تعلیم جناب عثمان ابراہیم بار ایٹ لاء بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ اور پاکستان سماجی اتحاد کے راہنما شیخ عبد الستار قادری نے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیے۔ مجلسِ مذاکرہ میں مذکورہ بالا راہنماؤں کے علاوہ مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
جناب محمد اکرم چوہان ایڈووکیٹ نے مذاکرہ کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کی عزت و ناموس کا تحفظ ہمارے ایمان کا تقاضہ ہے اور ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم یا کسی بھی سچے پیغمبر کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کر سکتے۔ یہ ہمارا ایمان ہے لیکن مغربی قوتیں ہمیں اس ایمان اور محبتِ رسولؐ سے محروم کر دینا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گستاخئ رسولؐ پر موت کی سزا کا قانون موجود ہے لیکن حکومتِ پاکستان مغربی قوتوں کے دباؤ پر اس قانون میں ترامیم کر کے اسے غیر مؤثر بنا دینا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گستاخئ رسولؐ کے سلسلہ میں کسی اطلاع کے درست ثابت نہ ہونے پر اطلاع دینے والے کو دس سال قید کی سزا اور مقدمہ کے اندراج سے قبل ڈپٹی کمشنر کی انکوائری کی شرط عملاً توہینِ رسالتؐ پر موت کی سزا کو ختم کرنے کے مترادف ہے۔ کیونکہ موجودہ عدالتی سسٹم میں اس صورت میں کوئی شخص گستاخئ رسولؐ کے واقعہ کی اطلاع دینے کا حوصلہ نہیں کر سکے گا، اور توہینِ رسالتؐ کے مقدمہ کا اندراج صرف ایک ڈپٹی کمشنر کی صوابدید پر موقوف ہو کر رہ جائے گا۔ اس لیے حکومتِ پاکستان کی مجوزہ ترامیم کو کسی صورت میں قبول نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے علماء کرام اور وکلاء پر زور دیا کہ وہ اس سلسلہ میں اپنا کردار ادا کریں اور توہینِ رسالتؐ پر موت کی سزا کے قانون کو بے اثر بنانے کی اس سازش کو ناکام بنانے کے لیے منظم جدوجہد کریں۔
مولانا محمد اعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جناب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی عقیدت و محبت ہمارے ایمان کی بنیاد ہے اور اس کے بغیر کسی شخص کا ایمان کامل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ توہینِ رسالتؐ پر موت کی سزا کا قانون شریعتِ اسلامیہ کا قانون ہے جس کو ختم کرنے یا غیر مؤثر بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور علماء کرام اس سلسلہ میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
مولانا محمد نواز بلوچ نے مجلسِ مذاکرہ میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مغرب کے اثرات میں مسلسل اضافہ اور ہمارے مذہبی معاملات میں مغربی حکومتوں کی مداخلت کے حوالے سے علمائے کرام کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہیے کیونکہ وہی اپنے فرائض کو صحیح طور پر ادا کر کے قوم کو اس بحران سے نکال سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام کو گروہی انا اور فرقہ وارانہ کشمکش کے دائرے سے نکلنا ہو گا ورنہ وہ اپنا کردار صحیح طور پر ادا نہیں کر سکیں گے۔
مولانا رحمت اللہ نوری نے کہا کہ اصل ضرورت قوم میں وحدت کے جذبہ کو ابھارنے اور دینی غیرت  کو بیدار کرنے کی ہے۔ اور یہ کام علماء کرام اور دانشور مل کر کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اور پاکستان کے خلاف مغرب کی سازشوں کو بے نقاب کرنا وقت کا سب سے ہم تقاضہ ہے۔
مولانا نصرت اللہ مجددی نے کہا کہ علماء کرام نے اس سے قبل بھی جب اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے، قوم نے ان کا ساتھ دیا ہے۔ اور اب بھی علماء کرام متحد ہو جائیں تو وہ بڑی سے بڑی طاقت کو شکست دے سکتے ہیں۔
مولانا محمد عمر فاروقی نے کہا کہ مسلمان سب کچھ برداشت کر سکتے ہیں لیکن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کو برداشت نہیں کر سکتے، اس لیے حکومت کو مسلمانوں کے جذبات سے نہیں کھیلنا چاہیے۔
سردار محمد عارف ایڈووکیٹ نے کہا کہ مغربی قوتیں پاکستان کو اس کے اسلامی تشخص سے محروم کرنے کے لیے پوری طرح سرگرمِ عمل ہیں اور بے شمار لابیاں اس سلسلہ میں منظم کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغرب والے ہم پر بنیاد پرست ہونے کا الزام لگاتے ہیں لیکن سلمان رشدی، تسلیمہ نسرین اور پاکستان کے گستاخِ رسول عیسائیوں کو جس طرح مغربی حکومتوں نے پذیرائی بخشی ہے اس سے پوری طرح اندازہ ہو جاتا ہے کہ اصل بنیاد پرست کون ہے۔
مہمان خصوصی جناب عثمان ابراہیم بارایٹ لاء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت مغرب کی سرپرستی میں کام کر رہی ہے اور مغرب کے اثرات کو ہمارے معاشرہ میں پھیلانے کی کوشش میں مصروف ہے۔ اس لیے علماء اور دانشوروں کو چاہیے کہ وہ اس حکومت سے قوم کو نجات دلانے کے لیے جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے کارناموں کی ذمہ داری میں وہ لوگ بھی برابر کے شریک ہیں جو اس حکومت کو برسراقتدار لانے کا باعث بنے ہیں۔ اس لیے عوام کو ان سے خبردار رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ اب عوام کے ہاتھ میں ہے اور عوام اگر اپنی رائے کا صحیح استعمال کریں تو موجودہ حکومت سے نجات حاصل کرنا مشکل نہیں ہے۔
مجلسِ مذاکرہ کے صدر جناب چودھری جلیل احمد خان ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اصل ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم جو باتیں یہاں کہہ رہے ہیں ان پر عمل بھی کریں، کیونکہ جناب رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے دنیا میں کامیابی عمل اور کردار کی بنیاد پر حاصل کی تھی، اور آپؐ نے اس بات کی تلقین فرمائی ہے کہ ہم جو کچھ زبان سے کہتے ہیں اس پر عمل کا اہتمام کریں۔
مجلسِ مذاکرہ سے ورلڈ اسلامک فورم کے چیئرمین مولانا زاہد الراشدی نے تفصیلی خطاب کیا اور اسلام اور مسلمانوں کے خلاف مغربی لابیوں کی مہم کا جائزہ لیتے ہوئے علمائے کرام اور دانشوروں پر زور دیا کہ وہ مغرب کے چیلنج کو سمجھنے کی کوشش کریں، جو کمیونزم کے ساتھ سرد جنگ کے خاتمہ کے بعد اسلامی تہذیب و معاشرت کے خلاف مورچہ زن ہو گیا ہے۔ اور ’’انسانی حقوق‘‘ کے نام پر نہ صرف اسلامی احکام و قوانین کا مذاق اڑایا جا رہا ہے بلکہ عالمِ اسلام میں مغرب پرست مسلمان حکومتوں کے ذریعے اسلامی معاشرت کے اثرات کو مٹانے کے لیے بھی پوری قوت صَرف کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلمان رشدی، تسلیمہ نسرین اور پاکستان کے گستاخانِ رسولؐ کی پشت پناہی کر کے مغربی حکومتوں نے واضح کر دیا ہے کہ مغرب دراصل مسلمانوں کے خلاف عقیدہ کی جنگ لڑ رہا ہے، اور ملتِ اسلامیہ کو اس کے عقائد سے محروم کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی خوفناک نظریاتی جنگ ہے جس کا ادراک کرنا ضروری ہے کیونکہ مغربی حکومتیں اور لابیاں قادیانیوں اور گستاخانِ رسولؐ کی پشت پناہی کر کے صرف ہمارے عقیدۂ ختمِ نبوت اور محبتِ رسولؐ کو چیلنج نہیں کر رہیں بلکہ جرائم کی شرعی سزاؤں کو بھی وحشیانہ اور ظالمانہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اور نکاح و طلاق کے حوالے سے ہمارے مذہبی قوانین کو بین الاقوامی معیار کے منافی قرار دے کر انہیں تبدیل کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم مغرب کی مہم کا سنجیدگی کے ساتھ جائزہ لیں اور پورے حوصلہ، تدبر اور جرات کے ساتھ اس کے مقابلہ کا اہتمام کریں۔

تعارف و تبصرہ

ادارہ

’’خطباتِ سواتی‘‘

حضرت مولانا صوفی عبد الحمید سواتی دامت برکاتہم گذشتہ نصف صدی سے جامع مسجد نور مدرسہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ میں خطبات کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ اور شہر کا تعلیم یافتہ طبقہ خصوصیت کے ساتھ ان کے خطبات سے مستفید ہوتا ہے۔ دینی مسائل و احکام کی وضاحت، روزہ مرہ پیش آنے والے معاملات میں راہنمائی، اور باطل نظریات و عقائد کا رد ان خطبات کا خصوصی امتیاز ہے۔ حضرت صوفی صاحب مدظلہ کے دروسِ قرآن کریم اور دروسِ حدیث کے مرتب الحاج لعل دین ایم اے نے خطبات کو مرتب کرنے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے جو بلاشبہ علوم و معارف کے ایک خزینہ کو جمع کرنے کی کوشش ہے اور علماء و خطباء پر بہت بڑا احسان ہے۔
زیر نظر مجموعہ ’’خطباتِ سواتی‘‘ کی پہلی جلد ہے جس میں ۲۱ مئی ۱۹۸۲ء سے ۱۵ اکتوبر ۱۹۸۲ء تک کے ۲۲ خطباتِ جمعہ کو ترتیب کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ اور یہ خطبات واقعہ معراج النبیؐ، شبِ برات، رمضان المبارک، عید مبارک، اکل بالباطل، اونچی گھاٹی پر چڑھنا، آزادی اور غلامی میں امتیاز، یہودی عوام و خواص کی خرابیاں، آخرت کا گھر، شرائطِ بیعت، اور قربانی کا فلسفہ جیسے اہم موضوعات کا احاطہ کرتے ہیں۔ پہلی جلد پونے چار سو صفحات پر مشتمل ہے اور عمدہ کتابت و طباعت کے ساتھ مضبوط جلد سے مزین ہے۔ اسے مکتبہ دروس القرآن فاروق گنج گوجرانوالہ نے شائع کیا ہے اور اس کی قیمت صرف ۹۰ روپے ہے۔

’’پاکستان کی سیاسی جماعتیں اور تحریکیں‘‘

حافظ تقی الدین صاحب ہمارے محترم دوست ہیں، مرکزی جامع مسجد گوجرانوالہ کے سابق خطیب محدثِ پنجاب حضرت مولانا عبد العزیز سہالوی نور اللہ مرقدہ کے فرزند ہیں، اور پرانے سیاسی کارکن ہیں۔ انہوں نے سیاسی زندگی کا آغاز جمعیت علمائے ہند سے کیا اور پھر خدائی خدمت گار تحریک اور نیشنل عوامی پارٹی کے ساتھ زیادہ ذہنی لگاؤ کے باعث اس کیمپ میں منتقل ہو گئے اور ساری عمر وفاداری کے ساتھ وہیں گزار دی۔
حافظ صاحب موصوف نے مذکورہ بالا عنوان کے تحت اپنی یادداشتوں کو مرتب کر کے تاریخ کے حوالے کیا ہے اور اس پر اچھی خاصی محنت کی ہے۔ تاریخ کا بنیادی مواد اسی قسم کی یادداشتیں ہوتی ہیں۔ اور اس طرح انہوں نے مستقبل کے مؤرخ کے لیے اپنی یادداشتوں کا ذخیرہ پیش کر دیا ہے۔ اس مجموعہ میں تقسیمِ ہند سے قبل کی سیاسی تحریکات اور قیام پاکستان کے بعد کی سیاسی جماعتوں اور تحریکات کا تذکرہ ہے۔ لیکن یوں محسوس ہوتا ہے کہ انہوں نے محنت و مشقت کے باوجود زیادہ انحصار اپنی یادداشت پر ہی کیا ہے جس کی وجہ سے بہت سے مقامات پر واقعات کی ترتیب اور واقعیت معیاری نہیں رہی۔
مثلاً جمعیت علماء اسلام کے دورِ ثانی کے حوالے سے انہوں نے مولانا مفتی محمودؒ کی طرف سے ملتان میں بلائے گئے کنونشن کا ذکر کرتے ہوئے مفتی صاحب کو خیر المدارس کا مدرس لکھا ہے۔ کنونشن کے شرکاء میں مولانا احتشام الحق تھانویؒ کا نام شامل کر دیا ہے بلکہ انہیں جمعیت کا سیکرٹری جنرل لکھ دیا ہے۔ جبکہ مولانا غلام غوث ہزارویؒ کو مغربی پاکستان کا امیر قرار دیا ہے۔ اور کنونشن کا سن انعقاد ۱۹۵۴ء لکھا ہے۔ حالانکہ ان میں سے کوئی بات بھی درست نہیں ہے۔ اگر حافظ صاحب موصوف تھوڑی سی محنت واقعات کی ترتیب کو ریکارڈ کے حوالے سے درست کرنے پر صَرف کر لیتے تو ان کی اس کاوش کی افادیت دوچند ہو جاتی۔
بہرحال حافظ تقی الدین کی محنت قابلِ داد ہے اور دیگر سیاسی نظریاتی کارکنوں کے لیے اپنی یادداشتوں کو مرتب کرنے کی اچھی ترغیب ہے۔ چھ سو صفحات کی یہ ضخیم کتاب ’’فکشن ہاؤس ۱۸ مزنگ روڈ لاہور‘‘ نے شائع کی ہے اور اس کی قیمت تین سو روپے ہے۔

’’سید امین گیلانی کی تصانیف‘‘

الحاج سید امین گیلانی کا شمار ملک کے ممتاز شعراء میں ہوتا ہے اور وہ بزم سے زیادہ رزم کے شاعر ہیں۔ تحریک آزادی، تحریک ختم نبوت، تحریک نفاذ شریعت اور دیگر دینی و قومی تحریکات میں انہوں نے جس انداز میں لوگوں کے دلوں کو گرمایا اور برمایا ہے، وہ ان تحریکات کی تاریخ کا ایک مستقل باب ہے۔ گیلانی صاحب کے متعدد شعری مجموعے منظر عام پر آ چکے ہیں۔ اور اس کے علاوہ وہ اکابر علماء حق کے ساتھ رفاقت کے دنوں کی یادیں صفحۂ قرطاس پر منتقل کرنے کا بھی ذوق رکھتے ہیں اور ان کی یادداشتوں کے کئی مجموعے چھپ چکے ہیں۔ اس وقت ہمارے سامنے درج ذیل کتابچے ہیں:

(۱) ’’دو بزرگ‘‘

اس میں شیخ التفسیر حضرت مولانا احمد علی لاہوریؒ اور حضرت مولانا شاہ عبد القادر رائے پوریؒ کے واقعات اور ان کے بارے میں یادداشتیں درج ہیں۔

(۲) ’’بخاریؒ کی باتیں‘‘

اس میں امیر شریعت سید عطاء اللہ شاہ بخاری رحمہ اللہ تعالیٰ کے واقعات جمع کیے گئے ہیں۔

(۳) ’’صنم کدے میں اذان‘‘

یہ الحاج سید امین گیلانی کی نظموں کا مجموعہ ہے جن کے ذریعے وہ عام اجتماعات میں دینی حمیت کی جوت جگاتے رہے ہیں۔
یہ کتابیں ادارہ سادات، شرق پور روڈ، شیخوپورہ نے شائع کی ہیں۔

’’عبدہ و رسولہ‘‘

الحاج سید امین گیلانی کے فرزند سید سلمان گیلانی کو اللہ رب العزت نے ان کے والد محترم کا شعری ذوق منتقل کیا ہے اور وہ بالکل انہی کی طرز پر دینی و قومی اجتماعات میں توحید و رسالتؐ، ختمِ نبوت، مدحِ صحابہؓ اور اکابر علماء حق کی جدوجہد کے حوالے سے نغمے اور ترانے پیش کر رہے ہیں۔ زیر نظر مجموعہ ان کی نعتیہ نظموں پر مشتمل ہے جن میں جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور نذرانۂ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ یہ مجموعہ بھی ادارہ سادات، شرق پور روڈ، شیخوپورہ نے شائع کیا ہے۔

قافلۂ معاد

مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

مولانا قاری محمد حنیفؒ ملتانی 

ملک کے دینی حلقوں میں یہ خبر بے حد رنج و الم کے ساتھ پڑھی جائے گی کہ معروف خطیب مولانا قاری محمد حنیفؒ ملتانی کا عید الاضحیٰ کے روز ملتان میں انتقال ہوگیا ہے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ قاری صاحب موصوف ملک کے مقبول خطباء اور واعظین میں شمار ہوتے تھے اور ایک عرصہ تک مذہبی اسٹیج پر ان کی خطابت کا طوطی بولتا رہا ہے۔ جامعہ قاسم العلوم ملتان کے فاضل اور شیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسین احمدؒ مدنی کے شیدائی تھے۔ آواز میں سوز و گداز تھا، وہ اپنے مخصوص انداز میں مصائب صحابہؓ اور قیامت کی ہولناکیوں کا ذکر کرتے تو بڑے بڑے سنگدل لوگوں کی آنکھیں بھیگ جاتی تھیں۔ بلاشبہ ان کے مواعظ ہزاروں لوگوں کی اصلاح کا ذریعہ بنے اور خود بصارت سے محروم ہونے کے باوجود وہ اپنے معتقدین کی ایک عرصہ تک راہنمائی کرتے رہے۔

مولانا قاری محمد اظہر ندیم شہیدؒ

اسی طرح یہ خبر بھی بے حد صدمہ کا باعث ہے کہ لاہور میں ایک جواں ہمت عالم دین مولانا قاری محمد اظہر ندیمؒ گزشتہ دنوں سفاک قاتلوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر جام شہادت نوش کر گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ ان کا تعلق سپاہ صحابہؓ سے تھا اور وہ متعدد دینی کتابوں کے مصنف تھے۔ انہوں نے مختلف دینی تحریکات میں حصہ لیا اور انتہائی جوش و جذبہ کے ساتھ مذہبی کاموں میں شریک ہوتے۔

اللہ تعالیٰ مرحومین کو کروٹ کروٹ جنت نصیب کریں، ان کی حسنات کو قبولیت سے نوازیں، سیئات سے درگزر فرمائیں اور پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق دیں، آمین۔

جولائی ۱۹۹۵ء

ملی یکجہتی کونسل کی اپیل پر ملک گیر ہڑتالمولانا ابوعمار زاہد الراشدی 
اجتہاد کی شرعی حیثیتشیخ الحدیث مولانا محمد سرفراز خان صفدرؒ 
غیر حنفی امام کے پیچھے نماز پڑھنے کا مسئلہمولانا مفتی محمد عیسی گورمانی 
آہ! حضرت جی مولانا انعام الحسنؒمولانا ابوعمار زاہد الراشدی 
’’مغرب پر اقبال کی تنقید‘‘پروفیسر غلام رسول عدیم 
اخبار و آثارادارہ 
الکیمیاحکیم عبد الرشید شاہد 

ملی یکجہتی کونسل کی اپیل پر ملک گیر ہڑتال

مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

ملی یکجہتی کونسل پاکستان کی اپیل پر ۲۷ مئی کو ملک بھر میں مکمل ہڑتال ہوئی اور اخبارات کی رپورٹ کے مطابق اس روز پورے ملک میں کاروبار زندگی معطل رہا۔ راقم الحروف کو جنگ کراچی کے اقراء میگزین کے انچارج مفتی محمد جمیل خان کے ہمراہ راہوالی، گکھڑ، کامونکی، مریدکے اور لاہور میں شاہدرہ، ماڈل ٹاؤن، گلبرگ، قصور روڈ اور دیگر مقامات پر جانے اور ہڑتال کی صورتحال کا جائزہ لینے کا موقع ملا اور یہ دیکھ کر اطمینان ہوا کہ کم و بیش ہر طبقہ کے لوگوں نے ہڑتال کی اپیل پر لبیک کہا ہے۔ نہ صرف کاروبار بلکہ ٹریفک بھی بند تھی اور ہر اہم مقام پر ملی یکجہتی کونسل کے کارکن اکا دکا چلنے والی گاڑیوں کو ہڑتال کی پابندی کی تلقین کے لیے کھڑے تھے۔ خود ہمیں بھی بعض مقامات پر روکا گیا مگر ہم یہ کہہ کر آگے بڑھ گئے کہ ہمارا تعلق صحافت سے ہے اور ہم ہڑتال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

ہڑتال کی اس طرح کامیابی کے اسباب میں سب سے بڑا سبب تو یہ تھا کہ ملی یکجہتی کونسل کی صورت میں پاکستان کے عوام کو اپنی اس پرانی اور دلی خواہش کی تکمیل کی جھلک نظر آرہی تھی کہ دینی مکاتب فکر کے قائدین متحد ہو کر قومی معاملات میں راہنمائی کا فریضہ سرانجام دیں۔ اور دوسری بڑی وجہ پاکستان کے قومی و دینی معاملات میں امریکہ اور دیگر مغربی ممالک کی بڑھتی ہوئی مداخلت سے ملک کے عوام ازحد پریشان ہیں اور اس کے خلاف کسی مضبوط ردعمل کا اظہار چاہتے ہیں۔ چنانچہ ناموس رسالتؐ کے تحفظ کے قانون میں حکومت کی طرف سے مجوزہ ترامیم کے خلاف ملی یکجہتی کونسل کی ہڑتال کی اپیل پر عوام نے متفقہ طور پر لبیک کہہ کر اس ردعمل کے اظہار کا آغاز کر دیا ہے۔

توہین رسالتؐ پر موت کی سزا کا قانون ان مسائل میں سے ایک ہے جو امریکہ اور دیگر مغربی حکومتوں کی مسلسل مداخلت کا شکار ہیں۔ جب سے پاکستان میں شانِ رسالتؐ میں گستاخی پر موت کی سزا کا قانون نافذ ہوا ہے مغربی حکومتوں اور لابیوں کا اضطراب و احتجاج بڑھتا جا رہا ہے اور حکومت پاکستان پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ اس قانون کو منسوخ کیا جائے۔ جبکہ پاکستان کی رائے عامہ کو سامنے رکھتے ہوئے ایسا کسی بھی حکومت کے لیے ممکن نہیں ہے۔ اسی لیے حکومت پاکستان نے مغربی حکومتوں کو مطمئن کرنے کے لیے ایک درمیانی راستہ نکالنے کی کوشش کی کہ گستاخی رسولؐ پر موت کی سزا کو تو برقرار رکھا جائے لیکن مقدمہ کے اندراج کا طریق کار ایسا مشکل بنا دیا جائے کہ کسی گستاخ رسولؐ کو موت کی سزا تک پہنچانا عملاً ممکن نہ رہے۔ چنانچہ وفاقی کابینہ کے فیصلے کے حوالے سے یہ خبر سامنے آئی ہے کہ شانِ رسالتؐ میں گستاخی کے ارتکاب پر مقدمہ کا اندراج ڈپٹی کمشنر کی انکوائری کے ساتھ مشروط کر دیا جائے گا اور کسی پر توہین رسالتؐ کا غلط الزام لگانے والے شخص، یا اس شخص کو جس کا الزام پایہ ثبوت تک نہ پہنچ سکے، دس سال کی سزا دی جائے گی۔

یہ ترامیم اس قانون کو عملاً معطل کر دینے والی ترامیم ہیں اور اسی طرح کا حیلہ ہے جیسا تاریخ کی کتابوں میں عباسی خلیفہ منصورؒ کے حوالے سے مذکور ہے۔ مشہور مؤرخ عسکریؒ نے ’’اوائل میں لکھا ہے کہ منصور کے ایک شرابی دوست ابن شبرمہ کو شراب پینے پر بار بار کوڑے پڑنے لگے تو اس نے خلیفہ منصور سے مداخلت کی درخواست کی۔ منصور نے کہا کہ میں شراب نوشی کی شرعی سزا ۸۰ کوڑوں میں تو کوئی ترمیم نہیں کر سکتا، البتہ یہ حکم جاری کر دیتا ہوں کہ اگر کوئی شخص ابن شبرمہ کو شراب پینے کی حالت میں پکڑ کر حاکم کے پاس لائے تو ابن شبرمہ کو شریعت کے مطابق ۸۰ کوڑے ضرور لگائے جائیں مگر پکڑ کر لانے والے کو بھی سو کوڑے مارے جائیں۔ اس طرح خلیفہ منصور شرعی قانون میں مداخلت کے الزام سے بچ گیا مگر اس کے بعد کسی شخص کو ابن شبرمہ پر شراب نوشی کا الزام عائد کرنے کی جرأت نہ ہوئی۔

گستاخ رسولؐ کے لیے موت کی سزا کے قانون کے اندراج کے طریق کار میں وفاقی کابینہ کی تجویز کردہ ان ترامیم کو تحریک تحفظ ناموس رسالتؐ اور ملی یکجہتی کونسل نے مسترد کر دیا اور قوم نے ۲۷ مئی کو ہڑتال کی اپیل کی جس پر ملک بھر میں کاروبار زندگی معطل کر کے پاکستان کے عوام نے یہ ثابت کر دیا کہ وہ اس مسئلہ پر دینی جماعتوں کے ساتھ ہیں۔ اس ہڑتال سے جہاں دینی جماعتوں کو یہ حوصلہ ملا ہے کہ اگر آج بھی وہ متحد ہو کر دینی معاملات میں قوم کی راہنمائی کے لیے میدان عمل میں نکلیں تو قوم انہیں مایوس نہیں کرے گی، وہاں پاکستان کے عوام نے مغربی حکومتوں اور لابیوں کو بھی یہ الارم دے دیا ہے کہ مغربی لابیاں اور ورلڈ میڈیا اسلامی احکام و قوانین کے خلاف جس قدر چاہیں پراپیگنڈا کر لیں اور دینی جماعتوں کی کردار کشی کی جو صورت بھی چاہیں اختیار کر لیں پاکستانی قوم دینی معاملات میں بہرحال اپنی دینی قیادت کے ساتھ ہے۔

البتہ اس ہڑتال کے حوالہ سے دو حلقوں کا ردعمل جو ہڑتال کے بعد سامنے آیا ہے، قابل توجہ ہے۔ ایک اقلیتی محاذ برائے مساوی حقوق کا جس کے چیئرمین ضیاء کھوکھر صاحب کا بیان جنگ لاہور میں ۲۸ مئی کو شائع ہوا ہے۔ اس بیان میں انہوں نے ۲۷ مئی کی کامیاب ہڑتال پر مذہبی و دینی جماعتوں کے راہ نماؤں کو مبارک باد پیش کی ہے اور ساتھ ہی تعزیرات پاکستان کی دفعہ سی ۲۹۵ کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر اس دفعہ کو ختم نہ کیا گیا تو ملک بھر کی مسیحی تنظیمیں ایک دن کی مکمل ہڑتال کریں گی۔ اب معلوم نہیں کہ کھوکھر صاحب ان دونوں متضاد باتوں میں سے سنجیدہ کس بات پر ہیں؟ کیونکہ دفعہ سی ۲۹۵ اسی قانون کا عنوان ہے جس میں توہین رسالتؐ پر موت کی سزا مقرر کی گئی ہے اور ملی یکجہتی کونسل کی ۲۷ مئی کی ہڑتال اسی قانون کے تحفظ بلکہ اس کے طریق کار تک میں تبدیلی کے امکانات کو مسترد کرنے کے لیے ہوئی ہے۔ مگر ضیاء کھوکھر صاحب اس دفعہ کے تحفظ کے لیے کی جانے والی ہڑتال کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اسی قانون کے خاتمہ کے لیے ہڑتال کی دھمکی دے رہے ہیں۔ اب یا تو کھوکھر صاحب سی ۲۹۵ سے واقف نہیں ہیں یا انہیں ہڑتال کے مقاصد کا علم نہیں ہے، اگر وہ دونوں باتوں کو جانتے ہیں تو معلوم نہیں کہ اس بیان کے ذریعے وہ کس کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں؟

دوسرا ردعمل بعض مذہبی جماعتوں کے راہ نماؤں کی طرف سے سامنے آیا ہے جو کھوکھر صاحب موصوف کے بیان سے بھی زیادہ مضحکہ خیز ہے۔ روزنامہ جنگ لاہور ۲۹ مئی میں شائع شدہ ایک خبر کے مطابق لاہور میں بعض مذہبی تنظیموں کا اجلاس ہوا جس کے شرکاء میں قاضی عبد القدیر خاموش، منیر حسین گیلانی، علامہ ریاض الرحمان یزدانی، مولانا محمد اصغر فاروق، سید حیدر فاروق مودودی، صاحبزادہ سید سعید شاہ گجراتی اور علامہ سعید الرشید عباسی کے نام نمایاں ہیں۔ اس اجلاس میں منظور کی جانے والی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ

’’ملی یکجہتی کونسل کی سرگرمیوں کا مقصد ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے تاکہ حکومت اطمینان سے اقوام عالم کے ساتھ معاہدات کر کے ملک کو ایک فلاحی ریاست بنانے کا خواب شرمندۂ تعبیر نہ کر سکے۔‘‘

اجلاس میں ان ’’علمائے کرام‘‘ نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ ’’اسلام کو مولویت کی اجارہ داری سے نجات دلائی جائے‘‘۔ ہمارے خیال میں یہ علماء کرام اتنی بات کو صحیح سمجھے ہیں کہ ۲۷ مئی کی ہڑتال اقوام عالم کے ساتھ حکومت پاکستان کے ہونے والے معاہدات میں اطمینان کا عنصر غائب کرنے میں بہرحال کامیاب ثابت ہوئی ہے۔ لیکن اقوام عالم کے ساتھ مجوزہ معاہدات سے شاید یہ بزرگ خود بھی واقف نہیں ہیں ورنہ اتنے شرح صدر کے ساتھ ہڑتال کے کریڈٹ کو ڈس کریڈٹ میں تبدیل کرنے کا اہتمام نہ فرماتے- ان حضرات کو شاید یہ خبر نہیں کہ اقوام عالم ہم اہل پاکستان سے جن امور پر معاہدات چاہتی ہیں اور جن کے لیے میڈیا اور لابنگ کی پوری صلاحیتیں صرف کی جا رہی ہیں ان کا تعلق دو دستاویزات سے ہے۔ ایک دستاویز اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر پر مشتمل ہے جس کو من و عن قبول کرنے کا ہم سے مطالبہ کیا جا رہا ہے اور یہ کہا جا رہا ہے کہ ہم اپنے وہ تمام قوانین منسوخ یا تبدیل کر دیں جو انسانی حقوق کے اس چارٹر سے مطابقت نہیں رکھتے۔ اس چارٹر کی اب تک مغربی حلقوں کی طرف سے کی جانے والی تشریح کے مطابق :

  1. توہین رسالتؐ پر موت کی سزا کا قانون،
  2. ہاتھ کاٹنے، کوڑے مارنے، سنگسار کرنے، سولی دینے اور مجرم کو کھلے بندوں سزا دینے کے قوانین،
  3. قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دینے اور اسلام کا نام استعمال کرنے سے روکنے کے قوانین،
  4. اقلیتوں کو ان کی آبادی کے تناسب سے جداگانہ الیکشن کے ذریعہ نمائندگی دینے کا قانون، اور دیگر بہت سے اسلامی احکام و قوانین انسانی حقوق کے منافی ہیں اور اقوام عالم کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے ان قوانین کا خاتمہ ضروری ہے۔

دوسری دستاویز گزشتہ سال قاہرہ میں اقوام متحدہ کے زیراہتمام منعقد ہونے والی عالمی بہبود آبادی کانفرنس کی قراردادیں اور فیصلے ہیں جن میں دنیا بھر کی حکومتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ

  1. شادی کے بغیر جنسی تعلقات اور ناجائز بچے کے ساتھ ساتھ کنواری ماں کو بھی سماجی اور قانونی تحفظ فراہم کریں،
  2. ہم جنس پرستی (لواطت) کو قانونی تحفظ دیں،
  3. اور آزادانہ جنسی اختلاط اور مانع حمل اشیاء کی کھلے بندوں فراہمی کی ضمانت دیں۔

اس کے ساتھ ان علماء کرام کی اطلاع کے لیے عرض ہے کہ آج کل اقوام عالم کی طرف سے ہم پر شادی اور طلاق کے قوانین کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تبدیل کرنے کے لیے بھی مسلسل دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ اور نکاح و طلاق کا بین الاقوامی معیار اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق یہ ہے کہ

’’پوری عمر کے مردوں اور عورتوں کو نسل، قومیت یا مذہب کی کسی تحدید کے بغیر باہم شادی کرنے اور خاندان کی بنیاد رکھنے کا حق حاصل ہے۔ شادی، دوران شادی اور اس کی تنسیخ کے سلسلہ میں وہ مساوی حقوق رکھتے ہیں۔‘‘ (دفعہ ۱۶ چارٹر انسانی حقوق اقوام متحدہ)

اس لیے یہ بات درست ہے کہ موجودہ حکومت ’’اقوام عالم‘‘ کی ان خواہشات اور تقاضوں کو پورا کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے اور ایسے معاہدات کے لیے بے چین ہے جو پاکستان کو اقوام عالم کے مزعومہ معیار کے مطابق ڈھالنے میں مفید ثابت ہو سکیں۔ لیکن ملی یکجہتی کونسل کی سنجیدہ جدوجہد اور اس کی اپیل پر ۲۷ مئی کو پاکستانی قوم کی طرف سے ملک گیر مکمل ہڑتال نے بہرحال اس پیش رفت میں رکاوٹ ڈال دی ہے۔ اور اب اس سمت آگے بڑھنے سے قبل حکومت اور اقوام عالم دونوں کو اپنی حکمت عملی اور ترجیحات کا ازسرنو جائزہ لینا ہوگا کیونکہ رائے عامہ کی قوت کو نظر انداز کرنا آج کے دور میں کسی کے بس کی بات نہیں رہی۔ یہ قومی اور دینی مقاصد کی طرف ایک مثبت اور مؤثر پیش رفت ہے جس پر ملی یکجہتی کونسل کے قائدین بجا طور پر مبارکباد اور تحسین کے مستحق ہیں۔

اجتہاد کی شرعی حیثیت

شیخ الحدیث مولانا محمد سرفراز خان صفدرؒ

آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس بات سے بخوبی واقف تھے کہ انسانی ضروریات اور انسانی ماحول ایک حالت پر قائم رہنے والی چیز نہیں ہے، اور تمدنی ترقیات کے ساتھ ہی ساتھ انسانی ضروریات کا تبدیل ہونا ضروری امر ہے۔ لہٰذا آپؐ نے بہت سی فرعی باتوں سے متعلق خود احکام صادر فرمانے مناسب نہیں سمجھے، اور ان لوگوں کے فہم و فراست پر فیصلہ چھوڑ دیا ہے جو قرآن مجید کو اللہ تعالیٰ کی کتاب اور جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ کا آخری پیغمبر مانتے اور کتاب و سنت کے اصولی احکام کو واجب التعمیل جانتے ہیں۔
کتاب و سنت کے قوانین کو لازمی اور قابلِ عمل جاننے والوں کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنے اجتہاد و تفقہ سے کام لیں اور کتاب و سنت کی روشنی میں ضروری اور ہنگامی قانون بنائیں۔ اس کو فقہ اور قیاس کہتے ہیں۔ اور مجتہد مصیب بھی ہو سکتا ہے اور مخطی بھی۔ لیکن اگر صاحبِ اجتہاد نے اپنی پوری طاقت اور وسعت صَرف کی اور مع ہذا اس سے غلطی ہو گئی، تو اس پر کوئی گناہ نہیں ہے بلکہ وہ ماجور ہو گا اور اللہ تعالیٰ کی رحمتِ بے پایاں سے ثواب کا مستحق ہو گا۔ چنانچہ حضرت عبد اللہ بن عمرؓ اور حضرت ابوہریرہؓ روایت کرتے ہیں:
قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اذا حکم الحاکم فاجتہد و اصاب فلہ اجران، واذا حکم فاجتہد واخطا فلہ اجر واحد۔ (بخاری ج ۲ ص ۱۰۹۲ و مسلم ج ۲ ص ۷۶ و مشکوٰة ج ۲ ص ۳۲۴)
’’آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جب کوئی فیصلہ کرنے والا فیصلہ کرے اور اجتہاد کرتے ہوئے درست فیصلہ کرے تو اس کو دوہرا اجر ملے گا۔ اگر اس سے خطا سرزد ہو تو اس کو ایک ہی اجر ملے گا۔‘‘
اس لیے کہ اللہ تعالیٰ کسی کی محنت اور مشقت کو ہرگز رائیگاں نہیں کرتا، تو اجتہاد کرتے وقت جو تکلیف اور کاوش مجتہد کو ہوئی ہے اللہ تعالیٰ اس پر اس کو ضرور ایک اجر مرحمت فرمائے گا۔ اور اصابتِ رائے کی صورت میں ایک اجر اجتہاد کا اور ایک اصابتِ رائے کا اس کو حاصل ہو گا۔ لیکن شرط یہ ہے کہ مجتہد صحیح معنی میں مجتہد ہو۔ ورنہ ’’القضاۃ ثلاثہ‘‘ کی حدیث میں اس کی تصریح ہے کہ جاہل آدمی کا فیصلہ اس کو دوزخ میں لے جائے گا (رواہ ابوداؤد، ابن ماجہ، مشکوٰۃ ج ۲ ص ۳۲۴)۔
اس صحیح روایت سے اجتہاد کا درست ہونا، اور خطا کی صورت میں مجتہد کا معذور بلکہ ماجور ہونا صراحت سے ثابت ہوا۔ صرف بطور تائید و شاہد کے حضرت معاذ بن جبلؓ (المتوفی ۱۸ھ) کی روایت بھی سن لیجئے۔ جب آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو یمن کا گورنر بنا کر بھیجا تو اس وقت آپؐ نے حضرت معاذ سے فرمایا کہ
کیف تقضی اذا عرض لک قضاء؟ قال اقضی بکتاب اللہ۔ قال فان لم تجد فی کتاب اللہ؟ قال فبسنة رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم۔ قال فان لم تجد فی سنة رسول اللہ؟ قال اجتہاد برایی ولا آلو۔ قال فضرب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم علی صدرہ و قال الحمد للہ الذی وفق رسول رسول اللہ لما یرضی بہ رسول اللہ۔ (رواہ الترمذی و ابوداؤد والدارمی و مشکوٰة ج ۲ ص ۳۲۴)
’’تو کس طرح فیصلہ کرے گا جب تیرے سامنے کوئی جھگڑا پیش ہوا؟ حضرت معاذؓ نے عرض کیا کہ میں اللہ تعالیٰ کی کتاب کے موافق فیصلہ کروں گا۔ آپؐ نے فرمایا کہ اگر کتاب اللہ میں تجھے وہ بات نہ مل سکے؟ عرض کیا تو پھر سنتِ رسول اللہ کے موافق فیصلہ کروں گا۔ آپؐ نے فرمایا کہ اگر سنتِ رسول اللہ میں بھی نہ ہو؟ تو حضرت معاذؓ نے عرض کیا کہ میں اپنی رائے سے اجتہاد کروں گا۔ یہ سن کر آپؐ نے فرمایا کہ الحمد للہ کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول کے قاصد کو اس چیز کی توفیق عطا فرمائی جس پر اللہ تعالیٰ کا رسول راضی ہے۔‘‘
حافظ عماد الدین ابن کثیر رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ (المتوفی ۷۷۴ھ) اس حدیث کو نقل کرنے کے بعد فرماتے ہیں: باسناد جید کما ہو مقرر فی موضعہ (تفسیر ج ۱ ص ۳) ۔ اس روایت کی سند عمدہ اور کھری ہے جیسا کہ اپنے موقع پر ثابت ہے۔
اس روایت میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت معاذؓ کے اس جواب پر کہ اجتہد برایی (کہ میں قیاس اور رائے سے کام لوں گا) اللہ تعالیٰ کا شکر ادا فرمایا اور اظہارِ مسرت کیا۔ جس سے صاف طور پر معلوم ہوتا ہے کہ آپؐ نے فروعی قوانین کو منجمد رکھنا پسند نہیں فرمایا بلکہ ضرورت کے پیش نظر ایسے قوانین کو استقرائی رکھنا چاہا ہے۔ تاکہ انسان کے قوائے دماغیہ کی نشوونما اور انسانی ترقیات میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو سکے۔ 
حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ (المتوفی ۱۳ھ) کے پاس جب کوئی مقدمہ پیش ہوتا تھا تو کتاب اللہ اور سنتِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میں اس کو تلاش کرتے تھے، ورنہ اجتہاد سے کام لیتے تھے۔
ان ابابکرؓ اذا نزلت بہ قضیہ لم یجد لھا فی کتاب اللہ اصلاً ولا فی السنہ اثرا فقال اجتہد برایی فان یکن صوابا فمن اللہ وان یکن خطا فمنی واستغفر اللہ۔ (طبقات ابن سعد ج ۳ ص ۱۳۶)
’’حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کے پاس جب کوئی مقدمہ پیش ہوتا تھا تو کتاب اللہ اور سنتِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میں اگر ان کو اس کی وضاحت نہ ملتی تو فرماتے: میں اپنی رائے سے اجتہاد کرتا ہوں، اگر درست ہو گیا تو اللہ تعالیٰ کی عنایت ہو گی، ورنہ میری خطا ہو گی اور میں اللہ سے معافی چاہتا ہوں۔‘‘
حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے مشہور تابعی قاضی شریحؒ (المتوفی ۸۵ھ) کو خط لکھا۔ اس میں کتاب و سنت اور اجماع کے بعد خاص طور پر اجتہاد کرنے کا ذکر ہے۔ (دیکھیے مسند دارمی ص ۳۴ و مثلہ فی کنز العمال ج ۳ ص ۱۷۴)
اسی طرح حضرت عبد اللہ بن مسعودؓ بھی اجماع کے بعد قیاس اور اجتہاد کرنے کا حکم دیا کرتے تھے (مسند دارمی ص ۳۴)۔ حضرت عبد اللہ بن عباس کا یہ معمول تھا کہ جب کتاب و سنت کے بعد حضرت ابوبکرؓ اور حضرت عمرؓ سے کوئی ثبوت نہ مل سکتا تو قال فیہ برایہ (مسند دارمی ص ۳۳ و مستدرک ج ۱ ص ۱۲۷ و قالا صحیح علی شرطہما) اپنی رائے سے کام لیتے تھے۔
الغرض جمہور اہلِ اسلام قیاسِ شرعی کو صحیح اور حجت تسلیم کرتے ہیں۔ چنانچہ نواب صاحب رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں:
’’جمہور از صحابہؓ و تابعین و فقہاء و متکلمین باں رفتہ کہ اصلے از اصولِ شریعت است استدلال میرود بداں بر احکام واردہ بسمع و ظاہریہ انکارش کردہ اند۔‘‘ (افادۃ الشیوخ ص ۱۲۲)
’’جمہور صحابہؓ و تابعینؒ اور فقہاء و متکلمین اس کے قائل ہیں کہ قیاس شریعت کے اصولوں میں سے ایک اصل ہے، اس کے احکام واردہ بسمع میں باقاعدہ استدلال صحیح ہے اور اہلِ ظاہر نے قیاس کا انکار کیا ہے۔‘‘
اہلِ ظاہر کو یہ غلط فہمی ہوئی کہ انہوں نے غلطی سے یہ سمجھا کہ غیر نبی کو یہ مقام کیسے حاصل ہو گیا کہ وہ دین کی باتوں میں دخل دے۔ اعتراض بظاہر بڑا معقول اور وزنی ہے مگر حقیقت سے بالکل دور ہے۔ اس لیے کہ موجبِ حکم مجتہد اور قائس کا قیاس و اجتہاد نہیں ہے، بلکہ موجب اصل میں وہی شرعی دلیل ہے جو قرآن کریم اور حدیث وغیرہ سے تعبیر کی جاتی ہے۔ مجتہد کا کام صرف اتنا ہے کہ مسکوت عنہ جزئی کی کڑی دلیلِ شرعی سے جوڑ دیتا ہے اور بس۔ چنانچہ مشہور فیلسوفِ اسلام علامہ ابن رشد ابو الولید محمد بن احمد (المتوفی ۵۹۵ھ) لکھتے ہیں:
واما القیاس الشرعی فھو الحاق الحکم الواجب لشی ما بالشرع بالشی الذی اوجب الشرع لہ ذٰلک الحکم او لعلہ جامعہ بینھما۔ (بدایة المجتہد ج ۱ ص ۳)
’’قیاسِ شرعی اس کو کہتے ہیں کہ جو حکم شریعت میں کسی چیز کے لیے ثابت ہو چکا ہو، اس حکم کو اس چیز کے اوپر بھی چسپاں کیا جائے جو مسکوت عنہ ہے۔ یا تو اس لیے کہ یہ اس کے مشابہ ہے، اور یا اس لیے کہ ان دونوں میں علت جامعہ مشترک ہے۔‘‘
نواب صاحبؒ اس کی تعبیر یوں کرتے ہیں:
’’و اما قیاس پس در اصطلاح فقہاء حمل معلوم بر معلوم است در اثبات حکم یا نفی او بامر جامع میان ہر دو از حکم یا صفت و اختارہ جمہور المحققین‘‘۔ (افادۃ الشیوخ ص ۱۲۱)
مولانا حافظ محمد عبد اللہ صاحب روپڑی لکھتے ہیں:
’’جب انسان کو کوئی مسئلہ قرآن و حدیث سے صراحتاً نہیں ملتا تو وہ قرآن و حدیث میں اجتہاد و استنباط کرتا ہے۔ اور وہ اجتہاد و استنباط قرآن و حدیث سے الگ نہیں کہلاتا۔ اسی طرح صحابی کے اس قول کو، جو اجتہاد و استنباط کی قسم سے ہو، اس کو قرآن وحدیث سے الگ نہ سمجھنا چاہیے بلکہ قرآن و حدیث میں داخل سمجھنا چاہیے۔‘‘ (بلفظہ ضمیمہ رسالہ اہل حدیث ص ۷)

اجتہاد کی اہلیت

یہ بات طے شدہ ہے کہ اجتہاد کے لیے چند نہایت ضروری شرطیں ہیں، جن میں وہ نہ پائی جا سکیں ان کی بات ہرگز حجت نہیں ہو سکتی۔ حتیٰ کہ صوفیاء کرامؒ کی باتیں بھی شرعاً کوئی حیثیت نہیں رکھتیں، الّا یہ کہ وہ شریعت کے موافق ہوں۔ چنانچہ علامہ قاضی ابراہیم الحنفی (المتوفی حدود ۱۰۰۰ھ) لکھتے ہیں:
’’اور جو عابد و زاہد اہلِ اجتہاد نہیں وہ عوام میں داخل ہیں۔ ان کی بات کا کچھ اعتبار نہیں۔ ہاں اگر ان کی بات اصول اور معتبر کتابوں کے مطابق ہو تو پھر اس وقت معتبر ہو گی۔‘‘ (نفائس الاظہار ترجمہ مجالس الابرار ص ۱۲۷)
’’مجالس الابرار‘‘ کی حضرت شاہ عبد العزیز صاحب محدث دہلویؒ نے بڑی تعریف کی ہے۔ حضرت مجدد الف ثانیؒ نے کیا ہی خوب ارشاد فرمایا ہے کہ
’’عملِ صوفیہ در حل و حرمت سند نیست۔ ہمیں بس است کہ ما ایشاں را معذور درایم و ملامت نہ کنیم و مر ایشاں را بحق سبحانہ و تعالیٰ مفوض داریم۔ اینجا قول امام ابوحنیفہؒ و امام ابو یوسفؒ و امام محمدؒ معتبر است، نہ عمل ابوبکر شبلیؒ و ابو حسن نوریؒ۔‘‘
’’صوفیاء کی بات حل و حرمت میں سند نہیں ہے۔ یہی کافی ہے کہ ہم ان کو ملامت نہ کریں اور ان کا معاملہ خدا کے سپرد کر دیں۔ اس جگہ حضرت امام ابوحنیفہؒ، امام ابو یوسفؒ اور امام محمدؒ کا قول معتبر ہو گا، نہ کہ ابوبکر شبلیؒ اور ابو حسن نوری جیسے صوفیاء کرام کا۔‘‘ (مکتوبات دفتر اول ص ۳۳۵ مکتوب ص ۲۲۶)
یہ بالکل ٹھیک ہے کہ دین کی تکمیل آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد مبارک میں ہو چکی تھی۔ مگر تکمیلِ دین کا یہ مطلب ہے کہ قواعد اور کلیاتِ دین پورے طور پر مکمل ہو چکے تھے۔ بعد کو پیش آنے والے واقعات اور حوادث کو ان اصول اور کلیات کے تحت درج کرنا، اور انہی جزئیات کو کلیات پر منطبق کرنے کا نام قیاس و اجتہاد ہے۔ لیکن بسا اوقات جزئیات کا کلیات میں داخل کرنا کسی خاص عارضہ کی وجہ سے بعض لوگوں پر مخفی رہ جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ فروعی مسائل میں فقہاء اسلام کا اختلاف رہا ہے۔ اور ایسے مواقع پر جو چیز اقرب الی الحق ہو، اس کو قبول کر لینا اور اس پر عمل کرنا نجات کے لیے کافی ہے۔ ہاں اگر قرآن وحدیث سے کوئی نص مل جائے، یا اجماع پر اطلاع ہو جائے، تو اس صورت میں قیاس سے رجوع کرنے میں ہرگز تامل نہیں ہونا چاہیے۔
(ماہنامہ الشریعہ جولائی ۱۹۹۵ء)

غیر حنفی امام کے پیچھے نماز پڑھنے کا مسئلہ

مولانا مفتی محمد عیسی گورمانی

(روزمرہ فقہی اختلافات پر بحث و تمحیص ’’الشریعہ‘‘ کے دائرۂ کار میں شامل نہیں ہے لیکن حضرت مولانا مفتی محمد عیسیٰ خان نے زیرنظر مضمون میں دوسرے فقہی مذہب سے تعلق رکھنے والے امام کی اقتداء میں نماز پڑھنے کے مسئلہ پر اصولی بحث کی ہے، اس لیے ان کی خواہش پر اسے شائع کیا جا رہا ہے۔ ادارہ)


نمازِ وتر میں دو رکعتوں پر سلام نہ کرنا، تینوں رکعتیں ملا کر پڑھنا اسے صحابہ کرامؓ کی ایک جماعت نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کیا، یہ امام اعظمؒ کا مذہب ہے۔ تہجد کی دو رکعتوں پر سلام کر کے تیسری رکعت کو اس سے ملا کر سب کو وتر بنا دینا شروع میں جائز تھا، مستقل طور پر وتر کی تین رکعتیں مقرر ہوئیں تو عملاً اس سے منع کر دیا گیا۔
جو امام نمازِ وتر میں سلام سے فصل کرتا ہو، ایسے امام کی اقتداء میں وتر پڑھے جائیں یا نہ؟ اس سلسلہ میں دو رائیں سامنے آئی ہیں:
(۱) مقتدی کی رائے میں سلام کرنے سے امام کی نماز ٹوٹ گئی اور وتر مکمل نہ ہوئے۔ لہٰذا ایسے امام کی اقتداء نہیں کرنی چاہیے۔ علامہ شامیؒ نے اسے اصح کہا ہے۔ متون فقہ اور فتاویٰ کی عبارات میں اس مسئلہ کی وضاحت اسی طرح ملتی ہے۔
(۲) ابوبکر رازیؒ نے کہا ہے: ’’جو امام وتر میں سلام سے فصل کرتا ہو، حنفی کو اس اقتداء جائز ہے۔ بقیہ ماندہ رکعت کو امام کی معیت میں ادا کرے۔ امام کے سلام نے مقتدی کو نماز سے نہیں نکالا (مقتدی کی نماز فاسد نہیں ہوئی( کیونکہ یہ ایک اجتہادی مسئلہ ہے۔‘‘ (فتح القدیر ج ۲ ص ۳۱۱ طبع مصر)
گویا ابوبکر رازیؒ اقتداء کے مسئلہ میں امام کی رائے کو معتبر سمجھتے ہیں۔ امام کی رائے میں یہ سلام افضل ہے، سلام فراغت نہیں، اس لیے وہ کہتے ہیں کہ ایسے امام کی حنفی کو اقتداء کرنا جائز ہے۔ نہایہ میں اس رائے کو قرین قیاس قرار دیا گیا ہے۔ (شامی ج ۱ ص ۵۶۳)
اس وقت ہمیں درپیش اختیاری حالات نہیں کہ ہم فتویٰ دیں: ’’سلام سے قطع کرنے والے کی اقتداء میں وتر نہ پڑھے جائیں، حنبلی امام کی بجائے حنفی کی اقتداء کی جائے‘‘۔ بلکہ صورتحال یہ ہے کہ غیر حنفی امام کی اقتداء کے بغیر چارہ کار نہیں۔ ایک طرف جماعت کے فوت ہونے اور ثواب سے محرومی کا اندیشہ ہے۔ دوسری طرف بالکل نماز کے ضائع ہونے کا فکر۔ بالخصوص جبکہ یہ مشکل حرمین شریفین میں پیش آئے۔ نیز فرض نماز اور تراویح امامِ حرم کی اقتداء میں ادا کر کے وتر کے لیے صفوں کے حلقوں کو توڑ کر اعراض کی شکل اختیار کر لینا، یہ ایک ہنگامی حالت ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اس نادر الوقوع اور ہنگامی صورتحال کے بارے میں فقہائے احناف نے ہماری کیا راہنمائی فرمائی ہے؟
علامہ ابن عابدین شامیؒ اس سلسلہ میں علماء کی آراء کا حاصل ان الفاظ میں بیان کرتے ہیں‘
ان الاقتداء بالمخالف المراعی فی الفرائض افضل من الانفراد ادتم مجید غیرہ والا فالا اقتداء بالموافق افضل (ج ۱ ص ۵۶۳)
’’جو امام فرائض میں مقتدیوں کی رعایت کرتا ہو، ایسے غیر حنفی امام کی اقتداء میں نماز ادا کرنا علیحدہ پڑھنے سے بہتر ہے۔ ورنہ اگر موافق مذہب کی امامت میسر ہو تو اس کی اقتداء افضل ہے۔‘‘
البحر الرائق کے حاشیہ میں شیخ زملی حنفی کے حوالے سے مزید لکھتے ہیں:
وکیف یکون الافضل ان یصلی منفردا مع وجود شافعی صالح تقی یراعی الخلاف بہ تحصل فضیلۃ الجماعۃ ما ۔۔ ان فقیہ نفس یقول بہ (ج ۲ ص ۴۶)
’’ایک صالح پرہیزگار شافعی عالم کی موجودگی میں جو خلافیات میں مقتدیوں کی رعایت کرتا ہو، جس کی بدولت جماعت کی فضیلت حاصل ہوتی ہو، الگ نماز پڑھنا کیسے افضل ہو گا؟ کسی فقیہ النفس عالم کے بارے میں مجھے اس قسم کا خیال نہیں جو یہ کہتا ہو۔‘‘
اب رہا یہ سوال کہ فرائض، جن کی پابندی امام پر ضروری ہے، ان سے کیا مراد ہے؟ اسی طرح وہ امام جو فرائض کے علاوہ واجبات اور سنن میں مقتدیوں کی رعایت نہ کرتا ہو، اس کا کیا حکم ہے؟ اس کے جواب میں علامہ شامیؒ یوں رقم طراز ہیں:
ای المرعاۃ فی الفرائض من شروط و ارکان فی تلک الصورۃ و ان لم یراع فی الواجبات والسنن کما ہو ظاہر سیاق کلام البحر (ج ۱ ص ۵۶۳)
’’اب امام جو حالیہ نماز میں فرائض یعنی شروط اور ارکان جیسے ضروری احکام کی پابندی کرتا ہو، اس کی اقتداء میں نماز جائز ہے، خواہ وہ واجبات اور سنن کی پابندی نہ کرتا ہو۔ جیسا کہ بحر الرائق کے سیاق سے ظاہر ہے۔‘‘
صورتِ مسئولہ میں جبکہ امام وتر میں سلام سے فصل کرتا ہے، اور یہ سلام بھی نماز سے فراغت کا سلام نہیں بلکہ سنت اور افضل سمجھ کر، تو اس میں کسی شرط یا رکن کا ترک لازم نہیں آتا۔ سنت کا، یا زیادہ سے زیادہ احناف کے نزدیک اس سے واجب کا ترک ہو گا۔ یہی قرینِ قیاس ہے، کیونکہ سہواً سلام کرنے میں شرط یا رکن چھوٹ جاتا تو نماز جاتی رہتی ہے، حالانکہ اس سے سجدۂ سہو کرنا پڑتا ہے اور یہ اس کے واجب ہونے کی علامت ہے۔
و ان توہم مصلی الظہر انہ اتمہا فسلم ثم علم انہ صلی رکعتین اتمہا و سجد للسہو (الشامی علیٰ ہامش البحر الرائق ج ۲ ص ۱۱)
’’اگر یہ خیال کر کے سلام کیا کہ اس نے ظہر کی چار رکعتیں پوری کر لی ہیں، پھر معلوم ہوا کہ اس نے ابھی دو رکعتیں پڑھی تھیں، تو دو اور رکعتیں پڑھے اور سجدہ سہو کرے۔‘‘
لہٰذا وتر میں سلام سے فصل کے باوجود حنفی کو غیر حنفی کی اقتداء جائز ہے۔ اس سے بلا حیل و حجت اس کے وتر ادا ہو جاتے ہیں۔ امام کے ساتھ سلامِ فصل نہ کرے، بغیر سلام کے اس کی معیت میں تیسری رکعت ادا کرے۔ اس لیے کہ ہمارے ہاں سلامِ فصل قطعی طور پر منسوخ ہے۔
مذکورہ بالا تفصیل کا حاصل یہ ہے کہ وتر میں سلامِ فصل کے باعث فقہاء حنفیہ نے غیر حنفی امام کی اقتداء سے منع کیا ہے۔ اور حنفی امام نہ ملنے کی صورت میں شروط اور ارکان کے علاوہ واجبات اور سنن میں رعایت نہ کرنے والے امام کی اقتداء کو جائز قرار دیا ہے۔ علیحدہ نماز پڑھنے کی بجائے نماز باجماعت کو اس صورت میں افضل تسلیم کیا ہے۔ جس سے اتنی بات عیاں ہو جاتی ہے کہ اختیاری اور عمومی حالات میں مسئلہ کا جواب اور ہے، غیر اختیاری اور مخصوص حال میں جواب کی نوعیت اس سے ذرا بدل جاتی ہے۔ ہر ایک جواب کا محمل ایک دوسرے سے جدا ہے۔

افادہ

ترکیوں کے دور میں حکومت میں جب شافعی امام حرمِ مکی میں پہلی امامت کرا لیتا تھا تو حنفیوں کو اس جماعت کی شرکت میں تردد پیدا ہوا۔ اول جماعت کی فضیلت کو پا لیا جائے یا اپنے حنفی امام کا انتظار کیا جائے؟
علامہ شامیؒ نے اس پر تفصیلی بحث کرتے ہوئے اپنا نقطۂ نظر ان الفاظ میں ثبت کیا ہے، جس سے ہمارے زیر بحث مسئلہ میں بھی کافی مدد ملتی ہے:
والذی یمیل الیہ القلب عدم کراہۃ الاقتداء بالمخالف ما لم بین غیر مراع فی الفرائض لان کثیرا من الصحابۃ والتابعین کانوا ائمۃ مجتہدین و ہم یصلون خلف امام واحد مع تباین مذاہبہم۔ (ج ۱ ص ۶۴ عکس مصری طبع کراچی)
’’دل کا میلان اس طرف ہے کہ مخالف مذہب کی اقتداء مکروہ نہیں ہے، جب تک وہ فرائض میں مقتدیوں کی رعایت کرتا ہو۔ بہت سے صحابہ اور تابعین فروعی مسائل میں الگ الگ ہونے کے باوجود ایک امام کی اقتداء میں نماز پڑھتے تھے۔‘‘
غیر حنفی علماء جن کی اقتداء میں ہم حرمین شریفین میں وتر پڑھتے ہیں، ذرا ان کی آراء بھی مطالعہ میں آجائیں تو بہتر ہو گا۔
مذہب حنبلی کے ترجمان شیخ الاسلام ابن تیمیہؒ جن کو موجودہ وقت کے حنابلہ اور سعودی حکومت امام کا درجہ دیتی ہے، اس باب میں لکھتے ہیں:
و لو کان الامام یری استحباب شئی والمامومون لا یستحبونہ فترکہ لاجل الاتفاق والائتلاف کان قد احسن۔ مثال ذلک الوتر فان للعلماء فیہ ثلاثۃ اقوال: احدھہما انہ لا یکون الابثلات متصلۃ کالمغرب کقول من قالہ من اہل العراق۔ والثانی انہ لا یکون الا رکعۃ مفصولۃ عما قبلہا کقول من قال ذٰلک من اہل الحجاز۔ والثالث ان الامرین جائز ان کما ہو ظاہر مذہب الشافعی واحمد وغیرہما وہو الصحیح و ان کان ہولاء یختارون فصلہ عما قبلہ فلو کان الامام یری الفصل فاختار المامومون ان یصلی الوتر کالمغرب فوافقہم علی ذلک تالیفا لقلوبہم کان قد احسن۔ (مجموع فتاویٰ ج ۲۲)
’’امام ایک عمل کو مستحب سمجھتا ہے، مقتدی نہیں، امام ان کے اتفاق اور دلداری کی غرض سے اس عمل کو ترک کر دے تو اچھا ہے۔ اس کی مثال وتر میں سمجھ لیجئے۔ علماء کے اس میں تین قول ہیں: (۱) نمازِ مغرب کی طرح اس کی تین رکعتیں متصل ہیں۔ اہلِ عراق کی طرح کچھ لوگ اس کے قائل ہیں۔ (۲) دو رکعتوں سے جدا وتر ایک رکعت ہے، اہلِ حجاز کی طرح لوگ کچھ اس کے قائل ہیں۔ (۳) سلام سے فصل کرنا یا وصل کرنا دونوں جائز ہیں۔ جیسا کہ امام شافعیؒ اور امام احمدؒ کا ظاہر مذہب ہے اور یہ صحیح ہے۔ البتہ ان کے ہاں فصل کرنا ایک پسندیدہ عمل ہے۔ امام فصل بالسلام کا قائل ہو اور مقتدیوں کی پاس خاطر کر کے وہ فصل کی بجائے تین رکعتیں اکٹھی پڑھ لے اور وصل کرے تو یہ ایک اچھا عمل ہے۔‘‘
شیخ الاسلامؒ کے اس بیان سے ظاہر ہے کہ امام شافعیؒ اور امام احمدؒ کے ظاہر مذہب میں وسعت ہے۔ ان کے ہاں جواز اور عدمِ جواز کا مسئلہ نہیں بلکہ اولیٰ اور غیر اولیٰ کا ہے۔ یہی شیخ کا مطمح نظر ہے۔ بلکہ آپ نے تو اس حد تک اس میں اپنی فراخدلی کا مظاہرہ کیا ہے اور کہا ہے کہ امام کو چاہیے ’’مقتدیوں کے لیے فصل چھوڑ دے اور وصل کرے‘‘۔ والنعم ما قال الرومیؒ ؎
تو برائے وصل کردن آمدی
نے برائے فصل کردن آمدی
واللہ تعالیٰ اعلم و علمہ اتم و احکم۔

(ضمیمہ) وتر میں ائمہ کا اختلاف

امام اعظمؒ کے نزدیک وتر واجب ہیں اور دیگر ائمہ کے نزدیک سنت ِموکدہ۔ حجۃ اللہ میں ہے:
والحق ان الوتر سنۃ وہو اوکد السنن۔
’’وتر سنت ہیں اور دوسری سنتوں کی نسبت زیادہ موکد ہیں۔‘‘
مجموع فتاویٰ میں ہے:
تنازع العلماء فی وجوبہ فاوحبہ ابوحنیفہ و طائفہ من اصحاب احمد والجمہور لا یوجبونہ کمالک والشافعی واحمد لکن ہو باتفاق المسلمین سنۃ موکدۃ لا ینبغی لاحد ترکہ (ج ۲۳ ص ۸۸ طبع الریاض)
’’علماء نے وتر کے وجوب میں اختلاف کیا ہے۔ ابوحنیفہؒ نے واجب کہا، اسی طرح احمدؒ کے کچھ احباب نے۔ جمہور اس کے وجوب کے قائل نہیں جیسے مالکؒ، شافعیؒ اور احمدؒ، لیکن سب مسلمان اس کے سنتِ موکدہ ہونے پر متفق ہیں، کسی کو اس کا ترک کرنا روا نہیں۔‘‘

ایک شبہ اور اس کا ازالہ

حنفی کی غیر حنفی کے پیچھے نماز کیسے درست ہو گی؟ حنفی وتر کو واجب مانتا ہے اور غیر حنفی سنت، جبکہ مقتدی کی نماز امام کی نماز سے زیادہ قوی ہے۔
الدر المختار میں احناف کا مذہب یوں لکھا ہے:
صح اقتداء متنفل بمتنفل و من یری الوتر واجبا لم یراہ  سنۃ۔ (علیٰ ہامش الشامی ج ۲ ص ۵۹۱)
’’امام اور مقتدی دونوں نفل ادا کر رہے ہوں تو یہ جائز ہے۔ اور وہ مقتدی جو وتر کو واجب سمجھتا ہے، اس شخص کی اقتداء کرے جو وتر کو سنت کہتا ہے، تو یہ جائز ہے۔‘‘
علامہ شامیؒ نے اس کی وجہ میں لکھا ہے:
ان ما اتی بہ کل واحد منہما ہو الوتر فی نفس الامر واعتقاد احدہما سنیۃ والاخر وجوبہ امر عارض لا یجوب اختلاف الفصلین۔ (ج ۱ ص ۵۱)
’’شافعی کی اقتداء میں حنفی نے جو نماز پڑھی ہے، دونوں کا مودیٰ اور مصداق وتر ہیں، اور حقیقت میں وہ ایک نماز ہے دو نہیں ہیں۔ ایک کا اسے سنت سمجھنا اور دوسرے کا واجب، یہ ایک عارضی امر ہے، فصل سنت اور فصل واجب میں اختلاف کا موجب نہیں ہے۔‘‘
علامہ شامیؒ کی اس تقریر و تعلیل سے ثابت ہوتا ہے کہ فصل سنت اور فصل واجب میں چنداں تفاوت نہیں بلکہ دونوں میں اتنا تقارب ہے کہ مقتدی اور امام کی نیت میں واجب اور سنت کے فرق سے بھی ان میں بُعد پیدا نہیں ہوتا۔
علامہ ابن نجیم مصریؒ نے البحر الرائق میں التجنیس لصاحب الہدایہ کے حوالے سے لکھا ہے:
وان الامام ان نوی الوتر وہو یراہ سنۃ جاز الاقتداء کمن صلی الظہر خلف من یری ان الرکوع سنۃ وان نواہ بنیہ التطوع لا یصح الاقتداء لانہ یصیر اقتداء المفترض بالمتنفل (ج ۲ ص ۴۰)
یعنی وتر کو جبکہ امام سنت اور مقتدی واجب سمجھتا ہو تو اس امام کی اقتداء جائز ہے جیسا کہ اس امام کی اقتداء میں نماز ظہر ادا کی جائے جو رکوع کو سنت سمجھتا ہو اور یہ جائز ہے۔ اور اگر امام وتر میں نفل کی نیت کرے تو اس کی اقتداء صحیح نہیں ہے، اس کی مثال ایسے ہو گی جیسے فرض نماز والا نفل والے کی اقتداء کرے۔

آہ! حضرت جی مولانا انعام الحسنؒ

مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

تبلیغی جماعت کے امیر حضرت مولانا انعام الحسن ۹ جون کو دہلی میں انتقال کر گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ ان کی وفات کی خبر آناً فاناً دنیا بھر کے تبلیغی مراکز میں پہنچ گئی اور دنیا کے کونے کونے میں دعوت و تبلیغ کے عمل سے وابستہ لاکھوں مسلمان رنج و غم کی تصویر بن گئے۔ مولانا انعام الحسن کو تقریباً تیس برس پہلے تبلیغی جماعت کے دوسرے امیر حضرت مولانا محمد یوسف کاندھلویؒ کی وفات کے بعد عالمگیر تبلیغی جماعت کا امیر منتخب کیا گیا تھا۔ ان کی امارت میں دعوت و تبلیغ کے عمل کو عالمی سطح پر جو وسعت اور ہمہ گیری حاصل ہوئی وہ ان کے خلوص و محنت کی علامت ہے۔

دعوت و تبلیغ کا یہ عمل جو حضرت مولانا محمد الیاس کاندھلویؒ نے کم و بیش پون صدی قبل میوات کے سادہ اور دین سے بے بہرہ مسلمانوں کو اسلام کی بنیادی تعلیمات سے آراستہ کرنے کے لیے شروع کیا تھا، آج عالم اسلام میں اسلامی تعلیمات کے فروغ اور دین کی بنیادی باتوں کی دعوت کی سب سے بڑی اور منظم جدوجہد کی شکل اختیار کر گیا ہے۔ اور اس میں مولانا انعام الحسنؒ کی پر خلوص محنت کا بہت بڑا حصہ ہے۔ یہ جدوجہد سادہ اور فطری طریق کار پر مبنی ہے جس میں اعتقادی، فکری اور فقہی مباحث سے مکمل طور پر گریز کرتے ہوئے عام مسلمان کو کلمہ طیبہ، نماز، قرآن کریم اور سنت نبویؐ کے ساتھ جوڑنے کی فکر کی جاتی ہے۔ اور اس بات کی محنت کی جاتی ہے کہ آج کے مسلمانوں میں قرون اولیٰ والے مسلمانوں کے اوصاف و اعمال کو زندہ کیا جائے۔ تبلیغی جماعت کے اکابرین کا کہنا ہے کہ اگر ہمارے اندر قرونِ اولیٰ والے اعمال اور اوصاف زندہ ہو جائیں تو آج بھی انسانیت کو نجات کے راستے پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ مولانا انعام الحسنؒ بھی انہی تعلیمات کے داعی تھے اور تبلیغی جماعت کے دیگر اکابرین کی طرح کوئی الگ اور امتیازی بات کرنے کی بجائے وہی اجتماعی بات کرتے تھے جو سب تبلیغی اکابر عام طور پر کرتے ہیں۔ لیکن ان کا خلوص، تقویٰ اور لہجہ کی سادگی اس قدر پرکشش تھی کہ عام لوگ ان کی گفتگو سننے کے لیے کھنچے چلے آتے تھے اور دین دار مسلمان ان کی زیارت اور ان کے ساتھ دعا میں شرکت کو اپنے لیے باعثِ سعادت سمجھتے تھے۔

مولانا انعام الحسنؒ کو تبلیغی حلقوں میں ’’حضرت جی‘‘ کے نام سے یاد کیا جاتا تھا۔ رائے ونڈ میں نومبر کے دوران ہر سال منعقد ہونے والے عالمی تبلیغی اجتماع میں حضرت جی کی نصیحتیں سننے اور ان کے ساتھ دعا میں شریک ہونے کے لیے عام مسلمانوں کے ساتھ ساتھ بڑے علماء اور اہل اللہ بھی موجود ہوتے تھے اور دعا میں ان کے سادہ جملوں پر لاکھوں آنکھیں پرنم ہو جاتی تھیں۔ رائے ونڈ کے عالمی تبلیغی اجتماع کو یہ وسعت اور قبول عام بھی انہی کے دور میں حاصل ہوا کہ اسے حج بیت اللہ اور حرمین شریفین میں آخری عشرۂ رمضان المبارک کی حاضری کے بعد عالم اسلام کا سب سے بڑا سالانہ اجتماع شمار کیا جاتا ہے۔ اور اس اجتماع میں دنیا کے ہر خطہ اور براعظم سے تعلق رکھنے والے مسلمان نہ صرف شریک ہوتے ہیں بلکہ ان میں سے ہزاروں جماعتیں تشکیل پا کر دنیا بھر میں اسلام کی دعوت و تبلیغ کے لیے نکل کھڑی ہوتی ہیں جو کسی حکومت یا ادارے پر بوجھ بنے بغیر اپنے ذاتی خرچہ پر دین سیکھنے اور دین پر عمل کی دعوت دینے کے جذبہ کے ساتھ قریہ قریہ بستی بستی گھومتی ہیں۔

راقم الحروف کو رائے ونڈ کے سالانہ اجتماع کے موقع پر حضرت مولانا انعام الحسنؒ کے ارشادات سننے اور ان کے ساتھ دعا میں شرکت کا موقع کئی بار ملا لیکن زیارت نہ کر سکا۔ کیونکہ اتنے بڑے ہجوم میں اس قدر آگے گھسنا اور دھکم پیل کرنا میرے مزاج کے خلاف ہے، البتہ گزشتہ سال رب العزت نے یہ موقع بھی عنایت فرما دیا جب حضرت جیؒ ڈیوزبری برطانیہ میں یورپ کے سالانہ تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لیے تشریف لائے۔ اس اجتماع میں شرکت کا مجھے بھی موقع ملا جو بلاشبہ مسلمانوں کا بہت بڑا اجتماع تھا اور ایک محتاط اندازے کے مطابق چالیس سے پچاس ہزار تک افراد اس میں شریک تھے۔ اجتماع کے بعد دہلی واپسی کے لیے ہیتھرو ایئرپورٹ پر پہنچے تو رخصت کرنے والوں میں راقم الحروف بھی شامل تھا۔ حضرت جیؒ معذوروں کی کرسی پر بیٹھے تھے، جسم پر کمزوری اور نقاہت کے آثار تھے مگر چہرے کا نور دیکھ کر خدا یاد آرہا تھا۔ اس موقع پر رخصت کرنے کے لیے آنے والے سینکڑوں مسلمانوں کے ساتھ انہوں نے مختصر دعا کرائی۔ کیا خبر تھی کہ اس مردِ درویش کی یہ پہلی زیارت ہی آخری زیارت ثابت ہوگی۔

آج حضرت جیؒ اپنے دنیا بھر میں پھیلے ہوئے لاکھوں عقیدت مندوں،بلکہ کروڑوں بھی کہا جائے تو شاید مبالغہ نہ ہو، داغِ مفارقت دے کر اپنے خالق و مالک کے پاس جا چکے ہیں، اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائیں اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام سے نوازیں، آمین یا الٰہ العالمین۔

مولانا محمد غفران ہزارویؒ

استاذ الاساتذہ حضرت مولانا رسول خان ہزاروی نور اللہ مرقدہ کے فرزند اور مولانا قاری عبد الرشید رحمانی، خطیب اسلامک سنٹر سیلون روڈ اپٹن پارک لندن کے والد گرامی حضرت مولانا محمد غفران ہزارویؒ گزشتہ دنوں مکہ مکرمہ میں انتقال کر گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔

ان کی عمر پچھتر برس تھی اور وہ دارالعلوم دیوبند کے فاضل تھے۔ کچھ عرصہ دارالعلوم اسلامیہ انارکلی لاہور میں تدریسی خدمات سرانجام دیتے رہے۔ مولانا مرحوم رمضان المبارک کے دوران عمرہ کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ گئے اور وہیں ان کا انتقال ہوگیا، انہیں حرم پاک میں نماز جنازہ کے بعد جنت المعلیٰ میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائیں اور پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق سے نوازیں، آمین یارب العالمین۔

مولانا عبد الرحیمؒ آف شکرگڑھ

گزشتہ ماہ کے دوران شکرگڑھ کے ممتاز عالم دین مولانا ڈاکٹر عبد الرحیم انتقال کر گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ انہوں نے عملی زندگی کا آغاز مجلس تحفظ ختم نبوت کے مبلغ کی حیثیت سے کیا اور کافی عرصہ تک گوجرانوالہ میں رہے۔ بعد میں انہوں نے شکرگڑھ میں مدرسہ رحیمیہ تعلیم القرآن کے نام سے دینی ادارہ قائم کیا اور آخر وقت تک اس کے ذریعے سے دینی خدمات سرانجام دیتے رہے۔ وہ اپنے علاقہ میں جمعیۃ علماء اسلام کے سرگرم راہنماؤں میں شمار ہوتے تھے اور انہوں نے تحریک ختم نبوت، تحریک نظام مصطفیٰ اور تحریک نفاذ شریعت میں سرگرم کردار ادا کیا۔ مرحوم ہمارے انتہائی مہربان اور بزرگ دوست تھے اور ہمیشہ اپنی شفقت سے نوازتے رہے۔

الحاج بابو عبد الخالقؒ آف جہلم

اسی دوران جہلم کے سرگرم جماعتی بزرگ الحاج بابو عبد الخالق بھی دارِ آخرت کو سدھار گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ مرحوم عالمِ دین نہیں تھے لیکن جماعتی اور مسلکی خدمات کے حوالے سے ہمیشہ علماء کی صف میں شمار ہوتے تھے۔ ایک عرصہ تک جمعیۃ علماء اسلام کے ضلعی امیر رہے، ان کا دستر خوان علماء اور جماعتی احباب کے لیے ہر وقت بچھا رہتا تھا۔ حضرت درخواستیؒ سے خصوصی تعلق تھا اور حضرت بھی ان پر خصوصی شفقت فرمایا کرتے تھے۔ انتہائی نیک دل اور خداترس بزرگ تھے، ان کی وفات سے دو تین روز قبل کی بات ہے کہ اسلام آباد سے واپسی پر تھوڑی دیر کے لیے جہلم رکا تو ان سے ملاقات ہوئی اور بہت سے معاملات پر گفتگو بھی ہوئی، کسے خبر تھی کہ یہ آخری ملاقات ہوگی؟

سچی بات ہے کہ ڈاکٹر عبد الرحیم صاحب اور بابو عبد الخالق صاحب جیسے مخلص دوستوں اور کرم فرما ساتھیوں کی جدائی نے دنیا کی بے ثباتی اور بے وفائی کا احساس اور زیادہ گہرا کر دیا ہے، رہے نام خدا کا۔

اللہ پاک دونوں حضرات کی مغفرت فرمائیں، ان کی حسنات کو قبولیت سے نوازیں، سیئات سے عفو و درگزر سے کام لیں اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائیں، آمین یارب العالمین۔

’’مغرب پر اقبال کی تنقید‘‘

پروفیسر غلام رسول عدیم

اقبالیات کا موضوع اردو ادب کا معتد بہ حصے کو شامل ہے۔ اس موضوع پر لکھنے والوں کی بھی کمی نہیں۔ ہر سال علامہ اقبال کے سوانح حیات اور فکر و فن پر لکھا جاتا ہے۔ یہ عمل تواتر کے ساتھ جاری ہے اور اس تسلسل میں انقطاع یا اختتام کی کوئی وجہ بھی نہیں۔ اس لیے کہ علامہ اقبال کی فکری جہتیں علومِ معاشرت کے ساتھ ساتھ الہامی علوم اور الٰہیات سے بھی متعلق ہیں۔ وہ ایک شاعر اور مفکر کی حیثیت سے ایک ترشے ہوئے ہیرے کی طرح بو قلموں شخصیت کے مالک تھے۔ لہٰذا ان کی عظیم شخصیت کی مثقال سے انعکاس پذیری اور ان کے فکر کی مشکوۃ سے اپنے فانوسِ بصیرت کو جگمگانے کےلیے استینار ہر شخص کا علمی حق ہے۔
یہ ایک حقیقتِ ثابتہ ہے کہ اس وسیع ذخیرے میں کچھ مال تو آخور کی بھرتی سے زیادہ اہمیت نہیں رکھتا، اور کچھ محض چبائے ہوئے نوالوں کو پھر سے چبانے، نگلنے اور پھر اگلنے کے مترادف ہے۔ تاہم اقبالی ادب کے بعض جواہر ریزے سامنے آنے پر طبیعت میں فرحت بخش سرور اور نشہ انگیز کیف کا انداز پیدا ہوتا ہے۔ جی میں بے نام امنگ اور حوصلے میں ترنگ پیدا ہوتی ہے۔ یہ احساس بیدار ہوتا ہے کہ ؏ ’’ابھی اس بحر میں باقی ہیں لاکھوں لولائے لالا‘‘۔ تاہم شرط یہ ہے کہ غواص عمق شناع ہو۔
زیر نظر مختصر مگر جامع کتاب ’’مغرب پر اقبال کی تنقید‘‘ اس احساس میں تیقن اور اس اعتماد میں ثقاہت کی لو کو تیز کرتا ہے۔ ڈاکٹر پروفیسر عبد الغنی فاروق خاص تحقیقی و فکری منہاج رکھتے ہیں۔ ان کی علمی جستجو کا ایک خصوصی انداز ہے جو اس کتاب کے ورق ورق سے ظاہر ہوتا ہے۔ بات تو سامنے کی ہے اور اقبالیات کا ہر طالب علم جانتا ہے کہ زیر نظر موضوع بالکل بدعا من الموضوعات کی حیثیت نہیں رکھتا۔ ادھر ادھر بکھرا ہوا سہی مگر ہے ضرور۔ تاہم جس زاویہ نگاہ سے موصوف نے اس پر قلم اٹھایا ہے، فی الواقع اس میں جمالِ اختراع و ابداع بھی ہے اور حسنِ لیق و انشا بھی۔ 
وہ لوگ جن کی ساری توانائیاں اس بات کے ثابت کرنے میں صَرف ہو جاتی ہیں کہ علامہ تھے ہی مغرب کے خوشہ چیں اور ان کی فکر کے ڈانڈے اگر ملتے ہیں تو مغرب کے مفکرین کی فکر ’’فلک رس‘‘ سے ملتے ہیں، جن کے نزدیک اقبال کے پورے نظامِ فکر کو نٹشے، فشٹے، ہیگل، برگساں، دانتے جیسے فلاسفہ مغرب سے مستعار سمجھنا عین صواب بلکہ عین ثواب ہے۔ جو یہ سمجھتے ہیں کہ اقبال کی فکری تہیں ہی نہیں، وجدانی پرتیں بھی مغرب ہی کی ساختہ و پرداختہ ہیں۔ اور ان کا الٰہیاتی نظامِ فکر اپنی بافت کے اعتبار سے مشرقیت گریز اور مغرب زدہ ہے۔ یہ کتاب ایسے لوگوں کا دندان شکن جواب ہے۔
موصوف نے اس تالیف منیف میں جس بلند آہنگی اور زوردار طرح سے مدلل گفتگو کی ہے، اس سے ذہنوں کے جالے اتر جانے چاہئیں۔ وہ اپنے موقف کی صداقت پر بجا طور پر یقین رکھتے ہیں۔ غیر مبہم لفظوں اور دوٹوک جملوں میں بات کرتے ہیں۔ جب اپنے بیان کی تائید و توثیق کے لیے فکرِ اقبال سے استناد کرتے ہیں تو ان کی بات اتنی باوزن ہو جاتی ہے کہ اسے باور کیے بغیر چارۂ کار نہیں رہتا۔ ان کا استدلال منطقی، اندازِ بیان شستہ و رفتہ اور اسلوب شگفتہ ہے۔ دھلی دھلائی زبان میں بات کرتے ہیں۔ کھری کھری کہنے کے عادی ہیں۔ نہ خوفِ لومتہ لائم، نہ زمانہ سازی، نہ دل کا مطلب استعارہ و مجاز میں چھپانے کی عادت، تحریر نظر فروز ہے تو مفاہیم عبارت دل آویز۔جس حسن کاری سے وہ استخراجِ نتائج کرتے ہیں وہ لائق دید بھی ہے اور قابلِ داد بھی۔
انہوں نے محض اقبال کی شعری تخلیقات پر اکتفا نہیں کیا، علامہ کے نثری کارناموں، تحریروں، تقریروں، مکاتیب، ملفوظات سبھی سے اخذ و استفادہ کیا ہے۔ انہیں اپنے مقاصد و اہداف کے حصول کے لیے اس چابک دستی اور بانکپن سے استعمال کیا ہے کہ تشنگی کا احساس نہیں رہتا۔ مغربی تہذیب پر اقبال کی عمومی تنقید سے لے کر مغرب کے تصوراتِ وطنیت، مذہب و سیاست، سرمایہ داری و جاگیرداری، نظامِ تعلیم، آزادئ نسواں (بلکہ آزادہ روی نسواں)، آزاد خیال (بلکہ آوارہ خیال) مغرب پرستوں، قادیانیوں اور اشتراکیت پسندوں میں سے ایک ایک کو موضوعِ بحث بنا کر آخر میں یورپ کے مکمل زوال سے متعلق اقبال کے نقطۂ نگاہ کی وضاحت کی ہے۔
کتاب معنویت کی سطح پر حقائق سے لبریز ہے ہی، اس کی خوب کارانہ ظاہریت بھی مصنف کے ستھرے ذوق کی غماز ہے۔ ہر باب کے اختتام پر ماخذ و موارد کی نشاندہی ان کے ذوقِ تحقیق و تشخص کی آئینہ دار ہے، جسے نہ اہلِ نظر نظرانداز کر سکتے ہیں نہ تماشائی۔ یوں کتاب پکارے گلے اعلان کر رہی ہے کہ اقبال اس شاخِ نازک پر بننے والے آشیانے کو ناپائیدار سمجھتے ہیں اور اسے رہ گزر سیل بے پناہ میں خیال کرتے ہیں۔ اقبال کا یہ اظہار محض قیاسی، ظنی اور الَل ٹَپ نہ تھا، برسوں کی سوچ کا نتیجہ تھا۔ مدعی جس تہذیب اور جن فکری منابع کو اقبال کا سرچشمۂ فکر خیال کرتے ہیں، وہ انہیں بنگاہِ تنفر و استخفاف دیکھتے ہوئے آگے گزر جاتا ہے اور اعلان کر دیتا ہے کہ
برا نہ مان ذرا آزما کے دیکھ اسے
فرنگ دل کی خرابی خرد کی معموری
پھر وہ اپنے اصل مورد پر پہنچ کر پوری طمانیت سے کہتا ہے اور پورے زور سے کہتا ہے:
گر دلم آئینہ بے جوہر است
ور بحرفم غیر قران مضمر است
پردۂ ناموس فکرم چاک کن
ایں خیاباں راز خارم پاک کن
تنگ کن رخت حیات اندر برم
اہلِ ملت را نگہدار از شرم
روز محشر خوار و رسوا کن مرا
نے نصیب از بوسہ کن مرا
ڈاکٹر پروفیسر عبد الغنی فاروق ہمارے شکریے کے مستحق ہیں کہ انہوں نے اس موضوع پر نہ صرف بکھرے موتی تلاش کیے بلکہ فکرِ اقبال کے تناظر میں ان کو اس شان سے پرویا اور سجایا ہے کہ ان کی چھوٹ سے مغرب زدہ آنکھیں خیرہ ہوتی جاتی ہیں۔ میرا احساس ہے کہ یہ کتاب اس خیالِ باطل کی تردید کرنے میں بہت اہم کردار ادا کرے گی جس کے تحت بہت سے اقبالیات کے طالب علم فکرِ اقبال کا آخری سرا مغرب میں تلاش کرنے بیٹھ جاتے ہیں۔ انہیں اس تحریر سے معلوم ہو سکے گا کہ حکیم الامت اپنے دور میں شاید سب سے بڑے نقادِ مغرب تھے۔


اخبار و آثار

ادارہ

فورم کے سالانہ سیمینار میں مولانا علی میاں مہمانِ خصوصی ہوں گے

ورلڈ اسلامک فورم کی مجلسِ عاملہ کا اجلاس ۱۸ جون کو ختمِ نبوت سنٹر لندن میں مولانا زاہد الراشدی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں گزشتہ سال کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ مولانا زاہد الراشدی نے دورۂ سعودی عرب اور مولانا محمد عیسیٰ منصوری نے جنوبی افریقہ، ری یونین، بھارت اور سعودی عرب کے دورے کی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ لکھنؤ میں انہوں نے مفکرِ اسلام حضرت مولانا ابو الحسن علی ندوی دامت برکاتہم سے ملاقات کر کے انہیں فورم کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ جس پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مولانا موصوف نے اگست کے دوران برطانیہ تشریف آوری کے موقع پر فورم کے پروگرام کے لیے وقت دینے کا وعدہ فرمایا ہے۔ چنانچہ اجلاس میں طے پایا کہ ورلڈ اسلامک فورم کا سالانہ سیمینار اگست میں منعقد ہو گا جس میں حضرت مولانا ابو الحسن علی ندوی مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ سیمینار کی تاریخ اور جگہ کا اعلان مولانا موصوف کے ساتھ پروگرام کے تعین کے بعد جلد کر دیا جائے گا، ان شاء اللہ تعالیٰ۔
اجلاس میں ’’اسلامک ہوم اسٹڈی کورس‘‘ کی رفتار کا بھی جائزہ لیا گیا جو ایک سال سے تسلسل کے ساتھ جاری ہے اور تین درجن کے لگ بھگ طلبہ اور طالبات کو اردو اور انگلش میں مطالعۂ اسلام کا کورس فراہم کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں طے پایا کہ عالمِ اسلام کو درپیش مسائل بالخصوص انسانی حقوق کے حوالے سے اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں عالمی ذرائع ابلاغ کے منفی پراپیگنڈا کو سامنے رکھتے ہوئے متعلقہ موضوعات پر برطانیہ کے مختلف شہروں میں مجالس مذاکرہ کا اہتمام کیا جائے گا، ان شاء اللہ تعالیٰ۔
اجلاس میں تبلیغی جماعت کے امیر حضرت مولانا انعام الحسن کاندھلویؒ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔

مولانا شاہ احمد نورانی، مولانا محمد تقی عثمانی اور مولانا حبیب اللہ مختار سے ملاقات

ورلڈ اسلامک فورم کے چیئرمین مولانا زاہد الراشدی نے لندن جاتے ہوئے ۶ جون کو ایک روز کراچی میں قیام کیا اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سربراہ مولانا شاہ احمد نورانی، سپریم کورٹ کے شریعت ایپلٹ بنچ کے رکن جسٹس مولانا محمد تقی عثمانی، اور جامعہ علومِ اسلامیہ بنوری ٹاؤن کے سربراہ مولانا ڈاکٹر حبیب اللہ مختار اور مولانا ڈاکٹر عبد الرزاق اسکندر سے ملاقات کی۔ اقراء ڈائجسٹ کے ایڈیٹر مولانا محمد جمیل خان، مولانا قاری محمد عثمان اور مولانا عزیز الحق ہزاروی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
مولانا راشدی نے ان راہنماؤں سے انسانی حقوق کے حوالے سے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف عالمی سطح پر ہونے والے منفی پراپیگنڈا سے پیدا شدہ صورتحال پر بات چیت کی اور اس بات پر زور دیا کہ علمی و دینی اداروں کو انسانی حقوق کے بارے میں دینی موقف کی وضاحت کا اہتمام کرنا چاہیے۔
انہوں نے جمعیت علماء اسلام کے راہنما مولانا حافظ عبد القیوم نعمانی سے ان کی والدہ محترم کی وفات پر تعزیت کی اور جامعہ عثمانیہ معین آباد لانڈھی کے مہتمم مولانا حافظ اقبال اللہ کی دعوت پر جامعہ میں علماء کرام کے ایک اجتماع سے خطاب کیا۔

مولانا راشدی لندن پہنچ گئے

ورلڈ اسلامک فورم کے چیئرمین مولانا زاہد الراشدی ۷ جون کو لندن پہنچ گئے ہیں جہاں دو تین ماہ قیام کریں گے اور فورم کے سالانہ اجلاس کی صدارت کے علاوہ مختلف شہروں میں دینی اجتماعات سے خطاب کریں گے، ان شاء اللہ تعالیٰ۔ اس سال ان کا قیام اسلامک کلچرل سنٹر ویمبلی میں ہے جس کا ایڈریس درج ذیل ہے:
72 Harrow Road, Wembley Middx, U.K.

مولانا راشدی کو امریکی ویزے سے انکار

پاکستان میں امریکی سفارتخانے نے مولانا زاہد الراشدی کو امریکہ کا ویزا دینے سے ایک بار پھر انکار کر دیا ہے۔ انہیں جمعیت المسلمین واشنگٹن ڈی سی نے جولائی کے دوران مختلف دینی اجتماعات سے خطاب کی دعوت دی تھی، لیکن لاہور میں امریکی قونصل خانے نے باضابطہ دعوت نامہ کے باوجود ویزا دینے سے انکار کر دیا۔ مولانا راشدی اس سے قبل باقاعدہ ویزے پر ۱۹۸۷ء، ۱۹۸۸ء، ۱۹۸۹ء اور ۱۹۹۰ء میں چار بار امریکہ جا کر درجنوں اجتماعات سے خطاب کر چکے ہیں۔ لیکن گزشتہ دو سال سے امریکی سفارت خانہ انہیں ویزا دینے سے مسلسل انکار کر رہا ہے۔
مولانا راشدی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہیں پاکستان کے قومی و دینی معاملات میں بڑھتی ہوئی امریکی مداخلت کے خلاف دینی حلقوں کو منظم کرنے کی مسلسل جدوجہد کی پاداش میں انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جو انسانی حقوق اور آزادئ رائے کے حوالہ سے امریکی پالیسی کے دوغلے پن کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں سے رجوع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

برطانیہ میں ختمِ نبوت کانفرنسوں کے پروگرام

اس سال عالمی مجلس تحفظِ ختمِ نبوت کے زیر اہتمام سالانہ عالمی ختمِ نبوت کانفرنس ۶ اگست اتوار کو مرکزی جامع مسجد برمنگھم برطانیہ میں ہو گی۔ جبکہ ۳۰ جولائی اتوار کو سنٹرل مسجد وائٹ چیپل لندن میں اور ۱۳ اگست اتوار کو مرکزی جامع مسجد گلاسگو میں ختمِ نبوت کانفرنس منعقد ہو گی۔ ختمِ نبوت سنٹر لندن کے انچارج الحاج عبد الرحمٰن یعقوب باوا نے بتایا کہ ان کانفرنسوں کی صدارت عالمی مجلس تحفظِ ختمِ نبوت کے سربراہ حضرت مولانا خواجہ خان محمد مدظلہ کریں گے اور ان میں مختلف ممالک کے سرکردہ علماء کرام اور دانشور خطاب کریں گے، ان شاء اللہ تعالیٰ۔

الکیمیا

حکیم عبد الرشید شاہد

عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ ہر طبی رسالہ میں چند صفحے ’’الکیمیا‘‘ کے عنوان کے لیے وقف کیے جاتے ہیں اور بڑے لمبے لمبے لچھے دار الفاظ میں نسخہ جات کا اظہار کیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں ہر ایک نسخہ کے آخر میں گارنٹی شدہ لفظ ’’مجرب‘‘ ضرور درج ہوتا ہے۔ معلوم نہیں ایسے نسخے کس جنم میں تجربہ کی کسوٹی پر پرکھے جاتے ہیں۔ میرے جیسے بھولے بھالے مبتدی جب نسخہ کے آخری الفاظ دیکھتے ہیں کہ ’’اس کے کرنے سے شمس گردد‘‘ یا ’’قمر گردد‘‘ تو بس جھٹ بازار میں جا کر اجزا خریدتے ہیں اور تجربہ شروع کر دیتے ہیں۔ خود گھر میں کھانے کو ایک دانہ تک نہ ہو اور خود اپنے جسم کے کپڑے ہی کیوں نہ فروخت کرنے پڑیں، ان کا خیال ہوتا ہے کہ بس اس نسخہ کے بنانے سے تمام مشکلات حل ہو جائیں گی، لیکن نتیجہ وہی ڈھاک کے تین پات اور ایک آنچ کی کسر ہی ہوتی ہے۔
گو علمِ کیمیا کے وجود کا انکار نہیں لیکن اس کے نام نہاد ماہر بھی عالم نہیں ہیں۔ اکثر رسائل میں سینکڑوں دعوے دار اپنے نسخے جات کو مجرب بیان کرتے ہیں اور اکثر تبادلہ کے لیے چیلنج دیتے ہیں۔ لیکن آج تک ان سینکڑوں دعوے داروں میں کوئی ایک ایسا نہیں دیکھا گیا جو امارت کو پہنچ سکا ہو۔ اگر ان ماہرینِ فن کی خدمت میں التماس کی جائے کہ بھائی براہ مہربانی فی سبیل اللہ ایک سال اپنے فن کے صدقے صرف ایک سیر ذہب تیار کر کے کسی مذہبی ادارہ یا مسجد کو وقف کر دو، اور اگر ایسا نہیں کر سکتے تو فی زمانہ بے روزگاری کو مدنظر رکھتے ہوئے ان غریبوں، مسکینوں پر خرچ کرو جو زمانہ کی نیرنگیوں سے تنگ آ کر آئے دن خودکشی کر رہے ہیں۔ اپنے فن مبارک کے طفیل خدمتِ خلق کر کے ثوابِ دارین حاصل کریں اور اپنے غریب و افلاس زدہ ملک کو مفلسی کے چنگل سے چھٹکارہ دلائیں، تو سب صاحبان فورًا چپ سادھ لیتے ہیں گویا کہ سانپ ہی سونگھ گیا ہے۔
اس میں شک نہیں کہ اس مبارک فن کی تلاش میں قرونِ اولیٰ کے لوگ بھی سرگردان رہے ہیں اور خاص کر اہالیانِ عرب نے بیش از بیش حصہ لیا ہے۔ بہرحال سب اس فن کو سرسبز کرنے والے اپنا اپنا راگ الاپ کر راہی ملک بقا ہوئے اور ہو رہے ہیں، گوہرِ مراد ہاتھ آنا تھا نہ آیا اور نہ ہی غنچۂ امید کھلا۔ اس لیے ضروری ہے کہ رسائل اس فن کے نسخہ جات کو درج کر کے غریب لوگوں کو گمراہ نہ کریں۔ یہ فن کوئی معمولی بچوں کا کھیل نہیں کہ کس و ناکس کو اس پر عبور حاصل ہو جائے۔ یہ ایک ذوالمنن کی قدرت کا کرشمہ ہے جسے چاہے عطا کرے۔ جس کے مقدر میں لکھا ہے وہی پائے گا۔ اگر دنیا میں علمِ کیمیا عام ہو جائے اور ہر اہل و نا اہل اس کا استاد بن جائے تو کارخانۂ قدرت درہم برہم ہو جائے۔

اگست ۱۹۹۵ء

ورلڈ اسلامک فورم کی تین سالہ کارکردگی پر ایک نظرمولانا ابوعمار زاہد الراشدی 
پاکستان کے دینی حلقے اور مغربی ذرائع ابلاغمولانا ابوعمار زاہد الراشدی 
استاذ العلماء حضرت مولانا محمد عبد اللہ کاپودروی مدظلہ العالی (گجرات انڈیا) کا مکتوب گرامیحضرت مولانا عبد اللہ کاپودروی 
پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سالانہ رپورٹ کا جائزہمولانا ابوعمار زاہد الراشدی 
’’خطباتِ دین پوریؒ‘‘ (جلد اول و دوم)پروفیسر ظفر اللہ شفیق 

ورلڈ اسلامک فورم کی تین سالہ کارکردگی پر ایک نظر

مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

افغانستان میں مجاہدین کے ہاتھوں روسی استعمار کی پسپائی اور عالمی سرد جنگ کے نتیجہ میں سوویت یونین کے خاتمہ کے بعد ملت اسلامیہ پوری دنیا میں ایک نئی صورتحال سے دوچار ہوگئی ہے۔ مغرب نے امریکی استعمار کی قیادت میں کمیونزم کے بعد اسلام کو اپنا سب سے بڑا حریف قرار دیتے ہوئے ملت اسلامیہ کے ان طبقوں کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے جو اسلام کو اپنی شناخت قرار دیتے ہیں اور مسلم معاشرہ میں اسلامی اصولوں کی بالادستی اور حکمرانی کے لیے برسرپیکار ہیں۔

ویسٹرن سولائزیشن کی بنیاد انسانی معاشرہ کے اجتماعی معاملات میں مذہب کے کسی بھی عملی کردار سے انکار پر ہے۔ مغربی دانشور یہ سمجھتے ہیں کہ عالم اسلام کے کسی حصہ میں دینی اقدار کی بنیاد پر صحیح مسلم معاشرہ وجود میں آگیا تو وہ ویسٹرن سولائزیشن کے لیے حقیقی خطرہ ثابت ہوگا اور اضمحلال کی طرف تیزی کے ساتھ بڑھتا ہوا مغربی معاشرہ تازہ دم اسلامی سوسائٹی کا سامنا نہیں کر پائے گا۔ اسی خطرہ کے پیش نظر مغربی حکومتیں، لابیاں اور ذرائع ابلاغ انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ ایسے اقدامات میں مصروف ہیں جو عالم اسلام میں دینی تحریکات کی راہ میں رکاوٹ بن سکیں اور مسلم ممالک میں بے دینی کے اثرات کو مستحکم کر سکیں۔

مغربی دانشوروں کا خیال تھا کہ گزشتہ دو سو سال کے عرصہ میں مسلم ممالک پر مغربی ممالک کے تسلط کے دوران ان علاقوں میں آزاد خیالی اور تہذیب و ترقی کے نام پر مذہبی اقدار سے بے زاری کا جو بیج بویا گیا ہے اس کی فصل پک چکی ہے اور اب مذہبی حلقوں میں نئے رجحانات کا سامنا کرنے کی سکت باقی نہیں رہی۔ اسی طرح مغربی اہل دانش یہ سمجھتے ہیں کہ مختلف مسلمان ملکوں سے مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد روزگار کی تلاش میں مغربی ممالک میں آبسی ہے، وہ یا ان کی آئندہ نسل مکمل طور پر مغربی سانچے میں ڈھل کر اپنے علاقوں میں مغربیت کے اثرات کی تقویت کا سامان فراہم کرے گی۔ لیکن مغربی دانشوروں کے یہ دونوں خیال غلط ثابت ہوئے ہیں اور جہاں مسلم ممالک میں دن بدن قوت پکڑتی ہوئی دینی بیداری کی تحریکات نے مغرب کی سیکولر لابیوں کی توقعات خاک میں ملا دی ہیں وہاں مغربی ممالک میں مقیم مسلمانوں میں اپنے دینی تشخص کو برقرار رکھنے کا روز افزوں احساس بھی مغربی دانشوروں کے لیے پریشان کن صورت اختیار کرتا جا رہا ہے ۔

اسلام دین فطرت ہے جس کی بنیاد وحی الٰہی پر ہے اور وہ محض چند عبادات یا اخلاقی ہدایات کا مجموعہ نہیں بلکہ انسانی معاشرہ کی تمام ضروریات پر محیط مکمل نظام حیات ہے جو انسانی معاشرہ میں اپنی ضرورت و افادایت کو فطری انداز میں اجاگر کرتا جا رہا ہے۔ جبکہ تکوینی طور پر بھی عالمی سطح پر رونما ہونے والی بعض تبدیلیاں اسلام کے ساتھ انسانیت کے مستقبل کا رشتہ جوڑتی دکھائی دے رہی ہیں ۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ ان قوتوں کی سرگرمیاں بھی بڑھتی جا رہی ہیں جو اسلام کا راستہ روک دینا چاہتی ہیں اور عالم اسلام کی دینی قوتوں کے خلاف فیصلہ کن محاذ آرائی کا آغاز کر چکی ہیں۔

ملت اسلامیہ کے ساتھ مغربی قوتوں کا معاملہ اس سے قبل بھی کبھی دوستانہ نہیں رہا لیکن روسی استعمار کے خلاف سرد جنگ کے دوران مسلم ممالک کے ساتھ بظاہر ہمدردانہ تعلق مغرب کی اپنی ضرورت تھا جو اس ضرورت کی حد تک اس دوران ضرور قائم رہا مگر اسی تعلق کے حوالے سے مغرب کو مسلم ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کو بڑھانے اور مسلم دارالحکومتوں میں اپنی گھاتیں قائم کرنے کا موقع بھی ملتا رہا ہے جو آج بھی مغربی مفادات کے لیے پوری کامیابی کے ساتھ استعمال ہو رہی ہیں اور دینی حلقوں کے مقابلے کے لیے ’’روبوٹ‘‘ کا کام دے رہی ہیں۔

روسی استعمار کا خاتمہ اور اس کے تسلط سے افغانستان اور وسطی ایشیا کی ریاستوں کی آزادی عالم اسلام اور مغربی استعمار کی مشترکہ ضرورت تھی جس کے لیے ایک عرصہ تک دونوں میں تعاون کی فضا قائم رہی۔ لیکن آج جبکہ مشترکہ دشمن سامنے سے ہٹ گیا ہے، عالم اسلام اور مغربی استعمار کے درمیان باہمی تعاون و مفاہمت کی مجبوری باقی نہیں رہی تو دونوں ایک دوسرے کے حریف کے طور پر آمنے سامنے کھڑے ہیں۔ اس میں مغرب کو یہ تفوق بہرحال حاصل ہے کہ وہ مستحکم ہے، منظم ہے، متحد ہے، اس کے وسائل مجتمع اور ترقی یافتہ ہیں اور اس کی ترجیحات طے شدہ ہیں۔ جبکہ عالم اسلام منتشر ہے، غیر مستحکم ہے، اپنے وسائل پر اس کا کنٹرول نہیں ہے، اس کی بیشتر حکومتیں مغرب کی ہمدرد یا اس سے مرعوب ہیں اور ترجیحات تو رہیں ایک طرف اس کے اہداف بھی واضح طور پر متعین نہیں ہیں۔ دوسرے الفاظ میں آپ اس صورتحال کو یوں بھی بیان کر سکتے ہیں کہ اسلام کی بالادستی کا راستہ روکنے کی اس جنگ میں مغرب کی مستحکم حکومتوں، منظم لابیوں اور ترقی یافتہ ذرائع ابلاغ کا مقابلہ مسلم ممالک کی حکومتوں سے نہیں بلکہ ان دینی تحریکات سے ہے جو اپنی اپنی جگہ پورے اخلاص کے ساتھ جدوجہد کر رہی ہیں۔ لیکن نہ ان تحریکات کے پاس اقتدار اور حکومت کے وسائل ہیں اور نہ وہ باہمی ربط و مشاورت اور مشترکہ قیادت سےبہرہ ور ہیں جو اس جنگ میں ان کے لیے اجتماعی حکمت عملی اور ترجیحات کا تعین کر سکے۔

مغرب اس جنگ کو بھی سرد جنگ کے دائرے میں محدود رکھے ہوئے ہے اور اسلحہ اور ہتھیار کا استعمال انتہائی اہم ضرورت کے بغیر اس کی ترجیحات میں شامل نہیں ہے۔ بلکہ اس جنگ میں اس کے اصل ہتھیار تعلیم، میڈیا اور نفسیاتی حربے ہیں جن کے ذریعے وہ ملت اسلامیہ کی رائے عامہ کے ذہن کو کنٹرول میں رکھنا چاہتا ہے۔ تاکہ وہاں تک عالم اسلام کی دینی قوتوں کی رسائی نہ ہو سکے اور دنیا کی مسلم رائے عامہ کی عظیم قوت اسلامی اصولوں کی بالادستی اور ایک صحیح مسلم معاشرہ کے قیام کی طرف پیش رفت نہ کر سکے۔ اس مقصد کے لیے

اس صورتحال میں شدت کے ساتھ اس امر کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی کہ عالمی سطح پر حالات کی تیز رفتار تبدیلی اور اس کے نتیجے میں سامنے آنے والے نئے تقاضوں اور ضروریات کی طرف دینی حلقوں کو متوجہ کرنے کے لیے منظم جدوجہد کی جائے۔ کیونکہ بدقسمتی سے آنے والے حالات کے رخ کا بروقت اندازہ کرنا اور اس کے تقاضوں کو محسوس کرنا ہمارے قومی مزاج کا حصہ نہیں بن سکا اور پہلی چار پانچ صدیوں کو چھوڑ کر ہر دور میں ملت اسلامیہ کو نئے تقاضوں کا احساس دلانے کے لیے اہل فکر و دانش کو خاصی چیخ و پکار کرنا پڑی ہے۔ جیسا کہ برصغیر کے معرف دانشور مفکر احرار چودھری افضل حق مرحوم نے قوموں کا مزاج بیان کرتے ہوئے لکھا ہے کہ انگریز کوئی کام کرنے سے پہلے سالوں سوچتا ہے اور اس کی منصوبہ بندی کرتا ہے، ہندو مہینوں پہلے سوچتا ہے اور اس کے مثبت اور منفی پہلوؤں کا جائزہ لیتا ہے، جبکہ مسلمان کام کرتا جاتا ہے اور سوچتا جاتا ہے۔ اور برصغیر ہی کی ایک اور قوم کے بارے میں لکھا ہے کہ وہ کام کرچکنے کے بعد سوچنے کی عادی ہے۔ مگر مغربی میڈیا کی فسوں کاری کی داد دینا پڑتی ہے کہ مسلمان کو اس مقام پر بھی نہیں رہنے دیا کہ وہ کام کرتے ہوئے بھی سوچ اور فکر سے کام لے سکے، چنانچہ یہ المناک صورتحال دیکھنا پڑ رہی ہے کہ کام ہو رہا ہے مگر کام کرتے ہوئے بھی اس کے سود و زیاں کے بارے میں سوچنے کی عادت بیدا رنہیں ہو رہی۔

مسلم ممالک میں دینی حلقوں اور جماعتوں کی کمی نہیں بلکہ بعض مقامات پر وہ ایک سے دو، اور دو سے تین ہوتی جا رہی ہیں۔ دینی ادارے مسلسل قائم ہو رہے ہیں، سوسائٹیاں بن رہی ہیں، اپنی اپنی بساط کے مطابق سب لوگ کام کر رہے ہیں اور وسائل، محنت اور خلوص کا فقدان بھی نہیں ہے۔ مگر جس چیز کا فقدان ہے وہ ہے: حالات کی تبدیلی کا احساس، نئے تقاضوں سے آگاہی، باہمی ربط و مشاورت کے ساتھ کام کرنے کی ترجیحات اور تقسیم کار کا تعین، اور مشترکہ اہداف کے لیے مشترکہ جدوجہد کا اہتمام۔

دینی اداروں اور تحریکات کی جدوجہد میں یہ خلا حالات کی تیز رفتار تبدیلی کے پس منظر میں اہل فکر و دانش کو زیادہ شدت کے ساتھ محسوس ہو رہا ہے اور یہی احساس ’’ورلڈ اسلامک فورم‘‘ کے قیام کا بنیادی محرک بنا ہے۔ ورلڈ اسلامک فورم کا قیام نومبر ۱۹۹۲ء کے دوران لندن میں عمل میں لایا گیا تھا جب لیٹن سٹون لندن میں الحاج غلام قادر کی رہائش گاہ پر چند اہل فکر جمع ہوئے، بزرگ عالم دین حضرت مولانا مفتی عبد الباقی رحمہ اللہ تعالیٰ کی صدارت میں اجلاس ہوا اور مندرجہ ذیل مقاصد کے لیے فورم کے قیام کا فیصلہ کیا گیا:

عام طور پر کسی نئے کام کے لیے نئی جماعت اور حلقے کا قیام ہمارے ہاں ضروری سمجھا جاتا ہے لیکن ہوتا یہ ہے کہ جماعت، حلقے یا ادارے کے قیام کے بعد توجہات اور صلاحیتوں کا بیشتر حصہ اپنے وجود کا احساس دلانے، دائرہ کو وسعت دینے اور جداگانہ تشخص کو برقرار رکھنے پر صرف ہو جاتا ہے، جبکہ اصل ہدف و مقاصد توجہات کا بہت کم حصہ حاصل کر پاتے ہیں۔ اسی لیے ورلڈ اسلامک فورم کے قیام کے ساتھ ہی یہ حکمت عملی اختیار کر لی گئی تھی کہ فورم کو مستقل جماعت یا فکری حلقہ کی شکل دینے کی بجائے ہم خیال دوستوں کی ایک سوسائٹی کے درجہ میں رکھا جائے گا اور جو ادارے، حلقے، جماعتیں اور گروہ مختلف محاذوں پر کام کر رہے ہیں انہی کو توجہ دلا کر اجتماعی مقاصد کی طرف پیش رفت کی کوشش کی جائے گی۔ گویا ورلڈ اسلامک فورم تمام علمی و دینی اداروں، جماعتوں اور حلقوں کا خادم ادارہ ہے جس کا کام وقت کے تقاضوں کو محسوس کرنا، ان کی نشاندہی کرنا اور متعلقہ اداروں کو ان کی طرف توجہ دلا کر ان کی بریفنگ کا اہتمام کرنا ہے۔ اس کے ساتھ تعلیم اور میڈیا کے شعبوں میں خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا اور اس سلسلہ میں چند عملی اقدامات بھی کیے گئے جن کی تفصیل آگے آرہی ہے۔

کسی نئی جماعت یا سوسائٹی کے قیام کے بعد کام کو منظم کرنے کے لیے وسائل و اسباب کی فراہمی سب سے اہم مسئلہ ہوتی ہے جس کے لیے عام چندے یا مسلم حکومتوں سے رابطے کا راستہ اختیار کیا جاتا ہے لیکن فورم کے لیے معروضی حالات میں ان میں سے کوئی طریق کار اختیار کرنا مشکل تھا۔ عام چندہ اس لیے کہ مساجد میں عمومی چندہ کے لیے جو طریق کار اختیار کیا جاتا ہے وہ ہمارے نزدیک باوقار صورت نہیں ہے اور کسی مسلم حکومت کے ساتھ رابطہ سے اس لیے گریز کیا گیا کہ عالم اسلام بالخصوص مغربی ممالک کے مسلمانوں میں مختلف مسلم حکومتوں اور لابیوں اور ان کے درمیان کشمکش کی جو صورتحال کافی عرصہ سے دیکھنے میں آرہی ہے اس کے پیش نظر کسی مسلم حکومت کی لابی سے وابستہ ہونا فورم کے بنیادی مقاصد سے مطابقت نہیں رکھتا اور اس قسم کی وفادارانہ وابستگی کے بغیر کوئی حکومت کسی ادارے سے تعاون کے لیے تیار نہیں ہوتی۔ اس لیے ہم نے یہ فیصلہ کر لیا کہ فورم کے کاموں کو ممبرشپ کی فیس اور اصحاب خیر کے تعاون سے آگے بڑھایا جائے گا مگر بدقسمتی سے ہم نہ تو زیادہ تعداد میں دوستوں کو ممبرشپ کے لیے آمادہ کر سکے اور نہ ہی اصحاب خیر کو اپنے پروگرام کی اہمیت سمجھانے میں ہمیں کامیابی ہوئی ہے۔ اس لیے اسباب و وسائل کا پہلو خاصا تشنہ ہے اور اس سلسلہ میں فورم مسلسل مقروض اور زیربار ہے۔ اس کے باوجود ورلڈ اسلامک فورم اپنے قیام کے بعد سے اب تک پونے تین سال کے عرصہ میں جو خدمات سرانجام دے سکا ہے اس کی رپورٹ پیش خدمت ہے۔

اسلامک ہوم اسٹڈی کورس

مغربی ممالک میں مقیم مسلمان بچوں اور بچیوں کو دینی معلومات سے آراستہ کرنے کے لیے انگلش اور اردو دو زبانوں میں خط و کتابت کورس ’’اسلامک ہوم اسٹڈی کورس‘‘ کے نام سے شروع کیا گیا ہے۔ اس کورس کے لیے اسباق دعوہ اکیڈمی انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد پاکستان نے فراہم کیے ہیں اور اس کے انتظامات ورلڈ اسلامک فورم کی نگرانی میں مدنی ٹرسٹ، مدنی مسجد نوٹنگھم برطانیہ کے سپرد ہیں جو مولانا رضاء الحق کی سربراہی میں انہیں حسن و خوبی کے ساتھ انجام دے رہا ہے۔

مطالعہ اسلام کا یہ ایک سالہ کورس گزشتہ سال شروع کیا گیا تھا جس میں تین درجن کے لگ بھگ طلبہ اور طالبات شریک ہیں اور اس سال اگست میں مکمل ہونے والا ہے۔ اس کے دفتری اور ڈاک کے اخراجات کے لیے تیس پونڈ سالانہ فیس رکھی گئی ہے اور اگلے سال کے کورس کا آغاز ستمبر میں ہونے والا ہے، ان شاء اللہ تعالیٰ۔

قرآن کریم کا انگلش ترجمہ

مدینہ یونیورسٹی کے فاضل استاذ الشیخ تقی الدین الہلالی اور ڈاکٹر محمد محسن خان کا مرتب کردہ انگریزی ترجمہ قرآن کریم اپنی زبان اور حاشیہ میں مستند معلومات کے لحاظ سے علمی حلقوں میں پسند کیا گیا ہے۔ ورلڈ اسلامک فورم نے اس کا ایک ایڈیشن اپنی طرف سے شائع کیا ہے جو لاگت ہدیہ پر شائقین کو فراہم کیا گیا ہے اور اب قریب الاختتام ہے۔

فکری نشستیں

ورلڈ اسلامک فورم نے عالم اسلام کو درپیش مسائل کے بارے میں ماہانہ فکری نشستیں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو اگرچہ پورے تسلسل کے ساتھ جاری نہیں رہ سکیں تاہم اس دوران لندن، اسلام آباد، کراچی، لاہور، گوجرانوالہ اور ہری پور ہزارہ میں بیس کے لگ بھگ فکری نشستوں کا انعقاد ہوا۔ ان نشستوں میں انسانی حقوق، توہین رسالتؐ کی سزا، عالم اسلام کے بارے میں امریکی عزائم، قاہرہ کانفرنس کے فیصلے اور دیگر اہم موضوعات پر خطاب کرنے والوں میں شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر، حضرت مولانا سعید احمد پالن پوری، حضرت مولانا عتیق الرحمان سنبھلی، حضرت مولانا قاضی مجاہد الاسلام قاسمی، حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی اور حضرت مولانا محمد عبد اللہ کاپودروی جیسی سرکردہ علمی شخصیات بھی شامل ہیں۔

سالانہ تعلیمی سیمینار

ورلڈ اسلامک فورم نے لندن میں بڑے پیمانے پر سالانہ تعلیمی سیمینار کے سلسلہ کا آغاز کیا۔ اس سلسلہ میں پہلا سالانہ سیمینار ۱۵ اگست ۱۹۹۳ء کو کانوے ہال ہالبورن لندن میں مولانا مفتی عبد الباقیؒ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں بھارت کے ممتاز عالم دین حضرت مولانا مجاہد الاسلام قاسمی مہمان خصوصی تھے۔ جبکہ ان کے علاوہ ڈاکٹر علامہ خالد محمود، مولانا عبد اللہ کاپودروی، مولانا پیر سید بدیع الدین شاہ راشدی، صاحبزادہ پیر سید سلطان فیاض الحسن قادری، مولانا قاضی محمد رویس خان ایوبی اور مختلف مکاتب فکر کے دیگر علماء کرام اور دانشوروں نے خطاب کیا۔

جبکہ دوسرا سالانہ سیمینار ۶ اگست ۱۹۹۴ء کو اسلامک سنٹر ریجنٹ پارک لندن میں دعوہ اکیڈمی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمود احمد غازی کی صدارت میں منعقد ہوا جس سے ڈربن یونیورسٹی جنوبی افریقہ کے شعبہ اسلامیات کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر سید سلمان ندوی، دارالعلوم دیوبند کے استاذ الحدیث حضرت مولانا سید ارشد مدنی، لاہور سے ماہنامہ محدث کے مدیر مولانا حافظ عبد الرحمان مدنی، پاکستان کے شہید صحافی و دانشور محمد صلاح الدین مدیر تکبیر اور دیگر زعماء نے خطاب کیا۔

تعلیمی جائزہ رپورٹ

ورلڈ اسلامک فورم نے برطانیہ میں بچوں کی دینی تعلیم کے لیے کام کرنے والے مکاتب کے نظام اور نصاب کا جائزہ لینے کے لیے مکاتب کے سینئر اساتذہ کے درمیان مذاکرہ و گفتگو کا اہتمام کیا جس میں مکاتب کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے اسے مزید بہتر اور مفید بنانے کے لیے سفارشات اور تجاویز پر مشتمل ’’جائزہ رپورٹ‘‘ مرتب کی گئی۔ یہ رپورٹ مختلف اخبارات و جرائد میں شائع ہونے کے علاوہ پمفلٹ کی صورت میں بھی سامنے آچکی ہے اور متعدد مکاتب کو بھجوائی گئی ہے۔

ماہنامہ الشریعہ

الشریعہ اکادمی گوجرانوالہ پاکستان کے علمی و فکری جریدہ ماہنامہ الشریعہ کو، جو اکتوبر ۱۹۸۹ء سے باقاعدگی کے ساتھ شائع ہو رہا ہے، ورلڈ اسلامک فورم کے قیام کے بعد فورم کے آرگن کی حیثیت دے دی گئی تب سے وہ فورم کے موقف اور سرگرمیوں کی اشاعت کی خدمات مسلسل سرانجام دے رہا ہے۔ ماہنامہ الشریعہ اردو زبان میں شائع ہوتا ہے اور دینی و علمی حلقوں میں بحمد اللہ تعالیٰ وقعت کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ وسائل کی کمی اور کاغذ کی روز افزوں مہنگائی کے باعث اس کے سائز اور ضخامت میں کمی کرنا پڑی ہے لیکن بحمد اللہ تعالیٰ اس کی باقاعدگی اور تسلسل میں کوئی فرق نہیں آیا۔

سیٹلائیٹ میڈیا

سیٹلائیٹ میڈیا تک رسائی اور ملی مقاصد کے لیے اس کے استعمال کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے ورلڈ اسلامک فورم نے ۲۸ مئی ۱۹۹۴ء کو لندن میں میڈیا ماہرین کے ایک خصوصی مذاکرہ کا اہتمام کیا جس میں جناب ڈاکٹر اکبر ایس احمد مہمان خصوصی تھے۔ مذاکرہ میں سیٹلائیٹ چینل کے لیے ’’دیڈیو ویژن انٹرنیشنل‘‘ کے ڈائریکٹر جناب سلیم مرزا نے ورلڈ اسلامک فورم کی فرمائش پر ایک رپورٹ مرتب کی جس میں یورپ، مشرق وسطیٰ اور برصغیر پاک و ہند و بنگلہ دیش پر محیط سیٹلائیٹ چینل کا پروگرام پیش کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈڈلی برطانیہ کے جناب محمد جمیل نے ’’چاند ٹی وی‘‘ کے نام سے رپورٹ مرتب کی ہے جس کا دائرہ کار یورپ ہے اور وہ یورپ میں مقیم مسلمانوں کے لیے پروگرام شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ورلڈ اسلامک فورم نے برطانیہ اور پاکستان کے ماہرین سے ان دونوں رپورٹوں کے بارے میں مشورہ کیا ہے جس کے مطابق ان میں پیش کردہ پروگرام قابل عمل ہے مگر اصل مسئلہ سرمائے کا ہے۔ ہمارے خیال میں ایسا کوئی بھی پروگرام کسی حکومت کی امداد یا عوامی چندے کے ساتھ شروع کرنے کی بجائے تجارتی بنیادوں پر چلانا زیادہ مناسب اور قابل عمل ہوگا۔ اس لیے ایسے مسلمان تاجروں کی تلاش جاری ہے جو تجارتی بنیاد پر اس کام کو سنبھال سکیں۔ ورلڈ اسلامک فورم نے اس سلسلہ میں یہ پیشکش کی ہے کہ اسے پبلک لمیٹڈ فرم بنانے کی صورت میں حصص کی فروخت کی مہم میں فورم بھرپور طور پر شریک ہوگا۔

مختلف ممالک کے دورے

ورلڈ اسلامک فورم کے چیئرمین ابوعمار زاہد الراشدی اور سیکرٹری جنرل مولانا محمد عیسیٰ منصوری نے فورم کے پروگرام سے اہل علم و دانش کو متعارف کرانے کے لیے برطانیہ کے مختلف شہروں کے مسلسل اسفار کے علاوہ بیرونی ممالک کے دورے بھی کیے۔ اس دوران مولانا راشدی نے سعودی عرب، ازبکستان، کینیا اور کابل کا دورہ کیا جبکہ مولانا منصوری نے بھارت، پاکستان، جنوبی افریقہ، ری یونین اور سعودی عرب کا دورہ کیا اور ان ممالک کے سرکردہ مسلمان راہنماؤں سے فورم کے پروگرام اور مقاصد کے بارے میں تبادلہ خیالات کیا۔ ان میں سے بیشتر اصحاب فہم و دانش نے فورم کے پروگرام سے اتفاق کرتے ہوئے اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔

فورم کی سرپرستی

ورلڈ اسلامک فورم کے بانی، سرپرست جامع مسجد ویمبلڈن پارک لندن کے خطیب بزرگ عالم دین حضرت مولانا مفتی عبد الباقیؒ تھے جو ضعف اور علالت کے باوجود فورم کی عملی سرپرستی فرماتے رہے۔ ان کا ۱۴ اگست ۱۹۹۴ء کو انتقال ہوگیا ہے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ اللہ تعالیٰ انہیں جوار رحمت میں جگہ دیں، آمین یا الہ العالمین۔ ان کے علاوہ فورم کو جن بزرگوں کی عملی سرپرستی حاصل ہے ان کے اسمائے گرامی یہ ہیں:

شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر، گوجرانوالہ، پاکستان۔

استاذ العلماء حضرت مولانا محمد عبد اللہ کاپودروی، ترکیسر، گجرات، انڈیا۔

پروفیسر ڈاکٹر سید سلمان ندوی، ڈربن یونیورسٹی، جنوبی افریقہ (ابن حضرت علامہ سید سلیمان ندویؒ)

علاوہ ازیں عالم اسلام کی ممتاز علمی شخصیت مفکر اسلام حضرت مولانا سید ابوالحسن علی ندوی اور دارالعلوم دیوبند کے مہتمم حضرت مولانا مرغوب الرحمان نے اپنے مکاتیب گرامی میں فورم کی سرگرمیوں پر جس اطمینان اور مسرت کا اظہار فرمایا ہے وہ فورم کے لیے گراں قدر اور حوصلہ بخش سرمایہ ہے۔

ویسٹ واچ گروپ

ویسٹرن سولائزیشن نے انسانی معاشرہ کے لیے جو اخلاقی اور نفسیاتی مسائل پیدا کیے ہیں ان کا دائرہ دن بدن وسیع ہوتا جا رہا ہے اور مادر پدر آزادی کے خوفناک نتائج نے خود مغربی دانشوروں کو پریشانی سے دوچار کر دیا ہے۔ چنانچہ مغربی معاشرت کے ان پہلوؤں کو سامنے لانا اور ان کے منفی نتائج سے لوگوں کو آگاہ کرنا بھی ورلڈ اسلامک فورم کے پروگرام میں شامل ہے۔ اس مقصد کے لیے ’’ویسٹ واچ اسٹڈی گروپ‘‘ کے نام سے ایک سرکل قائم کیا گیا ہے جس کے سربراہ فورم کے ڈپٹی چیئرمین مولانا مفتی برکت اللہ ہیں جبکہ معروف دانشور اور ادیب فیاض عادل فاروقی اس کے سیکرٹری ہیں۔ لیکن اس کام کے لیے مکمل دفتری سہولتیں ضروری ہیں اس لیے اسے سردست پوری طرح منظم نہیں کیا جا سکا البتہ آئندہ پروگرام میں اسے پوری طرح اہمیت دینے کا خیال ہے۔

فورم کا ہیڈ آفس

ورلڈ اسلامک فورم کے قیام کے بعد سے ختم نبوت سنٹر ۳۵ اسٹاک ویل گرین لندن میں اس کا رابطہ دفتر قائم ہے اور محترم الحاج عبد الرحمان باوا فورم کے دفتری امور کی نگرانی کر رہے ہیں۔ لیکن یہ انتظام عارضی ہے اور فورم کے لیے اپنا ہیڈ آفس ضروری ہے جس کے لیے ارادہ یہ ہے کہ کوئی ایسی جگہ حاصل کی جائے جہاں دفتری ضروریات اور سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم کا مکتب بھی قائم کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے فارسٹ گیٹ لندن میں گزشتہ سال ایک بلڈنگ کا سودا کر کے چند دوستوں کے تعاون سے ابتدائی رقم بھی ادا کر دی گئی تھی لیکن باقی رقم کے حصول کے لیے پیش رفت نہ ہو سکی جس کی وجہ سے ہم وہ بلڈنگ حاصل نہ کر سکے۔ فورم کے اپنے دفتر اور مرکز کا قیام فورم کی سب سے بڑی اور بنیادی ضرورت ہے جو اصحاب خیر کے فراخ دلانہ تعاون سے ہی پوری ہو سکتی ہے اور امید ہے کہ ان شاء اللہ العزیز ہم جلد ہی اس مقصد میں کامیابی حاصل کر سکیں گے۔

یہ ہے ورلڈ اسلامک فورم کی کم و بیش تین سالہ کارکردگی کی رپورٹ جو ماضی کی رپورٹ ہونے کے ساتھ ساتھ مستقبل کے عزائم کی آئینہ دار بھی ہے۔ اس سے بخوبی اندازہ ہو جاتا ہے کہ فورم کے بنیادی مقاصد و اہداف کیا ہیں اور انہیں کن خطوط پر آگے بڑھانے کا پروگرام ہے۔ قارئین سے گزارش ہے کہ وہ ان مقاصد میں ہمارے لیے خلوص اور کامیابی کی دعا فرمائیں اور ضروری وسائل و اسباب کی فراہمی میں فراخدلانہ تعاون کے لیے ہاتھ بھی بڑھائیں کیونکہ اسباب کی اس دنیا میں کسی بھی کام کے لیے اللہ تعالیٰ کی مدد کے ساتھ احباب کا تعاون بھی ضروری ہے، امید ہے کہ احباب اس طرف ضرور توجہ فرمائیں گے۔

پاکستان کے دینی حلقے اور مغربی ذرائع ابلاغ

بی بی سی ۲ سے نشر کیے جانے والے ایک پروگرام کی تفصیل

مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

مغربی ذرائع ابلاغ ان دنوں عالم اسلام اور مسلمانوں کی جو تصویر دنیا کے سامنے پیش کر رہے ہیں وہ ملت اسلامیہ کے اہل علم و دانش کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ بالخصوص پاکستان کے دینی حلقوں کو جس انداز میں عالمی رائے عامہ کے سامنے متعارف کرایا جا رہا ہے اس کا پوری سنجیدگی کے ساتھ جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔

اس سلسلہ میں ہم قارئین کی خدمت میں معروف برطانوی نشریاتی ادارے ’’بی بی سی ۲‘‘ کے نشر کردہ ایک پروگرام کا خاکہ پیش کر رہے ہیں جس میں مختلف مذہبی پہلوؤں کے حوالے سے پاکستان کے دینی حلقوں کی تصویر کشی کی گئی ہے۔ یہ پروگرام سال رواں کے دوران ’’ایسٹ‘‘ کے نام سے کئی حصوں میں نشر ہوا ہے اور لندن میں ہمارے ایک محترم دوست نے اس کے پہلے دو حصے ریکارڈ کر رکھے ہیں اور انہی کے ہاں ہم نے یہ پروگرام دیکھے ہیں۔ پروگرام کے پہلے حصہ کے نشر ہونے کی تاریخ ریکارڈ میں نہیں آسکی البتہ دوسرے حصہ کے نشر ہونے کی تاریخ ۱۸ اپریل ریکارڈ پر موجود ہے۔

پروگرام کا آغاز جھنگ سے کیا گیا ہے جس میں بعض عورتوں کو گندم کی کٹائی اور چھٹائی کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور یہ بتایا گیا ہے کہ جھنگ ایک پسماندہ علاقہ ہے جہاں شیعہ سنی کشیدگی کا ایک طویل پس منظر موجود ہے۔ اس کے بعد بی بی سی کا کیمرہ مین ہمیں سیدھا مولانا حق نواز جھنگوی شہیدؒ اور مولانا ایثار القاسمی شہیدؒ کی قبروں پر لے جاتا ہے، ان کی قبروں کی تختیوں کو نمایاں کر کے دکھایا گیا ہے، پھر اچانک ایک جلسہ کا منظر سامنے آجاتا ہے جس سے مولانا اعظم طارق خطاب کر رہے ہیں۔ پروگرام پیش کرنے والا مولانا موصوف کا بحیثیت ایم این اے تعارف کراتا ہے اور مولانا کے خطاب کے بعض حصے سنائے جاتے ہیں جن میں جناب آیت اللہ خمینی کی بعض عبارات کا حوالہ دے کر شیعہ کی تکفیر پر زور دیا گیا ہے اور ’’کافر کافر شیعہ کافر‘‘ کے پرجوش نعرے سنائے جاتے ہیں۔

اس کے بعد کیمرہ مین ہمیں ایک دینی درسگاہ میں لے گیا ہے جو اپنی عمارت اور گرد و پیش کے پس منظر میں کسی پسماندہ علاقے کی درسگاہ نظر آرہی ہے۔ درسگاہ کے ایک کمرے میں بہت سے چھوٹے بڑے طالب علم سوئے ہوئے ہیں جو اذان کی آواز سن کر اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور وضو خانہ کی طرف بھاگ رہے ہیں۔ ان میں سے متعدد طلبہ کے پاؤں میں زنجیریں ہیں اور وہ اسی حالت میں زنجیریں سنبھالتے ہوئے وضو کر رہے ہیں۔ پھر انہیں نماز پڑھتے ہوئے دکھایا گیا ہے، اتنے میں ایک غریب خاتون کیمرے کے سامنے آجاتی ہے جو اس مدرسہ میں پڑھنے والے بچے کو ملنے آئی ہے۔ اس بچے کو اپنی ماں سے مدرسہ سے باہر ایک کھلی جگہ میں ملتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ماں سے پوچھا گیا ہے کہ اس نے اپنے بچے کو اس مدرسہ میں کیوں بھیجا ہے؟ وہ جواب دیتی ہے کہ قرآن کریم حفظ کرانے کے لیے۔ دوسرا سوال ہوا کہ بچے کو کسی سکول میں کیوں نہیں بھیجا؟ ماں حسرت سے جواب دیتی ہے کہ مجبوری ہے کیونکہ اس کا باپ بیکار ہے اور گیارہ سال سے بیمار ہے اس لیے مجبوراً بچے کو اس درسگاہ میں بھیجا گیا ہے۔

اب کیمرہ مین ہمیں پھر درسگاہ کے اندر لے جاتا ہے جہاں بہت سے بچے استاذ کے سامنے بیٹھے سبق یاد کر رہے ہیں اور ایک بچہ بلند آواز سے سورۃ الرحمان کی تلاوت کر رہا ہے۔ پروگرام ریکارڈ کرنے والا بی بی سی کا نمائندہ مدرسہ کے منتظم سے انٹرویو کر رہا ہے اور اس بات کی وضاحت چاہتا ہے کہ بچوں کو زنجیروں سے کیوں باندھا گیا ہے؟ مدرسہ کے منتظم کا جواب یہ ہے کہ درجہ کتب میں تو ہمارے ہاں اس طرح کی سختی نہیں ہے وہاں طلبہ آزادی کے ساتھ پڑھتے ہیں لیکن حفظ قرآن کے شعبہ میں ہمیں سختی کرنا پڑتی ہے کیونکہ سختی کے بغیر بچے قرآن کریم یاد نہیں کر سکتے۔ زنجیروں سے باندھنے کے بارے میں درسگاہ کے منتظم کا کہنا ہے کہ ہم نے گزشتہ سال اساتذہ کی میٹنگ میں طے کیا تھا کہ کسی طالب علم کو زنجیر سے نہیں باندھا جائے گا لیکن جو بچے بھاگ جاتے ہیں اور والدین انہیں زبردستی پڑھانا چاہتے ہیں وہ اپنے بچوں کو زنجیروں کے ساتھ باندھنے پر مجبور کرتے ہیں۔ مدرسہ کے منتظم سے اس انٹرویو کے بعد درسگاہ کے طلبہ کو ایک ساتھ زمین پر بیٹھے کھانا کھاتے دکھایا گیا ہے اور وہ منظر بلاشبہ ایسا ہے جسے دیکھ کر مغربی دنیا کا کوئی شخص نفرت سے منہ پھیر لینے کے سوا کچھ نہیں کر سکتا۔

اب یہاں سے اچانک ہم ایسی جگہ پہنچ جاتے ہیں جہاں دینی مدرسہ کے طلبہ کو اسلحہ کی ٹریننگ لیتے دکھایا گیا ہے۔ ایک طالب علم کے ہاتھ میں رائفل ہے جسے وہ صاف کر رہا ہے۔ پروگرام پیش کرنے والا بتاتا ہے کہ ان طلبہ نے افغانستان میں اسلحہ کی ٹریننگ حاصل کی ہے اور کشمیر میں بھی اب یہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ اب سپاہ صحابہؓ کا ایک دفتر سامنے آجاتا ہے جس کے باہر مسلح گن مینوں کا پہرہ ہے اور اندر مولانا اعظم طارق اپنے رفقاء سمیت بیٹھے ہیں جن سے بی بی سی کا نمائندہ انٹرویو کر رہا ہے۔ انٹرویو کا بنیادی سوال یہ ہے کہ سپاہ صحابہؓ کے لیڈر شیعہ کے خلاف اس قدر اشتعال انگیز تقریریں کیوں کرتے ہیں؟ مولانا کا جواب یہ ہے کہ ہمارے اشتعال کے نتیجے میں دشمن اب دفاع پر مجبور ہوگیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہماری کوشش یہ ہے کہ پاکستان اور دیگر مسلم ممالک میں شیعہ کو غیر مسلم اقلیت قرار دیا جائے۔ اس کے بعد مولانا اعظم طارق کو پھر ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے دکھایا گیا، پھر ایک جھلک زنجیروں سے جکڑے ہوئے طلبہ کی سامنے آتی ہے اور کسی ہسپتال میں شیعہ سنی تصادم کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کے زخم دکھا کر پروگرام کا پہلا حصہ ختم ہو جاتا ہے۔

پروگرام کے دوسرے حصے کا آغاز سلامت مسیح اور رحمت مسیح سے ہوتا ہے جو ضلع گوجرانوالہ کے مشہور زمانہ توہین رسالتؐ کیس کے ملزم ہیں۔ انہیں حوالات میں دکھایا گیا ہے اور وہیں ان سے انٹرویو ہوتا ہے۔ رحمت مسیح کہتا ہے کہ عدالت میں گواہوں نے اس کے بارے میں جھوٹ بولا ہے، اصل قصہ یہ ہے کہ ماسٹر عنایت اللہ جو قریب کے اسکول میں پڑھاتا ہے اس نے مسیحی بچوں کو اپنی کلاس میں پڑھانے سے انکار کر دیا تھا جس پر میں نے اسے وہاں سے تبدیل کرانے کی کوشش کی۔ اس پر ماسٹر عنایت نے مجھے دھمکی دی کہ میں تم سے نمٹوں گا اور یہ کیس ماسٹر عنایت نے اسی دشمنی میں ہمارے خلاف بنوایا ہے۔ اس کے نزدیک اصل کہانی یہ ہے کہ ہم گاؤں کے چودھریوں کے ماتحت نہیں رہتے تھے اور ان کے لڑکوں کے کام نہیں کرتے تھے اس لیے ہمیں اس جھوٹے کیس میں پھنسایا گیا ہے۔

اس انٹرویو کے بعد تحریک تحفظ ناموس رسالتؐ کے کارکنوں کو سروں پر پٹیاں باندھے مظاہرہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اسی دوران سلامت مسیح اور رحمت مسیح کو سیشن کورٹ میں پیش ہونے کے لیے جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے، عاصمہ جہانگیر ایڈووکیٹ مسلح پولیس کے پہرے میں ان ملزموں کو عدالت کی طرف لے جا رہی ہیں۔ دونوں ملزم ایک دوسرے کو صبر اور حوصلہ کی تلقین کر رہے ہیں۔ دوسرے منظر میں سیشن کورٹ سے سزائے موت کا فیصلہ سن کر ملزم باہر آرہے ہیں، ایک دوسرے سے گلے لگ کر رو رہے ہیں اور پھر انہیں پولیس کی بند گاڑی میں سوار کر کے روانہ کر دیا گیا ہے۔

اب بی بی سی کا نمائندہ ہمیں ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان کے چیئرمین ریٹائرڈ جسٹس دراب پٹیل کے ہاں لے گیا ہے جنہوں نے اپنے مخصوص انداز میں توہین رسالتؐ پر موت کی سزا کے قانون کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ اس کے بعد جنرل محمد ضیاء الحق مرحوم کو ایک طیارے سے اترتے دکھایا گیا ہے اور تبصرہ کرنے والا کہتا ہے کہ پاکستان میں مذہبی قوانین کا سلسلہ جنرل محمد ضیاء الحق نے شروع کیا تھا۔ پھر ہم ہیومن رائٹس کمیشن کی سیکرٹری جنرل عاصمہ جہانگیر ایڈووکیٹ کے دفتر میں پہنچ جاتے ہیں جو عملہ سمیت سلامت مسیح کیس میں سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائر کرنے کی تیاری میں لگی ہوئی ہیں۔ اس دوران ان سے انٹرویو بھی ہوتا ہے اور وہ توہین رسالتؐ کی سزا کے قانون کے خلاف اپنے نقطۂ نظر کا اظہار کرتی ہیں۔

اس کے بعد محترمہ بے نظیر بھٹو کے پہلے دور حکومت میں اسلام آباد میں سلمان رشدی کے خلاف ہونے والے مظاہرہ کی جھلکیاں سامنے آجاتی ہیں۔ پھر وفاقی شرعی عدالت کا صدر دروازہ اور اس کے باہر لگا ہوا بورڈ دکھایا جاتا ہے، اس تبصرہ کے ساتھ کہ توہین رسالتؐ پر موت کی سزا کے قانون کے نفاذ کا فیصلہ اسی شرعی عدالت نے کیا تھا۔ اس کے بعد اسلام آباد میں ہونے والے ایک اور مظاہرہ کی جھلکی دکھائی دیتی ہے جو غالباً جماعت اہل سنت کی طرف سے راولپنڈی میں کیا جانے والا مظاہرہ ہے۔ پھر ہم عاصمہ جہانگیر ایڈووکیٹ کے آفس میں پہنچ جاتے ہیں جہاں ان کی رفیقہ کار حنا جیلانی ایڈووکیٹ سے انٹرویو ہوتا ہے۔ اس کے بعد نشریہ کے مطابق کیمرہ مین سیدھا جھنگ پہنچ جاتا ہے اور مسجد حق نواز شہیدؒ کے باہر گن مینوں کو پہرہ دیتے ہوئے دکھاتا ہے اور پھر مولانا اعظم طارق سے انٹرویو لیا جاتا ہے جس میں وہ توہین رسالت کیس میں سلامت مسیح اور رحمت مسیح کو سیشن کورٹ کی طرف سے دیے جانے والی سزائے موت کی تائید کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ اگر یہ سزا نہ دی جاتی تو لوگ ملزموں کے گھروں کو جلا دیتے اور ساری بستی نذر آتش کر دیتے۔

پھر ہم سیدھے رتہ دوہتڑ گاؤں میں پہنچتے ہیں جہاں سلامت مسیح اور رحمت مسیح کے گھروں کو تالے لگے ہوئے نظر آتے ہیں، بستی ویرانی کا منظر پیش کر رہی ہے، اس کی دیواروں پر ’’گستاخ نبیؐ کو پھانسی دو‘‘ کے نعرے درج ہیں۔ ایک طرف کچھ مکان آباد ہیں جن سے باہر کچھ عورتیں جمع ہیں جو مسلمانوں کے مطالبات اور سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف مخصوص انداز میں اظہار جذبات کر رہی ہیں۔ ایک عورت مسلمانوں کو خوب جلی کٹی سنا رہی ہے، ایک بوڑھا خدا کی مرضی کہہ کر خاموش ہو جاتا ہے، پھر بتاتا ہے کہ رحمت مسیح اور سلامت مسیح کے خاندان اس بستی سے جا چکے ہیں مگر لوگ اب بھی ان کا پتہ معلوم کرنے کے لیے یہاں آتے ہیں تاکہ انہیں تلاش کر کے خاندان کے افراد کو مار سکیں۔

اب عیسائیوں کا ایک مذہبی جلوس سامنے آجاتا ہے جو ایک پادری کی قیادت میں مقامی گرجا گھر کی طرف جا رہا ہے اور پھر پروگرام پیش کرنے والے صاحب ہمیں یہ کہتے ہوئے ربوہ لے جاتے ہیں کہ توہین رسالتؐ کے سلسلہ میں زیادہ مقدمات احمدیوں کے خلاف ہیں۔ مرزا غلام احمد قادیانی کی تصویر دکھائی جاتی ہے اور ان کے ایک قول کا بینر سامنے آتا ہے جس میں انہوں نے اس جملہ کو الہامی قرار دیا ہے کہ ’’میں تیری تبلیغ کو زمین کے کناروں تک پہنچا دوں گا‘‘۔ ربوہ کی ایک عبادت گاہ میں ان کا مربی تقریر کر رہا ہے اور بتا رہا ہے کہ مسیح بن مریمؑ فوت ہو چکے ہیں۔ پھر ۱۹۷۴ء کی آئینی ترمیم کا حوالہ دیا جاتا ہے جس میں قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دیا گیا ہے اور ۱۹۸۴ء کے صدارتی آرڈیننس کا ذکر ہوتا ہے جس کے تحت اسلام کا نام اور اس کے شعائر کے استعمال سے قادیانیوں کو قانوناً روک دیا گیا ہے۔ پھر ہمیں قادیانیوں کے آرگن ’’الفضل‘‘ کے دفتر لے جایا گیا ہے جہاں اس کے ایڈیٹر نسیم سیفی ’’الفضل‘‘ کی کاپیاں جوڑتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ پھر وہ انٹرویو دیتے نظر آتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ہمیں کہا جاتا ہے کہ تم مسلمان نہیں ہو، ہم اگر مسلمان نہیں تو پھر اور کیا ہیں؟ اب قادیانیوں کو ایک عبادت گاہ میں نماز پڑھتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

اس کے بعد ہم تحریک تحفظ ناموس رسالتؐ کے ایک اجلاس میں پہنچ جاتے ہیں جس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء بیٹھے ہیں، پھر ایک قادیانی وکیل دکھایا جاتا ہے اور چند قادیانیوں کو کمرہ کے سامنے لایا جاتا ہے جن کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ ان کے خلاف مقدمات درج ہیں۔ اب ہم سیدھے سندھ پہنچتے ہیں جہاں ایک بستی میں قادیانیوں کے خلاف کام کرنے والے مقامی علماء سے سوال و جواب ہوتے ہیں۔ اس کے بعد مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی راہنما مولانا احمد میاں حمادی سے ایک مجلس میں انٹرویو ہوتا ہے جو بتاتے ہیں کہ ہم قادیانیوں کو آئین و قانون کا پابند دیکھنا چاہتے ہیں اور اسی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ اگر وہ آئین و قانون کے مطابق رہیں تو ہمارا ان سے کوئی جھگڑا نہیں۔ اب ایک دفعہ پھر ہم ربوہ میں ہیں، وہی نسیم سیفی صاحب کا دفتر ہے وہ الفضل کی کاپی جوڑ رہے ہیں اور الفضل پر حکومت کی طرف سے پابندی کا ذکر کرتے ہوئے امتناع قادیانیت کے صدارتی آرڈیننس کا حوالہ دیتے ہیں۔ ربوہ کا ایک بازار دکھایا جاتا ہے جہاں لوگوں کی آمد و رفت ہے، تانگے چل رہے ہیں اور ایک مسجد سے باہر نسیم سیفی اپنے ہاتھ میں ایک آیف آئی آر لہرا کر بتا رہے ہیں کہ اس میں ربوہ کی پوری آبادی کو ملزم ٹھہرایا گیا ہے اور اس کے تحت پولیس کسی بھی شخص کو کسی بھی وقت گرفتار کر سکتی ہے۔ اس کے بعد ربوہ کے قبرستان میں ہمیں لے جایا جاتا ہے جس میں قادیانی امت کے تیسرے سربراہ مرزا بشیر الدین محمود کی قبر کی لوح دکھائی جاتی ہے اور نسیم سیفی صاحب قبروں پر کچھ پڑھتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔

اب ہمیں اسکرین پر پاکستان کے پاسپورٹ کے فارم کا ایک حصہ دکھایا جاتا ہے جس میں مسلمانوں کے لیے مرزا غلام احمد قادیانی کو جھوٹا قرار دینے کو ضروری قرار دیا گیا ہے۔ ربوہ سے ہم گوجرانوالہ پہنچتے ہیں جہاں کے ایک محلہ کھیالی میں گزشتہ سال ایک حافظ قرآن فاروق کو چند شرپسندوں کی شرارت پر قرآن کریم کا گستاخ قرار دے کر شہید کر دیا گیا تھا۔ کیمرہ مین حافظ فاروق کا گھر دکھاتا ہے، پولیس چوکی کی حوالات کو سامنے لاتا ہے جہاں سے مشتعل ہجوم حافظ فاروق کو پولیس سے چھڑا کر لے گیا تھا، وہ روڈ دکھایا گیا ہے جہاں حافظ فاروق کو گھسیٹا گیا اور پھر سنگسار کر دیا گیا۔ حافظ فاروق کی اہلیہ اور خواہر نسبتی کا انٹرویو نشر کیا گیا ہے اور خواتین کو ان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

اب ہم پھر سپاہ صحابہؓ کے گیسٹ ہاؤس کے سامنے ہیں جہاں گن مین کھڑے ہیں اور اندر مولانا اعظم طارق قومی اسمبلی میں پیش کردہ ناموس صحابہؓ بل کی وضاحت کر رہے ہیں۔ اس کے بعد کیمرہ مین ہمیں جلی ہوئی گاڑی دکھاتا ہے، ہسپتال میں زخمیوں کے پاس لے جاتا ہے اور مسجد میں بم پھٹنے کے بعد کا منظر پیش کرتا ہے اور پھر ہم ہیومن رائٹس کمیشن کے چیئرمین ریٹائرڈ جسٹس دراب پٹیل کے دفتر میں پہنچ جاتے ہیں جو اپنی گفتگو میں مسلمانوں کو تحمل اور بردباری سے کام کرنے کی تلقین کر رہے ہیں اور توہین رسالتؐ کی سزا کے قانون کے خلاف اپنے موقف اور جذبات کا اظہار کر رہے ہیں۔

اب ہم لاہور ہائیکورٹ کے سامنے ہیں جہاں رحمت مسیح اور سلامت مسیح کو سیشن کورٹ کی طرف سے دی جانے والی سزائے موت کے فیصلہ کے خلاف اپیل کی سماعت ہو رہی ہے۔ کورٹ سے باہر نوجوانوں کا مشتعل ہجوم ہے جو ’’عشق رسولؐ میں موت بھی قبول ہے‘‘ کے پرجوش نعروں کے ساتھ اپنے جذبات کا اظہار کر رہا ہے۔ ان نوجوانوں کو کھلے روڈ پر جماعت کے ساتھ نماز پڑھتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے اور جناب رشید مرتضیٰ ایڈووکیٹ کو نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے سامنے لایا گیا ہے۔ اتنے میں کورٹ کا فیصلہ سامنے آجاتا ہے، رحمت مسیح اور سلامت مسیح کو بری کر دیا گیا ہے اور کورٹ سے باہر نوجوانوں کا مشتعل ہجوم فیصلہ کے خلاف احتجاج کر رہا ہے۔ پھر ہم لاہور کے مرکز ختم نبوت مسجد عائشہؓ مسلم ٹاؤن میں پہنچ جاتے ہیں جہاں ایک اجلاس کا منظر دکھایا گیا ہے اور صوبائی اسمبلی کے رکن پیر سید عارف حسین شاہ آف حافظ آباد بی بی سی کی ٹیم کو انٹرویو دیتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ہم ناموس رسالتؐ پر حملہ کسی صورت میں برداشت نہیں کر سکتے اور نہ ہی گستاخی کو انسانی حقوق میں شمار کرتے ہیں۔

اس کے بعد احتجاجی جلوس کی ایک جھلک دیکھ کر ہم پھر عاصمہ جہانگیر ایڈووکیٹ کا انٹرویو سن رہے ہیں جو مظاہرہ کرنے والوں کو بنیاد پرست اور دہشت گرد قرار دے کر بتا رہی ہیں کہ ان کی طرف سے اسلام کے نام پر ہمیں دھمکایا جا رہا ہے۔ پھر سلامت مسیح اور رحمت مسیح کو ایک گاڑی میں لے جایا جا رہا ہے اس کیفیت کے ساتھ کہ وہ گاڑی کے شیشوں کے پردے آگے کر کے اپنے اور اپنے چہروں پر پردہ ڈال کر باہر کے لوگوں سے چھپنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پروگرام پیش کرنے والا بتا رہا ہے کہ ان کے قتل کا فتویٰ صادر ہو چکا ہے اس لیے انہیں چھپا کر لے جایا جا رہا ہے اور پھر یہ کہہ کر پروگرام کا یہ حصہ مکمل کر دیا جاتا ہے کہ ’’اور قانون میں ابھی تک کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔‘‘

قارئین محترم! یہ ہے اس سال بی بی سی ۲ سے ’’ایسٹ‘‘ کے عنوان سے نشر ہونے والے پروگرام کے پہلے دو حصوں کا خاکہ جس میں پاکستان کے دینی حلقوں، مدارس اور جماعتوں کی تصویر عالمی رائے عامہ کے سامنے پیش کی گئی ہے۔ اس میں حقیقت اور افسانے کا تناسب کیا ہے اور مختلف واقعات کے حصے بخرے کر کے انہیں ازسرنو ایک خاص ترتیب کے ساتھ سامنے لانے کے پیچھے کیا مقاصد کارفرما ہیں؟ اس کا فیصلہ آپ خود کر لیں لیکن ایک بات ہم اس موقع پر عرض کرنا چاہیں گے کہ اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں اصل حالات سے بے خبر مغربی رائے عامہ اس نوعیت کے مسلسل پروگرام دیکھ کر اگر مسلمانوں کے دینی حلقوں کے بارے میں منفی تاثرات قائم کرتی ہے تو اس میں اس کا کچھ زیادہ قصور بھی نہیں ہے۔ یہ منظر جو شخص بھی خالی الذہن ہو کر دیکھے گا وہ منفی تاثرات سے خود کو نہیں بچا سکے گا۔ یہ صورتحال دینی جماعتوں اور ان کی قیادتوں کے لیے لمحہ فکریہ ہی نہیں ایک کھلا چیلنج بھی ہے۔ خدا کرے کہ ہمارے مذہبی راہنما اس چیلنج کا صحیح طور پر ادراک کرتے ہوئے عملی میدان میں اس کا سامنا کر سکیں۔

استاذ العلماء حضرت مولانا محمد عبد اللہ کاپودروی مدظلہ العالی (گجرات انڈیا) کا مکتوب گرامی

حضرت مولانا عبد اللہ کاپودروی

باسمہ تعالیٰ

۴ جولائی ۱۹۹۵ء

محترم المقام حضرت مولانا زاہد الراشدی صاحب زید مجدکم السامی۔

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔

آنمحترم کا ارسال کردہ لفافہ موصول ہوا جس میں الشریعہ کے دو عدد: اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر کا اردو ترجمہ اور ورلڈ اسلامک فورم کی مختصر اور جامع رپورٹ شامل تھی۔ اس ذرہ نوازی کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ جزاکم اللہ خیرا۔

الشریعہ کے مئی ۱۹۹۵ء کے عدد میں انسانی حقوق کے چارٹر کے بارے میں آنمحترم کے اہم قیمتی افکار پڑھ کر خوشی ہوئی۔ آپ نے وقت کی ایک اہم ضرورت کی طرف متوجہ فرمایا ہے۔ انسانی حقوق کے لفظ کا آج کل جس طرح استعمال ہو رہا ہے اور اس خوبصورت عنوان کے پیچھے جس طرح باطل کو عام کرنے اور فسق و فجور کو فروغ دینے کی سعی کی جا رہی ہے، اس کے بارے میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ ’’کلمہ حق ارید بہا الباطل‘‘۔ اہل مغرب کی یہی تو عیاری ہے کہ اپنے مکروہ عزائم اور گھناؤنے کارناموں کو خوبصورت عنوانات کے ذیل میں اس طرح پیش کرتے ہیں کہ دنیا کی قومیں سر دھننے لگتی ہیں۔

امتِ مسلمہ انسانی حقوق کی سب سے بڑھ کر رعایت کرنے والی بلکہ انسان سے بڑھ کر جملہ جاندار کے حقوق کی علمبردار ہے۔ ضرورت ہے کہ علمائے اسلام انسانی حقوق کا چارٹر قرآن و حدیث کی روشنی میں تیار کریں اور اس کو دنیا کی مختلف زبانوں میں شائع کر دیں تاکہ مغرب کے اس پروپیگنڈا کا مثبت جواب ہو سکے جس کو آج کل بہت تیزی کے ساتھ پھیلایا جا رہا ہے کہ اسلام انسانی حقوق کی رعایت نہیں کرتا وغیرہ۔

انسانی حقوق کی اہمیت، اس کی بنیادیں، اس کے شرائط و قیود کو عصری اسلوب میں واضح کرنے کی ضرورت ہے۔ فرد کی آزادی پر اسلام نے جو قیود عائد کی ہیں اس کے فوائد اور مطلق آزادی کے نقصانات سے آگاہ کرنے کی بھی ضرورت ہے۔

آج بھی مغرب میں انسانی حقوق کو جس طرح پامال کیا جا رہا ہے اور مشرق و مغرب میں انسانی حقوق کے سلسلہ میں جو دو رخی حکمتِ عملی جاری ہے، اس کا بھی پردہ فاش کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک امریکی اور اسرائیلی کی موت پر انسانی حقوق کی آڑ میں شور کیا جاتا ہے مگر بوسنیا، چیچنیا میں ہزاروں بے گناہوں کے قتل پر بالکل خاموش تماشائی بن کر اسے انگیز کیا جاتا ہے۔ اس منافقت پر مغربی دانشوروں کو جھنجھوڑنے کی ضرورت ہے۔

چونکہ انسانی حقوق کی آڑ میں پورے اسلامی نظام کو برباد کرنے کی مہم چل رہی ہے اور مسلمان ملکوں کے مغرب پرست نام نہاد مسلم دانشور اور حکام کو اس کا آلہ کار بنایا جا رہا ہے، اس لیے انسانی حقوق کا اسلامی منشور جلد شائع کرنے کی شدید ضرورت ہے۔

اس موضوع پر مسلم علماء و دانشور جمع ہو کر جتنا جلد کوئی لائحہ عمل تیار کریں گے، وہ امت کے لیے سود مند ہو گا۔

مغربی ملکوں میں انسانی حقوق کی جہاں بھی خلاف ورزی ہو رہی ہو، اس پر نظر رکھنے کے لیے بھی کمیٹی بننی چاہیے اور اخبارات و دیگر وسائل اعلام کے ذریعہ دنیا کو بتایا جائے کہ مغرب میں کیا ہو رہا ہے۔

اکلاہما (امریکہ) میں بم کا دھماکہ ہوا اور انسانی جانیں ضائع ہوئیں جو قابل مذمت واقعہ ہے، مگر مغربی ذرائع ابلاغ نے فوراً ہی بغیر تحقیق کے اسلام اور مسلمانوں کو نشانہ بنایا اور کئی مسلمانوں کو دو روز تک پریشان کیا۔ اس پر خود امریکہ اور کینیڈا کے بعض اخبارات نے اداریے لکھے مگر اسلامی دنیا کی صحافت بالکل خاموشی کے ساتھ اس کو نظرانداز کرتی رہی۔

بہرحال آپ نے بروقت اس اہم مسئلہ پر اظہار خیال فرما کر علماء کو متوجہ فرمایا ہے۔ اس پر ناچیز مبارکباد پیش کرتا ہے۔ اللہ کرے اس مسئلہ کی اہمیت محسوس کر کے کوئی ٹھوس قدم اٹھایا جائے گا۔ واللہ الموفق وہو الہادی الیٰ طریق الصواب۔

والسلام،

احقر عبد اللہ کاپودروی

نزیل حال لندن


پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سالانہ رپورٹ کا جائزہ

مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

روزنامہ جنگ لندن ۸ جولائی کی ایک خبر کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل نے پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں اپنی اس سال کی رپورٹ میں بھی توہین رسالتؐ کی سزا کے قانون اور قادیانیوں کو اسلام کا نام اور اسلامی اصطلاحات کے استعمال سے روکنے کو موضوع بحث بنایا ہے اور ان تمام قوانین کے ضمن میں درج مقدمات اور گرفتاریوں کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان میں قادیانیوں اور مسیحیوں کے انسانی حقوق کی پامالی کا تذکرہ کیا ہے۔

مغربی ذرائع ابلاغ اور بین الاقوامی تنظیمیں کسی ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے بارے میں رپورٹ کی تیاری میں کیا طریق کار اختیار کرتی ہیں، اس کی ایک جھلک حال ہی میں پاکستان میں چائلڈ لیبر کے استعمال کے حوالے سے مغربی میڈیا اور لابیوں کی مہم کے ضمن میں سامنے آچکی ہے جس میں بعض مناظر کو فلمانے کے لیے جعلی ماحول پیدا کرنے کے واقعات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اور یہ بات بھی منکشف ہو چکی ہے کہ بھارت کے تجارتی اداروں نے تجارتی مقاصد کے لیے اس مہم کے تانے بانے بنے اور مغربی میڈیا اور لابیاں اس میں ان کی شریک کار بنیں یا کم از کم اس مہم کے حق میں استعمال ہوئیں۔

اسی طرح جن دوستوں نے بی بی سی ۲ سے اس سال کے آغاز میں ’’ایسٹ‘‘ کے نام سے دکھائی جانے والی سیریز کے وہ حصے دیکھے ہیں جن میں پاکستان کے مذہبی حلقوں اور اداروں کی تصویر کشی کی گئی ہے، ان کے لیے اس تکنیک اور طریق واردات تک پہنچنا مشکل نہیں ہے جو پاکستان اور اس کے اسلامی تشخص کی تصویر خراب کرنے کے لیے مغرب کی لابیاں اور ذرائع ابلاغ ایک عرصہ سے استعمال کر رہے ہیں۔

مگر اس پس منظر سے قطع نظر ہم ان دونوں قوانین کا ایک سرسری جائزہ پیش کرنا چاہتے ہیں جو سالہا سال سے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سالانہ رپورٹوں کا موضوع ہیں اور جنہیں انسانی حقوق کے منافی قرار دیتے ہوئے ان کی تبدیلی پر مسلسل زور دیا جا رہا ہے۔ حتیٰ کہ چند ماہ قبل پاکستان کی امور کشمیر کمیٹی کے سربراہ نوابزادہ نصر اللہ خان کے دورۂ جنیوا کے موقع پر ایمنسٹی انٹرنیشنل نے انہیں پیش کی جانے والی یادداشت میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور انسانی جانوں کے ضیاع کو پاکستان میں قادیانیوں اور مسیحیوں کے انسانی حقوق کی مبینہ پامالی کے ساتھ جوڑ دیا تھا اور ان قوانین کی تبدیلی کا مطالبہ کیا تھا۔

جہاں تک قادیانیوں کی اسلام کے نام پر سرگرمیوں کی ممانعت کا تعلق ہے اس کی تفصیل یہ ہے کہ قادیانی گروہ ایک نئے مدعی نبوت مرزا غلام احمد قادیانی کا پیروکار ہے اور اپنے پیشوا کی ہدایات کو وحی الٰہی پر مبنی تسلیم کرتا ہے۔ جس کی وجہ سے دنیا بھر کے ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے متفقہ فیصلہ کی رو سے یہ گروہ ملت اسلامیہ کا حصہ نہیں ہے اور قرآن کریم اور جناب محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان کے دعوے کے باوجود بالکل اسی طرح مسلمانوں سے الگ ایک نئے مذہب کا پیروکار ہے۔ جس طرح حضرت موسٰی علیہ السلام اور توراۃ پر ایمان کے باوجود عیسائی صرف اس لیے یہودیوں سے الگ ایک نئے مذہب کے پیروکار سمجھے جاتے ہیں کہ وہ ایک نئے پیغمبر حضرت عیسٰی علیہ السلام اور ان کی وحی کو بھی تسلیم کرتے ہیں۔ یا حضرت موسیٰ اور حضرت عیسٰی علیہما السلام اور توراۃ و انجیل دونوں پر ایمان کے باوجود مسلمان ان دونوں سے الگ ایک نئے مذہب کے پیروکار کہلاتے ہیں کہ وہ قرآن کریم اور جناب محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر بھی ایمان رکھتے ہیں۔

یہ آسمانی مذاہب کے درمیان ایک طے شدہ اصول ہے جس کے تحت سچ جھوٹ سے قطع نظر قادیانی گروہ مسلمانوں سے الگ ایک نئے مذہب کا پیروکار قرار پاتا ہے اور ان کے لازم ہو جاتا ہے کہ وہ اپنے لیے نیا نام اختیار کرے اور مسلمانوں سے الگ نئی مذہبی اصطلاحات اور شعائر کو متعارف کرائے۔ مگر قادیانی گروہ اس مسلمہ حقیقت اور طے شدہ اصول کو قبول کرنے سے گریز کر رہا ہے اور اپنی نئی نبوت اور نئی وحی کو اسلام کے نام پر دنیا کے سامنے پیش کرنے پر مصر ہے۔ اس پر مسلمانوں کو اعتراض ہے اور اسی اعتراض کو دور کرنے کے لیے پاکستان کی منتخب پارلیمنٹ نے ایک متفقہ آئینی ترمیم کے ذریعے قادیانیوں کو مسلمانوں سے الگ ایک غیر مسلم اقلیت قرار دیا ہے۔ اور اس کے بعد قادیانیوں کو اسلام کا نام اور اسلامی اصطلاحات کے استعمال سے قانوناً روکنے کا قانون بھی اسی آئینی فیصلے کا منطقی تقاضا اور اس پر عملدرآمد کی طرف پیش رفت ہے۔

یہ ہے مسلم قادیانی تنازعہ کا اصل پس منظر جس کی بنیاد قادیانیوں کو شہری حقوق دینے یا ان سے محروم کرنے پر نہیں بلکہ مسلمانوں اور قادیانیوں کے درمیان مذہبی امتیاز اور جداگانہ تشخص قائم کرنے پر ہے جو بہرحال دونوں کی مشترکہ ضرورت ہے۔ لیکن انتہائی حیرت اور تعجب کی بات ہے کہ قادیانی مبادیات کو تسلیم کرتے ہوئے ان کے منطقی نتائج کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ وہ یہ کہتے ہیں کہ مرزا غلام احمد قادیانی پر وحی نازل ہوئی تھی اور اس وحی پر ایمان نہ لانے کی وجہ سے دنیا بھر کے ایک ارب سے زائد مسلمان ان کے ہم مذہب نہیں ہیں، لیکن مسلمانوں اور قادیانیوں کے مذہب کو الگ الگ تسلیم کرتے ہوئے بھی وہ اپنے مذہب کے لیے الگ نام اور اصطلاحات اختیار نہیں کرنا چاہتے۔ صرف اس لیے کہ اشتباہ اور التباس کی فضا قائم رہے اور وہ اس سے فائدہ اٹھا کر ملت اسلامیہ میں انتشار پیدا کر سکیں۔

اس قسم کی صورتحال اس سے قبل ایران کے بہائیوں کے حوالہ سے بھی پیش آئی کیونکہ بہائی بھی مرزا محمد علی الباب اور بہاء اللہ شیرازی کی تعلیمات کا راستہ وحی الٰہی سے جوڑتے ہیں۔ لیکن انہوں نے قادیانیوں کی طرح دھوکے اور اشتباہ کو قائم رکھنے کا راستہ اختیار نہیں کیا بلکہ مذاہب کے مسلمہ اصول کا احترام کرتے ہوئے اپنے لیے الگ نام اختیار کیا اور مسلمانوں سے اپنی اصطلاحات اور تشخص کو الگ کر لیا جس کی وجہ سے ان کے ساتھ مسلمانوں کا قادیانیوں کی طرز کا کوئی تنازعہ نہیں ہے۔ حتیٰ کہ کسی مسلم پارلیمنٹ کو انہیں غیر مسلم اقلیت قرار دینے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ اگر قادیانی گروہ بھی معروضی حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے بہائیوں کی طرح الگ نام اور الگ شناخت کا راستہ اختیار کر لے تو مسلمانوں اور قادیانیوں کے درمیان تنازعہ کی موجودہ کشیدگی اور منافرت ایک دوسرے کو برداشت کر لینے کی حد تک کم ہو سکتی ہے۔ ویسے بھی قادیانیوں کے لیے اصولی اور منطقی طور پر دو ہی راستے ہیں:

  1. یا تو وہ نئی نبوت اور نئی وحی کو چھوڑ کر ملت اسلامیہ کے اجتماعی دھارے میں واپس آجائیں،
  2. اور یا پھر اپنے لیے الگ نام اور الگ شناخت اختیار کریں۔

تیسرا کوئی راستہ بھی جائز اور معقول نہیں ہے اور جو راستہ انہوں نے اختیار کیا ہے وہ تنازعہ اور کشیدگی کا راستہ ہے جو اختیار بھی انہوں نے کیا ہے اور اس کے نتائج بھی انہی کو بھگتنا ہیں۔

مسلم قادیانی تنازعہ کے اس پس منظر میں اگر حقوق کی پامالی کا سوال کہیں پیدا ہوتا ہے تو وہ مسلمانوں کے حقوق کا ہے نہ کہ قادیانیوں کے حقوق کا۔ کیونکہ اپنی شناخت اور امتیاز کا تحفظ مسلمانوں کا حق ہے جو قادیانیوں کے غلط طرز عمل کی وجہ سے مجروح ہو رہا ہے۔ اس کشمکش میں اصل خطرہ مسلمانوں کو درپیش ہے کہ ان کا نام اور ان کی شناخت کا استعمال ایک ایسے گروہ کے لیے ہو رہا ہے جو ان کے وجود کا حصہ نہیں ہے اور ان سے الگ مذہبی وجود رکھتا ہے۔

اس لیے ایمنسٹی انٹرنیشنل اور دیگر مغربی اداروں کو چاہیے کہ وہ اگر واقعی انصاف کے علمبردار ہیں تو اپنے طرزعمل پر نظر ثانی کریں اور واقعات کی یک طرفہ تصویر پیش کر کے اس پر فیصلے صادر کرنے کی بجائے مسلمانوں کے موقف او رمشکلات کا جائزہ لیں اور ان کے حقوق کے لیے بھی آواز اٹھائیں۔

یہی صورتحال توہین رسالتؐ کی سزا کے قانون کے بارے میں بھی ہے کہ واقعات کی یکطرفہ تصویر کو مسلسل سامنے لایا جا رہا ہے اور اس قانون کو تبدیل کرانے یا بے اثر بنانے کے لیے مغرب کے ذرائع ابلاغ، لابیاں بلکہ حکومتیں دباؤ ڈال رہی ہیں۔ اس سلسلہ میں یہ کہا جاتا ہے کہ قانون کا غلط استعمال ہو رہا ہے اس لیے اس میں تبدیلی ضروری ہے اور قانون کے غلط استعمال کے ثبوت کے طور پر رحمت مسیح اور سلامت مسیح کیس کا حوالہ دیا جاتا ہے۔ حالانکہ امر واقعہ یہ ہے کہ اس کیس کے سلسلہ میں مغربی ذرائع ابلاغ نے اب تک جو کچھ کہا ہے وہ یک طرفہ ہے۔ دوسری طرف کا موقف کیس سے متعلقہ حضرات سے معلوم کرنے کی آج تک کسی مغربی تنظیم، حکومت یا نشریاتی ادارے نے زحمت گوارا نہیں کی۔ راقم الحروف ان افراد میں شامل ہے جو سیشن کورٹ کے فیصلے تک اس کیس کی پیروی میں مختلف سطح پر شریک رہے ہیں اس لیے اس حیثیت سے مندرجہ ذیل حقائق کو ریکارڈ پر لانا ضروری سمجھتا ہے کہ

ان حالات میں اس کیس کے بارے میں عالمی سطح پر جو یک طرفہ پراپیگنڈا ہوا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔ اور سیشن کورٹ کی طرف سے ملزموں کو قانون کے مطابق سزائے موت سنانے کے بعد ہائی کورٹ میں جس تیز رفتاری کے ساتھ اپیل کے مراحل طے کیے گئے اور جو طریق کار اختیار کیا گیا اس کی روشنی میں ملزموں کی بریت، رہائی اور بیرون ملک روانگی پر کوئی تبصرہ کرنے کی ضرورت باقی نہیں رہتی۔ تاہم اس کیس کے حوالے سے قانون کے غلط استعمال کے سلسلہ میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کے الزام کو قطعی طور پر مسترد کرتے ہوئے گوجرانوالہ کے علماء کرام کی طرف سے یہ پیشکش دہرائی جاتی ہے کہ ہم اس کیس کے اصل حقائق کو سامنے لانے کے لیے مسلمان اور مسیحی راہنماؤں پر مشتمل مشترکہ انکوائری کمیٹی کے ذریعے آج بھی پبلک انکوائری کے لیے تیار ہیں، بشرطیکہ وہ معروف معنوں میں انکوائری ہو اور پہلے کی طرح انکوائری کے نام پر یک طرفہ کاروائی نہ ہو۔

پھر کسی قانون کے غلط استعمال کے امکان کو قانون کی تبدیلی کے لیے وجہ جواز قرار دینا بجائے خود محل نظر ہے۔ قوانین کا غلط استعمال تناسب کی کمی بیشی کے ساتھ دنیا کے ہر ملک میں ہوتا ہے لیکن کہیں بھی ایسے تحفظات اختیار نہیں کیے جاتے جو ضرورت کے وقت قانون کے صحیح استعمال کے امکان کو ہی مخدوش بنا دیں۔ کیونکہ جہاں قانون کے غلط استعمال کی روک تھام ضروری ہے وہاں اس کے صحیح استعمال کی ضمانت بھی قانون کا تقاضا ہوتا ہے۔ لیکن پاکستان میں توہین رسالتؐ کی سزا کے قانون کے نفاذ کے طریق کار میں تبدیلی کے لیے جو ترامیم تجویز کی گئی ہیں وہ اس معیار پر پورا نہیں اترتیں۔ ان ترامیم میں کہا گیا ہے کہ توہین رسالتؐ کے قانون کے تحت ایف آئی آر کا اندراج ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی پیشگی انکوائری کے ساتھ مشروط کر دیا جائے اور اگر مدعی اپنے الزام کے لیے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے اطمینان کے مطابق ثبوت فراہم نہ کر سکے تو اسے جھوٹے الزام کی سزا میں دس سال کے لیے قید کر دیا جائے۔ اس صورت میں قانون کے عملی نفاذ کے امکانات مخدوش ہونے کے ساتھ ساتھ قانون پر عملدرآمد کا انحصار کسی عدالتی سسٹم کی بجائے فرد واحد (ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ) کی صوابدید پر رہ جاتا ہے جو انصاف کے مسلمہ اصولوں کے منافی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان ترامیم کو پاکستان کی رائے عامہ نے مسترد کر دیا ہے اور ملی یکجہتی کونسل کی اپیل پر ۲۷ مئی ۱۹۹۵ء کو ملک گیر ہڑتال کر کے ان ترامیم کے خلاف عوامی فیصلہ صادر کر دیا ہے۔

ان گزارشات کے علاوہ دو اور پہلو بھی ایمنسٹی انٹرنیشنل کے پیش نظر رہنے چاہئیں:

  1. ایک یہ کہ قادیانیوں کو ملت اسلامیہ کا حصہ تسلیم نہ کرنے اور ان سے اپنے لیے الگ نام اور شناخت کا مطالبہ کرنے کا تعلق مسلمانوں کے مذہبی عقائد سے ہے۔ اسی طرح ناموس رسالتؐ کا تحفظ اور توہین رسالتؐ پر موت کی سزا بھی مسلمانوں کا مذہبی معاملہ ہے اور یہ صرف اسلام کا حکم نہیں بلکہ متعدد تصریحات کی رو سے بائبل نے بھی اللہ تعالیٰ کے کسی سچے پیغمبر کی توہین پر موت ہی کی سزا بیان کی ہے۔ اس لیے دنیا بھر کے ایک ارب سے زائد مسلمانوں سے مطالبہ کرنا کہ وہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے طے کردہ انسانی حقوق کا معیار پورا کرنے کے لیے اپنے مسلمہ مذہبی عقائد سے منحرف ہو جائیں، کسی بھی طرح قرین انصاف نہیں ہے۔ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل ایسا مطالبہ کر کے مسلمانوں کے مذہبی عقائد میں مداخلت کی مرتکب ہو رہی ہے۔
  2. دوسری بات پاکستان کے حوالہ سے ہے کہ یہ دونوں قوانین پاکستان کی منتخب پارلیمنٹ کے منظور کردہ ہیں اور ان کے پیچھے رائے عامہ کا براہ راست دباؤ بھی موجود ہے جس کا اظہار ۲۷ مئی کو ایک بار پھر ہو چکا ہے۔ اس طرح ان قوانین کو منتخب پارلیمنٹ کی منظوری کے ساتھ ساتھ رائے عامہ کی پشت پناہی اور ملک کی اعلیٰ عدالتوں کی مکمل تائید حاصل ہے۔ اس لیے ان قوانین کی تبدیلی کا باہر سے مطالبہ کرنا رائے عامہ اور پارلیمنٹ کے فیصلوں کی توہین ہے جو مسلمہ جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل کا موجودہ طرزعمل بلاشبہ جمہوری اقدار اور اصولوں سے انحراف کا نقشہ پیش کر رہا ہے۔

اس بنا پر ہم پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کی اس سال کی رپورٹ کے ان حصوں کو حقیقت پسندانہ تسلیم نہیں کرتے جن کا تعلق اسلام کے نام پر قادیانیوں کی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون اور توہین رسالتؐ کی سزا کے قانون سے ہے۔ کیونکہ ہماری رائے میں ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ان معاملات میں جانبداری کا مظاہرہ کیا ہے اور اصل حقائق تک پہنچنے یا انہیں منظر عام پر لانے میں سنجیدگی سے کام نہیں لیا۔

’’خطباتِ دین پوریؒ‘‘ (جلد اول و دوم)

پروفیسر ظفر اللہ شفیق

افادات: حضرت مولانا عبد الشکور دین پوریؒ

مرتب: قاری جمیل الرحمٰن اختر

ناشر: انجمن خدام الاسلام باغبانپورہ لاہور

قیمت:

تبلیغِ اسلام کے ذرائع میں ایک مؤثر ذریعہ خطابت ہے۔ تاریخِ اسلام کے ہر دور میں بڑے بڑے خطباء امت گزرے ہیں جنہوں نے خطابت کے ذریعے زندوں میں جوش اور مردہ دلوں میں نئی روپ پھونکی ہے۔ اس اخیر دور میں علماء اہل سنت میں سے چند مشہور خطیب گزرے ہیں جن میں امام انقلاب مولانا ابو الکلام آزاد، سحبان الہند مولانا احمد سعید دہلوی، حکیم الاسلام قاری محمد طیب، امیر شریعت مولانا سید عطاء اللہ شاہ صاحب بخاری، قاضی احسان احمد شجاع آبادی، مولانا احتشام الحق تھانوی رحمہم اللہ شامل ہیں۔ اسی سلسلہ الذہب کی ایک سنہری کڑی مولانا عبد الشکور دین پوریؒ ہیں۔

راقم الحروف کو آپ کے بہت سے خطبات سننے کی سعادت حاصل ہوئی ہے۔ آپ کی تقریر میں دریا کی سی روانی اور موجوں کا سا جوش و خروش ہوتا تھا۔ آپ رلاتے بھی تھے، ہنساتے بھی تھے۔ الفاظ کی بندش اور قافیہ جوڑنے میں آپ کا کوئی ثانی نظر نہیں آتا۔ آپ کی تقریر سے ایسے معلوم ہوتا تھا جیسے الفاظ و قوافی دست بستہ کھڑے کہہ رہے ہوں کہ ہم آپ کے لیے ہیں، آپ ہمیں جیسے چاہیں استعمال کریں۔ مولانا مرحوم دین کا درد رکھنے والے، متواضع اور منکسر المزاج انسان تھے، وفات کے بعد پردۂ خفا میں چلے گئے تھے، کہیں ان کا نام بھی سننے کو نہیں آتا تھا۔ اللہ بھلا کرے مولانا جمیل الرحمٰن اختر صاحب کا، انہوں نے مولانا کے خطبات شائع کر کے مولانا کا نام زندہ کر دیا ہے۔ ان خطبات کو پڑھ کر یوں محسوس ہوتا ہے جیسے مولانا سامنے کھڑے بول رہے ہیں۔

اس وقت ہمارے سامنے خطباتِ دین پوری کی دو جلدیں ہیں اور دونوں میں دس دس خطبات ہیں۔

پہلی جلد کے دس خطبات درج ذیل ہیں:

(۱) توحید باری تعالیٰ

(۲) سیرت النبی ﷺ

(۳) فضائل و مناقب سیدنا ابوبکرؓ

(۴) فضائل و مناقب حضرت عمر فاروقؓ

(۵) فضائل و مناقب حضرت عثمان غنی ؓ

(۶) فضائل و مناقب حضرت علیؓ

(۷) فضائل و مناقب حضرت ابوبکرؓ و حضرت حسینؓ

(۸) فضائل و مناقب حضرت عائشہؓ

(۹) فضائلِ علم و عمل

(۱۰) مناقب حضراتِ علماء دیوبند

دوسری جلد کے دس خطبات یہ ہیں:

(۱) توحید باری تعالیٰ اور حقوقِ والدین

(۲) حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادتِ باسعادت

(۳) حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم بحیثیت مبلغ

(۴) حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم کی عملی زندگی اور اہل سنت

(۵) حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی معراج

(۶) فضائل خلفاء راشدینؓ

(۷) فضائلِ شبِ برات اور احترامِ والدین

(۸) روزہ کیا ہے؟

(۹) عظمتِ مسجد

(۱۰) فضائلِ قربانی

پہلی جلد کے شروع میں مولانا دین پوریؒ کی مختصر سوانح بھی درج کر دی گئی ہے۔ مولانا کے یہ خطبات عوام، ائمہ، خطباء اور طلباء کے لیے یکساں مفید ہیں۔ عمدہ کتابت و طباعت اور خوبصورت جلد سے مزین یہ دونوں جلدیں مناسب نرخ پر مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔

ستمبر ۱۹۹۵ء

قادیانی امت کے سربراہ مرزا طاہر احمد کے نام کھلا خطمولانا ابوعمار زاہد الراشدی 
معجزہ کیا ہے؟پروفیسر غلام رسول عدیم 
مولانا عتیق الرحمٰن سنبھلی مدیر ’’الفرقان‘‘ لکھنؤ کا مکتوب گرامیمولانا عتیق الرحمٰن سنبھلی 
عیسائی دنیا کے عظیم پوپ کے نام کھلا خطمولانا محمد عیسٰی منصوری 
ورلڈ اسلامک فورم کی سرگرمیاںادارہ 
’’قرادادِ مقاصد بنام سپریم کورٹ آف پاکستان‘‘ادارہ 
دردِ معدہ اور اس کا سدبابحکیم عبد الرشید شاہد 
ڈاکٹر نصر حامد ابو زید کی ہرزہ سرائی اور قاہرہ فیملی کورٹ کا فیصلہادارہ 
چند اقتباساتحکیم الامت مولانا اشرف علی تھانویؒ 

قادیانی امت کے سربراہ مرزا طاہر احمد کے نام کھلا خط

مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

جناب مرزا طاہر احمد صاحب

سربراہ قادیانی جماعت ۔ مقیم ٹل فورڈ، لندن

السلام علیٰ من اتبع الہدٰی

گزارش ہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اس سال پھر اپنی سالانہ رپورٹ میں پاکستان میں قادیانی جماعت کے مبینہ انسانی حقوق کی پامالی کا ذکر کیا ہے اور متعدد قادیانیوں کے خلاف درج مقدمات کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے حکومتِ پاکستان کو اس کا ملزم ٹھہرایا ہے۔ میں اس خط کے ذریعے اسی اہم مسئلہ پر آپ سے مخاطب ہو رہا ہوں کیونکہ یہ مسئلہ اس وقت نہ صرف مسلمانوں اور قادیانیوں کے مابین تنازعہ اور کشیدگی میں شدت کا باعث بنا ہوا ہے بلکہ بین الاقوامی اداروں اور لابیوں کے ہاتھ میں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف ایک ہتھیار کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔ اس لیے ضروری معلوم ہوتا ہے کہ اس سلسلہ میں آپ کو حقائق و مسلمات کی طرف توجہ دلاتے ہوئے آپ سے کوئی ایسا معقول طرز عمل اختیار کرنے کی اپیل کی جائے جو اس کشیدگی میں کمی کا باعث بن سکے اور فریقین اپنی بہترین توانائیاں اور صلاحیتیں اس محاذ آرائی پر صَرف کرنے کی بجائے انہیں مثبت مقاصد کے لیے استعمال میں لا سکیں۔

جناب مرزا صاحب! آپ کے دادا مرزا غلام احمد قادیانی نے آج سے ایک صدی قبل نبوت کا دعوٰی کیا تھا اور نئی وحی کے حوالے سے اپنی تعلیمات پیش کرنے کا آغاز کیا تھا، جسے امتِ مسلمہ کے تمام علمی و دینی حلقوں نے اسلام کے بنیادی عقیدہ ختم نبوت اور اس کی تیرہ سو سالہ اجماعی تعبیر سے انحراف قرار دیتے ہوئے قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا اور مرزا صاحب اور ان کے پیروکاروں کو دائرۂ اسلام سے خارج قرار دے کر ان سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کیا تھا۔ جبکہ دوسری طرف مرزا صاحب اور ان کے جانشینوں نے مرزا صاحب پر نازل ہونے والی مبینہ وحی الٰہی پر ایمان لانے کو ضروری گردانتے ہوئے ایمان نہ لانے والوں یعنی دنیا بھر کے مسلمانوں کو اپنا ہم مذہب تسلیم کرنے سے صاف انکار کر دیا تھا۔ اور اس طرح مسلمان اور قادیانی دونوں فریق اس نکتہ پر متفق ہوگئے تھے کہ دونوں گروہ ایک مذہب کے پیروکار نہیں ہیں بلکہ دونوں کا مذہب الگ الگ ہے اور ان میں مذہبی طور پر کوئی نقطۂ اتحاد موجود نہیں ہے۔ 

یہ ایک واقعاتی حقیقت ہی نہیں بلکہ مذاہبِ عالم کے درمیان ہزاروں سال سے کارفرما ایک مسلّمہ اصول بھی ہے جس کی بنیاد پر مذاہب ہمیشہ سے ایک دوسرے سے الگ شمار ہوتے چلے آرہے ہیں۔ لیکن قادیانی جماعت عملاً اس حقیقت اور اصول پر عمل پیرا ہونے کے باوجود خود کو مسلمان کہلانے پر اصرار کر کے اس اصول کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہے جو مسلمانوں اور قادیانیوں کے مابین موجودہ تنازعہ اور کشیدگی میں اصل وجہ نزاع ہے۔

قادیانی جماعت کا کہنا ہے کہ چونکہ وہ قرآن کریم اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان رکھتی ہے اس لیے اسے مسلمان کہلانے کا حق ہے۔ لیکن یہ موقف مذاہبِ عالم کے تاریخی تسلسل میں کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں ہے۔

آپ خود تاریخ پر نظر ڈال لیجئے۔ یہودی حضرت موسیٰ علیہ السلام کی نبوت اور توراۃ پر ایمان رکھتے ہیں، جبکہ عیسائی بھی ان دونوں پر ایمان رکھتے ہیں لیکن ان کے بعد حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی نبوت اور انجیل کو بھی مانتے ہیں، اس لیے وہ حضرت موسٰیؑ اور توراۃ پر ایمان رکھنے کے باوجود یہودی نہیں کہلاتے بلکہ ایک الگ مذہب کے پیروکار شمار ہوتے ہیں۔ اسی طرح مسلمان حضرت موسٰیؑ اور حضرت عیسٰیؑ سمیت تمام انبیاء سابقین کی صداقت پر یقین رکھتے ہیں اور توراۃ، زبور اور انجیل سمیت تمام سابقہ کتب و صحائف کو سچا مانتے ہیں، لیکن چونکہ وہ ان سب کے بعد حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت اور قرآن کریم پر بھی ایمان رکھتے ہیں اس لیے وہ نہ یہودی کہلا سکتے ہیں نہ عیسائی، بلکہ ان دونوں سے الگ ایک نئے مذہب کے پیروکار تسلیم کیے جاتے ہیں۔

یہ مذاہبِ عالم کا تاریخی تسلسل ہے جس سے انکار ممکن نہیں ہے۔ اور مسلمانوں کا یہ موقف اسی تاریخی تسلسل کا حصہ ہے کہ قادیانی گروہ چونکہ مرزا غلام احمد قادیانی کی نبوت اور ان پر نازل ہونے والی مبینہ وحی پر ایمان رکھتا ہے اور اس پر ایمان کو اپنے مذہب میں شمولیت کی لازمی شرط قرار دیتا ہے اس لیے وہ حضرت محمدؐ اور قرآن کریم پر ایمان کے دعوے کے باوجود ملتِ اسلامیہ کا حصہ نہیں ہے بلکہ ایک الگ اور نئے مذہب کا پیروکار ہے۔

مذاہبِ عالم کے مسلّمہ اصول اور تاریخی تسلسل کے ساتھ ساتھ مختلف مذاہب کے درمیان جداگانہ شناخت اور پہچان کے نقطۂ نظر سے بھی ضروری ہے کہ قادیانی گروہ چونکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو اپنا ہم مذہب تسلیم نہیں کرتا اس لیے وہ ان سے اپنی شناخت الگ کرے اور الگ نام اختیار کرنے کے علاوہ مذہبی علامات اور اصطلاحات بھی الگ وضع کرے، تاکہ دونوں کے درمیان جداگانہ تشخص اور امتیاز قائم ہو جائے اور کوئی فریق دوسرے کے حقوق پر اثر انداز نہ ہو سکے۔ 

یہی وجہ ہے کہ علمائے امت نے قادیانیوں کے بارے میں، اس بات سے قطع نظر کہ نبوت کے نئے دعوے داروں کے حوالہ سے جناب رسول اللہؐ اور صحابہ کرامؓ و خلفائے راشدین کے طرز عمل کی روشنی میں ایک اسلامی حکومت کی ذمہ داری کیا ہے، مفکر پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ کی تجویز پر صرف اس بات پر قناعت کر لی کہ مسلمانوں اور قادیانیوں کے درمیان جداگانہ مذہبی تشخص قائم کر دیا جائے، اور قادیانیوں کو مسلمانوں سے الگ ایک نئے مذہب کا پیروکار تسلیم کر لیا جائے۔ چنانچہ پاکستان میں قادیانیوں کو آئینی طور پر غیر مسلم اقلیت قرار دینے اور قانونی طور پر اسلام کا نام اور مسلمانوں کی مذہبی علامات و اصطلاحات کے استعمال سے روک دینے کے اقدامات کیے گئے۔ جنہیں آج قادیانیوں کے انسانی حقوق کی پامالی کا عنوان دے کر ملتِ اسلامیہ اور پاکستان کے خلاف مسلسل مہم چلائی جا رہی ہے۔

جناب مرزا صاحب! ’’انسانی حقوق‘‘ کے حوالے سے بھی دیکھا جائے تو اصل صورتحال اس سے مختلف ہے، کیونکہ مذہبی تشخص اور ملّی شناخت کے تحفظ کا حق دوسرے مذاہب کے پیروکاروں کی طرح مسلمانوں کو بھی حاصل ہے۔ اور انہیں مسلّمہ طور پر یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسی بھی ایسے گروہ کو اپنا نام استعمال نہ کرنے دیں اور اپنی مذہبی اصطلاحات و علامات کے استعمال سے روکیں جو ان سے الگ مذہب رکھتا ہے۔ اور وہ اپنا یہ جائز حق استعمال کر کے کسی پر زیادتی نہیں کر رہے اور نہ کسی کا کوئی حق پامال کر رہے ہیں۔ 

جبکہ اس کے برعکس قادیانی جماعت اپنے مذہب کو مسلمانوں کے مذہب سے الگ قرار دیتے ہوئے بھی اسلام کا نام اور مسلمانوں کی علامات و اصطلاحات کے استعمال پر اصرار کر کے مسلمانوں کی مذہبی شناخت کو مجروح کر رہی ہے، اور ان کے جداگانہ مذہبی تشخص کو پامال کر رہی ہے، جو دنیا بھر کے ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ قادیانی جماعت کا یہ طرز عمل مذاہبِ عالم کے تاریخی تسلسل اور مذاہب کے درمیان فرق و امتیاز کے مسلّمہ اصول سے انحراف ہے اور مسلمانوں اور قادیانیوں کے درمیان موجودہ تنازعہ اور کشیدگی میں یہی اصل وجہ نزاع ہے۔

اس ضمن میں مناسب معلوم ہوتا ہے کہ قادیانی جماعت کی دو معاصر تحریکوں کے طرز عمل کا بھی حوالہ دیا جائے:

ایک امریکہ کے سیاہ فام لیڈر آلیج محمد کی تحریک ہے جنہوں نے اسی صدی کے دوران اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا لیکن ساتھ ہی نبوت کا دعویٰ کر دیا اور نئی مبینہ وحی کے حوالے سے اپنی تعلیمات پیش کیں، جنہیں ظاہر ہے کہ مسلمانوں نے مسترد کر دیا۔ آلیج محمد کے پیروکاروں کی ایک بڑی تعداد آج بھی موجود ہے لیکن ان کے فرزند جناب وارث دین محمد نے حق کے واضح ہونے کے بعد اپنے باپ کے غلط عقائد سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے ملتِ اسلامیہ کے اجماعی عقائد کو قبول کرنے اور امت کے اجتماعی دھارے میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا، اور آج وہ امریکہ میں صحیح العقیدہ مسلمانوں کے ایک بڑے گروہ کی قیادت کر رہے ہیں۔ 

اور دوسری تحریک ایران کے بابیوں اور بہائیوں کی ہے جس کے بانی محمد علی باب اور بہاؤ اللہ نے نبوت اور نئی وحی کا دعوٰی کیا لیکن ساتھ ہی مذاہبِ عالم کے مسلّمہ اصول کا احترام کرتے ہوئے اپنا نام اور مذہبی شناخت مسلمانوں سے الگ کر لی اور مسلمان کہلانے یا خود کو مسلمانوں کی صف میں شامل رکھنے پر اصرار نہیں کیا۔ یہی وجہ ہے کہ مذہب کے بنیادی اختلاف کے باوجود ان کے ساتھ مسلمانوں کا اس طرز کا کوئی تنازعہ موجود نہیں ہے جس طرح کا تنازعہ قادیانیوں کے ساتھ چل رہا ہے۔

جناب مرزا صاحب! یہ ایک نظر آنے والی واضح حقیقت ہے کہ مسلمانوں اور قادیانیوں کے درمیان موجودہ کشمکش کی اصل وجہ مذہب کا اختلاف نہیں بلکہ مذہبی اختلاف کے منطقی نتائج کو تسلیم نہ کرنا ہے۔ اور یہ امرِ واقعہ ہے کہ اسے تسلیم نہ کرنے کی تمام تر ذمہ داری قادیانی جماعت پر عائد ہوتی ہے کیونکہ مسلمانوں کا موقف بالکل واضح ہے کہ قادیانی گروہ کا مذہب مسلمانوں کے مذہب سے الگ ہے، اس لیے وہ مسلمانوں کا نام اور اصطلاحات استعمال کر کے اشتباہ پیدا نہ کرے، اور نہ ہی مسلمانوں کی مذہبی شناخت اور تشخص کو مجروح کرے، بلکہ اپنے لیے الگ نام اور علامات و اصطلاحات وضع کر کے اس کشیدگی کے خاتمہ کی طرف قدم بڑھائے۔

ان گزارشات کے ساتھ آنجناب سے یہ گزارش کرنا چاہتا ہوں کہ ایک غلط اور غیر منطقی موقف پر ضد کر کے نہ خود پریشان ہوں اور نہ مسلمانوں کو پریشان کریں۔ بلکہ بہتر بات تو یہ ہے کہ جناب وارث دین محمد کی طرح غلط عقائد سے توبہ کر کے ملتِ اسلامیہ کے اجماعی عقائد کی بنیاد پر امتِ مسلمہ کے اجتماعی دھارے میں شامل ہو جائیں۔ آپ کے اس حقیقت پسندانہ فیصلہ کا پوری امتِ مسلمہ کی طرف سے خیرمقدم کیا جائے گا۔ اور اگر یہ آپ کے مقدر میں نہیں ہے تو بابیوں اور بہائیوں کی طرح اپنی مذہبی شناخت مسلمانوں سے الگ کر لیں اور پاکستان کی منتخب پارلیمنٹ کا جمہوری فیصلہ قبول کر کے غیر مسلم اقلیت کا جائز اور منطقی کردار اختیار کر لیں۔ اس کے سوا کوئی تیسرا راستہ معقولیت اور انصاف کا راستہ نہیں ہے، اور نہ ہی آپ مغربی حکومتوں اور لابیوں کے سہارے کسی غلط اور نامعقول موقف کو مسلمانوں سے منوا سکتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ یہ گزارشات آپ کو مثبت اور صحیح رخ پر سوچنے کے لیے ضرور آمادہ کر سکیں گی۔ 

والسلام علیٰ من اتبع الہدٰی۔

ابوعمار زاہد الراشدی
چیئرمین ورلڈ اسلامک فورم
خطیب مرکزی جامع مسجد، گوجرانوالہ، پاکستان

معجزہ کیا ہے؟

پروفیسر غلام رسول عدیم

اسی عنوان سے پروفیسر لیونیاں نے ایک پوری کتاب لکھی ہے : What is Miracle اس میں پروفیسر موصوف لکھتے ہیں:

 "معجزے کے مسئلے نے قدیم ترین ایام سے لے کر اس وقت تک انسانی ذہن کو مشغول رکھا ہے۔ انسان کو ہمیشہ معجزات پر اعتقاد رہا ہے بلکہ باوجود متعدد مشکلات کے وہ معجزات سے متعلق اپنے اعتقاد پر ثابت قدم رہا ہے۔ یہ اعتقاد اور یقین مذہب کا ایک اہم عنصر ہے۔ پیغمبر اور ہادیانِ دین اکثر معجزے دکھاتے رہے ہیں اور ان کی صداقت کی آزمائش ان کی معجزات دکھانے کی قدرت ہی سے ظاہر ہوتی ہے۔" 

یہ اقتباس ظاہر کرتا ہے کہ سوچنے سمجھنے والے دماغ اسلام سے باہر رہ کر بھی معجزے کے کسی نہ کسی طرح قائل رہے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ معجزہ ہے کیا؟ 

لغوی طور پر یہ لفظ عجز سے مشتق ہے جس کے معنی میں دو جہتیں بالکل واضح ہیں: (۱) عجز (کمزوری)  (۲) عجز کسی چیز کا پچھلا حصہ (مجمل اللغہ لابن فارس) 

اعجاز کے معنی کسی دوسرے کو عاجز اور بے بس کر دینا۔ انہم لا يعجزون (انفال ۵۹) ’’وہ عاجز نہیں کر سکتے" کمزور کرنا۔ کمزور سمجھنا۔ 

معجز کے معنی عاجز کر دینے والا شکست دینے والا- و من لا یجب داعى الله فليس بمعجز فی الارض (احقاف (۳۲) ’’جو اللہ کی طرف بلانے والے کی بات قبول نہ کرے، وہ زمین میں (خدا کو) عاجز کر دینے والا نہیں ہے۔‘‘

معجزه ایسی حقیقتِ ثابتہ یا امر ِواقعہ جو عاجز کر کے رکھ دے۔ و معجزہ النبی صلى الله عليه وسلم ما اعجز به الخصم عند التحدى و الهاء للمبالغه  (القاموس) ’’معجزہ وہ ہے جس سے آپؐ چیلنج کے وقت دشمن کو عاجز کر دیں۔ اس کے آخر میں تاء ماننے کے لیے ہے۔‘‘

دورِ جدید کے مشہور محقق مفتی محمد عبده (۱۸۴۹ء ۔ ۱۹۰۵ء) اپنی تفسیر المنار میں معجزے کے بارے میں لکھتے ہیں:

’’معجزے کے بارے میں سب سے زیادہ مشہور اور تحقیقی بات یہ ہے کہ اللہ تعالی اس کو اپنے عادی نظام کے خلاف صرف اپنی قدرت سے ظاہر فرماتا ہے تا کہ یہ بات ثابت کر دے کہ ’’نوامیس طبعیہ‘‘ خود اس کے محکوم ہیں، وہ ان کا محکوم نہیں۔ وہ جس طرح چاہے، ان میں تصرف کر سکتا ہے۔‘‘ (المنار جلد ۱ ص ۳۱۵)

مشهور سکاچ فلسفی ڈیوڈ ہیوم (۱۷۱۱ ۔ ۱۷۷۶) اپنی کتاب  Understanding Enquiry Concerning Human میں رقم طراز ہے:

’’معجزہ نام ہے قوانینِ فطرت کے خرق (خلافِ عادت ہونے) کا اور چونکہ یہ قوانین مستحکم اور اٹل تجربہ پر مبنی ہوتے ہیں، اس لیے معجزہ اتنا زبردست ثبوت ہے کہ اس سے بڑھ کر کسی تجربی ثبوت کا تصور ہی نہیں ہو سکتا۔ کیا وجہ ہے کہ ہم ان باتوں پر یقین رکھتے ہیں کہ تمام انسان فانی ہیں۔ آپ ہی آپ ہوا میں معلق نہیں رہ سکتا۔ آگ لکڑی کو جلاتی ہے اور پانی سے بجھ جاتی ہے۔ صرف یہی کہ یہ امور قوانینِ فطرت کے مطابق ثابت ہو چکے ہیں اور اب ان کا توڑنا بغیر قوانینِ فطرت کے توڑے یا بالفاظ دیگر بلامعجزہ ناممکن ہے۔‘‘

عقائد کی کتابوں میں ’’تمہید‘‘ ابو شکور سالمی ایک مستند کتاب ہے جس میں معجزے کی تعریف یوں ہے: 

وحد المعجزه ان يظهر عقيب السوال و الدعوى امر خارق للعاده من غير استحاله بجميع الوجوه ويعجز الناس عن اتيان مثله بعد الجهد و الاحتيال اذا كان لهم حذاقه و رزانه فی مثل ذالک۔
’’معجزے کی تعریف یہ ہے کہ سوال اور دعویٰ کرنے کے بعد ایسا خارق عادت واقعہ ظاہر ہو جو ہر حیثیت سے محال نہ ہو اور لوگ باوجود کوشش و تدبیر کے اس قسم کے معاملات میں پوری مہارت و بصیرت رکھتے ہوئے اس کے مقابلہ سے عاجز رہیں۔‘‘

اگر معجزے کے ان اجزائے ترکیبی کو سامنے کیا جائے جو فلاسفہ و متکلمین کی آراء کی صورت میں یا عقائد کی مختلف کتابوں میں معجزے کی تعریف کے سلسلے میں آتے ہیں (جن کی تفصیل کا یہ موقع نہیں) تو اجمالا" ان کا لب لباب یہ ہو گا: 

ا۔ معجزہ نبی سے ظہور پذیر ہوتا ہے، غیر نبی سے نہیں۔

۲۔ نبی سے بھی بعد از دعویٰ نبوت کی زندگی میں وقوع پذیر ہوتا ہے کیونکہ اگر کوئی خرقِ عادت واقعہ قبل از دعوائے نبوت ظہور میں آئے تو وہ اصطلاح میں ’’ارہاص‘‘ کہلاتا ہے، معجزہ نہیں۔ جس کے معنی دیوار پر پہلا ردہ رکھنے کے ہیں۔

۳۔ معجزہ ہمیشہ خارقِ عادت یا خلافِ عادت ہوتا ہے یعنی عام معمول سے ہٹ کر ظہور پذیر ہوتا ہے، اگر معمول کے خلاف نہ ہو تو معجزہ نہیں ہو گا۔

۴۔ بطور معجزہ ظاہر ہونے والے امور محال عادی ہوتے ہیں (عادتاً‌ ممکن نہیں کہ کوئی ایسا کر سکے)۔ محال عقلی (کہ عقل کے لیے انہیں ماننا ہی ناممکن ہو) نہیں ہوتے۔ زیادہ سے زیادہ وہ مستبعد عقلی (عقل کو ان کے ماننے میں خاصی دقت اٹھانا پڑتی ہو) ہو سکتے ہیں۔ یعنی بعید از عقل ہوتے ہیں، خلافِ عقل نہیں ہوتے۔ 

۵۔ کوئی غیر نبی پوری کوشش یا فنی مہارت سے "بمقابلہ نبی" ایسا کرنے پر ہرگز قدرت نہیں رکھتا۔ 

اگر کسی غیر نبی کے ہاتھ پر ایسا خلافِ عادت واقعہ ظہور پذیر ہو تو وہ کرامت کہلاتا ہے تا کہ یہ بات کھل کر سامنے آ جائے کہ نبی کے امتی پر فضلِ خداوندی سے محیر العقول واقعات ظہور پذیر ہو سکتے ہیں تو نبی کی اعجازی حیثیت کیا ہو گی۔ یوں غیر نبی کی کرامت نبی کی نبوت کے ابطال کے لیے نہیں، اثبات کے لیے ہوتی ہے۔ 

مطالعہ قرآن سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ جب بھی اللہ کے پیغمبروں نے اپنی پیغمبرانہ حیثیت منوانے اور پیغام الٰہی پہنچانے کے لیے لوگوں کے دل و دماغ کو بیدار کیا تو وہ لوگ جن کی عقل و فطرت میں بگاڑ نہیں تھا، فورً‌ا اس طرف متوجہ ہوئے اور پیغمبر پر ایمان لا کر قبول کر کے زمرۂ مومنین میں شامل ہو گئے۔ مگر بسا اوقات ایسا بھی ہوا کہ ان سے مطالبہ کیا گیا کہ اگر واقعی تم سلطنتِ خداوندی میں اس کے سفیر اور نمائندے کی حیثیت سے آئے ہو تو ایسا خارقِ عادت واقعہ پیش کرو جو عادی نظام کے خلاف ہو، جو اس امر کی دلیل ہو کہ تم واقعی اللہ کی طرف سے بھیجے گئے ہو۔ 

نبیوں کے مخاطبین اولین میں سے ایک قابلِ لحاظ تعداد سلیم الفطرت لوگوں کی ایسی رہی ہے جو انبیاء کرام کی پاکیزہ سیرتوں ہی کو دیکھ کر ان پر ایمان لاتی رہی ہے۔ حضرت عبد اللہ بن سلامؓ نے جو تورات و انجیل کے بہت بڑے عالم تھے، دیکھتے ہی نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں کہہ دیا ليس هذا بوجه کذاب (یہ کسی جھوٹے کا چہرہ نہیں ہو سکتا) اور فی الفور شرفِ ایمان سے مشرف ہو گئے ؎

در دل ہر امتی کز حق مزه است  
روئے و آواز پیغمبرؐ معجزه است 

تاہم معجزه طلب لوگوں میں سے اکثر ایسے تھے جو محض تفنن طبع کی خاطر معجزوں کا تقاضا کرتے یا پھر پیغمبر کا استہزا (مذاق اڑانا) مقصود ہوتا۔ انہیں معجزے بھی دکھا دیے جاتے تو بھی وہ تقلید ِآباء، معاشرتی رواجوں، خواہشاتِ نفسانی، اور ذاتی عناد کی وجہ سے اللہ کے رسولوں کے پیغام کو درخور اعتنا نہ سمجھتے۔ وہ پوری ڈھٹائی اور خیرہ چشمی سے معجزات کو سحر و کہانت کهہ کر کفر و شرک پر اڑے رہتے۔

اب جبکہ بابِ نبوت بند ہو چکا اور سلسلۂ نبوت و رسالت کی آخری کڑی کے طور پر محمد صلی اللہ علیہ وسلم (فداہ ابی و امی) کو تا قیام قیامت مبعوث کر دیا گیا، اسلامی عقائد میں دراڑیں ڈالنے کے لیے اور نسلِ نو کو اسلام سے برگشتہ کرنے کے لیے مستشرقین اور ان کے ہم نوا انکارِ معجزہ کی راہیں تلاش کرنے میں اپنی توانائیاں کھپا رہے ہیں۔ انکارِ معجزہ کی وجوہات میں انسانی تحقیقات پر ضرورت سے زیادہ اعتماد اور مادہ پرستی کے ساتھ ساتھ غیر مسلموں سے مرعوبیت بھی شامل ہے۔ معجزے پر ایمان لانے کے لیے بنیادی شرط یہ ہے کہ خداوند قدوس کی قدرت و عظمت پر کامل ایمان ہو۔ اگر ایسا نہ ہو تو معجزے کو نہ ماننے کی کئی راہیں نکل سکتی ہیں۔

یہ ماننا ضروری ہے کہ خداوند عالم پورے عالم کا خالق بھی ہے، مدیر امور بھی، متصرف بالذات بھی ہے اور قانون بنانے والا بھی۔ جس قانون میں چاہے اپنی حکمت کے ساتھ تغیر کرنے پر قدرت بھی رکھتا ہے۔ معجزه دراصل اسی کی قدرت کا اظہار ہے۔ جو قانون بنا سکتا ہے، وہ اس میں کسی مصلحت کے تحت وقتی تغیر بھی کر سکتا ہے۔ جس خدا نے اشیاء میں تاثیریں اور خواص رکھے ہیں، وہ ان کی تاثیروں کو وقتی طور پر بدلنے، معطل کرنے، یا سلب کرنے کی بھی طاقت رکھتا ہے، کیونکہ معجزہ ہے ہی فعلِ خداوندی جو پیغمبر کے ہاتھ پر اس کی تصدیق و توثیق کے لیے ظہور پذیر ہوتا ہے۔ 

جان لینا چاہئے کہ معجزہ نبوت کی شرط نہیں، صاحبِ نبوت کی صداقت کی دلیل ہوتا ہے۔ معجزے میں پیغمبر کے ارادے کو نہیں ارادۂ خداوندی کو دخل ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پیغمبر معجزه طلبی پر غیر مبہم الفاظ میں کہتے رہے ہیں انما الایات عند الله (معجزات اللہ کے پاس ہیں) و ما كان لرسول ان ياتی بايۃ الا باذن الله (حکمِ خداوندی کے بغیر رسول معجزہ پیش نہیں کرتے) معجزے میں رسول کی مہارت فنی کو دخل نہیں ہوتا، نہ یہ کوئی فن ہے۔ یہ تو رسول کی صداقت کی دلیل ہوتا ہے۔ ایک ساحر، شعبدہ باز وغیرہ اور نبی میں بنیادی فرق جان لیجئے۔

نبی اپنے فن کی بنیاد پر نہیں، خداوند عالم کی قدرت سے معجزہ دکھاتا ہے۔ شعبدہ باز اپنی فنی مہارت کا مظاہرہ کرتا ہے۔ نبی کا کردار بے داغ اور سیرت بڑی پاکیزہ ہوتی ہے۔ شعبدہ باز اور ساحروں کا کردار اکثر گھناؤنا ہوتا ہے۔ نبی معجزے کو اپنے ساتھ منسوب نہیں کرتا، قدرتِ خداوندی بتاتا ہے۔ ساحر اپنی مہارتِ فن کی ڈینگیں مارتا ہے۔ نبی معجزوں سمیت اپنے پورے پیغام کا کوئی معاوضہ طلب نہیں کرتا۔ ساحر شعبدہ بازی دکھا کر بھیک منگوں کی طرح اجرت چاہتا ہے۔ نبیوں نے ہمیشہ عظیم تہذیبوں اور عظیم تر تمدنوں کی بنیادیں رکھی ہیں۔ کسی ساحر نے آج تک کوئی تمدن پیدا نہیں کیا۔

نبی کے فیضان سے افراد کی سیرتیں قابلِ رشک ہوتی ہیں اور معاشروں کی بنیادیں مضبوط ہوتی رہی ہیں۔ اس کے برعکس ساحر خود بھی اور ساحروں کے ہوا خواہ بھی گھٹیا کردار اور پست ذہنیتوں کے لوگ رہے ہیں۔ نبیوں کی تعلیم آفاقی سچائیوں کی حامل ہوتی ہے جبکہ ساحروں کے اوہام اور مذموم فن کی بنیادیں بڑی بودی ہوتی ہیں جن سے کوئی معاشرہ تشکیل پذیر نہیں ہوتا۔ 

فی الجملہ ذہن نشین کر لینا چاہئے کہ معجزہ قدرتِ خداوندی کا کرشمہ ہوتا ہے۔ معجزے میں پیغمبر کی کسی طرح کوئی فنی مہارت نہیں ہوتی، البتہ وہ پیغمبر کی سچائی کی دلیل ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ منکرین کی بے جا بلکہ بعض اوقات بیہودہ معجزہ طلبیوں پر پیغمبروں نے کبھی باتمکین خاموشی اختیار کی تو کبھی خندۂ تحقیر سے انہیں درخور اعتنا ہی نہ جانا۔ جب اللہ نے چاہا پیغمبروں کے ہاتھوں معجزات وقوع پذیر کروا کر انہیں اپنے دشمنوں پر غالب رکھا۔


مولانا عتیق الرحمٰن سنبھلی مدیر ’’الفرقان‘‘ لکھنؤ کا مکتوب گرامی

احیائے اسلام کی عالمی تنظیم ’’حزب التحریر‘‘ کے بارے میں

مولانا عتیق الرحمٰن سنبھلی

لندن ۲۴ جولائی ۹۵ء

محترم مولانا زاہد الراشدی صاحب (مدیر اعلیٰ الشریعہ گوجرانوالہ پاکستان)

السلام عليكم و رحمتہ اللہ

ایک ماہ کے قریب ہوا ’’حقوقِ انسانی‘‘ کے سلسلے میں آپ کا سرکلر الشریعہ کے چند شماروں کے ساتھ موصول ہوا تھا جس سے آپ کی برطانیہ میں آمد کا پتہ چلا۔ اس پر میں نے اپنی کتاب ’’طلاقِ ثلاثہ‘‘ کی ایک کاپی آپ کی خدمت میں لندن والے پتے پر ارسال کی تھی۔ سنا ہے کہ وہ آپ کو مل گئی ہے، مگر ساتھ ہی مولانا عیسیٰ منصوری نے یہ بھی بتایا کہ آپ کا مستقر اب نوٹنگھم ہو گیا ہے یعنی ملاقات کی امید اور بھی کم ہو گئی ہے۔

میں آغاز نومبر ۹۴ء سے امسال اپریل تک ہندوستان میں رہا۔ واپس آکر ڈاک میں الشریعہ کے کچھ شمارے بھی ملے۔ انہی میں سے ایک میں آپ کا ’’کلمہ حق‘‘ حزب التحریر کے بارے میں چھپا تھا۔ اس میں کچھ دوسرے علمائے کرام کے ساتھ آپ کی شیخ عمر بکری کے ساتھ جس نشست اور گفتگو کا ذکر ہے، اس کا بطور خبر تذکرہ میں گزشتہ سال ہی یہاں جنگ میں پڑھ چکا تھا جو میرے لیے بہت حیرت کا باعث ہوا تھا۔ بایں معنی کہ یہ صاحب جس انداز سے اس ملک میں خلافت کی تحریک چلا رہے ہیں، کیا اس کی مَضرت کی طرف آپ حضرات کا بالکل ہی دھیان نہیں گیا جو ان کو اعتماد کا ایسا زوردار سرٹیفکیٹ آپ نے عطا کر دیا! آپ کی اس خبر کے چند ہی دن بعد ان صاحب کا ایک مفصل انٹرویو جنگ نے شائع کیا تو میرا خیال تھا کہ اب آپ کی توجہ ان کی تحریک کی مضرت کی طرف ضرور مبذول ہو گئی ہو گی، مگر کلمہ حق پڑھ کر پتہ چلا کہ میرا اندازہ بالکل غلط تھا۔ اور ساتھ ہی یہ بھی تقاضا ہوا کہ اس سلسلے میں آپ کو بحیثیت مدیر الشریعہ ایک خط لکھ کر درخواست کروں کہ اگر کوئی حرج نہ ہو تو اسے الشریعہ میں ایک قاری کی رائے کے طور پر دے دیں۔

مگر اس کی نوبت نہ آسکی تھی کہ ابھی کوئی ڈیڑھ ہفتہ ہوا عمر بکری صاحب کے ساتھ میری خود ایک نشست ہو گئی اور اس نے اس تقاضے کو فریضے کے درجے میں پہنچا دیا۔ اب میں اسی نشست کے حوالے سے آپ سے کچھ عرض کرتے ہوئے درخواست کرتا ہوں کہ اسے الشریعہ میں دے دینے پر ضرور غور فرمائیں۔

غالباً‌ ۲۵ جون کی بات ہے۔ لندن سے باہر ایک دوست کی دعوت پر ان کے یہاں کے جلسے میں شرکت کے لیے جانا ہوا۔ وہاں حزب التحریر کا ایک اشتہار تقسیم ہوا جس میں ان کی تحریکِ خلافت کی طرف دعوت تھی۔ میں نے بھی ایک عدد لے لیا۔ اس کی ایک کاپی آپ کے لیے بھی منسلک کر رہا ہوں۔ اس کو پڑھ کر اندازہ ہوا کہ اب تک اس تحریک کی مضرت کا جو اندازہ تھا وہ بہت کم تھا۔ یہ خالص دینی نقطۂ نظر سے بھی فتنہ ہے، جبکہ اب تک صرف یہ خیال تھا کہ یہ یورپ میں اسلام اور مسلمانوں کی مصلحت کے خلاف ہے۔ میرے علم کے مطابق آپ انگریزی نہیں جانتے۔ یہ اگر صحیح ہے تو کسی انگریزی دان سے اس کو اردو میں سن لیں۔ مجھے امید ہے کہ آپ کا میری اس بات سے کوئی اختلاف نہ رہے گا کہ بے شک یہ دینی لحاظ سے ایک فتنہ ہے، بایں معنی کہ یہ لوگ حدیث اور قرآن کو اپنی ضرورت کے مطابق نهایت غلط طور سے استعمال کرنے میں کامل طور پر بے باک اور بے خوف ہیں۔ 

میں اس اشتہار کو پڑھ کر متفکر ہوا کہ کیا کیا جا سکتا ہے؟ اگلے ہی جمعہ کو اپنی مسجد پر ان لوگوں کا ایک اشتہار ملا جس میں بکری صاحب کے درسِ قرآن کے پروگرام کا اعلان تھا اور اس میں یہ وضاحت بھی درج تھی کہ مفسرینِ اہل سنت و الجماعت کے اصولوں کے مطابق۔ قدرتی طور پر فکر اور بڑھی۔ چنانچہ بکری صاحب سے مل کر گفتگو کرنے کا ارادہ کیا اور اگلے ہی ہفتے یہ ملاقات ہو گئی۔ میں نے یہ اشتہار پیش کر کے ان سے تصدیق چاہی کہ یہ انہی کا ہے، انہوں نے تصدیق کی۔ میں نے اس تمہید کے بعد کہ یہ تحریک فلاں وجہ سے اس ملک میں اسلام اور مسلمانوں کی مصلحت کے قطعاً‌ خلاف ہے اور سوچنا چاہئے کہ جس قوم نے عثمانی خلافت کو تباہ کیا اور جس کا ہاتھ آج بھی ہر مسلم ملک کے اندر اسلام کی سیاسی سربلندی کی روک تھام میں دیکھا جا سکتا ہے، وہ کیونکر نہایت بے فکری سے اس تحریک کو کھلے بندوں کام کرنے کا اپنے ملک میں موقع دے رہی ہے؟ اس سلسلے میں ان کی توجہ اشتہار کے ان حصوں کی طرف دلائی گئی جن میں خلیفہ کا کام یہ بتایا گیا ہے کہ وہ جنگ اور جہاد کے ذریعے دنیا میں اسلام کے پیغام کو پھیلائے گا۔ موصوف نے فرمایا کہ اس مضمون کا اشتہار تو ہم صرف مسلمانوں میں تقسیم کرتے ہیں۔  مطلب یہ ہوا کہ اس ’’احتیاط‘‘ کی بنا پر تحریک کے اس جنگجوانہ پہلو سے یہاں کی قوم اور حکومت بالکل بے خبر ہے اور بے خبر رہے گی۔ اللہ اللہ، سادگی کی یا مخاطب کو سادہ لوح سمجھنے کی بھی حد ہوتی ہے۔

الغرض اس تمہیدی گزارش کے بعد بکری صاحب کی توجہ اس حدیث مندرجہ کی طرف دلائی گئی کہ 

’’جو شخص اس حالت میں مرے گا کہ بیعت کا قِلادہ اس کی گردن میں نہ ہوگا، تو اس کی موت جاہلیت کی موت ہوگی۔‘‘

عرض کیا گیا کہ یہ آدھی حدیث ہے، جو بے شک اس مطلب کے لیے مفید ہے کہ خلافت وجود میں لانے کی کوشش کرنی چاہئے تاکہ جاہلیت کی موت نہ مرنا پڑے، لیکن پوری حدیث پڑھئے تو اس کا کوئی تعلق اس مطلب سے نہیں نکلتا۔ بلکہ یہ اس صورت حال سے متعلق ہو جاتی ہے جبکہ آدمی خلیفۂ وقت کی بیعت سے دست کش ہو کر مرے۔ اور یہ اس مقصد کی اکیلی حدیث نہیں ہے، متعدد حدیثیں اس مضمون کی پائی جاتی ہیں جن کا مقصد ہر ممکن حد تک مسلمانوں کا سیاسی استحکام اور خانہ جنگی سے ان کی روک تھام ہے۔ مشکوٰۃ شریف میں پائی جانے والی ایسی سب حدیثوں کی فوٹو کاپی میں نے اپنے ساتھ لی ہوئی تھی جو ان کے سامنے رکھ دی۔ مگر میں آپ کو کیا بتاؤں کہ کس ہٹ دھرمی سے اس شخص نے اس فوٹو کاپی کا مقابلہ کیا! 

اسی طرح وہ حدیث کہ ’’اذا بویع الخليفتان فاقتلوا احدهما‘‘ (ایک خلیفہ کے مقابلے میں دوسرا آدمی خلافت کا دعویٰ کر کے کھڑا ہو جائے تو اس کو قتل کر دو۔) بھلا اس کا بھی خلافت کو وجود میں لانے کی جدوجہد سے کیا تعلق؟ آپ یقین فرمائیں گے کہ جب اول الذکر حدیث کے استعمال پر میرا اعتراض نہ تھما تو موصوف نے یہ دوسری پیش کر دی۔ یہ بھی زیرِ بحث اشتہار میں موجود ہے۔ 

میرے خیال میں ان کی اس روش سے ان کی اہل سنیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ اور بھی جو حدیثیں آپ کو منسلکہ اشتہار  میں ملیں گی، وہ سب ایسی ہی قطعی غیر متعلق قبیل سے ہوں گی۔ 

کاش اس پر بھی بس ہو جاتی۔ اشتہار کا اختتام سورہ حج کی آیت نمبر ۴۰ و ۴۱ کے حوالے سے کیا گیا ہے۔ اس کا ترجمہ آپ خود ہی اصل آیت سے ملا لیں، خاص طور سے ۴۱ نمبر کا ترجمہ جس میں صلوٰۃ، زکوة، امر بالمعروف اور نہی عن المنکر سب کی تلخیص ’’استقامت علی الدین‘‘ کے الفاظ میں کر دی گئی ہے۔ آیت کے الفاظ ہیں :

الذين ان مكناهم فى الارض اقاموا الصلوٰۃ و اتوا الزكوٰۃ و امروا بالمعروف و نهوا عن المنكر … الخ۔
’’(یہ) وہ لوگ (ہیں) کہ اگر ہم ان کو ملک میں قدرت دیں تو وہ نماز قائم کریں، زکوٰۃ دیں، بھلے کا حکم دیں اور برے سے منع کریں۔‘‘

اس آیت کا جو ترجمہ انگریزی میں دیا گیا ہے، اس میں نہ نماز ہے نہ زکوٰۃ نہ امر بالمعروف نہ نہی عن المنکر، بلکہ اس سب کی جگہ یہ الفاظ ہیں: IN THEIR DEEN REMAIN CONSTANT (اگر ہم ان کو ملک میں اقتدار نصیب کریں تو وہ دین پر مضبوطی سے قائم رہیں)۔ آپ یقین کریں گے کہ جب میں نے اس شخص سے اس ترجمے کا جواز پوچھا تو اور بہت سی آئیں بائیں شائیں کے علاوہ آخری بات یہ تھی کہ صلوہ کے معنی کیا ہیں؟ دعا! ’’صلوہ علی النبی‘‘ دعا ہی تو ہے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔

تو یہ ہیں عمر بکری صاحب اپنے (منسلکہ) اشتہار اور اس گفتگو کی روشنی میں! کہ نہ صرف یورپ کے اس پروپیگنڈے کو جیتا جاگتا ثبوت مہیا کر رہے ہیں کہ اسلام کا احیا ایک خوفناک اور خونخوار طاقت کا احیا ہے، بلکہ ساتھ میں مسلمانوں کے دین کے لیے بھی وہ علامہ مشرقی والے فتنے سے کم نہیں ہیں۔ کیا اچھا ہو کہ آپ اس عریضے کے ساتھ منسلکہ اشتہار کا ترجمہ بھی شائع کریں۔

والسلام

خیر اندیش 

(عتیق الرحمٰن) دستخط


عیسائی دنیا کے عظیم پوپ کے نام کھلا خط

مولانا محمد عیسٰی منصوری

باسمه سبحانه

السلام علیٰ من اتبع الهدىٰ ۔ صحیح راہ پر قائم رہنے والوں پر سلامتی ہو۔ 

آپ بخوبی جانتے ہیں کہ یہ دنیا خیر و شر سے مرکب ہے، خالقِ کائنات نے ایک طرف انسان کا جسم اور مادی وسائل و اسباب دیے، دوسری طرف روح اور اس کی سیرابی کے لیے مذہب اور روحانی اسباب عطا کیے۔ مذہب دنیا میں انسان کے اندر کی حیوانیت پر روحانیت یا انسانیت کو غالب کرنے کے لیے وجود میں آیا تھا۔ آج دنیا میں جتنی انسانیت، ہمدردی، اخلاقِ فاضله، شرافت، خدا ترسی اور رحم و کرم ہے، وہ خدا تعالیٰ کے برگزیدہ پیغمبروں بشمول حضرت عیسیٰ و حضرت محمد علیهما السلام کی تعلیمات اور مساعی کی بدولت ہے۔ اگر انبیائے کرام علیہم السلام اور ان کی تعلیمات نہ ہوتیں تو دنیا کے انسان سب ہی انسان نما درندے بن چکے ہوتے۔

مذہبی طبقہ نہ صرف پیغمبروں کا وارث اور قائم مقام ہے بلکہ انسانیت، شرافت، اخلاقِ کریمانہ اور روحانیت کا نگہبان ہے۔ یہ دنیا کی بد قسمتی ہے کہ وہ مذہب سے دور ہو کر ہلاکت اور بربادی کی طرف تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ آج کے حکمران و سیاست دان اپنی خود غرضی، حرص و طمع اور اقتدار و طاقت کے نشے میں اپنے پیدا کرنے والے خدا اور مذہب سے ہے نیاز اور لا تعلق ہو چکے ہیں۔ یہ صحیح ہے کہ دنیوی حکمرانوں کے پاس مذہبی طبقہ سے بہت زیادہ طاقت، وسائل اور ذرائع ہیں، لیکن اس سے مذہبی طبقہ کی ذمہ داری ختم نہیں ہو جاتی۔ 

خاص طور پر عیسائیت کے بارے میں یہ کہا جاتا ہے کہ یہ مذہب شفقت اور رحم و کرم کا مذہب ہے، اور اس کی تعلیم یہ ہے کہ اگر کوئی ایک رخسار پر طمانچہ مارے تو دوسرا رخسار سامنے کر دو۔ عفو و درگزر کو اس مذہب کی بنیادی تعلیمات میں شمار کیا جاتا ہے۔ لیکن گزشتہ کئی سال سے آپ کے پڑوس میں چند سو میل کے فاصلے پر ایک پوری قوم کی نسل کشی ہو رہی ہے، لاکھوں انسانوں کو جانوروں کی طرح ذبح کیا جا رہا ہے، بوڑھوں، عورتوں اور بچوں تک پر درندگی کی انتہا کر دی گئی ہے، خاص طور پر نوجوان عورتوں اور بچیوں کے ساتھ ایسی حیوانیت ہو رہی ہے جس نے ہلاکو اور ہٹلر کے مظالم کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، مگر آپ سمیت عیسائی دنیا کے مذہبی راہ نما جو روحانیت کے علمبردار اور انسانیت و شرافت، شفقت و اخلاق کے نگہبان سمجھے جاتے ہیں، اس طرح خاموش ہیں جیسے یہ سب کچھ ان کی منشا کے عین مطابق ہو رہا ہے۔ 

یہ مذہبی راہ نما جو کسی ایشیائی، افریقی یا مسلم ملک میں ایک عیسائی کی گرفتاری پر آسمان سر پر اٹھا لیتے ہیں، اور ایسا لگتا ہے کہ پوری انسانیت کا درد و غم صرف ان کے دلوں میں سما گیا ہے، نہ صرف مذہب و اخلاق اور انسانیت و شرافت کی دہائی دی جاتی ہے بلکہ ان ملکوں کی حکومتوں اور قوموں کو للکارا جاتا ہے۔ ابھی گزشتہ سال پاکستان میں سلامت مسیح اور رحمت مسیح کو اللہ تعالیٰ کے پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں دریدہ دہنی کے جرم میں پاکستان کی عدالت نے سزا سنائی تو آپ سمیت ساری عیسائی دنیا کے مذہبی راہنما چیخ اٹھے۔ ساری دنیا کا پریس ان کی فریاد سے گونج اٹھا اور اس نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا، لیکن یہاں یورپ کے قلب میں آپ کی نظروں کے سامنے ایک پوری نسل کو بے رحمی سے ذبح کیا جا رہا ہے، کان ناک کاٹے جا رہے ہیں، آنکھیں نکالی جا رہی ہیں اور صنف نازک کی رسوائی کے ہلاکو اور ہٹلر سے بھی بڑھ کر اذیت ناک طریقے اختیار کیے جا رہے ہیں، مگر ہمارے کان عیسائی دنیا کے کسی مذہبی راہنما کی زبان سے بوسنیا ہرزوگوینا کے مظلوم مسلمانوں کی ہمدردی میں دو بول سننے کے لیے ترس گئے ہیں۔

ہمیں یورپ کے حکمرانوں، سیاست دانوں اور میڈیا کاروں سے کوئی شکوہ نہیں، ان کی انسانیت و شرافت کو عرصہ دراز سے دنیا برابر دیکھ رہی ہے، ہمیں شکایت مذہب اور اس کے راہ نماؤں سے ہے، کیا عیسائی مذہب اتنا کھو کھلا ہو گیا ہے کہ اس کے علمبرداروں کے اندر سے انسانی و اخلاقی حس ختم ہو چکی ہے؟ یا عیسائیت قومیت اور رنگ و نسل کے بتوں کے سامنے سجدہ ریز ہو کر خدائے واحد کی بنائی ہوئی سب سے اشرف مخلوق کی ذلت و رسوائی سے اندھی بہری بن گئی ہے؟

یہ صحیح ہے کہ یورپ میں عرصہ دراز سے مذہب کو کاروبارِ زندگی سے نکالا جا چکا ہے اور اسے صرف چرچ اور پرائیویٹ زندگی تک محدود کر دیا گیا ہے۔ اگر میری صاف گوئی پر در گزر سے کام لیں تو یہ صورت حال بھی عیسائیت کے مذہبی راہ نماؤں کی ناعاقبت اندیشی کا نتیجہ ہے، جب انہوں نے علم و سائنس اور ٹیکنالوجی سے انکار کی راہ اختیار کی اور احتساب کی عدالتیں قائم کر کے بے شمار بے قصور انسانوں کو علمی و سائنسی نظریات کی بنیاد پر بھیانک سزائیں دے کر عیسائیت کو علم و سائنس کا دشمن ثابت کیا جس سے عام انسان مذہب سے متنفر ہو گیا۔

میں پھر معافی چاہوں گا کہ عیسائیت کے مذہبی راہنماؤں نے کل عیسائیت کو علم و سائنس کا دشمن بنا کر نقصان پہنچایا تھا اور آج انسانیت، شرافت، شفقت، رحم دلی اور اخلاقِ کریمانہ سے عاری و تہی دامن بتا کر عیسائی مذہب کو نقصان پہنچانے جا رہے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ عیسائیت کی تعلیمات و کردار بھی بدل گیا ہو اور اس کی تثلیث کے عناصر باپ، بیٹا اور روح القدس کی بجائے، ظلم و ستم، عیاری و مکاری اور درندگی و حیوانیت قرار پا گئے ہوں۔ کم از کم سربوں کے مجرمانہ کردار اور اس پر عیسائی دنیا کے مذہبی راہ نماؤں کی خاموشی پر تو یہی بات صادق آتی ہے۔ 

آپ اچھی طرح جانتے ہیں کہ کسی خطے میں چند ہزار یا چند لاکھ انسانوں کے ذبح کرنے سے کوئی مذہب ختم نہیں ہو جاتا، لیکن اس سے مجرموں اور ان کے خاموش پشت پناہوں کے اخلاقی دیوالیہ پن اور روحانی تہی دامنی کا ضرور اظہار ہوتا ہے، اور میں یہ بھی عرض کرنے کی جسارت کر رہا ہوں کہ یہ صورت حال عیسائی دنیا کے مذہبی راہ نماؤں کی کھلی اخلاقی شکست کی آئینہ دار ہے۔

یہ ضروری نہیں کہ مذہبی طبقہ کی حق پرستی، انسانیت دوستی اور ظلم کو ظلم کہنے سے یورپ کے مکار سیاست دان اپنے رویہ سے باز آجائیں، یا سرب اپنی حیوانیت چھوڑ دیں، اس لیے کہ خالق کائنات نے حیوانوں کو باز کرنے کا ضابطہ کچھ اور مقرر کیا ہے،  مگر آپ اخلاقی و انسانی فریضہ سے ضرور سبکدوش ہو جاتے اور عیسائیت داغدار ہونے سے بچ جاتی۔ کیونکہ صرف دنیا کے ایک ارب مسلمان ہی نہیں پوری تیسری دنیا آپ کے کردار کا جائزہ لے رہی ہے اور اس کا سب سے زیادہ افسوسناک پہلو یہ ہے کہ وہ مذہب کے کھوکھلے پن کا تماشہ دیکھ رہی ہے۔

یہ بات دن بدن واضح ہوتی جا رہی ہے کہ بوسنیا ہرزوگوینا میں نہتے مسلمانوں کے قتل عام اور درندگی کے مجرم صرف سرب نہیں بلکہ امریکہ کا پریزیڈنٹ اور برطانیہ کا وزیراعظم بھی ان کے پشت پناہ ہیں، اور عیسائیت کا مذہبی طبقہ بھی اس صورت حال کا برابر کا ذمہ دار ہے جو یسوع مسیح کا جانشین سمجھا جاتا ہے اور مصلحت و مفاد سے بالاتر ہو کر سولی پر بھی سچی بات کہنا اس کی شناخت قرار دیا جاتا ہے۔ 

میں ایک بار پھر اس جسارت پر معافی کا خواستگار ہوں اور اس صورت حال میں آپ کے ارشادات کا متمنی ہوں کہ ’’مذہب اور روحانیت‘‘ کو اس المناک ترین بحران سے نکالنے کے لیے آپ کیا سوچ رہے ہیں؟

من جانب (مولانا) محمد عیسی منصوری

سیکرٹری جنرل ورلڈ اسلامک فورم

۷۲ ڈیلا فیلڈ ہاؤس، کرسچین سٹریٹ، لندن ای ون


ورلڈ اسلامک فورم کی سرگرمیاں

ادارہ


شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر کا دورۂ افریقہ و سعودی عرب

ورلڈ اسلامک فورم کے سرپرست شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر دامت برکاتہم العالیہ گزشتہ ماہ کے دوران میں دو ہفتے کے دورے پر جنوبی افریقہ اور سعودی عرب تشریف لے گئے۔ ان کے سفر کی تفصیلات آئندہ شمارے میں شائع کی جائیں گی، ان شاء الله العزيز۔

حضرت مولانا محمد عبد اللہ پٹیل کا دورہ برطانیہ

ورلڈ اسلامک فورم کے سرپرست حضرت مولانا محمد عبد اللہ پٹیل مدظلہ العالی نے جولائی کا مہینہ برطانیہ میں گزارا۔ وہ کینیڈا سے واپسی پر لندن تشریف لائے اور کم و بیش ایک ماہ کے قیام کے بعد بھارت روانہ ہو گئے۔ انہوں نے مرکزی جامع مسجد بالہم لندن، جامع مسجد اپٹن لین لندن، اور مسجد نور لیسٹر میں ورلڈ اسلامک فورم کے زیراہتمام علمائے کرام کے اجتماعات سے خطاب کیا اور ان کے علاوہ مختلف شہروں میں دینی اجتماعات میں شرکت کی۔ 

مدنی مسجد نوٹنگھم میں انہوں نے اسلامک ہوم اسٹڈی کورس کے دفتر کا معائنہ کیا اور کورس کے بارے میں تفصیلات معلوم کیں۔ انہوں نے کورس کے اجراء پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اس کی کامیابی کے لیے دعا فرمائی۔ مسجد نور لیسٹر میں اپنے خطاب کے دوران حضرت مولانا محمد عبد اللہ پٹیل مدظلہ العالی نے آج کے عالمی حالات کے تناظر میں علمائے کرام کو ان کی دینی و ملّی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ مولانا موصوف کا یہ خطاب الشریعہ کے آئندہ شمارے میں قارئین کی خدمت میں پیش کیا جا رہا ہے۔ ورلڈ اسلامک فورم کے سیکرٹری جنرل مولانا عیسیٰ منصوری بھی اس دورہ میں مختلف مقامات پر ان کے ہمراہ رہے۔

فورم کا سالانہ سیمینار ۹ ستمبر کو ہو گا

ورلڈ اسلامک فورم کا سالانہ سیمینار ۵ اگست ۹۵ء کو اسلامک سنٹر سیلون روڈ انڈین پارک لندن میں منعقد ہونا طے پایا تھا اور مفکرِ اسلام حضرت مولانا سید ابوالحسن علی ندوی دامت برکاتہم نے اس میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی دعوت منظور فرمالی تھی، لیکن اگست کے آغاز میں ہی ان کی طبیعت زیادہ خراب ہو گئی اور لکھنؤ میں ان کے معالجین نے انہیں سفر سے روک دیا، اس لیے فورم کے سالانہ سیمینار کے التواء کا اعلان کر دیا گیا۔ اب یہ سیمینار ۹ ستمبر ہفتہ کو لندن میں ہو گا جس میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ اسلامیات کے سربراہ ڈاکٹر محمد طفیل ہاشمی مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ ان شاء اللہ تعالیٰ۔

مولانا زاہد الراشدی کی مختلف اجتماعات میں شرکت

ورلڈ اسلامک فورم کے چیئرمین مولانا زاہد الراشدی نے گزشتہ ماہ کے دوران برطانیہ کے مختلف شہروں میں دینی اجتماعات میں شرکت کی۔ انہوں نے 

گلاسگو میں نظام شریعت کانفرنس

۲۹ جولائی کو مرکزی جامع مسجد گلاسگو (برطانیہ) میں تحریکِ نفاذِ اسلام پاکستان کے زیراہتمام نظامِ شریعت کا نفرنس منعقد ہوئی جس میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج جسٹس مولانا محمد تقی عثمانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس کی صدارت تحریکِ نفاذِ اسلام کے امیر مولانا مفتی مقبول احمد نے کی اور ورلڈ اسلامک فورم کے چیئرمین مولانا زاہد الراشدی، یو کے اسلامک مشن کے مولانا سید طفیل حسین شاہ، مولانا قاضی منظور حسین اور دیگر علمائے کرام نے خطاب کیا۔ 

جسٹس مولانا محمد تقی عثمانی اور مولانا زاہد الراشدی نے ”نفاذِ اسلام کی راہ میں رکاوٹیں‘‘ کے عنوان پر تفصیلی خطاب کیا اور کہا کہ مغربی طرز سے مرعوبیت نفاذِ اسلام کی راہ میں سب سے بڑی فکری رکاوٹ ہے، اور علمائے کرام کو اس سلسلہ میں اسلامی نظام کی اہمیت و افادیت سے رائے عامہ کو روشناس کرنے کے لیے منظم محنت کرنی چاہئے۔

’’اسلامک ہوم اسٹڈی کورس‘‘ کے نئے سال کی تیاری

ورلڈ اسلامک فورم کے تحت مطالعہ اسلام کے سالانہ خط و کتابت کورس ’’اسلامک ہوم اسٹڈی کورس‘‘ کا پہلا سال مکمل ہو رہا ہے جس میں برطانیہ کے مختلف شہروں کے طلبہ و طالبات شریک ہیں، جبکہ مدنی مسجد نوٹنگھم میں کورس کے آفس نے نئے سال کی تیاری شروع کر دی ہے۔ یہ کورس اردو اور انگلش دو زبانوں میں ’’دعوۃ اکیڈیمی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد‘‘ کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے اور اس کے دوسرے سال کی مدت کا آغاز اکتوبر سے ہو رہا ہے، ان شاء اللہ تعالٰی۔

حزب التحریر کے امیر الشیخ عمر محمد بکری سے ملاقات

ورلڈ اسلامک فورم کے راہ نماؤں مولانا زاہد الراشدی، مولانا محمد عیسیٰ منصوری اور مولانا قاری محمد عمران خان جهانگیری نے ۱۵ اگست ۹۵ء کو لندن میں حزب التحریر برطانیہ کے امیر الاستاذ عمر بکری محمد سے ملاقات کی اور ان کی نگرانی میں چلنے والے ’’الشریعہ کالج‘‘ کا معائنہ کیا۔ ’’الشریعہ کالج‘‘ میں مسلم نوجوانوں کو اصولِ دین (اصولِ تفسیر، اصولِ حدیث اور اصولِ فقہ) کی تعلیم دی جاتی ہے اور الاستاذ عمر بکری محمد نے اس سلسلہ میں اہل السنت والجماعت کے فقہی مذاہب کے اصولوں کے تعارف پر مشتمل ایک مفصل کورس تیار کیا ہے جو الشریعہ کالج میں پڑھایا جاتا ہے۔ 

فورم کے راہنماؤں نے حزب التحریر کے سربراہ سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اور انہیں ۱۳ اگست کو لندن میں ’’دعوتِ اسلام‘‘ کے لیے منعقد ہونے والی حزب التحریر کی کامیاب ریلی پر مبارک باد پیش کی۔ اس سے قبل الشیخ عمر بکری محمد نے ورلڈ اسلامک فورم کے سرپرست حضرت مولانا محمد عبد اللہ پٹیل مدظلہ العالی سے ان کی بھارت روانگی سے قبل ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور مختلف معاملات پر ان سے تبادلہ خیال کیا۔




بنیادوں کی طرف واپسی کا سفر

مغرب ایک طرف عالمِ اسلام کی دینی تحریکات کو ’’بنیاد پرست‘‘ قرار دے کر ان کے خلاف نفرت انگیز مہم چلا رہا ہے اور دوسری طرف ’’بنیادیں‘‘ خود اس کی مجبوری اور ضرورت بنتی جا رہی ہیں۔ برطانوی وزیر اعظم جان میجر نے دو سال قبل ’’بیک ٹو بیسکس‘‘ (Back to Basics)  ’’بنیادوں کی طرف واپسی‘‘ کا نعرہ لگایا تھا اور اب: 

’’وزیر اعظم جان میجر نے پالیسی ساز اداروں کو حکم دیا ہے کہ وہ ایسے خاندانوں کے لیے ۵ بلین پونڈ کا پیکج تیار کریں جن میں مرد کام کرتے ہیں لیکن بیویوں کو بچوں کی دیکھ بھال کے لیے گھر پر رہنا پڑتا ہے، منصوبہ کے تحت ایک اسکیم یہ ہے کہ کام نہ کرنے والی خواتین کو یہ حق دیا جائے کہ وہ اپنا پرسنل ٹیکس الاؤنس خاوندوں کے نام پر منتقل کریں جس سے انکم ٹیکس میں ۷۳ پونڈ ماہانہ کمی آسکتی ہے۔‘‘ (جنگ لندن ۱۲ جولائی ۹۵ء)

مغربی معاشرہ میں بیویوں کا بچوں کی دیکھ بھال کے لیے گھر پر رہنے کا تصور اور اسے حق تسلیم کرتے ہوئے اس کی حوصلہ افزائی بلاشبہ ’’بنیادوں کی طرف واپسی‘‘ کے سفر کا آغاز ہے جس کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ عالمِ اسلام کی دینی تحریکات بھی تو ’’بنیادوں کی طرف واپسی‘‘ کے لیے ہی جدوجہد کر رہی ہیں، ان کی ’’بنیاد پرستی‘‘ قابلِ اعتراض کیوں؟


’’قرادادِ مقاصد بنام سپریم کورٹ آف پاکستان‘‘

ادارہ

مصنف: سردار شیر عالم خان ایڈووکیٹ

ترجمه:  چودھری محمد یوسف ایڈووکیٹ

صفحات: ۴۸

ملنے کا پتہ: الشریعہ اکیڈمی، مرکزی جامع مسجد، گوجرانوالہ

قیمت: دس روپے

پیپلز پارٹی کے دوسرے دورِ حکومت کے دوران میں ۱۹۸۸ء میں بے نظیر صاحبہ وزیر اعظم کے مشورہ پر صدر مملکت نے دستور کے آرٹیکل ۴۵ کے تحت بے شمار قیدیوں کو موت، عمر قید اور دیگر سزاؤں کی معافی، تبدیلی اور تخفیف کے احکامات جاری کیے۔ ان احکامات کو لاہور ہائی کورٹ میں اس بنا پر چیلنج کیا گیا کہ یہ دستور کے آرٹیکل ۲۔الف  (مشمولہ قرارداد مقاصد) کے منافی ہونے کی وجہ سے باطل ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ نے اس موقف کو تسلیم کرتے ہوئے دستور کے آرٹیکل ۴۵ کو غیر موثر قرار دیا۔ حتمی تصفیے کے لیے معاملہ سپریم کورٹ کے سامنے پیش ہوا تو اس نے اس نقطہ نظر کو مسترد کر دیا اور یہ قرار دیا کہ قرارداد مقاصد کو دستور میں کوئی فضیلت حاصل نہیں اور آرٹیکل ۲۔الف دستور کے دیگر آرٹیکلز کے مساوی درجہ میں ہے۔

سردار شیر عالم خان ایڈووکیٹ نے سپریم کورٹ کے اس فیصلہ (حاکم خان کیس، پی ایل ڈی ۱۹۹۲، سپریم کورٹ ۶۲۲) کا علمی اور تحقیقی جائزہ لیا، چودھری محمد یوسف ایڈووکیٹ نے اس کا اردو ترجمہ کیا اور الشریعہ اکیڈمی گوجرانوالہ نے اسے ’’قرارداد مقاصد بنام سپریم کورٹ آف پاکستان‘‘ کے عنوان سے کتابی صورت میں شائع کر دیا۔  

پاکستان میں اعلیٰ عدالتوں کے فیصلوں پر سنجیدہ اور علمی تنقید کی روایت موجود نہیں، اس لیے سپریم کورٹ کے فیصلے پر یہ سنجیدہ اور علمی تنقید حیرت کی نظر سے دیکھی جائے گی۔ اس تنقید کے چند پہلو ملاحظہ فرمائیے: 

’’حاکم خان کیس کے اثرات کا مزید جائزہ لیں تو یہ بات واضح ہوتی ہے کہ سپریم کورٹ نے سہولت کی راہ اختیار کی ہے۔ اس نے امرِ متنازعہ کو، جو بنیادی دستوری اہمیت کا حامل ہے، غیر طے شدہ تعطل کی شکل میں چھوڑ دیا ہے اور معاملے کو پارلیمنٹ کے لیے باقی رکھ دیا ہے۔ اس نے ایسا اس نیک تمنا کے ساتھ کیا ہے کہ کسی موقعہ پر قانون اور انصاف کی غرض کے لیے پارلیمنٹ شہری کی مدد کے لیے آئے گی۔ مگر اس راہ کا بھاری پتھر یہ ہے کہ پارلیمنٹ سپریم کورٹ کی سفارشات کی پابند نہیں ہے۔‘‘
’’معقولیت یہی ہے کہ اعلیٰ عدالت کی ذمہ داریاں بھی ان کے غیرمعمولی اختیار اور منصب کی مطابقت میں ہوں۔ یہ بھی ناگزیر ہے کہ حاکم خان کیس میں اٹھائے گئے نکات جیسے امور کو طے کرنے کے بارے میں عدالت بیدار ہو۔ اس بارے میں جارج میسن کے ریمارکس جو انہوں نے امریکی دستوری کنونشن میں جون ۱۸۸۷ء کو کہے تھے یاد آتے ہیں:  ’’جج قوانین کو سچے اصولوں اور تمام تر نتائج کے ماتحت دیکھنے کے عادی ہوتے ہیں‘‘(۹)۔ اس کا نتیجہ یہ ہے کہ جج صاحبان کو ہمیشہ قانون کی پشت پر موجود حقیقی اصول اور ان کے تمام تر نتائج کا تجسس کرنا ہوگا۔ انہیں یہ احساس ہونا چاہیے کہ حاکم خان کیس میں طے کردہ فارمولا ایسے نتائج کا پیش خیمہ ہے جن کی گنجائش صرف ایسی اضطراری صورت میں ممکن ہے جب کہ کوئی دوسرا راستہ ہی باقی نہ ہو۔ عدالت کو ایسی صورت گری میں شریک نہیں ہونا چاہیے جو مستقل الجھاؤ، تعطل، اور قانونی اشتباہ بن کر رہ جائے۔ ایسی صورت میں دلدل اور بھی کٹھن ہو جاتی ہے جب صورت واقعہ یہ ہے کہ آرٹیکل ۲۔الف ناقابل ترمیم ہے۔‘‘
’’سپریم کورٹ کے فیصلے کی اہم بنیاد یہ مفروضہ ہے کہ آرٹیکل ۲۔الف وزن اور حیثیت میں دیگر دستوری دفعات کے برابر ہے۔ یہ واضح کیا جا چکا ہے کہ اس تعبیر کے نتائج لغو اور ہر لحاظ سے ناقابلِ قبول ہیں۔ اب میں مثبت پہلو سے بات شروع کرتا ہوں۔ تعبیر کے مسلّمہ اصولوں کے معیار پر سخت جائزہ کے بعد بھی آرٹیکل ۲۔الف کو دستورِ پاکستان کی انتہائی بنیادی اور فائق ترین دفعہ ماننا پڑتا ہے۔‘‘
’’اوپر کی بحث سے یہ واضح ہے کہ آرٹیکل ۲۔الف ایک ایسا قدم ہے جسے واپس نہیں لیا جا سکتا کیوں کہ یہ اقدام پاکستان کے قیام کی بنیاد کا آئینہ دار ہے۔ اس میں ایسے اصول اور اقدار درج ہیں جن کے بغیر پاکستان کے نظریہ کا تصور ہی ممکن نہ ہے۔ یہ پاکستان کے لیے شخصی آزادی کے مقابلے پر کہیں زیادہ لازمی ہیں۔ اس نقطہ نظر سے آرٹیکل ۲۔الف ناقابلِ ترمیم ہے۔‘‘
’’اس بارے میں لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ ہر لحاظ سے درست ہے۔ اس نے معاملے کی تہ تک پہنچ کر کمال بصیرت، اختصار اور جامعیت سے کام لیا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ جسے جسٹس شیخ ریاض احمد اور جسٹس ملک محمد قیوم نے قلمبند فرمایا، اس میں لکھا ہے: ’’ہم آرٹیکل ۲۔الف کو دیکھیں تو یہ ظاہر ہے کہ مقننہ نے خود قانونِ الٰہی کو برتر رکھتے ہوئے انسان کے بنائے ہوئے قانون کو اس کے ماتحت رکھا ہے۔ اگر ایسا ہے تو کیا کوئی جج قانونِ الٰہی کی پیروی سے انکار کر سکتا ہے جب کہ وہ اپنے حلف کے تحت اس کے تحفظ کا پابند ہے۔ آرٹیکل ۲۔الف موثر اور قابلِ نفاذ ہے تو اقتدارِ اعلیٰ عوام یا پارلیمنٹ کا نہیں بلکہ اللہ کا ہے۔ کیا ایسی صورت میں آرٹیکل ۲۔الف کی نفی کی کوئی صورت اختیار کی جاسکتی ہے؟ یہ امر قابلِ لحاظ ہے کہ آرٹیکل ۲۷۰۔الف دستور کی ہر دفعہ کو اس کے قابلِ نفاذ ہونے کے پہلو سے برابر اور باہم قائم قرار دیتا ہے، مگر اپنے اپنے وزن اور اہمیت کے تحت۔‘‘ ہائی کورٹ نے ایک لحاظ سے دستور کی ہر دفعہ کو اس معنی میں برابر قرار دیا ہے کہ یہ دستور کا حصہ ہے اور قابلِ نفاذ ہے۔ مگر ایک فرق بڑا واضح ہے کہ اگرچہ تمام آرٹیکلز موثر، باہم قائم ہیں، مگر اپنے اپنے وزن کے ساتھ۔ لہٰذا آرٹیکل ۲۔الف دستور کا جزو بنائے جانے کے بعد دوسرے آرٹیکلز کے مقابلے پر زیادہ وزن اور اہمیت کے ساتھ موثر اور قابلِ نفاذ ہے۔‘‘
’’قانونی دفعات کا وزن اور حیثیت ان کے متن اور نفسِ مضمون سے ہو سکتا ہے اور یہ ضروری نہیں کہ اس کے لیے لفظی صراحت سے ان کی برتری کا اظہار ہوتا ہو۔ ان دو پہلوؤں کو پیش نظر رکھنے کا ایک ہی نتیجہ ہے کہ آرٹیکل ۲۔الف اپنی غیر معمولی نوعیت کی بنا پر دیگر دستوری دفعات پر بالادست حیثیت رکھتا ہے۔ علاوہ ازیں کسی دفعہ کی کوئی تعبیر دستور کے بنیادی مقصد کو تقویت دینے اور موثر بنانے کی ہو سکتی ہے، نہ کہ اسے ختم کرنے کی۔ پاکستان میں دستور کا بنیادی مقصد اسلامی احکامات اور نظریہ کا نفاذ ہے۔ اس بارے میں حاکم خان کیس میں مسٹر جسٹس اے ایس سلام نے اپنے فیصلہ میں لکھا: ’’دستور ایک مربوط کل ہے، اس کے تمام آرٹیکلز کی تعبیر ایسے متوازن انداز میں کی جانی چاہیے کہ اس کی روح اور مقصد کو تقویت ملے۔‘‘ اس طرح جسٹس سلام کے مطابق دستور کا مقصد اور اس کی روح سب سے زیادہ اہم چیز ہے۔‘‘
’’ ان حالات میں اگر آرٹیکل ۴۵ آرٹیکل ۲۔الف سے متصادم ہے تو آرٹیکل ۴۵ کے تحت صدر کا سزاؤں کی معافی کا اقدام اس کے حلف کے بھی منافی ہو گا۔ مزید برآں قانون ساز اداروں کے تمام ارکان اسلامی نظریہ کے تحفظ کا حلف اٹھاتے ہیں لہٰذا یہ سوچا بھی نہیں جا سکتا کہ حلف کے منافی کسی اقدام کی اجازت دینا ان کا منشا ہو سکتا ہے۔ اس طرح آرٹیکل ۲۔الف اور حلف ایک مشترکہ عمل کے ذریعہ قانون سازی اور انتظامی دائرہ کو کنٹرول کریں گے۔‘‘
’’کسی قوم کا دستور اس کی آرزوؤں اور نظریات کا آئینہ دار ہوتا ہے۔ جو اس کے تاریخی، ثقافتی، سماجی اور اقتصادی اقدار کو عام زندگی میں اداروں کی صورت میں منظم کرتا ہے۔ جدید دور میں پاکستان اولین مملکت ہے جو اس واضح اعلان کے ساتھ قائم ہوئی کہ اس میں اسلامی احکامات نافذ کیے جائیں گے۔ اس طرح قیامِ پاکستان ایک منفرد واقعہ ہے اور یہ فطری امر ہے کہ دستور میں اس کا بھر پور اظہار ہو۔ آرٹیکل ۲۔الف ہی واحد دستوری دفعہ ہے جو اس کا مظہر ہے۔ آرٹیکل ۲۔الف بہت سی امتیازی خصوصیات کا حامل ہے جو کسی دوسرے ملک کے دستور میں موجود نہیں۔ اس میں پہلی خاص بات یہ اعلان و استقرار ہے کہ حاکمیت اللہ تعالیٰ ہی کو حاصل ہے۔ اس طرح عوامی حاکمیت کے جدید مسلّمہ اصول کی نفی کر دی گئی ہے اور یہ تصور دیا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے یہ حاکمیت مملکتِ پاکستان کو تفویض کی جس کا استعمال عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعہ ہوگا اور وہ اسے ایک مقدس امانت کے طور پر اللہ تعالیٰ ہی کی متعینہ حدود کے اندر استعمال کر سکیں گے۔ اس طرح حاکمانہ اختیار کی واضح طور پر تحدید کر دی گئی ہے۔‘‘
’’آرٹیکل ۲۔الف حاکمیت کے بارے میں مکمل اور جامع ہے۔ کیونکہ یہ حاکمیت کے سرچشمہ، اس کی کیفیت، حدود اور شرائط بیان کرتا ہے۔ اس آرٹیکل کی جامعیت بذات خود اس بات پر دلالت کرتی ہے کہ یہ عملی نفاذ کے لیے وضع کی گئی ہے۔ اس طرح یہ محض استقراری نوعیت کی حامل نہیں ہو سکتی۔ مزید برآں دستور کے مجموعی اور بااحتیاط مطالعہ سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ آرٹیکل ۲۔الف وہ واحد دستوری دفعہ ہے جو حاکمیت سے متعلقہ ہے۔ دیگر تمام دستوری دفعات اختیارات، حقوق اور فرائض سے متعلق ہیں۔ اس طرح یہ امر بالکل صاف اور سادہ ہے کہ تمام حقوق، اختیارات اور فرائض تصورِ حاکمیت ہی سے پھوٹے ہیں۔ چنانچہ اختیارات، حقوق اور فرائض بہرصورت حاکمیت کے ماتحت اور ذیل میں آئیں گے۔ آرٹیکل ۲۔الف کی زبان بھی اس بارے میں قطعی ہے کہ یہ محض خیالی نہیں بلکہ موثر طور پر نافذ کیے جانے کے ارادے سے وضع کیا گیا ہے۔‘‘
’’ہم اوپر بعض دستوری دفعات کے ناقابلِ ترمیم ہونے اور ہائڈنز کیس کے اطلاق کی بحث میں یہ واضح کر چکے ہیں کہ بعض دفعات کے اندر بغیر صراحت کے بھی ان کی برتر حیثیت واضح ہوتی ہے۔ اس استدلال کو مزید تقویت اس بات سے بھی ملتی ہے کہ دستور میں درج بنیادی حقوق کو دیگر تمام قانونی دفعات پر بالادستی حاصل ہے حالانکہ ایسا کہیں لکھا ہوا نہیں۔ اسی طرح آرٹیکل ۲۰۳۔ڈی، ۲۰۳۔الف کی اسلامی دفعات کو برتری حاصل ہے۔ آرٹیکل ۱۴۳ کی رو سے ہر وفاقی قانون صوبائی قوانین پر برتر ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ آرٹیکل ۸، ۱۴۳ اور ۲۰۳۔ڈی کے ذیل میں نہ آنے والی دستوری دفعات میں تصادم کی صورت میں کیا ہو گا؟ ایسی صورت میں امریکی دستور کے آرٹیکل ۶ میں یہ درج ہے کہ دستوری دفعات دیگر تمام قوانین پر غالب ہوں گی۔ مگر پاکستان کے دستور میں ایسی کوئی دفعہ درج نہ ہے۔ بہرحال دستور مملکت کا ایک نامیاتی قانون ہے جو تمام دوسرے قوانین کے لیے سرچشمہ ہے، لہٰذا اسے دیگر قوانین پر برتری حاصل رہے گی۔ مگر یہ بات اہم ہے کہ یہ برتری و بالادستی محض سیاق و سباق سے اخذ کی جاتی ہے۔ یہ استدلال آرٹیکل ۲۔الف پر صادق آتا ہے۔ آرنیکل ۲۔الف دیگر تمام قوانین بشمول دستوری دفعات کے لیے سرچشمہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ آرٹیکل ۲۔الف دیگر قوانین کے لیے میزانِ تصدیق ہے۔ کیوں کہ اگر یہ تعبیر اختیار نہ کی جائے تو نتیجہ تعبیری ابتری، الجھاؤ اور لغویت کا ختم نہ ہونے والا سلسلہ ہے۔‘‘
’’یہ دلچسپ بات ہے کہ پہلے ایک موقعہ پر سپریم کورٹ حاکم خان کیس سے بالکل مختلف فیصلہ دے چکی ہے۔ بی زیڈ کیکاؤس کیس (۲۹) میں سپریم کورٹ نے قرار دیا: ’’اسلام کے اصول سربستہ راز ہیں اور نہ ہی پیچیدہ اور ناقابلِ عمل۔ اسلامی قوانین ہر دور ہر مقام پر قابلِ نفاذ و عمل ہیں بشرطیکہ ان کی صحیح روح، فہم اور حالات کا پورا ادراک ہو۔‘‘ یہ واضح ہے کہ حاکم خان اور کیکاؤس کیس میں فیصلوں میں بُعد المشرقین ہے۔ سپریم کورٹ ملّی سوچ اور ضمیر کا آئینہ ہے۔ یہ توقع رکھی جاتی ہے کہ وہ من موج، تکون اور تضاد کا شکار نہیں ہو گی۔‘‘
’’یہ صورت حال الجھاؤ سے پُر، حیران کن، مضحکہ خیز اور انتہائی فضول ہونے کی بنا پر مشکل ہی سے اطمینان بخش کہی جا سکتی ہے۔ میں یہ کہنے کی جسارت کروں گا کہ مسئلے کی بنیاد جدید حالات میں اسلام کے غالب حیثیت کے بارے میں سکوت اور بعض صورتوں میں بین السطور خدشات، شبہات اور ذہنی تحفظات کا رویہ ہے۔ یہاں تک کہ یہ احساس بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ اگر اسلامی شریعت کلی طور پر نافذ کر دی گئی تو یہ مصیبت نہ بھی سہی انتشار کا باعث تو بہرحال ہو گی۔ جب تک ان شبہات اور اندیشوں کو دلیل کی قوت سے قطع نہیں کیا جائے گا، موجودہ صورت حال باقی رہے گی۔ اس بارہ میں موجودہ موضوع کی پابندیوں کی بنا پر اسلام کے بارے میں تفصیلی اظہار ممکن نہیں۔ اسلام ایک وسیع موضوع ہے۔‘‘
’’جملہ مباحث کا خلاصہ یہ ہے کہ قراردادِ مقاصد میں پاکستان کا نظریہ بیان ہوا ہے جو کہ قیامِ پاکستان کی بنیاد ہے اور ملّی عہد کی عکاس ہے جس کی رو سے پاکستان میں اسلامی قانون کا اجرا اور اسلامی سوسائٹی کا قیام لازمی ہے۔ اس کے دستور میں موثر جزو کے طور پر آرٹیکل ۲۔الف کے تحت شامل ہونے کے بعد خاص طور پر اس دستور میں شمولیت کے پس منظر کے لحاظ سے آرٹیکل ۲۔الف دستور کی دیگر تمام دفعات سے بالادست ہے۔ یہ ان کو کنٹرول کرنے والی ہے، اور بطور تصدیقِ عامہ کے اصول کے اس کی اس حیثیت سے انکار ممکن ہی نہیں۔ اس طرح آرٹیکل ۲۔الف کو بلند ترین مقام اور حیثیت حاصل ہے۔‘‘
’’اوپر کے مفصل تجزیہ کی روشنی میں آرٹیکل ۲۔الف کے موثر نفاذ سے اگر اسلامائزیشن کا عمل عدالتوں کے ذریعہ جاری رہتا ہے تو کسی اضطراب کی کوئی گنجائش نہیں۔ اس صورت میں آسمان نہیں کرے گا۔ اسلامی شریعت انتہائی مستحکم، منظم اور لچک دار نظام پر مشتمل ہے۔ اسے آہنی جیکٹ خیال نہیں کیا جانا چاہیے۔ یہ ایسا نظام ہے جس میں مقررہ حدود میں اعلیٰ اصولوں اور اقدار کے ماتحت حالاتِ زمانہ کو تعمیر و منضبط کیا جاتا ہے۔ ہم یہ بھی ظاہر کر چکے ہیں کہ قرآن و سنت کی روشنی میں اجتہاد میں عقل و استدلال کی زبردست اہمیت ہے۔ اگر اس کی اہمیت کو سمجھ لیا جائے تو تمام شکوک و شبہات اور اندیشے ختم ہو جائیں گے۔‘‘

سپریم کورٹ کے فیصلہ پر یہ تبصرہ اس قابل ہے کہ اسے بار بار اور بہ تمام و کمال پڑھا جائے۔

(بشکریہ ماہنامہ نوائے قانون، اسلام آباد)


دردِ معدہ اور اس کا سدباب

حکیم عبد الرشید شاہد

یہ ایک ایسا مرض ہے کہ اس کی تکلیف مریض کو ہر وقت بے چین اور ذہنی و روحانی کرب میں مبتلا رکھتی ہے۔ فی الحقیقت یہ ایک نہایت ہی تکلیف دہ مرض ہے۔ اگر اس کے علاج میں غفلت اور تساہل سے کام لیا جائے تو اس سے متعدد قسم کی خرابیوں اور تکلیفوں کے پیدا ہونے کا امکان ہے۔ مثال کے طور پر معدہ پر ورم ہو جاتا ہے اور قولنج ہونے کا بھی خطرہ ہوتا ہے۔ بعض لوگ معدہ میں میٹھا میٹھا درد ہونے کی صورت میں عام طور پر ایک ہنگامی اور معمولی نوعیت کی خرابی سمجھ کر نظر انداز کر دیتے ہیں اور اکثر و بیشتر صورتوں میں اس کو معدے کی گرانی اور نقص ہضم سمجھتے ہوئے ہاضم قسم کے چورن اور نمکیات یا سوڈاواٹر پی لینا ہی کافی اور موثر علاج تصور کر لیتے ہیں۔ حالانکہ ایسی تمام تدابیر صحیح اور موثر ثابت نہیں ہو تیں۔ 

جاننا چاہیے کہ نظامِ معدہ کی صحت و تندرستی پر تمام جسم کی صحت کا دارومدار ہوتا ہے، اس لیے یہ شکایت رونما ہوتے ہی اس کے تدارک کی مناسب تدابیر اختیار کی جائیں۔ آج کل نئے نئے بازاری پکوانوں کا اور گھروں میں چسکے دار کھانے پکانے کا رجحان عام ہوتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے پیٹ کی بیماریاں عام ہیں۔ 

معدے کے درد کے کئی اسباب ہو سکتے ہیں۔ غذا اگر معدہ میں فاسد ہو جائے یا ریاح کی غیر معمولی زیادتی ہو جائے تو معدہ کے معمولات میں ایسے تغیرات پیدا ہو جاتے ہیں کہ معدہ ان کو برداشت نہیں کر پاتا اور درد شروع ہو جاتا ہے۔ اگر بے احتیاطی یا لذیذ و چٹخارے دار ہونے کی صورت میں زیادہ مقدار میں کھانا کھا لیا جائے جیسا کہ اکثر شادی بیاہ کی دعوتوں میں ہوتا ہے، یا بادی اور ثقیل قسم کی غذا کھا لی جائے تو یہ بھی دردِ معدہ کا باعث بنتا ہے۔ ان حالات میں جی متلانے لگتا ہے، کھٹی ڈکاریں آنے لگتی ہیں، پیٹ میں کثرتِ ریاح سے اپھارہ پیدا ہو کر تناؤ ہو جاتا ہے اور کبھی کبھی قے بھی ہو جاتی ہے۔ پیٹ میں جلن اور کسمساہٹ ہوتی ہے۔ 

اس قسم کا درد جب فمِ معدہ (معدہ کا منہ) میں ہو تو مریض اور اس کے لواحقین زیادہ پریشان ہو جاتے ہیں کیونکہ اس حالت میں مریض بار بار اپنے دل پر ہاتھ رکھتا ہے جس سے گمان ہوتا ہے کہ شاید دل میں درد ہو رہا ہے، حالانکہ اس کا سبب فمِ معدہ کا دل کے قریب ہوتا ہے۔ اگر ریح کی وجہ سے ہو تو پسلیوں میں کھچاؤ پیدا ہو جاتا ہے۔ 

یہ معدہ اور پیٹ کے تمام عوارض صرف اور صرف ہماری غلط غذا کا نتیجہ ہیں۔ اس غلط غذا کے پیش نظر میں نے جب دیکھا کہ میرے پاس اکثر مریض معدے کے درد و جلن کے آتے ہیں تو خیال آیا کہ چلو آج شہر کی اندرونی طعام گاہوں کا جائزہ لیا جائے۔ چنانچہ اس غرض سے نکلا، شہر کے ایک ایک ہوٹل و ریڑھی سے پوچھتا رہا کہ بھائی کوئی سبزی پکائی ہے ؟ تو ہر ایک کا جواب منفی ملتا۔ ہر ریڑھی اور ہوٹل میں ہوتا کیا ہے؟ انڈے، چاول، روسٹ، تکے، کباب، اچار، کوفتے، شامی کباب وغیرہ۔ سارے کے سارے معدہ کے فعل کو پامال کرنے والے اسباب موجود پائے۔

سد باب 

معدہ کے لیے جو بھی دوا چاہے پھکی، معجون یا گولیوں کی شکل ہو اس میں نمکیات ڈالنے سے حتی الوسع پر ہیز کیا جائے۔ نہایت آسان اور بے ضرر نسخہ ملاحظہ فرمائیں:

هو الشافی۔

نسخه: 

گندھک آملہ سار ۲ توله، پودینہ خشک ۲ تولہ، اجوائن دیسی ۴ تولہ۔ 

خوراک بعد از طعام: 

دو دو ماشہ تین وقت نیم گرم پانی سے کھائیں۔ 

اس کے علاوہ قرایادینی نسخہ جات میں سے جوارش کمونی و جالینوس بھی مندرجہ بالا عوارض کے لیے فوری اثر ہیں۔

ڈاکٹر نصر حامد ابو زید کی ہرزہ سرائی اور قاہرہ فیملی کورٹ کا فیصلہ

ادارہ

قاہرہ کی فیملی کورٹ کے حج ڈاکٹر فاروق عبد الحلیم نے قرآن کریم کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والے قاہرہ یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر نصر حامد ابو زید کو مرتد قرار دے کر اس کا نکاح فسخ قرار دیا ہے۔ یہ بات رابطہ عالم اسلامی کے جریدہ ہفت روزہ ’’العالم الاسلامی‘‘ مکہ مکرمہ نے ۷ اگست کی اشاعت میں بتائی ہے۔

’’العالم الاسلامی‘‘ کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر نصر حامد ابو زید نے اپنی متعدد تصانیف میں قرآن کریم کے بارے میں ہرزہ سرائی کی ہے اور اس کے کلامِ الٰہی ہونے سے انکار کے علاوہ قرآن کریم کو نعوذ باللہ خرافات اور داستانوں کا مجموعہ قرار دیا ہے۔ رپورٹ میں ڈاکٹر ابو زید کی مختلف کتابوں کے اقتباسات دیے گئے ہیں، جن کے مطابق اس نے نعوذ باللہ یہ کہا ہے کہ ہمارے زوال کا بڑا سبب یہ ہے کہ 

’’ہم نے قرآن کو مقدس کتاب کا درجہ دے دیا اور خرافات کے غلام بن کر رہ گئے‘‘۔ 

اس نے لکھا ہے کہ 

’’ایک کتاب جو ایسے شخص نے لکھی ہے جو صحرا میں رہتا تھا، اونٹ، گھوڑے اور خچر کی سواری کرتا تھا، پندرہ صدیوں کے بعد ان لوگوں کے لیے کیسے قابلِ عمل ہو سکتی ہے جو جہازوں پر سفر کرتے ہیں؟‘‘

اس نے کہا کہ 

’’ہم نے عرب عصبیت میں خواہ مخواہ قرآن کو مقدس کتاب کا درجہ دے دیا، اس لیے قوم کو میرا مشورہ یہ ہے کہ اس کتاب کے تقدس کو ذہن سے نکال دیں اور اسے وہی حیثیت دیں جو عام طور پر کسی کے کلام کی ہوتی ہے۔‘‘

اس بدبخت نے جناب نبی اکرم صلى الله عليه وسلم کو ’’ساكن الصحراء‘‘ (صحراء نشین) کے نام سے یاد کرتے ہوئے لکھا ہے کہ 

’’اگر میری قوم ترقی کے منازل طے کرنا چاہتی ہے تو اسے چاہئے کہ وہ (نعوذ باللہ) صحرا نشین کی خرافات سے پیچھا چھڑائے۔‘‘

رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر ابو زید نے جنت، دوزخ اور قیامت سے بھی انکار کیا اور انہیں محض تخیلاتی چیزیں قرار دیا ہے۔ اس نے ایک جگہ لکھا ہے کہ نعوذ باللہ 

’’قرآن اور عقل کبھی ایک جگہ جمع نہیں ہو سکتے۔‘‘

اور اس نے یہ بھی (نعوذ باللہ) لکھا ہے کہ 

’’اس کتاب نے خرافات اور داستانوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔‘‘

ڈاکٹر ابو زید کی اس ہرزہ سرائی کے خلاف قاہرہ کے علماء اور وکلاء کے ایک گروپ نے فیملی کورٹ سے رجوع کیا اور فیملی کورٹ کے جج ڈاکٹر فاروق عبد الحلیم نے اپنے تفصیلی فیصلہ میں ڈاکٹر ابو زید کو مرتد قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ابو زید کا نکاح فسخ ہو گیا ہے اور اس کی بیوی ڈاکٹر ابتہال یونس، ارتداد کی وجہ سے، اب اس کی بیوی نہیں رہی۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر ابتہال یونس بھی قاہرہ یونیورسٹی کی پروفیسر ہیں۔ 

ڈاکٹر فاروق عبد الحلیم نے اپنے فیصلہ میں لکھا ہے کہ انہوں نے اس فیصلہ سے قبل حرم پاک کا سفر کیا اور طوافِ بیت اللہ کے دوران دعاؤں کے علاوہ استخارہ بھی کیا اور اس کے بعد قاہرہ واپس آکر یہ فیصلہ قلمبند کیا۔


چند اقتباسات

حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانویؒ

ترجمہ قرآن مجید کی ترتیب

’’قرآن شریف کا طرز عام مصنفین کے طرز پر نہیں ہے بلکہ محاورہ بول چال کا طرز ہے، نہ اس میں اصطلاحی الفاظ کی پابندی (ہے)۔ ناواقف لوگ اس کو عام تصانیف کے طریقہ پر منطبق کرنا چاہتے ہیں اس لیے سمجھنا مشکل ہو جاتا ہے۔ اس مضمون کو صاحبِ کشاف نے بھی لکھا ہے، اس لیے میں کہا کرتا ہوں کہ ضروری صَرف و نحو اور کسی قدر ادب پڑھا کر قرآن شریف کا سادہ پڑھا دینا مناسب ہے، کیونکہ کتبِ درسیہ کی تحصیل کے بعد دماغ میں اصطلاحات رچ جاتی ہیں، پھر طالب علم قرآن شریف کو اسی طرز پر منطبق کرنے لگتا ہے۔ اسی طرح پہلے قرآن شریف کا ترجمہ پڑھ کر پھر فنون ضرور پڑھے کیونکہ بعض مقاماتِ قرآنیہ بغیر فنون کے حل نہیں ہوتے۔‘‘

(کلام الحسن ص ۳۲ از حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانویؒ)

مروجہ قوانین داخلِ نصاب کیے جائیں

’’یہ میری بہت پرانی رائے ہے، اور اب تو رائے دینے سے بھی طبیعت افسردہ ہو گئی، اس لیے کہ کوئی عمل نہیں کرتا۔ وہ رائے یہ ہے کہ تعزیراتِ ہند کے قوانین اور ڈاک خانہ اور ریلوے کے قواعد بھی مدارسِ اسلامیہ کے درس میں داخل ہونا چاہئے، یہ بہت پرانی رائے ہے مگر کوئی مانتا اور سنتا ہی نہیں۔‘‘ 

(افاضات الیومیہ جلد شسشم ص ۴۳۵ از حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانویؒ)

مدارس کے طرزِ تعلیم میں ترمیم کی جائے

’’اہلِ مدارس طرزِ تعلیم میں کچھ ترمیم کریں۔ جیسے بعض متون بغیر شرح کے پڑھائی جاتی ہیں، اسی طرح جلالین سے پہلے قرآن مجید بھی بغیر کسی خاص تفسیر کے زبانی حل کے ساتھ پڑھایا جایا کرے۔ یا تو پورا قرآن پہلے پڑھا دیا جائے، یا ایسا کریں کہ مثلاً‌ ربع پاره اول خالی قرآن کریم میں پڑھا دیا جائے، پھر اسی قدر جلالین پڑھا دی جائے، اور مدرس اپنی سہولت کے لیے خواہ جلالین اپنے پاس رکھیں یا اور کوئی مبسوط تفسیر، تو طلبہ کو پڑھنے میں، اسی طرح یاد کرنے کی اور مطالعہ کر کے حل کرنے کی عادت پڑ جائے گی۔‘‘

(اصلاحِ انقلاب ص ۴۷ از حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانویؒ)


اکتوبر ۱۹۹۵ء

حقوق نسواں اور خواتین کی عالمی کانفرنسیںمولانا ابوعمار زاہد الراشدی 
علم محنت سے حاصل ہوتا ہےشیخ الحدیث مولانا محمد سرفراز خان صفدرؒ 
ہماری دینی صحافتتعمیر حیات لکھنؤ 
ورلڈ اسلامک فورم کی سرگرمیاںادارہ 
تعارف و تبصرہمولانا ابوعمار زاہد الراشدی 
قافلۂ معادمولانا ابوعمار زاہد الراشدی 
تبخیر معدهحکیم عبد الرشید شاہد 
حضرت عمر فاروقؓ کا خط حضرت عمرو بن عاصؓ کے نامادارہ 

حقوق نسواں اور خواتین کی عالمی کانفرنسیں

مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

بیجینگ (چین) میں اقوام متحدہ کی چوتھی خواتین عالمی کانفرنس کا آغاز ہو چکا ہے جس میں خواتین کے حقوق اور مختلف معاشروں میں انہیں درپیش مسائل و مشکلات پر غور ہو رہا ہے اور ان کے حل کے لیے تجاویز تیار ہو رہی ہیں۔ گزشتہ سال قاہرہ (مصر) میں بھی اس نوعیت کی کانفرنس منعقد ہو چکی ہے جس کی منظور کردہ سفارشات اور تجاویز کو سامنے رکھتے ہوئے بیجنگ کی خواتین کانفرنس کے بنیادی اہداف و مقاصد کو سمجھنا مشکل نہیں ہے۔ اور یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ ان کانفرنسوں کا اصل مقصد تیسری دنیا اور عالم اسلام کی خواتین کو معاشرتی لحاظ سے اس مقام اور حیثیت پر لانا ہے جو مغربی معاشرہ میں عورت کو حاصل ہے اور جسے خواتین کے حقوق کے حوالے سے آئیڈیل مقام قرار دیا جا رہا ہے۔

جہاں تک خواتین کے جائز حقوق اور ان کے صحیح اور شایان شان معاشرتی مقام و مرتبہ کا تعلق ہے تو یہ بات شک و شبہ سے بالاتر ہے کہ دنیا میں اس وقت کسی جگہ بھی مجموعی طور پر خواتین کو معاشرہ میں وہ مقام و حیثیت حاصل نہیں ہے جو حوا کی ان بیٹیوں کا جائز اور فطری حق ہے۔ ہمارے نزدیک اس معاملہ میں مغرب کے ترقی یافتہ ممالک، تیسری دنیا کے ممالک، اور عالم اسلام کے ترقی پذیر و پسماندہ ممالک سب ہی تھوڑے بہت فرق کے ساتھ یکساں طور پر قصوروار ہیں۔ اس لیے اگر خواتین کی ان عالمی کانفرنسوں کا مقصد صرف یہ ہو کہ خواتین کے ساتھ ہونے والی معاشرتی ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کی جائے اور کسی سوسائٹی کا امتیاز کیے بغیر عورت کے جائز اور فطری معاشرتی مقام و مرتبہ کی بحالی کے لیے جدوجہد کی جائے تو یہ انتہائی خوش آئند بات ہوگی۔ اور اس صورت میں ملت اسلامیہ کے اہل علم و دانش کی بھی ذمہ داری ہوگی کہ وہ اس جدوجہد میں شریک ہوں اور اس کے حق میں عالم اسلام کی رائے عامہ کو ہموار کرنے کی کوشش کریں۔ لیکن قاہرہ کانفرنس کی سفارشات کا مقصد عورتوں کے حقوق و مقام کے تعین اور اس کے لیے جدوجہد کا نہیں بلکہ خواتین کے حوالے سے ویسٹرن سولائزیشن کو آئیڈیل اور معیار قرار دینے اور دنیا بھر کے انسانی معاشروں کو اس کی پیروی پر مجبور کرنے کا بن گیا ہے۔ یہ وہ دوراہا ہے جہاں تیسری دنیا اور عالم اسلام کے دانشوروں کا راستہ مغربی دانشوروں اور میڈیا کاروں سے الگ ہو جاتا ہے، اور وہ ان کانفرنسوں کو خواتین کے حقوق کی بحالی کی بجائے ویسٹرن سولائزیشن کی بالادستی قائم کرنے کی جدوجہد کا ایک حصہ قرار دے کر ان سے اختلاف کر رہے ہیں۔

عالم اسلام کی بدقسمتی یہ ہے کہ ایک آدھ کی جزوی استثنا کے ساتھ اس کے تمام ممالک پر ابھی تک دورِ غلامی کے اثرات کا غلبہ ہے اور عالمی استعمار کی مداخلت اور سازش کی وجہ سے مسلم ممالک کا معاشرتی نظام اسلامی اصولوں پر استوار نہیں ہو سکا۔ چنانچہ دنیا میں کہیں بھی اسلامی معاشرہ کا وہ مثالی ڈھانچہ موجود نہیں ہے جسے بطور نمونہ پیش کیا جا سکے۔ اس لیے مغربی میڈیا کار اس بات میں آسانی محسوس کر رہے ہیں کہ مسلم ممالک کے موجودہ معاشرتی ڈھانچوں کو اسلام کا نمائندہ قرار دے کر ان تمام ناانصافیوں اور حق تلفیوں کو اسلام کے کھاتے میں ڈال دیں جو ان ممالک میں سیاسی، معاشرتی، اور معاشی طور پر روا رکھی جا رہی ہیں۔ ورنہ جہاں تک حقوق کا تعلق ہے، معاشرے کے کسی طبقہ کو سامنے رکھ لیں، اس کے حقوق اور ذمہ داریوں میں اسلام نے جو توازن قائم کیا ہے دنیا کا کوئی دوسرا نظام اس کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔ اور آج مغرب اپنی آزادی کی بے اعتدالیوں کے فطری نتائج دیکھنے کے بعد اسی توازن کی تلاش میں سرگرداں دکھائی دے رہا ہے۔

عورت ہی کو لے لیجیے، اسلام نے اسے معاشرہ میں بیٹی، بہن، بیوی، اور ماں کے طور پر شفقت، محبت، اور احترام کا مقام دیا۔ مگر ان چار جائز رشتوں سے ہٹ کر ’’پانچواں رشتہ‘‘ تسلیم کرنے سے انکار کر دیا جو کہ آج ویسٹرن سولائزیشن کا طرۂ امتیاز ہے۔ اور جسے جائز تسلیم کرانے اور قانونی تحفظ دلانے کے لیے عالمی سطح پر خواتین کی کانفرنسوں کا اہتمام ضروری سمجھا جا رہا ہے۔ لیکن مغرب خود اس بارے میں کنفیوژن کا شکار ہے۔ ایک طرف مسٹر گورباچوف کا کہنا ہے کہ ہم نے عورت کو گھر سے نکال کر دفتر اور فیکٹریاں تو آباد کر لیں لیکن اپنا فیملی سسٹم تباہ کر لیا اور اب عورت کو واپس گھر لے جانے کا کوئی راستہ نظر نہیں آرہا۔ امریکہ کی خاتون اول مسز ہیلری کلنٹن نے اپنے دورۂ اسلام آباد میں کھلم کھلا کہا کہ امریکی معاشرے کا سب سے بڑا مسئلہ لڑکی کا کنوارپن میں ماں بن جانا ہے۔ اور برطانوی وزیراعظم جان میجر ’’بنیادوں کی طرف واپسی‘‘ (Back to basics) کا نعرہ لگا کر ان خواتین کی حوصلہ افزائی کے لیے پالیسیاں وضع کر رہے ہیں جو بچوں کی دیکھ بھال کے لیے گھروں میں رہنے کو ترجیح دیتی ہیں۔ لیکن اس سب کچھ کے ساتھ دوسری طرف مغربی دانشور ان خواتین کانفرنسوں کے ذریعے تیسری دنیا اور عالم اسلام کو اسی دلدل میں آگے بڑھنے کی دعوت بھی دے رہے ہیں جس سے نکلنا خود ان کے لیے مشکل تر ہوگیا ہے۔

اسلام کا ’’قصور‘‘ یہ ہے کہ اس نے عورت کو ان زائد ذمہ داریوں کا سزاوار نہیں ٹھہرایا جو اس کے فطری فرائض سے متصادم ہیں، اور بچے کی پیدائش و پرورش اور خانہ داری کے فرائض کے بعد معاشی کفالت کا بوجھ اس پر نہیں ڈالا۔ مگر مغرب نے معاشی کفالت کے لیے ملازمت اور محنت مزدوری کو ڈیوٹی اور فرائض کی فہرست سے نکال کر حقوق کی فہرست میں شامل کر دیا اور یوں معاشی مساوات کے پر فریب نعرے کے ساتھ عورت کو دوہری ذمہ داریوں کے شکنجے میں کس دیا۔ جبکہ بے چاری عورت خوش ہے کہ اس نے مرد کے برابر معاشرتی حقوق حاصل کر لیے ہیں۔ اب بیجنگ کانفرنس میں ایسی ہی آزادی اور حقوق حاصل کرنے کی کوشش ہو رہی ہے جس نے رشتوں کا تقدس ختم کر کے آزادی اور مساوات کے نام پر ایسے طرز معاشرت کی داغ بیل ڈالی اور مرد و عورت کے آزادانہ اختلاط کو فروغ دیا۔ جس کے منطقی اور فطری نتائج یہ ہیں کہ کنواری ماؤں اور ناجائز بچوں کے تناسب میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے، فیملی سسٹم تباہی کے دھانے پر کھڑا ہے، اور ماں باپ کی شفقت سے محروم بچوں میں نفسیاتی امراض روز مرہ سامنے آرہے ہیں۔ بلکہ اس لحاظ سے مغرب کی عورت انسانی معاشرہ کی مظلوم ترین عورت ہے کہ لڑکپن سے جوانی تک جب اسے تحفظ کی ضرورت ہوتی ہے تو وہ جنسی ہوسناکیوں کا شکار گاہ بنتی رہتی ہے، اور جوانی ڈھل جانے کے بعد جب خدمت اور احترام اس کی ضرورت ہوتی ہے تو اسے اولڈ پیپلز ہوم میں دھکیل دیا جاتا ہے جہاں وہ سال کے ان مخصوص دنوں کے انتظار میں زندگی گزارتی ہے کہ کب اس کے جوان بیٹے اور بیٹیاں کاغذی پھولوں کا گلدستہ لیے اسے دیکھنے آئیں گے۔

گزشتہ سال قاہرہ میں ہونے والی خواتین کی عالمی کانفرنس میں جو سفارشات کی گئیں ان میں اسقاط حمل کو قانونی تحفظ دینے ، کنڈوم کی کھلم کھلا اور عام فراہمی کو یقینی بنانے، بن بیاہی ماں کو سماجی تحفظ فراہم کرنے، اور ہم جنس پرستی کو قانونی طور پر تسلیم کرنے کی سفارشات شامل ہیں۔ حالانکہ یہ وہی اسباب ہیں جنہوں نے مغربی معاشرہ کو رشتوں کے تقدس اور خاندانی نظام سے محروم کیا ہے۔ حتیٰ کہ گورباچوف، ہیلری کلنٹن، اور جان میجر جیسے لیڈر بھی اس تباہ کاری پر چیخ اٹھے ہیں۔ مگر عالم اسلام اور تیسری دنیا کو مجبور کیا جا رہا ہے کہ وہ ان اسباب کو اختیار کریں اور جنسی انارکی کی دلدل میں پھنس کر رشتوں کے تقدس اور خاندانی زندگی کو مغرب کی خواہشات پر قربان کر دیں۔

چنانچہ بیجنگ کی ’’عالمی خواتین کانفرنس‘‘ میں اقوام متحدہ کے پالیسی سازوں اور خواتین کے حقوق کی جنگ لڑنے والے اداروں و دانشوروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ خواتین کے حوالے سے اپنی مہم کے اہداف اور ترجیحات پر نظر ثانی کریں اور اسے ویسٹرن سولائزیشن کی بالادستی کی جنگ بنانے کی بجائے انسانی معاشرہ اور عالمی برادری میں خواتین کے جائز اور فطری مقام و حیثیت کے تعین اور اس کی بحالی کی جدوجہد کا درجہ دیں۔ لیکن اگر ’’بیجنگ کانفرنس‘‘ کی سفارشات و تجاویز کا تانابانا بھی ’’قاہرہ کانفرنس‘‘ کی سفارشات سے ہی بنا گیا تو ہمارے نزدیک یہ ساری تگ و دو عالم اسلام اور تیسری دنیا کو ان کے کلچر سے محروم کرنے، بالخصوص مسلم دنیا کو خاندانی زندگی کے بارے میں ان کے بنیادی مذہبی احکام سے منحرف کرنے کی عالمی مہم کا حصہ متصور ہوگی۔ اور عالم اسلام کے دینی ادارے اس قسم کی سفارشات و تجاویز کو مسلم معاشرہ میں نفوذ کا راستہ دینے کے لیے کسی صورت بھی تیار نہیں ہوں گے۔

علم محنت سے حاصل ہوتا ہے

خطاب : شیخ الحدیث مولانا محمد سرفراز خان صفدرؒ

رپورٹ : مفتی محمد جمیل خان

(۸ جولائی ۹۵ء کو دار العلوم زکریا جنوبی افریقہ میں نماز فجر کے بعد طلبہ سے شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر دامت برکاتہم کا خطاب۔)

حمد و ثنا کے بعد۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت مریم علیہا السلام کو معجزہ عطا فرمایا اور آپ کے بطن مبارک سے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی ولادت فرمائی۔ حضرت مریم علیہا السلام کے والد عمران، آپ کی والدہ محترمہ، آپ کی خالہ حضرت زکریا علیہ السلام کی اہلیہ، آپ کے بھائی ہارونؒ کو نیکی اور تقویٰ میں بلندی عطا فرمائی تھی۔ 
حضرت مریم علیها السلام ایک مرتبہ ایک جگہ تشریف فرما تھیں کہ ایک شخص اچانک آپ کے سامنے نمودار ہوا۔ حضرت مریم علیہا السلام نے فورا" اپنے آپ کو اللہ تعالیٰ کی پناہ میں دے دیا۔ اس شخص نے عرض کیا، میں اللہ تعالیٰ کا فرستادہ فرشتہ ہوں۔ انسان کی شکل میں حاضر ہوا ہوں۔ آپ کو خدا کی طرف سے بیٹے کی ولادت دینے آیا ہوں۔ حضرت مریم علیها السلام بہت پریشان ہوئیں کہ میری شادی نہیں ہوئی اور نہ ہی میں نے کوئی برائی کی ہے، پھر کیسے اولاد ہو گی؟ فرشتہ نے جواب دیا کہ اللہ تعالیٰ آپ کے ذریعہ دنیا میں ایک نشانی لوگوں کو بتانا چاہتے ہیں۔ حضرت مریم علیہا السلام نے کہا، میں لوگوں کو کیا جواب دوں گی؟ فرشتہ نے جواب دیا کہ آپ ولادت سے قبل فلاں جگہ چلی جائیے گا، اللہ تعالیٰ وہاں تمام انتظام فرما دیں گے اور آپ سے جب لوگ بچے کے بارے میں سوال کریں تو آپ کہہ دیجئے گا، میں نے چپ کا روزہ رکھا ہے۔ جب ولادت کا وقت قریب آیا تو اللہ تعالیٰ نے فرشتہ کے ذریعہ راہنمائی کی، وہ چشمہ کا پانی پیتیں اور اس درخت کے تنے کو ذرا سا ہلاتیں، اللہ تعالیٰ کھجور گرا دیتے جو ان کی خوراک کے کام آتی۔ یہاں پر مفسرین نے لکھا ہے کہ کھجور کا خشک تنا تھا۔ اللہ تعالٰی نے اس کو اسی وقت تر و تازہ فرمایا، اس میں پھل لگائے۔ حضرت عیسی علیہ السلام کی پیدائش ہوئی۔ قوم نے اعتراض کیا۔ حضرت مریم علیہا السلام نے سکوت فرمایا اور عیسیٰ علیہ السلام کی طرف اشارہ کر دیا۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو گویائی عطا فرمائی، انہوں نے فرمایا:
’’میں اللہ تعالیٰ کا بندہ ہوں، مجھے اللہ تعالیٰ نے کتاب عطا کی ہے اور مجھے نبی بنایا ہے۔"
بعض لوگوں نے اللہ تعالیٰ کے اس معجزہ کو تسلیم کیا۔ بعض لوگوں نے سرے سے انکار کر دیا۔ اور بعض لوگوں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو العیاذ باللہ خدا کا بیٹا اور حضرت مریم علیها السلام کو خدا کی بیوی کا درجہ دے دیا، جو کفر کے دائرے میں آتا ہے۔ 
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا جب نجران کے وفد سے مکالمہ ہوا اور انہوں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو خدا کا بیٹا قرار دیا تو حضور صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا، پھر تم حضرت آدم علیہ السلام کی نسبت کیا کہو گے؟ ان کی تو نہ والدہ تھیں اور نہ والد ۔ بہرحال اس قصے کو سنانے سے مقصد سبق حاصل کرنا ہے۔ اس سے ہمیں سبق ملتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت مریم علیہا السلام کو حکم دیا، تم کھجور کے درخت کے تنے کو حرکت دو، تم پر کھجوریں گرا دی جائیں گی۔ اللہ تعالیٰ جو خشک تنے کو تروتازہ فرما سکتے تھے، منٹوں میں کھجوریں پیدا فرما سکتے تھے، تو حضرت مریم علیہا السلام کے پاس کھجوریں بھی پہنچا سکتے تھے، لیکن فرمایا کہ تنے کو حرکت دو۔ محنت کرو، پھل ملے گا۔ آپ طلبائے کرام پڑھائی کے لیے آئیں، خوب محنت کریں، اساتذہ کا احترام کریں، کتابوں کا احترام کریں۔ جو محنت کرتا ہے، پاتا ہے۔ کوشش اور محنت کرنے والا مقصد کو پا لیتا ہے۔ مشہور مقولہ ہے: ’’جب تک اپنے آپ کو پورے کے پورے علم کے لیے وقف نہیں کرو گے، علم کا کچھ حصہ حاصل نہ ہو سکے گا‘‘۔ اس لیے اسی قصے سے سبق حاصل کر کے خوب محنت کرو۔ اللہ تعالیٰ آپ حضرات کو علمِ نافع عطا فرمائے۔

شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر کے دورۂ افریقہ و سعودی عرب کی مفصل رپورٹ آئندہ شمارے میں شاملِ اشاعت کی جائے گی، ان شاء اللہ العزیز (ادارہ)

ہماری دینی صحافت

تعمیر حیات لکھنؤ

ہمارے دینی مدارس سے جو اصلاحی اور بامقصد رسائل نکلتے ہیں، ان کی تعداد ما شاء اللہ خاصی اور روز افزوں ہے۔ معیار کے اونچ نیچ کا تعلق ذوق سے ہے اور یہ اضافی شے ہے، جو بات دیکھنے کی ہے وہ یہ کہ ہر ایک کا رخ کتاب و سنت کی ترویج کی طرف ہے۔ بزرگانِ دین کے تذکرے، ان کے دینی کارنامے اور ان کے صبر و ثبات کے واقعات تقریبا" ہر پرچہ کا خاص موضوع ہوتا ہے۔ 

اسی طرح ایک اچھی تعداد عربی میں نکلنے والے رسائل کی ہے۔ عرب ممالک سے سیکڑوں میل دور رہ کر قرآن کریم کی زبان میں ماہنامے یا سہ ماہی پرچے نکالنا بڑی ہمت کی بات ہے۔ جب کہ خود اس ملک میں ان سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد ہزار میں ایک بھی نہیں ہے۔ ایسے ملک میں اس طرح کے رسائل کا نکالنا ہی قرآن کریم کی زندہ کرامت ہے۔ اور یہاں اس زبان میں لکھنے والوں کا پایا جانا اسلام کا کرشمہ ہے۔ 

کوئی رسالہ یا شمارہ ایسا نہیں ہے جو ہمت افزائی اور تحسین کا مستحق نہ ہو۔ اولیت یا اسبقیت یا نسبتاً‌ تعدادِ اشاعت کا زیادہ ہونا اور علمائے عرب کے درمیان کسی کا قابلِ اعتناء ہونا بھی ایسی چیز نہیں ہے جس پر کوئی فخر و مباہات کرے۔ یہ سب امتِ مسلمہ کی مشترک میراث ہیں اور یہ تمام رسائل اور ان کے پشت پناہ ادارے اور اس کے سرپرست اور لکھنے والے سب مسلمانوں کے لیے احترام کے مستحق ہیں۔ 

یہ بات جو ابھی کہی گئی، اس میں کسی ظاہر داری کا دخل نہیں ہے کیونکہ ان سطور کا لکھنے والا واقف ہے کہ ہمارے یہ تمام رسائل و مجلّات اپنے خاص محدود حلقوں میں پڑھے جاتے ہیں، غیر تو غیر ہی ہیں، اپنے بھی اپنا اپنا مخصوص حلقہ رکھتے ہیں اور کوئی ایک آواز ایسی نہیں ہے جو دعویٰ کر سکے کہ وہ ہر جگہ سنی جاتی ہے۔ مقابلہ اپنی جماعت کا اپنی ہم عقیدہ دوسری جماعت سے نہ کیجئے۔ ایک مدرسہ کا مقابلہ دوسرے مدرسہ سے نہ کیجئے۔ کسی حمائل کا مقابلہ چوب خط میں لکھے ہوئے تاج کمپنی یا نظامی پریس کے مصحف شریف سے نہ کیجئے۔ مقابلہ کا شوق ہے اور زورِ بازو کی آزمائش مقصود ہے تو ذرا ایک نظر ان رسائل و مجلّات کی مقبولیت و عمومیت پر بھی ڈال لیجئے جن کا مقصد آپ کے ملّی وجود کو نیست و نابود کرنا ہے۔ ان کا حملہ کسی حنفی، شافعی ، اہلِ حدیث کے خلاف نہیں ہے، ان کا حملہ پوری اس عمارت پر ہے جس پر نبی اُمّی صلی اللہ علیہ وسلم کا نام کندہ ہے۔ 

وسائلِ اطلاعات کا وہ طوفان جو سیاہ آندھی سے زیادہ سخت اور سیلاب کی طغیانی سے زیادہ شدید ہے، جو ہر طرف سے امت کو اپنے گھیرے میں لیے ہوئے ہے، اور اس کا وار کسی ٹولی یا فرقہ یا کسی مدرسہ فکر پر نہیں، وہ اس بستی کو غرق کرنا چاہتا ہے جس میں یہ مدرسے، یہ دار العلوم، یہ جامعات اور یہ مراکز ہیں۔ ہم میں کم لوگ ہوں گے جن کو معلوم ہو کہ وسائلِ اطلاعات جن کو کہا جاتا ہے، سینما، ریڈیو، ویڈیو اور اب دوشنیا خواہ آپ کے گھروں میں نہ ہوں مگر آپ کے محلے کی گلیوں، بازاروں اور چائے خانوں، ریستورانوں میں موجود ہیں۔ آپ اپنی آنکھیں بند کر لیں، کان میں روئی ڈال لیں، نفرت سے رخ پھیر لیں مگر اپنی نسلوں کو بھی اس سے محفوظ کر سکتے ہیں؟ اکبر الٰہ آبادیؒ نے خوب کہا تھا:

حرم سرا کی حفاظت کو تیغ نہ رہی 
تو کام دیں گی یہ چلمن کی تیلیاں کب تک

فواحش و منکرات کے ذرائع اشاعت کو بھی نظر انداز کیجئے (اگرچہ نظر انداز کرنا کوئی علاج نہیں ہے)  جن کا مہذب نام انفارمیشن میڈیا ہے۔ اخبار و رسائل ہی کو دیکھ لیجئے جہاں سے بات شروع کی تھی۔ آپ یہ اندازہ لگائیے کہ صرف آپ کے دارالعلوم یا جامعہ کا رسالہ نہیں بلکہ تمام مدارس و جامعات اسلامیہ سے نکلنے والے رسائل کی مجموعی اشاعت کیا ہو گی؟ امید و حوصلہ اور حسنِ ظن کو بھی کام میں لائیے جب بھی سونچ لیجئے کہ دس کروڑ مسلمانوں کی آبادی میں یہ سب رسائل و مجلّات کتنے لوگوں کے ہاتھوں میں پہونچتے ہیں اور کتنے لوگ ان کو پڑھتے ہیں؟ مجھے نہ بتائیے، خود اپنے دل میں کوئی تعداد فرض کر لیجئے، ایسی تعداد جو تمناؤں اور آرزوؤں کی پیدا کردہ نہیں بلکہ حقیقت کے مطابق ہو۔ حقیقت کے مطابق نہ ہو تو بہت دور بھی نہ ہو۔ 

اس کے بعد آئیے آپ کو بتاؤں کہ یہودیوں کے دو رسالے جو امریکہ سے نکلتے ہیں ’’ٹائم‘‘ اور ’’نیوز دیک‘‘ ان کی تعدادِ اشاعت کیا ہے؟ صحیح تعداد نہ آپ کو معلوم ہو گی اور نہ مجھے معلوم ہے۔ مگر آپ کے ملک کا کوئی بڑا ہوٹل ایسا ہے جس کے بک اسٹال پر آپ کو یہ پرچہ نہ ملے؟ کوئی انٹرنیشنل فلائٹ ایسی ہے جہاں آپ کے مطالبہ پر ہوسٹس آپ کو یہ پرچے لا کر نہ دے سکے؟ کوئی بین الاقوامی ہوائی اڈہ ایسا ہے جہاں یہ دستیاب نہ ہو؟ کوئی بڑا ریلوے اسٹیشن، دہلی، لکھنؤ، بمبئی، مدراس ایسا ہے جہاں کتاب و رسائل میں یہ پرچہ آپ کو نہ مل سکے؟ 

اور یہ بات صرف اسی ملک کے ساتھ مخصوص نہیں ہے۔ جاپان اور کوریا سے لے کر شمالی و جنوبی امریکہ کے کسی شہر میں چلے جائیے۔ مشرقی و مغربی یورپ سے لے کر افریقہ کے جنوبی شمالی، سنٹرل کسی علاقے کے بڑے شہر یا پایہ تخت میں جائیے۔ یہاں تک کہ عربوں کے خاص الخاص علاقے جن کو مسلمانوں کی پناہ گاہ اور اسلام کا قریب ترین وطن کہا جاتا تھا، جیسے یمن، عدن، جن کو نسبتا" پسماندہ کہا جاتا ہے، خلیج عرب کی ریاستیں، کویت سے عمان تک، ہر جگہ یہ زہر خون پیپ سے آلودہ خوشنما اور دلکش شیشوں میں مل جائے گا۔ 

ممکن ہے بلکہ واقعہ ہے کہ وہاں مصر کا کوئی دینی ماہنامہ نہ ملے، سعودی عرب کا کوئی خالص علمی و تحقیقی مجلہ نہ ملے، مگر نیوزویک اور ٹائم ضرور مل جائے گا۔

 اور اس میں کیا ہوتا ہے؟ اعداد و شمار، حقائق و واقعات، پس پردہ اور بیرون پردہ سیاسی واقعات اور ان کے تجزیے، اور اسلام کے خلاف کسی نہ کسی انداز میں نفرت پیدا کرنے والی خبر اور اس کا تجزیہ، اس پر تنقید۔ یہ پرچے لاکھوں کی تعداد میں شائع ہوتے ہیں اور ملین در ملین لوگ پڑھتے ہیں اور اس کو پڑھنا فیشن سمجھتے ہیں۔ اور یہ تو دور کی بات ہے، خود آپ کے ملک میں برادرانِ وطن کا رخ اور ان کی ترچھی نگاہوں کو دیکھنا ہو تو ’’انڈیا ٹوڈے‘‘ کو دیکھ لیجئے۔ اس کی تعداد جو بھی ہو مگر ہمارے تمام علمی و دینی و اخلاقی مجلّات سب مل کر بھی اتنی تعداد میں نہیں چھپتے جتنا تنہا یہ رسالہ شائع ہوتا ہے۔

شاید آپ کو یہ بھی معلوم ہو کہ انگریزی اور ہندی روزنامے یہاں لاکھوں کے حساب سے شائع ہوتے ہیں جن میں آپ کا مراسلہ بھی مشکل سے شائع ہو سکتا ہے، خواہ آپ نے یہ آبِ زر سے لکھا ہو اور حقائق و واقعات پیش کیے ہوں، الّا یہ کہ وقت کے سر سے آپ کی ’’تان‘‘ مل رہی ہو۔ مسلم جمہور، امتِ اسلام، عقیدۂ اسلامی پر ضرب پڑ رہی ہو۔

(بشکریہ تعمیرِ حیات لکھنو)

ورلڈ اسلامک فورم کی سرگرمیاں

ادارہ

ورلڈ اسلامک فورم کا تیسرا سالانہ سیمینار

ورلڈ اسلامک فورم کا تیسرا سالانہ تعلیمی سیمینار ۹ ستمبر ۹۵ء کو برنر کلب کمرشل روڈ ایسٹ لندن میں فورم کے چیئرمین مولانا زاہد الراشدی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد پاکستان کے شعبہ اسلامیات کے سربراہ ڈاکٹر محمد طفیل ہاشمی بطور مهمان خصوصی شریک ہوئے جبکہ مختلف حلقوں سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور دانشوروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ 
فورم کے سیکرٹری جنرل مولانا محمد عیسیٰ منصوری نے کارگزاری کی سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے شرکاء کو بتایا کہ فورم نے تعلیمی شعبہ میں یہ پیش رفت کی ہے کہ اردو اور انگلش میں مطالعہ اسلام کا خط و کتابت کورس ’’اسلامک ہوم اسٹڈی کورس‘‘ ایک سال سے کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور اب اسے دو سال کا کورس کر دیا گیا ہے جس کے لیے ممبر شپ جاری ہے اور اکتوبر کے پہلے ہفتہ سے اس کا باقاعدہ اجراء کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کورس دعوۃ اکیڈیمی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے تعاون سے چلایا جا رہا ہے اور سولہ سال سے زائد عمر کے طلبہ اور طلبات کو فری طور پر فراہم کیا جاتا ہے جس کے لیے دس پونڈ رجسٹریشن کے علاوہ طلبہ سے کچھ چارج نہیں کیا جاتا۔ 
انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان میں فورم کے زیراہتمام مختلف موضوعات پر علمی و فکری نشستوں کا اہتمام کیا گیا جن میں مولانا مجاہد الاسلام قاسمی، مولانا محمد تقی عثمانی، مولانا محمد سرفراز خان صفدر، محمد صلاح الدین شہیدؒ، ڈاکٹر سید سلمان ندوی، ڈاکٹر محمود احمد غازی، مولانا سید ارشد مدنی اور دیگر زعما نے خطاب کیا۔ 
اس کے علاوہ فورم کی طرف سے متعدد کتابچے چھپوا کر تقسیم کیے گئے اور فورم کا آرگن ماہنامہ الشریعہ گوجرانوالہ سے تسلسل کے ساتھ شائع ہوتا رہا۔ انہوں نے بتایا کہ میڈیا کے محاذ پر سیٹلائیٹ پینل کے حصول کے لیے متعلقہ ماہرین کے ساتھ گفت و شنید اور مشاورت کا سلسلہ جاری ہے اور جلد ہی اس کے عملی نتائج سامنے آجائیں گے۔ 
مہمانِ خصوصی ڈاکٹر محمد طفیل ہاشمی نے اپنے مفصل خطاب میں ورلڈ اسلامک فورم کی سرگرمیوں پر اطمینان اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ جدوجہد وقت کی اہم ضرورت ہے اور سب سے زیادہ اطمینان کی بات یہ ہے کہ فورم یہ محنت گروہی اور فرقہ وارانہ سیاست سے بالاتر ہو کر جاری رکھے ہوئے ہے، اور آج کے دور کا سب سے بڑا تقاضا یہ ہے کہ گروہی سیاست اور فرقہ وارانہ کشمکش سے بالاتر ہو کر ملتِ اسلامیہ کی فکری و علمی راہنمائی کی جائے۔ 
انہوں نے کہا کہ تعلیم کا میدان بہت وسیع اور ناگزیر ہے اور اس میدان میں آج کی ضروریات اور تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے جدوجہد کو آگے بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ علمائے کرام کو اس معاشرہ میں نہ صرف انگلش زبان سے بلکہ یہاں کی نئی نسل کی نفسیات اور ذہنی رجحانات سے بھی واقف ہونا چاہئے کیونکہ وہ اسی صورت میں نئی نسل تک اسلام کا پیغام صحیح طور پر پہنچا سکتے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ اسلام کے بارے میں شکوک و شبہات پھیلانے کا زیادہ کام انگلش میں ہو رہا ہے اور پاکستان میں بھی اسلامی احکام و قوانین کے خلاف لکھنے والے زیادہ تر انگلش پریس کے ذریعہ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں کیونکہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ انگلش پریس بیشتر علماء کی دسترس سے باہر ہے، اس لیے وہ اطمینان کے ساتھ اسلام کے بارے میں شکوک و شبہات پھیلانے کی مہم جاری رکھ سکتے ہیں۔ اس نقطہ نظر سے بھی علمائے کرام کے لیے ضروری ہے کہ وہ انگلش زبان پر مہارت حاصل کریں تا کہ وہ اسلام کے خلاف ہونے والے کام سے آگاہی حاصل کر کے اس کے جواب کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کر سکیں۔ 
انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے فطری امر ہے اور اگر اختلافات کو ان کے صحیح دائرے میں رکھا جائے تو وہ قومی زندگی کی علامت اور باعثِ رحمت ہوتے ہیں، لیکن وہی اختلاف جائز حدود سے تجاوز کر کے افتراق و انتشار کا ذریعہ بن جاتے ہیں، اس لیے علماء کو چاہیئے کہ وہ اختلافِ رائے کو برداشت کرتے ہوئے ایک دوسرے کا احترام کریں اور باہمی اختلافات کو اس حد تک نہ لے جائیں کہ وہ اسلام اور دینی قوتوں کے لیے نقصان کا باعث بن جائیں۔ 
ڈاکٹر محمد طفیل ہاشمی نے ورلڈ اسلامک فورم کے تعلیمی پروگرام ’’اسلامک ہوم اسٹڈی کورس‘‘ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس معاشرہ میں خط و کتابت کے ذریعہ اسلامی تعلیمات کے فروغ کے لیے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی بھی بھرپور تعاون کے لیے تیار ہے۔ 
فورم کے چیئرمین مولانا زاہد الراشدی نے آئندہ پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال سے ’’اسلامک ہوم اسٹڈی کورس‘‘ کے دو سالہ پروگرام کے اجراء کے علاوہ ورلڈ اسلامک فورم کے تحت رفاہی خدمات کا مستقل شعبہ قائم کیا جا رہا ہے جس کے ذریعہ مسلم ممالک کے ذہین طلبہ کو تعلیمی وظائف دینے کے علاوہ علمائے کرام اور دینی طلبہ میں مطالعہ، تحقیق اور تحریر و تقریر کا ذوق بیدار کرنے کے لیے وظائف اور انعامی مقابلوں کا اہتمام کیا جائے گا، اور بوسنیا، کشمیر، فلسطین اور دیگر خطوں کے مظلوم مسلمانوں کی امداد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ اسلامک فورم کی مرکزی کونسل کا اجلاس ۱۶ ستمبر کو ہو رہا ہے جس میں اس پروگرام کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔
سیمینار سے لندن یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر محمد حنیف، ام القریٰ یونیورسٹی مکہ مکرمہ کے سکالر مولانا عبید اللہ خان، آل جموں و کشمیر جمعیت علمائے اسلام کے سینئر نائب امیر مولانا قاری سعید الرحمٰن تنویر، مولانا سید اسد اللہ طارق گیلانی، جناب نذر السلام بوس، حفیظ الرحمٰن خان، جناب ابراہیم عدمانی، حزب التحریر کے راہ نما جناب عبد الحئی، حاجی افتخار، مولانا ابراہیم تاراپوری، مولانا قاری محمد عمران خان جهانگیری، مولانا قاری عبد الرشید رحمانی، مولانا قاری محمد شریف، جناب عبد الرحمٰن باوا اور دیگر راہ نماؤں نے بھی خطاب کیا۔ 
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ دینی راہنماؤں اور نئی نسل کے درمیان جو ذہنی بُعد دن بدن بڑھ رہا ہے، اس کا سنجیدگی کے ساتھ جائزہ لینے اور حکمت و دانش کے ساتھ اسے دور کرنے کی منظم جدوجہد کی ضرورت ہے، اور امت کے تمام طبقات کو اس سلسلہ میں ورلڈ اسلامک فورم کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے۔

ورلڈ اسلامک فورم کا سالانہ اجلاس

ورلڈ اسلامک فورم کی مرکزی کونسل کا سالانہ اجلاس ۱۹ ستمبر ۹۵ء کو ساؤتھال میں آل انڈیا ملّی کونسل کے سربراہ مولانا مجاہد الاسلام قاسمی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں فورم کے آئندہ سال کے پروگرام کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ عربی و اسلامیات کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد طفیل ہاشمی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ فورم کے چیئرمین مولانا زاہد الراشدی، ڈپٹی چیئرمین مولانا مفتی برکت اللہ اور سیکرٹری جنرل مولانا محمد عیسیٰ منصوری نے پروگرام کی تفصیلات سے شرکائے اجلاس کو آگاہ کیا۔ 
اجلاس میں اسلامی تعلیمات کے خط و کتابت کورس ’’اسلامک ہوم اسٹڈی کورس‘‘ کے سلسلہ میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور فورم کے ساتھ تعاون پر مدنی ٹرسٹ نوٹنگھم کا شکریہ ادا کیا گیا۔ 
اجلاس میں بتایا گیا کہ ورلڈ اسلامک فورم کی کوششوں اور تعاون سے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد کے ساتھ مدنی ٹرسٹ نوٹنگھم کا معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت عربی، اردو اور اسلامیات کے حوالہ سے اوپن یونیورسٹی کے کورسز کو یورپی ممالک کے لیے منظم کیا جائے گا۔ 
اجلاس میں طے پایا کہ نوجوان اور ذہین مسلم طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی اور علمائے کرام میں تحریر و تحقیق کا ذوق بیدار کرنے کے لیے ورلڈ اسلامک فورم کی طرف سے انعامی مقابلوں اور وظائف کا اہتمام کیا جائے گا، اور اس سلسلہ میں مولانا مفتی برکت اللہ کی سربراہی میں ایک رفاہی ادارہ قائم کیا جائے گا جو تعلیمی وظائف اور بے سہارا مسلمانوں کی امداد کے لیے پروگرام منظم کرے گا۔ یہ ادارہ فورم کے تحت کام کرے گا اور اس میں مولانا محمد عمران خان جهانگیری، مولانا قاری تصور الحق، الحاج محمد اشرف خان، الحاج فیض اللہ خان اور مولانا قاری عبد الرشید رحمانی بھی شامل ہوں گے۔ 
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا مجاہد الاسلام قاسمی نے کہا کہ ورلڈ اسلامک فورم جن مقاصد کے لیے کام کر رہا ہے، وہ آج کے دور کی بہت بڑی ضرورت ہیں اور ان کے لیے وسائل کی ضرورت ہے، اس لیے اہلِ خیر کو چاہئے کہ وہ وسائل کی فراہمی میں فورم کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ 
انہوں نے کہا کہ علمائے کرام کو اپنے دور کے حالات اور لوگوں کے ذہنی رجحانات سے واقف ہونا ضروری ہے کیونکہ اس کے بغیر وہ اسلام کا پیغام اور اسلامی تعلیمات لوگوں تک صحیح طور پر نہیں پہنچا سکتے۔ 
انہوں نے کہا کہ میڈیا آج کے دور کی سب سے بڑی طاقت ہے جس کے ذریعہ مغرب پوری دنیا کے انسانوں کے ذہنوں پر حکومت کر رہا ہے اور میڈیا ہی کے ذریعہ اسلام اور مسلمانوں کی تصویر کو خراب کر کے پیش کیا جا رہا ہے، اس لیے علماء اور دینی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ جدید میڈیا تک رسائی حاصل کریں اور اس کی تکنیک اور طریق واردات کو سمجھ کر اسے اسلام کے حق میں استعمال کرنے کا راستہ نکالیں۔ 
ڈاکٹر محمد طفیل ہاشمی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ اسلامک فورم نے گروہی سیاست سے الگ رہتے ہوئے تمام اداروں کے ساتھ تعاون کی جو پالیسی اختیار کی ہے، وہ تمام دینی اور علمی اداروں کے لیے قابلِ تقلید ہے۔ انہوں نے تعلیمی محاذ پر فورم کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیمی محاذ پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد فورم کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گی۔ 
اجلاس میں مولانا مجاہد الاسلام قاسمی، ڈاکٹر محمد طفیل ہاشمی، مولانا زاہد الراشدی، مولانا مفتی برکت اللہ، مولانا محمد عیسیٰ منصوری، مولانا سید اسد اللہ طارق گیلانی، مولانا محمد عمران خان جهانگیری، الحاج عبد الرحمٰن بادا الحاج فیض اللہ خان، مولانا قاری تصور الحق، مولانا محمد سلیم دھورات، مولانا کلام احمد، مولانا حافظ ممتاز الحق اور دیگر زعماء نے شرکت کی۔

مدنی مسجد نوٹنگھم میں سیرت النبیؐ پر نو روزہ پروگرام 

مدنی مسجد نوٹنگھم برطانیہ میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر نو روزه پروگرام گذشته روز مکمل ہو گیا۔ اس پروگرام کے تحت ورلڈ اسلامک فورم کے چیئرمین مولانا زاہد الراشدی نے ۲۴ اگست سے یکم ستمبر تک روازنہ نماز عصر کے بعد سیرتِ نبویؐ کے مختلف پہلوؤں پر ایک گھنٹہ لیکچر دیا اور حاضرین کے سوالات کے جوابات دیے۔ 
مولانا زاہد الراشدی نے اپنے لیکچرز کے دوران اس بات پر زور دیا کہ علماء اور دانش وروں کو چاہئے کہ وہ آج کے حالات و مسائل کے تناظر میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا گہرائی کے ساتھ مطالعہ کریں اور نسلِ انسانی کو جو مشکلات درپیش ہیں، ان کا حل رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کی روشنی میں پیش کریں۔ 
انہوں نے کہا کہ پوری نسلِ انسانی میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے سوا کوئی شخصیت ایسی نہیں ہے جس کے حالاتِ زندگی اور تعلیمات کو تاریخ نے اس قدر تفصیلات و جزئیات کے ساتھ اتنے اہتمام سے محفوظ رکھا ہو، اور نہ ہی کوئی دوسری شخصیت ایسی موجود ہے جس کی جدوجہد اور تعلیمات کا دائرہ انسانی زندگی کے ہر شعبہ کو محیط ہو۔ یہ محض اتفاق نہیں ہے بلکہ اللہ تعالیٰ کے تکوینی نظام کا حصہ ہے کہ چونکہ نبی اکرمؐ نے قیامت تک نسل انسانی کی راہ نمائی کرنی ہے اور اولادِ آدمؑ کے لیے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہی سب سے مکمل اور سب سے آخری آئیڈیل شخصیت ہیں، اس لیے صرف انہی کے حالاتِ زندگی اور تعلیمات کو تمام تر جزئیات و تفصیلات سمیت محفوظ رکھنے کا اہتمام ہوا، اور یہ بھی جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا معجزہ ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کے خلفائے راشدین نے قانون اور ضابطے کی پابند زندگی بسر کر کے یہ بات واضح کر دی ہے کہ اسلام میں ’’تھیاکریسی‘‘ اور خدا کی نمائندگی کے پردے میں مطلق العنان حکومت کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ حتیٰ کہ خلیفہ اول حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالٰی عنہ کو جب کسی نے خلیفۃ اللہ  کہا تو انہوں نے یہ کہہ کر تھیاکریسی کی جڑ کاٹ دی کہ انہیں خلیفۃ اللہ نہیں بلکہ خلیفۃ رسول اللہ کہا جائے۔ اس کا مطلب یہ تھا کہ وہ خدا کی براہ راست نمائندگی کا دعویٰ کر کے اپنے لیے غیر محدود اختیارات کی خواہش نہیں رکھتے تھے بلکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نیابت کے تصور کے ساتھ ان کی پیش کردہ تعلیمات کی پابندی کا نمونہ پیش کر رہے تھے، اور واضح آسمانی ہدایات و تعلیمات کی پابندی ہی اسلامی نظامِ خلافت کا طرۂ امتیاز ہے۔ 
مولانا راشدی نے کہا کہ آج کے دور میں ’’تھیاکریسی‘‘ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ہمیں مغربی دانشوروں کی مجبوری کو سمجھنے کی کوشش کرنی چاہئے کہ مغرب نے صدیوں تک ایک ایسے نظامِ حکومت کے مظالم برداشت کیے ہیں جس میں بادشاہ اور کلیسا خود کو خدا کے براہ راست نمائندے قرار دے کر خدا کے نام پر من مانیاں کرتے رہے ہیں، اس لیے جب بھی مذہبی حکومت کا ذکر ہوتا ہے، مغرب والوں کے ذہن میں تاریخ کا وہ منظر گھوم جاتا ہے اور وہ تھیا کریسی اور بنیاد پرستی کے نام پر اسلامی حکومت کی مخالفت پر کمر بستہ ہو جاتے ہیں۔ اس لیے یہ ضروری ہو گیا ہے کہ اسلامی حکومت کا تعارف رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی براہ راست تعلیمات اور خلفائے راشدین کے طرز حکمرانی کے حوالہ سے کرایا جائے۔ اور اس نکتہ کو واضح کیا جائے کہ اسلامی حکومت ہدایت و تعلیمات کے ایک متعین دائرہ کی پابند ہوتی ہے اور خلافت و حکومت کے قیام کی بنیاد عوام کی براہ راست رائے اور مرضی پر ہوتی ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے معاشرہ کے ہر طبقہ کو مشاورت کے نظام میں شریک کیا اور اس کی رائے کو اہمیت دی جس سے عورتوں سمیت تمام طبقوں کو معاشرتی اعتماد حاصل ہوا۔ 
انہوں نے کہا کہ عورت کی رائے اور حق کو اس قدر اہمیت حاصل تھی کہ حضرت عائشہؓ کی آزاد کردہ لونڈی حضرت بریرہؓ نے اپنے نکاح کے بارے میں خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سفارش کو قبول کرنے سے معذرت کر دی تھی اور اپنے حق کا آزادانہ استعمال کیا تھا۔ 
انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مرد اور عورت کے درمیان حقوق و فرائض کی فطری تقسیم کے ساتھ جو خاندانی نظام قائم کیا، وہ آج بھی پوری دنیا کے لیے مثالی نظام ہے۔ اور مغرب نے مرد و عورت میں مکمل مساوات اور یکساں حقوق کے نام پر مطلق آزادی کا تصور پیش کر کے خاندانی نظام کی جڑیں کھوکھلی کر دی ہیں، اور مطلق آزادی کے تلخ نتائج بھگتنے کے بعد مغربی دانش ور آج پھر ’’متوازن خاندانی نظام‘‘ کی طرف واپسی کا راستہ تلاش کر رہے ہیں۔ 
مولانا زاہد الراشدی نے کہا کہ ہماری سب سے بڑی کمزوری یہ ہے کہ ہم قرآن اور سیرتِ نبویؐ کے مطالعے اور انہیں دنیا کے سامنے پیش کرنے کے بارے میں صدیوں پرانے روایتی انداز سے ہٹنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ حالانکہ انداز اور طریق کار کا ہر دور کے تقاضوں کے مطابق بدلتے رہنا ضروری ہوتا ہے، ورنہ اگر آج بھی قرآن کریم اور سنتِ نبویؐ کو آج کے مسائل و مشکلات اور حالات کے تناظر میں عالمی رائے عامہ کی نفسیات کو سامنے رکھتے ہوئے جدید اسلوب میں پیش کیا جائے تو قرآن و سنت کی وہ کشش اور قوت اب بھی زندہ ہے جو پورے انسانی معاشرہ کو راہِ راست پر لانے کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ ہم آج کی دنیا کو اسلام کا پیغام تو دینا چاہتے ہیں لیکن موجودہ انسانی معاشرہ کے ذہنوں کے ساتھ ’’فریکونسی‘‘ سیٹ کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کر رہے جس کے بغیر پیغام کا پہنچانا ممکن نہیں ہے۔ مسلم علماء اور دانش وروں کو چاہئے کہ وہ پہلے فریکونسی سیٹ کریں، اس کے بعد وہ جو پیغام دینا چاہیں گے، نسلِ انسانی اسے سننے کے لیے تیار ہو گی۔
مدنی مسجد نوٹنگھم کے منتظم مولانا رضاء الحق نے نو روزہ سیرت پروگرام کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے پروگرام کے اختتام پر مولانا زاہد الراشدی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس قسم کے پروگراموں کو عام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم دین کی صحیح روح کو سمجھ سکیں۔

اسلامک ہوم اسٹڈی کورس

مغربی ممالک میں مقیم مسلمانوں کے لیے اپنی نئی نسل کو دینی تعلیمات اور اسلامی کلچر کے ساتھ وابستہ رکھنے کا مسئلہ خاصا پریشان کن ہوتا جا رہا ہے، دینی تعلیم کے لیے مختلف شہروں میں شام ۵ سے ۷ بجے تک یا ویک اینڈ پر ہفتہ اتوار کے روز دینی مکاتب کام کر رہے ہیں لیکن ان میں تعلیم پانے والے بچوں اور بچیوں کا مسلمانوں کی مجموعی آبادی کے لحاظ سے تناسب بہت کم ہے۔ اور ان مکاتب میں رائج نصابِ تعلیم کے مطابق ناظرہ قرآن کریم اور نماز روزہ سے متعلق چند ضروری احکام کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد طلبہ عموماً‌ بارہ تیرہ سال کی عمر میں فارغ ہو جاتے ہیں اور اس کے بعد ان کا دینی تعلیم کے ساتھ کوئی تعلق باقی نہیں رہ جاتا۔ جبکہ تربیت اور اخلاق و عادات کے سنورنے یا بگڑنے کی اصل عمر یہی ہوتی ہے مگر اس عمر میں یہ بچے مکمل طور پر سوسائٹی اور میڈیا کے حوالے کر دیے جاتے ہیں، جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ جن بچوں اور بچیوں نے بچپن میں دینی مکاتب میں کچھ پڑھا بھی ہوتا ہے، وہ الا ما شاء اللہ بھول جاتے ہیں، اس لیے یہ ضروری ہے کہ تیرہ چودہ سال کی عمر کے بعد بھی بچوں اور بچیوں کا دینی تعلیم کے ساتھ تعلق قائم رہے اور انہیں اپنے مذہب اور کلچر کے بارے میں مسلسل معلومات حاصل ہوتی رہیں۔
اس مقصد کے لیے ورلڈ اسلامک فورم نے دعوۃ اکیڈیمی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے تعاون سے گزشتہ سال ’’اسلامک ہوم اسٹڈی کورس‘‘ کے نام سے اسلامی تعلیم کے خط و کتابت کورس کا سلسلہ شروع کیا تھا جو ایک سال کے تجرباتی دور سے کامیابی کے ساتھ گزر چکا ہے۔ اس کورس کے انتظامات مدنی ٹرسٹ نوٹنگھم نے کیے ہیں اور ایک سالہ تجربہ کی روشنی میں مدنی ٹرسٹ نوٹنگھم نے ورلڈ اسلامک فورم کی نگرانی میں اسے دو سالہ کورس کی شکل دے کر اس کے آئندہ مرحلہ کا اعلان کر دیا ہے۔ جبکہ ’’اسلامک ہوم اسٹڈی کورس‘‘ کو برطانیہ کے اوپن کالجز نیٹ ورک سے منظور کرانے کے لیے بھی بات چیت جاری ہے جو آخری مراحل میں ہے اور اسے منظور کرنے پر اصولی اتفاق ہو چکا ہے۔ دینی تعلیم کا یہ دو سالہ خط و کتابت کورس اردو اور انگلش دو زبانوں میں ہے اور اس میں سولہ سال کی عمر کے طلبہ و طالبات یا لکھنے پڑھنے کی اچھی صلاحیت رکھنے والے کم عمر کے طلبہ بھی شریک ہو سکتے ہیں۔ اس میں اوپن کالجز کی طرز پر تعلیم اور امتحانات کے تمام مراحل بذریعہ خط و کتابت ہوں گے، طلبہ کو دعوۃ اکیڈیمی اسلام آباد کے تیار کردہ کتابچے مہیا کیے جائیں گے اور راہ نمائی کے لیے ٹیوٹرز سے رابطہ کی سہولت بھی فراہم ہو گی۔ جبکہ دو سال مکمل ہونے پر باقاعدہ امتحان ہو گا اور اس کے بعد باضابطہ سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔ 
’’اسلامک ہوم اسٹڈی کورس‘‘ خالصتاً‌ دینی تعلیم کے فروغ اور مسلمان بچوں اور بچیوں کو اسلامی تعلیمات سے بہرہ ور کرنے کے جذبہ سے چلایا جا رہا ہے اور دس پاؤنڈ رجسٹریشن فیس کے علاوہ کسی قسم کے اخراجات طلبہ سے وصول نہیں کیے جائیں گے۔ اس کے اخراجات کی تمام تر ذمہ داری مدنی ٹرسٹ نوٹنگھم نے قبول کر رکھی ہے۔ ورلڈ اسلامک فورم کے سیکرٹری جنرل مولانا محمد عیسیٰ منصوری اور مدنی ٹرسٹ نوٹنگھم کے سیکرٹری مولانا رضاء الحق نے مغربی ممالک میں مقیم مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں اور بچیوں کو دینی تعلیمات سے آراستہ کرنے کے لیے ’’اسلامک ہوم اسٹڈی کورس‘‘ کے ساتھ وابستہ ہوں اور اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے تعاون کریں۔ اس سلسلہ میں مزید معلومات کے لیے مندرجہ ذیل پتہ پر رابطہ کیا جا سکتا ہے:
DIRECTOR ISLAMIC HOME STUDY COURSE FOREST FIELDS,  NOTTINGHAM NG7 6HX (U-K) 289 GLADE STONE STREET. TEL: 0115 969 2566 FAX: 0115 985 8997

مدنی مسجد نوٹنگھم برطانیہ کی دس سالہ تقریب

مدنی مسجد نوٹنگھم برطانیہ کے قیام کو دس سال مکمل ہونے پر ۱۰ ستمبر ۹۵ء کو مسجد میں اسلامی تعلیمی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت جامعہ اسلامیہ نوٹنگھم کے شیخ الحدیث مولانا فضل رحیم نے کی اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ اسلامیات کے سربراہ ڈاکٹر محمد طفیل ہاشمی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ جبکہ دیگر مہمان مقررین میں ورلڈ اسلامک فورم کے چیئرمین مولانا زاہد الراشدی، حزب التحریر برطانیہ کے امیر الشیخ عمر بکری محمد، ڈاکٹر عبد الباسط اور ڈاکٹر اختر الزمان غوری بطور خاص قابل ذکر ہیں۔ 
مولانا رضاء الحق نے مدنی مسجد کی دس سالہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کی، مولانا اور نگزیب خان نے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سر انجام دیے، اور قاری سید ابرار حسین شاہ اور جناب محمد عارف نے جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور ہدیۂ نعت پیش کیا۔ کانفرنس ظہر سے عشاء تک جاری رہی اور اس میں نوٹنگھم اور دیگر شہروں کے باذوق مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ڈاکٹر محمد طفیل ہاشمی نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جس طرح خدمتِ خلق کے ساتھ عام آبادی کو اپنے قریب کیا تھا اور خیرخواہی کے ساتھ دعوتِ اسلام کے عمل کو آگے بڑھایا تھا، آج اس سنت کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے اور مخلوقِ خدا کی خدمت اور خیرخواہی کا جذبہ ہی اسلام کی دعوت و تبلیغ کا سب سے موثر ذریعہ بن سکتا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ یتیموں اور بیواؤں کی خدمت کرنا، بے سہارا لوگوں کو سہارا دینا، معذوروں اور محتاجوں کے کام آنا، اور ضرورتمندوں کی ضروریات کو پورا کرنا جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ ہمارے دینی مدارس نے دینی علوم و فنون کی حفاظت اور عام لوگوں کا دین کے ساتھ رشتہ قائم رکھنے کے لیے جو مسلسل جدوجہد کی ہے وہ قابلِ قدر ہے اور آج ہر طرف نظر آنے والے دینی حمیت کے مظاہر انہی کی بدولت ہیں، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ ضروری ہو گیا ہے کہ دینی مدارس نئے دور کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے اپنے نصاب اور طرز تعلیم پر نظر ثانی کریں۔ 
انہوں نے کہا کہ اسلام کسی خاص علاقے کا مذہب نہیں بلکہ عالمگیر دین ہے، اس لیے دنیا کے ہر خطہ میں قرآن کریم اور دینی تعلیمات کو اس خطہ کی زبان میں پیش کرنا ضروری ہے اور علمائے کرام کو چاہئے کہ وہ متعلقہ زبانوں میں مہارت حاصل کر کے دنیا بھر کے لوگوں تک ان کی زبانوں میں اسلام کا پیغام پہنچانے کا اہتمام کریں۔ 
انہوں نے کہا کہ برصغیر پاک و ہند میں مغلوں کے دور میں جب فارسی سرکاری اور دفتری زبان تھی تو حضرت شاہ ولی اللہ دہلویؒ نے قرآن کریم اور دینی علوم کو فارسی زبان میں پیش کیا۔ اور جب اردو کا رواج عوام ہونے لگا تو انہی کے دو بیٹوں شاہ عبد القادرؒ اور شاہ رفیع الدینؒ نے قرآن کا اردو میں ترجمہ کر دیا۔ مقصد یہ تھا کہ لوگوں تک اسلام کی تعلیمات کو ان کی زبان میں پہنچایا جائے، اسی طرح آج کے دور کا تقاضا ہے کہ علمائے کرام انگلش میں مہارت حاصل کریں اور دینی لٹریچر کو انگلش میں منتقل کرنے کا اہتمام کریں کیونکہ انگلش آج کے دور میں تعلیم اور ابلاغ کی سب سے موثر زبان ہے۔ 
مولانا زاہد الراشدی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ’’مسلم معاشرہ میں مسجد کا کردار‘‘ کے موضوع پر اظہار خیال کیا اور کہا کہ مسلمانوں کی معاشرتی زندگی کا آغاز ہی مسجد سے ہوتا ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے دنیا میں نسلِ انسانی کی آبادی کا آغاز ’’بیت اللہ‘‘ کی تعمیر سے کیا اور جناب رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے ہجرت کے بعد مسجد قبا اور مسجد نبوی کی تعمیر سے ملتِ اسلامیہ کی معاشرتی زندگی کا آغاز فرمایا۔ 
انہوں نے کہا کہ مسلم سوسائٹی میں مسجد صرف عبادت گاہ نہیں بلکہ تعلیم گاہ اور ملتِ اسلامیہ کی اجتماعی و معاشرتی سرگرمیوں کا مرکز بھی ہے کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور خلفائے راشدین کے دور میں جہاں مسجد میں عبادت اور دینی تعلیم ہوتی تھی، وہاں شوریٰ کے اجلاس بھی مسجد میں ہوتے تھے، عام لوگوں کے ساتھ اجتماعی مشاورت کا اہتمام بھی مسجد میں ہوتا تھا، مقدمات کے فیصلے مسجد میں ہوتے تھے، نکاح مسجد میں ہوتے تھے، اور جناب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور خلفائے راشدین لوگوں کی مشکلات و مسائل اور ضروریات سے آگاہی کے لیے مسجد میں بیٹھا کرتے تھے۔ اس لیے مسجد عبادت گاہ کے ساتھ ساتھ مدرسہ، مشورہ کا مرکز، عدالت، میرج ہال اور کمیونٹی سنٹر بھی ہے۔ اور تاریخ گواہ ہے کہ جب تک ہمارے اجتماعی معاملات مسجد میں طے پاتے رہے، خیر و برکت کا تسلسل قائم رہا، اور جب ہم نے عبادت اور دینی تعلیم کے علاوہ اجتماعی زندگی کے باقی شعبوں کو مسجد سے الگ کر لیا، اس وقت سے ہم مسلسل زوال کا شکار ہو رہے ہیں۔
الاستاذ عمر بکری محمد نے اپنے خطاب میں دینی حلقوں کے درمیان مفاہمت اور یکجہتی پر زور دیا اور کہا کہ علمی اور فقہی اختلافات کو اپنے دائرہ میں رکھتے ہوئے اسلام کی دعوت اور غلبہ کے لیے ہم سب کو متحد ہو کر کام کرنا چاہئے۔ 
انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن میڈیا اور لابیاں ملتِ اسلامیہ کے دینی حلقوں کے درمیان غلط فہمیاں پھیلانے اور انہیں ایک دوسرے سے دور کرنے کے لیے منظم محنت کرتی ہیں اور ان کا مقصد یہ ہے کہ ملتِ اسلامیہ کی مذہبی قوتیں متحد نہ ہونے پائیں، اس لیے یہ ضروری ہے کہ ہم ایک دوسرے کے بارے میں مغربی میڈیا اور لابیوں کے پراپیگنڈے سے متاثر ہونے کی بجائے باہمی ربط و ضبط میں اضافہ کریں اور غلط فہمیوں کو مل جل کر دور کریں تاکہ ہم اپنی صلاحیتوں کو دین کی سربلندی اور اسلام کے غلبہ کے لیے متحد ہو کر کام میں لا سکیں۔ 
انہوں نے کہا کہ اہل سنت سے رکھنے والے تمام مکاتب فکر کو اسلام کی دعوت اور غلبہ کے لیے متحد ہو جانا چاہئے اور اسلام کے خلاف مغرب کے چیلنج کا جرأت کے ساتھ مقابلہ کرنا چاہئے۔ 
مولانا رضاء الحق نے مدنی مسجد کی دس سالہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس بات کی بھرپور کوشش کی ہے کہ مسجد کو مسلمانوں کی اجتماعی سرگرمیوں کا مرکز بنایا جائے۔ چنانچہ مدنی مسجد میں عبادات کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں سے متعلق تعلیمی کلاسوں کا سلسلہ جاری ہے جس کا سلسلہ اب مزید وسیع کیا جا رہا ہے، اور قرآن کریم اور دینیات کے علاوہ ’’اسلامک ہوم اسٹڈی کورس‘‘ کو بھی منظم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ خواتین کی دینی تعلیم اور طلبہ کے لیے کمپیوٹر کلاسوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ مدنی مسجد میں مسلمانوں کی سوشل معاملات میں مشاورت و معاونت کا انتظام موجود ہے، اور دعوت و تبلیغ کا فریضہ سر انجام دینے والی مختلف تنظیموں کی سرگرمیاں بھی مسجد میں جاری رہتی ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ جامعہ اسلامیہ نوٹنگھم جیسے عظیم تعلیمی ادارہ کا آغاز مدنی مسجد سے ہوا اور شہر کے مختلف حصوں میں علاقائی دینی مراکز نے بھی مدنی مسجد کی نگرانی میں دینی، تعلیمی اور سماجی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔
اسلامی تعلیمی کانفرنس کے اختتام پر شیخ الحدیث مولانا فضل رحیم نے دعا کرائی اور ان کی دعا کے ساتھ کانفرنس بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوئی۔

مرکزی جامع مسجد گلاسگو میں جلسہ

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ اسلامیات کے سربراہ ڈاکٹر محمد طفیل ہاشمی نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے لوگوں تک اسلام کی دعوت پہنچانا ہماری دینی ذمہ داری ہے اور اگر ہم لوگوں کو اسلامی تعلیمات و احکام سے صحیح طور پر آگاہ کرنے کا اہتمام کر سکیں تو غیر مسلموں کی ایک بڑی تعداد اسلام قبول کرنے پر آمادہ ہو جائے گی۔ 
۱۳ ستمبر ۹۵ء کو مرکزی جامع مسجد گلاسگو میں ایک دینی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے علماء پر زور دیا کہ وہ قرآن کریم کی ہدایت اور اسلوب کے مطابق عیسائیوں کے ساتھ گفت و شنید کا سلسلہ شروع کریں اور انہیں اس حقیقت سے آگاہ کریں کہ اسلام کوئی نیا مذہب نہیں ہے بلکہ سابقہ آسمانی مذاہب کا تسلسل ہے اور تورات و انجیل ہی کی تعلیمات کی تصدیق اور تکمیل کرتا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ اہلِ کتاب کے ساتھ گفتگو کا قرآنی اسلوب یہ ہے کہ انہیں آسمانی مذاہب کی مشترکہ باتوں پر گفت و شنید کی دعوت دی جائے اور اس ذریعے سے انہیں اسلام کی حقانیت و صداقت کی طرف لایا جائے۔ 
انہوں نے کہا کہ قرآن کریم ہر دور کے ذہنی اور عقلی معیار کے مطابق انسانوں کی راہ نمائی کرتا ہے اور آج کی مشکلات و مسائل کا حل بھی صرف قرآن کریم کے پاس ہے۔ 
ورلڈ اسلامک فورم کے چیئرمین مولانا زاہد الراشدی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل اگر ہماری غفلت اور بے توجہی کے باعث اپنے دین سے بے گانہ ہو گئی تو اس کی ذمہ داری ہم پر ہو گی، اس لیے ہمیں چاہئے کہ ہم اپنے دین اور کلچر کے ساتھ نئی نسل کا رشتہ قائم رکھنے کے لیے سنجیدگی کے ساتھ منصوبہ بندی کریں۔ 
انہوں نے کہا کہ دینی تعلیم اور قرآن و سنت کے ساتھ نئی پود کا کسی نہ کسی انداز سے تعلق قائم رکھنا ضروری ہے ورنہ مغربی کلچر میں ضم ہو جانے والی نسل کو مسلمان رکھنا مشکل ہو جائے گا۔ 
جامعہ خیر المدارس ملتان کے سربراہ مولانا محمد حنیف جالندھری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام جس طرح اپنے ابتدائی دور میں جاہلی معاشرہ کے لیے اجنبی تھا، آج پھر اجنبی ہو گیا ہے، اور اسلامی تعلیمات و احکام کو قبول کرنا آج کی مادہ پرست ذہنیت کے لیے مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ قرآن و سنت کی تعلیمات و احکام کو عام کرنا اور صحابہ کرامؓ جیسے یقین و ایمان کو زندہ کرنا آج کے دور کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ تحریک نفاذ اسلام پاکستان کے امیر مولانا مفتی مقبول احمد نے اجتماع کی صدارت کی جبکہ جناب صابر علی نے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سر انجام دیے۔

جمعیت علماء برطانیہ کی توحید و سنت کانفرنس

جمعیت علمائے برطانیہ کی سالانہ توحید و سنت کانفرنس ۱۷ ستمبر ۹۵ء کو مرکزی جامع مسجد برمنگھم میں امیر جمعیت ڈاکٹر اختر الزمان غوری کی زیر صدارت منعقد ہوئی جس میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ عربی و اسلامیات کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد طفیل ہاشمی مہمان خصوصی تھے۔ جبکہ مہمان خصوصی کے علاوہ ورلڈ اسلامک فورم کے چیئرمین مولانا زاہد الراشدی، مولانا محمد عمران خان جهانگیری، مولانا محمد قاسم، مولانا قاری تصور الحق، مولانا سید سلیم شاہ، مولانا طارق عزیز اور دیگر زعماء نے کانفرنس سے خطاب کیا۔ کانفرنس کی قراردادوں میں عالم اسلام کے اتحاد اور مغرب کے چیلنج کا جرأت کے ساتھ مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

مولانا زاہد الراشدی کی گوجرانوالہ واپسی

ورلڈ اسلامک فورم کے چیئرمین مولانا زاہد الراشدی برطانیہ میں ساڑھے تین ماہ کے قیام کے بعد ۲۱ ستمبر کو گوجرانوالہ واپس پہنچ گئے ہیں۔

تعارف و تبصرہ

مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

تحریک ختم نبوت ۱۹۵۳ء سے ۱۹۷۴ء تک

مولانا اللہ وسایا عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے سرگرم راہنماؤں میں سے ہیں جن کی تگ و تاز کا دائرہ تبلیغی، انتظامی، تحریکی اور تربیتی شعبوں کے ساتھ ساتھ تصنیفی میدان میں بھی دن بدن وسیع ہوتا جا رہا ہے، اور وہ خداداد ذوق اور صلاحیتوں کو عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کی جدوجہد میں پوری طرح بروئے کار لا رہے ہیں۔ 
مولانا موصوف نے تحریک ختم نبوت کے تاریخی ریکارڈ کو کتابی شکل میں محفوظ کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور اس سلسلہ میں خاصی پیش رفت کر چکے ہیں جس کا اظہار زیرنظر ضخیم مجلدات سے ہوتا ہے۔

(۱) تحریک ختم نبوت ۱۹۵۳ء

یہ نو سو سے زائد صفحات پر مشتمل ضخیم کتاب ہے جس میں ۱۹۳۴ء میں قادیان میں مجلس احرار اسلام کی ’’احرار تبلیغ کانفرنس‘‘ سے ۱۹۵۳ء تک کے اہم واقعات کا تذکرہ کرنے کے بعد ۱۹۵۳ء کی تحریک ختم نبوت کے بارے میں خاصا مواد جمع کر دیا گیا ہے۔ اور تحریک ختم نبوت کے دوران ہونے والے مبینہ فسادات کی تحقیقات کے لیے جسٹس محمد منیر کی سربراہی میں قائم عدالتی کمیشن کی کارروائی کے اہم حصے بھی شامل کیے گئے ہیں۔

(۲) تحریک ختم نبوت ۱۹۷۴ء (حصہ اول)

بارہ سو سے زائد صفحات پر مشتمل اس ضخیم جلد میں ۵۳ء سے ۷۴ء تک تحریک ختم نبوت کے اہم واقعات، ۲۹ مئی ۷۴ء کو ربوہ ریلوے اسٹیشن پر مسلم طلبہ پر قادیانیوں کے مسلح حملہ اور اس کے ردعمل میں ملک بھر میں ابھرنے والی تحریک ختم نبوت کے حالات، اور جسٹس صمدانی کی سربراہی میں قائم عدالتی تحقیقاتی کمیشن کی کارروائی کو شامل کیا گیا ہے۔

(۳) تحریک ختم نبوت ۱۹۷۴ء (حصہ دوم)

ساڑھے چار سو صفحات کی اس جلد میں قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دینے کے سلسلے میں قومی اسمبلی کی تیرہ روزہ کارروائی کی تفصیل اور مرزا ناصر احمد پر ہونے والی جرح کے علاوہ مجلس تحفظ ختم نبوت کی مجلسی کارروائیوں کی رپورٹیں شامل ہیں۔ جبکہ قومی اسمبلی کی تیرہ روزہ کارروائی ایک الگ جلد کے طور پر بھی شائع کی گئی ہے۔

(۴) تحریک ختم نبوت ۱۹۷۴ء (حصہ سوم)

ساڑھے نو سو صفحات پر مشتمل یہ جلد تحریک ختم نبوت کی عوامی سرگرمیوں کی رپورٹوں، اخبارات کے اداریوں، تبصروں، اشتہارات اور مجالس کی کارروائیوں پر مشتمل ہے۔
تحریک ختم نبوت کے بارے میں تاریخی ریکارڈ کو اس طرح مرتب صورت میں سامنے لانے پر مولانا اللہ وسایا بجا طور پر تبریک کے مستحق ہیں کیونکہ یہ وقت کی ایک اہم ضرورت تھی اور اس کاوش سے مستقبل میں تحریک ختم نبوت پر کام کرنے والے محققین اور طلبہ کے لیے آسانی پیدا ہو گی۔ ان مجلدات کی قیمت بالترتیب دو سو روپے، دو سو روپے، ایک سو پچاس روپے، اور دو سو روپے ہے، اور انہیں دفتر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت حضوری باغ روڈ ملتان سے طلب کیا جا سکتا ہے۔

امام اعظم ابو حنیفہؒ علامہ شعرانیؒ کے علم و فضل کے آئینہ میں

امام اعظم امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ تعالیٰ کو ان کی علمی و فقہی خدمات پر امت کے ہر طبقہ اور مکتبِ فکر کے علماء اور دانش وروں نے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ان میں دسویں صدی ہجری کے معروف شافعی بزرگ امام عبد الوہاب شعرانیؒ بھی ہیں جنہوں نے اپنی تصنیف ’’المیزان الکبریٰ‘‘ میں جا بجا امام اعظمؒ کا تذکرہ کر کے ان کی دینی و فقہی مساعی کو سراہا ہے۔ ماہنامہ الہلال مانچسٹر کے مدیر اور ہمارے فاضل دوست مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی نے امام اعظمؒ کے بارے میں امام شعرانیؒ کے ان ارشادات کو خوبصورتی کے ساتھ جمع کر کے ان کا اردو ترجمہ کر دیا ہے جو ان کی قابلِ داد کاوش ہے۔ 
ایک سو کے لگ بھگ صفحات پر مشتمل اس کتابچہ کی قیمت ایک پونڈ ہے اور اسے اسلامک اکیڈمی مانچسٹر سے طلب کیا جا سکتا ہے جس کا مکمل ایڈریس یہ ہے۔
19 CHORLTON TERRECE MANCHESTER 13 (U-K)
ISLAMIC ACADEMY

رویتِ ہلال علم فلکیات کی روشنی میں

برطانیہ میں رویتِ ہلال کا مسئلہ خاصے عرصہ سے علماء کے حلقوں میں موضوع بحث ہے اور ہر سال رمضان المبارک اور عیدین کے موقع پر یہ بحث ازسرنو تازہ ہو جاتی ہے۔ اس سلسلہ میں علمائے کرام کی ایک جماعت کی رائے یہ ہے کہ رؤیتِ ہلال کے لیے سعودی عرب یا کسی دوسرے ملک کی پیروی کرنے کی بجائے علمِ فلکیات کے مسلّمات کا بھی لحاظ رکھا جائے اور برطانیہ کے لیے ثبوتِ ہلال کا مستقل نظام کار وضع کیا جائے۔ 
ہمارے فاضل دوست مولانا ثمیر الدین قاسمی فاضل دیوبند نے زیر نظر رسالہ میں علمائے کرام کی اس جماعت کے موقف کی وضاحت کرنے کے ساتھ ساتھ رویتِ ہلال کے فنی پہلوؤں پر بحث کی ہے اور اس سلسلہ میں مختلف اصحابِ علم کے ساتھ ہونے والی خط و کتابت کی تفصیل بھی پیش کی ہے۔ 
نفسِ مسئلہ پر اظہارِ رائے سے قطع نظر ہمارے نزدیک علمی اور فنی طور پر یہ کاوش قابلِ قدر ہے کیونکہ اس قسم کے علمی مباحث سے گزر کر علماء و فقہاء اس نوعیت کے اجتہادی مسائل میں اعتماد کے ساتھ کوئی رائے قائم کر سکتے ہیں۔ یہ رسالہ مندرجہ ذیل پتہ سے طلب کیا جا سکتا ہے: مدرسہ تعلیم الاسلام۔

طلاقِ ثلاث اور حافظ ابن القیمؒ

از: مولانا عتیق الرحمٰن سنبھلی
صفحات: ۱۰۶
کتابت و طباعت معیاری
ناشر: الفرقان بک ڈیو، نظیر آباد، لکھنو، انڈیا
قیمت: ۳۵ روپے
ایک مجلس میں اکٹھی تین طلاقیں دیے جانے پر ان کے شرعی حکم کا مسئلہ اہلِ علم میں ایک عرصہ سے موضوع بحث چلا آ رہا ہے:
  • ایک طرف جمہور علمائے امت ہیں جن کا موقف یہ ہے کہ ایک مجلس میں اکٹھی تین طلاقیں دینا مسنون طریقہ نہیں ہے، لیکن اگر کسی نے ایسا کیا ہے تو طلاقیں تین ہی واقع ہوں گی۔ 
  • دوسری طرف شیخ الاسلام حافظ ابن تیمیهؒ ہیں جو یہ فرماتے ہیں کہ ایک مجلس میں تین طلاقیں دینے کی صورت میں صرف ایک طلاق واقع ہوگی اور خاوند کو رجوع کا حق حاصل ہو گا۔
حافظ ابن تیمیہ رحمتہ اللہ علیہ نے اپنے اس تفرد کو تبحر علمی اور زور استدلال کے ساتھ منوانے کی کوشش کی تو انہیں اس دور کے دیگر اہلِ علم کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ چنانچہ ان کے لائق و فاضل شاگرد حافظ ابن القیم رحمتہ اللہ علیہ اپنے استاد کے دفاع کے لیے میدان میں آئے اور اپنی متعدد تصنیفات میں اس پر زور بیان صَرف کیا، لیکن چونکہ اصل داعیہ اپنے قابلِ فخر استاد کا دفاع اور ان کی حمایت میں طبعی طور پر پیدا ہو جانے کی حمیت تھی، اس لیے حافظ ابن قیم رحمتہ اللہ علیہ اس بحث میں وہ اسلوب اور معیار قائم نہ رکھ سکے جو ان کے علم و مقام و مرتبہ کے شایان شان تھا اور جس کی اہلِ علم کو کسی بھی علمی موضوع پر ان سے توقع ہوتی ہے۔ 
کچھ عرصہ قبل بھارت میں عدالتِ عظمیٰ کے ایک فیصلے کے حوالہ سے وہاں کے علمی حلقوں میں طلاقِ ثلاثہ کا مسئلہ پھر سے عمومی بحث و تمحیص کا موضوع بن گیا ہے اور اس کی صدائے باز گشت لندن کے بعض اخبارات میں بھی سنائی دی تو ہمارے فاضل اور محترم بزرگ حضرت مولانا عتیق الرحمٰن سنبھلی نے اس پر قلم اٹھایا اور تین طلاقوں کے ایک واقع ہونے کے موقف کے سب سے بڑے وکیل حافظ ابن قیم رحمتہ اللہ علیہ کے دلائل اور طرز استدلال کا جائزہ لیتے ہوئے زیر نظر کتابچہ میں اس فرق کو واضح کیا جو علمی مسائل میں حافظ ابن القیم رحمتہ اللہ علیہ کے مخصوص علمی و تحقیقی اسلوب اور زیر بحث موضوع کے حوالے سے ان کے طرز استدلال میں اہلِ نظر کو محسوس ہو رہا ہے۔ زبان لکھنؤ کی اور قلم مولانا عتیق الرحمٰن سنبھلی کا۔ اس کے بعد اس کتابچہ کے بارے میں اور کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے، بس 
؏ دیکھنے کی چیز ہے اسے بار بار دیکھ
کتابچہ لکھنؤ کے علاوہ لندن میں مندرجہ ذیل مقام سے بھی حاصل کیا جا سکتا ہے:
FURQAN PUBLICATIONS
90-B HANLEY ROAD LONDON N4 3DW (U-K)


قافلۂ معاد

مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

— حضرت مولانا اجمل خان لاہور کی والدہ محترمہ

— مولانا حافظ گلزار احمد آزاد گوجرانوالہ کی والدہ محترمہ
— مولانا قاری عبد الحکیم قاسمی گوجرانوالہ کی والدہ محترمہ
— مولانا محمد اقبال نعمانی علی پوری چٹھہ کے والد محترم
— حضرت مولانا سید نفیس شاہ صاحب مدظلہ کے والد محترم
— محترم ڈاکٹر معراج الدین گوجرانوالہ 
— اور محترم بابو عبد الحئی فداء، تھب ضلع باغ آزاد کشمیر
کا گزشتہ دنوں انتقال ہو گیا ہے۔ 
— جبکہ حضرت مولانا صاحبزادہ عبد الرحیم نقشبندی چکوال کے برادر خورد مولانا صاحبزادہ عبد الرؤف نقشبندی کشمیر کے محاذ پر مجاہدین کے ہمراہ جہاد میں حصہ لیتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔
انا للہ و انا الیہ راجعون۔ اللہ مرحومین کو جوارِ رحمت میں جگہ دیں اور پسماندگان کو صبرِ جمیل کی توفیق سے نوازیں، آمین یا الٰہ العالمین۔

تبخیر معده

حکیم عبد الرشید شاہد

بھوک نہ لگنا، گھبراہٹ ہوتا، سانس پھولنا، یعنی معدہ کی خرابی کو تبخیرِ معدہ کہتے ہیں۔ اس سے جسمانی کمزوری کے علاوہ نشوونما رک جاتی ہے۔ تبخیرِ معدہ کو اس دور کا عام مرض کہنا چاہئے کیونکہ یہ حقیقت میں کوئی خاص مرض نہیں ہے بلکہ پرخوری، بدپرہیزی، خوش خوراکی، بسیار خوری کی ایک علامت ہے۔
ہمارے ہاں عام طور پر یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ گھی و دیگر مرغن غذا سے جسم کو توانائی ملتی ہے اور جسم فربہ ہوتا ہے۔ پھر ہمارے لیے مرغن غذا کا حصول کوئی مشکل کام نہیں۔ ایسی ہی زیادتی، خوش خوراکی، بسیار خوری کی وجہ سے لوگ تبخیرِ معدہ میں مبتلا ہیں۔ اگر مزید احتیاط نہ کریں اور سارا دن بیٹھ کر (یعنی ورزش نہ کرنا) گزار دیں تو یہ واقعی ایک مرض کی شکل اختیار کر جائے گی۔ کیونکہ پھر ایسا رہنے سے جگر کا فعل سست ہو جائے گا جس سے بھوک کم، چہرے کی رنگت زرد، جگر کے مقام پر قدرے درد و سختی، کھٹے ڈکار علاوہ متعدد قسم کے امراض جنم لے لیتے ہیں۔ 
بسیار خوری کی وجہ سے بعض لوگوں کے معدہ کو اپنی طاقت سے زیادہ کام کرنا پڑتا ہے تو بہت سا حصہ غذا بغیر ہضم ہو کے نیچے چھوٹی آنتوں میں چلا جاتا ہے لیکن اکثر معدہ میں بھی رہ جاتا ہے، جس سے تعفن پیدا ہو گا تو معدہ کے اعصاب متاثر ہونے کی وجہ سے دماغ بھی متاثر ہو گا جس سے پرانے مریض یہ محسوس کرتے ہیں کہ گیس دماغ کو چڑھتی ہے۔ یہ سنے سنائے ریڈی میڈ جملے ہیں حالانکہ معدہ اور دماغ کے درمیان کوئی راستہ نہیں ہوتا۔ اس کے علاوہ پریشانی، زیادہ جذبات انگیزی کو بھی امراض معدہ میں بڑا دخل ہے۔ 
یہ تو تمام اطبا کا متفقہ فیصلہ ہے کہ السر معدہ کا جہاں چکنائی دار غذا سے تعلق ہے تو وہاں زیادہ حساسیت و پریشانی سوچ و بچار کا بھی بہت زیادہ تعلق ہے۔ مثلاً جو لوگ پریشانی کی حالت میں زیادہ سے زیادہ جلدی کی صورت میں جلدی جلدی بغیر چبائے اور ضرورت سے زیادہ کھائے چلے جاتے ہیں، ان کو اس غذا سے بجائے فائدہ کے الٹا نقصان ہوتا ہے۔ 
تمام نشہ آور اشیاء شراب، چرس، بھنگ، افیم، تمباکو نوشی، زیادہ تیز چائے وغیرہ بھی بدہضمی اور تبخیر کے بواعث میں شامل ہیں۔ ان چیزوں کے استعمال سے اعصاب میں تحریک پیدا ہوتی ہے اور پٹھوں کو ضرورت سے زیادہ کام کرنا پڑتا ہے اور وقتی طور پر دماغ کو سکون ضرور ملتا ہے مگر بعد ازاں اعصاب کمزور ہو جاتے ہیں۔ کھانا کھانے کے بعد ورزش، دماغی کام کرنا بھی نقصان دہ ہے کیونکہ کھانا کھانے کے بعد تمام دوران خون غذا معدہ کی طرف راغب ہوتا ہے، اس صورت میں بھی دماغی کام کرنا مضر ہے۔ 

علاج 

کھانا وقت پر کھائیں، زیادہ اور بلا وجہ محض خواہش پر نہ کھائیں۔ ویسے بھی قرآن مجید میں آتا ہے ’’کھاؤ پیو مگر اسراف نہ کرو‘‘۔ اس لیے جب تک سچی بھوک نہ لگے، کھانا نہ کھایا جائے۔ کھانا لذت یابی کی بنا پر زیادہ نہیں بلکہ کم کھائیں۔ خصوصا" رات کا کھانا بہت تھوڑا کھائیں، وہ بھی سونے سے دو تین گھنٹے پہلے۔ صبح کی سیر اور ہلکی ورزش کو معمول بنائیں کیونکہ ایک مقولہ ہے کہ ورزش کے لیے وقت نکالیں ورنہ بیماری کے لیے وقت نکالنا پڑے گا۔ تفکرات کو ذہن سے کم کر دیں۔ ہمیشہ صابر و شاکر اور خوش و خرم زندگی گزاریں۔ کوشش کریں اگر تبخیر معدہ درینہ ہو تو بطور دوا کے جوارش کمونی پانچ پانچ ماشہ صبح و شام کھانا کھانے کے فوری بعد اور ساتھ ساتھ ایک ایک گولی حب کبد نوشادری استعمال کریں۔ اس کے علاوہ سفوف ہاضم بھی نہایت مفید ہے۔

ہو الشافی 

کالی مرچ، مگھاں، پھول گلاب، ہلیلہ سیاہ، اجوائن دیسی، نوشادر، سونف، سنڈھ، رائی، ہر ایک چھ چھ ماشہ، ست پودینہ ا ماشہ، باریک کر کے ٹھنڈی جگہ ڈھکنے والی شیشی میں رکھیں۔ ایک ماشہ کھانے کے فورً‌ا بعد ہمراہ عرق سونف یا تازہ پانی استعمال کریں۔ سردیوں میں اگر چائے پینے کے عادی ہوں تو ایک کپ چائے، چینی کی جگہ حسبِ ضرورت شہد خالص ڈال کر پی لیا کریں۔ ان شاء اللہ دنوں میں نمایاں فرق ملاحظہ فرمائیں گے۔

پرہیز 

گھی والی روٹی، حلوہ پوری، پکوڑے، سموسے، مٹھائیاں، ثقیل اشیاء، آلو، شکر قندی، چاول و دیگر زیادہ چکنائی، بڑا گوشت اور نشہ آور اشیاء سے پرہیز کریں۔ 
نوٹ : جوابی لفافہ سے مشورہ کریں۔ کسی بھی مرض کے مشورہ کے لیے پوسٹ بکس نمبر ۳۳۱ پر خط لکھیں۔

حضرت عمر فاروقؓ کا خط حضرت عمرو بن عاصؓ کے نام

ادارہ

بسم الله الرحمٰن الرحیم
اللہ کے بندے عمرؓ کی طرف سے فسطاط اور اس کے نواحی کے حاکم حضرت عمرو بن عاصؓ کے نام۔
سلام علیک و رحمتہ اللہ وبرکاتہ۔
 میں اس معبود کا سپاس گزار ہوں جس کے سوا کوئی عبادت کا مستحق نہیں۔ اور اس کے نبی محمدؐ پر درود بھیجتا ہوں۔ تم پر اور تمہارے ساتھی مہاجر و انصار پر خدا کی رحمت، سلامتی اور برکت ہو۔ 
تمہارا خط پڑھا، حالات معلوم ہوئے، میرا خط موصول کر کے خدا سے مدد مانگو اور رسالے تیار کرو اور ہر مفتوحہ شہر میں ایک حاکم بھیجو تاکہ شریعت کی پابندی کرائے اور قانونِ اسلام کی تعلیم دے۔ پھر دس ہزار صحابہؓ کی ایک فوج مرتب کرو جس کے سپہ سالار حضرت خالد بن ولیدؓ ہوں، ان کے ساتھ حضرت زبیر بن عوامؓ، حضرت فضل بن عباسؓ، حضرت مقداد بن اسودؓ، حضرت خانم بن حیاضؓ، حضرت مالک بن اشترؓ، دوسرے افسروں اور پرچم داروں کو روانہ کرو۔ یہ لوگ شہر شہر گشت کریں گے اور وہاں کے لوگوں کو اسلام کی دعوت دیں۔ اور جو لوگ اسلام قبول کر لیں ان کو وہی منافع اور حقوق حاصل ہوں گے جو ہمیں ہیں، اور ان پر وہی ذمہ داریاں عائد ہوں گی جو ہم پر ہیں۔ جو لوگ اسلام لانے سے. انکار کریں ان سے جزیہ وصول کیا جائے، اور اگر وہ جزیہ دینے سے انکار کریں تو ان سے جنگ کی جائے۔ 
مسلمان غازیوں کو تاکید کرو کہ جب کسی شہر کا محاصرہ کریں تو اس کے آس پاس کے دیہاتوں ……  مجھے معلوم ہوا ہے کہ مصر میں دو شہر ہیں: ایک اہنساس، بابلیون کے قریب، اور دوسرا زیادہ مستحکم بہنسا۔ مجھے معلوم ہوا ہے کہ بہنسا میں بطلیوس نامی ایک بڑا سفاک و ظالم بزنطی جنرل (بطریق) ہے۔ یہ ابو احات کا حاکم ہے اور مصر کا سب سے بڑا فوجی افسر۔ جب تک یہ دونوں شہر فتح ہو جائیں، تمہاری فوج صعید (بالائی مصر) کا رخ نہ کرے۔ 
ظاہر و باطن میں تم اور تمہارے ساتھی خدا سے ڈرتے رہیں۔ مظلوم کے ساتھ انصاف اور ظالم سے اس کا حق دلواؤ۔ نیکی اور راستبازی کی تلقین کرو۔ برائی اور کج روی سے روکو۔ اور کمزور کا حق طاقت ور سے دلواؤ۔ احکامِ خداوندی کی انجام دہی میں اگر کوئی تمہیں ملامت کرے تو اس کی پروا نہ کرو۔ تم خود فسطاط میں رہو اور فوجیں روانہ کر دو۔ اگر کمک کی ضرورت پڑے تو مجھے مطلع کرو۔ اور گو کہ حقیقی مدد وہی ہے جو خدا کی طرف سے ہو تاہم میں کمک تمہارے پاس بھیجوں گا۔ خدا سے دعا ہے کہ تمہاری مدد فرمائے اور تمہیں کامیابی عطا کرے۔ والحمد للہ رب العالمین۔ 
(بحوالہ فتوح الشام ج ۲ ص ۱۳۱)

نومبر ۱۹۹۵ء

اقوامِ متحدہ اور عالمِ اسلاممولانا ابوعمار زاہد الراشدی 
ورلڈ میڈیا، ملتِ اسلامیہ کے خلاف عالمی استعمار کا سب سے بڑا مورچہمولانا محمد عیسٰی منصوری 
حضرت شیخ الحدیث دامت برکاتہم کا دورہ جنوبی افریقہمفتی محمد جمیل خان 
قافلۂ معادمولانا ابوعمار زاہد الراشدی 
عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کی توجہ کے لیےادارہ 
مسلمان طالبہ کا حجاب: فرانس کی ایک سول کورٹ کا تاریخی فیصلہادارہ 

اقوامِ متحدہ اور عالمِ اسلام

مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

(۲۳ اکتوبر ۱۹۹۵ء کو فلیٹیز ہوٹل لاہور میں تحریک احیائے امت کے زیراہتمام ’’مسلم امہ اور اقوام متحدہ کا دوہرا معیار‘‘ کے عنوان پر سیمینار منعقد ہوا جس کی صدارت امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر قاضی حسین احمد نے کی۔ جبکہ ریٹائرڈ جنرل حمید گل، سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس نسیم حسن شاہ، صاحبزادہ پیر سید امین الحسنات، پیر اعجاز احمد ہاشمی اور دیگر دانشوروں کے علاوہ تحریک احیائے امت کے کنوینر صاحبزادہ سید خورشید احمد گیلانی اور ورلڈ اسلامک فورم کے چیئرمین مولانا زاہد الراشدی نے بھی خطاب کیا۔ مولانا راشدی کے خطاب کا متن درج ذیل ہے۔ ادارہ الشریعہ)


۲۴ اکتوبر ۱۹۹۵ء کو اقوام متحدہ کا پچاسواں یومِ تاسیس منایا جا رہا ہے اور اس موقع پر عالمی سطح پر اقوامِ متحدہ کی پچاس سالہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اقوامِ متحدہ سے قبل بھی عالمی سطح پر اقوام کی ایک مشترکہ تنظیم ’’انجمنِ اقوام‘‘ کے نام سے موجود تھی جس کا مقصد مختلف ملکوں کے درمیان محاذ آرائی اور مسلح تصادم کے امکانات کو روکنا اور بین الاقوامی طور پر رواداری اور مفاہمت کی فضا کو فروغ دینا تھا۔ لیکن انجمن اقوام اس مقصد میں کامیاب نہ ہو سکی اور دوسری جنگ عظیم کی تباہ کاریوں کے بعد ’’اقوام متحدہ‘‘ کے نام سے ایک نئی عالمی تنظیم کا قیام عمل میں لایا گیا جو گزشتہ نصف صدی سے اقوام عالم کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون و مفاہمت کو فروغ دینے کے لیے اپنے پروگرام اور ترجیحات کے مطابق مصروفِ عمل ہے۔

اقوام متحدہ نے اپنے قیام کے بعد نصف صدی کے دوران جو خدمات سرانجام دی ہیں ان پر اس وقت پوری دنیا میں بحث و تمحیص کا سلسلہ جاری ہے، لیکن برادر مسلم ملک ملائیشیا کے وزیراعظم جناب مہاتیر محمد نے گزشتہ دنوں عالم اسلام کے بارے میں اقوام متحدہ کے طرزعمل کو ہدف تنقید بناتے ہوئے اس کی پچاس سالہ تقریبات کے بائیکاٹ کی بات کر کے اقوام متحدہ کی کارکردگی کے حوالہ سے بحث و مباحثہ کو ایک نیا رخ دے دیا ہے اور مسلم امہ کے ساتھ اقوام متحدہ کے تعلقات اور طرزعمل کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کا وسیع سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

عالم اسلام کے ساتھ اقوام متحدہ کے طرزعمل کا جائزہ لینے کے لیے ہمیں گزشتہ نصف صدی کے دوران عالم اسلام کی داخلی صورتحال پر ایک نظر ڈالنا ہوگی اور ان توقعات کو پیش نظر رکھنا ہوگا جو معروضی حالات میں ملتِ اسلامیہ کو اقوام متحدہ سے فطری طور پر ہونی چاہیے تھیں۔ اقوام متحدہ جس وقت تشکیل و تنظیم کے مراحل طے کر رہی تھی اور انسانی حقوق کی سربلندی اور عالمی سطح پر انصاف اور رواداری کے فروغ کو اپنی منزل قرار دے کر سفر کا آغاز کر رہی تھی اس وقت عالم اسلام کے بہت سے ممالک استعماری قوتوں کی غلامی سے تازہ تازہ آزاد ہوئے تھے اور بعض مسلم ممالک ابھی آزادی کے لیے جانگسل جدوجہد کے مراحل سے گزر رہے تھے۔ جبکہ گزشتہ نصف صدی کے دوران عالم اسلام کے بیشتر ممالک آزاد ہو کر اپنی خودمختار حکومتیں قائم کر چکے ہیں مگر بہت سے ایسے علاقے بھی موجود ہیں جہاں مسلم اقوام آزادی اور خودمختاری کے لیے ابھی تک جدوجہد میں مصروف ہیں۔ اس دوران مسلم اقوام و ممالک کی سب سے بڑی ضرورت یہ تھی کہ وہ سیاسی، معاشی اور فوجی طور پر استحکام حاصل کریں، نوآبادیاتی دور کے غلامی کے اثرات سے نجات پائیں اور اقتصادی خودکفالت کے ساتھ ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوں۔ جبکہ مسلم ممالک کو عرصہ دراز تک اپنی غلامی میں رکھنے والے ممالک، عالم اسلام میں اپنے اثرات کو قائم رکھنے اور مسلم ممالک کو سیاسی خودمختاری اور اقتصادی خودکفالت کی منزل سے روکنے کے لیے مسلسل مصروفِ کار چلے آ رہے ہیں، حتیٰ کہ مختلف مسلم علاقوں پر نوآبادیاتی تسلط قائم رکھنے والے استعماری ممالک برطانیہ، فرانس، ہالینڈ، پرتگال (اور اب روس بھی) اس مقصد کے لیے امریکہ کی زیرقیادت متحدہ محاذ قائم کر چکے ہیں کہ عالم اسلام ان کے دائرہ اثر سے نکلنے نہ پائے اور مسلم ممالک بدستور ان کی ریموٹ کنٹرول نوآبادیات بنے رہیں۔

اس حوالہ سے انسانی حقوق، انصاف اور مساوات کی علمبردار اقوام متحدہ سے بجاطور پر یہ توقع ہونی چاہیے تھی کہ وہ بیرونی تسلط قائم رکھنے اور اس سے آزادی حاصل کرنے کی اس کشمکش میں آزادی اور خودمختاری کی جدوجہد کرنے والی اقوام کا ساتھ دیتی۔ لیکن گزشتہ نصف صدی کا ریکارڈ گواہ ہے کہ اقوام متحدہ انصاف اور انسانی حقوق کی ان توقعات کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے، بلکہ موجودہ عالمی تناظر یہ ہے کہ مغربی ممالک اور عالم اسلام کے درمیان تسلط قائم رکھنے اور اس سے نجات حاصل کرنے کی یہ کشمکش واضح محاذ آرائی کی صورت اختیار کر چکی ہے جس میں مغربی ممالک کے اہداف و مقاصد متعین طور پر سامنے ہیں کہ:

یہ ساری تگ و دو عالم اسلام کو مغرب کا دست نگر بنائے رکھنے اور مسلم ممالک پر مغرب کے سیاسی و اقتصادی تسلط کو دوام دینے کے لیے ہے۔ اور اس کشمکش کے حوالہ سے اقوام متحدہ کے کردار کا حقیقت پسندانہ تجزیہ کیا جائے تو انسانی حقوق، اقوام عالم کے درمیان مساوات، آزادی اور عالمی سطح پر انصاف کے تمام تر دعوؤں کے باوجود اس کشمکش میں اقوام متحدہ مغربی استعمار کی مکمل طور پر حلیف بلکہ آلہ کار نظر آتی ہے۔ اس سے ہٹ کر گزشتہ نصف صدی کے دوران عالم اسلام کو درپیش واقعاتی مسائل و مشکلات کے حوالہ سے بھی اقوام متحدہ کی کارکردگی پر ایک نظر ڈال لی جائے:

اور آخر میں اس نظریاتی اور فکری جنگ کا ذکر بھی نامناسب نہ ہوگا جو اقوام متحدہ کے نام پر بلکہ اس کے ذریعے اسلامی عقائد و نظریات کے خلاف لڑی جا رہی ہے اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر کو بنیاد بنا کر نہ صرف اسلام کے عقائد و احکام کو ہدف تنقید بنایا جا رہا ہے بلکہ مسلمانوں کے معاشرتی و خاندانی نظام کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ اس عنوان سے مغربی لابیاں اور عالمی میڈیا اسلام اور مسلمانوں کے خلاف جو مسلسل مہم جاری رکھے ہوئے ہے اس کا نقشہ کچھ یوں ہے:

اور اس طرح عالم اسلام کے خلاف مغربی استعمار کی اعتقادی، فکری اور تہذیبی جنگ میں بھی اقوام متحدہ مغرب کی حلیف اور آلہ کار کا کردار ادا کر رہی ہے۔ ان حالات میں ملائیشیا کے وزیراعظم جناب مہاتیر محمد کی طرف سے اقوام متحدہ کی پچاس سالہ تقریبات کا بطور احتجاج بائیکاٹ کرنے کے نعرۂ مستانہ کا جائزہ لیا جائے تو وہ عالم اسلام کے بارے میں اقوام متحدہ کے پچاس سالہ طرزعمل کا فطری ردعمل اور ملتِ اسلامیہ کے دلی جذبات کا عکاس نظر آتا ہے۔ مگر بدقسمتی یہ ہے کہ بیشتر مسلم ممالک کے دارالحکومتوں میں جو لوگ اقتدار کی مسند پر فائز ہیں ان کی اکثریت خود مغرب کی نمائندہ اور اس کے مفادات کی محافظ ہے، ان سے ملتِ اسلامیہ کے جذبات کا ساتھ دینے کی توقع کرنا خودفریبی کے مترادف ہوگا۔ البتہ عالم اسلام کی دینی تحریکات اور علمی حلقوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس صورتحال کا ادراک کریں اور عالم اسلام کے خلاف مغربی استعمار کی نظریاتی، سیاسی اور تہذیبی یلغار کے پس منظر میں اقوام متحدہ کے طرزعمل کا حقیقت پسندانہ تجزیہ کر کے عالمی رائے عامہ کو اس سے باخبر کرنے کا اہتمام کریں۔

ورلڈ میڈیا، ملتِ اسلامیہ کے خلاف عالمی استعمار کا سب سے بڑا مورچہ

مولانا محمد عیسٰی منصوری

ورلڈ اسلامک فورم کے زیر اہتمام ’’ورلڈ میڈیا اور عالم اسلام‘‘ کے موضوع پر ایک سیمینار ۱۴ اکتوبر ۹۵ء کو برنر کلب کمرشل روڈ ایسٹ لندن میں منعقد ہوا، جس کی صدارت معروف قانون دان بیرسٹر محمد یوسف اختر نے کی، جبکہ میڈیا کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور اہل دانش کی ایک بڑی تعداد سیمینار میں شریک ہوئی۔ ورلڈ اسلامک فورم کے سیکرٹری جنرل مولانا محمد عیسیٰ منصوری نے سیمینار سے مندرجہ ذیل خطاب کیا، سیمینار کی مفصل رپورٹ ’’الشریعہ‘‘ کے اگلے شمارے میں ملاحظہ فرمائیں۔ (ادارہ)

صدر محترم! 
مہمان خصوصی اور معزز سامعین! میں سب سے پہلے فورم کے میڈیا سیمینار میں آپ حضرات کی تشریف آوری پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے اپنی گوناگوں مصروفیات کے باوجود اپنا قیمتی وقت عنایت فرمایا۔
روس کی شکست و ریخت کے بعد مغرب سمجھ رہا ہے کہ اب دنیا میں مغرب کی بالادستی کی راہ میں واحد رکاوٹ اسلام ہے۔ اسے اس بات کا بھی خوف ہے کہ اگر دنیا کے کسی خطے میں اسلام اپنی صحیح ہیئت کے ساتھ نافذ ہو گیا تو کمیونزم کی طرح مغربی نظامِ حیات (ویسٹرن سولائزیشن) بھی ریت کی دیوار کی طرح ڈھے جائے گا۔ اس خوف سے مغرب دنیا کی اسلام دشمن طاقتوں کو ساتھ ملا کر اسلام کے مقابلہ پر صف آرا ہو گیا ہے۔ اس کے نزدیک اسلام پر کاری ضرب لگنے یا اسے ختم کرنے کا تاریخ میں ایسا سنہری موقع اس سے پہلے کبھی نہیں آیا۔ آج کے دور میں اسلام پر مغرب کا یہ حملہ ایک نئے رخ سے ہے جسے ہم میڈیا دار کہہ سکتے ہیں۔ 
درحقیقت آج کا دور میڈیا کا دور ہے۔ اس کی طاقت ایٹم بم سے کہیں زیادہ ہے۔ یہ میڈیا لاکھوں کروڑوں انسانوں کے ذہن و دماغ جس طرف چاہے موڑ دیتا ہے۔ غور کیا جائے تو محسوس ہو گا کہ مغرب محض مؤثر اور طاقتور میڈیا کے ذریعے ہمارے ذہنوں پر حکومت کر رہا ہے۔ وہ میڈیا کے ذریعہ ہماری سوچ کو متاثر کرتا ہے اور منصوبے کے تحت اسے خاص رخ پر ڈالتا ہے۔ یہ دور جسمانی غلامی کا نہیں، ذہنی غلامی کا ہے۔ ماضی میں جب ضعیف قوموں کو غلام بنایا جاتا تھا، تجارتی مقاصد کے لیے کمزور ملکوں کی نوآبادی اور کالونی بنایا جاتا تھا، اس وقت مغرب نے ایشیا و افریقی عوام کو غلام بنایا تھا۔ اس دور میں آپ کو کہیں انسانی حقوق کا ذکر نہیں ملے گا کیونکہ انسانی حقوق کا فلسفہ مغربی استعمار کے مفادات کی نفی کرتا تھا۔ جب مغرب کی استعماری قوتوں کو آزادی کی تحریکوں کے آگے ہتھیار ڈال کر غلام ممالک سے رخصت ہونا پڑا تو اس کے ساتھ ہی انہیں ڈیماکریسی و جمہوریت اور انسانی حقوق کا خیال آگیا، تاکہ اس راہ سے بھی کمزور اقوام کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا موقعہ مل سکے۔ 
اب مغرب نئی تیاریوں اور نئے ہتھیاروں سے مسلح ہو کر سامنے آیا ہے۔ وہ جسم کے بجائے انسانی ذہنوں کو غلام بنانا چاہتا ہے۔ ذہنی غلامی، جسمانی غلامی سے کہیں زیادہ بدتر اور خوفناک ہوتی ہے۔ اور اس دور میں ذہن و فکر کو غلام بنانے کا سب سے مؤثر ذریعہ میڈیا ہے۔ اس وقت کا سب سے اہم مسئلہ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف مغربی میڈیا کی یلغار کا ہے۔ ادھر چند سالوں سے ہماری کمزوری اور بے حسی اور غفلت کے سبب میڈیا کے راستے بھارت کی دیومالائی تہذیب بھی حملہ آور ہو گئی ہے۔ شرک و بت پرستی جس کے تصور سے بھی ایک مسلمان کو کانپ جانا چاہئے تھا۔ اللہ کے آخری پیغمبر کا ارشاد ہے:
’’اے ابوذر! شرک تیرے نزدیک زندہ جلائے جانے اور جسم کے ٹکڑے کر دیے جانے سے زیادہ اشد اور خوفناک چیز ہو۔‘‘
اب ریڈیو، فلموں، ٹی وی پروگراموں اور سیٹلائٹ کے ذریعہ ہماری نئی نسلوں کے ذہن سے شرک و بت پرستی کی شناخت اور نفرت کھرچ کھرچ کر ختم کی جا رہی ہے۔ یہی نہیں مرزائی، قادیانی اسلام کے لبادے میں نئی نبوت کی دعوت اور ارتداد کی مہم پر سرگرم عمل ہو چکے ہیں۔ ہمیں نہ صرف میڈیا کے اس بے رحم حملے کو روکنا ہے بلکہ میڈیا کا متبادل فراہم کرنا، یہ وقت کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ جس پر بحیثیت مسلمان کے ہمارے وجود و بقا کا دارومدار ہے۔ اگر اب بھی ہم نے غفلت برتی تو تاریخ اور آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔
معزز حضرات! 
اسلام کو ہر دور میں بڑے بڑے چیلنج کا سامنا رہا ہے مگر میں سمجھتا ہوں کہ اسلام پر چودہ سو سالہ دور میں اتنا نازک دور کبھی نہیں آیا۔ بلا شبہ تاتاریوں کا حملہ ایک بہت بڑا حملہ تھا، مگر اس کی نوعیت محض عسکری تھی اور چند ہی سالوں میں اسلامی تہذیب و علوم نے تاتاریوں کو دوبارہ فتح کر لیا تھا۔ اسی طرح اس صدی کے شروع میں کمیونزم کا حملہ ایک طاقتور فکری حملہ تھا، مگر اس کی نوعیت اصلاً‌ اقتصادی تھی۔ یہ مغرب کے بے لگام سرمایہ دارانہ نظام کا ردعمل تھا۔ مگر آج مغرب کا فکری حملہ تاریخ کا سب سے بڑا حملہ ہے، جو ہمہ جہتی ہے۔ یہ حملہ فکری بھی ہے اور علمی بھی، اقتصادی اور معاشی بھی ہے، تمدنی و تہذیبی بھی، سیاسی بھی ہے اور عسکری بھی، اور دنیا کے چپہ چپہ کو محیط ہے۔ روئے زمین کا کوئی حصہ ایسا نہیں جو اس کی یلغار اور دستری سے محفوظ ہو۔ 
اسلامی تاریخ میں مغرب کے اس فکری حملے کی مماثلت کسی حد تک دوسری صدی ہجری میں یونانی علوم و فلسفے کی یلغار سے دی جا سکتی ہے، جب اسلام دنیا میں تیزی سے پھیل رہا تھا۔ یونانی علوم و افکار و فکر و فلسفہ کو اسلام کی تیز رفتار ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔ ان علوم کو ذہن و فکر کو الجھانے اور دلوں میں ایمان و ایقان کی جگہ تذبذب و شکوک کے کانٹ ہونے کے لیے استعمال کیا گیا، تاکہ اسلام پر سے اعتماد کو متزلزل کر دیا جائے۔ لیکن اس دور کا مسلمان علم میں آگے ہی آگے بڑھ رہا تھا اور مسلم علماء و مفکرین کا ہاتھ زمانے کی نبض پر تھا۔ انہوں نے وقت کے چیلنج کو قبول کیا اور یونانی علوم میں مہارت حاصل کی۔ ان افکار و نظریات و فلسفوں کا تنقیدی جائزہ لیا۔ ان سے غیر اسلامی اجزاء کو خارج کر کے ان علوم و فنون کو اسلام کا معاون و مددگار بنا دیا۔ حتیٰ کہ آج یہ اسلامی علوم و فنون سمجھے جا رہے ہیں۔ گویا دوسرے الفاظ میں ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ انہوں نے یونانی فلسفہ و فکر کو مسلمان بنایا۔ اگر گزشتہ چند صدیوں سے مسلمان پسماندہ نہ رہ گئے ہوتے اور علماء کا علم و سائنس اور دور سے رشتہ نہ کٹ گیا ہوتا تو وہ مغربی افکار و نظریات کا دقتِ نظر سے تنقیدی جائزہ لیتے، ان سے فاسد اور مضر اجزاء کو علیحدہ کر کے انہیں اسلام کا معاون بنا لیتے۔
حضرات! 
اس کائنات میں انسانوں کی حقیقی تقسیم صرف ایک ہے اور وہ ایمان و کفر کی تقسیم ہے۔ ہر انسان مومن ہے یا کافر ہے۔ خالق کائنات کے نزدیک بھی، قرآن کے نزدیک بھی، تمام سماوی کتابوں کی رو سے بھی۔ آج بھی اور قیامت تک یہی سب سے بڑی اور قابلِ لحاظ تقسیم رہے گی۔ اس کے علاوہ دنیا میں انسانوں کی اور جتنی تقسیم ہے، خواہ ملکی علاقائی بنیاد پر ہوں، اور فوجی و نسلی بنیاد پر ہوں، یا لسانی بنیاد پر، یہ سب غیر حقیقی اور انسان کی خود ساختہ ہیں یا اس درجہ کی اہمیت نہیں رکھتی۔ 
جس طرح اسلام کا مقصد دنیا سے شرک و کفر کو مٹانا ہے، اسی طرح دنیائے کفر کا اولین مقصد اسلام اور مسلمان کو ختم کرنا ہے۔ چنانچہ آپ دیکھ رہے ہیں، یہود کی ذہانت و ذکاوت اور مغرب کے وسائل اور طاقت اور برہمن کی مکاری و عیاری اسلام دشمنی میں متحد ہو چکی ہے۔ یہ وہ حقیقت ہے جس سے آج ہم میں سے بہت سے حضرات آنکھیں چراتے ہیں اور خود فریبی میں رہنا چاہتے ہیں۔ لیکن حالات و واقعات اور قدرت کے تازیانے بار بار اس حقیقت کی طرف متوجہ کرتے رہتے ہیں۔ 
میں آج کی نشست میں ایک بات کی طرف خاص طور سے توجہ دلانا چاہتا ہوں، جس کا مجھے گزشتہ چند دنوں میں کئی بار تجربہ ہوا۔ ہمارے بہت سے قابل احترام صحافی دوست ہر حالت میں غیر جانبداری کو اپنا طرہ امتیاز سمجھتے ہیں۔ یقیناً غیر جانبداری بہت بڑی خوبی ہے۔ قرآن مجید کی تعلیم ہے ’’لا يجر منكم شنان قوم علیٰ ان لا تعدلوا‘‘ کسی فرد یا قوم کی دشمنی و عصبیت تمہیں بے انصافی پر آمادہ نہ کرے۔ لیکن جہاں مسئلہ صحیح اور غلط کا ہو، حق و باطل کا ہو، ظالم و مظلوم کا ہو، وہاں غیر جانبداری سراسر ظلم ہے۔ وہاں اسلام کی تعلیم ہے کہ انسان غیر جانبدار نہیں بلکہ حق و صداقت کا طرفدار بنے۔ میں سمجھتا ہوں اس طرح کی اندھی غیر جانبداری مغربی فکر و تعلیم کی دین ہے۔ اور شاید اس کی ایک چال بھی کہ حق و باطل کے درمیان فرق و امتیاز کو ختم کر کے مسلمان کو غافل کر دیا جائے۔ لیکن آپ دیکھیں کہ مغرب غیر جانبداری کا ڈھونگ رچا کر ہر جگہ اسلام کے خلاف ڈنڈی مار دیتا ہے۔ جب اور جہاں اسلام کا مسئلہ آیا، مغرب کی جانبداری عیاں ہو جاتی ہے۔ 
اس کی ایک چھوٹی سی مثال پاکستان کے کمیشن برائے انسانی حقوق کی وہ رپورٹ ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں خواتین کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے بڑھنے کی وجہ اسلامی بنیاد پرستی کا رجحان ہے۔ اسے مغربی میڈیا نے خوب اچھالا ہے۔ آپ ذرا اس جملے کا تجزیہ کیجئے کہ اسلامی بنیاد پرستی کے رجحان کا کیا مطلب ہے؟ انسان کا مذہبی ہونا، شریعت کا پابند ہونا، جس شخص کو آخرت اور یوم الحساب کا خوف ہو، وہ ایسے فعل کا تصور بھی کر سکتا ہے؟ کجا یہ کہ دین داری کی وجہ اور سبب قرار دیا جانے، اور خواتین کے ساتھ زیادتی کے بڑھنے والے واقعات کا۔ میڈیا کا یہ ایک جملہ کتنا خوف ناک ہے۔ اس میں اسلام کا کیا تصور ذہنوں میں بٹھانے کی کوشش کی۔ میڈیا نے ایک چھوٹے سے جملے سے اسلام کے خلاف کس قدر زہر ذہن میں بھرنے کی کوشش کی ہے۔
حضرات ! 
آج کی نشست میں مغربی فکر کے متعلق ذرا وضاحت سے عرض کرنا چاہتا ہوں۔ یہاں صحافت اور میڈیا کے مختلف شعبوں کے ذمہ دار حضرات تشریف فرما ہیں۔ آپ حضرات کا شمار ملّت کے انتہائی با خبر لوگوں میں ہے۔ آپ سے زیادہ کون اس حقیقت کو جانتا ہے کہ اس وقت دنیا میں دو فکروں کا تصادم برپا ہے۔ ایک اسلامی فکر، دوسری مغربی فکر۔ 
مغربی فکر کا خلاصہ دو لفظوں میں دین و سیاست کی علیحدگی سے کیا جا سکتا ہے۔ مغرب کے نزدیک مذہب خالصتاً‌ ً ایک نجی اور پرائیویٹ مسئلہ ہے۔ اس کے نزدیک مذہب کے حدود عقائد و عبادات پر ختم ہو جاتی ہے۔ اسے کسی اجتماعی مسئلہ میں دخل دینے کی اجازت نہیں ہے۔ 
جب کہ اسلام اس تفریق کا قائل نہیں ہے۔ وہ انسان کے ہر انفرادی و اجتماعی مسئلے میں رہنمائی کرتا ہے۔ فرد، معاشرہ، سیاست، معیشت، نظامِ حکومت، بین الاقوامی تعلقات تک کے احکام و فرائض دیتا ہے اور ضابطے مقرر کرتا ہے۔ وہ انفرادی و اجتماعی کسی مسئلے میں انسان کو بے لگام نہیں چھوڑتا۔ 
مغرب گاڈ (God) کو، مسیح کو، اور بائبل کو مانتا ہے مگر صرف اس حد تک کہ مسیح کو خدا کا بیٹا مان لینا ہی نجات کے لیے کافی ہے۔ باقی وہ مسیح کو، ان کی لائی ہوئی شریعت و کتاب کو، حتیٰ کہ مسیح کے باپ کو یہ حق دینے کے لیے تیار نہیں کہ وہ اجتماعی مسائل سیاست، معیشت و اقتصادیات، معاشرت، نظم و نسق، قانون میں دخل اندازی کرے۔ 
مغرب کے اس فکر و فلسفے کی جڑیں یورپ کی گزشتہ چار سو سالہ تاریخ میں پیوستہ ہیں۔ یورپ کے عوام ہزار ہا سال سے بادشاہت و مذہبی پادریوں کے ظلم کی چکی میں پس رہے تھے۔ سولہویں صدی عیسوی میں جب یہاں علم و سائنس اور ٹیکنالوجی کا دور شروع ہوا اور یورپ کا انسان بیدار ہونے لگا، اس نے قدرت کے مخفی خزانوں کا انکشاف اور اس کی تسخیر شروع کی۔ اس وقت یہاں کے مذہبی رہنماؤں نے اپنی عاقبت نااندیشی سے علم و سائنس سے انکار کی راہ اختیار کی۔ یورپ کے اس دور کی مذہب و سائنس کی کشمکش کی تاریخ سے پتہ چلتا ہے کہ یہاں کے مذہبی راہنماؤں نے احتساب کی عدالتیں قائم کر کے ہزارہا انسانوں کو ان کے علمی نظریات کی بنیاد پر، جیسے زمین کا گول ہونا، حرکت کرنا، یا اس میں کشش کا ہونا، اذیت ناک سزائیں دیں اور انہیں زندہ جلایا، سولی پر چڑھایا۔ پادریوں کے اس علم دشمن رول کی وجہ سے یہاں کے عوام کے دلوں میں مذہب کے خلاف ایک طرح کا عناد جڑ پکڑ گیا کہ مذہب علم و سائنس کا دنیاوی ترقی و بہبود کا دشمن ہے۔ میں مذہب کے خلاف اس بدگمانی میں یورپ کے اقوام کو بڑی حد تک معذور سمجھتا ہوں۔ 
توقع تھی کہ آہستہ آہستہ یہ زخم بھر جائے گا اور نفسِ مذہب کے خلاف جو نفرت و عناد پیدا ہو گیا ہے وہ وقت گزرنے کے ساتھ ختم ہو جائے گا۔ لیکن اس دوران یہاں ایک اور شاطر و عیار طبقہ سامنے آگیا جس نے اس وقت صورتحال سے فائدہ اٹھا کر مذہب دشمنی کی چنگاری کو ہوا دینی شروع کی، تا کہ مذہب دشمنی کی آگ پر اپنے مفادات کی روٹیاں سینک سکے، اور خدا و مذہب کی جگہ اپنا اقتدار قائم کر سکے۔ یہ طبقہ تھا نسل پرست صہیونیت اور یہاں کے اشرافیہ کا۔ 
یہ انسانیت کی بدقسمتی تھی کہ گزشتہ صدیوں میں دنیا کے بیشتر حصہ پر اور عالمِ اسلام پر یورپ کی حکمرانی رہی۔ اس نے تعلیم، ابلاغ اور تمام وسائل بروئے کار لا کر اس مغربی فکر کو ذہنوں میں اس طرح راسخ کر دیا کہ مسلم دنیا کا کوئی طبقہ اس کے اثر سے محفوظ نہ رہ سکا۔ حتیٰ کہ علماء کا طبقہ جن کا استعمار دشمنی اور اخلاص وطن کی راہ میں جہاد قربانی کا نہایت شاندار اور عظیم ریکارڈ ہے، وہ بھی غیر شعوری طور پر اس فکر کا شکار ہو گیا۔ 
چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ دینی مدارس و جامعات میں فقہ و حدیث کے درس میں استاد کا پورا زورِ بیان اور تحقیق عقائد و عبادات پر رہتی ہے۔ کتاب الطہارت سے کتاب الحج تک۔ زیادہ زور مارا تو کتاب النکاح و کتاب الطلاق۔ حالانکہ احادیث و فقہ کی انہیں کتابوں میں کتاب البیوع بھی ہے، کتاب الاجارہ، کتاب الامارہ بھی۔ کتاب المزارعہ بھی اور قضا، سیاست اور مملکت کے متعلق دیگر ابواب بھی۔ مگر ہم ان سے اس طرح گزر جاتے ہیں گویا یہ سب منسوخ ہو چکے ہیں۔ 
۱۸۵۷ء میں علماء نے جس دشمن کے خلاف جہاد شروع کیا تھا، ان کے بعد والوں نے اس کی فکر کو گلے لگا لیا۔ ایک عزیز نو مسلم دوست کا تجزیہ جو یہاں تشریف فرما ہیں، مجھے بہت پسند آیا۔ گزشتہ دنوں ایک ملاقات میں انہوں نے کہا کہ برصغیر میں ۱۸۵۷ء میں مسلم حکمرانوں اور علماء نے انگریز سے جو شکست کھائی تھی، اس وقت علماء نے محسوس کر لیا تھا کہ عسکری میدان میں انگریزی قوت کا مقابلہ نہیں ہو سکتا، اگر مزید میدان میں ٹھہرے تو انگریز کچل کر ختم کر دے گا۔ انہوں نے وقت کی حکمتِ عملی کے تحت دیوبند، گنگوہ جیسے چھوٹے چھوٹے قصبات میں دینی مراکز قائم کیے تاکہ جتنا دین بچایا جا سکے بچا لیا جائے۔ چنانچہ وہ دینی علوم و فنون، اسلامی معاشرت و تمدن، اور ایک مسلمان کا خدا و مذہب سے تعلق باقی رکھنے کی جدوجہد میں لگ گئے۔ اگرچہ ان کے پیش نظر افراد سازی اور بھرپور تیاری کر کے دوبارہ میدان میں آنا بھی تھا۔ مگر بعد کے حالات نے انہیں فرصت نہیں دی۔ 
ان علماء کے میدان چھوڑنے سے جہاں یہ فائدہ ہوا کہ ہندوستان دوسرا اسپین بننے سے بچ گیا، وہیں سب سے بڑا نقصان یہ ہوا کہ علماء کا طبقہ زمانے سے کٹ گیا۔ علم و فکر کا قافلہ ۱۸۵۷ء میں جہاں تھا، یہ اب تک اسی بارڈر (سرحد) پر ہے۔ اس ڈیڑھ صدی میں علم و سائنس اور صنعت و ٹیکنالوجی نے جو بے مثال ترقی کی ہے، یہ اس سے بے بہرہ رہ گئے، جس کی وجہ سے زمانے کو سمجھنے کی بصیرت اور شعور گھٹتا چلا گیا۔ لیکن ہمیں اعتراف کرنا چاہیے، آج جتنا دین، علم باقی ہے حتیٰ کہ یہاں مغرب میں بھی مساجد و مدارس کا جال پھیلا ہوا ہے، یہ سب انہیں حضرات کی سعی و کاوشوں کا ثمر ہے۔
آج دنیا میں تصادم دو فکروں کا ہے، اور بظاہر مغربی فکر ہر طرح حاوی اور غالب توانا و طاقتور ہے۔ لیکن اہلِ بصیرت سے مخفی نہیں کہ مغربی فکر و تہذیب اپنی طبعی عمر پوری کر چکی ہے۔ عرصہ سے اس کا کھوکھلا پن نمایاں ہو چکا ہے۔ اس کے اندر انسانیت کو مزید کچھ دینے کی صلاحیت باقی نہیں رہی۔ بقول شاعر مشرق علامہ اقبال کے یہ تہذیب اپنے ہی خنجر سے خود کشی کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں کے مفکرین اور دانش ور ہی نہیں، آپ کا پرائم منسٹر بھی بنیادوں کی طرف واپسی کی مہم چلانے پر مجبور ہے۔ کہاں تو اسلام کے خلاف بنیاد پرستی کی گالی وضع کی تھی، اور کہاں بنیادوں کی طرف واپسی کی مہم چل پڑی۔ 
علامہ اقبال نے یورپ کے آخری سفر سے واپس جاتے ہوئے فلسطین کے خطاب میں ایک فکر انگیز بات فرمائی تھی۔ آپ نے فرمایا تھا کہ  پوری انسانیت کی آخری پناہ گاہ بالآخر اسلام ہی ثابت ہو گا، یہ بات مغرب جتنی جلد سمجھ لے اس کے لیے بھی بہتر ہے اور مشرق کے لیے بھی۔
ایک جگہ علامہ نے لکھا ہے کہ میں نے تاریخ کا گہری نظر سے مطالعہ کیا ہے، میں نے یہ عجیب بات دیکھی کہ جب کوئی نازک وقت آیا تو اسلام نے آگے بڑھ کر مسلمان کی حفاظت کی، مسلمان نے کبھی اسلام کی حفاظت نہیں کی۔ 
علامہ اقبال کہا کرتے تھے، اس دور کا مجدد کہلانے کا وہی شخص مستحق ہو گا جو اسلامی شریعت کی برتری ثابت کرے اور زندگی سے اس کا پیوند لگائے اور ثابت کرے کہ اسلامی قانون وضعی قانون اور انسانوں کے تمام تر خودساختہ قوانین سے آگے ہے۔ زمانے کی آگے کی چیز ہے، زمانہ اس سے آگے نہ بڑھ سکا۔ 
دنیا نے خواہ کتنی ہی ترقی کی ہو لیکن اسلامی قوانین اس کی راہنمائی کی اب بھی صلاحیت رکھتے ہیں، اس کے تمام سوالات کے جوابات دیتے ہیں، انسانی زندگی میں پیدا ہونے والے تمام مسائل کا حل ان کے اندر موجود ہے، ان میں ایک بالغ اور ترقی یافتہ زمانے اور معاشرے کی تنظیم کی بہترین صلاحیت ہے۔ 
حضرات ! 
اس وقت کا سب سے بڑا مسئلہ اور سب سے عظیم بحران یہ ہے کہ مغربی فکر و تعلیم نے اسلام پر جدید طبقے کے اعتماد کو متزلزل کر دیا ہے۔ آج کا تعلیم یافتہ انسان کہتا ہے کہ اسلام نے ایک زمانے میں بے شک اچھا کام کیا تھا، اچھا پارٹ ادا کیا تھا، اب زمانہ بدل گیا ہے، اس وقت زمانہ بہت ہی غیر ترقی یافتہ تھا، اب ماڈرن ہو چکا ہے، زمانہ بہت ترقی کر گیا ہے، اب اسلام اس زمانے کا ساتھ نہیں دے سکتا۔
یہ ہے وقت کا اہم مسئلہ۔ آپ کو یہ ثابت کرنا ہے کہ اسلام اس تنزل کے بعد بھی زمانے کو ہلاکت سے بچا سکتا ہے۔ اسلام اس دور کو راہ پر لگا سکتا ہے۔ اسلام اس زمانے کو مبارک بنا سکتا ہے۔ اسلام اس زمانے کو رہنے کا سلیقہ سکھا سکتا ہے۔ تعلیم یافتہ طبقہ کا اسلام پر اعتماد واپس لانا ہے۔ اسلام کی ابدیت پر، اس کی افادیت پر، اس کی صلاحیت پر یقین بحال کرنا ہے۔ 
میرا ۲۰ سالہ تجربہ ہے، ہم لوگ مکتب و مدرسہ میں ۶، ۷ سے سالہ بچے کو اسلام پڑھاتے ہیں۔ جب بچہ ۱۳، ۱۴ سال کی عمر میں مکتب سے فارغ ہو کر نکلتا ہے تو یہاں میڈیا اس کے ذہن کو اس طرح شکار کرتا ہے اور اس پر قبضہ کرتا ہے کہ چند سال میں جو کچھ اس نے مسجد و مدرسہ میں پڑھا تھا اس کا بڑا حصہ بھول چکا ہوتا ہے اور اس پر یہاں کا رنگ چڑھ جاتا ہے۔ ہماری مثال قرآن کی اس بڑھیا کی سی ہے، جو صبح سے شام تک چرخا کاتتی ہے اور شام کو اسے الٹا گھما کر خود برباد کر دیتی ہے۔ اسی طرح ہماری ساری دینی تعلیم و کوششوں پر یہاں کا میڈیا پانی پھیر دیتا ہے۔ ہم بچے کے ذہن، دماغ میں اسلام کی بنیادیں تعمیر کرتے ہیں اور میڈیا اسے مسمار کر دیتا ہے۔ 
مغرب کے میڈیا کا اسلام کے خلاف ایک مؤثر ہتھیار انسانی حقوق کا مسئلہ ہے جسے مغربی میڈیا نہایت عیاری سے اسلام کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔ نصف صدی پہلے تک جن لوگوں کے نزدیک کروڑوں انسانوں کی حیثیت حیوانوں سے زیادہ نہیں تھی، وہ اچانک انسانی حقوق کے ٹھیکیدار بن گئے۔ گویا پرانے شکاری اب نیا جال لے کر آئے ہیں۔ انسانی حقوق کی تعریف کیا ہے، اس کی حدود کیا ہیں اور وہ کہاں پامال ہو رہے ہیں؟ اس کا فیصلہ بھی امریکہ اور مغرب کرے گا تاکہ اس حوالے سے بھی مغرب کو کمزور ممالک کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کا موقع مل سکے۔ آپ فلسطین سے فلپائن تک، بوسنیا سے کشمیر تک، مغرب کے انسانی حقوق کی حقیقت کا تماشہ دیکھ رہے ہیں۔ آج کل مصر اور الجزائر میں ہزاروں بے قصور انسانوں کو جس طرح بے رحمی سے قتل کیا جا رہا ہے، اس پر مغربی میڈیا کی مجرمانہ خاموشی بہت کچھ بتا رہی ہے۔ 
مغرب کے انسانی حقوق کی حقیقت سمجھنے کے لیے ایک واقعہ عرض کرتا ہوں۔ پاکستان کے ممتاز دانش ور جناب ڈاکٹر صفدر محمود نے روزنامہ جنگ میں اپنا ایک دلچسپ واقعہ لکھا تھا۔ انہیں جون ۱۹۹۱ء میں ایک بین الاقوامی سیمینار میں شرکت کے لیے سان فرانسکو جانا پڑا ۔ سیمینار میں ایشیائی ممالک اسکالرز کے علاوہ مختلف امریکی یونیورسٹیوں سے بھی ممتاز پروفیسر صاحبان بلائے گئے تھے۔ وہ لکھتے ہیں کہ میں نے سیمینار کے آغاز سے ایک روز پہلے ٹی وی آن کیا تو ایک دلچسپ خبر سننے کو ملی۔ کیلی فورنیا کی ریاست میں جنگلات کے وسیع ذخیرے پائے جاتے ہیں۔ سال بھر تعمیرات کے لیے لکڑی کی کٹائی کا عمل جاری رہتا ہے۔ خبر یہ تھی کہ کٹائی کے دوران ماہرین جنگلات کو اچانک پتہ چلا کہ اس جنگل میں ایک الو صاحب نے اپنا ایک مستقل گھر بنا رکھا ہے۔ اور جب سے درختوں کی کٹائی کا سلسلہ شروع ہوا ہے، الو صاحب اداس رہنے لگے ہیں، الو کی اداسی کی خبر سے اس علاقے میں احتجاج ہوا اور کیلی فورنیا کی حکومت نے کٹائی روک دی۔ جس سے لکڑی کی قیمت میں اضافہ ہو گیا اور مکانوں کی تعمیر قدرے مہنگی ہو گئی۔ 
اگلے دن سیمینار کے دوران چائے کا وقفہ ہوا تو میں نے ممتاز امریکی پروفیسر صاحبان سے اس خبر کا تذکرہ کیا، وہ پہلے ہی اس سے آگاہ تھے، ان کے چہرے خوشی سے گلاب کی طرح کھل گئے، اس صورت حال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے میں نے یہ سوال داغ دیا کہ آپ نے ایک پرندے کی اداسی کی خاطر جنگل کی کٹائی روک کر لکڑی کی قیمت میں اضافہ برداشت کر لیا، لیکن چار ماہ قبل عراق کے بے قصور اور معصوم شہریوں پر بموں کی بارش کی جا رہی تھی اس پر یہاں کوئی احتجاج نہیں ہوا، کیا آپ کو ایک جانور ہزاروں مسلمانوں کی زندگی سے زیادہ عزیز ہے؟ وہ لکھتے ہیں، میرے سوال سے ان کے چہروں کے رنگ اڑ گئے۔ اس ایک واقعہ سے مغرب کے انسانی حقوق کی حقیقت کا اندازہ لگا کر سکتے ہیں۔
معاف کیجئے! بات کہاں سے کہاں تک پہنچ گئی۔ غرض اس دور کا سب سے بڑا چیلنج میڈیا ہے۔ اور یہ انسانیت کی بد قسمتی ہے کہ میڈیا کا مؤثر ترین اور طاقتور ہتھیار ان لوگوں کے پاس ہے جن کے پاس نہ انسانیت کے غم میں پڑنے والا دل ہے اور نہ اس کی بدنصیبی پر آنسو بہانے والی آنکھیں، نہ انسانیت کی بہبودی و تعمیر کا کوئی پروگرام۔ میڈیا کی عظیم طاقت تعمیر کی بجائے تخریب کے لیے، کردار و اخلاق سنوارنے کی بجائے بے حیائی اور اخلاقی قدروں کی پامالی کے لیے، انسانوں کی رہنمائی کے بجائے اسے راہ سے بھٹکانے کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔ 
اس وقت کا چیلنج اور تقاضا ہے کہ وہ لوگ جو خیر امت ہونے کے دعوے دار ہیں، جو انسانیت کے سب سے بڑے محسن اور بہی خواہ کی اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ دنیا کے سارے انسان اللہ کی فیملی ہے، اور خدا کے نزدیک بہتر وہ ہے جو انہیں نفع اور فائدہ پہنچانے والا ہے، اور جو انسانیت کی تباہی اور بربادی کا غم رکھتے ہیں، آگے بڑھیں اور جس طرح ابھی میں نے عرض کیا تھا کہ آپ کے اسلاف نے دوسری صدی ہجری میں یونانی فکر و فلسفہ کا چیلنج قبول کر کے اسے اسلام کا معاون بنا لیا تھا، ان کے نقشِ قدم پر آپ آج کا چیلنج قبول کریں۔ اس میڈیا کو مسلمان بنائیں۔ اس صحافت کو ریڈیو، ٹی وی اور سیٹلائیٹ کو مشرف باسلام کریں۔ انہیں انسانیت کی تعمیر و بھلائی کے لیے استعمال کریں۔ علوم کی اشاعت، اخلاق کی تعمیر، کردار سازی اور بھٹکی ہوئی انسانیت کی راہنمائی کے لیے استعمال کریں۔ 
الحمد للہ یہاں میڈیا کے مختلف شعبوں کے ماہرین اور ذمہ دار تشریف فرما ہیں، میں ان سے درخواست کروں گا کہ اس چیلنج کو قبول کریں اور (ورلڈ اسلامک) فورم کی کوششوں میں تعاون و رہنمائی کریں۔ یہ کام صرف علماء یا کسی خاص طبقہ کا نہیں بلکہ ہر مسلمان کا ہے۔ یہ اس ملتِ بیضاء کی خصوصیت رہی ہے کہ جب اسلام نے پکارا تو مسلمانوں کے تمام طبقات نے دل و جاں کی بازی لگا دی۔ آپ کو مغربی فکر و میڈیا کا جواب اسی یورپ کی سرزمین پر دینا ہے۔ 
مغربی میڈیا کا متبادل فراہم کرنا مسلم دنیا کی ۵۰ سے زائد حکومتوں کی دینی قومی اور اخلاقی ذمہ داری تھی۔ مگر یہ حکومتیں اب تک کوئی خبر ساں ایجنسی تک قائم نہ کر سکیں۔ مغرب نے ہر جگہ اپنے آلہ کار مسلط کر رکھے ہیں۔ مراکش سے انڈونیشیا تک ہر جگہ ایک ’’حسنی مبارک‘‘ مسلط ہے جس کا کام مغرب کے مفادات کی نگہبانی، اپنی قوم کو ویسٹرن سولائزیشن کی بالادستی کے لیے تیار کرنا، اور مسلمانوں کی دینی حمیت و غیرت کو ختم کرنا ہے۔ 
ویسے تو ۲۰ سال سے مسلم ممالک کی تنظیم (OIC) کے ایجنڈے پر میڈیا سرفہرست ہے اور جدہ میں برس ہا برس سے اس کے لیے ایک عالیشان عمارت میں دفتر بھی قائم ہے۔ مگر اہلِ نظر جانتے ہیں کہ اس کا مقصد عالمِ اسلام کے لیے خبر رساں ایجنسی و سیٹلائیٹ کا قیام نہیں بلکہ مسلم دنیا میں اگر کوئی کام ہو رہا ہے تو اسے روکنا ہے۔ مسلم دنیا کے حکمران ہی نہیں، ان کے زیر اثر دینی تنظیموں تک کے لیے اسلام سے زیادہ مغرب کا وفادار و بہی خواہ ہونا ضروری ہے۔ کوئی شخص خواہ کتنا ہی قابل ہو جب تک ’’پرو امریکی‘‘ نہ ہو وہ رابطہ عالمِ اسلامی کا ممبر بن نہیں سکتا۔ اگر وہ دل میں اسلام اور مسلمانوں کا درد رکھتا ہے تو ڈاکٹر عبد اللہ عمر نصیف کی طرح علیحدہ کر لیا جائے گا۔ اس صورتحال کے پیش نظر (ورلڈ اسلامک) فورم کی کوشش ہے کہ میڈیا کی کوششیں مسلم حکومتوں کے اثر سے آزاد رہ کر کی جائیں۔ ہمارا مقصد کسی صدام، کسی قذافی، کسی شیخ، کسی خادم الحرمین کے لیے کام کرنا نہ ہو بلکہ صرف اللہ و رسول کی خوشنودی اور اسلام اور مسلمانوں کے لیے ہونا چاہیے۔
میں ایک بات واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ مغرب کے ۹۵ فیصد عوام کی اسلام سے کوئی لڑائی نہیں، یہ غریب خود منزل کی تلاش میں سرگرداں اور ایک مخصوص طبقے کے ستم کا شکار ہیں۔ یہ محبت و شفقت اور رحم کے مستحق ہیں بلکہ درحقیقت ہمارے لیے RAW میٹریل ہیں۔ انہیں میں سے آج کے عکرمہ بن ابی جہل، خالد بن ولید پیدا ہو سکتے ہیں۔ ان میں ہزار ہا یوسف اسلام اور یحیٰی، اسلام کے علمبردار بن سکتے ہیں۔ 
آخر میں پھر آپ حضرات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے فورم کے اس سیمینار میں تشریف لا کر ہماری حوصلہ افزائی کی۔ اقبال کے اس شعر پر اپنی بات ختم کرتا ہوں ؎
معمار حرم باز بہ تعمیر جہاں خیز 
از خواب گراں خواب گراں خواب گراں خیز


حضرت شیخ الحدیث دامت برکاتہم کا دورہ جنوبی افریقہ

مفتی محمد جمیل خان

دار العلوم زکریا جنوبی افریقہ کا سب سے بڑا مدرسہ ہے جو تعلیم، تربیت اور تعمیر ہر لحاظ سے مثالی ہے۔ حضرت شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا نور اللہ مرقدہ کے اسم گرامی سے منسوب یہ مدرسہ حضرت شیخ الحدیث کے حکم اور ایما پر قائم کرنے کا ارادہ کیا گیا۔ جب حضرت شیخ الحدیث ۱۹۷۵ء میں جنوبی افریقہ اعتکاف کے لیے تشریف لائے تو آپ نے اپنے خلفاء اور متعلقین علمائے کرام پر برہمی کا اظہار فرمایا کہ اتنے علمائے کرام کسی ملک اور خطہ میں موجود ہوں اور دینی مدرسہ قائم نہ ہو۔ علمائے کرام نے وعدہ کیا اور دعا کی درخواست کی۔ 
حضرت شیخ الحدیث رحمہ اللہ کی دعا اور ترغیب نے جلد ہی اثر دکھایا اور اللہ تعالیٰ نے محدث العصر عاشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم مفسر کبیر عالم جلیل اخلاص کے پیکر علم و عمل کے منبع حضرت مولانا سید محمد یوسف بنوری نور اللہ مرقدہ اور ان کے شاگرد خاص جانشین مولانا بنوریؒ، امام اہل السنت فقیہ ملت تواضع و انکساری کے پیکر زہد و تقویٰ کے امام حضرت مولانا مفتی احمد الرحمٰن رحمۃ اللہ علیہ کے منظور نظر مولانا شبیر احمد سالوجی کے حصہ میں آئی اور دسمبر ۸۳ء میں دارالعلوم زکریا کے نام سے زکریا پارک لینیشا میں مدرسہ قائم کر دیا۔ 
مولانا بنوریؒ کا اخلاص، حضرت شیخ الحدیث نور اللہ مرقدہ کی دعائیں، مفتی احمد الرحمٰنؒ کے مشورے اور رفاقت، اور تمام اکابر کی توجہات نے اس مدرسہ کو بہت ہی قبولیت سے سرفراز فرمایا اور بہت ہی جلد اس نے ترقی کے منازل طے کیے اور اس وقت دنیا بھر کے بڑے مدارس میں اس کا شمار ہوتا ہے۔ حضرت مفتی احمد الرحمٰنؒ کے مشورے سے جب سے اس مدرسہ میں بنوری ٹاؤن کے استاد حضرت مولانا رضاء الحق تشریف لائے ہیں، مدرسہ نے علمی اعتبار سے بہت زیادہ بلندی حاصل کی ہے۔ حضرت مولانا رضاء الحق صاحب کو اللہ تعالیٰ نے علمی ثقاہت اور سادگی سے نوازا ہے۔ تخصص سے فارغ ہوتے ہی حضرت مولانا بنوریؒ نے بنوری ٹاؤن میں استاذ کی حیثیت سے تقرر فرما دیا۔ حضرت مفتی احمد الرحمٰن رحمۃ اللہ علیہ نے جو ہر کی قدر شناسی کی اور بڑی کتب کے ساتھ دار الافتاء میں بڑے اہم منصب پر فائز کر دیا۔ مولانا شبیر صاحب نے جب بخاری شریف کے لیے استاد طلب کیا تو مفتی صاحب نے ایثار کرتے ہوئے مولانا رضاء الحق کو دار العلوم زکریا بھیج دیا۔ 
اس مدرسہ کی ترقی میں جہاں ان حضرات کے اخلاص اور محنت و لگن کو دخل ہے، وہیں ان حضرات کی اکابر علمائے کرام سے محبت نے اس مدرسہ کو تمام اکابر کی توجہات کا مرکز بنایا ہوا ہے۔ حضرت بنوری رحمۃ اللہ علیہ کے طریقہ کے مطابق ان کی بھی خواہش رہتی ہے کہ بڑے بڑے اکابر علمائے کرام مدرسہ میں تشریف لاتے رہیں۔ حضرت شیخ الحدیث مولانا زکریا رحمۃ اللہ علیہ اور محدث العصر حضرت مولانا محمد یوسف بنوری نور اللہ مرقدہ تو چونکہ دار العلوم کے قیام سے قبل ہی انتقال فرما گئے تھے، اس لیے ان دونوں بزرگوں کی قدم بوسی سے تو یہ حضرات محروم رہے البتہ ان دونوں بزرگوں کی دعائیں شامل ہیں۔ 
ان کے بعد کے تمام اکابر جن میں حضرت مولانا مفتی محمود الحسن گنگوہیؒ، مفتی اعظم پاکستان مفتی ولی حسن ٹونکی، مولانا مفتی محمود رحمۃ اللہ علیہ، مولانا قاری محمد طیبؒ، مولانا محمد یوسف لدھیانوی، حضرت مولانا مرغوب الرحمٰن، حضرت مولانا اسعد مدنی، حضرت مولانا ارشد مدنی، مولانا محمد ادریس میرٹھی، حضرت مولانا مفتی احمد الرحمٰنؒ، حضرت مولانا صدیق احمد، حضرت مولانا جسٹس محمد تقی عثمانی، حضرت مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی، حضرت مولانا سعید احمد پالنپوری، حضرت مولانا عبد الستار تونسوی، مولانا محمد مالک کاندھلوی، مولانا مفتی زین العابدین، مولانا احمد خان پوری، شیخ الحدیث مولانا محمد یونس صاحب مظاہر العلوم سہارنپور، مولانا عبد اللہ کاپودروی، شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ صاحب، مولانا محمد حبیب اللہ مختار، الحاج بھائی عبد الوہاب، مولانا محمد پالنپوری، مولانا بدیع الزماں، حضرت الشيخ عبد الفتاح ابو غدہ، الشیخ ڈاکٹر عمر نصیف، الشيخ محمد علی صابونی، ائمہ حرمین الشيخ عبد اللہ السبیل، الشیخ صالح حمید، الشيخ علی عبد الرحمٰن الحذیفی، الشیخ ڈاکٹر محمد صیام امام مسجد اقصیٰ، مولانا محمد طاسین، مولانا فضل الرحمٰن، الشيخ مطیع الرسول، مولانا محمد مکی، مولانا عبد الحفیظ مکی، مولانا محمد طلحہ وغیرہ قابلِ ذکر ہیں۔ 
ان اکابر علمائے کرام کی تشریف آوری میں دارالعلوم کے مہتمم مولانا شبیر احمد اور شیخ الحدیث مولانا رضاء الحق کی محنت کو خاص دخل ہے۔ اس حوالے سے مولانا شبیر احمد سالوجی اور مولانا محمد ابراہیم بھامجی ۱۹۸۷ء میں شیخ الحدیث استاذ الاساتذہ حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر زید مجدہم کی خدمت عالیہ میں تشریف لے گئے اور ان کو جنوبی افریقہ اور دارالعلوم زکریا میں تشریف آوری کی دعوت دی۔ حضرت مولانا زید مجدہم نے حسبِ دستور عذر پیش کیا اور اپنی تعلیمی مصروفیات کو وجہ عذر بنایا۔ یہ حضرات مایوس تو ہوئے لیکن ہمت نہیں ہاری۔ بارہا حضرت کی خدمت میں درخواست پیش کرتے رہے، گزشتہ دنوں مولانا شبیر احمد سالوجی پاکستان آئے تو وہاں سے انہوں نے اس عزم کے ساتھ گوجرانوالہ کا سفر کیا کہ حضرت کو اس مرتبہ سفر پر راضی کرنا ہے۔ آخر کار حضرت مولانا نے مولانا شبیر احمد کے اخلاص اور محبت کے سامنے ہتھیار ڈال دیے اور سہ ماہی امتحان کے موقع پر ایک ہفتہ کا وقت دیا۔ 
کراچی پہنچنے پر حضرت مولانا محمد یوسف لدھیانوی سے ٹیلی فون پر گفتگو فرماتے ہوئے حضرت مولانا نے سفر کے متعلق فرمایا: 
’’سفر کا متحمل تو نہیں تھا، افریقہ کے مولانا شبیر احمد کے سالہا سال سے اخلاص کے ساتھ دعوت دینے پر مجبور ہو گیا۔ اس دفعہ انہوں نے ساتھ یہ لالچ بھی دی کہ واپسی میں عمرہ کی سعادت بھی حاصل ہو جائے گی۔ آخری عمر میں اس عمرہ کی سعادت کے حصول کے لیے یہ طویل سفر اختیار کر لیا ورنہ درس کی مصروفیت اور ضعف اس سفر کی اجازت نہیں دیتے۔‘‘
جمعرات ۶ جولائی کو حضرت زید مجدہم گوجرانوالہ سے پہلے لاہور تشریف لائے۔ ہوائی اڈے پر ’’اقراء روضۃ الاطفال‘‘ شاخ سیدنا معاذ بن جبلؓ نیو گارڈن ٹاؤن متصل مسجد باب المستجاب کلمہ چوک لاہور کے ناظمِ تعلیمات مولانا قاری شبیر احمد، ناظم الامور مولانا عبد الغفار، نگران جناب محمد قاسم ظہور نے کراچی کے لیے شام سوا چھ بجے بذریعہ ہوائی جہاز روانہ فرمایا۔ لاہور تک حضرت کے صاحبزادے مولانا عبد القدوس قارن بھی ہمراہ تھے۔ 
کراچی ایئرپورٹ پر حضرت کے دیرینہ خادم بھائی شمیم احمد شمسی استقبال کے لیے موجود تھے۔ حضرت ان کے گھر تشریف لے گئے۔ حضرت نے رات کو وہیں قیام فرمایا۔ برادرم عبد الرزاق خان حضرت کی خدمت میں تشریف لائے اور ٹکٹ اور پاسپورٹ وغیرہ دیتے ہوئے سفر کا نظم بتایا۔ الحمد للہ راقم الحروف کو معیت کی سعادت حاصل ہوئی۔ 
صبح چھ بجے حضرت کراچی ایئرپورٹ پر پہنچے اور گلف ایئر لائن کی پرواز سے ساڑھے ساتھ بجے پہلے ابو ظہبی اور پھر ابو ظہبی سے گیارہ پچپن پر جنوبی افریقہ کے دارالحکومت جوہانسبرگ کے لیے گلف کی ہی فلائٹ سے روانگی ہوئی۔ پاکستان اور جوہانسبرگ کے وقت میں تین گھنٹے کا فرق ہے۔ جوہانسبرگ کا وقت تین گھنٹے پیچھے ہے۔ سوا آٹھ گھنٹہ کی تقریبا" فلائٹ تھی، پاکستان کے وقت کے مطابق دس بجے ابوظہبی کے وقت کے مطابق نو بجے اور جوہانسبرگ کے وقت کے مطابق سات بجے جوہانسبرگ ایئر پورٹ پر پہنچے۔ 
ایئرپورٹ پر دارالعلوم زکریا کے مہتمم اور حضرت کے میزبان مولانا شبیر احمد سالوجی، دار العلوم زکریا کے شیخ الحدیث مولانا مفتی رضاء الحق صاحب، اساتذہ، مولانا سلیمان گھانجی، حافظ بشیر احمد صاحب وغیرہ نے استقبال کیا۔ وہاں سے رات نو بجے دارالعلوم زکریا پہنچے۔ دارالعلوم میں اساتذہ کرام جمع تھے ان سے ملاقات ہوئی۔ عشائیہ کا اہتمام تھا۔ نماز فجر دارالعلوم زکریا کی وسیع و عریض مسجد میں حضرت زید مجدہم کی امامت میں ادا کی گئی۔ نماز کے بعد حضرت نے تمام طلبائے کرام کو مختصر درس دیا۔ 
ہفتہ، اتوار افریقہ میں عام طور پر کاروبارِ زندگی اور تعلیم کی چھٹی ہوتی ہے۔ صرف بڑے مدارس اس سے مستثنیٰ ہیں۔ مولانا شبیر احمد سالوجی اور مفتی رضاء الحق صاحب کی رائے ہوئی کہ افریقہ کا مشہور جنگل کردکر پارک کی سیر کر لی جائے جہاں جانور آزادی کے ساتھ گھومتے ہیں اور انسانوں کے لیے حکم ہے کہ وہ گاڑیوں کے شیشے بند کر کے اس کی سیر کریں تاکہ جانوروں کی آزادی میں خلل نہ آئے اور انسانوں کو نقصان بھی نہ پہنچے۔ وہ پارک تقریباً ساڑھے تین کلو میٹر مدرسہ سے دور ہے۔ گیارہ بجے روانگی ہوئی۔ وائٹ ربور میں حضرت شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا رحمۃ اللہ علیہ کے خلیفہ اور خادم خاص مولانا محمد گاوری تشریف رکھتے ہیں۔ یہ خاندان علمائے کرام کا خادم ہے۔ مہمان نوازی ان میں کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے۔ ان کو مولانا شبیر احمد صاحب نے اطلاع کرائی کہ وہ دوپہر کا سفری کھانا تیار کر کے افریقہ کی مشہور آبشار ’’صابی‘‘ کے علاقہ میں آجائیں۔ ۳ بجے آبشار پر پہنچے۔ خوبصورت مناظر کے درمیان یہ آبشار قدرت کی صناعی کا بہترین مظہر ہے۔ ایک گھنٹہ تقریباً‌ یہاں گزارا۔ ۴ بجے مولانا سعید گاوری صاحب کی مسجد جامع مسجد وائٹ ربور میں واپسی ہوئی۔ عصر کی نماز ادا کی۔ مغرب کے بعد حضرت نے نمازیوں سے خطاب فرمایا۔ 
رات کا قیام وائٹ ربور کے اس مہمان خانہ میں ہوا جو گاوری خاندان نے علمائے کرام کے لیے مخصوص کیا ہوا ہے۔ تمام وسائل سے مزین مہمان خانہ خاندان کے بہترین ذوق کا مظہر ہے۔ نماز فجر ادا کر کے افریقہ کے مشہور جنگل کردکر پارک روانہ ہوئے، تقریباً‌ ساڑھے چھ بجے پہنچ گئے۔ ۸۰ میل چوڑا، ساڑھے تین سو میل لمبا یہ جنگل اپنی اصلی حیثیت میں موجود ہے۔ بس سڑکیں بنا دی گئیں۔ گھنے جنگل میں ہرن، زیبرے، زرافے، بندر، جنگلی بھینسے، نیل گائے، شیر، ہاتھی اپنی اصلی حالت کے مطابق گھومتے پھرتے نظر آتے ہیں۔ اکثر لوگ شیر اور چیتے کو شکار کرتے ہوئے دیکھنے کے لیے کئی کئی دن گھومتے ہیں۔ دیگر جانور تو خوب نظر آئے البتہ شیر اور ہاتھی وغیرہ ہم لوگ نہ دیکھ سکے (پہلے سفر میں ان جانوروں کو گھومتے دیکھا تھا) دو بجے واپسی ہوئی اور رات نو بجے دار العلوم زکریا پہنچ گئے۔
بروز پیر نماز فجر کے بعد طلباء دارالعلوم زکریا سے مختصر خطاب فرمایا۔ بعد ازاں مولانا شبیر احمد کے گھر پر ناشتہ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر دارالعلوم کے شیخ الحديث مولانا رضاء الحق اور مہتمم مولانا شبیر احمد سالوجی نے درخواست کی کہ ہم نے تفسیر قرآن تو مختلف علمائے کرام سے حاصل کی لیکن ہماری خواہش ہے کہ چونکہ تفسیر میں آپ کو حضرت مولانا حسین علی صاحبؒ سے خصوصی تلمذ کا شرف حاصل ہے، آپ اجازت مرحمت فرما دیں تو ہمیں بھی یہ اعلیٰ نسبت حاصل ہو جائے گی۔ حضرت اقدس نے ان حضرات کی درخواست قبول فرماتے ہوئے خطاب کیا اور اجازت مرحمت فرمائی۔ 
بعد ازاں مولانا شبیر احمد سالوجی کی درخواست پر ان کی اہلیہ جو کہ ما شاء اللہ عالمہ ہیں، ان کو بھی تفسیر قرآن اور حدیث شریف کی اجازت مرحمت فرمائی اور ان کو تلقین کی کہ وہ عورتوں میں تفسیر قرآن کا سلسلہ شرع کریں اور عورتوں کو مسائل فقہیہ خصوصاً روز مرہ کے مسائل ضروریہ سے آگاہ کریں۔ صبح دس بجے بروز پیر حافظ محمد یوسف صاحب (جنہوں نے حضرت اقدس کے سفر کے اخراجات کی ذمہ داری اٹھائی) کی دکان دسترنگ تشریف لے گئے۔ ظہر کی نماز ان کی دکان پر ادا فرمائی اور اس کے بعد مختصر نصیحت فرمائی۔
بروز پیر بعد نماز مغرب دارالعلوم زکریا میں اساتذہ کرام اور طلباء دورہ حدیث و مشکوٰۃ کی درخواست پر حضرت نے بخاری شریف کی حدیث کا درس دیتے ہوئے حدیث کی اجازت مرحمت فرماتے ہوئے مختصر خطاب کیا۔ 
قبل ازیں دارالعلوم کے مہتمم مولانا شبیر احمد سالوجی نے شیخ الحدیث مفتی رضاء الحق اور دیگر اساتذہ کرام کی طرف سے حضرت اقدس کی دارالعلوم زکریا کے مہمان کی حیثیت سے تشریف آوری پر اظہار تشکر کرتے ہوئے اسے جامعہ کی روحانی اور مادی ترقی کے لیے ایک ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ۱۹۸۷ء سے ہماری خواہش تھی کہ ہمارے ادارے کو حضرت اقدس اپنی برکات سے منور فرمائیں تاکہ اساتذہ کرام اور طلباء آپ کی زیارت سے مشرف اور آپ کے علوم کی برکات سے مستفید ہو سکیں۔ لیکن حضرت اقدس اپنی تدریسی ضروریات اور تصنیفی مشغولیات کی وجہ سے ہماری دعوت قبول کرنے سے گریز فرماتے رہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ حضرت اقدس کی مصروفیات ایسی ہیں کہ آپ کی کہیں تشریف آوری معجزہ سے کم نہیں۔ 
زندگی کا ایک ایک لمحہ آپ نے علوم دین کی خدمت کے لیے وقف کیا ہوا ہے۔ تہجد کے وقت سے لے کر رات گیارہ بجے تک ایک مشین کی طرح مصروف عمل رہتے ہیں۔ بخاری شریف، ترمذی اور تفسیر قرآن کے اسباق آپ گزشتہ ۴۰ سال سے جامعہ نصرۃ العلوم میں پڑھا رہے ہیں اور بقول حضرت اس سالہا سال ایسے گزر گئے جس میں آپ نے ایک دن بھی تعلیم کا ناغہ نہیں فرمایا۔ 
۱۹۴۳ء سے آپ نے جو عمومی درس شروع فرمایا تھا اس میں اب تک آپ نو مرتبہ قرآن مجید تفسیر کے ساتھ مکمل فرما چکے ہیں اور دسویں مرتبہ درس قرآن جاری ہے۔ گزشتہ میں سال سے آپ ماہ شعبان المبارک اور ماہ رمضان المبارک میں علماء کرام کے لیے دورہ تفسیر قرآن کریم کا اہتمام فرماتے ہیں جس میں روزانہ آپ ایک نشست میں پانچ گھنٹے مسلسل درس دیتے ہیں تاکہ قرآن مجید کی تفسیر دو ماہ میں مکمل ہو جائے۔ ایک ہزار کے قریب علمائے کرام اس درس میں شرکت فرماتے ہیں۔ 
ہمارے مرشد اور استاد محترم محدث العصر حضرت مولانا سید محمد یوسف بنوری رحمۃ اللہ علیہ جب بھی حضرت اقدس کا تذکرہ فرماتے تو ’’ترجمانِ دیوبند‘‘ سے آپ کو خطاب فرماتے اور اکثر فرماتے ہیں: ’’عقائد اور تمام مسائل میں حضرت مولانا سرفراز خان صاحب ہماری طرف سے فرضِ کفایہ ادا کر کے ہماری ترجمانی فرماتے ہیں‘‘۔ 
مسئلہ حیاۃ النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر جب اہلِ حق کے درمیان اختلاف کی خلیج بڑھنے لگی تو حضرت مولانا سید محمد یوسف بنوریؒ، حضرت مولانا شمس الرحمٰن افغانیؒ، حضرت مولانا محمد علی جالندھریؒ، حضرت مولانا مفتی محمد شفیعؒ، حضرت مولانا غلام غوث ہزارویؒ اور دیگر علمائے کرام نے یہ فیصلہ کیا کہ علمائے حق دیوبند کی طرف سے حضرت اقدس اس مسئلہ کی وضاحت فرمائیں۔ حضرت اقدس نے علمائے حق کی ترجمانی کرتے ہوئے ’’تسکین الصدور‘‘ کے عنوان سے مسئلہ کی مکمل تنقیح فرمائی اور اس طرح علمائے حق کا واضح موقف آنے کے بعد اختلافات دور ہو گئے۔ 
حضرت اقدس نے ’’مقامِ ابی حنیفہؒ‘‘ تحریر فرمائی تو مفتی اعظم پاکستان مولانا مفتی محمد شفیع رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا: ’’میرا ارادہ اس موضوع پر لکھنے کا تھا لیکن آپ کی اس کتاب کے بعد اب اس موضوع پر لکھنے کی ضرورت باقی نہیں رہ جاتی‘‘۔
طلاقِ ثلاثہ پر آپ کے موقف کو مفتی محمد شفیع رحمۃ اللہ علیہ نے تفسیر معارف القرآن میں آپ کے نام اور حوالے کے ساتھ ’’الطلاق مرتان‘‘ کے ضمن میں ذکر فرما کر یہ واضح کر دیا کہ حضرت کا موقف علمائے حق دیوبند کا موقف ہے۔ اللہ تعالیٰ حضرت اقدس کی زندگی میں برکت عطا فرمائے اور ہمیں آپ کی برکات و فیوضات سے استفادہ کی توقع عطا فرمائے۔ 
بعد ازاں جامعۃ العلوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کے فاضل مولانا محمد ابراہیم بھامجی کے مدرسہ کا سنگِ بنیاد رکھا۔ مولانا محمد ابراہیم بھامجی لینسیا میں ایک مدرسہ قائم کر رہے ہیں جس میں تین تا دس سال کے بچوں کی تعلیم و تربیت کا انتظام ہو گا۔ مدرسہ کے اخراجات کے لیے پٹرول پمپ اور سروس اسٹیشن قائم کر رہے ہیں۔ حضرت مولانا اور دیگر احباب نے گارا ڈال کر اس مبارک کام کا آغاز کیا۔ حضرت اقدس نے دعا فرمائی کہ اللہ تعالیٰ اس جگہ کو دینی ادارے کے لیے قبول فرمائے۔ 
مولانا حبیب احمد نے اس موقع پر درخواست کی کہ حضرت، ہم مركز التوحید الاسلامی کے تحت گراہمبر کے علاقے میں کالوں کی آبادی میں کام کر رہے ہیں اور الحمد للہ کافی بچوں اور لوگوں کو اسلام کی دعوت دے کر مسلمان بنایا ہے۔ اگر آپ تشریف لے گئے تو ہمارے کام میں برکت ہو گی۔ حضرت نے درخواست قبول فرمائی اور وہاں تشریف لے گئے، چالیس کے قریب بچے دارالاقامہ میں قیام پذیر تھے۔ جبکہ مقامی بچوں کی تعداد کافی ہے جو کہ چھٹی کی وجہ سے اپنے گھروں کو چلے گئے تھے۔ دارالاقامہ اور درسگاہیں دیکھیں۔ مولانا حبیب احمد نے بتایا کہ ابتداء میں جب کام شروع کیا تو دو چار بچے تھے۔ ان کو بھی روزانہ گھروں سے لاتے تھے۔ آہستہ آہستہ لوگ متوجہ ہوئے۔ ایک سو سے زائد عورتیں مسلمان ہوئیں جن کی تعلیم و تربیت کا انتظام کیا گیا ہے۔ ایک سو سے زائد بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ چالیس بچے دارالاقامہ میں رہتے ہیں۔ مخیر حضرات کے تعاون سے کام چل رہا ہے۔ عورتوں اور بچوں کو راشن وغیرہ دے کر تعلیم کی طرف راغب کیا جاتا ہے۔ بچوں نے قرآن سنایا، ایک دو بچوں نے عربی میں مکالمہ کیا۔ ایک بچے نے عربی میں خطبہ دیا۔ حضرت اقدس کی تشریف آوری پر مصری استاد نے خوش آمدید کہتے ہوئے بچوں کو کہا کہ یہ تم بہت خوش قسمت ہو کہ پاکستان کی ایک عظیم شخصیت جن کی زندگی علم دین کی اشاعت سے تعبیر ہے، تمہارے پاس اتنے دور دراز سے تشریف لائی، آپ کی آمد ہمارے لیے خوشی اور مسرت کا باعث ہوئی۔ حضرت اقدس نے دعا فرماتے ہوئے فرمایا کہ الحمد للہ ان لوگوں میں کام کرنے کا بہت اجر ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان لوگوں کو جہنم سے نجات دلانے کے لیے جدوجہد کریں۔ اللہ تعالٰی شرف قبولیت سے نوازے اور آپ کی خدمات کو قبول فرمائے۔ 
جوہانسبرگ جنوبی افریقہ کا مرکزی شہر ہے۔ بڑے بڑے تجارتی مراکز اسی شہر میں ہیں۔ محمود میاں اس خاندان سے تعلق رکھتے ہیں جنہوں نے حضرت مولانا انور شاہ کشمیری رحمۃ اللہ علیہ کی خدمت کی اور مجلس علمی قائم کی۔ ان سے ملاقات ہوئی، انہوں نے حضرت سے نصیحت کی درخواست کی، جس پر حضرت نے مختصر خطاب فرمایا۔
جناب احمد صاحب سے بھی ملاقات ہوئی، انہوں نے درخواست کی کہ جمعہ سے قبل میفیر کی جامع مسجد میں خطاب فرمائیں، جوہانسبرگ کے تمام تجار اس مسجد میں نماز ادا کرتے ہیں، ان شاء اللہ بہت مفید ہو گا۔ حضرت نے درخواست قبول فرمائی۔ نماز ظہر کے بعد جناب حاجی ابراہیم ڈابھیلیا کے مکان پر مستورات کا بیان تھا، حضرت اقدس نے تقریباً پون گھنٹہ بیان فرمایا۔ مستورات کے بیان سے فارغ ہو کر جمعیت علماء اسلام ٹرانسوال کے سیکرٹری، جنرل مفتی احمد الرحمٰن رحمۃ اللہ علیہ کے تلمیذ خاص مولانا ظہیر احمد راگی نے عصرانہ کا اہتمام کیا تھا، جس میں ایل ایم اے کے مہتمم مولانا محمد نانا بھائی، ممتاز تاجر غلام کاکا، مسلم اسکول کے استاد مولانا موسیٰ پانڈور، جمعیت علماء اسلام کے نائب امیر مولانا عبد الحئی کاکا، مولانا محمد ابراہیم بھامجی، دارالعلوم آزاد ول کے استاد مولانا عبد اللہ پایا نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ مولانا ظہیر احمد راہی نے حضرت اقدس کی افریقہ تشریف پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کم وقت پر افسوس کا اظہار کیا اور خواہش ظاہر کی کہ اگر فارغ وقت میں زیادہ دن کے لیے تشریف لائیں تو جمعیت علماء افریقہ دارالعلوم زکریا کے تعاون سے دورۂ تفسیر قرآن کا اہتمام کرتے۔ 
مولانا ظہیر احمد راگی نے بتایا کہ الحمد للہ جمعیت علماء افریقہ کی مسلمانوں کے سلسلہ میں بہت خدمات ہیں۔ مساجد کا قیام، ایئر پورٹ میں بھی مسجد قائم کر دی گئی ہے، مسلم اسکول کا قیام، دینی مدارس سے تعاون، بینکوں میں بلاسود بینکاری کی سہولت، حلال گوشت مہیا کرنا، تمام اشیاء کے حلال ہونے کی سند جاری کرنا، اور دنیا بھر کے مسلمانوں کی امداد کرنا۔ اس سلسلے میں بوسنیا، افغانستان، کشمیر، برما، صومالیہ میں بہت زیادہ تعاون کیا۔ ملاوی، موزمبیق میں مدارس قائم کیے۔ کالوں کی آبادی میں مدارس کے قیام کے لیے جدوجہد، تاشقند، ماسکو میں مجلس تحفظ ختم نبوت کے تعاون سے قرآن کی طباعت و تقسیم اور مساجد کا قیام سرفہرست ہے۔ دعا فرمائیں کہ جمعیت علماء افریقہ مسلمانوں کی خدمات میں اسی طرح مصروف رہے۔ 
حضرت اقدس نے جمعیت علماء افریقہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا کہ نوجوان علماء کرام بہت زیادہ خدمات انجام دے رہے ہیں اور افریقہ کا اسلامی ماحول مثالی ماحول ہے، تمام مسلمانوں کو اس کی اتباع کرنی چاہئے اور مسلمانوں کے وسائل کو دین کی تبلیغ و علومِ نبویہ کی اشاعت میں صَرف کرنا چاہئے تاکہ اللہ تعالیٰ کی رحمت پوری طرح متوجہ ہو۔ عشائیہ کا اہتمام مولانا محمد موسیٰ پانڈور کے یہاں تھا جس میں مقامی علمائے کرام اور دارالعلوم زکریا کے مہتمم مولانا شبیر احمد سالوجی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ بعد نماز عشاء لینسیا کی مسجد میں بیان تھا۔ 
بروز جمعرات ناشتہ کا اہتمام مولانا محمد سلیمان کی طرف سے تھا۔ ظہرانہ حافظ بشیر احمد کی طرف سے تھا، جبکہ عشائیہ مولانا مفتی محمد علی کی جانب سے تھا۔ جمعرات کو بعد نماز عشاء جمعیت علمائے ٹرانسوال کی جانب سے علمائے کرام کا اجتماع تھا، اس اجتماع میں حضرت اقدس نے تفصیلی بیان فرمایا۔ تقریباً‌  ایک سو علمائے کرام نے حدیث شریف اور تفسیر قرآن کی اجازت طلب کی۔ حضرت اقدس نے علمائے کرام کو حدیث اور قرآن مجید کے درس دینے کی شرط پر اجازت مرحمت فرمائی۔ بروز جمعہ بعد نماز فجر درس قرآن کا سلسلہ شروع کریں گے۔ حدیث شریف کا درس بھی دیا کریں گے۔ علمائے کرام کے اعزاز میں دار العلوم زکریا کے مہتمم مولانا شبیر احمد سالوجی کی جانب سے ناشتہ کا اہتمام کیا گیا۔ جمعہ کے دن دار العلوم زکریا کے طلباء کا آخری پرچہ تھا اور اس کے بعد پندرہ دن کی چھٹیاں ہونی تھیں اس لیے حضرت اقدس نے نماز کی اہمیت اور عورتوں کی نماز کے متعلق مسائل بیان فرمائے۔
جمعہ کا دن حضرت کا مصروف ترین دن تھا۔ درس کے بعد مولانا محمد یونس دراجہ جو جمعیت علماء ٹرانسوال کے رکن ہیں، ان کے یہاں ناشتہ کا اہتمام تھا۔ ناشتہ کے بعد جمعیت علماء ٹرانسوال کے نائب امیر مفتی اعظم پاکستان مولانا مفتی ولی حسن رحمۃ اللہ علیہ کے تلمیذ خاص مولانا محمد عبد الحئی کاکا کے یہاں مختصر تقریب میں شرکت فرمائی۔ بعد ازاں مولانا شبیر احمد سالوجی کے ہمراہ جوہانسبرگ تشریف لے گئے، جہاں جامع مسجد ہیفیر میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرنا تھا۔ راستہ میں جمعیت علماء ٹرانسوال اور دارالعلوم زکریا کے خصوصی معاونین جناب احمد وید، جناب نذیر بڈھانی، جناب غلام کاکا کے کاروباری مراکز پر دعا کرائی۔ جامع مسجد ہیفیر جوہانسبرگ کی مرکزی خوبصورت مسجد ہے اور مسلمانوں کا بہت بڑا اجتماع اس مسجد میں جمعہ کو ہوتا ہے۔ نماز سے کافی پہلے ہی مسجد نمازیوں سے بھر گئی تھی۔ حضرت اقدس نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب فرمایا۔ 
نماز کے بعد جمعیت علماء ٹرانسوال کے سیکرٹری مولانا ابراہیم بھام، مولانا محمد یوسف وغیرہ نے حضرت سے ملاقاتیں کیں اور اپنے کام کے لیے خصوصی دعائیں کروائیں۔ نماز کے بعد ممتاز تاجر محمود میاں نے ظہرانہ کا اہتمام کیا تھا جس میں علمائے کرام اور تجار حضرات نے شرکت کی اور حضرت والا سے خصوصی دعائیں فرمائیں۔ چونکہ رات کو حرمین شریفین روانگی تھی اس لیے جنوبی افریقہ کا آخری پروگرام تھا۔ جناب محمد اقبال دراجہ کے کاروباری مرکز پر دعا فرماتے ہوئے دار العلوم زکریا پہنچے اور سفر حرمین شریفین کی تیاری شروع کی۔ 
شیخ مطیع الرسول صاحب کی اطلاع کے مطابق انہوں نے حرمین شریفین کی زیارت کا ویزا لگوا کر پاسپورٹ اولمپک ایئرویز کے ایک انجینئر کے ذریعہ جنوبی افریقہ بھجوائے تھے، پاسپورٹ چھ بجے کے قریب ایئرپورٹ پہنچنے تھے اور حرمین شریفین کے لیے گلف ایئرلائن کی فلائٹ دس بجے تھی۔ اس لیے اطمینان تھا کہ روانگی ہو جائے گی۔ اس دوران حضرت اقدس سے ابوبکر چوغلے جو کہ حضرت مفتی احمد الرحمٰن رحمۃ اللہ علیہ کے خادم خاص تھے، اور اب افریقہ میں کالوں کی آبادی میں مولانا شبیر احمد سالوجی اور شیخ مطیع الرسول کی نگرانی میں کافی اچھا کام کر رہے ہیں، ملاقات کے لیے آئے اور اپنے کام کے لیے حضرت سے خصوصی دعا کرائی۔ 
شام سات بجے ایئر پورٹ گئے تاکہ پاسپورٹ وغیرہ وصول کریں، روانگی کے لیے سامان پیک کرا دیں، بعد ازاں حضرت ایئر پورٹ تشریف لے آئیں، لیکن ابھی افریقہ میں حضرت اقدس کی کچھ علمائے کرام سے ملاقاتیں اور کچھ جگہ بیان مقرر تھا۔ اللہ تعالیٰ نے دو دن مزید افریقہ میں ان کے لیے عجیب انداز میں انتظام فرمایا۔ پاسپورٹ لینے جب اولمپک ایئرویز پہنچے تو پاسپورٹ ندارد۔ معلوم ہوا کہ جس انجینئر کو پاسپورٹ دیے تھے وہ غلطی سے پاسپورٹ دینے کے بجائے واپس لے گیا۔ اب صبر کے سوا کوئی صورت نہیں، جہاز کا معلوم کیا تو پتہ چلا کہ اب اتوار کو فلائیٹ ہے۔ فوری طور پر اس پر بلنگ کرائی اور شیخ مطیع الرسول صاحب سے نیروبی رابطہ کر کے پوری تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اللہ تعالٰی ان کو جزائے خیر عطا فرمائے، انہوں نے فوری طور پر دوسرے دن کی فلائیٹ سے پاسپورٹ ارسال کرنے کا بندوبست کر کے مطلع کیا۔ 
دار العلوم زکریا میں ہی تشریف فرما تھے۔ مولانا محمد ابراہیم بھامجی، مولانا محمد عبد الحئی کاکا، مولانا محمد موسیٰ پانڈور، مولانا یونس دراجہ، مولانا ابوبکر چوغلے، مولانا حبیب احمد مردانی وغیرہ کے ساتھ دار العلوم واپسی ہوئی۔ حضرت والا کو تفصیلات سے آگاہ فرمایا۔ صبر و تحمل کے پیکر حضرت نے فرمایا: مقدر کی بات کو کوئی نہیں ٹال سکتا، اللہ تعالیٰ خیر کا معاملہ فرمائیں۔ 
دارالعلوم زکریا میں امتحان ختم ہو گئے تھے اور مدرسہ میں دن کی تعطیل تھی، تمام طلباء اپنے اپنے گھروں کو چلے گئے، فجر کی نماز جس میں روزانہ کئی صفیں ہوتی تھیں، آج صرف دس پندرہ افراد شریک نماز تھے، حضرت اقدس نے نماز کی امامت فرمائی اور اس کے بعد درس دیا۔ 
دوپہر کو حافظ بشیر احمد صاحب کے یہاں ظہرانہ کا اہتمام تھا۔ رات کو جامع مسجد موڈیم میں بیان تھا، برادرم احمد دید کی گاڑی میں مولانا شبیر احمد کے ساتھ بعد نماز عصر موڈیم کی طرف روانگی ہوئی۔ موڈیم میں جمعیت علمائے ٹرانسوال کے تعاون سے مسلم اسکول بھی ہے۔ جمعیت علماء کے صدر مولانا محمد عباس جناح اس کے نگران ہیں۔ یہ اسکول مسلمان بچوں کی تعلیم میں گراں قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔ مغرب کی نماز کی امامت بھی حضرت اقدس نے فرمائی اور اس کے بعد نمازیوں سے خطاب فرمایا۔
پہلے پروگرام کے مطابق بروز جمعہ ساڑھے دس بجے جوہانسبرگ سے براستہ ابو ظہبی مسقط جدہ روانہ ہونا تھا، لیکن نیروبی سے مولانا مطیع الرسول نے بڑی محنت اور کوشش فرما کر سعودی عرب کا  ’’زیارت ویزہ‘‘ لگوا کر اولمپک ایئر لائن کے ایک انجینئر کے ہاتھ سے پاسپورٹ روانہ کیا۔ وہ انجینئر جلدی میں پاسپورٹ دینا بھول گیا اور پاسپورٹ واپس لے گیا۔ اس طرح پروگرام کے مطابق اس فلائٹ سے جدہ روانگی نہ ہو سکی۔ دوسری فلائٹ براستہ ابو ظہبی بحرین جدہ اتوار کی صبح سوا نو بجے تھی۔ اس میں نشستیں مخصوص کرا دیں۔ نیروبی فون کر کے شیخ مطیع الرسول صاحب کو صورت حال سے مطلع کیا۔ انہوں نے انتہائی کوشش کر کے ہفتہ کے دن کینیا ایئر لائن کی فلائٹ سے پاسپورٹ دوبارہ روانہ کیے۔ 
مولانا مطیع الرسول صاحب حضرت اقدس مولانا سید محمد یوسف بنوری رحمتہ اللہ علیہ کے تلمیذ خاص ہیں، بنوری ٹاؤن کے فضلاء میں سے ہیں، بعد ازاں ڈاکٹر عبد الرزاق اسکندر اور مولانا عبد اللہ کاکا خیل کے ہمراہ جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ سے تعلیم حاصل کی۔ حضرت مولانا مفتی احمد الرحمٰن رحمۃ اللہ علیہ کے خاص رفیق ہیں۔ نیروبی میں دار الافتاء کی طرف سے مبعوث ہیں اور کینیا میں ان کی دینی خدمات قابل تحسین ہیں۔ گریسہ میں ایک بہترین اسکول و مدرسہ کالے مسلمانوں کے بچوں کے لیے شروع کیا ہے۔ اکابر علمائے کرام سے خصوصی تعلق ہے۔ 
حضرت اقدس کو چونکہ عمرہ پر جانا تھا اور اس وقت عمرہ کے ویزے بند تھے، اس لیے محنت کر کے زیارت کا ویزہ لگوایا۔ اللہ تعالی جزائے خیر عطا فرمائے۔ ۱۶ جولائی بروز اتوار صبح سات بجے دارالعلوم زکریا سے جوہانسبرگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی طرف روانگی ہوئی۔ روانگی سے قبل حضرت اقدس نے مولانا شبیر احمد سالوجی کے گھر ناشتہ کے بعد جمعیت علماء نٹال کے مولانا محمد یونس پٹیل صاحب کو ان کی درخواست پر اجازتِ حدیث شریف اور اجازتِ تفسیر قرآن مرحمت فرمائی۔ مولانا یونس پٹیل صاحب حضرت سے ملاقات کے لیے ڈربن سے تشریف لائے تھے۔ 
ایئر پورٹ پر حضرت کو رخصت کرنے کے لیے جمعیت علماء ٹرانسوال کے صدر مولانا محمد عباس جناح، نائب صدر مولانا محمد عبد الحئی کاکا، دار العلوم زکریا کے مہتمم مولانا شبیر احمد سالوجی، مولانا مفتی محمد علی، حافظ بشیر احمد، مسلم سکول آزاد ول کے استاد مولانا محمد موسیٰ پانڈور، لینسیا مسلم ایسوسی ایشن کے اساتذہ اور تمام علمائے کرام کے خادم خاص مولانا محمد ابراہیم بھامجی، مولانا حبیب احمد، مولانا محمد یونس، ڈاکٹر مسعود الحسن ٹونکی (حضرت مفتی اعظم پاکستان مولانا مفتی ولی حسن ٹونکی رحمۃ اللہ کے صاحبزادے)، مولانا ابوبکر چوغلے اور کئی علماء اور حضرات تشریف لائے۔ حضرت اقدس نے اس موقع پر دعا فرمائی اور تلقین کی کہ درس قرآن کریم کا سلسلہ شروع کیا جائے۔ 
حضرت نے تمام احباب خصوصاً‌ مولانا شبیر احمد سالوجی، مولانا ابراہیم بھامجی اور مولانا محمد عبد الحئی کاکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ حضرات نے بہت زیادہ تکلف اور تکلیف سے کام کیا، بہت اعزاز و اکرام فرمایا، اللہ تعالیٰ آپ حضرات کو جزائے خیر عطا فرمائے، آپ حضرات کا بہت بہت شکریہ۔ 
مولانا شبیر احمد سالوجی نے جواب میں عرض کیا: حضرت والا آپ کا بہت بہت شکریہ کہ آپ نے ہماری درخواست قبول فرمائی اور تعلیمی مصروفیت، درس تدریس، تصنیفی کام اور پیرانہ سالی کے باوجود تشریف لائے۔ ان شاء اللہ آپ کی تشریف آوری سے افریقہ میں قرآن مجید کے دروس کا خصوصی سلسلہ شروع ہو گا۔ ہماری درخواست ہے کہ آپ ایک مرتبہ ایک ماہ کے لیے تشریف لائیں،  ہم علمائے کرام کو جمع کریں گے، وہ ایک دفعہ آپ سے تفسیر قرآن شریف پڑھیں تو ان شاء اللہ اس کے اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔ اس آخری گفتگو کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ کے ایک ہفتہ کا دورہ اختتام پذیر ہوا۔



نوٹ: مولانا مفتی محمد جمیل خان نے حضرت شیخ الحدیث مدظلہ کے متعدد خطابات اس سفرنامہ کے ساتھ قلمبند کیے ہیں اور سعودی عرب کے سفر کی رپورٹ بھی مرتب فرمائی ہے، ہم اس کرم فرمائی پر ان کے شکر گزار ہیں۔ خطابات اور دورہ سعودی عرب کی رپورٹ ’’الشریعہ‘‘ کے آئندہ شماروں میں قارئین کی خدمت میں پیش کی جائے گی۔ ان شاء اللہ تعالٰی (اداره)

قافلۂ معاد

مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

مولانا سید ابوذر بخاریؒ

امیر شریعت سید عطاء اللہ شاہ بخاری رحمہ اللہ تعالیٰ کے فرزند و جانشین اور مجلس احرار اسلام کے قائد حضرت مولانا سید ابوذر عطاء المنعم شاہ بخاریؒ طویل علالت کے بعد گزشتہ دنوں ملتان میں انتقال فرما گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ مرحوم حضرت امیر شریعت رحمہ اللہ تعالیٰ کے علمی و فکری جانشین تھے اور بلند پایہ عالم دین، دانشور، صاحبِ قلم اور منجھے ہوئے خطیب ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے عظیم باپ کی وضعداری، فقر و استغناء اور حق گوئی کی روایات کے بھی امین تھے، جو کساد بازاری کے اس دور میں جنسِ نایاب ہوتی جا رہی ہے۔ 
مولانا سید ابوذر بخاریؒ جو حافظ جی کے نام سے معروف تھے، مطالعہ اور معلومات کے حوالے سے اپنے دور کے چند گنے چنے افراد میں شمار ہوتے تھے، وہ کسی موضوع پر گفتگو کرتے تو گھنٹوں بے تکان بولتے چلے جاتے اور مستند معلومات کا انبار لگا دیتے۔ ان کی مجلس میں کبھی تھوڑی دیر کے لیے بیٹھنے کا اتفاق ہوتا تو مجلس سے اٹھنے کے بعد یوں محسوس ہوتا جیسے کسی بڑی لائبریری میں کچھ وقت گزار کر آئے ہیں۔ بے رحم سیاست کی آکاس بیل ان کی شخصیت کے گرد حصار قائم نہ کر لیتی تو قحط الرجال کے اس دور میں وہ اہلِ علم کے لیے استفادہ اور راہنمائی کا ایک بڑا مرکز اور مرجع ہوتے۔ مگر حوادثِ زمانہ کے تسلسل نے انہیں گوشہ نشینی اور علالت کی دیوار کے ساتھ لگا دیا۔ 
حافظ جیؒ کی وفات صرف بخاری خاندان اور مجلس احرار اسلام کے کارکنوں کے لیے نہیں بلکہ ہر اس شخص کے لیے باعثِ رنج و غم ہے جو علم دوستی، وضع داری اور بے باکی کی قدروں سے شناسائی رکھتا ہے۔ اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائیں، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام سے نوازیں اور ان کے اہلِ خاندان اور عقیدت مندوں کو صبر و حوصلہ عطا فرمائیں، آمین یا رب العالمین۔

مولانا محمد اسحاق سندیلویؒ

ملک کے ممتاز عالم دین اور محقق حضرت مولانا محمد اسحاق سندیلویؒ گزشتہ دنوں انتقال فرما گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ وہ ایک عرصہ تک ندوۃ العلماء لکھنؤ کے ساتھ منسلک رہے، پھر کراچی آگئے اور حضرت مولانا سید محمد یوسف بنوریؒ کے علمی رفقاء میں شامل ہو گئے۔ محقق عالم تھے، تاریخ پر گہری نظر تھی، ساری زندگی تدریسی اور تحقیقی سرگرمیوں میں مصروف رہے۔ ان کی متعدد تصانیف منظر عام پر آچکی ہیں، اللہ تعالیٰ انہیں عفو و درگزر سے نوازیں اور جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائیں۔ 

مولانا امیر حسینؒ

ہمارے ایک بہت پرانے دوست اور ساتھی مولانا امیر حسینؒ کا گزشتہ دنوں کوہلو والا میں انتقال ہو گیا، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ ان کا تعلق مظفر آباد آزاد کشمیر کے علاقہ چناری سے تھا اور گزشتہ پینتیس برس سے گوجرانوالہ کی نواحی بستی کوہلو والا میں دینی خدمات سر انجام دے رہے تھے۔ بچوں کی دینی تعلیم کا ایک مدرسہ بھی انہوں نے قائم کیا جو اَب ان کی یادگار ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائیں اور پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق دیں، آمین یا رب العالمین۔

عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کی توجہ کے لیے

’’مسلمان لیڈر‘‘ کی اپیل پر واشنگٹن میں دس لاکھ کالے امریکیوں کا اجتماع

ادارہ

’’واشنگٹن (ریڈیو رپورٹ) امریکہ میں جرائم، منشیات، کالے اور گورے کے نسلی امتیاز کے خلاف مسلمان لیڈر لوئیس فرخان کی اپیل پر واشنگٹن میں دس لاکھ سیاہ فام امریکیوں کا تاریخ ساز اجتماع ہوا۔ وائس آف امریکہ کے مطابق ’’ملین مین مارچ‘‘ (لاکھوں مردوں کے مارچ) کی کال سیاہ فام مسلمانوں کی ملک گیر تنظیم ’’نیشن آف اسلام‘‘ کے سربراہ لوئیس فرخان کی تھی۔ اس اجتماع میں مسلمان، عیسائی اور دیگر مذاہب کے لوگوں نے شرکت کی۔ سب سے پہلے اذان دی گئی جس کا انگریزی میں ساتھ ساتھ ترجمہ کیا گیا اور پھر کارروائی کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے لوئیس فرخان نے کہا کہ امریکہ اب بھی دو حصوں سیاہ فام اور سفید فام امریکہ میں بٹا ہوا ہے۔ انہوں نے سیاہ فام امریکیوں پر زور دیا کہ وہ اس نسلی امتیاز کو ختم کرنے کے لیے آگے بڑھیں۔ لوئیس فرخان یہودیوں کے سخت خلاف ہیں۔‘‘ (روزنامہ جنگ لاہور ۱۸ اکتوبر ۹۵ء)
لوئیس فرخان امریکہ کے آنجہانی سیاہ فام لیڈر آلیج محمد کے جانشین ہیں۔ آلیج محمد نے اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی یہ دعوی کر دیا کہ انہیں نبوت کا مقام حاصل ہے اور ان پر اللہ تعالی کی طرف سے وحی آتی ہے۔ آلیج محمد نے ’’نیشن آف اسلام‘‘ کے نام سے تنظیم قائم کی اور اپنے مذہب اور عقائد کا پرچار اسلام کے نام سے شروع کیا، جسے لوئیس فرخان آگے بڑھانے میں مصروف ہیں اور آلیج محمد کے جانشین کے طور پر اسلام کے نام پر ان عقائد و نظریات کو پھیلا رہے ہیں۔ 
کیا عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت، انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ، شعبہ تبلیغ مجلس احرار اسلام، اداره مرکزیہ دعوت و ارشاد چنیوٹ، یا تحفظ ختم نبوت کے لیے کام کرنے والی کوئی جماعت اس سلسلہ میں مسلمانوں کی راہنمائی کی طرف توجہ دے سکے گی؟

مسلمان طالبہ کا حجاب: فرانس کی ایک سول کورٹ کا تاریخی فیصلہ

ادارہ

ہفت روزہ عربی جریده ’’العالم الاسلامی‘‘ مکہ مکرمہ کی رپورٹ کے مطابق: 
فرانس کے نانسی شہر کے سول کورٹ نے حکومتِ فرانس کو حکم دیا ہے کہ مراکشی مہاجر مسلم طالبہ سلوی آیت احمد کو، جسے سر پر دوپٹہ ڈالنے کی وجہ سے امتحان میں بیٹھنے سے روک دیا گیا، دس ہزار ڈالر جرمانہ ادا کرے۔ پندرہ سالہ سلوی احمد کے اسکول کی انتظامیہ نے گزشتہ جون میں سلوی کو محض اس جرم میں سالانہ امتحان میں شرکت کی اجازت نہیں دی تھی کہ اس نے انتظامیہ کے اس مطالبہ کو کہ سر پر دوپٹہ نہ ڈالے، ماننے سے انکار کر دیا تھا۔ 
باوجود اس کے کہ عدالت کا یہ فیصلہ نہایت منصفانہ اور عقل و منطق کے عین مطابق ہے، فرانس میں اس سے ہلچل مچ گئی۔ وجہ اس کی یہ ہے کہ مسلم طالبات کے سرپرستوں اور والدین کی طرف سے ۱۹۸۹ء سے اب تک اس طرح کے سیکڑوں مقدمات فرانس کی مختلف عدالتوں میں دائر کیے گئے لیکن ابھی تک کسی فیصلہ میں دوپٹہ میں اسکول آنے کی اجازت نہ دینے کی وجہ سے حکومت فرانس پر جرمانہ عائد نہیں کیا گیا تھا۔ سلوی احمد، جو فرانس میں پیدا ہوئی، کے والدین مراکشی ہیں۔ 
اس کے اسکول کے اس فیصلہ کا نفاذ فرانس اکیڈمک کمیشن کی توثیق کے بعد ہی عمل میں آیا تھا۔ انتظامیہ نے سلوی کے اخراج اور امتحان سے محروم کر دینے کی قرارداد منظور کرتے ہوئے کہا وہ امن و سلامتی کے پیش نظر اس اقدام پر مجبور ہے۔ سلوی نے اسکارف سے سر اور بال چھپا کر اسکول کے اندرونی نظام کی خلاف ورزی کی ہے، وہ ورزش اور سائنس کے گھنٹوں میں بھی سر سے دوپٹہ نہیں ہٹاتی ہے۔ 
سلوی کے وکیل باسکل برنارڈ نے اپنی بحث میں اس نکتہ پر خاص طور پر توجہ مرکوز کی کہ اسکول کے اس فیصلہ سے سلوی اور اس کے سرپرستوں کو روحانی و نفسیاتی اذیت اور مالی خسارہ ہوا۔ 
سابق وزیر تعلیم مسٹر فرانسو نے ستمبر ۹۴ء میں تعلیمی اداروں کے اندر مذہبی مظاہر کی نمائش و اظہار پر پابندی عائد کر دی تھی۔ اس وقت سے اب تک فرانس کی عدالتوں نے مسلم طالبات (جنہیں سر پر دوپٹہ ڈالنے کے جرم میں تعلیم سے محروم ہونا پڑا) کے ۹۲ مقدمات کی سماعت کی۔ ۷۶ مقدمات کی سماعت عدالت نے مکمل کرلی ہے، جن میں سے ۴۴ میں اسکولوں اور کالجوں کے اس فیصلہ کو غلط قرار دیا گیا ہے، جبکہ ۳۰ میں فیصلہ کو حق بجانب کہا گیا ہے۔
(بشکریہ تعمیرِ حیات، لکھنؤ)

دسمبر ۱۹۹۵ء

فوجی افسران کی گرفتاری اور سرکاری موقفمولانا ابوعمار زاہد الراشدی 
عالمِ اسلام کے مسائل، علمی و فکری تناظر میںاقبال احمد صدیقی 
شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر کا سفر حرمین شریفینمفتی محمد جمیل خان 
حضرت شیخ الحدیث مدظلہ کا دورہ کوئٹہ و قندھارمولانا عبد القدوس خان قارن 
ورلڈ اسلامک فورم کا دوسرا سالانہ میڈیا سیمینارادارہ 
تعارف و تبصرہمولانا ابوعمار زاہد الراشدی 
اشاریہ ماہنامہ الشریعہ جلد ۶ (۱۹۹۵ء)ادارہ 

فوجی افسران کی گرفتاری اور سرکاری موقف

مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

پاک فوج کے بعض افسروں کی گرفتاری کے تقریباً ڈیڑھ ماہ بعد وزیراعظم اور وزیر دفاع کے بیانات نے اس سلسلہ میں ملکی اور عالمی سطح پر ہونے والی بحث کو ایک نیا رخ دے دیا ہے اور حکومت کی مسلسل خاموشی سے پیدا ہونے والے شکوک و خدشات ختم ہونے کی بجائے مزید سوالات و شبہات کو جنم دینے کا باعث بن گئے ہیں۔ میجر جنرل ظہیر الاسلام اور بریگیڈیر مستنصر باللہ سمیت دو درجن کے لگ بھگ افراد اس وقت زیرحراست ہیں جن میں فوجی افسران کے علاوہ بعض علماء کرام بھی شامل ہیں۔ ان گرفتاریوں کے بارے میں مختلف حلقوں کی طرف سے جو قیاس آرائیاں اب تک سامنے آئی ہیں وہ کچھ اس طرح ہیں کہ:

یہ تو وہ قیاس آرائیاں ہیں جو مختلف حلقوں کی طرف سے ملکی اور بین الاقوامی پریس کے ذریعے سامنے آئی ہیں، لیکن وزیر دفاع جناب آفتاب شعبان میرانی نے سینٹ میں سینیٹر حافظ حسین احمد کے سوال پر سرکاری پالیسی کی وضاحت کرتے ہوئے جو کچھ کہا ہے اور بعد میں وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو نے بھی سینٹروں کے اعزاز میں دی گئی ایک دعوت میں گفتگو کرتے ہوئے اس کی تصدیق کی ہے، اس کا خلاصہ یہ ہے کہ:

’’یہ افسر ملک میں اسلامی انقلاب لانے کی سازش کر رہے تھے، انہوں نے کور کمانڈرز کی میٹنگ میں فوجی قیادت کو اور بعد میں صدر اور وزیراعظم کو قتل کر کے اقتدار پر قبضہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا اور ملک میں نافذ کرنے کے لیے ’’خودساختہ شریعت‘‘ کا مسودہ بھی تیار کر لیا تھا۔‘‘

لیکن وزیردفاع نے ملک میں ’’مسلح اسلامی انقلاب‘‘ اور ’’اقتدار پر قبضہ‘‘ کی منصوبہ بندی کرنے والے افسروں سے جس اسلحہ کی برآمدگی ظاہر کی ہے وہ کسی کالج کے ہاسٹل پر قبضہ کرنے کے لیے بھی ناکافی ہے جبکہ وزیردفاع کا اصرار ہے کہ یہ افسران اس اسلحہ کے ذریعے ملک کی فوجی اور سیاسی قیادت کا صفایا کرنا چاہتے تھے۔ وزیردفاع کا کہنا ہے کہ ان افسروں پر فوجی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے گا اور انہیں سزا ملے گی۔

جہاں تک فوجی عدالت میں مقدمہ کا تعلق ہے وہ فوج کا داخلی معاملہ ہے اور ہم اس کے بارے میں کوئی رائے نہیں دینا چاہتے۔ لیکن اسلام، کشمیر اور آنریبل امریکہ بہادر کا حوالہ سامنے آجانے کے بعد مجموعی تناظر میں یہ مسئلہ فوج کا داخلی مسئلہ نہیں رہا بلکہ پوری قوم کے جذبات و احساسات اس سے وابستہ ہوگئے ہیں اور وہ بجا طور پر حقائق سے براہ راست واقف ہونا چاہتی ہے۔ اس سلسلہ میں سب سے زیادہ قابل توجہ بات یہ ہے کہ ان فوجی افسران کی گرفتاری کے بعد قیاس آرائیوں یا سرکاری موقف کی صورت میں ان کے بارے میں جو کچھ کہا جا رہا ہے وہ سب یکطرفہ ہے اور اس سلسلہ میں ان کا اپنا موقف نہ اس وقت تک سامنے آیا ہے اور نہ موجودہ حالات میں اس کے سامنے آنے کی کوئی قابل اعتماد صورت موجود ہے۔ گرفتارشدگان کے بارے میں یکطرفہ اظہار رائے اور قیاس آرائیاں اس وقت اور زیادہ ذہنی الجھن کا باعث بن جاتی ہیں جب یہ بات سامنے آتی ہے کہ گرفتار فوجی افسران دینی رجحانات کے حامل اور محب وطن افراد ہیں۔ بالخصوص میجر جنرل ظہیر الاسلام وہ افسر ہیں جنہیں دہلی کے پاکستانی سفارت خانہ میں ڈیوٹی کے دوران بھارتی حکومت نے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر وہاں سے نکال دیا تھا، ان کا قصور یہ تھا کہ انہوں نے پاکستان پر بھارتی حملہ کا منصوبہ قبل از وقت معلوم کر کے اس کی ساری تفصیلات پاکستان بھجوا دی تھیں اور پاکستان اس کی وجہ سے بھارتی جارحیت کا شکار ہونے سے بچ گیا تھا۔ جبکہ بریگیڈیر مستنصر باللہ کے بارے میں یہ بات ریکارڈ پر آچکی ہے کہ انہوں نے مجاہدین کشمیر کی امداد کے لیے اپنا ذاتی پلاٹ فروخت کر کے دس لاکھ روپیہ کا عطیہ کچھ عرصہ قبل دیا تھا۔

پھر یہ بات بھی قابل غور ہے کہ اسلحہ کی جو مقدار اور انقلاب کی منصوبہ بندی ان افسروں سے منسوب کی جا رہی ہے اگر وہ واقعی درست ہے تو پھر ان افسروں کی انکوائری سے زیادہ پاک فوج کے اس سسٹم کا ازسرنو جائزہ لینا ضروری ہو جائے گا جس کے تحت یہ افراد کرنل، بریگیڈیر اور میجر جنرل جیسے مناصب تک پہنچ گئے ہیں۔ کیونکہ اس طرح کی بچگانہ منصوبہ بندی کی توقع تو کسی کالج کے ان کھلنڈرے نوجوانوں سے بھی نہیں کی جا سکتی جو کوئی جاسوسی ناول پڑھ کر یا جاسوسی فلم دیکھ کر اپنے مخالفوں کے کیمپ پر قبضے کے منصوبے بنانے بیٹھ جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ملک کے بیشتر دینی حلقوں کے ساتھ ساتھ سینٹ اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈروں نے بھی سرکاری موقف کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ چنانچہ نوائے وقت لاہور ۲۱ نومبر ۱۹۹۵ء کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد نواز شریف نے پشاور میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے گرفتار فوجی افسران کے بارے میں سرکاری موقف کو جھوٹ پر مبنی قرار دیا ہے۔ جبکہ ۱۵ نومبر کو سینٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر راجہ محمد ظفر الحق نے اس سلسلہ میں سرکاری موقف کو مسترد کرتے ہوئے گرفتار فوجی افسران کے خلاف کھلی عدالت میں مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

الغرض گرفتار فوجی افسران کے بارے میں وزیراعظم اور وزیر دفاع کے بیانات نے شکوک و شبہات کا ازالہ کرنے کی بجائے معاملہ کو مزید الجھا دیا ہے اور گرفتارشدگان کا موقف سامنے آئے بغیر ان کے بارے میں یکطرفہ قیاس آرائیوں اور بیانات نے انصاف کی رہی سہی توقعات کو بھی دھندلا کر رکھ دیا ہے۔ ان حالات میں انصاف کے مسلمہ تقاضوں کو پورا کرنے اور ملکی و عالمی رائے عامہ کو مطمئن کرنے کی اس کے سوا کوئی صورت باقی نہیں رہ جاتی کہ گرفتارشدہ فوجی افسران کو اپنا موقف اور پوزیشن واضح کرنے کے لیے ذرائع ابلاغ تک رسائی کے مواقع فراہم کیے جائیں، اور ان پر مقدمہ بے شک فوجی عدالت میں چلایا جائے لیکن ملک کے شہریوں اور اخبارات کے نمائندوں کو عدالتی کاروائی سننے اور اس سے رائے عامہ کو باخبر رکھنے کی اجازت دی جائے۔ ورنہ یکطرفہ پراپیگنڈا اور کسی بند عدالت کی کاروائی سے حکومت وقتی مقاصد حاصل کرنے میں تو شاید کامیاب ہو جائے لیکن ایسی کوئی کاروائی انصاف اور اخلاق کی عدالت سے جواز کی سند حاصل نہیں کر پائے گی۔

مصری سفارت خانہ میں دھماکہ

گزشتہ دنوں اسلام آباد میں مصری سفارت خانہ میں بم کے دو دھماکوں میں ڈیڑھ درجن کے لگ بھگ افراد جاں بحق ہوگئے، انا للہ و انا الیہ راجعون۔ مصر کی بعض تنظیموں نے اس کی ذمہ داری قبول کرنے کا اعلان کیا ہے، اور مصر میں حکومت اور دینی حلقوں کے درمیان جو کشمکش ایک عرصہ سے چلی آرہی ہے اس کے پیش نظر اس قسم کے دھماکے غیر متوقع نہیں ہیں۔

جہاں تک بم دھماکے کا تعلق ہے ہر ذی شعور اس کی مذمت کرے گا اور اس قسم کی وارداتیں مذمت ہی کی مستحق ہیں، لیکن اس کی آڑ میں پاکستان بھر میں علماء اور دینی کارکنوں کے خلاف وسیع پیمانے پر جن کاروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے اور وزیر داخلہ ریٹائرڈ بریگیڈیر نصیر اللہ بابر جس جارحانہ انداز میں رائے ونڈ کے تبلیغی اجتماع، دینی مدارس اور اسلام آباد کی بین الاقوامی یونیورسٹی کی کردار کشی کی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں وہ دینی حلقوں کو بہرصورت دبانے کی حکومتی خواہش کا آئینہ دار ہے۔

آنریبل امریکہ بہادر اور اس کی بہی خواہ بہت سی مسلم حکومتیں بلاشبہ عالم اسلام کے دینی حلقوں کی سرگرمیوں سے پریشان ہیں اور انہیں کنٹرول کرنے کے لیے ہاتھ پاؤں مار رہی ہیں لیکن تاریخ کے دھارے کا رخ موڑنا کسی کے بس کی بات نہیں ہوتا، خدا کرے کہ یہ بات جلد ان کی سمجھ میں آجائے۔

عالمِ اسلام کے مسائل، علمی و فکری تناظر میں

اقبال احمد صدیقی

جناب اقبال احمد صدیقی ملک کے معروف دانش ور صحافی ہیں، ایک عرصہ تک ’’اخبار جہاں‘‘ کراچی کے مدیر رہے ہیں اور ملتِ اسلامیہ کے مسائل و مشکلات کے ادراک و احساس سے بہرہ ور ہیں۔ عالم اسلام کے مسائل کے حوالہ سے انہوں نے ’’الشریعہ‘‘ کے لیے مندرجہ ذیل مضمون ارسال کر کے ہماری حوصلہ افزائی فرمائی ہے، جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں اور آئندہ بھی کرم فرمائی کی امید رکھتے ہیں۔ (ادارہ)

اقوام کی ترقی اور زوال میں ایک حد تک اندرونی انتشار، نفاق انگیز سرگرمیاں یا لاشعوری کوتاہیاں شامل ہوتی ہیں، لیکن آج عالمِ اسلام پر تمام سامراجی اور لادینی عناصر نے یلغار کر دی ہے۔ مثلاً‌ وادی جموں و کشمیر، فلسطین خصوصاً‌ بیت المقدس، بوسنیا ہرزگوینا، مصر، سوڈان، الجزائر، چیچنیا، دوسری نوزائیدہ اور روسی (مسلم ریاستیں) اور افغانستان میں مسلمانوں کا خون بے دردی سے بہایا جا رہا ہے۔ راسخ العقیدہ مسلمانوں کو تو امریکہ میں تختہ دار پر لے جایا جا رہا ہے۔ 
قومیں جب تباہ ہونے لگتی ہیں، فسق و فجور کو ثقافت اور روایات تمدن کا درجہ دے دیا جاتا ہے، تو اس منطقی عمل سے پہلے اس قوم کے اربابِ اقتدار اور اربابِ علم بگڑ جاتے ہیں۔ در حقیقت تاریخی ماثر بصائر و عبر پر عمیق نظر رکھنے والے مسلمان محقق حضرات کی اکثریت اس قول پر متفق ہے۔ حتیٰ کہ اسلام کی ارفع و اعلیٰ حقانیت سے بے خبری اور چشم پوشی اختیار کرنے والے علم و عقل کی آویزش، نظریاتِ مستعار، اور افکارِ باطلہ کے گرداب میں پھنس کر رہ جاتے ہیں، اور ان میں سے بعض زیادہ خود فراموش اور خدا ناشناس لوگ بنی نوع انسان کے مجموعی مسائل کا حل فکری انحطاط کی اسی شکست و ریخت اور ’’محو تماشائے لب بام عقل‘‘ کے محدود دائرے میں ڈھونڈھنا شروع کر دیتے ہیں۔ جبکہ دل کش اختراعات اور مسلک ایجادات کے اس ’’عجائب گھر‘‘ سے انہیں کچھ حاصل نہیں ہوتا۔ اگر کچھ نظر آتا ہے تو یہ کہ خس و خاشاک کا ایک ڈھیر، اور حدِ نگاہ تک محض ایک سراب۔
یہ کوئی محتاجِ انکشاف راز نہیں کہ ہم کہیں، نہ خبر میں، بلکہ بوجوہ صراحت جانتے ہیں کہ جہانِ آب و گل اپنے تمام تر رنگ و روشنی کے باوجود خیر و شر سے مرکب ہے۔ علم مومن کی میراث ہے، علمائے حق انبیاء کے وارث ہیں۔ دینِ حق کی صحیح شناخت، شعور اور ادراک رکھنے والے ہمارے علو مرتبت اسلاف کے قائم مقام ہیں۔ بلکہ اس میں شک نہیں کہ انسانی شرافت، نیک نفسی، اخلاقِ کریمانہ، اور دینی شعائر کے مؤثر ابلاغ کی ذمہ داری پوری کرنے والا یہ مذہبی طبقہ معاشرے میں شریعت اور طریقت کا رہبر نگہبان ہے۔ 
خصوصاً‌ ان ناموافق حالات، طلبِ جاہ و حشم، حرص و طمع، ذاتی مفاد پرستی، دوسروں کا حق غصب کرنے کے رجحانات عام ہونے کے اس ماحول میں نیکی، ایمان، حق و انصاف پر ثابت قدم رہنا اور دوسروں کے لیے تقلید و ترغیب کی مثال بننا بڑی قوت ارادی ہے۔ اور شومئی قسمت سے کوئی شخص مردِ حق آگاہ ہو کر بھی اپنے فاضل اساتذہ اور بلند مرتبہ اسلاف کی پیروی اور دینی عظمت و ایمانی استقامت سے کنارہ کش ہو کر محض انفرادی منفعت، کرسئ اقتدار، اربابِ اختیار کی خوشنودی میں اپنا دامن دنیاوی کثافت سے آلودہ کر رہا ہے تو وہ عملاًً‌ خسارے میں ہے۔ آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وسلم کے فیضانِ رحمت سے دوری اور آپؐ کے اسوۂ حسنہ سے دوری، بے گانگی، اس خود پرست، خدا ناشناس کی دینی بدنصیبی بھی ہے اور دنیا میں بھی سیاہی، ذلت اور تحقیر بالذات اس کے لیے نوشتۂ دیوار ہے۔ علمائے حق نے اپنی زندگی میں بڑے صبر آزما مصائب جھیلے لیکن محکوم اور کاسہ لیس بن کر شاہانِ وقت کی دہلیز پر سجدہ ریز نہیں ہوئے۔ 
علم و عقل کی پوری آویزش میں صرف اسلام کی حقانیت ارفع و اعلیٰ ہے۔ اور کلامِ ربانی کی حکمت آفرینی اور ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی اثر انگیزی اتنی مؤثر اور سحر خیز ہے کہ مبالغینِ اسلام پر اللہ رب العزت نے صرف ابلاغِ دینِ حق کا فرض چھوڑا ہے۔ ماضی کے دریچے گواہ ہیں کہ جب اللہ وحدہٗ لا شریک کے برگزیدہ بندے اور سید الانبیاء محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم، صاحبِ قاب قوسین کے اسوۂ حسنہ کے پیروکار یعنی سرکار دو عالم کے غلام کرۂ ارض پر مشرق تا مغرب، شمال تا جنوب اسلام کا پیغامِ انقلاب لے کر پہنچے تو دور افتادہ ممالک میں بود و باش رکھنے والی اجنبی اقوام، دیس بدیس کے قبائل مختلف زبانیں بولنے والے امیر و غریب عوام و خواص نے ان علماء و مشائخ، مجاہدین اور صادقین کے روبرو اپنے آپ کو فرشِ راہ کر دیا۔ اور یوں جہل و کفر ایک خدا اور ایک رسولِ آخریںؐ اور دین کو مکمل کرنے والے صحیفۂ آسمانی قرآن کریم سے ناواقف معاشروں کی تاریکی میں صداقتِ اسلامی کا اجالا پھیل گیا، وہ توحید خداوندی کے دامن سے وابستہ ہو گئے۔
کلمہ گویانِ حق کے حسنِ کلام نے، ان کے لائے ہوئے پیغاماتِ اخوت و محبت نے، انصاف اور مساوات کی تعلیم نے، ہر نسلی، تمدنی اور روایاتِ کہن کے احساس برتری کو یکسر معدوم کر دیا۔ اور فاران کی چوٹی سے مدینہ منورہ کی فضاؤں سے بلند ہونے والی ایک آہنگ دل نشیں کی صدائے بازگشت جب بھی اور جہاں بھی پہنچی اور مجاہدین اور خدامِ اسلام بحر و بر کے طویل راستے طے کر کے بنی نوع انسان کے لیے با مقصد زندگی گزارنے کا صحیح شعور لے کر آئے۔ افکارِ باطلہ کی بساط خودبخود الٹ کر رہ گئی۔
سرد ترین قلوب کو گرما دینے والی یہی ولولہ انگیز اور پر تاثیر آواز بے شمار فضائل و محامد والے آتا جنت باب حضور رسالت پناہ صلی اللہ علیہ وسلم کے جلیل القدر صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین، تابعین، تبع تابعین، غازیان، مجاہدینِ اسلام، علمائے کرام، محدثین، فقہاء، مبلغین، مشائخ عظام کے ذریعہ ہر براعظم، ہر خطہ دشت و جبل، ہر صحرائی بستی، ساحل و آباد جزیرے اور ہر شاداب وادی میں گونجتی رہی، اذانیں بلند ہوتی گئیں، آفتابِ اسلامی کی شعاعوں سے اجالا پھیلتا گیا۔
آج نسلِ انسانی جس پر آشوب دور سے گزر رہی ہے۔ اس کے اہلِ نظر بڑے درد مندانہ لہجہ سے سوال کرتے ہیں کہ ایک زمانہ علمائے حق کا وہ تھا جب وہ خطیبانہ شان سے عوام و خواص کو مخاطب کرتے تھے تو ان کی اثر انگیز بات دلوں میں بلکہ رگ و پے میں اتر جاتی تھی، اور وہ اس اظہارِ خیال کے نفسِ مضمون کو حرزِ جاں بنا لیتے تھے ، حرف و معنی کے ساتھ شعوری طور پر اپنا لیتے تھے۔ اور یہ مناظر تو ہم نے خود دیکھے ہیں کہ نماز عشاء کے بعد خطاب شروع ہو کر اذانِ فجر تک چلا لیکن حاضرین میں سے کوئی اپنی جگہ سے اٹھ کر نہیں گیا۔
لیکن آج ایسا کیوں نہیں ہے۔ کوئی مسئلہ اجتماعی ہو یا معاشرتی اہمیت کا مسئلہ ہو، یا علمی اہمیت کا، وہ ظن و تخمین کی نذر ہو جاتا ہے۔ قومی اور نظریاتی موضوع کا راستہ مصلحت روکتی ہے۔ بعض اوقات اچھے خاصے معروف علماء اہلِ دانش اور مشہور اہلِ قلم، سماجی زعماء بلند آہنگی تو اختیار کرتے ہیں لیکن حق گوئی اور اخلاقی جرأت سے محروم ہونے کے سبب سچائی کا ابلاغ نہیں کر پاتے۔ وہ ابہام کا دامن پکڑ لیتے ہیں اور ان کی آوازیں گلوگیر ہو جاتی ہیں۔ صاف اور صریح بات یہ ہے کہ جن کو خوفِ خدا کا احساس نہ ہو، ملت سے زیادہ اپنا ذاتی مفاد عزیز ہو، منصب اور متوقع جاہ پرستی کی فکر لاحق ہو، ان کے وعظ و بیان میں نہ حلاوت اور جاذبیت باقی رہتی ہے، نہ دلوں میں گھر کر جانے والی تاثیر، جہاں سے فکری انقلاب برپا ہوتا ہے ۔ 
گویا وہی سوال بدستور قائم رہتا ہے کہ پھر کس کی نصیحت پر عمل کریں، کس مشعل کو ہاتھ میں لیں، کس اعتبار کا سہارا لیں۔ ایک خودنما عالم بے عمل ہو کر جہل و نفاق اختیار کر لیں، جب رہبر اور رہزن کا فرق مٹ جائے۔ پھر یہ تاویل پیش کی جائے کہ بعض مسائل خالص علمی نکات ہوتے ہیں، جنہیں سمجھنا سمجھانا محض خواص کا کام ہے، گویا دوسرے بے خبر اور بے تعلق رہیں۔ پھر ایک اور مشکل درپیش ہے کہ علم، عقل اور عشق کے خار مغیلاں میں ہمارا دامن ایسا الجھا ہے کہ پاسبانِ عقل کو تنہا چھوڑنے کا مشورہ بھی دیا جانے لگا ہے۔ جب کہ ثابت قدم وہ بھی ہیں:
بے خطر کود پڑا آتشِ نمرود میں عشق 
عقل ہے محوِ تماشائے لبِ بام ابھی
جہاں تک علم کی فضیلت، حصولِ علم کی افادیت اور علمِ نافع کی ترویج و ابلاغ کا تعلق ہے ملتِ اسلامیہ کے ہر فرد، مسلم معاشرے اور ہر اسلامی فلاحی ریاست کے لیے اس کا درجہ اور مرتبہ فرضِ عین کا ہے۔ جس سے نہ انکار ممکن ہے نہ صَرفِ نظر کی اجازت دی گئی ہے۔ پھر ہم اس فرض اور خدمتِ خلق سے محروم کیوں ہیں؟ قومی خزانے سے فروغِ علم ہی پر کم سے کم سرمایہ کیوں خرچ کیا جاتا ہے۔ آقائے دو جہاں امام الانبیاء حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فروغِ علم کی تاکید ان الفاظ میں فرمائی ہے:
’’تم مسلمانوں کو ان کی متاعِ گمشدہ یعنی (دولت ِعلم) عطا کر دو‘‘۔ (حدیث نبویؐ ماخوذ جامع صغیر دیلمی فی مسندہ)
اللہ کے محبوب پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک اور انداز سے خواندگی کے فوائد بیان فرمائے:
’’بہترین صدقہ یہ ہے کہ ایک مسلمان علم سیکھے اور پھر دوسرے مسلمان بھائی کو بھی سکھائے۔‘‘ (حدیثِ نبویؐ ترغیب و ترہیب) 
یہی سوال کہ اربابِ علم کی نت نئی اصطلاحات، ہلاکت خیز ایجادات، نظریاتی اختراعات اور بظاہر خوشحال لیکن عملاً زبوں حال اور دست و گریباں اقوامِ عالم کی صف میں مشرق و مغرب میں آج مسلمان کہاں کھڑے ہیں؟ 
ممتاز عرب اسکالر ڈاکٹر عبد الحلیم اویسی نے اپنے تحقیقی مقالے ’’العقل المسلم و تحلیات القرن الجدید‘‘ میں اب سے چند سال قبل کہا تھا، حالانکہ اس وقت ۲۱ویں صدی کی آمد آمد کا شور و غوغا اتنی شدت سے بلند بھی نہیں ہوا تھا، نہ ان اندیشوں، خطرات اور قیاس آرائیوں نے جنم لیا تھا، کہ ۲۱ویں صدی کے آغاز پر دنیا بھر کے ممالک بڑے پیمانے پر سیاسی، جغرافیائی اور ثقافتی تغیرات سے دو چار ہوں گے۔ ۱۹ویں صدی کی تہذیبی سرگرمیاں ایک مدفون تمدن قرار پائیں گی، اور بیشتر قوموں اور ملکوں کی سیاسی، سماجی شناخت اور خانہ جنگی بلکہ داخلی و خارجی سطح پر ہونے والی شکست و ریخت کی تاریخ ازسرنو مرتب کرنا ضروری ہو جائے گی۔ 
بہرحال اب بنی نوع انسان کو عقل دانش کے جس نقطۂ عروج اور مادہ پرستی میں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی نوید ایک حسین خواب کے طور پر برملا سنائی جا رہی ہے، اس کے حقیقی نتائج فی الوقت نامعلوم ہیں۔ یا اس کا ٹھیک ٹھیک علم ۲۱صدی کے منصوبہ سازوں کو ہو گا۔ ہمارے سامنے تو مسئلہ جہل، اندھیرے اور بے خبری سے بچنے کا ہے۔ اس لیے علم درکار ہے۔
تقریباً یہی اضطراب اور کرب ہمیں مذکورہ بالا مقالے میں نظر آیا۔ فاضل عرب محقق کا نقطۂ نگاہ یہ ہے کہ نئی صدی ہجری کی ابتداء کرتے ہوئے عقلِ مسلم کے لیے یہ ضروری ہے کہ مستقبل کے چیلنج سے غافل نہ رہے جس کا اسے بہرحال سامنا کرنا ہے۔ اور ملتِ اسلامیہ کے لیے یہ زیادہ سخت امتحان ہے۔ چونکہ اس سے ایمانی قوتِ، ملّی غیرت، جذبۂ جہاد کی توانائی اور خشیتِ الٰہی کا شعور و احساس خدانخواستہ چھین لیا جائے تو بندہ مومن بالکل تہی دامن اور خس و خاشاک کا ڈھیر ہو کر رہ جاتا ہے۔ غیر مسلموں کے لیے تو مادی ترقی کافی ہے۔ 
اب مسلمانوں کی تمام تر توجہ اس نکتۂ ضرورت پر مرکوز ہے کہ آخر مسلمان جاہلیت، اقتصادی و سماجی پسماندگی، جمود، بے عملی اور ترقی یافتہ اقوامِ عالم کے دستِ نگر ہو کر کیوں رہ گئے ہیں؟ اقوامِ عالم کی پچھلی قطار میں کیوں کھڑے ہیں؟ کیا یہ بے تدبیری کا سانحہ ہے؟ 
راقم الحروف تلاشِ حق میں مصروف اس طبقۂ آگہی سے متفق ہے جو ایسی نام نہاد ترقی پسندی اور مادہ پرستی کی بیساکھی کے ذریعہ دنیا کی مالی و معاشی کایا پلٹ دینے کا دعویٰ کرنے والوں کو بیک جنبش قلم مسترد کر چکے ہیں، جن کا سارا آئیڈیل ازم خود کھوکھلے ستونوں پر کھڑا ہے، جن کے تصوراتِ حق و انصاف کی اخلاقی اقدار، اور جن کے عقائد روحانی وجدان سے خالی ہیں۔ وہ پرانے سودی مالیاتی اداروں، فلک بوس بینکوں، اور علاقائی ترقی کے پر فریب منصوبوں سے کشکول بردار پسماندہ اقوام کو بھیک تو دے سکتے ہیں لیکن خدا شناسی، حقیقی خالق و رازق، احترامِ انسانیت اور جذبۂ جہاد کا شعور نہیں دے سکتے۔
افسوسناک پہلو درماندہ حالات کا یہ بھی ہے کہ ہم عہدِ حاضر میں ارتکازِ دولت، جھوٹی شان و شوکت، اور تعیش پسندی کی مسابقت میں اتنے زیادہ مدہوش ہیں کہ اقوامِ عالم کی تاریخ و تمدن سے یہ عبرت حاصل کرنے کی فرصت بھی نہیں کہ جب کسی عہد یا نسل کی باگ ڈور جاہلوں، خود غرضوں، سچائی، انصاف اور احترامِ انسانیت کا خون بہانے والوں کے ہاتھوں میں آ جاتی ہے تو قومیں اپنی تہذیبی خصوصیات اور مذہبی شعائر کے تقدس کے ساتھ تباہ ہو جاتی ہیں۔ ان کا تشخص اور نام و نشان مٹ جاتا ہے۔ صرف اللہ تعالی کا حکم اور انبیائے صادقین کی رہنمائی اس تباہی کو روک سکتی ہے۔ 
اہلِ تحقیق حیرت زدہ ہیں کہ مسلمان کو جو علم عطا کیا گیا تھا، جو عقل و دانش دی گئی تھی، وہ کہاں ہے؟ وہی تو ایک (خوش نصیب انسان ہے) جس نے آسمان سے وحی پائی ہے۔ اور اس کے کان میں پہلی آواز آئی ہے کہ ’’اقرا‘‘ (پڑھ)۔ کیا یہ حقیقت نہیں ہے کہ اس ایک لفظ نے علم و عقل کی دنیا کھول دی ہے۔ پہلی صدی کا دروازہ جس طرح اس لفظ نے کھٹکھٹایا تھا، آج پندرہویں صدی کے دروازے پر بھی وہ اسی طرح دستک دے رہا ہے۔ دعوتِ عام ہے کہ اس لفظ کے رموز پر پوری معنی آفرینی کے ساتھ غور کیا جائے۔ کیا یہ ویسا ہی بے عملی، پسماندگی، اور جاہلیت کا دور ہے جیسا اس وقت تھا، جبکہ حضرت جبرئیل علیہ السلام مکہ مکرمہ کی نواحی پہاڑی کے غارِ حرا میں پہلی اور عظیم ترین تعلیم لے کر نازل ہوئے تھے۔
اقرا باسم ربک الذی خلق (۱) علم الانسان ما لم يعلم (۵) (سورۃ العلق) اس پوری سورۃ اور آیاتِ ربانی کا ترجمہ و تفسیر نہایت سنجیدہ غور و فکر کا مستحق ہے، تاہم مرکزی نکتہ اس کا یہ ہے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے جو خزینۂ علم عطا کیا ہے، یا علم حاصل کرنے اور اس کی حکمتِ بلیغ عام کرنے کی ہدایت مضمر رکھی ہے، وہ کسی ایک موضوع یا علمی پہلو تک محدود نہیں، نہ مخصوص وقت اور زمانے کے لیے ہے۔ یہ تحفۂ خداوندی تو بنی نوع انسان کے لیے رنگ، خوشبو اور روشنیوں کی جگمگاہٹ لیے ہوئے ہے۔ اس میں شرط صرف ایک ہی ہے اور وہ یہ کہ ’’جو علم ہو اللہ کے نام کے ساتھ ہو‘‘۔ چونکہ اس طرح ہر جہت سے علم خدا شناسی کی افادیت پوری کرے گا۔ اور آخرت تک زادِ سفر کے ساتھ پہنچنے کے لیے پل کا کام دے گا۔ ہمارے اہلِ قلم، فکری و ادبی اور نظریاتی محاذ پر کام کرنے والے متواتر غافل رہیں گے تو ان کا دین باقی رہے گا نہ دنیا میں فلاح واپس آئے گی۔
ہمارے ہاں ماضی قریب و بعید میں دین و دنیا، عقیدہ و عبادات، موجود اور لاموجود تمدنوں، مقامِ عقل و خرد، معاشی اصول و افکار، فلسفۂ جہاد، فکرِ سیاسی، قرآنی احکام، حدیث، فقہ، اجتماعی نظم و ضبط، اور دوسرے بے شمار موضوعات پر علمائے متقدمین، محققین نے بے شمار بلند پایہ ضخیم کتابیں تصنیف کی ہیں۔ تالیف و ترجمہ کا کام بھی ہمارے لائق اکابر نے بہت خوب کیا ہے۔ انہیں اکابر و اسلاف کی نشانی عہدِ حاضر کے صحیح العقیدہ علمائے کرام، اساتذہ اور مشائخ باعمل پر آج پھر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ایمانی استقامت اور مومنانہ فراست سے کام لیتے ہوئے ملتِ اسلامیہ کو انحطاط اور زبوں حالی سے نکال کر گمشدہ عظمت واپس دلائیں۔ اور قیادت، امامت اور بے علمی و فکری رہنمائی کے پرچم کو تھام کر اللہ رب العالمین کو راضی کرتے ہوئے آگے چلیں۔ محض نعرے، محض وعدے، محض الزامات اور اختلافات ملتِ اسلامیہ کو کوئی اثاثہ نہیں دے سکیں گے۔

شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر کا سفر حرمین شریفین

مفتی محمد جمیل خان

جوہانسبرگ سے براستہ ڈربن ابوظہبی کے لیے روانگی ہوئی۔ نشستیں اس طرح مخصوص تھیں کہ ابوظہبی میں ایک گھنٹہ قیام اور وہاں سے بحرین میں تقریبا ۶ گھنٹہ کا قیام تھا۔ اس لیے بحرین میں مولانا محمد احمد خان بردار خورد مولانا مفتی محمد انور شاہ ناظم وفاق المدارس العربیہ پاکستان کو اطلاع دے دی۔ خیال تھا کہ بحرین کی بھی سیر ہو جائے گی۔ لیکن تقدیر میں بحرین کی سیر نہ تھی۔ جوہانسبرگ سے جہاز روانہ ہونے لگا تو پتہ چلا کہ ایئرکنڈیشنر کے نظام میں خرابی ہے۔ دو گھنٹہ جہاز کی اصلاح میں لگ گیا۔ جوہانسبرگ سے ڈربن پہنچے تو ایک گھنٹہ مزید تاخیر ہو گئی۔ اس طرح جہاز مقررہ وقت سے ۴ گھنٹہ تاخیر سے پہلی منزل ابوظہبی کے لیے روانہ ہوا۔ تقریباً سوا ایک بجے جہاز ابوظہبی اترا جبکہ بحرین کی فلائٹ ہونے گیارہ بجے روانہ ہو گئی تھی۔ 
ابوظہبی پہنچ کر دوبارہ نشستیں مخصوص کرائیں تو صبح دس بجے ابوظہبی سے بحرین کے لیے جہاز ملا۔ جبکہ جدہ کے لیے حسبِ سابق ۱۲ بج کر ۴۵ منٹ پر روانگی تھی۔ پروگرام کے مطابق رات بارہ بجے سے ۲ بجے تک مولانا محمد احمد خان، قاری عبد الحلیم، قاری محمد ہاشم اور دیگر کئی حضرات حضرت اقدس کا انتظار کرتے رہے۔ دو بجے رات جب یقین ہو گیا کہ اب ابوظہبی سے بحرین پہنچنا ممکن نہیں اور ابوظہبی میں ٹھہریں گے تو مایوس ہو کر چلے گئے۔ اللہ تعالیٰ ان کو اس محبت و اخلاص کا اپنی طرف سے بہترین بدلہ عطا فرمائے۔ 
رات ابوظہبی کے ایئرپورٹ ہوٹل میں قیام ہوا ۔ صبح دس بجے ابوظہبی سے روانہ ہو کر بحرین کے وقت کے مطابق دس بجے بحرین ایئرپورٹ پر پہنچے۔ یہاں تین گھنٹہ کا انتظار تھا۔ حضرت مولانا محمد احمد خان صاحب، قاری عبد الحلیم صاحب اپنے دو صاحبزادوں کے ہمراہ ٹرانزٹ لان میں پہنچ گئے اور حضرت اقدس سے ملاقات کی۔ حضرت اقدس نے دونوں حضرات کو خوب دعائیں دیں اور دونوں حضرات اور دیگر شاگردوں کی تفصیلات معلوم کیں۔ 
قاری عبد الحلیم صاحب حفظ و تجوید کے چند مدارس کے نگران کی حیثیت سے قرآن مجید کی اشاعت میں مشغول ہیں۔ قاری صاحب جامعہ اشرفیہ کے فاضل ہیں اور پندرہ سال حضرت اقدس کے پاس گکھڑ میں شعبہ حفظ و تجوید کے صدر مدرس کی حیثیت سے بہترین خدمات انجام دے چکے ہیں۔ 
مولانا محمد احمد خان جامعہ بنوری ٹاؤن کے فاضل ہیں، جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ میں تعلیم حاصل کی۔ جامعہ بنوریہ میں تخصص کے مشرف کی حیثیت سے ایک سال کام کیا اور دار الافتاء کی طرف سے بحرین تشریف لائے۔ بہترین دینی خدمت انجام دے رہے ہیں، کئی غیر مسلم ان کی تبلیغ سے اسلام کی دعوت قبول کر چکے ہیں۔ مجلس تحفظ ختم نبوت کی اشاعت قرآن مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ کشمیر، بوسنیا اور دیگر مظلوم مسلمانوں کی امداد میں پیش پیش رہتے ہیں۔ 
دونوں حضرات کے کاموں کی تعریف کرتے ہوئے دعا فرمائی کہ اللہ خدمات جلیلہ کو قبول فرمائے۔ حضرت اقدس نے دونوں حضرات کی ملاقات کے لیے تشریف آوری پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے دعا فرمائی کہ اللہ تعالٰی جزائے خیر عطا فرمائے۔ 
۱۲ بج کر ۴۵ منٹ پر حرمین شریفین کی برکات کے حصول کے لیے جدہ کے لیے جہاز روانہ ہوا۔ جدہ ایئر پورٹ پر مولانا مزمل حسین کپاڈیا حضرت کو لینے کے لیے آئے تھے، ان کے ہمراہ مکہ مکرمہ روانگی ہوئی۔ اس طرح اس سفر مبارک میں حرم کعبہ میں میزبانی کا شرف مولانا مزمل کے حصہ میں آیا۔ مولانا مزمل حسین کپاڈیا جامعہ بنوری ٹاؤن کے فضلاء میں سے ہیں۔ حضرت مولانا مفتی ولی حسن ٹونکی مفتی اعظم پاکستان کے خصوصی تلامذہ میں ان کا نام سرفہرست ہے۔ حضرت مفتی ولی حسن صاحب کے ساتھ فتنہ انکارِ حدیث کے سلسلے میں کام کیا۔ اقراء روضۃ الاطفال کے بانیوں میں سے ہیں اور نائب مدیر کی حیثیت سے خدمت انجام دے رہے ہیں۔ آج کل کُلیہ شرعیہ کی تعلیم کے لیے جامعہ ام القریٰ تشریف لائے ہیں۔ 
دو دن طویل سفر تھا، حضرت کو تھکان زیادہ تھی، اس لیے عصر کے بعد آرام فرمایا۔ بعد نماز مغرب مولانا مزمل حسین کے ہمراہ حرم بیت اللہ روانگی ہوئی۔ حضرت اقدس جب بیت اللہ پہنچے تو چہرہ مبارک عجیب انبساط اور خوشی کا مظہر تھا، کسی کو گوہرِ مقصود مل جائے، اس قسم کی کیفیت آپ پر طاری تھی۔ معصوم چہرہ جب خوشی سے منور ہو تو دیکھنے والے کو بھی سرور محسوس ہوتا ہے۔ وقار اور طمانیت کے ساتھ آپ نے بیت اللہ پر نگاہ پڑنے کی دعا فرمائی۔ احرام کو اضطباع کے مطابق کیا۔ حجرِ اسود کے قریب پہنچ کر نیتِ طواف فرماتے ہوئے پیدل بیت اللہ کا طواف فرمایا۔ طواف کی تکمیل پر ملتزم پر حاضری ہوئی۔ کافی دیر آہ و زاری کے ساتھ دعا میں مشغول رہے۔ بعد ازاں مقام ابراہیم پر تشریف لائے، دو رکعت واجب طواف ادا کر کے دیر تک دعا میں مشغول رہے۔ حرم بیت اللہ اور حرم نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں آپ کی دعا کا انداز ہی جدا تھا۔ ایک عجیب انداز میں آپ دعا فرماتے رہے۔ 
مقام ابراہیم سے جب سعی کے لیے صفا کی طرف چلے تو عشاء کی اذان کے لیے موذن نے اذان کے کلمات سے ندا دی۔ نماز عشاء ادا کر کے سعی شروع فرمائی۔ راقم نے اصرار کیا کہ گھٹنوں کی تکلیف کی وجہ سے چلنا آپ کے لیے دوبھر ہے۔ چند قدم کے بعد سانس پھول جاتا ہے جس سے دل اور بلڈ پریشر کی تکلیف کا اندیشہ ہے۔ اس لیے کرسی پر سعی کرا دیتا ہوں۔ فرمایا، کرسی کی اجازت معذور افراد کے لیے ہے اور میں چل کر سعی کر سکتا ہوں۔ آہستہ آہستہ سعی شروع فرمائی۔ ہر چکر کے بعد پاؤں میں شدید تکلیف ہو جاتی تھی اور کئی منٹ بیٹھ کر پاؤں کی مالش وغیرہ کی جاتی۔ ان تمام تکالیف کو برداشت کیا لیکن کرسی پر بیٹھ کر سعی کرنا قبول نہیں فرمایا، ایک گھنٹہ میں سعی مکمل ہوئی اور گھر واپس تشریف لائے۔ 
دوسرے دن منگل کو مولانا مزمل حسین صاحب نے مکہ مکرمہ میں مقیم پاکستانی علمائے کرام کو مدعو کیا تھا تاکہ حضرت کی زیارت بھی ہو جائے۔ اس عشائیہ میں: مولانا عبد القیوم گلگتی جو دارالعلوم کراچی کے فاضل اور ام القریٰ میں بحیثیت محقق خدمات انجام دے رہے ہیں، کئی کتابوں پر آپ نے بہت عمدہ تحقیق کی ہے۔  مولانا سیف الرحمٰن جو حضرت درخواستی رحمۃ اللہ علیہ کے نواسہ داماد اور حضرت مولانا حبیب اللہ گمانی کے تلمیذِ خاص، جامعہ اشرفیہ کے فاضل، اور مدرسہ صولتیہ میں استاد حدیث ہیں۔  مولانا علاؤ الدین افغانی جامعہ علومِ اسلامیہ بنوری ٹاؤن کے فاضل، اور حضرت بنوری رحمۃ اللہ علیہ کے تلمیذ خاص، مولانا حبیب اللہ گمانی اور مولانا مفتی احمد الرحمٰنؒ، مفتی ولی حسنؒ کے تربیت یافتہ، مدرسہ صولتیہ میں استاد حدیث۔ مولانا عبد الغفور سندھی جامعہ علوم اسلامیہ بنوری ٹاؤن کے فاضل، حضرت اقدس مولانا بنوری رحمۃ اللہ علیہ سے دوسری شادی کی نسبت سے قرابت دار، رابطہ عالم اسلامی میں محقق۔  مولانا عبد القیوم سندھی جامعہ علوم اسلامیہ بنوری ٹاؤن کے فاضل، حضرت مولانا محمد ادریس میرٹھی، مولانا مفتی ولی حسن ٹونکی، مفتی احمد الرحمٰن رحمۃ اللہ علیہ کے خصوصی تلمیذ، جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ کے فاضل، جامعہ ام القریٰ میں استاد، تجوید القرآن اور تجوید کی دو کتابوں کے مؤلف۔ مولانا عبید اللہ جامعہ اشرفیہ کے فاضل، جامعہ ام القریٰ کے فاضل اور ڈاکٹریٹ کے سند یافتہ۔ محترم جناب انجینئر عبد المنان جن کو حضرت اقدس مرشدی مولانا فقیر محمد رحمۃ اللہ علیہ اور مولانا فضل الرحمٰن اور دیگر علمائے کرام کی میزبانی کا شرف حاصل ہے۔  مکرم و محترم جناب حافظ عبد الستار حضرت شیخ کے متعلق خاص، علمائے کرام کے مکہ مکرمہ میں میزبان۔ عزیزم طاہر مکی جو حافظ عبد الستار کے صاحبزادے، مولانا عبد الحفیظ کے بھانجے اور حضرت مولانا مفتی محمود گنگوہی مدظلہ کے مرید خاص ہیں۔  برادرم محمد مسعود عبد الرزاق مرچنٹ قابل ذکر ہیں۔ 
حضرت اقدس سے علمائے کرام کی مختلف موضوعات پر گفتگو ہوئی۔ حضرت اقدس نے علمائے کرام کو تلقین کی کہ وہ اپنی زندگی کا ایک ایک لمحہ دین کی اشاعت میں صَرف کریں۔ بعد ازاں علمائے کرام کی نمائندگی کرتے ہوئے برادرم مولانا عبد القیوم سندھی نے حضرت اقدس سے درخواست کی کہ بخاری شریف کی چند احادیث سن کر اجازتِ حدیث مرحمت فرمائیں۔ حضرت نے پہلے بہت انکار فرماتے ہوئے کہا کہ آپ تمام علمائے کرام اور اہلِ علم ہیں۔ حرمِ کعبہ میں خدمتِ دین میں مصروف ہیں، مجھے زیب نہیں دیتا کہ میں آپ حضرات کو اجازت دوں۔ علمائے کرام حضرت اقدس کی تواضع سے بہت زیادہ متاثر ہوئے اور ان کے سامنے اپنے اکابر کی تصویر عملی شکل میں آگئی۔ بہرحال علمائے کرام کے اصرار پر حضرت نے اپنی دو سندوں کے مطابق اجازتِ حدیث اور اجازتِ تفسیر قرآن مرحمت فرمائی اور اپنے دستِ مبارک سے مولانا عبد القیوم سندھی کی فرمائش پر اجازتِ حدیث تحریر بھی فرما دی۔ 
نمازِ فجر حرمِ کعبہ میں ادا کی گئی۔ بعد نمازِ ظہر مولانا سیف الرحمٰن نے حضرت اقدس کے اعزاز میں ظہرانہ کا اہتمام کیا جس میں مدرسہ صولتیہ کے نائب مدیر مولانا محمد حلیم، مدرسہ صولتیہ کے مدرسین قاری محمد سراج اور عرب استاد مولانا علاؤ الدین افغانی، مولانا عبد القیوم سندھی وغیرہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر بھی ان علمائے کرام نے جو گزشتہ شب موجود نہیں تھے، اجازتِ حدیث طلب کی، حضرت اقدس نے ان کو اجازت حدیث و تفسیر مرحمت فرمائی۔ 
حضرت اقدس نے محترم مولانا حلیم صاحب سے مدرسہ صولتیہ کے حالات معلوم کیے اور بہت خوشی کا اظہار کیا کہ جناب مولانا شمیم صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے بعد ان کے دونوں صاحبزادے مولانا محمد ہشیم اور مولانا محمد حلیم اپنے اکابر کی طرز سے مدرسہ کا انتظام جاری کیے ہوئے ہیں۔ حضرت نے مدرسہ کی ترقیات اور حاسدین کے شر سے حفاظت کی دعا مانگی۔ رات بعد نماز عشاء مولانا عبد الغفور سندھی کے گھر میں عشائیہ کا اہتمام تھا۔ 
جمعرات کو مدینہ النبی صلی اللہ علیہ وسلم روانگی ہوئی۔ سیدھا مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لے گئے۔ ریاض الجنہ میں نوافل ادا فرما کر روضہ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم پر سلام پیش فرمایا۔ کافی دیر اپنے محبوب و آقا سے راز و نیاز میں مصروف رہے۔ بعد میں روضہ اقدس اور امام کے داہنی طرف صف اول میں تشریف فرما ہو گئے۔ تلاوت کلام پاک میں تمام وقت گزارا ۔ ظہر کی نماز کے بعد حضرت کے پرانے شاگرد قاری محمد انور صاحب، قاری عبد العزیز نیازی محمد، مولانا مسعود صاحب تشریف لے آئے، انہوں نے حضرت سے درخواست کی کہ ان کے گھر میں آرام کے لیے تشریف لے جائیں۔ حضرت نے فرمایا کہ ایئرپورٹ جانے تک تو حرمِ نبوی میں ہی وقت گزارنا ہے، ایئر پورٹ جاتے ہوئے جس کا گھر راستہ میں ہو، وہاں کچھ دیر کے لیے چلے جائیں گے، لیکن چلنے میں دقت ہے، اس لیے ایسی جگہ ہو جہاں چلنا نہ ہو۔ 
جناب عبد العزیز نیازی صاحب نے کہا کہ حضرت میرے پاس دروازے تک آنے کا اجازت نامہ ہے، میں گاڑی باب السلام پر لے آؤں گا۔ عصر کی نماز سے پہلے الوداعی سلام کے لیے حاضری ہوئی۔ بعد نماز عصر قاری محمد انور مولانا عبد العزیز نیازی کے ہمراہ مولانا مسعود صاحب کی مسجد میں تشریف لے گئے۔ انہوں نے ظہرانہ اور عصرانہ کا مشترکہ اہتمام کیا ہوا تھا۔ وقت کی کمی کا گلہ کرتے ہوئے ان حضرات نے حضرت سے وعدہ لیا کہ آئندہ ان کے یہاں قیام فرمائیں گے۔ ایئرپورٹ تشریف لے گئے، شام سات بجے کی فلائٹ سے جدہ روانگی ہوئی۔ 
جدہ ایئرپورٹ پر عزیزم عامر سعید جو سعودی ایئر لائن میں ملازم ہیں، آئے ہوئے تھے۔ ان کے ساتھ ان کے گھر گئے۔ انہوں نے عشائیہ کا اہتمام کیا تھا۔ برادرم مولانا مزمل حسین کپاڈیا، صاحبزادہ مولانا عبد الباسط (جو پاکستان کے ہیں۔ اچھے عالم اور خطیب ہیں۔ جدہ کی مشہور مسجد میں امامت و خطابت کا فریضہ انجام دیتے ہیں۔ ان کے دروسِ قرآن جدہ کے مسلمانوں میں بہت مقبول ہیں۔ اردو نیوز میں قارئین کے مسائل کے فقہی جواب کا کالم بھی مقبولیت اختیار کر گیا ہے) نے بھی اس عشائیہ میں شرکت کی۔ رات عامر سعید کے یہاں قیام ہوا۔ 
صبح چھ بجے کراچی کے لیے براستہ ابوظہبی فلائٹ تھی۔ مزمل حسین کپاڈیا اور عامر سعید نے ایئرپورٹ کے تمام مراحل سے گزار کر حضرت اقدس اور راقم الحروف کو رخصت کیا۔ کراچی ایئر پورٹ پر مفتی خالد محمود جو جامعہ علومِ اسلامیہ بنوری ٹاؤن کے فاضل، مفتی اعظم پاکستان مولانا مفتی ولی حسن رحمۃ اللہ علیہ کے تلمیذ خاص، اقرا روضۃ الاطفال کے نائب مدیر، مولانا عبد الخالق ناظم لاہور اقراء روضۃ الاطفال شاخ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ، برادرم عبد الرزاق، حاجی شمیم احمد شمسی جو کراچی میں حضرت اقدس کے میزبان ہیں، استقبال کے لیے تشریف لائے تھے۔ ان کے ہمراہ شمیم شمسی کے گھر پر تشریف لے گئے۔ رات کو برادرم عبد الرزاق نے عشائیہ کا اہتمام کیا تھا، اس میں مولانا مفتی نظام الدین شامزئی فاضل جامعہ فاروقیہ اور جو جامعہ علوم اسلامیہ تھا  بنوری ٹاؤن کے استاد حدیث و مشرف تخصص فی الفقہ، مقدمہ صحیح مسلم اور دیگر کئی کتابوں کے مؤلف ہیں۔ برادرم عزیزم محمد وسیم غزالی اقرا ڈائجسٹ کے منتظم، علمائے کرام کے خادم مفتی خالد محمود، محترم شمیم احمد شمسی نے شرکت کی۔ 
حضرت اقدس نے مفتی نظام الدین سے تدریس اور مالاکنڈ میں نفاذ شریعت محمدی کی تحریک سے متعلق معلومات حاصل کیں اور حضرت مفتی نظام الدین کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی ترقیات کے لیے دعا فرمائی۔ صبح بھائی شمیم صاحب کے یہاں ناشتہ کر کے حضرت مولانا مفتی نظام الدین، بھائی شمیم احمد، برادر عبد الرزاق اور راقم الحروف نے حضرت اقدس کو لاہور کے لیے رخصت کیا۔ برادرم مولانا عبد القدوس قارن کو اللہ تعالٰی جزائے خیر عطا فرمائے، لاہور ایئرپورٹ تشریف لائے اور حضرت اقدس بخیریت و عافیت بروز ہفتہ ایک بجے دو پر گکھڑمنڈی اپنے دولت خانہ پر پہنچ گئے۔

حضرت شیخ الحدیث مدظلہ کا دورہ کوئٹہ و قندھار

مولانا عبد القدوس خان قارن

۱۶ اکتوبر ۹۵ء کو مولانا عبد المالک صاحب ہزاروی نے بذریعہ فون شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر دامت برکاتہم سے جامعہ قاسمیہ کلی دیبہ کوئٹہ کے جلسہ دستار بندی کے لیے تاریخ کا تقاضا کیا جو کہ حضرت نے منظور فرما لیا اور ۲۹ تا ۳۱ اکتوبر بروز اتوار پیر اور منگل کی تاریخیں دے دیں۔ 
۲۹ اکتوبر بروز اتوار لاہور ایئر پورٹ سے ۲ بج کر ۵۵ منٹ پر پی آئی اے کے طیارہ پر سوار ہوئے اور تقریباً سوا چار بجے کوئٹہ ایئر پورٹ پر پہنچے، وہاں ایئرپورٹ پر مولانا عبد المالک ہزاروی، مولانا عبد الغفور صاحب مہتمم جامعہ قاسمیہ، مولانا عبد المجید صاحب، مولانا حافظ خیر محمد صاحب اور حاجی محمد ابراہیم صاحب تقریباً‌ پندرہ گاڑیوں پر سوار ساتھیوں کے ہمراہ استقبال کے لیے موجود تھے۔ حضرت شیخ الحدیث صاحب کو دیکھ کر کوئٹہ ایئرپورٹ نعرہ ہائے تکبیر اور علماء دیوبند زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔ 
ایئرپورٹ سے جامعہ قاسمیہ پہنچے۔ وہاں مختصر قیام کے بعد جامعہ خیر المدارس گلی گل محمد پہنچے۔ وہاں مغرب کی نماز کے بعد حضرت شیخ الحدیث صاحب نے طلبہ اور علماء سے خطاب فرمایا اور شام کا کھانا وہیں کھایا۔ 
عشاء کی نماز پڑھ کر حاجی محمد ابراہیم صاحب کے ہاں گلی عالمو چمن روڈ پہنچے۔ رات کو وہاں قیام کیا۔ 
سوموار کو صبح کی نماز کے بعد حاجی محمد ابراہیم کی مسجد میں افغانستان کے زخمی طالبان سے پشتو میں خطاب فرمایا اور ان سے حالات معلوم کیے۔ اور وہاں مولانا محمد اختر صاحب جو کہ طالبان کے اہم عہدے دار تھے، انہوں نے اپنے رفقاء سمیت حضرت شیخ الحدیث دام مجدہم سے حاجی محمد ابراہیم کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور قندھار جانے کی پرزور دعوت دی۔ گوجرانوالہ واپسی کے ٹکٹ ۳۱ اکتوبر کے ہو چکے تھے مگر ان حضرات کے شدید اصرار پر سیٹیں کینسل کروا کر ۲ نومبر ۹۵ء جمعہ کے دن کی سیٹیں دوبارہ لی گئیں۔ 
سوموار کے دن ۱۱ بجے کے قریب جامعہ قاسمیہ میں دارالحدیث کا افتتاح کیا۔ جامعہ قاسمیہ کے شیخ الحدیث مولانا عبد القادر، جامعہ کے خطیب عزیز احمد صاحب اور ناظم حافظ عبد الرؤف اور شہر کے دیگر علماء اور معززین کی موجودگی میں طلبہ کو بخاری شریف کی ایک حدیث پڑھ کر روایتِ حدیث کی اجازت عنایت فرمائی۔ 
حاجی محمد ابراہیم صاحب اور مولانا عبد الغفور صاحب نے شہر کے اہم مقامات کی سیر کرائی اور پھر حاجی محمد ابراہیم کی رہائش گاہ میں آرام و طعام کے لیے تشریف لے گئے۔ 
ظہر کی نماز کے بعد جامعہ قاسمیہ کے جلسہ کی پہلی نشست شروع ہوئی اور عصر کی نماز کے بعد راقم الحروف نے مدارس عربیہ اور ان کی اہمیت کے موضوع پر معروضات پیش کیں۔ 
عشاء کی نماز کے بعد جلسہ کی دوسری نشست شروع ہوئی، مولانا عبد الکریم ندیم صاحب نے سیرت رسولؐ پر مفصل خطاب فرمایا۔ ان کے بعد حضرت شیخ الحدیث صاحب دام مجدہم نے حفاظ کی دستار بندی کی اور جلسہ سے خطاب فرمایا۔ 
جلسہ سے فارغ ہو کر حاجی محمد ابراہیم صاحب کی رہائش گاہ پر چلے گئے۔ رات کو وہاں آرام کیا اور صبح کی نماز اور ناشتہ سے فارغ ہو کر قندھار کے لیے روانہ ہوئے۔ لشکر محمدی طالبان کے امیر مولانا اختر محمد صاحب اپنے رفقاء سمیت اس قافلہ کے ہمراہ تھے۔ حضرت شیخ الحدیث صاحب دام مجدہم، حافظ عبد القدوس قارن، مولانا عبد الغفور صاحب، حافظ خیر محمد صاحب، مولانا عبد المجید صاحب، مولانا عبد المالک صاحب، حاجی محمد ابراہیم صاحب اور حاجی محمد عمر صاحب بھی اس قافلہ میں شریک تھے۔ یہ قافلہ چمن سے گزر کر پاک افغان سرحد پر پہنچا۔ 
وفد کے ذمہ دار حضرات نے ضروری کارروائی مکمل کروانے کے بعد افغانستان میں جانے کے لیے افغان گاڑیوں کا انتظام کیا اور پہلی چوکی بولاک پہنچے۔ وہاں طالبان نے اس قافلہ کا خیر مقدم کیا اور دوپہر کے کھانے اور چائے کا انتظام کیا۔ ظہر کی نماز بولاک میں ادا کی اور پھر قندھار کے لیے روانہ ہوئے۔ اور ٹریفک کا دائیں ہاتھ چلنا پاک افغان سرزمین کے درمیان پہلی تبدیلی محسوس کی گئی۔ 
مغرب کی نماز قندھار کے قریب برلبِ سڑک ادا کی اور پھر قندھار گورنر ہاؤس پہنچے۔ رات کو آرام کیا اور صبح تقریباً دس بجے لشکر محمدی طالبان کے سربراہ اور طالبان کے مفتوحہ علاقہ کے کنٹرولر مولانا محمد عمر صاحب اور گورنر قندھار مولانا محمد حسن صاحب سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس دوران طالبان کے بہت سے راہنما شریک تھے۔ ملاقات کے دوران حضرت شیخ الحدیث دام مجدہم، مولانا عبد المجید اور مولانا عبد الغفور نے مختصر خطاب کیا اور بعض خدشات کا اظہار کیا جن کے جوابات طالبان کے راہنماؤں نے باحسن طریق دیے اور اس پروپیگنڈہ کی پر زور تردید کی کہ طالبان کی کوئی بیرونی حکومت مدد کر رہی ہے۔ ان حضرات نے واضح طور پر بتایا کہ پاکستان سمیت کوئی بھی طاقت طالبان کو نہ تو مدد دے رہی ہے اور نہ طالبان کے اسلامی حدود کے نفاذ اور شریعت کے قانون پر راضی ہے۔ ان حضرات نے ہرات کے لیے اصرار کیا اور جہاز کا انتظام کیا مگر ان حضرات کی مصروفیات کو دیکھ کر حضرت شیخ الحدیث دام مجدہم نے ہرات کے پروگرام کو تسلیم نہ کیا۔
گورنر ہاؤس میں بیرونی وفود کی آمد و رفت اور طالبان رہنماؤں سے ملاقات کا سلسلہ بدستور جاری تھا۔ بالخصوص روسی جہاز جو کہ اسلحہ لے کر کابل جا رہا تھا، اس کو قندھار ایئرپورٹ پر طالبان نے اتارا اور اس سے بھاری مقدار میں اسلحہ پر قبضہ کیا اور جہاز کے عملہ کو گرفتار کیا۔ اس عملہ کی رہائی کے لیے اقوام متحدہ کے نمائندے بار بار سربراہان سے مل رہے تھے اور عملہ کی رہائی کے عوض بھاری رقوم اور اسلحہ کی پیشکش کی گئی ہے۔ مگر ان حضرات کا اصرار تھا کہ روس کے افغانستان کے اندر داخل ہونے کے وقت سے لے کر اب تک ہزاروں افغانی روس کی مختلف ریاستوں میں قید ہیں، ان کو رہا کیا جائے اور ان کی لسٹ ان نمائندوں کو مہیا کی۔ 
افغان طالبان کے سربراہان کی مصروفیات کی وجہ سے دورہ مختصر کر کے جمعرات کو واپس کوئٹہ کے لیے روانہ ہوئے۔ اس دوران روسی جہاز جو کہ قندھار ایئرپورٹ پر کھڑا تھا، اس کو دیکھا اور دشمن سے چھینے گئے بھاری مقدار میں کارآمد و بے کار اسلحہ کو بھی دیکھا۔ طالبان لباس اور طبیعت کے لحاظ سے سادہ ہونے کے باوجود اپنے مفتوحہ علاقہ میں اخلاقی اثر اور مضبوط گرفت رکھتے ہیں۔ 
جمعرات رات دس بجے کے قریب کوئٹہ حاجی محمد ابراہیم کی رہائش گاہ پر پہنچے۔ وہاں پہلے سے موجود جید علمائے کرام بالخصوص شیخ الحدیث حضرت مولانا عبد الغنی صاحب اور مولانا نور محمد صاحب وغیرہ انتظار کر رہے تھے۔ 
جمعہ کے دن صبح ناشتہ سے فارغ ہو کر حضرت شیخ الحدیث دام مجدہم کلی شابو میں ایک مدرسہ میں دستار بندی کے لیے تشریف لے گئے اور پھر جمعہ جامعہ قاسمیہ میں پڑھایا۔ جبکہ راقم الحروف نے جمعہ جامع مسجد اکبری میں پڑھایا اور جمعہ کی نماز سے فارغ ہو کر ایک مدرسہ میں چائے پی اور پھر وہاں سے گاڑیوں کے قافلہ کے ساتھ ایئرپورٹ پر پہنچے۔ 
کوئٹہ میں قیام کے دوران راقم الحروف نے مدرسہ مطلع العلوم بروری روڈ کے مہتمم اور جمعیت علمائے اسلام کے بزرگ راہنما حضرت مولانا عبد الواحد صاحب کی وفات پر ان کے فرزند اور دیگر حضرات سے تعزیت کی اور مولانا مرحوم کے لیے مغفرت کی دعا کی۔ 

ورلڈ اسلامک فورم کا دوسرا سالانہ میڈیا سیمینار

ادارہ

ورلڈ اسلامک فورم کا دوسرا سالانہ میڈیا سیمینار ۱۴ اکتوبر ۹۵ء کو ٹامبے ہال ایسٹ لندن میں زیرصدارت جناب بیرسٹر یوسف اختر منعقد ہوا۔ اس کے مہمان خصوصی بی بی سی ورلڈ سروس کے ڈائریکٹر جنرل جان بیرڈ کے نو مسلم صاحبزادے جناب محمد یحیٰی صاحب تھے۔ سیمینار میں برطانیہ کے ممتاز صحافی، دانشور، میڈیا کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین کے علاوہ علمائے کرام نے شرکت کی۔ 

ورلڈ اسلامک فورم کے سیکرٹری جنرل مولانا محمد عیسیٰ منصوری نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روس کی شکست و ریخت کے بعد مغرب سمجھ رہا ہے کہ اب دنیا میں مغرب کی بالادستی کی راہ میں واحد رکاوٹ اسلام ہے۔ اسے اس بات کا خوف ہے کہ مستقبل قریب میں مغربی نظامِ حیات بھی روس کے کمیونزم کی طرح اسلام کے مقابلہ میں ریت کی دیوار کی طرح ڈھے جائے گا۔ اس خوف سے مغرب اسلام کے مقابلہ پر صف آرا ہو گیا ہے۔ مغرب نئی تیاریوں کے ساتھ اور نئے ہتھیاروں سے مسلح ہو کر سامنے آیا ہے۔ وہ جسم کے بجائے انسانی ذہنوں کو غلام بنانا چاہتا ہے۔  ذہنی غلامی جسمانی غلامی سے کہیں زیادہ بدتر اور خوفناک ہوتی ہے۔ اس دور میں ذہن و فکر کو غلام بنانے کا سب سے مؤثر ذریعہ میڈیا ہے۔ آج کا دور میڈیا کا دور ہے۔ اس کی طاقت ایٹم بم سے کہیں زیادہ ہے۔ یہ میڈیا کروڑوں انسانوں کے ذہن و دماغ کو جدھر چاہتا ہے موڑ دیتا ہے۔ غور کیا جائے تو محسوس ہوگا کہ مغرب محض مؤثر اور طاقتور میڈیا کے ذریعہ ہماری سوچ کو متاثر کرتا ہے۔ آج کا سب سے بڑا مسئلہ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف مغربی میڈیا کی یلغار کا ہے۔ ہمیں نہ صرف میڈیا کے اس بے رحم حملے کو روکنا ہے بلکہ مغربی میڈیا کا متبادل فراہم کرنا وقت کا سب سے بڑا چیلنج ہے۔ 
انسانیت کی بدقسمتی ہے کہ میڈیا کا مؤثر ترین اور طاقتور ہتھیار ایسے لوگوں کے قبضے میں ہے جو اسلام کے بارے میں تعصب و عناد کا شکار ہیں۔ وہ عظیم طاقت کو تعمیر کی بجائے تخریب کے لیے، کردار و اخلاق کو سنوارنے کے بجائے بے حیائی اور اخلاقی قدروں کو پامال کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ آپ کو آج کے میڈیا کا چیلنج قبول کر کے، اس کے مختلف شعبوں میں مہارت و برتری حاصل کر کے انہیں انسانیت کی تعمیر، اخلاق کی تعلیم اور کردار سازی کے لیے استعمال کرنا ہے۔ الحمد للہ یہاں میڈیا کے مختلف شعبوں کے ماہرین تشریف فرما ہیں، میں ان سے درخواست کروں گا کہ وہ فورم کی میڈیا کی کوششوں میں رہنمائی و تعاون کریں۔

بی بی سی ورلڈ سروس کے ڈائریکٹر جنرل جان بیرڈ کے نومسلم صاحبزادے اور ممتاز اسکالر جناب محمد یحیٰی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میڈیا ہماری روزمرہ زندگی کا حصہ ہے۔ میڈیا کے ذریعہ مفید معلومات بھی دی جاتی ہیں اور منفی معلومات کے ذریعہ صحیح معلومات پر پانی بھی پھیرا جاتا ہے۔ میڈیا اور ٹیلی ویژن میں زبردست انقلاب آ رہا ہے۔  ٹیلیویژن کے موجودہ سسٹم کی عمر ۶۰ / ۷۰ سال سے زائد نہیں۔ جو تبدیلی آ رہی ہے اس میں الفاظ، آواز اور تصاویر کو تقسیم کر دیا جائے گا۔ جدید ٹیکنالوجی قسم قسم کے لامتناہی پروگرام دے گی۔ اس میں ہم اپنا مشورہ اور ردعمل بھی شامل کر سکیں گے۔ گویا ٹیلی ویژن، عنقریب ٹیلی فون کی طرح مکالمے کی شکل اختیار کر جائے گا۔ ایک کیبل کے ذریعہ فائبر آپٹکس کے ذریعہ جو انسانی بال سے زیادہ باریک ہو گا ۳۰۰۰۰ قسم کے پروگرام منتقل کیے جا سکیں گے۔ تھوڑے دنوں میں ٹیلی ویژن، کمپیوٹر، ریڈیو اور ٹیلی فون اکٹھے ہو جائیں گے، گویا ٹیلی ویژن ایک کمپیوٹر بن جائے گا اور جدید سسٹم کی قیمت بھی بہت کم ہوگی اور ٹیلی فون بل جتنا خرچہ آئے گا۔  آج کے ویڈیو سسٹم کی طرح ٹی وی پروگرام بھی چھوٹی کمپنیاں، ادارے اور افراد بنا سکیں گے۔ بی بی سی اور آئی ٹی وی کی اجارہ داری باقی نہیں رہے گی۔ اس کی جگہ مختلف معاشرتی ادارے و انجمنیں اپنے پروگرام بنا اور دکھا سکیں گے، اور امت کے مختلف حلقوں اور طبقوں کے لیے کم خرچ پر اپنا پروگرام پیش کر سکیں گے۔  کتابوں اور لائبریریوں کی بجائے ڈسک ہوں گی۔ گویا تمام اسلامی و دنیوی علوم ایک چھوٹی سی ڈسک پر جمع ہو سکیں گے جو مفت ہر جگہ بھیجی جا سکیں گی۔ آج کے انٹرنیٹ کی طرح ان پر کسی حکومت کا کنٹرول نہیں ہو گا۔ ان نئے نئے مواقع، نئی ٹیکنالوجی و ترقیات کو جانے بغیر مستقبل کی منصوبہ بندی نہیں کی جا سکتی۔ ہمارے پاس وہ پروگرام ہونے چاہئیں جو افرادِ امت اور انسانیت کو سیٹلائیٹ اور ہوا کے ذریعہ پیش کیے جا سکیں۔ 

جناب ابراہیم آدمانی نے ریڈیو رپورٹ پیش کی جو فورم کے ریڈیو شعبے کے ماہرین نے اسپیکٹرم اور برطانیہ کے دیگر ریڈیو کے ذمہ داروں سے تبادلہ خیال کے بعد مرتب کی تھی۔ 

ڈڈلی کے چاند ٹی وی کے ڈائریکٹر جناب جمیل نے سیٹلائیٹ رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ یورپ کے لیے سیٹلائیٹ کا لائسنس بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔ 

فورم کے نائب صدر اور اسلامک کمپیوٹنگ سنٹر کے ڈائریکٹر مفتی برکت اللہ نے بھارت (بمبئی) کے سیٹلائیٹ کے ممتاز ماہر اور ویڈیو ویژن کے ڈائریکٹر جناب سلیم مرزا کا فیکس پڑھ کر سنایا اور ایک رپورٹ پیش کی۔ 

حزب التحریر کے رئیس جناب عمر بکری محمد نے کہا کہ اسلام اور حق کے خلاف میڈیا کا جہاد تخلیقِ آدمؑ سے چلا آ رہا ہے۔ دورِ نبوت میں کفارِ مکہ نے حضورؐ کے ساحر، کاہن اور مبتذل ہونے کا پراپیگنڈا کیا تھا۔ ہماری کوششیں نئی نسل کو انسانی اور فطری حوالے سے اسلام کی دعوت اور علم و دانش کے غلبے کی ہونی چاہئیں۔ یہود و نصاری نے پہلے بھی اللہ کی کتابوں میں تحریف کی اور اب بھی مغرب اسلام کو بددیانتی اور تحریف کے ساتھ پیش کر رہا ہے۔ 

ختم نبوت سنٹر لندن کے انچارج عبد الرحمن باوا، چبلنگلم کے مولانا عبد الرحمٰن چشتی، جمعیت العلماء برطانیہ کے قاری تصور الحق، جناب فیض اللہ خان، جناب عادل فاروقی اور مولانا عبد الرشید راوت نے تجاویز پیش کیں۔ 

صدر اجلاس اور مسلم لیگ کے سربراہ جناب بیرسٹر محمد یوسف اختر نے کہا کہ فورم نے میڈیا کے مختلف شعبوں کے ماہرین کو جمع کر کے بہت اچھی ابتداء کی ہے۔ قرآن سے معلوم ہوتا ہے کہ علم اور خبر ہی انسان کے لیے وجہ شرف بنا ہے۔ اور قرآن نے حضرت سلیمانؑ کے واقعہ سے، جس میں ملکہ بلقیس کے تخت کو ہزار ہا میل سے پل بھر میں حاضر کر دیا گیا تھا، فاصلوں کے ختم ہو جانے کی طرف بلیغ اشارہ دیا تھا۔ ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی اپنے دور کے ابلاغ و میڈیا کے ممکنہ ذرائع استعمال کیے۔ آپ کے اتباع میں ملتِ اسلامیہ کو بھی ذرائع ابلاغ پر دستری اور بالادستی حاصل کرنی ہو گی۔ میں وقت کے اس اہم کام کی طرف توجہ دلانے پر فورم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ 

مولانا عمران خان جہانگیری کی دعا پر سیمینار اختتام پذیر ہوا۔


تعارف و تبصرہ

مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

’’مولانا ارشاد الحق اثری کا مجذوبانہ واویلا‘‘

فقہی اختلافات امت میں چودہ سو سال سے چلے آ رہے ہیں اور تعبیر و تشریح اور استنباط و استخراج کے مختلف اصولوں کے تحت فقہی مکاتبِ فکر کا وجود ایک مسلّمہ اور فطری حقیقت ہے۔ لیکن فقہائے امت اور اہلِ علم کا ہمیشہ سے یہ ذوق اور رویہ رہا ہے کہ اختلافِ رائے کے حق اور اس کے نتائج کا احترام کرتے ہوئے اپنے اپنے مذہب پر عمل پیرا ہونے کو ہی سلامتی کی راہ سمجھا جاتا رہا ہے۔ 
البتہ گزشتہ ایک صدی کے دوران برصغیر پاک و ہند میں فقہی اختلافات کے اظہار کے حوالے سے یہ رویہ اور ذوق اپنے مقام سے محروم رہا ہے، اس کی وجہ شاید یہ ہے کہ تقلید سے گریز کرنے والے حضرات نے اہلِ حدیث کے نام سے اپنا جداگانہ تشخص قائم کرنا چاہا تو اس تشخص و امتیاز کو جلد از جلد منظر عام پر لانے کے جذبہ نے جارحیت کا راستہ اختیار کر لیا۔ اور رفع یدین، فاتحہ خلف الامام اور آمین بالجہر بھر جیسے صدیوں سے چلے آنے والے مسائل میں فتویٰ بازی کے عصر نے راہ پا لی۔ چنانچہ ان مسائل میں احناف کے خلاف جارحانہ انداز میں مختلف کتابیں سامنے آئیں اور تحریری و تقریری مناظرہ بازی کا بازار گرم ہو گیا۔ 
اس پس منظر میں شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر دامت برکاتہم نے احناف کے موقف کی علمی ترجمانی کا بیڑا اٹھا لیا اور ان اختلافی مسائل پر ان کی متعدد علمی و تحقیقی تصانیف نے احناف کے مذہب اور دلائل کی محققانہ وضاحت کے باعث اہلِ علم سے داد وصول کی۔ حضرت شیخ الحدیث مدظلہ کی ان تصانیف کے حوالے سے ممتاز اہلِ حدیث عالمِ دین مولانا ارشاد الحق اثری نے ان کی شخصیت کو موضوعِ بحث بنایا اور ’’مولانا سرفراز صفدر اپنی تصانیف کے آئینہ میں‘‘ کے عنوان سے ایک کتاب تحریر فرمائی۔ 
زیر نظر کتاب مولانا اثری کی اس تصنیف کا جواب ہے جو حضرت شیخ الحدیث مدظلہ کے فرزند اور مدرسہ نصرۃ العلوم کے استاذ حدیث برادر عزیز مولانا عبد القدوس قارن سلّمہ کی تحریر کردہ ہے اور اس میں انہوں نے مولانا اثری کے استدلالات اور طرز استدلال کا ناقدانہ جائزہ لیتے ہوئے اس کی حقیقت کو واضح کیا ہے۔ سوا تین سو صفحات پر مشتمل اس کتاب کی قیمت ساٹھ روپے ہے اور اسے مکتبہ صفدریہ نزد مدرسہ نصرۃ العلوم گھنٹہ گھر گوجرانوالہ سے طلب کیا جا سکتا ہے۔

’’میزان الحق‘‘

دیوبندی اور بریلوی مکاتبِ فکر میں علمِ غیب، حاضر و ناظر، مختار کل، نور و بشر اور ان جیسے دیگر اعتقادی مسائل پر ایک عرصہ سے بحث و تمحیص کا سلسلہ جاری ہے اور ان موضوعات پر سینکڑوں کتب و رسائل منظر عام پر آچکے ہیں۔ پیر جی سید مشتاق علی شاہ صاحب نے زیر نظر مجموعہ میں ’’دیوبندی بریلوی اختلافات کا شرعی فیصلہ‘‘ کے عنوان سے متعدد مفید رسائل کو یکجا کر دیا ہے، جن سے ان مسائل پر علمائے دیوبند کے موقف اور دلائل سے کافی حد تک آگاہی حاصل ہو جاتی ہے۔ ۴۲۸ صفحات کے اس مجموعہ کی قیمت ۱۵۰ روپے ہے اور یہ مکتبہ فاروقیہ ۸ گوبند گڑھ گوجرانوالہ سے طلب کیا جا سکتا ہے۔

’’فتویٰ دار الحرب، تاریخی و سیاسی اہمیت‘‘

برصغیر پاک و ہند و بنگلہ دیش پر فرنگی استعمار کے تسلط اور ایسٹ انڈیا کمپنی کی عمل داری کے بعد امام ولی اللہ دہلویؒ کے جانشین حضرت شاہ عبد العزیزؒ نے ہندوستان کے دارالحرب ہونے کا فتویٰ دیا جو جنگِ آزادی کی بنیاد بنا اور علماء حق نے اس کی بنا پر مسلسل ڈیڑھ سو برس تک آزادی کی جدوجہد کی۔ محترم ڈاکٹر ابو سلمان سندھی نے یہ تاریخی فتویٰ اس کی سیاسی و تاریخی اہمیت کی وضاحت کے ساتھ شائع کیا ہے۔ صفحات ۲۸، قیمت درج نہیں، ملنے کا پتہ: مکتبہ شاہد ۱ /۹ علی گڑھ کالونی، کراچی ۷۵۸۰۰

اشاریہ ماہنامہ الشریعہ جلد ۶ (۱۹۹۵ء)

ادارہ


کلمہ حق


مالا کنڈ ڈویژن میں نفاذ شریعت کی جدوجہد: پس منظر، نتائج اور تقاضے مدیر اعلیٰ جنوری
اسلام، دہشت گردی اور مغربی لابیاں: میخائل گورباچوف کی نظر میں مدیر اعلیٰ فروری/مارچ
ملّی یکجہتی کونسل پاکستان مدیر اعلیٰ اپریل
دفاعی بجٹ میں کمی، قومی خودکشی کے مترادف مدیر اعلیٰ مئی
تحریک ولی اللہ کا موجودہ دور اور معروضی صورتحال میں کام کی ترجیحات مدیر اعلیٰ  جون
ملّی یکجہتی کونسل کی اپیل پر ملک گیر ہڑتال مدیر اعلیٰ جولائی
ورلڈ اسلامک فورم کی تین سالہ کارکردگی پر ایک نظر مدیر اعلیٰ اگست
مرزا طاہر احمد کے نام کھلا خط مدیر اعلیٰ ستمبر
حقوقِ نسواں اور خواتین کی عالمی کانفرنسیں مدیر اعلیٰ اکتوبر
اقوام متحدہ اور عالمِ اسلام مدیر اعلیٰ نومبر
فوجی افسروں کی گرفتاری اور سرکاری موقف مدیر اعلیٰ دسمبر

مغربی ذرائع ابلاغ اور عالمِ اسلام


میں، مغرب اور مغرب پرستہ طبقہ عمران خان فروری/مارچ
پاکستان کے دینی حلقے اور مغربی ذرائع ابلاغ مدیر اعلیٰ اگست
ورلڈ میڈیا، عالمِ اسلام کے خلاف عالمی استعمار کا سب سے بڑا مورچہ مولانا عیسٰی منصوری نومبر

دینی موضوعات


رمضان المبارک، ارشاداتِ رسولؐ کی روشنی میں   فروری/مارچ
رمضان المبارک کی حکمتیں اور فضائل عبد الرشید شاہد فروری/مارچ
آمدِ ماہِ صیام (نظم) سرور میواتی فروری/مارچ
سنتِ نبوی کی اہمیت و ضرورت مولانا سرفراز خان صفدر اپریل
قربِ قیامت کی نشانی، علم کا اٹھ جانا مولانا عبد الحمید سواتی اپریل
قربانی، تقرب الی اللہ کا ذریعہ مولانا عبد الحمید سواتی مئی
دین کے لیے فقہاء کی خدمات مولانا سرفراز خان صفدر جون
خلفائے راشدین کا طرزِ حکمرانی  نواب مہدی علی خان جون
معجزہ کیا ہے؟ پروفیسر غلام رسول عدیم ستمبر
علم محنت سے حاصل ہوتا ہے مولانا سرفراز خان صفدر اکتوبر

انسانی حقوق


انسانی حقوق کا مغربی تصور، سیرتِ طیبہؐ کی روشنی میں مدیر اعلیٰ فروری/مارچ
اقوام متحدہ کا انسانی حقوق کا چارٹر اور اسلامی تعلیمات مدیر اعلیٰ مئی
پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال مدیر اعلیٰ اگست

دینی مدارس / نصاب و نظامِ تعلیم


دینی مدارس، بنیاد پرستی اور انسانی حقوق مدیر اعلیٰ جنوری
دینی مدارس کے نظام کی بہتری کے لیے تجاویز   جنوری
علمائے کرام کی خدمت میں چند گزارشات مولانا نذیر احمد اپریل

قومی و ملّی مسائل


اپنے قومی تشخص کا احیا کیجئے عمران خان اپریل
اسلامائزیشن کی راہ میں بڑی رکاوٹیں ای این ایڈورڈز مئی
ہماری دینی صحافت بشکریہ تعمیر حیات اکتوبر
عالمِ اسلام کے مسائل علمی و فکری تناظر میں  اقبال احمد صدیقی دسمبر

ملکی مسائل


توہینِ رسالت کا قانون مئی
ملی یکجہتی کونسل کا ضابطۂ اخلاق مئی

علمی و فقہی مسائل


شاہ ولی اللہؒ اور اسلامی حدود ڈاکٹر محمد امین فروری/مارچ
غیر حنفی امام کے پیچھے نماز پڑھنے کا مسئلہ مولانا مفتی محمد عیسیٰ خان جولائی

مطالعہ بائبل


بنی اسرائیل مصر میں محمد یاسین عابد اپریل

مکاتیب


مولانا محمد عبد اللہ کاپودروی کا مکتوب گرامی اگست
مولانا عتیق الرحمٰن سنبھلی کا مکتوب گرامی (دربارہ حزب التحریر) ستمبر
عظیم پوپ کےنام مولانا عیسیٰ منصوری کا کھلا خط نومبر

شخصیات


عظیم افغان کمانڈر مولانا نصر اللہ منصور عید محمد افغان اپریل

قافلہ معاد


مولانا مفتی جمیل احمد تھانوی، مولانا عبد الرؤف، ڈاکٹر عنایت اللہ نسیم سوہدروی جنوری
مولانا مفتی ولی حسن، مولانا نیاز محمد، مولانا محمد انذر قاسمی، حافظ سید مقصود میاں، جناب انوار احمد، پروفیسر محمد سرفراز اپریل
مولانا قاری محمد حنیف ملتانی، مولانا قاری محمد اظہر ندیم جون
حضرت جی مولانا انعام الحسن، حضرت مولانا غفران ہزاروی، مولانا عبد الرحیم آف شکرگڑھ، الحاج بابو عبد الخالق جولائی
مولانا سید ابوذر بخاری، مولانا محمد اسحاق سندیلوی، مولانا امیر حسن نومبر

تعارف


مدرسہ نصرۃ العلوم فروری/مارچ
دینی مدارس کا نیا وفاق، نظامتِ تعلیماتِ اسلامیہ پاکستان اپریل
الشریعہ ایجوکیشنل ویلفیئر سوسائٹی کا قیام اپریل

تعارف و تبصرہ


دروس الحدیث (مولانا صوفی عبد الحمید سواتی) مدیر اعلیٰ فروری/مارچ
ریڈیائی تقریریں (مولانا کبیر الدین فاران) ابوالحقائق چاریاری فروری/مارچ
آئینہ عملیات (صوفی عزیز الرحمٰن پانی پتی) ابوالحقائق چاریاری فروری/مارچ
انتخاب لاجواب (مولانا قاری محمد اجمل خان) ابوالحقائق چاریاری فروری/مارچ
خطباتِ سواتی (جلد اول) (مولانا صوفی عبد الحمید سواتی) مدیر اعلیٰ جون
پاکستان کی سیاسی جماعتیں اور تحریکیں (حافظ تقی الدین) مدیر اعلیٰ جون
دو بزرگ (مولانا لاہوریؒ اور مولانا رائے پوریؒ) (سید امین گیلانی) مدیر اعلیٰ جون
بخاریؒ کی باتیں (سید امین گیلانی) مدیر اعلیٰ جون
صنم کدے میں اذان (مجموعہ کلام سید امین گیلانی) مدیر اعلیٰ جون
عبدہ و رسولہ (مجموعہ کلام سید سلمان گیلانی) مدیر اعلیٰ جون
مغرب پر اقبال کی تنقید (پروفیسر عبد الغنی فاروق) پروفیسر غلام رسول عدیم جولائی
خطباتِ دین پوری (جلد اول و دوم) پروفیسر ظفر اللہ شفیق اگست
قراردادِ مقاصد بنام سپریم کورٹ آف پاکستان (سردار شیر عالم ایڈووکیٹ) بشکریہ ماہنامہ نوائے قانون ستمبر
تحریک ختم نبوت ۱۹۵۳ء (مولانا اللہ وسایا) مدیر اعلیٰ اکتوبر
تحریکِ ختمِ نبوت ۱۹۷۴ء (تین جلدیں) مدیر اعلیٰ اکتوبر
امام ابوحنیفہؒ علامہ شعرانی کے علم و فضل کے آئینے میں (حافظ محمد اقبال رنگونی) مدیر اعلیٰ اکتوبر
رؤیتِ ہلال علم فلکیات کی روشنی میں (مولانا ثمیر الدین قاسمی) مدیر اعلیٰ اکتوبر
طلاقِ ثلاثہ اور حافظ ابن القیم (مولانا عتیق الرحمٰن سنبھلی) مدیر اعلیٰ اکتوبر
مولانا ارشاد الحق اثری کا مجذوبانہ واویلا (مولانا عبد القدوس قارن) مدیر اعلیٰ دسمبر
میزان الحق (پیر جی سید مشتاق علی شاہ) مدیر اعلیٰ دسمبر
فتویٰ دارالحرب: تاریخی و سیاسی اہمیت (ڈاکٹر ابوسلمان سندھی) مدیر اعلیٰ دسمبر

رپورٹیں


مولانا عیسیٰ منصوری کا دورۂ جنوبی افریقہ اپریل
مسلم ہیومن رائٹس سوسائٹی پاکستان کا قیام اپریل
مولانا عیسیٰ منصوری انڈیا کے دورے پر اپریل
مولانا زاہد الراشدی کا سفرِ حجاز اپریل
گوجرانوالہ میں ماہانہ فکری نشست اپریل
شاہ ولی اللہ یونیورسٹی میں مولانا راشدی کی نئی ذمہ داری اپریل
سالانہ الشریعہ تعلیمی کانفرنس اپریل
حضرت شیخ الحدیث مدظلہ کا سفر بنگلہ دیش مئی
مولانا عبد الحفیظ مکی کی گوجرانوالہ آمد مئی
مولانا محمد عیسیٰ منصوری کا دورۂ بھارت مئی
مسلم ہیومن رائٹس سوسائٹی کی فکری نشست مئی
حزب التحریر کے راہنماؤں سے ملاقات مئی
جناب اقبال احمد خان کی تشریف آوری مئی
میٹرک کلاس کا آغاز مئی
فورم کی ماہانہ فکری نشست مئی
توہین رسالت کی سزا کے قانون میں ترمیم پر گوجرانوالہ میں مجلس مذاکرہ جون
جداگانہ انتخابات اور انسانی حقوق کے موضوع پر فورم کی ماہانہ فکری نشست جون
فورم کے سالانہ سیمینار میں مولانا علی میاں کو بطور مہمان خصوصی دعوت جولائی
فورم کے چیئرمین کی مولانا نورانی، مولانا تقی عثمانی اور مولانا حبیب اللہ مختار سے ملاقات جولائی
مولانا راشدی کی لندن روانگی جولائی
مولانا راشدی کو امریکی ویزے سے انکار جولائی
برطانیہ میں ختم نبوت کانفرنسوں کے پروگرام جولائی
شیخ الحدیث مدظلہ کا دورۂ افریقہ و سعودی عرب ستمبر
مولانا محمد عبد اللہ پٹیل کا دورۂ برطانیہ ستمبر
فورم کے سیمینار میں ڈاکٹر طفیل ہاشمی کو بطور مہمان خصوصی دعوت ستمبر
مولانا راشدی کی مختلف اجتماعات میں شرکت ستمبر
گلاسگو میں نظامِ شریعت کانفرنس ستمبر
اسلامک ہوم اسٹڈی کورس کے نئے سال کی تیاری ستمبر
فورم کے وفد کی حزب التحریر کے امیر عمر بکری محمد سے ملاقات ستمبر
فورم کا تیسرا سالانہ سیمینار اکتوبر
فورم کا سالانہ اجلاس اکتوبر
مدنی مسجد نوٹنگھم میں سیرت النبیؐ پر نو روزہ پروگرام اکتوبر
اسلامک ہوم اسٹڈی کورس اکتوبر
مدنی مسجد نوٹنگھم کی دس سالہ تقریب اکتوبر
مرکزی جامع مسجد گلاسگو میں جلسہ اکتوبر
جمعیت علماء برطانیہ کی توحید و سنت کانفرنس اکتوبر
مولانا راشدی کی گوجرانوالہ واپسی اکتوبر
حضرت شیخ الحدیث مدظلہ کا دورۂ جنوبی افریقہ (تفصیلی رپورٹ) نومبر
دوسرا سالانہ میڈیا سیمینار دسمبر
شیخ الحدیث دامت برکاتہم کا سفر حرمین شریفین دسمبر
شیخ الحدیث دامت برکاتہم کا دورۂ کوئٹہ و قندھار دسمبر

امراض و علاج


یرقان حکیم عبد الرشید شاہد اپریل
الکیمیا حکیم عبد الرشید شاہد جولائی
درد معدہ اور اس کا سدباب حکیم عبد الرشید شاہد ستمبر
تبخیر معدہ حکیم عبد الرشید شاہد اکتوبر